Tag: dust storm

  • کویت، سعودی عرب اور اردن میں گردو غبار کا طوفان

    کویت، سعودی عرب اور اردن میں گردو غبار کا طوفان

    کویت، سعودی عرب اور اردن کے کئی علاقوں کو گردو غبار کے طوفان نے متاثر کیا ہے، کویت میں خراب موسم کے باعث تین پروازوں کو دمام میں اتارا گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گردو غبار کے طوفان باعث کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حفاظی اقدامات کے تحت پروازوں کو دمام جانے کی ہدایت کی گئی۔

    کویتی سول ایوی ایشن کے مطابق مسافروں کی سلامتی کے پیش نظر احتیاطی اقدامات کے تحت مصر کے شہر قاہرہ اور اسیوط سے کویت آنے والی پروازوں کو دمام روانہ کیا گیا۔

    واضح رہے ان دنوں کویت میں موسم شدید غبار آلود ہے جس سے حد نگاہ متاثر ہوتی ہے، ہوا کی رفتار بھی 35 ناٹیکل میل (70 کلو میٹر فی گھنٹہ) سے زائد ہے جس کی وجہ سے حد نگاہ بھی 300 میٹر سے کم تھی۔

    خراب موسمی حالات کے باعث کویت کی پورٹس اتھارٹی نے بندرگاہوں پر آپریشن عارضی طور پر معطل کردیے ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ عراق کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں شدید ریت کا طوفان آنے کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہوگیا تھا، سانس میں تکلیف کے باعث ہزاروں افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ جبکہ بصرہ اور نجف کے ہوائی اڈوں کو بند کردیا گیا تھا۔

    ترجمان سیف البدَر کے مطابق اسپتالوں میں لائے گئے زیادہ تر مریضوں کو گردوغبار کے باعث سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا، تاہم کسی کے مرنے کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

    مدینہ منورہ میں آپریشنز سینٹر 911 کا افتتاح

    رپورٹس کے مطابق شہری ماسک پہن کر سنسان سڑکوں پر چلتے نظر آئے۔ ہوا میں گرد اتنی شدید تھی کہ نظریں بمشکل ایک کلومیٹر سے آگے دیکھ سکتی تھیں۔

  • عراق سے گرد و غبار کا طوفان سعودی عرب پہنچ گیا

    عراق سے گرد و غبار کا طوفان سعودی عرب پہنچ گیا

    سعودی عرب کے محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں سے ہوتا ہوا گرد و غبار کا طوفان نجران پہنچ گیا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گرد و غبار کے طوفان کے باعث محکمہ تعلیم ریجن کے تمام سکولوں میں تدریسی عمل متاثر ہوا ہے، گزشتہ روزطلبہ اور اساتذہ کی سلامتی کے لیے تدریسی عمل آن لائن انجام دیا گیا۔

    محکمہ شہری دفاع نے تمام رہائشیوں کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے بلا ضرورت گاڑی پر سفر کرنے سے منع کیا ہے۔ بالائی علاقوں میں بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

    سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع کا کہنا ہے کہ گرد وغبار کے طوفان سے مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، الباحہ، عسیر، ریاض، قصیم اور مشرقی ریجن بھی متاثر ہوں گے۔ مذکورہ علاقوں میں مطلع گرد آلود رہے گا اور حد نگاہ متاثر ہوگی جبکہ بالائی علاقوں میں ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز عراق کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں شدید ریت کا طوفان آنے کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہوگیاتھا، سانس میں تکلیف کے باعث ہزاروں افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ جبکہ بصرہ اور نجف کے ہوائی اڈوں کو بند کردیا گیا۔

    عراقی وزارت صحت کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ دارالحکومت بغداد میں 1,014 افراد، جب کہ المُثنّی صوبے میں 874 مریض لائے گئے۔

    ترجمان سیف البدَر کے مطابق اسپتالوں میں لائے گئے زیادہ تر مریضوں کو گردوغبار کے باعث سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے، تاہم کسی کے مرنے کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

    رپورٹس کے مطابق شہری ماسک پہن کر سنسان سڑکوں پر چلتے نظر آئے۔ ہوا میں گرد اتنی شدید تھی کہ نظریں بمشکل ایک کلومیٹر سے آگے دیکھ سکتی تھیں۔

