Tag: Earth quake

  • کیپٹن صفدر نے اپنے حلقے کے زلزلہ متاثرین کی خبر تک نہیں لی

    کیپٹن صفدر نے اپنے حلقے کے زلزلہ متاثرین کی خبر تک نہیں لی

    ہزارہ ڈویژن : حالیہ زلزلہ کے باعث سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ہزارہ ڈویژن کے ضلع تورغر سے منتخب ممبر قومی اسمبلی اور وزیر اعظم پاکستان نواز شریف کے داماد کپٹن صفدر زلزلہ کے چار روز بعد بھی متاثرین کی داد رسی کیلئے اپنے حلقہ نہیں گئے۔

    دوہزار تیرہ کے عام انتخابات میں کپٹن صفدر کوضلع تورغر کے عوام نے بھاری اکثریت سے کامیاب کروایا تھا۔ ہزارہ ڈویثرن میں اموات کی تعداد 44 جبکہ زخمیوں کی تعداد270 تک پہنچ گئی۔

    ضلع تورغر میں زلزلہ کے باعث بیس افراد جاں بحق ہوئے جبکہ تین سو سے زائد مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گے۔

    اس حلقہ این اے اکیس سے پی ایم ایل ن کے منتخب ممبر قومی اسمبلی کپٹن صفدر نے نہ تو علاقہ کا چار روز بعد بھی دور ہ کیا اور نہ ہی وزیر اعظم پاکستان نواز شریف کو اپنے حلقہ میں بھیجا،متاثرین زلزلہ کی پریشانی میں نہ تو صوبائی حکومت کا کوئی وزیر اس متاثرہ ضلع گیا اورنہ ہی وہاں سے منتخب وزیر اعظم نواز شریف کے داماد گئے

  • بلاول بھٹو زرداری زلزلہ متاثرین کی عیادت کیلئے پہنچ گئے

    بلاول بھٹو زرداری زلزلہ متاثرین کی عیادت کیلئے پہنچ گئے

    پشاور : بلاول بھٹو بھی زلزے سے متاثرہ افراد کی عیادت کے لئے پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال پہنچ گئے۔

    انھوں نے متاثرہ افراد کیلئے امداد کا بھی اعلان کیا۔ فل پروٹوکول میں جب چیئرمین پیپلز پارٹی زلزلے کی تباہ کاریوں کا جائزہ لینے پشاور پہنچے تو انہیں معلوم نہ تھا اسپتال کے باہر لگی بھیڑ میں سے گو بلاول گو کی آوازیں بھی آجائیں گی۔

    بلاول بھٹو نے پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال کا دورہ کیا تو سید قائم علی شاہ بھی ہمیشہ کی طرح ان کے ہمراہ تھے۔

    بلاول بھٹو نے زخمیوں کی عیادت کی اور متاثر ین کیلئے امداد کا اعلان کیا, دورے کے بعد بلاول بھٹو نےپیپلز پارٹی کے صوبائی جنرل سیکریٹری ہمایوں خان کی رہائش گاہ پرپر یس کانفرنس بھی کی۔

  • اقوام متحدہ کازلزلے میں انسانی جانوں کے ضیاع پراظہارِافسوس، ہرممکن مدد کی پیشکش

    اقوام متحدہ کازلزلے میں انسانی جانوں کے ضیاع پراظہارِافسوس، ہرممکن مدد کی پیشکش

    اسلام آباد: اقوام متحدہ نے پاکستان اور افغانستان میں آنے والے بدخشاں زلزلے کی تباہ کاریوں پراظہارافسوس کرتے ہوئے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔

    اقوامِ متحدہ کے پاکستانی دفتر سے ایک اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کی جانب سے زلزلے سے متاثرہ افراد کو مخاطب کرکے کہا گیا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں اقوام ِ متحدہ اور عالمی برادری پاکستان اور افغانستان کے ساتھ ہے۔

    بان کی مون نے اپنے پیغام میں یہ بھی کہا کہ 2005 میں آنے والے کشمیر کے ہولناک زلزلے کی دسویں سال کے موقع پر آنے والے اس زلزلے نے سانحے کے حزن وملال میں مزید اضافہ کردیا ہے۔

