کراچی : فیڈرل بی ایریا میں تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار باپ زخمی جبکہ بیٹی اور بیٹا جاں بحق ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں بے لگام اور خونی ڈمپروں کے حادثات تھمنے کا نام نہیں لے رہے۔
ایف بی ایریا میں ایک اور خوفناک حادثہ پیش آیا ہے جس میں ایک تیز رفتار خونی ڈمپر نے باپ اور اس کے دو بچوں کو کچل ڈالا۔
14سالہ بیٹا احمد رضا اور 22 سالہ بیٹی ماہ نور اپنے والد کے ساتھ موٹر سائیکل پر جارہے تھے کہ ڈمپر تلے کچلے گئے۔
حادثے میں دونوں بہن بھائی نے موقع پر جان دے دی، جبکہ والد کو شدید چوٹیں آئیں، جاں بحق ہونے والے بیٹا بیٹی کی لاشیں اور زخمی والد کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
مزید پڑھیں : کراچی میں خونی ڈمپر نے ایک اور موٹرسائیکل سوار کو کچل ڈالا
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی میں نیشنل ہائی وے ملیر کورٹ کے قریب خونی ڈمپر نے ایک موٹرسائیکل سوار کو کچل ڈالا تھا، تاہم حادثے کے بعد ڈمپر ڈرائیو فرار ہوگیا جسے بعد ازاں گرفتار کرلیا گیا تھا۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے بعد مشتعل افراد نے ڈمپر پر پتھراؤ اور ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنایا، اور وہاں سے گزرنے والے مزید 6 ڈمپروں کو آگ لگا دی۔