Tag: Earth Day 2021

  • زمین کا دن: گوگل ڈوڈل کس خطرے کی نشاندہی کر رہا ہے؟

    زمین کا دن: گوگل ڈوڈل کس خطرے کی نشاندہی کر رہا ہے؟

    دنیا بھر میں آج ہماری زمین کے تحفظ اور اس سے محبت کا شعور اجاگر کرنے کے لیے عالمی یوم ارض یعنی زمین کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔

    عالمی یوم ارض سب سے پہلے سنہ 1970 میں منایا گیا۔ یہ وہ دور تھا جب تحفظ ماحولیات کے بارے میں آہستہ آہستہ شعور اجاگر ہو رہا تھا اور لوگ فضائی آلودگی اور دیگر ماحولیاتی خطرات کا بغور مشاہدہ کر رہے تھے۔

    گوگل ڈوڈل میں چھپا خطرہ

    رواں برس یوم ارض کے موقع پر ایک خاص گوگل ڈوڈل پیش کیا گیا ہے۔

    گوگل ڈوڈل پر بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور موسمیاتی تغیرات یعنی کلائمٹ چینج کے خطرے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے گوگل ارتھ سے لی گئی ٹائم لیپس تصاویر جاری کی گئی ہیں۔

    اس ڈوڈل میں موجود تصاویر میں 4 مقامات پر کلائمٹ چینج سے ہونے والے اثرات کو دکھایا گیا ہے۔

    پہلی تصویر افریقی ملک تنزانیہ کے پہاڑ ماؤنٹ کلی منجارو کی سنہ 1986 سے 2020 تک کی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ برف سے ڈھکے گلیشیئر کا حجم کس طرح کم ہوتا گیا۔

    دوسری تصویر گرین لینڈ کی ہے جہاں کی برف سنہ 2000 سے 2020 کے دوران خطرناک حد تک پگھلی۔

    تیسری تصویر آسٹریلیا میں واقع دنیا کے سب سے بڑے مونگے کے چٹانی حصے گریٹ بیریئر ریف کی ہے جس میں سنہ 2016 کے صرف 3 ماہ میں چٹانوں کو بے رنگ ہوتے دیکھا جاسکتا ہے، اس عمل کو بلیچنگ کا عمل کہا جاتا ہے اور اس کی وجہ سمندری پانی کا گرم ہونا ہے جو سمندری حیات کے لیے سخت نقصان دہ ہے۔

    آخری تصویر جرمنی کے ہرز جنگلات کی ہے جہاں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور خشک سالی کی وجہ سے سنہ 1995 سے 2020 کے دوران جنگلات کے رقبے میں تشویشناک کمی واقع ہوئی۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ کلائمٹ چینج کے ہولناک خطرے سے نمٹنے کے لیے فوری طور پر کام شروع کرنا ہوگا ورنہ ہماری زمین رہنے کے لیے ناقابل ہوجائے گی۔

  • عالمی یوم ارض پر گوگل کا خصوصی ویڈیو ڈوڈل جاری

    عالمی یوم ارض پر گوگل کا خصوصی ویڈیو ڈوڈل جاری

    کراچی : دنیا بھر میں آج یوم ارض (ارتھ ڈے) منایا جارہا ہے، زمین کے تحفظ کے عالمی دن پر گوگل نے بھی خصوصی وڈیو ڈوڈل متعارف کروا دیا، رواں برس کی تھیم "ری سٹورنگ ارتھ” یا زمین کے قدرتی ماحول کی بازیابی رکھی گئی ہے۔

    گزشتہ51 سال سے دنیا بھر میں 22 اپریل کو "ارتھ ڈے” منایا جاتا ہے تاکہ زمین کو درپیش ماحولیاتی خطرات کی آگاہی پیدا کی جا سکے۔ یومِ ارض کے موقع پر دنیا بھر میں ماحولیاتی تحفظ کا شعور اجاگر کرنے کے لیے تقاریب منعقد کی جاتی ہیں۔

    یہ دن پہلی بار 1970میں منایا گیا تھا اور اب ہر سال ارتھ ڈے نیٹ ورک کے زیرِ اہتمام 192 سے زائد ممالک میں اسے منایا جاتا ہے۔ زمین کے قدرتی نظام کو درپیش خطرات سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کا آغاز سال 1962 میں ماڈرن انوائرمینٹل موومنٹ سے ہوا تھا جب اقوام عالم اندھا دھند صنعتیں قائم کر رہی تھی۔

    جس کے باعث عالمی درجۂ حرارت میں اضافہ ہونا شروع ہو گیا اور بڑھتی ہوئی موسمی تبدیلیوں کے باعث زمین کے کئی علاقے متاثر ہونے لگے۔ اس مقصد کے لیے ہر برس یوم الارض منایا جانے لگا۔ رواں برس کے ارتھ ڈے کا موضوع ” زمین کے قدرتی نظام کی بازیابی” ہے۔

     دنیا کے معروف ترین سرچ انجن گوگل اپنا لوگو جسے ڈوڈل کہا جاتا ہے ہر اہم موقع کی مناسبت سے بدلتا ہے، اس بار گوگل نے ارتھ ڈے کے موقع پر اینیمیٹیڈ ویڈیو ڈودل سے سب کو اس دنیا کی حفاظت اور خوبصورتی میں اضافے کا پیغام دے دیا۔

    ہر سال اس دن پر دنیا بھرمیں زمین اور ماحولیات کی حفاظت کیلئے پروگرامز کا انعقاد کیا جاتا ہے جبکہ مقامی کمیونٹیز اپنے اپنے علاقوں میں صفائی کرکے اس دن کی اہمیت اجاگر کرتی ہیں۔ بہت سی تنظیمیں شہر میں ساحل سمندر، دریاؤں یا دیگر قدرتی مقامات پرجا کر صفائی کا کام کرکے زمین کو صاف ستھرا رکھنے کی کوششوں میں اپنا حصہ ادا کرتی ہیں۔