Tag: Dubai

  • سابق صدر آصف علی زرداری اچانک دبئی روانہ

    سابق صدر آصف علی زرداری اچانک دبئی روانہ

    اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری اچانک دبئی روانہ ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز سے دبئی روانہ ہو گئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری چند دن دبئی میں قیام کرنے کے بعد وطن پہنچیں گے۔

    خیال رہے کہ آصف زرداری کی ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت کے ساتھ چند دن قبل کی کئی گھنٹوں پر مشتمل پے در پے 2 ملاقاتوں کے بعد پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے حوالے سے ایک بڑا سیاسی دنگل شروع ہو چکا ہے۔

    ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے وزیر اعلیٰ الیکشن سے متعلق رولنگ کے معاملے پر آج سپریم کورٹ میں رولنگ کے خلاف درخواستوں پر سماعت ہو رہی ہے، اس اہم کیس کی سماعت پر حکومت نے سپریم کورٹ اور ریڈ زون اسلام آباد کی سیکیورٹی بھی بڑھا دی ہے۔

    جے یو آئی، چوہدری شجاعت، پی پی پی، ایم کیو ایم نے بھی اکھاڑے میں اترنے کا اعلان کیا ہے، اور تمام جماعتوں کی جانب سے فل کورٹ تشکیل دینے کی استدعا کی جائے گی، جب کہ ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت عدالت میں اپنے اس خط کی تصدیق کریں گے، جس کی وجہ سے پی ٹی آئی کے وزیر اعلیٰ کو زیادہ ووٹ پڑنے کے باوجود وہ ہار گئے تھے۔

  • دبئی ایئرپورٹ پر مسافروں کے لیے نئی سہولت

    دبئی ایئرپورٹ پر مسافروں کے لیے نئی سہولت

    دبئی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی کے ایئرپورٹ پر مسافروں کے لیے نئی سہولت قائم کردی گئی۔

    اماراتی ویب سائٹ کے مطابق مطارات دبئی کی انتظامیہ نے دبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر مسافروں کی سہولت کے لیے 24 گھنٹے کھلا رہنے والا رابطہ سینٹر قائم کردیا ہے۔

    رابطہ سینٹر سے کسی بھی وقت اور کسی بھی مقام سے مطلوبہ معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔

    مطارات دبئی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نیا رابطہ سینٹر جدید ترین عالمی ٹیکنالوجی کی بنیاد پر تیار کیا گیا ہے۔

    رابطہ مراکز پر انٹرنیٹ، فون، ای میل اور سماجی رابطہ وسائل کے ذریعے براہ راست مسافروں کے سوالات کا جواب فراہم کیا جاتا ہے۔

    دبئی ایئرپورٹس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رابطہ سینٹر کی کارکردگی مؤثر ہے۔

  • دبئی میں شاپنگ بیگز کیلئے نیا قانون نافذ

    دبئی میں شاپنگ بیگز کیلئے نیا قانون نافذ

    یو اے ای : متحدہ عرب امارات دبئی میں شاپنگ سینٹرز اور تمام تجارتی مراکز نے جمعہ یکم جولائی سے ڈسپوزیبل بیگز پر صارفین سے25 فلس وصول کرنا شروع کردیے۔

    الامارات الیوم کے مطابق دبئی کے حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ دو برس کے دوران ڈسپوزیبل پلاسٹک بیگز کا استعمال مکمل طور پر بند کردیا جائے گا۔ 25 فلس فی بیگ وصولی اس جانب پہلا قدم ہے۔

    دبئی بلدیاتی کونسل کا کہنا ہے کہ تمام تجارتی مراکز کو صارفین سے ڈسپوزیبل پلاسٹک بیگ پر 25 فلس وصول کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔

    تجارتی مراکز کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ ڈسپوزیبل پلاسٹک بیگز کے متبادل مہیا کریں اوراس کی قیمت متعین کی جاسکتی ہے۔

    بلدیاتی کونسل کا کہنا ہے کہ 25 فلس ڈسپوزیبل پلاسٹک بیگز پر ہی وصول کیے جائیں گے، بلدیاتی کونسل کے مطابق فیس کی وصولی لازمی ہے، اس کی قیمت خریداری بل میں شامل کی جائے گی۔

