Tag: Dubai

  • یو اے ای: اسکول فیس بٹ کوائن میں‌

    یو اے ای: اسکول فیس بٹ کوائن میں‌

    دبئی: دنیا بھر میں بٹ کوائن کا بہ طور کرنسی استعمال وسعت اختیار کرتا جا رہا ہے، جلد اسکول فیسوں کی ادائیگی بھی اس ڈیجیٹل کرنسی میں ہونے لگے گی۔

    متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی کے ایک اسکول نے ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے ایتھریم اور بٹ کوائن جیسی ڈیجیٹل کرنسیوں میں فیس وصولی کے آپشن پر غور شروع کر دیا ہے۔

    خیال رہے کہ چند سال قبل تک عوام کی اکثریت بٹ کوائن یا کرپٹو کرنسی کے نام سے واقف تک نہ تھی، لیکن یوکرین پر روسی حملے کے بعد دنیا بھر میں اس کی بازگشت سنائی دے رہی ہے۔

    خلیجی ذرائع ابلاغ کے مطابق سٹیزنز اسکول کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دبئی کی جانب سے کرپٹو اثاثوں کے لیے کی گئی قانون سازی کے بعد ہم والدین کو بٹ کوائن اور ایتھریم کی شکل میں فیس ادا کرنے کی سہولت فراہم کرنے پر سوچ رہے ہیں۔

    اسکول انتظامیہ کے مطابق کرپٹوکرنسیوں کی وصولی کے لیے حکومت کی جانب سے متعین کردہ طریقہ کار اور پلیٹ فارم کو استعمال کیا جائے گا، یہ پلیٹ فارم ڈیجیٹل کرنسی کو خود کار طریقے سے درہم میں تبدیل کر دیتا ہے۔

    دبئی کے اسکول کے بانی زاویا عادل الزرونی کا کہنا ہے کہ پہلے کرپٹو کرنسی صرف سرمایہ کاروں کے درمیان ہی گھوم رہی تھی، اب یہ مرکزی دھارے میں شامل ہو کر روایتی مالیاتی نظام کو تبدیل کر رہی ہے۔

    انتظامیہ کے مطابق امارات کی ڈیجیٹل معیشت میں اس سے نوجوان نسل کا کردار بڑھ جائے گا۔

    واضح رہے کہ اس ماہ کے شروع میں یو اے ای کے وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم نے ڈیجیٹل اثاثوں کے لیے ایک نئے قانون کی منظوری دی تھی۔

  • دبئی میں اے آر وائی لاگونا ایوارڈز، ڈیڑھ سو پلاٹینم ایجنٹس کی شرکت

    دبئی میں اے آر وائی لاگونا ایوارڈز، ڈیڑھ سو پلاٹینم ایجنٹس کی شرکت

    دبئی میں اے آر وائی لاگونا ایوارڈز منعقد کیے گئے، جس میں اے آر وائی لاگونا کے ڈیڑھ سو پلاٹینم ایجنٹس نے شرکت کی۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی میں اے آر وائی لاگونا ایوارڈز کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا، اس ایوارڈ تقریب میں اے آر وائی لاگونا کے 150 پلاٹینم ایجنٹس نے شرکت کی۔

    تقریب میں اے آر وائی گروپ کے چیئرمین محمد اقبال نے ٹاپ 7 پلاٹینم ایجنٹس کو ایوارڈز دیے۔

    صدر، سی ای او اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک سلمان اقبال نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستانی قوم نے ہم پر اعتماد کیا، جس کے لیے پاکستانیوں اور پلاٹینم ایجنٹس کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    انھوں نے کہا کہ اے آر وائی لاگونا کی کامیابی اے آر وائی لاگونا کے سی ای او یعقوب اقبال کی وجہ سے ہے۔

    اے آر وائی لاگونا کے پلاٹینم ایجنٹس پاکستان، مشرق وسطیٰ، افریقہ، برطانیہ، یورپ، امریکا سے آئے ہوئے تھے۔

  • ایران میں زلزلہ، کویت، عمان اور شارجہ بھی لرز اٹھا

    ایران میں زلزلہ، کویت، عمان اور شارجہ بھی لرز اٹھا

    تہران: ایران میں 5.8 شدت کا زلزلہ آیا ہے، زلزلے کے جھٹکے دبئی، شارجہ، عمان، کویت اور بحرین میں بھی محسوس کیے گئے۔

    امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ کا مرکز ایرانی ساحلی شہر بندر لینگے سے 60 کلومیٹر شمال میں تھا، زلزلے کی گہرائی دس کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔

    ایران میں آنے والے زلزلے کے جھٹکے دبئی، شارجہ اور عجمان میں بھی محسوس کئے گئے، سوشل میڈیا پر وہاں کے صارفین نے زلزلے سے متعلق متعدد پوسٹ شیئر کیں۔

    یو اے ای کے نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 3.15 پر محسوس کیا گیا اس کی شدت 5.0 تھی، فوری طور پرکسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔

    یاد رہےکہ سال دو ہزار تین میں ایران کے شہر بام میں تباہ کن زلزلہ آیا تھا جس کے نتیجے میں 26,000 افراد لقمہ اجل بنے تھے جبکہ سال دوہزار سترہ میں ایران اور عراق کے درمیان سرحدی علاقے میں 7 شدت کے زلزلے سے 600 افراد جاں بحق جبکہ 9000 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

    دوسری جانب متحدہ عرب امارات میں زلزلے اور جھٹکے نسبتاً کثرت سے آتے ہیں لیکن عمارتوں کو نقصان بہت کم ہوتا ہے۔

    گذشتہ روز جاپان کے میاگی، فوکو شیما سمیت کئی شہروں میں زلزلے کی شدت 7.3 ریکارڈ کی گئی تھی جس کے بعد سونامی وارننگ جاری کی گئی۔
    ساحلی شہر فوکوشیما میں طاقتور زلزلے کے بعد سونامی کی واننگ جاری کردی گئی تھی۔

  • ون ڈے رینکنگ: بابراعظم بدستور ‘نمبر ون’ پوزیشن پر براجمان

    ون ڈے رینکنگ: بابراعظم بدستور ‘نمبر ون’ پوزیشن پر براجمان

    دبئی: انٹرنینشل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے ایک روزہ میچز کی نئی درجہ بندی جاری کردی ہے۔

    آئی سی سی کی جانب سے جاری تازہ ترین درجہ بندی کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کی پہلی پوزیشن برقرار ہے، دوسرے نمبر پر بھارت کے سابق قائد ویرات کوہلی جبکہ تیسرے نمبر پر روہت شرما ہے۔

    جنوبی افریقا کے کوئنٹن ڈی کوک چوتھے، آسٹریلیا کے ایرون فنچ پانچویں، انگلینڈ کے جونی برسٹو چھٹے، کینگروز کے ڈیوڈ وارنر ساتویں جنوبی افریقا کے روسی وینڈر آٹھویں نمبر پر براجمان ہیں۔Imageقومی ٹیم کے جارح مزاج بلے باز فخر زمان کا نواں نمبر ہے جبکہ انگلینڈ کے جوئے روٹ ٹاپ ٹین کے آخری نمبر پر ہے۔

    آئی سی سی کی جانب سے بولرز کی جاری درجہ بندی میں کوئی بھی پاکستانی شامل نہیں، نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ پہلی پوزیشن ہے جبکہ ٹاپ ٹین میں آسٹریلیا کے تین، افغانستان کے دو اور نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور بنگلہ دیش کا ایک ایک بولر شامل ہے۔

    آل راؤنڈر کی درجہ بندی میں پاکستان کے عماد وسیم ٹاپ ٹین میں شامل ہیں وہ ساتویں پوزیشن پر موجود ہیں جبکہ بنگلا دیش کے شکیب الحسن بدستور پہلے نمبر پر قبضہ کئے بیٹھے ہیں۔

  • ایفل ٹاور کی سیڑھیاں‌ دبئی میں

    ایفل ٹاور کی سیڑھیاں‌ دبئی میں

    دبئی: ایفل ٹاور کی سیڑھیاں‌ دبئی پہنچ گئیں، جہاں‌ایکسپو 2020 میں ان کی نقاب کشائی کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق جمعے کو ایکسپو 2020 دبئی کے الفرسان پارک میں ہونے والی تقریب میں ایفل ٹاور کی اصلی سیڑھیوں کے ایک حصے کی نقاب کشائی کی گئی۔

    جب پیرس میں 132 سال قبل 31 مارچ 1889 کو ایکسپو کے موقع پر ایفل ٹاور کو عوام کے لیے کھولا جا رہا تھا، تو سیڑھی کے اس تاریخی حصے کو ٹاور کی چوٹی پر چڑھنے کے لیے استعمال کیا گیا تھا، اور محض 4 سال بعد سیڑھیوں کی جگہ لفٹ لگا دی گئی تھی۔