    عراق میں ریت کا طوفان، ہوائی اڈے بند

    ماہرین کا کہنا ہے کہ عراق میں ریت کے طوفان آنا معلوم کی بات ہے، مگر ماحولیاتی تبدیلی اور صحراؤں کے پھیلاؤ کے باعث ان کی شدت اور تعداد مزید بڑھ رہی ہے، اقوام متحدہ نے عراق کو ماحولیاتی تبدیلی سے متاثرہ پانچویں سب سے زیادہ کمزور ملک قرار دیا ہے۔

  • ویڈیو: ہنگری کی ہائی وے پر اچانک گرد و غبار کے طوفان سے دل دہلا دینے والا حادثہ

    ویڈیو: ہنگری کی ہائی وے پر اچانک گرد و غبار کے طوفان سے دل دہلا دینے والا حادثہ

    بڈاپسٹ: ہنگری کی ایک ہائی وے پر گرد و غبار کے طوفان سے لوگ خوف زدہ ہو گئے، اچانک طوفان نے ایک دل دہلا دینے والے حادثے کو جنم دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ہنگری کی ہائی وے کی ایک خوفناک فوٹیج سامنے آئی ہے جس میں 42 گاڑیوں کا ڈھیر نظر آتا ہے، دراصل دارالحکوت بڈاپسٹ کی ہائی وے پر مٹی کا طوفان آنے کے بعد ڈرائیورز کی جان پر بن آئی تھی اور 42 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، جس سے ایک شخص ہلاک اور 10 بچوں سمیت 39 افراد زخمی ہو گئے۔

    بڈاپسٹ میں موسم نے اچانک کروٹ بدلی اور تیز ہواؤں کے ساتھ اڑتی ریت، دھول مٹی سے نظام زندگی درہم برہم ہو گیا، ایم وَن موٹر وے پر گَرد کے طوفان کی وجہ سے راستہ اتنا دھندلا گیا تھا کہ حد نگاہ صفر ہو گئی تھی۔

    گرد و غبار کے طوفان نے لوگوں کو خوف زدہ کر دیا تھا، حکام کی جانب سے احتیاط برتنے کی وارننگ بھی جاری کی گئی۔

    یہ واقعہ 11 مارچ کو پیش آیا، اس خوفناک تصادم میں پانچ لاریاں اور 37 کاریں آپس میں ٹکرائیں، مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق 44 سالہ شخص جو ملبے کے درمیان سے مردہ پایا گیا تھا، کو حادثے کے بعد اگلی صبح تلاش کیا جا سکا تھا۔

    39 زخمیوں میں 10 بچے بھی شامل ہیں جب کہ 19 گاڑیاں اتنی خوف ناک طور سے تباہ ہوئیں کہ قابل مرمت نہیں رہی ہیں، دو افراد کو ایسے زخم آئے ہیں کہ ان کا بچنا بہت مشکل ہے، جب کہ مزید 12 کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔

  • عراق میں مٹی کا طوفان ،  آسمان نارنجی  رنگ میں تبدیل

    عراق میں مٹی کا طوفان ، آسمان نارنجی رنگ میں تبدیل

    عراق : بغداد اور سمیت مختلف شہروں میں مٹی کے طوفان کے باعث آسمان نارنجی اور پیلے رنگ میں تبدیل ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق عراق کا دارالحکومت بغداد اورنجف سمیت مختلف شہر نارنجی اورپیلے گرد کے غبار اوربادلوں سے ڈھک گئے۔

    مٹی کے طوفان سے عراق کے چھ صوبوں میں معمول کی زندگی مفلوج ہوگئی جبکہ ایک شخص جاں بحق اور پانچ ہزار افراد اسپتال میں داخل ہوگئے۔

    حکام نے لوگوں کو گھروں سے باہرنہ نکلنے کی ہدایت کردی ہے، وزیر ماحولیات نے وارننگ دی ہے کہ عراق کو 272 دنوں تک مٹی کے طوفان کا سامنا کرنا پڑسکتاہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایک ماہ میں ساتویں بار مٹی کا طوفان آنے سے ہزاروں افراد سانس لینے میں دشواری کا سامنا کررہے ہیں۔

    وزیرصحت سیف البدرکا کہنا ہے کہ طوفان سے ایک شخص ہلاک ہوگیا جبکہ پانچ ہزارسے زائد افراد کوسانس لینے میں دشواری کے باعث اسپتال میں داخل کرنا پڑا۔