  • آلوؤں کی آڑ میں سیکڑوں کلو چرس دبئی بھیجنے کی کوشش

    آلوؤں کی آڑ میں سیکڑوں کلو چرس دبئی بھیجنے کی کوشش

    کراچی: اینٹی نارکوٹکس فورس نے آلوؤں کی آڑ میں سیکڑوں کلو چرس دبئی بھیجنے کی کوشش ناکام بنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق اے این ایف انٹیلیجنس نے کراچی میں واقع پاکستان انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے دبئی بھیجے جانے والے آلوؤں پر مشتمل کنٹینر سے بھاری مقدار میں چرس برآمد کر لی۔

    تلاشی لینے پر آلوؤں سے بھری 157 بوریوں سے مجموعی طور پر 315 کلو گرام چرس برآمد ہوئی، مذکورہ کنٹینر کراچی کی ایک نجی کمپنی کی جانب سے بک کروایا گیا تھا۔

    اے این ایف نے کراچی کے رہائشی عبدالقدیر بھٹی نامی ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے، مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپا مار کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

    ترجمان اے این ایف کے مطابق گرفتار ملزم کو اے این ایف پولیس اسٹیشن منتقل کر کے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

  • دبئی میں بڑی سیل کا آغاز

    دبئی میں بڑی سیل کا آغاز

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات دبئی میں ریٹیل کے کاروباری مراکز نے موسم گرما کی آمد پر حسب معمول رعایتی پیشکشوں کا آغاز کردیا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات دبئی میں ریٹیل کے کاروباری مراکز نے موسم گرما کی آمد پر رعایتی پیشکشوں کا آغاز کیا ہے، 20 سے 75 فیصد تک رعایت کے ساتھ کھانے پینے کی چیزیں اوراشیائے صرف فروخت کی جارہی ہیں۔

    تعاونیہ الشارقہ میں تعلقات عامہ کے انچارج فیصل النابودۃ نے بتایا کہ موسم گرما میں ہر سال رعایتی پیشکش معمول کی بات ہے۔

    التعاونیہ نے 50 فیصد تک رعایتی نرخوں کا اعلان کیا ہے جن میں کھانے پینے کی اشیا اور دیگر ضرورت کا سامان شامل ہے۔

    فیصل النابودۃ کا کہنا ہے کہ بیشتر صارفین موسم گرما کی تعطیلات کی تیاری کے پیش نظر شاپنگ کر رہے ہیں، ان میں کچھ وہ بھی ہیں جنہیں رشتہ داروں اور احباب سے ملنے کے لیے سفر کرنا ہے اور وہ بھی ہیں جو اندرون ملک تعطیلات گزارنے کے لیے نکلیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ اگست کے آخر تک رعایتی پیشکش کا سلسلہ جاری رہے گا، نیا تعلیمی سال شروع ہونے تک رعایتی نرخوں پر سامان دستیاب رہے گا۔ ہر ہفتے کے آخر میں خصوصی رعایتی پیکج بھی جاری ہوں گے۔

    دبئی گورنمنٹ انویسٹمنٹ فاؤنڈیشن کے ماتحت اسواق گروپ کے ترجمان عبد الحمید الخشابی نے بتایا کہ 30 فیصد سے زیادہ رعایتی نرخوں پر سامان فروخت ہو رہا ہے۔

    لولو گروپ کے رابطہ مینیجر نندا کمار نے کہا کہ موسم گرما کی بہترین رعایتی سیل چل رہی ہے جو 25 سے 75 فیصد تک ہے، ان میں ملبوسات، لیڈیز بیگز، دھوپ کے چشمے اور بچوں کے لوازمات شامل ہیں۔

    تعاونیہ الاتحاد کے عہدیدار شعیب عبداللہ الحمادی کا کہنا ہے کہ جون کے دوران 8 رعایتی پیشکشیں کی گئی ہیں جس میں 75 فیصد تک رعایت دی گئی۔ 5 ہزار کے لگ بھگ اشیا رعایتی قیمتوں پر فروخت کی جارہی ہیں۔

  • دبئی میں ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے لیے یہ ہدایات یاد رکھیں

