اسلام آباد : ترکی نے پاکستان سے ترکی آنے والے طلباء کے لیے ہوٹل میں قرنطینہ کی پابندی ختم کردی، طلباء کو نجی ہوٹلوں کے بجائے ہاسٹلوں میں قرنطینہ کرنے کی اجازت ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق ترکی میں کورونا پابندیوں میں نرمی کیساتھ نئی سفری ہدایات جاری کردی، جس میں پاکستان سے آنے والے طلبا کیلیے قرنطینہ کی پابندی ختم کردی ہے۔
نئے قوانین کا اطلاق 6 اگست سے یکم ستمبر تک ہوگا، جس میں طلباء کو 10 دن کے لیے نجی ہوٹلوں کے بجائے ہاسٹلوں میں قرنطینہ کرنے کی اجازت ہوگی۔
طالب علموں کے قرنطینہ کیلئے استنبول اور انقرہ میں یونیورسٹی کے ہاسٹلز مختص کردیے گئے ہیں، طالبعلموں کو دستاویزات دکھانا ہوں گی کہ وہ ترکی میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرتے ہیں، جس کے بعد ہی انھیں نجی ہوٹل میں قرنطینہ کی لازمی شرط سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
استنبول یا انقرہ کے علاوہ دیگر صوبوں کی یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنے والے پاکستانی طلباء بھی استنبول یا انقرہ کے ہاسٹلوں میں قرنطینہ کے اختتام کے بعد ہی صوبوں کا سفر کرسکیں گے۔
طلباء کے علاوہ پاکستانی جن کے پاس مستقل رہائش اور ورک پرمٹ ہے، انہیں اپنی رہائش گاہ پر خود کو قرنطینہ کرنے کی اجازت ہوگی جبکہ پاکستان سے دورے یا سیاحت کے مقاصد کے لیے آنے والوں کو نامزد نجی ہوٹلوں میں قرنطینہ کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ترکی نے پاکستانیوں کیلئے نئی ہدایات جاری کی تھیں ، جس کے تحت غمسافروں کو 14 کے بجائے 10دن کا قرنطینہ کرنا ہوگا جبکہ بنگلہ دیش ، برازیل ، ہندوستان ، نیپال ، جنوبی افریقہ ، اور سری لنکا سے آنے والے مسافروں کیلئے قرنطینہ کی شرط 14روز ہی برقرار رکھا تھا۔