    دل چسپ بات یہ ہے کہ فرانس کے شہرۂ افاق تاریخی ٹاور کی یہ سیڑھیاں پیرس سے نکل کر اب تک کئی جگہوں کا سفر کر چکی ہیں، اور اب یہ دبئی میں پہنچ گئی ہیں۔

    ایکسپو دبئی کے چیف ڈیولپمنٹ آفیسر احمد الخطیب نے افتتاح کے موقع پر کہا جب آپ ایفل ٹاور کی ان سیڑھیوں پر چڑھتے ہوئے سیلفی لیں گے تو پس منظر میں الوصل پلازہ دکھائی دے گا، ہمارا اپنا ایفل ٹاور، جو لوگوں کو ایکسپو 2020 کی یاد دلاتا رہے گا۔

    واضح رہے کہ یہ سیڑھی جینیٹ پیرس کے نام سے ایک ٹی ہاؤس کی جانب سے ایکسپو 2020 دبئی میں لائی گئی ہے، جب کہ ایکسپو 2020 دبئی کا پروجیکٹ معروف اماراتی شاعر، مصنف، فلسفی اور ایکسپلورر محمد صالح ال گرگ کے لیے وقف ہے، جو 8 نومبر 2020 کو انتقال کر گئے تھے، اور جن کی نظمیں اور کہاوتیں متجسس ذہنوں کو متاثر کرتی رہیں۔

    دبئی کیئرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور وائس چیئرمین ڈاکٹر طارق القرق نے افتتاح کے موقع پر ایک تصویر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ایک خاندان کے طور پر، فرانسیسی حکومت کے ساتھ ہمارا تعلق 36 سال پرانا ہے، یہ 1964 میں ایفل ٹاور پر میرے والد کی اپنے بہترین دوست کے ساتھ لی گئی تصویر ہے، میرے والد فرانس سے محبت کرتے تھے، انھوں نے 80 کی دہائی میں وہاں ایک جگہ خریدی، جہاں سے انھوں نے عمارت کی بالکونی میں بیٹھ کر اپنی شاعری اور مضامین لکھے۔

    دبئی میں فرانس کی قونصل جنرل نتھالی کینیڈی نے کہا کہ وہ الوصل گنبد کے بالکل پاس ایفل ٹاور کا ایک حصہ دیکھ کر بہت خوش اور فخر محسوس کر رہی ہیں۔

    الخطیب نے کہا کہ یہ تاریخ کا ایک ٹکڑا ہے جو اب آرٹ کا بھی ایک نمونہ ہے۔

  • دبئی: پیاز چوروں کو ملک بدر کرنے کا حکم

    دبئی: پیاز چوروں کو ملک بدر کرنے کا حکم

    دبئی کی عدالت نے پیاز کے 10 تھیلے چوری کرنے والے 2 چوروں کو تین ماہ قید کی سزا بھگتنے کے بعد ملک بدر کرنے کا حکم دیا ہے۔

    عدالت نے دونوں مجرموں پیاز کے تھیلے چوری کے جرم کا اعتراف کرنے پر یہ سزا سنائی، دونوں چوروں نے العویر کے علاقے میں واردات کی تھی۔،

    عدالت کو بتایا گیا کہ دونوں مجرمان العویر کے علاقے میں چوری شدہ پیاز کے تھیلے ایک ٹرک میں لوڈ کررہے تھے کہ ایک سیکیورٹی گارڈ نے ان کی یہ مذموم کوشش ناکام بنادی۔

    سرکاری ریکارڈ کے مطابق ایک پورٹر اور اس کے دوست نے العویر میں پھل اور سبزی منڈی سے پیاز کے تھیلے چرانے کا منصوبہ بنایا تھا اور اس کو عملی جامہ پہناتے ہوئے ایک گودام کے قریب کھڑے ٹرک کی نگرانی کی اور موقع ملتے ہی پیاز کے تھیلے لے جانے لگے تھے۔

    چوروں کو پکڑنے والے سیکیورٹی گارڈ نے عدالت کو بتایا کہ مشکوک نقل وحمل پر جب میں وہاں گیا تو قریب جاکر دیکھا کہ وہ لوگ پیاز کے دس تھیلے ایک دوسرے شخص کی مدد سے چوری کرکے لے جارہے تھے۔

    گارڈ نے انہیں چوری کرنے سے روکا اور دبئی پولیس کو واقعے کی اطلاع دی جس کے بعد پولیس نے دونوں چوروں کو گرفتار کیا، دونوں ملزمان پر ڈکیتی کی کوشش کا الزام تھا لیکن انہوں نے صرف پیاز چوری کرنے کا اعتراف کیا۔

