Tag: Dubai

  • نوواک جوکووچ آسٹریلیا سے ڈی پورٹ، اس وقت کہاں ہیں؟

    نوواک جوکووچ آسٹریلیا سے ڈی پورٹ، اس وقت کہاں ہیں؟

    کینبرا: ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ آسٹریلیا سے ڈی پورٹ کردئیے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق نوواک جو کووچ آسٹریلیا سےڈی پورٹ ہونےکےبعد دبئی پہنچ گئے ہیں، تاہم انہوں نے ایئرپورٹ کے لاؤئج سے باہر نکلنے سے گریز کیا، گمان کیا جارہا ہے کہ وہ دبئی میں مختصر قیام کے بعد اپنا اگلا سفر شروع کرینگے تاہم یہ واضح نہیں کہ جوکووچ کا اگلا پڑاؤ کہاں ہوگا؟

    نوواک جوکووچ نے متحدہ عرب امارات کا سفر اس لئے کیا کہ یہاں مسافروں کو ویکسین لگوانے کی ضرورت نہیں ہے، البتہ فضائی سفر سے قبل انہیں منفی پی سی آر رپورٹ دکھانا لازمی ہے۔

    کرونا ویکسین نہ لگانے کی پاداش میں ٹینس اسٹار کو آسٹریلیا سے ملک بدر کردیا گیا ہے جس کے باعث وہ آسٹریلین اوپن ٹورنامنٹ سے بھی باہر ہوگئے ہیں، جوکووچ نے نو بار آسٹریلین اوپن ٹائٹل اپنے نام کررکھے ہیں ،جن میں لگاتار تین، اور کل 20 گرینڈ سلیم سنگلز ٹرافیاں شامل ہیں۔

    نوواک جوکووچ کے ساتھ پیش آئے واقعات ایک نظر میں

    سولہ جنوری 2022: جوکووچ نے ویزا منسوخی کے فیصلے پر آسٹریلوی عدالت سے اپیل دائر کی تھی جسے مسترد کرتے ہوئے عدالت نے ویزا منسوخ کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا، یہی فیصلہ ان کی ملک بدری کی وجہ بنا۔

    یہ بھی پڑھیں: نوواک جوکووچ اب گھر بیٹھ کر آسٹریلین اوپن دیکھیں گے

    پندرہ جنوری:آسٹریلیا کے امیگریشن کے وزیر الیکس ہاک نے اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے نوواک جوکووچ کا دوسری بار ویزا منسوخ کیا تھا، یہ اقدام اس ضمن میں اٹھایا گیاجب ٹینس اسٹار کے وکلا اس فیصلے کے خلاف فوری حکم امتناعی دائر کرنے کی تیاری کر رہے تھے۔چودہ جنوری: عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹارنوواک جوکووچ نے تسلیم کیا کہ آسٹریلیا آمد کیلئے بھرے جانے والےفارم میں غلطیاں ہوئی تھیں، جوکووچ نے یہ بھی تسلیم کیا کہ گزشتہ ماہ انہوں نےایک صحافی سےملاقات کی تھی جب انہیں کورونا تھا لیکن یہ ایک اندازےکی غلطی تھی۔

    دس جنوری: آسٹریلوی عدالت نے حکومت کا نوواک جوکووچ کا ویزا منسوخ کرنےکا فیصلہ کالعدم قرار دے دیتے ہوئے ٹینس ‏اسٹار کے آسٹریلیا میں داخلے کو قانونی قرار دیا تھا۔

  • دبئی میں کار فضا میں اڑنے لگی (ویڈیو)

    دبئی میں کار فضا میں اڑنے لگی (ویڈیو)

    دبئی: سائنس فکشن جیسی اڑن کار نے دبئی میں کامیاب آزمائشی پرواز کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اندرون شہر کے سفر کے لیے تیار کردہ مستقبل کی اڑنے والی ‘ہائپر کار’ جو 3 ہزار فٹ کی بلندی پر 135 میل فی گھنٹہ کی رفتار تک پہنچ سکتی ہے، نے دبئی میں کامیاب آزمائشی پرواز مکمل کر لی ہے۔