    اپنے پیغام میں انہوں نے حکومتِ پاکستان، افواجِ پاکستان اورعوامِ پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دس سالوں میں پاکستان نے قومی سطح پراس قسم کے سانحات سے نبرد آزما ہونے کی صلاحیت حاصل کرلی ہے جو کہ قابل تعریف ہے۔

    انہوں نے اس موقع پرقومی اورصوبائی ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹیز کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بروقت اور فوری اقدامات کئے۔

    انہوں نے دکھ کے اس موقع پراقوام متحدہ اورعالمی برادری کی جانب سے پاکستان اورافغانستان کو ہرممکن مدد فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومتِ پاکستان نے مدد طلب کی تواقوام متحدہ کی تمام ایجنسیزاس کے لئے تیارہیں۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں پاکستان میں لوگوں سے ملا ہوں وہاں کے لوگ بے پناہ مضبوط قوت ارادی کے مالک ہیں اور کسی بھی صورت ہمت نہیں ہارتے۔

  • چین کی زلزلہ متاثرین کیلئے 1لاکھ امریکی ڈالر کی امداد

    چین کی زلزلہ متاثرین کیلئے 1لاکھ امریکی ڈالر کی امداد

    اسلام آباد: چین نے زلزلہ متاثرین کے لئے ایک لاکھ امریکی ڈالر کی امداد حکومت پاکستان کے حوالے کر دی۔

    اسلام آباد میں چین کے سفیر سن وین ڈانگ نے پاکستان ریڈ کریسنٹ کے مرکزی آفس کے دورے کے موقع پر امدادی رقم کا چیک چیئر مین پاکستان ہلال احمر ڈاکٹر سعید الہی کے حوالے کیا ۔

    اس موقع پر گفتگو میں چینی سفیر کا کہنا تھا کہ چینی قوم اور حکومت زلزلے سے متاثرہ پاکستانی بھائیوں کے دکھ درد کو پوری طرح محسوس کرتی ہے، چینی حکومت اور عوام مشکل اور ضرورت کی اس گھڑی میں پاکستانی قوم کے ساتھ کھڑی ہے۔

    چینی سفیر سن وین ڈانگ نے زلزلہ متاثرین کی بحالی اور امداد کے لئے چین کی جانب سے بھر پور تعاون کا یقین دلایا، چیئرمین ہلال احمر پاکستان ڈاکٹر سعید الہی نے متاثرین کے لئے امداد کی فراہمی پر چینی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ چینی امداد متاثرین کی بحالی میں اہم کردار ادا کرے گی۔

    انکا کہنا تھا کہ ریڈ کریسنٹ کی جانب سے زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن بھر پور انداز میں جاری ہے،خیبر پختونخوا ، فاٹا اور گلگت بلتستان میں دو ہزار سے زائد خاندانوں کو شیلٹرز، طب اور نان فوڈ آئٹم کی مد میں امداد فراہم کی جا چکی ہیں ۔

    پاکستان ہلال احمر انٹر نیشنل فیڈریشن آف ریڈ کریسنٹ سمیت دیگر عالمی اداروں کے ساتھ مل کر شانگلہ ، طور غر اور چترال میں متاثرین کوشیلٹرز، نان فوڈ آئٹم سمیت طبی سہولیات فراہم کر رہی ہے ۔

  • وزیر اعظم نے زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی پیکیج کا اعلان کردیا

    وزیر اعظم نے زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی پیکیج کا اعلان کردیا

    پشاور: وزیر اعظم میاں نواشریف نے زلزلہ سے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین اور متاثرین کیلئے امدادی پیکیج کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ہم زلزلہ متاثرین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ زلزلہ میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو فی کس چھ لاکھ روپے دیئے جائیں گے جبکہ زخمیوں کو علاج معالجے کیلئے فی کس ایک لاکھ روپے معاوضہ دیاجائےگا، اور جن افراد کے جسم کا کوئی عضو ضائع ہوگیا ہوگا، ان کو 2 لاکھ روپے فی کس امداد دی جائے گی۔

