Tag: Earthquake

  • چترال میں زلزلے کے جھٹکے

    چترال میں زلزلے کے جھٹکے

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے علاقے چترال اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلے کا مرکز چترال سے 5 کلو میٹر شمال مغرب میں تھا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے علاقے چترال اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

    زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 3.3 ریکارڈ کیا گیا، زلزلے کا مرکز چترال سے 5 کلو میٹر شمال مغرب میں تھا۔

    زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ماہ دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی تھی جس کا مرکز افغانستان تھا۔

    زلزلے سے پختونخوا میں 9 افراد جاں بحق اور 44 زخمی بھی ہوئے تھے جبکہ 19 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا تھا۔

  • زلزلے میں بہت مزہ آرہا ہے: بھارتی اداکارہ کی ویڈیو پر شدید تنقید

    زلزلے میں بہت مزہ آرہا ہے: بھارتی اداکارہ کی ویڈیو پر شدید تنقید

    نئی دہلی: بھارتی اداکارہ زلزلے کے موقع پر بنائی گئی اپنی ویڈیو پر شدید تنقید کی زد میں آگئیں، انہوں نے زلزلے کو نہایت ایکسائٹنگ قرار دیا۔

    کئی بھارتی ڈراموں میں کام کرنے والی بھارتی اداکارہ دیویانکا ترپاٹھی نے انسٹاگرام پر 21 مارچ کی شب اسٹوری پر ایک ویڈیو پوسٹ کی۔

    ویڈیو زلزلے کے شدید جھٹکوں کے بعد کی ہے جو 21 مارچ کی شب محسوس ہوئے، زلزلے کا مرکز افغانستان تھا تاہم اس کے اثرات پاکستان کے کئی شہروں اور شمالی بھارتی علاقوں جیس چندی گڑھ اور نئی دہلی وغیرہ میں بھی محسوس ہوئے۔

    ویڈیو میں اداکارہ نہایت پرجوش اور خوش دکھائی دے رہی ہیں اور کہتی ہیں، بہت مزہ آرہا ہے، میں اپنی زندگی کا پہلا زلزلہ دیکھ رہی ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ یہاں چندی گڑھ میں سب اپنے گھروں سے باہر آگئے ہیں، یہ سب بہت ایکسائٹنگ لگ رہا ہے۔

    اداکارہ کی اس ویڈیو پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا، ایک شخص نے لکھا کہ ترکی اور شام میں زلزلے سے متاثر لوگوں سے پوچھیں ان کے لیے یہ کتنا ایکسائٹنگ ہے۔

    ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ بے حسی کی انتہا ہے، ایک قدرتی آفت اداکارہ کو ایکسائٹنگ لگ رہی ہے۔ ایسی آفات میں لوگ اپنا جان و مال سب کچھ گنوا بیٹھتے ہیں۔

  • زلزلے کے بعد اسلام آباد میں تمام عمارتوں کے سروے کے احکامات

    زلزلے کے بعد اسلام آباد میں تمام عمارتوں کے سروے کے احکامات

    اسلام آباد: چیئرمین سی ڈی اے نے زلزلے کے بعد اسلام آباد میں تمام عمارتوں کا سروے کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین نے زلزلے کے بعد وفاقی دارالحکومت کی تمام عمارتوں کا سروے کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔

    چیئرمین نے بلڈنگ کنٹرول ایجنسی کو ہدایت کی ہے کہ زلزلے سے متاثرہ عمارتوں کی نشان دہی کی جائے، انھوں نے کہا کہ سیکٹر ای 11 میں موجود ایسی عمارتوں کی نشان دہی کی جائے جن کو نقصان پہنچا۔

    چیئرمین سی ڈی اے نے رپورٹ 24 گھنٹوں میں پیش کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ رات آنے والے شدید زلزلے سے اسلام آباد اور راولپنڈی میں عمارتوں میں دراڑیں پڑ گئی ہیں، ڈی سی راولپنڈی نے بھی متاثرہ 6 عمارتوں کے اسٹرکچر کے جائزے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

    کمیٹی میں آر ڈی اے میونسپل کارپوریشن اور بلڈنگ ڈپارٹمنٹ کے ماہرین شامل ہیں، یہ کمیٹی 2 دنوں میں ڈی سی کو رپورٹ دے گی، اور اس کے بعد متاثرہ عمارتوں کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا۔