    یہ اڑن کار لندن میں قائم اسٹارٹ اَپ (نئی کمپنی) بیلویدر انڈسٹریز نے بنائی ہے، اس مکمل الیکٹرک Volar eVTOL پروٹوٹائپ نے اپنی آزمائشی پرواز نومبر میں مکمل کی تھی، تاہم کمپنی نے دو دن قبل اس ٹیسٹ کی فوٹیج جاری کی ہے۔

    ایک مرتبہ چارج ہونے کے بعد یہ ڈیڑھ گھنٹے تک پرواز کر سکے گی، کمپنی نے اس کی کوئی قیمت نہیں بتائی ہے لیکن اتنا ضرور بتایا ہے کہ تجارتی تیاری 2028 میں شروع ہو جائے گی۔

    تکنیکی طور پر وولر ملٹی کاپٹر سواری ہے جس کے پنکھے اس کے ڈیزائن کے اندر چھپائے گئے ہیں، لیکن اس میں اضافی پروپلشن کا معلوم نہیں ہو سکا ہے، تاہم ڈیزائن سے دو دو نشستی اڑن کار ہے، کمپنی کے مطاق اگلے ڈیزائن میں چار سے پانچ افراد بیٹھ سکیں گے۔

    اس کار کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے جیسے یہ بیٹ مین کی گاڑی ہو، تاہم جدید ترین ڈیزائن کی یہ کار رن وے کے بغیر سیدھا اوپر اٹھنے والی کار ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس فیوچرسٹک کار نے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ (25 میل فی گھنٹہ) کی رفتار کے ساتھ 13 فٹ (4 میٹر) کی بلندی پر پرواز کی، چوں کہ یہ ماڈل ہے تو اسے اصل کار کی جسامت سے آدھے سائز پر تیار کیا گیا ہے۔

    یہ فلائنگ کار پروٹوٹائپ نجی کار مالکان کے لیے کاروں کے متبادل کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے، تاکہ سائیکل سواروں اور پیدل چلنے والوں کے لیے زمین پر جگہ خالی رہے اور سڑکوں پر بھیڑ کم ہو، تاہم مستقبل میں یہ اوبر کی طرح آن ڈیمانڈ ٹرانسپورٹ بھی فراہم کر سکے گی۔

    ماحول دوست، برق رفتار اور بے آواز وولر کار مکمل طور پر برقی توانائی سے چلتی اور پرواز کرتی ہے، آٹو موبائل تجزیہ کار ماہرین نے اس کی ڈیزائننگ، افادیت اور کارکردگی کو متاثرکن اور امید افزا قرار دیا ہے۔ ویڈیو میں اسے اوپر اٹھتے دیکھا جا سکتا ہے لیکن یہ ہوا میں سیدھی رہنے کی بجائے ادھر ادھر ڈولتی دکھائی دیتی ہے، اس خامی کو شاید اگلے مراحل میں دور کیا جائے گا۔

  • آن لائن فراڈ سے بچنا ہے تو دبئی پولیس کے ان مشوروں پر عمل کریں

    آن لائن فراڈ سے بچنا ہے تو دبئی پولیس کے ان مشوروں پر عمل کریں

    آن لائن جعلسازی آج دنیا بھر کا بڑا مسئلہ بن گیا ہے دبئی پولیس نے عوام کو ان فراڈیوں سے بچنے کے لیے 4 مشورے دیے ہیں۔

    دنیا گلوبل ولیج بننے کے بعد اب ڈیجیٹل ہوکر آپ کے ہاتھوں میں موجود چند انچ کے موبائل میں قید ہوگئی ہے، اس دنیا میں ہر روز ہونے والی ترقی نے جہاں لوگوں کے لیے زندگی کو آسان بنایا ہے وہیں جعلسازی کے ایسے دروازے بھی کھول دیے ہیں جس کے ذریعے فراڈی نہ صرف سادہ لوح بلکہ پڑھے لکھے لوگوں کو بھی اپنے جال میں پھنسا کر انہیں لوٹ لیتے ہیں۔

    اکثر آپ کو بھی آپ کے موبائل فون پر بھی ایسی کالز یا میسیجز آتے ہوں گے جن میں آپ کو کسی ٹی وی گیم شو میں بڑے انعام یا سرکاری فلاحی پروگراموں میں امدادی رقوم ملنے کے حوالے سے خوشخبریاں ملتی ہوں گی، یا کوئی خود کو کسی بینک کا ملازم ظاہر کرکے آپ  سے ذاتی معلومات  لینا چاہتا ہوگا۔