    دبئی میں ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے لیے یہ ہدایات یاد رکھیں

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کے ٹریفک حکام نے کہا ہے کہ دبئی میں ڈرائیونگ کا ٹیسٹ دینے والے اکثر افراد ناکام ہوجاتے ہیں لہٰذا ٹیسٹ دینے سے قبل ان ہدایات کو مدنظر رکھا جائے۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق دبئی میں گذشتہ 2 برسوں کے دوران ڈرائیونگ لائسنس کے لیے ٹیسٹ میں مقامی و غیر مقامی شہریوں کے ناکام ہونے کے 3 اسباب سامنے آئے ہیں۔

    دبئی محکمہ روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ پچھلے 2 سالوں کے دوران ڈرائیونگ لائسنس کا امتحان دینے والے بیشتر افراد فیل ہوتے رہے ہیں۔

    دبئی محکمہ ٹریفک نے ڈرائیونگ لائسنس کےامیدواروں سے کہا ہے کہ وہ ڈرائیونگ ٹیسٹ میں کامیابی کے لیے ضروری باتوں کا خیال رکھیں، سب سے پہلے پراعتماد رہیں تاہم حد سے زیادہ اعتماد کا مظاہرہ نہ کریں کیونکہ ایسے میں بڑی غلطیاں ہو جاتی ہیں۔

    محکمہ ٹریفک نے کہا کہ ٹیسٹ دینے والے 3 غلطیاں کرتے رہے ہیں، پہلی غلطی یہ کہ امتحان دیتے وقت ڈرائیور کلچر کا لحاظ نہیں رکھا گیا۔ مثال کے طور پر ٹیسٹ کے وقت حفاظتی بیلٹ کا دھیان رکھنا ضروری ہوتا ہے۔ عقبی نشست کی سواریوں کے لیے بھی اس بات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

    دوسری غلطی یہ کی گئی کہ ٹیسٹ دینے سے قبل آرام کرنا ضروری ہوتا ہے۔ اس کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ ٹیسٹ کے وقت امیدوار کی ساری توجہ ڈرائیونگ پر مرکوز رہتی ہے۔

    ناکامی کی تیسری وجہ یہ ہے کہ ڈرائیونگ ٹریک کے درمیان آنے والی ایسی جگہوں سے ناواقفیت، جہاں گاڑی حادثے کا شکار ہو سکتی ہے۔ اس کی وجہ سے گاڑی موڑتے وقت اور ٹریک کی تبدیلی کے وقت غلطیاں ہوتی ہیں۔

    یہ تین بڑے اسباب ہیں جن کی وجہ سے 2 سالوں کے دوران گاڑیوں کے ڈرائیونگ لائسنس کے امیدوار اپنا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

    دبئی میں ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ماتحت ڈرائیونگ لائسنس ادارے کے انچارج احمد محبوب نے مشورہ دیا کہ جو افراد ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنا چاہتے ہیں وہ ٹیسٹ سے ایک دن قبل خوب اچھی طرح آرام کریں۔

    گاڑی اسٹارٹ کر کے آگے بڑھانے سے قبل دروازے اچھی طرح سے چیک کرلیں کہ وہ بند ہیں یا نہیں، اپنی سیٹ کو اچھی طرح سے سیٹ کرلیں۔

    گاڑی کے شیشوں کو بھی اپنے حساب سے سیٹ کیا جائے۔

    حفاظتی بیلٹ باندھ لیں اور عقبی نشست پر موجود سواریوں کو بھی حفاظتی بیلٹ باندھنے کی ہدایت کریں۔ جس راستے سے چل رہے ہوں وہاں کے لیے مقرر رفتار کی پابندی کریں۔

    حد سے کم رفتار سے گاڑی چلانے سے دیگر ڈرائیوروں کو مشکل پیش آسکتی ہے اور وہ خطرات سے بھی دوچار ہو سکتے ہیں۔

    محکمہ ٹرانسپورٹ نے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا کہ سالہ 2019 کے دوران 36 فیصد امیدواروں کو ڈرائیونگ لائسنس ملے جبکہ 2020 میں ان کی شرح بڑھ کر 41 فیصد تک ہوگئی، 2021 میں ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے والوں کی شرح 42 فیصد تک ریکارڈ کی گئی۔