  • ون ڈے رینکنگ: بابراعظم اور فخر زمان کے لئے خوشخبری

    ون ڈے رینکنگ: بابراعظم اور فخر زمان کے لئے خوشخبری

    دبئی: انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ایک روزہ میچز کی تازہ ترین درجہ بندی جاری کردی ہے۔

    آئی سی سی کی جانب سے جاری نئی رینکنگ کے مطابق بلے بازوں میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں تاہم پاکستان کرکٹ ٹیم کے لئے دوسری اچھی خبر یہ ہے کہ جارح مزاج بیٹر فخر زمان طویل عرصے بعد ٹاپ ٹین کھلاڑیوں میں شامل ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    آئی سی سی کی نئی درجہ بندی کے مطابق فخر زمان ایک درجہ بہتری کےبعد نویں نمبرپر آگئے ہیں۔

    بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی بلے بازوں کی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر ہیں، جبکہ انگلش کپتان جوئے روٹ ایک درجہ ترقی کے بعد ٹاپ ٹین میں آگئے ہیں۔

    آئی سی سی کے مطابق بولرز کی نئی ون ڈے رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ بولرز میں سرفہرست ہے، آسٹریلیا کے جوش ہیزل وڈ دوسرے، انگلینڈ کے کرس ووڈ تیسرے، افغان فاسٹ بولر مجیب الرحمان چوتھے، بنگلا دیش کے مہدی حسن پانچویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔

    نیوزی لینڈ کے میٹ ہنری چھٹے، بھارت کے بمبرا ساتویں، آسٹریلیا کے مچل اسٹارک آٹھویں اور شکیب الحسن نویں نمبر پر رہے، ٹاپ ٹین بولرز میں کوئی پاکستانی شامل نہیں۔

  • یواےای؛ پلاسٹک کے تھیلے استعمال کرنے والے خبردار!

    یواےای؛ پلاسٹک کے تھیلے استعمال کرنے والے خبردار!

    دبئی: پلاسٹک کے تھیلے استعمال کرنے والے ہو جائیں خبردار کیوں کہ اب اس کے استعمال پر فیس ادا کرنا ہوگی۔

    نیوز ایجنسی وام کے مطابق دبئی میں موحولیاتی آلودگی کو کم کرنے اور آب و ہوا کو صاف رکھنے کے لیے پلاسٹک کے تھیلے کے استعمال پر فیس عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

    فیصلے پر عمل درآمد یکم جولائی سے ہوگا اور یہ دو سال تک نافذ رہے گا۔ دو سال کے دوران فیصلے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جاتا رہے گا۔

    دبئی کی ایگزیکٹیو کونسل نے اس کی منظوری دے دی ہے، پلاسٹک کے تھیلے استعمال کرنے والوں کو 25 فلس ادا کرنے ہوں گے۔

    یہ فیصلہ امارات کے تمام اسٹورز کے علاوہ آن لائن اور ای کامرس کے ذریعے بھیجی جانے والی مصنوعات پر بھی نافذ ہوگا۔

    اس اقدام کا مقصد پلاسٹک کے زیادہ استعمال کی حوصلہ شکنی اور ماحول کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ رہائشیوں کے معیار زندگی کو بھی بلند کرنا ہے۔

    علاوہ ازیں دبئی کی حکومت ایسے کئی منصوبوں میں بھی سرمایہ کاری کر رہی ہے جن کا مقصد کوڑا کرکٹ کو وسائل میں تبدیل کرنا ہے۔

  • دبئی: 5 سے 11 سال کی عمر کے بچوں کو کرونا ویکسین لگانے کا اعلان

    دبئی: 5 سے 11 سال کی عمر کے بچوں کو کرونا ویکسین لگانے کا اعلان

    دبئی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں 5 سے 11 سال کی عمر کے بچوں کو کووڈ 19 ویکسین لگانے کا اعلان کردیا گیا، 12 سے 15 سال کی عمر تک کے بچوں کو گزشتہ برس مئی سے ویکسین لگوائی جارہی ہے۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق دبئی ہیلتھ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) نے 5 سے 11 سال کی عمر کے بچوں کو کووڈ 19 کی فائزر بیونٹیک ویکسین لگانے کا اعلان کیا ہے۔

    اتھارٹی کا کہنا ہے کہ 5 سے 11 سال کی عمر کے بچوں کے والدین، ڈی ایچ اے کی ایپ یا واٹس ایپ کے ذریعے بچوں کے لیے کووڈ 19 کی ویکسی نیشن کے لیے پیشگی اپائنٹ منٹ لے سکتے ہیں۔