  • ترکیہ کی پاکستان سے خیمے، ڈرائی فروٹس اور سرجیکل آلات بھجوانے کی درخواست

    ترکیہ کی پاکستان سے خیمے، ڈرائی فروٹس اور سرجیکل آلات بھجوانے کی درخواست

    اسلام آباد: ترکیہ حکومت نے پاکستان سے میڈیکل ٹیمیں اور ادویات نہ بھجوانے جب کہ سرجیکل آلات ، خیمے، کمبل اور ڈرائی فروٹس بھجوانے کی درخواست کر دی۔

    ذرائع کے مطابق حکومت پاکستان نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر ترک سفیر کے ذریعے ترکیہ حکومت سے رابطے میں ہے، ترکیہ نے پاکستان سے فی الحال میڈیکل ٹیمیں اور ادویات نہ بھجوانے کی اپیل کی ہے۔

    ترکیہ حکومت کا مؤقف ہے کہ دنیا بھر سے میڈیکل ٹیمیں ادویات کے ہمراہ پہنچ رہی ہیں، اس لیے فی الحال شدید سردی کے باعث متاثرین کے یئے فیملی خیمے، کمبل اور خشک خوراک کی ضرورت ہے۔

    ترکیہ حکومت نے پاکستان سے سرجیکل آلات اور میڈیکل ڈیوائسز بھجوانے کی اپیل کی ہے، ترکیہ حکومت کے مطابق زلزلہ متاثرین کو چھوٹی بڑی سرجریز کی ضرورت ہے، سرجریز کی تعداد بڑھنے پر سرجیکل آلات اور میڈیکل ڈیوائسز کی کمی کا سامنا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے سرجیکل آلات اور میڈیکل ڈیوائسز بھجوانے پر رضا مندی ظاہر کر دی ہے، ترکیہ کے لیے سرجیکل آلات اور میڈیکل ڈیوائسز کی پہلی کھیپ رواں ہفتے بھجوانے کا امکان ہے۔

    سرجیکل آلات کی کھیپ بہ ذریعہ ہوائی جہاز بھجوائی جائے گی، ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کے لیے امداد براستہ سڑک بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    این ایل سی کے ذریعے امدادی سامان پر مشتمل 20 ٹرک روزانہ ترکیہ کے لیے روانہ ہوں گے، پاکستانی امدادی سامان کے ٹرک براستہ ایران ترکیہ داخل ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق ٹرکوں کو ترکیہ پہنچنے میں 7 روز لگیں گے۔

  • ترکیہ شام زلزلہ، صدیوں سے حادثات کو برداشت کرنے والے تاریخی آثار بھی تباہ

    ترکیہ شام زلزلہ، صدیوں سے حادثات کو برداشت کرنے والے تاریخی آثار بھی تباہ

    انقرہ: ترکیہ اور شام میں صدیوں سے حادثات کو برداشت کرنے والے تاریخی آثار بھی زلزلے میں تباہ ہو گئے ہیں۔

    الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ترکی اور شام میں تباہ کن زلزلوں اور آفٹر شاکس کے ایک طویل سلسلے نے اس قدیم خطے کی کئی تاریخی یادگاروں کو بھی تباہ کیا یا بہت نقصان پہنچا دیا ہے، جو صدیوں سے جنگوں اور قدرتی آفات میں بھی بچ گئے تھے۔

    شام کے وہ حصے جو 12 سال سے خانہ جنگی کے بھی شکار ہیں، زلزلے نے ان حصوں میں فن تعمیر کے مشہور نمونوں کو تباہ کر دیا ہے، جن کی وجہ سے ملک شام کو انسانی تہذیب کے گہواروں میں سے ایک شمار کیا جاتا ہے۔

    ماہرین کو خدشہ ہے کہ زلزلے سے خطے کی ثقافتی میراث کے نقصان میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

    ترکی کی حکومت نے کہا ہے کہ ملک میں تقریباً 6 ہزار عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں، منگل کو یونیسکو نے بھی خبردار کیا ہے کہ زلزلے سے ’عالمی ثقافتی ورثہ‘ میں شامل متعدد سائٹس کو نقصان پہنچا ہے۔

    قلعہ غازی انتیپ

    یہ قلعہ مقامی طور پر غازی انتیپ کلیسی کے نام سے جانا جاتا ہے، اور یہ ترکی کے شہر غازی انتیپ کے مرکز میں واقع ہے، یہ دوسری صدی عیسوی کا قلعہ زلزلے میں جزوی طور پر تباہ ہو گیا ہے، اس کی بہت سی دیواریں اور واچ ٹاورز مکمل طور پر منہدم ہو گئے ہیں، اور کئی دیگر حصوں کو نقصان پہنچا ہے۔