    کئی لوگ ایسے نوسربازوں کا نشانہ بھی بن چکے ہوں گے مگر اب دبئی پولیس نے چار نکات پر مشتمل ایک ہدایت نامہ جاری کیا ہے جس پر عمل کرکے لوگ اس آن لائن جعلسازی سے بچ سکتے ہیں۔

    دبئی پولیس نے ٹوئٹر پر ایک خصوصی تھریڈ مہم کے ذریعے عوام میں سائبر کرائم کے حوالے سے آگاہی پھیلانے کی مہم کا آغاز کیا گیا ہے جس میں چار ایسے طریقے بتائے گئے ہیں جن کو اپنا کر وہ ان جعلسازوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔

    سائبر سیکیورٹی ایجنسی کے مطابق شہری انجان نمبروں سے آنیوالی ٹیلیفون کالز پر کسی کو بھی اپنی ذاتی معلومات فراہم نہیں کریں، کیونکہ پولیس سمیت کوئی بھی سرکاری ادارہ کسی سے اس کی ذاتی معلومات لینے کا مجاز نہیں۔

    عوام اپنے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات بھی کسی سے شیئر نہ کریں جبکہ بینک سے متعلق کسی بھی مشتبہ آن لائن لنکس پر کلک کرنے سے بھی بچیں۔

    سیکیورٹی حکام نے عوام الناس کو جعلسازوں کی جانب سے دی جانیوالی پرکشش آفرز کے بارے میں بھی خبردار رہنے کا انتباہ دیا ہے، کیونکہ اکثر فراڈی عوام کو انعامات کا لالچ دے کر بھی لوٹتے ہیں۔

    حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کی ذاتی معلومات چوری یا اکاؤنٹ سے رقم چوری ہوتو اس کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں۔

  • دبئی : کورونا ویکسین کی بوسٹر خوراک کیلئے نئی ہدایات جاری

    دبئی : کورونا ویکسین کی بوسٹر خوراک کیلئے نئی ہدایات جاری

    دبئی : متحدہ عرب امارات کے حکام کی جانب سے بار بار بوسٹر ویکسین کی خوراک کی اہمیت پر زور دیا جا رہا ہے، ان کا کہنا ہے کہ وکیسین لگوانے والے اب بوسٹر شاٹ لگوا سکتے ہیں۔

    دنیا کے108 ممالک تک پھیلنے والی کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون سے بچاؤ کے لیے بیشتر ممالک ‏میں بوسٹر ڈوز لگوانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

    وائرس کے خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے یو اے ای میں بھی بوسٹر ڈوز لگوانے پر زور دیا جارہا ‏ہے، ایسے میں دبئی ہیلتھ اتھارٹی نے رہنمائی کے لیے اہم ہدایات جاری کی ہیں تاکہ بوسٹر ڈوز ‏لگوانے والوں کی مدد کی جاسکے۔

    اس حوالے سے دبئی ہیلتھ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) نے دبئی میں مقیم شہریوں کو ہدایات دی ہیں کہ وہ سائنو فام خوراکوں کے بعد فائزر کے دو بوسٹر شارٹ لگوا سکتے ہیں۔

    ڈی ایچ اے کے آفیشل سوشل میڈیا چینلز پر پوسٹ کے بعد اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ وہ تمام ویکسین کیلئے اہل افراد کو فائزر کے بوسٹر شاٹس فراہم کرے گی۔

    ادارے کے ترجمان کے مطابق شہری فائزر ویکسین کی ایک یا دو بوسٹر خوراکیں حاصل کرسکتے ہیں، اور اس کا دارومدار اس بات پر ہے کہ شہری کو پہلے کون سی ویکسین ملی ہوئی ہے۔

    ویکسین کی قسم بوسٹر شاٹس کی تعداد، مدت اور اہلیت

    فائزر بایو اینٹک بوسٹر کی 2 خوراکیں 18 سال اور اس سے زائد والوں کے لیے دوسری خوارک کے 6 ‏ماہ بعد ‏