  • پاکستانیوں کے لیے بہترین سیاحتی مقام کون سا؟

    پاکستانیوں کے لیے بہترین سیاحتی مقام کون سا؟

    ابو ظہبی: اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ رواں سال کے ابتدائی 4 ماہ میں دبئی آنے والے سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، دبئی پہنچنے والے پاکستانی سیاحوں کی تعداد بھی بڑھی ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں دبئی محکمہ معیشت و سیاحت کا کہنا ہے کہ سال رواں کے ابتدائی 4 ماہ کے دوران دبئی آنے والے سعودی سیاحوں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے، اس سال سب سے زیادہ سیاح سلطنت عمان سے پہنچے ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ اس سال کے ابتدائی 4 ماہ کے دوران دبئی آنے والوں میں سعودی شہری چوتھے اور پاکستانی نویں نمبر پر رہے، پاکستانیوں کی تعداد 1 لاکھ 32 ہزار رہی ہے۔

    اماراتی محکمہ سیاحت کا کہنا ہے کہ سنہ 2021 کے ابتدائی 4 ماہ کے دوران 1.68 ملین سیاح آئے، اس سال ان کی تعداد 5.10 ملین ریکارڈ کی گئی ہے۔

    گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال آنے والے سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

    محکمہ سیاحت کا کہنا ہے کہ اپریل 2022 کے آخر تک ہوٹل کے کمرے کا اوسط کرایہ 59.6 فیصد بڑھا ہے اور 640 درہم تک پہنچ گیا۔ اس کی وجہ سے فی کمرہ آمدنی میں اوسط اضافہ 93.6 فیصد ہوا۔

    دبئی میں مختلف زمروں سے تعلق رکھنے والے 769 ہوٹلز اور اس کے علاوہ ہوٹل اپارٹمنٹس بھی ہیں۔

    سال رواں کے ابتدائی 4 ماہ کے دوران سب سے زیادہ 5 لاکھ 90 ہزار سیاح سلطنت عمان سے آئے، بھارت سے 5 لاکھ 50 ہزار اور برطانیہ سے 3 لاکھ 67 ہزار سیاح آئے۔

    علاوہ ازیں سعودی عرب سے 3 لاکھ 52 ہزار، روس سے 2 لاکھ 35 ہزار، فرانس سے 1 لاکھ 74 ہزار، امریکا سے 1 لاکھ 74 ہزار، جرمنی سے 1 لاکھ 71 ہزار، پاکستان سے 1 لاکھ 32 ہزار اور ایران سے 1 لاکھ 20 ہزار سیاح دبئی پہنچے۔

  • دبئی: بھارتی مسلمان نے لاکھوں درہم سے بھرا بیگ مالک کو واپس کر دیا

    دبئی: بھارتی مسلمان نے لاکھوں درہم سے بھرا بیگ مالک کو واپس کر دیا

    دبئی: بھارتی مسلمان نے لاکھوں درہم سے بھرا بیگ مالک کو واپس کر کے دیانت داری کی نئی مثال قائم کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی میں مقیم بھارتی شہری طارق محمود خالد محمود نے دیانت داری کی مثال قائم کرتے ہوئے خطیر رقم والا بیگ مالک کو لوٹا دیا۔

    رپورٹس کے مطابق بھارتی شہری کو رہائشی عمارت کی لفٹ میں ایک بیگ ملا جس میں دس لاکھ درہم تھے، انھوں نے بیگ اٹھایا اور پولیس کے حوالے کر دیا۔

    الامارات الیوم کے مطابق البرشا پولیس اسٹیشن کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر عبدالرحیم بن شفیع نے بتایا کہ انڈین شہری طارق محمود رقم کا بیگ لے کر پولیس اسٹیشن پہنچا اور پولیس حکام کے حوالے کر دیا۔

    بریگیڈیئر عبدالرحیم نے بھارتی شہری کی ایمان داری پر اس کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا، البرشا پولیس اسٹیشن کے ڈائریکٹر نے کہا کہ طارق محمود نے جو کچھ کیا وہ متحدہ عرب امارات کے اس معاشرے کی قدروں کا خوب صورت اظہار تھا جس کا وہ خود بھی ایک حصہ ہے۔