    اس کے علاوہ مکمل تباہ گھروں کی تعمیر کیلئے 2 لاکھ روپے جبکہ جزوی تباہ گھروں کیلئے ایک لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ معاوضہ کی رقم کا پچاس فیصد حصہ وفاق اورپچاس فیصد صوبہ فراہم کرے گا، اور جمعرات تک متاثرین کو رقوم کی فراہمی کردی جائے گی۔

    کسی بھی گھپلے اور فراڈ سے بچنے کیلئے امداد کی تقسیم کیلئے ایک تین رکنی تصدیقی کمیٹی بنائی جائے گی جس میں پاک فوج، انتظامیہ اور مقامی لوگوں کا ایک ایک نمائندہ شامل ہوگا جومکمل تصدیق کے بعد متاثرین کو چیک فراہم کرے گا جبکہ تمام اضلاع میں امداد کی تقسیم کا کام ایک ساتھ شروع کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ یہ ایسا وقت ہے کہ اس میں سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے تمام جماعتوں کو مل کر کام کرنا چاہیے ۔ زلزلہ آنے کے بعد تمام اداروں نے جس طریقے سے امدادی کا م شروع کیا ہے وہ قابلِ تحسین ہے ۔

    امدادی کاموں پر پاک فوج ، وزیر اعلیٰ ، گورنر کے پی کے ، این ڈی ایم اے اور دیگر اداروں کا شکر گزار ہوں۔

    میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہناتھا کہ امدادی کاموں کی نگرانی میں خود کروں گا، انہوں نے کہا کہ سیایسی وابستگیوں کے دن چلے گئے، ملک کی ترقی کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

  • وزیر اعظم زلزلہ متاثرین سے اظہار یکجہتی کیلئے پشاور پہنچ گئے

    وزیر اعظم زلزلہ متاثرین سے اظہار یکجہتی کیلئے پشاور پہنچ گئے

    پشاور : وزیر اعظم میاں نواز شریف نے خیبر پختونخوا کے زلزلہ زدہ علاقوں کا دورہ کرنے کے لئےپشاور پہنچ گئے، اس موقع پر انہیں زلزلہ سے ہونے والے جانی اور مالی تقصانات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف گورنر ہاوس پشاور پہنچ گئے، جہاں وہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرررہے ہیں۔

    اجلاس سے قبل پی ڈی ایم اے نے زلزلے کے نقصانات و انتظامات کے حوالے سے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں زلزلے سے 222 افراد جاں بحق اور 1688 افراد زخمی ہوئے جبکہ8453 مکانوں کو نقصان پہنچاہے۔ اور متاثرین کو ہر ممکن امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

    قبل ازیں دورہ امریکا اور برطانیہ سے واپسی پر وزیر اعظم نے زلزلے سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقے شانگلہ کا دورہ کیا۔

    وزیر اعظم نے تباہ شدہ مکانات کے مالکان کو تعمیر نو کے لئے مناسب امداد دینے کا اعلان بھی کیا۔ وطن واپسی کے فوری بعد وزیراعظم نے زلزلے سے متعلق ہنگامی اجلاس کی صدارت کی۔

    اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ڈی جی آئی ایس پی آر، ڈی جی ملٹری آپریشنز، وفاقی وزرا اسحاق ڈار، چودھری نثار ، پرویز رشید،گورنر خیبرپختونخوا اور دیگر حکام شریک ہوئے۔

  • راولپنڈی، سوات اور گردو نواح میں شدید زلزلے کے جھٹکے

    راولپنڈی، سوات اور گردو نواح میں شدید زلزلے کے جھٹکے

    اسلام آباد: پاکستان میں آنے والے ہولناک زلزلے کے بعد آفٹرشاکس کا سلسلہ جاری ہے، راولپنڈی اور سوات میں شدت کے جھٹکے محسوس کئے گئے .

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی، سوات اور گردو نواح میں شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، زلزلے کی شدت 4.2 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز کوہ ہندو کش اور زمین میں اس کی گہرائی 10 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی.

    شدید زلزلے کے جھٹکوں کے بعد لوگوں میں ایک بار پھر خوف ہراس پھیل گیا اور مقامی لوگ اپنے گھروں سے باہر نکل آئے.