    آکسفورڈ ایسٹرازینیکا کی 2 خوراکیں
    موڈرنا کی 2 خوراکیں
    اسپوتنک وی کی 2 خوراکیں
    آکسفورڈ ایسٹرازینیکا کی ایک خوراک اور فائزر بایو اینٹک ایک خوراک
    جانسن اینڈ جانسن کی ایک اور فائزر بوسٹر شاٹ کی 1 خوراک
    سائینو فارم کی 2 خوراکیں اور 2 فائزر بوسٹر ڈوز کی 2 خوراکیں
    سائینوویک کی 2 خوراکیں

  • سال 2021: دبئی آنے والے سیاحوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ

    سال 2021: دبئی آنے والے سیاحوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں دنیا بھر سے آنے والوں کی تعداد صرف اکتوبر کے مہینے میں 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔

    اماراتی میڈیا رپورٹ کے مطابق دبئی کے محکمہ اقتصادیات و سیاحت کے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ جنوری 2021 سے لے کر اکتوبر 2021 تک 48 لاکھ 82 ہزار مسافروں نے دبئی کا دورہ کیا ہے۔

    محکمہ اقتصادیات و شماریات دبئی کے مطابق کرونا وائرس کے پھیلاؤ سے محفوظ رہنے کے لیے لگائے گئے لاک ڈاؤن کے باوجود مہمان نوازی کی صنعت میں یہ اعداد و شمار مستحکم اور بہتر پوزیشن کی عکاسی کرتے ہیں۔

    محکمہ سیاحت کی جانب سے گزشتہ سال کی اسی مدت کے لیے کوئی موازنہ نہیں کیا گیا۔

    ایک اور رپورٹ کے مطابق امارات کے مہمان نوازی کے شعبہ کی جانب سے جنوری سے اکتوبر کے عرصے میں دبئی میں موجود ہوٹلوں کے کمروں کی بکنگ کا حساب لگایا جائے تو مجموعی طور پر 94 لاکھ کمرے بک کیے گئے۔

    سنہ 2019 میں اسی عرصے کے دوران 70 لاکھ کمروں کی بکنگ کے اعداد و شمار سامنے آئے تھے۔

  • دبئی نے دنیا میں منفرد اعزاز حاصل کر لیا

    دبئی نے دنیا میں منفرد اعزاز حاصل کر لیا

    دبئی نے دنیا میں منفرد اعزاز حاصل کر لیا، دنیا کی پہلی پیپرلیس حکومت بن گئی۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی نے تمام حکومتی اداروں میں کاغذ کا استعمال ختم کر کے دنیا کی پہلی پیپر لیس حکومت کا اعزاز حاصل کر لیا۔

    دبئی نے سرکاری اداروں میں کاغذ ختم کرنے کا آغاز 2018 سے کیا تھا، آج ولئ عہد دبئی شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم نے ٹوئٹ کے ذریعے اس کا اعلان کر دیا۔

    ٹوئٹ میں ولئ عہد شیخ حمدان بن محمد نے عزم ظاہر کیا کہ دبئی میں آئندہ 5 دہائیوں میں زندگی مکمل طور پر ڈیجیٹل ہوگی، 45 سرکاری اداروں میں کاغذ کا استعمال ترک کرنے سے کاغذ کی کھپت 336 ملین کاغذات سے زائد کم ہوئی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ کاغذ کا استعمال ختم ہونے سے 1 ارب 30 کروڑ درہم کی بچت ہوگی، اور ملازمین کے 14 ملین گھنٹے کی بچت ہوگی۔

    دبئی کے رہائشیوں کو اب تمام خدمات دبئی ناؤ ایپلیکشن کے ذریعے مہیا ہوں گی، جس میں 12 کیٹگریز اور 130 سمارٹ سٹی سروسز موجود ہیں۔

    ولئ عہد شیخ حمدان بن محمد نے ٹوئٹ میں کہا کہ دبئی حکومت میں ہر صارف کے لیے کاغذ کے بغیر سفر کے حصول کے شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کے وژن کو عملی جامہ پہنایا گیا ہے۔

  • دبئی سیاحت کے لیے دنیا کے بہترین شہروں میں سے ایک بن گیا

    دبئی سیاحت کے لیے دنیا کے بہترین شہروں میں سے ایک بن گیا

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کا شہر دبئی دنیا کے 100 بہترین سیاحتی شہروں میں سے ایک بن گیا، سیاحت کے حوالے دبئی دوسری پوزیشن پر آگیا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق برطانیہ کے یورو مانیٹر انٹرنیشنل نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ دبئی دنیا کے 100 بہترین سیاحتی شہروں میں دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔

    یورو مانیٹر کا کہنا ہے کہ سنہ 2020 اور 2021 کے دوران دبئی نے سیاحت کے شعبے میں دنیا بھرمیں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ دبئی حکومت نے سیاحت کے فروغ کے لیے زبردست انتظامات کیے اور دبئی کو دنیا بھر کے کامیاب ترین شہروں میں نمایاں کردیا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ دبئی نے 2021 کے دوران دنیا کے 10 بہترین شہروں میں شمولیت کا اعزاز بھی حاصل کر لیا، یہ ترقی پذیر ریاستوں میں واحد شہر ہے جس نے یہ اعزاز حاصل کیا ہے جہاں صحت و سلامتی کا معیار اعلیٰ ترین ہے۔

    دبئی نے معاشی اور تجارتی کارکردگی کے حوالے سے پوری دنیا میں آٹھویں، ورکرز اور آپریشنل اسٹینڈرڈز کے حوالے سے دوسری اور آبادیاتی حوالے سے چوتھی پوزیشن حاصل کی ہے۔

    دبئی شہر نے یہ اعزازات مختلف حوالوں سے حاصل کیے، ایک بڑا سبب یہ بھی ہے کہ دبئی حکومت نے پرائیوٹ سیکٹر کو معاشی مسائل سے تحفظ فراہم کیا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ دبئی نے کرونا وبا سے نمٹنے میں بہترین کردار ادا کیا، اس کی بدولت ریٹیل اور غذائی اشیا فراہم کرنے والے ادارے تیزی سے بحال ہوگئے۔

  • دبئی کرکٹ کونسل نے پاک بھارت سیریز کرانے کی پیشکش کر دی

    دبئی کرکٹ کونسل نے پاک بھارت سیریز کرانے کی پیشکش کر دی

    دبئی کرکٹ کونسل نے پاک بھارت سیریز کرانے کی پیش کش کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین دبئی کرکٹ کونسل عبدالرحمان نے پاک بھارت سیریز کی میزبانی کی پیش کش کی ہے۔

    انھوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ماضی میں شارجہ میں پاک بھارت میچز ایک جنگ کی طرح ہوتے تھے، وہ ایک کھیل کی جنگ ہوتی تھی جو کرکٹ کے لیے بہت اچھی تھی۔

    عبدالرحمان کا کہنا تھا کہ ہم بھارت کو پاکستان کے خلاف کھیلنے کے لیے راضی کر لیں تو یہ بہترین ہوگا، سال میں ایک یا دو بار دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز ہو سکتی ہے۔

    دبئی کرکٹ کونسل کے چیئرمین عبدالرحمان فلک ناز

    چیئرمین دبئی کرکٹ کونسل نے یہ بھی کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) سے ان کے تعلقات اچھے ہیں، بھارت اگر راضی ہوتا ہے دونوں ممالک کی ٹیموں کے درمیان سیریز مفید ہوگی۔

    آئی سی سی پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کیلیے پرُعزم

    واضح رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین آئی سی سی نے کہا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسائل موجود ہیں، لیکن کرکٹ ملکوں کے تعلقات کو بہتر کر سکتی ‏ہے، ہم پاکستان میں چیمپیئز ٹرافی 2025 کے انعقاد کے بارے میں پُرامید ہیں، پاکستان میں بین الاقومی کرکٹ ہو رہی ‏ہے جس کے پیش نظر پاکستان کو یہ ایونٹ دیا گیا ہے۔

  • دبئی: میجک پین نے لوگوں کو لاکھوں درہم سے محروم کر دیا

    دبئی: میجک پین نے لوگوں کو لاکھوں درہم سے محروم کر دیا

    دبئی: پولیس نے عوام کو میجک پین کے استعمال سے خبردار کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ وہ دوسروں کے لکھے ہوئے چیک پر دستخط نہ کریں۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی پولیس کی جانب سے عوام کو ایک تنبیہ جاری کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ ان چیکس پر دستخط سے گریز کریں، جس پر رقم سمیت دیگر تمام تفصیلات انھوں نے خود نہ لکھی ہوں، بلکہ کسی اور نے چیک بھرا ہو۔

