Tag: E-tagging device

  • کراچی میں جرائم پیشہ افراد کی جدید سائنسی طریقے سے 24 گھنٹے نگرانی

    کراچی میں جرائم پیشہ افراد کی جدید سائنسی طریقے سے 24 گھنٹے نگرانی

    کراچی : شہر قائد میں اسٹریٹ کرائم کے خطرناک حد تک اضافے کے پیش نظر سندھ پولیس نے ہزاروں مجرموں پر نظر رکھنے کیلئے ان کو الیکٹرونک ٹیگنگ ڈیوائس (ای ڈیوائس) لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں ڈی آئی جی کرائم اینڈ انویسٹی گیشن برانچ عامر فاروقی نے اس جدید نظام نصب کرنے سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ دیکھا گیا ہے کہ اسٹریٹ کرائم میں ملوث ذیادہ تر مجرمان اپنی سزا مکمل کرنے یا ضمانت کے بعد دوبارہ وارداتیں کرنا شروع کردیتے ہیں جن پر نظر رکھنے کیلئے ای ٹیگنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ ای ٹیگنگ ڈیوائس کے ذریعے نگرانی کا ایک ٹول ہے اور اسے کسی ایسے مجرم یا مشتبہ مجرم کے جسم میں نصب کیا جاسکتا ہے جو ضمانت یا پیرول پر ہے۔

    اس اقدام کا مقصد جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ایسے مجرموں کی مؤثر نگرانی اور شہری علاقوں پر توجہ دینا ہے تاکہ اسٹریٹ کرائمز کی لعنت کو روکا جاسکے۔

    اس ڈیوائس کے ساتھ کسی قسم کی چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کے حوالے سے بھی قانون سازی کی گئی ہے جس کے تحت مقررہ شرائط و ضوابط پر عمل نہ کرنے پر عادی مجرم کے لیے 3 سال قید اور الیکٹرانک ڈیوائس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی صورت میں 10 لاکھ روپے جرمانہ یا 3 سال قید کی سزا مقرر کی گئی ہے۔

  • کراچی: جرائم پیشہ افراد پر کڑی نظر رکھنے کا منصوبہ

    کراچی: جرائم پیشہ افراد پر کڑی نظر رکھنے کا منصوبہ

    کراچی: شہر قائد میں بڑھتے اسٹریٹ کرائمز سے نمٹنے کے لئے سندھ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے سندھ پولیس پاکستان میں پہلی بار ای ٹیگ ٹیکنالوجی استعمال کرےگی، ایڈیشنل آئی جی کراچی نے ای ٹیگنگ ڈیوائس کامسودہ تیار کرلیا ہے۔

    یہ ای ٹیگنگ اسٹریٹ کرائمز کرنے والے، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور فون چھیننے والے، گھروں، بینکوں اور دکانوں میں ڈکیتیاں کرنے والے افراد کی نگرانی کے لیے کی جائے گی۔

    چند روز قبل کراچی پولیس نے سندھ حکومت سے مجرموں کی ای ٹیگنگ کرنے کی سفارش کی تھی اور سات ہزار سے زائد مجرموں کی ای ٹیگنگ کا ایک پلان شیئر کیا تھا،  اے آر وائی نیوز نے اگست 2020 میں ای ٹیگ کی خبر نشر کی تھی۔

    اس حوالے سے ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ اب ملزمان کی مانیٹرنگ کے لیے ای ٹیگنگ اب ناگزیر ہوگئی ہے، وزیراعلی سندھ کا شکریہ انہوں نے ہماری ہر سفارش مان لی، تقریبا 11 ہزار سےزائد ملزمان کوڈیوائس لگائی جائے گی۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی نے بتایا کہ دنیا میں جرم دہرانے والے ملزم کو ای ٹیگنگ کیا جاتا ہے، امریکا یورپ اور خلیجی ممالک میں بھی یہ نظام مشہور ہے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ دنیا کےکسی بڑے شہر کےمقابلے میں کراچی میں جرائم کم ہیں ۔

    قانونی مسودے میں کہا گیا تھا کہ جرم دہرانے پرکم سے کم 2 سال الیکٹرانک ڈیوائس لگائی جائے گی، قانون سازی کے بعد ضمانت صرف حلف نامہ جمع کرانےپر ہوسکےگی، حلف نامےمیں مخصوص علاقےمیں رہنےکی یقین دہانی کرائی جائےگی۔

    اس دوران جی پی ایس کے ذریعے ڈیوائس کی لائیو مانیٹرنگ کی جائے گی اور ملزم کو مخصوص علاقے تک ہی نقل و حرکت کی اجازت ہوگی،ای ڈیوائس سے ملزم بھی جیل کے بجائے گھر پر رہ سکے گا۔