    حکام کے مطابق زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ 48 گھنٹے تک جاری رہتا ہے، زلزلے کے بعد زمین کے اندر کی تہیں ہل جاتی ہیں، اسلئے آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ اب تک 28 سے زیادہ آفٹر شاکس محسوس کئے جا چکے ہیں .

    واضح رہے کہ خوفناک زلزلے کے باعث 276افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 2000افراد زخمی ہیں جن کا دیگر ہسپتالوں میں علاج جاری ہے ۔

  • مالا کنڈ : زلزلے کے بعد طلباء و طالبات اسکول پہنچ گئے

    مالا کنڈ : زلزلے کے بعد طلباء و طالبات اسکول پہنچ گئے

    مالا کنڈ : ہولناک زلزلے سے متاثرہ مالاکنڈ ڈویژن میں اسکول کھول دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مالاکنڈ ڈویژن میں ہولناک زلزلے کے بعد گورنمنٹ ہائی اسکول کے طالب علموں نے پہلا دن گزارہ، لیکن آج ماحول افسردہ تھا۔

    طالب علموں کے ہاتھ دعا کے لئے بلند تھے۔ علم سے محبت بچوں کو اسکول تو کھینچ لائی،لیکن طالب علموں نے اپنے ہاتھوں سے ڈیسک سے مٹی اور گرد صاف کی۔

    اسمبلی میں طالب علموں نے اپنے زخمی دوستوں کے لئے دعا کی۔ ساتویں کلاس کی در و دیوار سلامت تھے، کلاس ٹیچر نے حاضری لی ،لیکن کئی بچے غیر حاضر تھے۔

    زلزلے نے منظر بدل دیا ، بہت سے دوستوں کے گھر گر گئے درد کے لمحات میں بھی وطن سے محبت کا انوکھا اظہار کیا گیا اور ہر شکایت کو بھلا کربھرپور انداز میں پرعزم ہونے کا اظہا ر کیا گیا ۔

    اسکول کے اساتذہ کا مطالبہ ہے کہ اسکول کی تعمیر جلد سے جلد سے کی جائے۔

  • پاکستان کے مختلف علاقوں میں شدید زلزلہ،اموات کی تعداد276ہوگئی

    پاکستان کے مختلف علاقوں میں شدید زلزلہ،اموات کی تعداد276ہوگئی

    اسلام آباد: پاکستان، افغانستان، بھارت،کشمیر، تاجکستان اور کرغستان زلزلے سے لرز اٹھا اور اب تک محض پاکستان میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 210 سے تجاوز کرگئی۔

    پاکستان میں 10سال بعد پھر قیامت خیز زلزلے سے 276 افراد جاں بحق جبکہ1300سے زائد زخمی ہوگئے، زلزلے سے خیبرپختونخوا میں درجنوں عمارتیں گرگئیں، پشاور کے اسپتال زخمیوں سے بھر گئے ہیں.

    اپردیر اور لوئر دیر میں 32،شانگلہ میں 31 اور سوات میں 28افراد جاں بحق ہوئے، چترال میں 29،ضلع تورغر میں19 اور باجوڑ میں 16افراد جاں بحق ہوئے ہیں، بونیر میں10،گلگت، دیا میر،غذر، ہنزہ نگر میں15 اور چلاس میں 2افراد جاں بحق ہوئے ہیں.

    پشاور میں6، مہمند ایجنسی میں 5 اور چارسدہ میں 4افراد زلزلے سے جاں بحق ہوئے ہیں، صوابی میں زلزلے سے 4، میرانشاہ اور کوہستان لوئر میں تین ، تین افراد جاں بحق ہوئے ، مالاکنڈ ڈویژن میں135 ، داسو میں7 اور مردان میں 2افرادجاں بحق ہوئے.