    رومی سلطنت کے دوران تعمیر کیے گئے 2,000 سال پرانے قلعے کے مشرقی، جنوب اور جنوب مشرقی حصوں میں کچھ بُرج زلزلے سے تباہ ہو گئے ہیں اور ان کا ملبہ سڑک پر بکھر گیا ہے۔

    اس تعمیر کو ابتدائی طور پر مشاہداتی مقام کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا، پھر اسے رومیوں نے ایک مکمل قلعے کے طور پر تیار کیا۔ یہ قدیم قلعہ صدیوں کے دوران ترکی کے اس حصے کی طرف آنے والے زائرین اور فاتحین کے بے شمار ادوار کا شاہد ہے۔

    شیروانی مسجد، غازی انتیپ

    زلزلے سے قلعہ غازی انتیپ سے متصل 17 ویں صدی کی اس مسجد کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، انادولو کے مطابق اس کی مشرقی دیوار اور گنبد جزوی طور پر گر گیا ہے۔ یہ قدیم مسجد طویل عرصے سے نہ صرف ایک مذہبی علامت کے طور پر بلکہ تعمیراتی عجوبے کے طور پر بھی مشہور ہے۔ اس کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ مسجد کے میناروں میں دو بالکونیاں ہیں۔

    حلب کا قلعہ

    یہ دنیا کے قدیم ترین قلعوں میں سے ایک ہے، لیکن یہ بھی زلزلے سے محفوظ نہیں رہا۔

    شام کے نوادرات اور عجائب گھروں کے ڈائریکٹوریٹ جنرل نے ایک بیان میں کہا کہ حلب کے قلعہ کے اندر عثمانی چکی کے کچھ حصے منہدم ہو گئے ہیں، جب کہ شمال مشرقی دفاعی دیواروں میں شگاف پڑ گئے ہیں اور کچھ گر گئے ہیں۔

    سرکاری ایجنسی نے مزید کہا کہ قلعے کے اندر موجود ایوبی مسجد کے مینار کے گنبد کے کچھ حصے گر گئے، جب کہ قلعہ کے داخلی دروازے کو بھی نقصان پہنچا ہے، جس میں مملوک ٹاور کا داخلی دروازہ بھی شامل ہے۔

    ادھر یونیسکو نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پرانے شہر کی دیوار کا مغربی ٹاور گر گیا ہے، اور بازاروں میں کئی عمارتیں کمزور پڑ گئی ہیں۔

    قلعہ دیار بکر

    ترکی کے صوبے دیار بکر میں واقع تاریخی قلعہ اور ملحقہ ہیوسل کے باغات (آٹھ ہزار برس قدیم) کو 2015 میں یونیسکو کی عالمی ثقافتی ورثہ کی فہرست کا حصہ قرار دیا گیا تھا۔

    منگل کو اقوام متحدہ کی ایجنسی نے کہا کہ دونوں کو زلزلے سے نقصان پہنچا ہے، یونیسکو کے کے مطابق قلعے میں متعدد عمارتیں منہدم ہو گئی ہیں۔

    نئی مسجد، ملاطیہ

    ترکی کے جنوب مشرقی شہر ملاطیہ کے مرکز میں واقع تاریخی ’نئی مسجد‘ (Yeni Mosque) پیر کے روز آنے والے زلزلے میں تباہ ہو گئی ہے، اس یادگار مسجد کی کئی دیواریں منہدم ہو چکی ہیں۔

    ترکی کے مشرقی اناطولیہ کے علاقے کے قدیم شہر ملاطیہ میں واقع یہ 17 ویں صدی کی مسجد بار بار زلزلوں سے نقصان کا سامنا کرتی رہی ہے۔ یہ 3 مارچ 1894 کے زلزلے میں بھی تباہ ہو گئی تھی، جسے ملاطیہ نے عظیم زلزلہ کہا تھا، لیکن پھر اسے عوام نے سلطان عبد الحمید دوم کے تعاون سے دوبارہ تعمیر کیا۔ 1964 کے زلزلے میں اسے دوبارہ نقصان پہنچا۔