    فائزر بیونٹیک ویکسین 12 سے 15 سال کے بچوں کے لیے مئی 2021 سے لگائی جارہی ہے۔

    پانچ سال اور اس سے زائد عمر کے بچوں کی ویکسی نیشن شروع کرنے کا فیصلہ کووڈ 19 کے قومی ویکسی نیشن پلان اور متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت (ایم او ایچ اے پی) کی جانب سے جاری کردہ رہنما خطوط کے مطابق کیا گیا ہے۔

    یہ اقدام عالمی سائنسی شواہد پر مبنی اور بین الاقوامی پروٹوکول کے عین مطابق ہے۔

    ڈی ایچ اے نے اس بات پر زور دیا ہے کہ شہریوں اور رہائشیوں کی صحت اور حفاظت اولین ترجیح ہے اور یہ اقدام کووڈ 19 ویکسین کے ذریعے اس عمر کے گروپ تک تحفظ کو بڑھانے میں مدد کرے گا۔

    5 سے 11 سال کی عمر کے بچوں کو ڈی ایچ اے کے جن مراکز سے ویکسین لگوائی جاسکتی ہے، ان میں عود ميثا ویکسی نیشن سینٹر، الطوار ہیلتھ سینٹر، المزہر ہیلتھ سینٹر، ندالحمر ہیلتھ سینٹر، المنخول ہیلتھ سینٹر، البصيلی ہیلتھ سینٹر، ندالشبا ہیلتھ سینٹر، زعبيل ہیلتھ سینٹر اور البرشا ہیلتھ سینٹر شامل ہیں۔

  • یو اے ای: مزدوروں کی جان بچانے والے پاکستانیوں پر انعامات کی بارش

    یو اے ای: مزدوروں کی جان بچانے والے پاکستانیوں پر انعامات کی بارش

    دبئی میں 3سیکیورٹی گارڈز نے ٹینک میں نیم بے ہوشی کی حالت میں پھنسے 2 ٹھیکیداروں کی زندگی بچائیں تو کمپنی نے  انہیں انعامات سے نوازا۔

    ایک غیر ملکی ویب سائٹ کے مطابق ٹرانس گارڈ گروپ کے سیکیورٹی گارڈز میں 2 پاکستانیوں محمد زبیر، محمد افتخار اور فلپائنی شہری رچرڈ ایسٹیبٹ کو دبئی میں ایک مصروف سیاحتی مقام پر تعینات کیا گیا تھا۔

    رپورٹ کیے گئے واقعے کے مطابق مذکورہ گارڈز میں سے زبیر مکینیکل روم کے قریب لوگوں کا ہجوم اکھٹا ہوتے دیکھ کر وہاں گیا تو دیکھا کہ 2ٹھیکیدار ٹینک کے اندر نیم بے ہوشی کی حالت میں پھنسے ہوئے ہیں۔

    اس موقع پر گارڈ کے دیگر ساتھی محمد افتخار اور رچرڈ ایسٹبیٹ بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور ٹھیکیداروں کو بچانے کے لیے فوری طور پر ٹینک میں اترنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے فوری طور پر ماسک پہنے اور ٹینک میں اتر دونوں ٹھیکیداروں کو باہر نکالا۔

    مقامی حکام کی جانب سے کی گئی تحقیقات کے مطابق ٹینک میں زہریلی گیس موجود تھی۔

    اس حوالے سے زبیر، افتخار اور رچرڈ کا کہنا تھا کہ اس موقع پر ہمارے ذہن میں صرف یہ تھا کہ ٹینک کے اندر انسان موجود ہیں اگر انہیں فوری نہ نکالا گیا تو یہ مر سکتے ہیں اور بطور سیکیورٹی گارڈ لوگوں کی زندگیوں کا تحفظ یقینی بنانا ہماری ذمے داری ہے۔

    ٹرانس گارڈ گروپ نے اپنے گارڈز کی اس کارکردگی پر ان کے لیے خصوصی تقریب رکھی جس میں تینوں گارڈز  زبیر، افتخار اور رچرڈ کو اسناد اور نقد انعامات سے نوازا گیا۔

    اس حوالے سے گروپ کے ایم ڈی ڈاکٹر گریگ وارڈ کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے ان تینوں گارڈز پر انتہائی فخر ہے کہ انہوں نے غیر معمولی صورتحال میں بروقت ہمت کا مظاہرہ کیا۔