Tag: dumpers

  • کسی کو بھی ڈمپرز یا ہیوی گاڑیوں کو جلانے کی اجازت نہیں ہے، وزیر داخلہ سندھ

    کسی کو بھی ڈمپرز یا ہیوی گاڑیوں کو جلانے کی اجازت نہیں ہے، وزیر داخلہ سندھ

    کراچی: وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے ڈمپر حادثات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ کسی کو بھی ڈمپرز یا ہیوی گاڑیوں کو جلانے کی اجازت نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نارتھ کراچی پاور ہاؤس چورنگی پر ڈمپر کی موٹر سائیکل کو ٹکر سے ایک شخص زخمی ہونے پر مشتعل افراد نے مختلف علاقوں میں 10 ہیوی گاڑیوں کو آگ لگا دی ہے۔

    وزیر داخلہ سندھ نے گاڑیوں کو آگ لگائے جانے کا نوٹس لے لیا ہے، ضیا لنجار نے کہا ڈمپرز حادثات میں ملوث ڈرائیورز کو گرفتار کرنے کے واضح احکامات ہیں، کسی کو بھی ڈمپرز یا ہیوی گاڑیوں کو جلانے کی اجازت نہیں ہے، جو بھی شہر کا امن خراب کرنے اور دہشت پھیلانے میں ملوث ہے گرفتار کیا جائے گا۔


    نارتھ کراچی حادثہ : مشتعل افراد نے 10 ٹرک اور ڈمپروں کو جلا دیا


    ضیا الحسن لنجار نے کہا پولیس کو گاڑیاں جلانے والے تمام افراد کو گرفتار کرنے کے احکامات دیے ہیں، سہراب گوٹھ احتجاج سے متعلق پولیس کو ہدایات دے دی ہیں۔

    واضح رہے کہ کراچی میں رات گئے مشتعل افراد نے 5 ڈمپرز سمیت 10 گاڑیوں کو آگ لگا دی ہے، نارتھ کراچی پاور ہاؤس چورنگی پر ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار زخمی ہو گیا تھا، پولیس کے مطابق ڈمپر ڈرائیور ناگن چورنگی سے مختلف گاڑیوں کو ٹکریں مارتا ہوا آ رہا تھا، حادثے کے بعد مشتعل افراد نے پاور ہاؤس کے قریب پانچ ڈمپروں کو آگ لگائی۔

    مدیحہ اسٹاپ پر پانی کے 3 ٹینکروں اور ٹرک کو بھی آگ لگائی گئی، سرجانی ٹاؤن بابا موڑ پر بھی ٹینکر نذر آتش کیا گیا، مشتعل افراد نے ڈمپر مافیا کے خلاف احتجاج بھی کیا، جسے پولیس نے منتشر کر دیا، دوسری طرف گاڑیاں جلائے جانے پر ڈمپر مالکان نے بھی احتجاج کیا، جسے پولیس سے مذاکرات کے بعد ختم کر دیا گیا۔

  • چنیوٹ میں ڈمپرز کے داخلے پر پابندی کے ثمرات سامنے آ گئے

    چنیوٹ میں ڈمپرز کے داخلے پر پابندی کے ثمرات سامنے آ گئے

    چنیوٹ: پنجاب کے شہر چنیوٹ میں ڈمپرز کے داخلے پر پابندی کے ثمرات سامنے آ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق چنیوٹ میں ضلعی انتظامیہ نے لاہور روڈ پر ڈمپرز کے داخلے پر پابندی لگا دی تھی، جس کے بعد حادثات میں نمایاں کمی آ گئی ہے۔

    چنیوٹ لاہور روڈ پر ہیوی ٹریفک، ہیوی لوڈرز، ڈمپرز کے داخلے پر پابندی کے دور رس نتائج سامنے آنے لگے ہیں، ریسکیو کے مطابق پابندی کے بعد 20 روز کے دوران ایک بھی بڑا حادثہ رونما نہیں ہوا۔

    پابندی سے قبل روزانہ ڈمپرز کی ٹکڑ سے حادثات رونما ہوتے تھے، اہل علاقہ نے پابندی برقرار رکھنے کا مطالبہ کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر صفی اللہ گوندل کہتے ہیں کہ نئی سڑک کو ٹوٹ پھوٹ سے بچانے اور حادثات کی روک تھام کے لیے پابندی عائد کی گئی تھی، جس سے مثبت نتائج سامنے آئے۔

    کراچی : بس کی ٹکر سے زخمی خاتون اسپتال پہنچ کر چل بسی

    شہریوں نے مطالبہ کیا کہ اوور لوڈنگ کرنے والے ڈمپرز کے خلاف مزید سخت کارروائی کی جائے، تاکہ انفراسٹرکچر تباہ ہونے سے بچایا جا سکے۔

    واضح رہے کہ کراچی میں ڈمپرز اور ٹرکوں اور دیگر گاڑیوں کی تیز رفتاری کے باعث آئے روز افسوس ناک حادثات ہو رہے ہیں، اور رواں برس چالیس دن میں 100 شہریوں کی قیمتی جانیں ضائع ہو گئی ہیں، لیکن سندھ کی انتظامیہ کی جانب سے تاحال سخت اقدامات نہیں کیے۔

  • پے در پے حادثات کے بعد کراچی میں ڈمپرز کے خلاف ایکشن

    پے در پے حادثات کے بعد کراچی میں ڈمپرز کے خلاف ایکشن

    کراچی: پے در پے حادثات کے بعد کراچی میں ڈمپرز کے خلاف ایکشن لیے جانے کی امید پیدا ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن سندھ مکیش کمار چاؤلہ نے کراچی میں ڈمپرز کے خلاف نوٹس لے لیا ہے، صوبائی وزیر کی ہدایت پر سیکریٹری ایکسائز و ٹیکسیشن کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس منعقد کیا گیا۔

    مکیش کمار چاؤلہ نے ہدایت کی ہے کہ کراچی میں تمام غیر قانونی و غیر رجسٹرڈ ڈمپرز کو فوری ضبط کیا جائے، کیوں کہ سڑکوں پر دندناتے غیر رجسٹرڈ ڈمپرز انسانی جانوں کے ضیاع کا باعث بن رہے ہیں۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس کے اشتراک سے غیر رجسٹرڈ ڈمپرز کے خلاف لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔ مذکورہ اجلاس میں ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور ڈائریکٹر نارکوٹکس کنٹرول و دیگر بھی شریک تھے۔

    ادھر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے دھمکی دی ہے کہ کراچی میں قاتل ڈمپروں کو لگام نہ دی گئی تو ’’میں انتہائی اقدام پر مجبور ہوں گا۔‘‘ گورنر سندھ نے کراچی میں آئے روز ڈمپروں اور ٹریفک کے دیگر حادثات میں شہریوں کی بہت زیادہ اموات پر سخت رد عمل دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ ’’صرف کراچی ہی میں ڈمپروں کے کچلنے کے اس قدر واقعات کیوں ہو رہے ہیں؟‘‘

    سال 2025 کی شروعات میں ٹریفک حادثات کی بھرمار، وجہ کیا ہے؟

    واضح رہے کہ آج ملیر ہالٹ کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے 3 موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا ہے، ایک رپورٹ کے مطابق کراچی میں سال 2025 کے صرف 35 روز میں 83 شہری تیز رفتار گاڑیوں کے نیچے کچل کر جاں بحق جب کہ 1 ہزار 220 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