Tag: during practice session

  • بھارتی ٹیم کو دھچکا : ویرات کوہلی انجری کا شکار ہوگئے

    بھارتی ٹیم کو دھچکا : ویرات کوہلی انجری کا شکار ہوگئے

    دبئی : بھارتی ٹیم کے مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میچ سے قبل نیٹ پریکٹس کے دوران انجری کا شکار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے معروف بلے باز ویرات کوہلی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل سے قبل آئی سی سی اکیڈمی میں نیٹ پریکٹس کے دوران زخمی ہوگئے۔

    نیٹ پریکٹس کے دوران ویرات کوہلی کے گھٹنے کے قریب زور دار گیند لگ گئی جس کی وجہ سے ان کو فوری طور پر ٹریننگ چھوڑنا پڑی، فزیو تھراپسٹ نے اسٹار بیٹر کے گھٹنے کے قریب اسپرے کیا اور پٹی باندھی۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق کوہلی کو اگرچہ معمولی تکلیف محسوس ہوئی لیکن وہ گراؤنڈ میں ہی موجود رہے اور ٹیم کے بقیہ پریکٹس سیشن کو دیکھتے رہے۔

    اس حوالے سے بھارتی کوچنگ اسٹاف نے تصدیق کی ہے کہ چوٹ زیادہ سنگین نہیں ہے اور ویرات کوہلی فائنل میچ کے لیے مکمل فٹ ہوں گے۔

    بھارت اور نیوزی لینڈ کا فائنل

    اتوار 9 مارچ کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا فائنل بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا، جو ویرات کوہلی اور روہت شرما کے لیے ممکنہ طور پر آخری بڑا ون ڈے ایونٹ ہو سکتا ہے۔

    36سالہ ویرات کوہلی اور 37 سالہ کپتان روہت شرما نے اس ٹورنامنٹ میں ایسے وقت شرکت کی جب ان کے ریٹائرمنٹ سے متعلق قیاس آرائیاں عروج پر ہیں۔

    دونوں بھارتی کھلاڑی 15 سال سے زائد عرصے تک بھارتی ٹیم کے اہم ستون رہے ہیں، وہ گزشتہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے کے بعد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق یہ چیمپئنز ٹرافی شاید ان کا آخری ون ڈے ٹورنامنٹ ہو کیونکہ اگلا 50 اوورز کا ورلڈ کپ 2027 میں کھیلا جائے گا۔