  • شام  اور ترکیہ کو ملانے والی سڑک بھی تباہ، عالمی امداد کی ترسیل میں رکاوٹ

    شام اور ترکیہ کو ملانے والی سڑک بھی تباہ، عالمی امداد کی ترسیل میں رکاوٹ

    انقرہ: بد ترین زلزلے کے باعث شام اور ترکیہ کو ملانے والی ایک مرکزی سڑک بھی تباہ ہو گئی، جس کی وجہ سے عالمی امداد کی ترسیل میں رکاوٹ پیدا ہو گئی۔

    الجزیرہ کے مطابق زلزلے کے باعث ترکیے کے صوبے حاطے کو شام کے شہر حلب سے ملانے والی ایک مرکزی سڑک تباہ ہو گئی، سڑک میں بڑی بڑی دراڑیں پڑ گئی ہیں۔

    اقوام متحدہ نے بھی کہا ہے کہ پیر کے زلزلے سے ترکی سے شام جانے والی واحد سرحدی گزر گاہ سے جان بچانے والی امداد کی ترسیل متاثر ہو گئی ہے۔ شاہراہ تباہ ہونے کی وجہ سے گاڑیاں پھنس گئی ہیں، اور شام میں عالمی امداد کی ترسیل میں مشکلات ہو رہی ہیں۔

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریس کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے کہا کہ باب الحوا کراسنگ خود ٹھیک ہے، تاہم، کراسنگ کی طرف جانے والی سڑک کو نقصان پہنچا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سڑک کی حالت ایسی نہیں ہے کہ اسے پوری طرح سے استعمال کیا جا سکے۔

    واضح رہے کہ شام اور ترکی میں پیر کے روز آنے والے زلزلے میں جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہزار سے بڑھ گئی ہے، اور تاحال ہزاروں شہری ملبے تلے دبے امداد کے منتظر ہیں۔

  • 7.8 شدت کے مزید زلزلے آسکتے ہیں: ایک اور ماہر نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

    7.8 شدت کے مزید زلزلے آسکتے ہیں: ایک اور ماہر نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

    جاپان کے ایک ماہر نے پیش گوئی کی ہے کہ جلد مشرق وسطیٰ کے کئی ممالک میں مزید ہولناک زلزلوں کا امکان ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق زلزلے سے متعلق تحقیق کرنے والے جاپان کے ایک ماہر نے ترکی اور اس کے ہمسایہ ممالک میں بڑی شدت کے مزید زلزلوں کی پیش گوئی کی ہے۔

    یونیورسٹی آف تسوکوبا میں سیزمولوجی کے پروفیسر یاگی یوجی کا خیال ہے کہ مشرق وسطیٰ کے کئی ممالک کو 7.8 شدت کے مزید زلزلوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    انہوں نے اپنے ایک مضمون اور مقامی میڈیا کے ساتھ انٹرویوز میں بتایا کہ اس زلزلے کے مرکز کے قریب کئی فالٹس ہیں جہاں شمال مشرقی اناطولیائی پلیٹیں عربی پلیٹ سے مل جاتی ہیں جس کی وجہ سے ان کے درمیان ایک پیچیدہ ٹیکٹونک ڈھانچہ بن جاتا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ اس سے تناؤ پیدا ہوتا ہے اور جب یہ انتہا پر پہنچتا ہے تو یہ پلیٹیں ایک دوسرے سے ٹکرا جاتی ہیں جس کی وجہ سے زمین کی تہوں میں توانائی پیدا کرنے والی بڑی تبدیلیاں آتی ہیں اور زلزلہ آجاتا ہے۔

    یاگی یوجی نے پیش گوئی کی کہ مستقبل میں، اسی شدت کے زلزلے آنے کا امکان ہے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ جنوری 2020 میں مشرقی اناتولین فالٹ کے قریب 6.7 شدت کا زلزلہ آیا تھا اور عمارت گرنے سے بہت سے افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

    سنہ 1939 میں مشرقی ایرزنکن میں 7.8 شدت کا زلزلہ آیا جس میں 30 ہزار سے زائد افراد جان سے گئے، اس کے علاوہ دیگر زلزلے بھی آئے جن میں تقریباً 17 ہزار افراد کی اموات ہوئیں۔

    امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق پیر کو مقامی وقت کے مطابق صبح 4 بج کر 17 منٹ پر 7.8 شدت کا زلزلہ آیا جس کی گہرائی غازی انتیپ شہر کے قریب 17.9 کلو میٹر تھی۔

    ترکیہ اور شام میں آنے والے تباہ کن زلزلے سے اب تک ہلاکتوں کی تعداد سات ہزار 800 سے زائد ہو گئی ہے۔