    دبئی پولیس کے مطابق میجک پین کا استعمال کر کے لوگوں کو لوٹا جا رہا ہے، اس میجک پین میں مٹنے والی سیاہی کا استعمال کیا جاتا ہے، جس کی وجہ سے دستخط کے بعد رقم اور دیگر تفصیلات تبدیل کی جا سکتی ہیں۔

    دبئی میں اب تک ایسے 20 کیسز سامنے آ چکے ہیں جس میں میجک پین کے استعمال کے ذریعے لوگوں کو ان کی رقوم سے محروم کیا گیا۔

    پولیس کے مطابق میجک پین کا استعمال غیر قانونی ہے، اس میں ایک سیاہی استعمال ہوتی ہے جو 20 منٹ سے 2 گھنٹے کے اندر مٹ جاتی ہے۔ اسے مختلف قسم کے لین دین جیسا کہ کاروں اور دیگر اشیا کی خریداری یا قرضوں کی ادائیگی کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

    دبئی پولیس کے ایک افسر لیفیننٹ کرنل ڈاکٹر علی خلیفہ الفلاسی نے بتایا کہ 2020 میں میجک پین فراڈ کے متعدد کیسز میں چیکس لاکھوں درہم مالیت پر مشتمل تھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کے حامل ماہرین نے چیک پر دستخط اور دیگر تفصیلات کی تصدیق کر کے دھوکا دہی کا پتا لگایا، اس لیے لوگ چیک یا دستاویزات پر دستخط کے وقت اپنا قلم استعمال کریں۔

  • دبئی ایئر شو 2021 کے دوران 22 ارب درہم سے زائد کے معاہدے

    دبئی ایئر شو 2021 کے دوران 22 ارب درہم سے زائد کے معاہدے

    ابو ظہبی: دبئی ایئر شو 2021 کے دوران وزارت دفاع نے مقامی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ 23 معاہدے کیے جن کی مالیت 22 ارب درہم سے زائد ہے۔

    اماراتی ویب سائٹ کے مطابق دبئی ایئر شو 2021 کے چوتھے روز وزارت دفاع نے مقامی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ 1 ارب 74 کروڑ سے زائد درہم مالیت کے سات سودے کیے ہیں۔

    اس طرح چار روز کے دوران ہونے والے کل معاہدوں کی تعداد 23 ہوگئی ہے جن کی کل قیمت 22 ارب درہم سے زائد ہے۔

    677 ملین درہم کا سب سے بڑا معاہدہ انٹرنیشنل ٹیکنیکل سسٹمز ٹریڈنگ کے ساتھ متحدہ عرب امارات کی فضائیہ اور ایئر ڈیفنس طیاروں کو سسٹمز اور آلات کی فراہمی کے لیے کیا گیا ہے۔

    اس کا اعلان دبئی انٹرنیشنل ایئر شو 2021 کی سرکاری ترجمان لیفٹیننٹ کرنل پائلٹ سارہ حمد الحجری نے دبئی ایئر شو 2021 کی ملٹری آرگنائزنگ کمیٹی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر میجر جنرل اسٹاف پائلٹ اسحاق صالح البلوشی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کیا۔

    دبئی ایئر شو کے 2019 کے ایڈیشن میں ہونے والے سودوں کی کل مالیت 18 ارب درہم تھی جب کہ 2021 کے ایڈیشن کے صرف تیسرے روز ہی سودوں کی مالیت 20 ارب درہم سے تجاوز کر گئی ہے۔

    وزارت اور ایرو اسپیس میں مہارت رکھنے والی دفاعی کمپنیوں کے درمیان طے پانے والے سودوں کے اعلان کے بعد البلوشی نے کہا کہ دبئی ایئر شو کے اس سال کا ایڈیشن پچھلے ایڈیشن سے ممتاز ہے۔

    انہوں نے تمام اسٹریٹجک شراکت داروں اور ان کمپنیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جنہوں نے متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع کے ساتھ معاہدہ کیا کہ وہ زمینی سطح پر اپنے معاہدوں کے نفاذ میں کامیابی حاصل کریں۔

    انہوں نے ایئر شو میں شرکت کرنے والی تمام کمپنیوں کو کامیابی حاصل کرنے اور ملک میں سرمایہ کاری کے سودے کرنے کی خواہش بھی کی۔