Tag: dulhan

  • شوہر کے وطن واپس نہ آنے سے مایوس نو بیاہتا دلہن نے زہر پی لیا

    شوہر کے وطن واپس نہ آنے سے مایوس نو بیاہتا دلہن نے زہر پی لیا

    گوجرانوالہ: شوہر کے بیرون ملک سے نہ آنے پر مایوس ہوکر بیوی نے موت کا گلے لگا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق بیرون ملک مقیم خاوند کے واپسی سے انکار کرنے پر چھ ماہ قبل بیاہی جانے والی لڑکی نے زہریلی گولیاں نگل کر خود کشی کرلی۔

    نوشہر ہ روڈ کی رہائشی بیس سالہ مناہل کی شادی چھ ماہ قبل نوشہرہ روڈ کے ہی رہائشی حبیب سے ہوئی تھی جو روزگار کمانے کی غرض سے سعودی عرب میں مقیم تھا۔

    جب مناہل نے اپنے شوہر حبیب سے فوری واپس آنے کا مطالبہ کیاتو حبیب نے فوری طور پر وطن واپسی سے انکار کردیا جس سے دلبرداشتہ ہو کر مناہل نے زہریلی گولیاں کھالیں۔

    جسے کھا کر اس کی حالت غیر ہوگئی، واقعے کے بعد ریسکیو1122نے فوری طبی امداد کے لئے مذکورہ خاتون کو سول ہسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔

    قانونی کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی۔ دوسری طرف تھانہ باغبانپورہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

  • شاد باغ : متوفیہ دلہن اوراسکے بھتیجے کی نماز جنازہ

    شاد باغ : متوفیہ دلہن اوراسکے بھتیجے کی نماز جنازہ

    لاہور: شاد باغ میں شادی ہال کی چھت گرنے سے مایوں بیٹھی دلہن شمائلہ اور اس کے بھتیجے کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب شاد باغ کے شادی ہال کی چھت گرنے کے باعث دلہن سمیت پانچ افراد جاں بحق ہوگئے تھے، جن میں سے کراچی سے تعلق رکھنے والی دلہن شمائلہ اور اس کے بھتیجے علی عامر کی نماز جنازہ ادا کردی گئی  ہے۔

    اس موقع پر صوبائی وزیر اور ڈی سی او لاہور سمیت لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی جب مایوں بیٹھی دلہن اور اس کے بھتیجے کا جنازہ اٹھا تو گھر میں ہر آنکھ اشک بار تھی ۔

    اس موقع پر ڈی سی او لاہور کا کہنا تھا کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے وزیراعلیٰ کی ہدایت پر کمیٹی بنادی گئی ہے، شادی ہال میں مہندی کی تقریب بھی رات دیر تک جاری رہی، جس کے ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق واقعے کا مقدمہ شادی ہال مالکان کیخلاف درج کر لیا گیا ہے۔ جبکہ اس سے قبل گزشتہ شب پولیس نے شادی ہال کے منیجر سمیت چار افراد کو ھراست میں لے لیا تھا۔

  • دولہا دلہن کی عمرمیں فرق کتنا ہو،تحقیق نے بتا دیا

    دولہا دلہن کی عمرمیں فرق کتنا ہو،تحقیق نے بتا دیا

    نیویارک: اکثر شادی کرتے ہوئے یہ بات ذہن میں رکھی جاتی ہے کہ عورت اور مرد کے درمیان عمر کا کتنا فرق ہے۔ ہمارے ہاں یہ رواج بہت تیزی سے مقبولیت پاچکا ہے کہ عورت کی عمر مرد سے کم از کم پانچ سال کم ہونی چاہیے ورنہ شادی کامیاب نہیں ہوتی

    لیکن حال ہی میں کی گئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اگر عورت اور مرد کے درمیان عمر کا فرق بڑھتا جائے تو ان کے درمیان طلاق ہونے کی شرح بھی بڑھتی جاتی ہے۔

    ضروری نہیں کہ مرد کی عمر زیادہ ہو اور عورت کی عمر کم تب ہی شادی کامیاب ہو گی بلکہ اگر دونوں کی عمر برابر یا انتہائی تھوڑا فرق ہو تب بھی شادی کے کامیاب ہونے کےامکانات زیادہ ہی ہوتے ہیں۔

    تحقیق میں 3,000شادی شدہ اور طلاق یافتہ جوڑوں کو شامل کیا گیا اور یہ بات سامنے آئی کہ اگر عورت اور مرد کے درمیان عمر کا فرق ایک سال(مرد عورت سے ایک سال بڑا یا چھوٹاہوسکتا ہے)ہو تو ان میں طلاق ہونے کا تین فیصد چانس موجود ہے۔

    اگر دونوں کے درمیان عمر کا فرق پانچ سال تک ہو تو طلاق ہونے کا امکان 18فیصد ہو جاتا ہے لیکن اگر یہی فرق 10سال پر چلا جائے تو39فیصد امکان ہے کہ ایسے جوڑوں میں طلاق ہوجائے گی۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ضروری نہیں کہ ہر شادی جس میں عمر کا فرق زیادہ ہو کا برا انجام ہو لیکن بہتر ہے شادی کرتے ہوئے عمر کا خیال رکھا جائے اور کوشش کی جائے کہ یہ فرق کم سے کم ہو۔

  • رحیم یارخان: ونی کی گئی دو کمسن دلہنیں بازیاب،پانچ ملزمان گرفتار

    رحیم یارخان: ونی کی گئی دو کمسن دلہنیں بازیاب،پانچ ملزمان گرفتار

    رحیم یارخان: تھانہ سبزل کی حدود میں رحیم یارخان پولیس نے چھاپہ مارکر ونی کی گئی دو معصوم دلہنوں کو بازیاب کرالیا، واقعے میں ملوث پانچ ملزمان بھی گرفتار کرلئےگئے۔

    تفصیلات کے مطابق قانون اور مذہب کے تمام اصولوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ونی کی فرسودہ رسم آج بھی سندھ اور پنجاب کے بیشترعلاقوں میں جاری ہے۔

    جس عمر میں بچیاں گڑیااور گڈے کی شادی میں گڑیا کو دلہن بناتی ہیں اس عمر میں رحیم یار خان کی دو معصوم کلیوں کو خود دلہن بنادیا گیا۔اطلاعات کے مطابق تھانہ سبزل کی حدود میں دو بہنوں نو سالہ آمنہ اور سات سالہ فرزانہ کا نکاح دس سالہ گل حسن اور آٹھ سالہ بیربل سے طے پایا تھا۔

    پولیس نے موقع پر پہنچ کر بچیوں کو ونی ہونے سے بچالیا اور واقعےمیں ملوث پانچ ذمہ داروں کو بھی دھرلیا۔