    جنرل راحیل شریف کا زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

    آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کو زلزلے سےہونےوالے نقصانات اورپاک آرمی کی امدادی کارروائیوں سے آگاہ کیا۔

    میاں نواز شریف نے برطانیہ کا دورہ مختصر کردیا

    اس افسوس ناک سانحے کے پیشِ نظر وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف نے برطانیہ کا دورہ مختصر کردیا ہے اور وہ آج رات 10 بجے وطن لوٹ رہے ہیں۔

        پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 7.7 ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کا مرکز افغانستان کے دور افتادہ علاقے فیض آباد میں تھا اور اس کی گہرائی ایک چھیانوے کلومیٹر تھی.بعد ازاں شدت 7.6 اور اس کے بعد 7.5 بتائی گئی۔ میٹ آفس کے مطابق خیبرپختونخوا، شمالی علاقہ جات اور پنجاب کے کئی شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش ہے اور ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 8.1 ہے، زلزلے سے پنجاب، خیبرپختونخواہ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر متاثر ہوئے، زلزلہ213 کلومیٹر گہرائی میں آیا۔  

    بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ٹویٹ کیا ہے کہ بھارت افغانستان اور پاکستان کے زلزلہ متاثرین کو مدد فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔  

     

    زلزلے کے باعث لوگ گھروں اور دفاتر سے باہر نکل کر سڑکوں پر اکٹھے ہو گئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے،زلزلے کے بعد لوگو ں میں خوف وہراس پھیل گیا ہے جبکہ لوگ اپنے پیاروں کو فون بھی کرتے رہے۔

     

     

    امریکہ کا پاکستان میں آنے والے زلزلے میں اموات پر افسوس کا اظہار

    وائٹ ہاؤس کے ترجمان جوز ارنسٹ نے ایک بیان میں پاکستان میں زلزلے سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر افسوس کا اظہارکیا ہے.

    انہوں نے کہا کہ امریکہ کو پاکستان افغانستان میں زلزلے کی تباہ کاریوں پر افسوس ہے ،ترجمان وائٹ ہاؤس نے کہا کہ امریکی حکومت زلزلے کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلئے کسی بھی مدد کیلئے تیار ہے.

    پیپلز پارٹی کا زلزلہ متاثرین کی امداد کا اعلان

    پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو ذرداری نے اعلان کیا ہے کہ پیپلز پارٹی زلزلہ متاثرین کی امداد اور بحالی میں ہر ممکن حصہ لے گی۔

    زلزلے سے رام پورہ کوہاٹی گیٹ میں عمارتیں گرنے کی اطلاع ہیں جبکہ چترال میں زلزلے کے باعث شدید نقصان کی اطلاع زلزلے کے جھٹکوں سے موبائل فون سروس بھی متاثر ہوئی. کبیروالا،خانپور ،رحیم یار خان،جھنگ، بھاولپور، میاں چنوں،جام پور، سمندری، کوٹ رادھا کشن، صحبت پورمیں زلزلے کی شدید جھٹکے محسوس کئے گئے کشمور اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ، لوگ گھروں سے نکل آئے۔ میر پور آزاد کشمیرمیں زلزلے کے شدید جھٹکوں سے عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، مواصلات کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے ، ملک بھر میں زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا خدشہ ہے جبکہ سری نگر میں زلزلے سے مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا ہے. زلزلے کے جھٹکے بھارت کے دارالحکومت دہلی تک محسوس کیے گئے ہیں۔

    افغان دارلحکومت کابل میں زلزلے کے شدید جھٹکوں کے بعد لوگ گھروں سے باہر نکل آئے، افغان میڈیا کے مطابق افغانستان کے صوبے بدخشاں میں زلزلے سے متعددافرادزخمی ہوگئے جبکہ صوبہ پنج شیر میں کئی مکانات منہدم ہوگئے ہیں۔

    وزیر اعظم نواز شریف نے فوری امدادی کاروائیاں شروع کرنے ہدایت کردی ہے، وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ تمام وسائل بروئے کار لائے جائے، سو ل ملٹر ی اور صوبائی ایجنسیوں کو متحرک ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ امدادی کاروائیوں میں کوئی کثر نہیں چھوڑی جائے۔