    محکمہ صحت کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ صوبہ الانبار کے اسپتالوں میں 700 سے زیادہ مریضوں کو لایا گیا جبکہ وسطی صوبہ صلاح الدین میں 300 سے زیادہ جبکہ وسطی صوبے دیوانیہ اور دارالحکومت بغداد کے جنوب میں واقع صوبہ نجف میں سے ہر ایک میں 100 کے قریب کیسز ریکارڈ کیے گئے۔

  • تیز آندھی ، محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کو خبردار کردیا

    تیز آندھی ، محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کو خبردار کردیا

    کراچی : محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کراچی میں آج شام پھر تیز آندھی چلنے کا امکان ہے تاہم موسم گرم، مرطوب اور مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں موسم گرم، مرطوب اور مطلع جزوی ابرآلود رہے گا، آج شام کے وقت تیزہواؤں کےساتھ ہلکی بارش کاامکان ہے ۔

    کراچی کاموجودہ درجہ حرارت30ڈگری سینٹی گریڈ اور ہوا میں نمی کاتناسب74فیصد ہے،آج زیادہ سےزیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری تک جاسکتا ہے۔

    دوسری جانب ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اورخشک ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی پنجاب،خیبرپختونخوا،شمال مشرقی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ سندھ کے اضلاع میں بھی بعض مقامات پرگردآلود ہوائیں چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں مٹی کا طوفان، تین جاں بحق، 15 زخمی

    یاد رہے گذشتہ روز کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ مٹی کا طوفان آیا تھا ، جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق جبکہ 15 لوگ زخمی ہوگئے تھے۔

    کراچی میں طوفان کے بعد کھمبے اور درخت بھی اکھڑ گئے ، مکان کی دیوار اور چھت گرنے کے واقعات پیش آئے جبکہ طوفان کے بعد حد نگاہ 6 کلومیٹر سے کم ہوکر صرف 500 میٹر رہ گئی، غیر متوقع آندھی کی وجہ سے ایئرپورٹ پر ہنگامی اقدامات کیے گئے۔

  • کراچی میں 28 سے30 جولائی کے دوران موسلادھار بارش کا امکان

    کراچی میں 28 سے30 جولائی کے دوران موسلادھار بارش کا امکان

    کراچی : محکمہ موسمیات نے بارش کے نئے بننے والے سسٹم سے کراچی میں 28 سے 30 جولائی کے دوران موسلادھار بارش کی پیش گوئی کردی جبکہ کراچی میں آج دوپہر کے وقت گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کو اٹھائیس جولائی سےتیزبارشوں کی نوید سنادی، راجستھان سے آنے والابارش کا نظام ستائیس جولائی کوکراچی میں داخل ہوگا، نظام کےباعث کراچی سمیت سندھ میں تیز بارشیں ہوں گی۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کراچی سمیت سندھ میں اٹھائیس سے تیس جولائی کے دوران مون سون کی کی پہلی موسلادھار بارش کا امکان ہے جبکہ آج بھی موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم دوپہر کے وقت گرد آلود ہوائیں چلنے اور بونداباندی کاامکان ہے۔

    کراچی شہر کا موجودہ درجہ حرارت 33 سینٹی گریڈ اور ہوا میں نمی کا تناسب 60 فیصد اور 26 کلو میٹر کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔

    دوسری جانب شمالی علاقوں اور بالائی پنجاب میں موسلادھاربارشوں کانیا سلسلہ شروع ہورہا ہے، جو ہفتے کے روز تک جاری رہے گا۔

    محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، سرگودھا، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ہزارہ ، مالاکنڈ، پشاور، مردان اور کشمیرمیں اکثر مقامات پر تیزہواؤں اورگرج چمک کیساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے جبکہ برساتی نالوں میں طغیانی کاخدشہ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ کی وارننگ بھی جاری کردی ہے۔

  • کراچی میں گرد آلود تیز ہوائیں، حد نگاہ شدید متاثر ہوکر ایک کلومیٹر رہ گئی

    کراچی میں گرد آلود تیز ہوائیں، حد نگاہ شدید متاثر ہوکر ایک کلومیٹر رہ گئی

    کراچی : مختلف علاقوں میں گرد آلود تیز ہواؤں کے باعث حد نگاہ شدید متاثر ہوکر1کلومیٹر رہ گئی، مختلف علاقوں میں بوندا باندی بھی ہوئی، گردو غبار کے باعث ہر شے دھول مٹی سے بھر گئی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے اپنے اعلامیہ میں کہا ہے کہ بلوچستان اور سندھ میں بارش برسانے والا سسٹم شہر کراچی سے گزر رہا ہے جس کے باعث مختلف علاقوں میں گردآلود تیزہوائیں چل رہی ہیں۔