  • زلزلے کا فائدہ اٹھا کر داعش کے 20 قیدی فرار

    زلزلے کا فائدہ اٹھا کر داعش کے 20 قیدی فرار

    دمشق: شام میں زلزلے کے بعد داعش کے کم از کم 20 قیدی جیل سے فرار ہو گئے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شمال مغربی شام کی جیل سے پیر کو تباہ کن زلزلے کے بعد قیدیوں نے بغاوت کر دی اور کم از کم 20 قیدی جیل سے فرار ہو گئے۔

    اے ایف پی کے مطابق ترکیہ کی سرحد کے قریب راجو نامی قصبے میں موجود ملٹری پولیس کی جیل میں تقریباً دو ہزار قیدی تھے، جن میں 13 سو کے قریب مبینہ طور پر داعش کے جنگجو تھے۔

    جیل اہل کار نے بتایا کہ زلزلہ آنے کے بعد قیدیوں نے کچھ حصوں پر قبضہ کر لیا، اور پھر کچھ قیدی فرار ہو گئے۔

    شام اور ترکی میں 7.8 شدت کے زلزلے اور درجنوں آفٹر شاکس سے جیل کو نقصان پہنچا ہے، اور اس کی دیواروں اور دروازوں میں شگاف پڑ گئے ہیں۔

    برطانیہ میں قائم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس وار مانیٹر نے کہا ہے کہ وہ اس بات کی تصدیق نہیں کر سکتا کہ آیا قیدی فرار ہو گئے ہیں، لیکن اس نے جیل میں بغاوت کی تصدیق کی۔

  • شامی بچے کو ملبے سے زندہ نکال لیا گیا، ویڈیو وائرل

    شامی بچے کو ملبے سے زندہ نکال لیا گیا، ویڈیو وائرل

    ترکی اور شام اس وقت بدترین زلزلے سے نمٹ رہے ہیں، جس کے نتیجے میں‌ ہونے والی ہلاکتوں‌ کی تعداد ہزار سے بڑھ گئی ہے، اور صرف ترکی میں اب تک 912 ہلاکتیں‌ نوٹ کی گئی ہیں۔

    شام اور ترکی میں زلزلے کے باعث سیکڑوں عمارتیں بھی منہدم ہو چکی ہیں، جن کے ملبے تلے تاحال بہت سارے لوگ دبے ہوئے ہیں، جنھیں ریسکیو اہل کار بچانے کی سر توڑ کوششیں کر رہے ہیں۔

    ایسے میں کئی منہدم عمارتوں سے بچوں کو ریسکیو اہل کار زندہ نکالنے میں کامیاب ہوئے ہیں، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔

    شام میں عمارت کے ملبے میں پھنسی ایک بچی بھی معجزانہ طور پر بچ گئی، یہ بچی سوئی تو بستر پر تھی لیکن نکلی ملبے سے۔

    شامی شہر اعزاز میں ریسکیو ورکرز نے بچی کو زندہ نکال لیا، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ زخمی بچی کے کپڑے خون آلود ہیں، ریسکیو ورکرز کا کہنا تھا کہ بچے کے اہل خانہ کو بھی نکالنے کی کوشش جاری ہے۔

    ایک ویڈیو میں وہ لمحہ دکھایا گیا ہے جب شمالی شام میں امدادی ٹیموں نے 7.8 شدت کے زلزلے کے بعد منہدم ہونے والی عمارت کے ملبے کے نیچے سے ایک بچے کو زندہ نکالا، ترکی میں بھی ایک بچے کو مہندم عمارت کے ملبے سے زندہ نکالا گیا ہے۔

    طاقت ور زلزلے کے بعد کے گھنٹوں میں مرنے والوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، خدشہ ہے کہ اس میں اضافہ جاری رہے گا۔

  • اسلام آباد اور راولپنڈی میں زلزلے کے شدید جھٹکے

    اسلام آباد: جڑواں شہروں اور گرد و نواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی اور گرد و نواح میں زلزلہ آ گیا ہے، جڑواں شہروں میں زلزلے کے جھٹکے چند سیکنڈ تک محسوس کیے گئے۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 6.3 ریکارڈ کی گئی ہے، زلزلے کی گہرائی 150 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی، جب کہ زلزلے کا مرکز افغانستان تاجکستان کا سرحدی علاقہ تھا۔

    مری، ہری پور اور مضافات میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ جھٹکے اتنے شدید تھے کہ لوگ خوف زدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرنے لگے۔