    آرمی چیف کی جوانوں کو متاثرہ علاقوں میں فوری پہنچنے کی ہدایت

    پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے تمام فارمیشنز کو ہدایت جاری کی ہے کہ ملک میں آنے والے بدترین زلزلے کے نقصانات کا جلد از جلد تخمینہ لگایا جائے اور متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی جائیں ۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی ہدایت پر تمام سی ایم ایچ ہائی الرٹ کردیئے گئے۔آرمی کے تمام ہیلی کاپٹر متحرک کردئیے گئےِ جبکہ خصوصی مشینری اور امدادی ٹمیں بھی روانہ کردی گئیں. ملک میں آنے والے بد ترین زلزلے کے فورا بعد ایک اعلی سطحی ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ پاک فوج کی تمام فارمیشنز کسی بھی قسم کے احکامات کا انتظار کئے بغیر فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع کر دیں ۔ خصوصا دور دراز کے دیہی علاقوں تک پہنچا جائے ۔

    اجلا س میں ملک بھر کے سی ایم ایچ میں ہنگامی صورتحال کی ہدایات جاری کی گئیں اور انجینئر نگ کے شعبے کو متعلقہ مشینری ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جا ری کر دی گئی ہیں ۔ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کے مطابق پاک فوج کے تمام ہیلی کاپٹرز کو ممکنہ متاثرہ علاقوں کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے تاکہ نقصانات کا ابتدائی تخمینہ لگا کر اس کی روشنی میں امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا جا سکے۔

    افغانستان میں زلزلہ ، ہلاکتوں کی تعداد 180 ہوگئی

    افغانستان میں زلزلے سے عمارتیں، مکان، پہاڑ لرز اٹھے، افغان ٹی وی آریانا کا اینکر زلزلے کے جھٹکے محسوس کرکے اسٹوڈیو سے باہرنکل گیا۔ ضلع بدخشاں میں زلزلے کے بعد ایک ا سکول میں بھگدڑ سے بارہ طالبات جاں بحق ہوگئیں جبکہ متعدد طالبات شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق طالبات اسکول کی چوتھی منزل پر موجود تھیں، زلزلہ آنے پر نیچے کی طرف بھاگیں طالبات کی ہلاکت بھگڈر اور کچلے جانے کی وجہ سے ہوئی، ملک کے دوسرے کئی علاقوں میں بھی زلزلے سے تباہی مچی اور بڑی تعداد میں لوگ ہلاک اور زخمی ہوگئے۔

    بھارت کی شمال مغربی ریاستوں اور مقبوضہ کشمیر میں بھی زلزلے کے جھٹکے

    زلزلے کے جھٹکے بھارت کی شمال مغربی ریاستوں اور مقبوضہ کشمیر میں بھی محسوس کئے گئے، افغانستان کے شمالی علاقے میں آنے والا زلزلہ اتنا شدید تھا کہ اس کے جھٹکے بھارت میں مقبوضہ کشمیر، ہماچل پردیش، پنجاب، ہریانہ اور نیو دہلی تک محسوس کئے گئے، ساٹھ سیکنڈ تک جاری رہنے والے زلزلے کے جھٹکوں سے گھبرا کر لوگ گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے.

    متاثرہ علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، مقبوضہ کشمیر کے علاقے بارہ مولا میں زلزے سے بھارتی فوج کا بنکر گر گیا، جس کی زد میں آکر دو بھارتی فوجی زخمی ہوگئے، سری نگر میں ایک فلائی اوؤر کو بھی نقصان پہنچا۔

    ٹوئٹر صارفین کی جانب سے اس ہولناک زلزلہ کے لمحات

     

  • نریندرمودی کی پاکستان کے زلزلہ متاثرین کے لئے مدد کی پیشکش

    نریندرمودی کی پاکستان کے زلزلہ متاثرین کے لئے مدد کی پیشکش

    نئی دہلی: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان کے وزیراعظم نوازشریف کو فون کرکے پاکستان میں آنے والے تباہ کن زلزلے سے متاثر ہونے والے افراد کے لئے ہرممکن مدد کی پیشکش کی ہے۔

    پاکستان سمیت جنوبی ایشیا میں آج دوپہر آنے والے تباہ کن زلزلے میں اب تک 216 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں سینکڑوں زخمی ہیں اس تباہ کن زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7.5 ریکارڈ کی گئی ہے۔

    وزیراعظم نواز شریف سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کااظہار کیااور ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔

    اس سے قبل بھارتی وزیراعظم نے بھارتی نژاد سماعت اور قوت گویائی سے محروم لڑکی گیتا کی واپسی پر پاکستانی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا تھا۔