    انھوں نے کہا کہ بھارتی شہری کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد یہ پیغام ہے کہ دبئی کی سرزمین پر موجود ہر فرد یہاں امن و امان کے تحفظ کے حوالے سے اپنے کردار کا پابند ہے۔

  • پابندی ہٹتے ہی آصف زرداری دبئی پہنچ گئے

    پابندی ہٹتے ہی آصف زرداری دبئی پہنچ گئے

    اسلام آباد: ملک سے باہر جانے پر پابندی ہٹتے ہی آصف زرداری دبئی پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری گزشتہ شب دبئی پہنچ گئے، آصف زرداری ای سی ایل سے نام ہٹائے جانے کے بعد اسلام آباد سے نجی طیارے کے ذریعے روانہ ہوئے تھے۔

    پی پی کے شریک چیئرمین نے دبئی میں بیٹی بختاور بھٹو سے ملاقات کی، اور نواسے میر حاکم چوہدری کو دیکھا۔ یاد رہے کہ وفاقی کابینہ نے دسمبر 2018 میں سابق صدر آصف علی زرداری سمیت 172 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالے تھے۔

    ادھر سندھ ہائی کورٹ میں وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف سمیت وفاقی اور صوبائی حکومتوں میں شامل 2 سو سے زائد افراد کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے نوٹیفکیشن کے خلاف درخواست دائر کر دی گئی ہے۔

    شہباز شریف سمیت 200 افراد کے نام ای سی ایل سے نکالنے کا نوٹیفکیشن چیلنج

    درخواست گزار کا کہنا ہے کہ جن کے نام ای سی ایل میں ڈالے گئے تھے ان پر سنگین مقدمات میں ہیں، وہ قومی خزانہ لوٹ کر پیسہ ملک سے باہر لے گئے، شاہد خاقان عباسی، مریم نواز، مفتاح اسماعیل سمیت بیشتر کے نام عدالتی حکم پر ای سی ایل میں شامل کیے گئے تھے۔

    درخواست گزار نے مزید کہا کہ عدالت نے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم دیا، عدالت کی اجازت کے بغیر کسی کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالا جا سکتا۔

    خیال رہے کہ سعودی شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر وزیراعظم شہباز شریف 28 سے 30 اپریل تک سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔

  • دبئی: ہزاروں افراد کے لیے بڑا رہائشی پیکج

    دبئی: ہزاروں افراد کے لیے بڑا رہائشی پیکج

    دبئی: دبئی کے حکمران کی جانب سے ہزاروں افراد کے لیے بڑا رہائشی پیکج جاری کیا گیا ہے جو شہریوں کے لیے ولاز اور پلاٹوں پر مشتمل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امارات کے نائب صدر اور دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے دبئی کے شہریوں کے لیے 6.3 ارب درہم کی لاگت کا ایک رہائشی پیکج جاری کیا ہے۔

    الامارات الیوم کے مطابق رہائشی پیکج کے تحت 4 ہزار 610 شہریوں کو مکانات اور پلاٹس دیے جائیں گے، حکومت اس منصوبے پر6.3 ارب درہم کی سرمایہ کاری کرے گی۔

    یہ پیکج شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی اس خواہش پر مبنی ہے جس میں وہ چاہتے ہیں کہ دبئی کے شہری باوقار زندگی گزاریں اور خاندانی طور پر مستحکم ہوں، ان کا رہن سہن امارات کے آسائشی نظام سے ہم آہنگ ہو۔

    دبئی کے حکمران نے اس رہائشی پیکج کا اعلان عید الفطر کی آمد پر کیا ہے، انھوں نے کہا کہ سماجی خدمات اور رہائشی اسکیمیں حکومت کی ترجیح ہیں، خواہش ہے کہ امارات کے ہر شہری اور خاندان کی تمام ضرورتیں پوری ہوں۔

    واضح رہے کہ دبئی کے شمال مشرق میں مضافاتی علاقے الخویخ میں ایک ہزار 100 ولاز کے نئے ہاؤسنگ کمپلیکس کی منظوری دی جا چکی ہے، امارات کے شہری اس کے لیے گرانٹ اور قرضے حاصل کر سکیں گے۔