    شہر کے مختلف علاقوں ائیرپورٹ، حیدری، ناظم آباد، ایف بی ایریا اور دیگر مقامات میں گرد آلود ہوائیں چل رہی ہیں، محکمہ موسمیات کے مطابق گرد آلود ہواؤں کے سبب حد نگاہ شدید متاثر ہوکرصرف ایک کلومیٹر رہ گئی۔

    شہر کا موجودہ درجہ حرارت29 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، مغربی سسٹم کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی بھی ہوئی ہے، کراچی میں15کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے، تیزاور گرد آلود ہواؤں کا سلسلہ ہفتہ کی دوپہر تک جاری رہے گا۔

  • دبئی آئندہ دو روز گرد کے طوفان کی لپیٹ میں رہے گا

    دبئی آئندہ دو روز گرد کے طوفان کی لپیٹ میں رہے گا

    دبئی: متحدہ عرب امارات میں آئندہ دو دنوں میں مٹی کا شدید طوفان اور گرد آلود بادل چھائے رہنے کا امکان ہے ، ساتھ ہی ساتھ درجہ حرارت میں بھی کمی واقع ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی کے محکمہ موسمیات نے اپنے روز مرہ کی موسمی پیشن گوئیوں میں کہا ہے کہ خلیج عرب میں تند و تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے جس سے سمندر کی صورتحال نا گفتہ ہوجائے گی۔ بتایا جارہا ہے کہ 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔

    محکمہ موسمیات نے سمندر میں شوقیہ جانے والے افراد کو تنبیہہ کی ہے کہ ان دنوں میں سمندر کا غیر ضروری سفر کرنے سے اجتناب کیا جائے اور اگر جائیں تو ہر ممکن احتیابی تدابیر استعمال کریں۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مقامی وقت کے مطابق آج شام 4 بجے تک سمندر کی موجوں میں تندی رہے گی ، چھ سے آٹھ فٹ اونچی لہریں اٹھنے کا امکان ہے جبکہ یہ اونچائی دس فٹ تک بھی جاسکتی ہے۔

    ان ہواؤں کے سبب شہر کا موسم گرد آلود اور ابر آلود رہے گا جبکہ درجہ حرارت میں بھی واضح کمی واقع ہوگی اور یہ سلسلہ بدھ کو بھی جاری رہے گا۔ یو اے ای کے درجہ حرارت میں گزشتہ ہفتے کے روز معمولی اضافہ دیکھا گیا تھا۔

    امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ساحلی علاقوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28-31 سینٹی گریڈ رہے گا جبکہ کم از کم 20-23 سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ ملک کے پہاڑی علاقوں میں درجہ حرارت کم از کم 17 اور زیادہ سے زیادہ 27 رہے گا۔

    گرد آلود ہواؤں اور مٹی کے طوفان کےسبب سڑکوں پر حد نگاہ انتہائی کم ہوجائے گی اور گرد کا یہ طوفان جمعرات تک جاری رہے گا، تاہم جمعرات سے تیز ہواوں کا زور ٹوٹنا شروع ہوگا جس سے خلیج عرب اور بحیرہ عمان میں صورتحال معمول پر آجائے گی۔

  • بھارت میں گردوغبار کے طوفان ، بارش اور آسمانی بجلی  نے تباہی مچادی، 125 افراد ہلاک

    بھارت میں گردوغبار کے طوفان ، بارش اور آسمانی بجلی نے تباہی مچادی، 125 افراد ہلاک

    نئی دہلی : بھارتی ریاستوں راجستھان اور اتر پردیش میں گرد و غبارکے طوفان، موسلادھار بارش اور آسمانی بجلی نے تباہی مچادی، مرنے والوں کی تعداد ایک سو پچیس ہوگئی جبکہ تین سو سے زائد زخمی ہیں، طوفان تھمنے کے بعد امدادی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گرد کے طوفان اور تیز بارشوں سے بھارت کی مغربی و شمالی ریاستوں میں تباہی مچ گئی، مکانات کی چھتیں اڑ گئیں، درخت اکھڑ گئے، ٹریلر الٹ گئے، اتر پردیش کے دیگر شہروں اور راجستھان میں بھی طوفان کے سبب بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔

    مختلف علاقوں میں تیز ہواوں کے باعث بجلی کا نظام درہم برہم ہوا، لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہوگئے، گرد وغبار کے باعث کئی شہروں میں خطرناک ٹر یفک حادثات بھی ہوئے۔

    زیادہ تر ہلاکتیں آسمانی بجلی اور چھتیں گرنے سے ہوئیں۔


    مزید پڑھیں : بھارت میں ریت کا طوفان


    بھارتی ریاست راجستھان اور اتر پردیش میں ہر طرف پھیلی گرد وغبار کے باعث سانس لینا مشکل ہوگیا جبکہ طوفان تھمنے کے بعد امدادی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

    اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی ادیتھ ناتھ نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ امدادی کارروائیوں کی نگرانی کریں جبکہ حکام نے عوام کوبلاضرورت باہرنہ نکلنے اورگھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔

    حکام کا کہنا ہے گرد و غبارکے طوفان سے راجستھان کے تین اضلاع الور، بھرت پور اور دھول پور زیادہ متاثر ہوئے، الور سب سے زیادہ متاثر ہوا، اس ضلعے میں اسکول بند کر دیے گئے ہیں۔


    مزید پڑھیں :  بھارت میں 13گھنٹے کے دوران بجلی گرنے کے 36 ہزار واقعات


    حکام نے آئندہ دنوں میں مزید ہلاکتوں کے خدشے کا اظہار کیا ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے مزید طوفانوں کی پیشن گوئی کی ہے۔

    یاد رہے چند روز قبل بھارت کی جنوبی ریاست آندھرا پردیش میں صرف 13 گھنٹوں کے دوران 36 ہزار سے زائد آسمانی بجلی گرنے کے واقعات ریکارڈ کیے گئے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سعودی عرب میں مٹی کا شدید طوفان، ویڈیوز وائرل

    سعودی عرب میں مٹی کا شدید طوفان، ویڈیوز وائرل

    ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت میں آنے والے غیر متوقع مٹی کے طوفان نے شہریوں کو خوفزدہ کردیا جس کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے دارلحکومت ریاض اور  مشرقی حصے کے مختلف علاقوں میں جمعرات کے روز اچانک مٹی کا طوفان آیا جس کے باعث شہری خوفزدہ ہوگئے۔

    شہر میں طوفان کی وجہ سے گردوغبار پھیل گیا جس کے باعث شہری گھروں میں محصور ہوئے اور شہر نے اچانک خاموشی کی چادر اوڑھ لی، کسی بھی ممکنہ حادثے کے پیش نظر پولیس نے موٹرویز پر گاڑیوں کی آمد و رفت بھی بند کردی۔

    سعودی محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ریت کے طوفان کا زور دو روز تک جاری رہے گا اس لیے شہری بلاجواز گھروں سے باہر نہیں نکلیں اور اگر انہیں باحالت مجبوری کہیں جانا پڑے تو احتیاطی تدابیر استعمال کریں۔

    محکمہ موسمیات نے اس بات کا بھی خدشہ ظاہر کیا ہے کہ جمعرات کے روز مشرقی علاقوں میں بننے والا مٹی کا طوفان اب دیگر شہروں کی طرف بڑھ رہا ہے اور یہ آئندہ دنوں میں شدت اختیار کرے گا جس کے اثرات بچوں اور بڑی عمر کے لوگوں کو بہت زیادہ ہوں گے۔

    دوسری جانب محکمہ موسمیات کی پیش گوئی قدرتی معجزے کے آگے ناکارہ ثابت ہوئی کیونکہ طوفان کے مختلف شہروں میں تیز بارش بھی ہوئی جس کے بعد گرمی کا زور ٹوٹا اور موسم خوشگوار ہوا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو اور تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شہر میں ہر طرف گرد و غبار ہے اور دو سے مٹی کا طوفان شہر کی جانب بڑھ رہا ہے۔

    سعودی عرب کے مقامی لوگوں نے جہاں مٹی کے طوفان کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں وہیں بعد میں ہونے والی بارش اور موسمیاتی تبدیلی کے مناظر بھی انٹرنیٹ پر شیئر کیے۔


     خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