Tag: eat

  • ناشتہ کرنا بے حد ضروری، لیکن کیا آپ ناشتے میں صحیح چیزیں کھا رہے ہیں؟

    ناشتہ کرنا بے حد ضروری، لیکن کیا آپ ناشتے میں صحیح چیزیں کھا رہے ہیں؟

    دن کا پہلا کھانا، یا ناشتہ دن کی ایک اہم غذا ہے جس کی افادیت حالیہ دور میں کئی بار تحقیق میں ثابت ہوچکی ہے، ناشتہ نہ کرنے کے بے شمار مختصر اور طویل المدتی نقصانات ہیں۔

    تاہم ناشتہ ایسا ہونا چاہیئے جو جسم کی غذائی ضروریات کو پرا کرے اور اسے نقصان نہ پہنچائے۔

    آئیں دیکھتے ہیں کہ وہ کون سی غذائیں ہیں جو ناشتے کو صحت مند اور متوازن بناتی ہیں۔

    اناج

    اناج میں روٹی، ڈبل روٹی اور دلیہ شامل ہیں جو فائبر سے بھرپور ہوتے ہیں اور ایک بہترین ناشتے میں شمار کیے جاتے ہیں، اس میں قدرت نے طاقت کے کئی راز چھپا رکھے ہیں۔ البتہ ان چیزوں کا استعمال چینی کے ساتھ نہ کیا جائے تو بہتر ہے۔

    پروٹین

    صبح ہی صبح ناشتے میں پروٹین سے بھرا کھانا آپ کے پورے دن کو بہترین بنا دے گا۔ ان کھانوں میں انڈا، دہی، پنیر اور ڈرائی فروٹس شامل ہیں، اس کے علاوہ بیجوں میں پروٹین کی تعداد زیادہ ہوتی ہے، ان کے استعمال سے آپ کی صحت اچھی رہے گی اور آپ کے پٹھوں کو بھی طاقت ملے گی۔

    سبزی اور پھل

    قدرت نے پھل اور سبزیوں کو نعمت کے طور پر اتارا ہے جس میں بیماریوں سے لڑنے کے لیے اینٹی آکسیڈنٹس ہوتے ہیں جبکہ وٹامنز اور منرلز بھی کافی تعداد میں پائے جاتے ہیں۔ اپنے ناشتے میں بیریز، کیلا، ایواکاڈو، پالک اور ٹماٹر جیسے پھل اور سبزیوں کو شامل کیا جائے تو یہ بہترین ہے۔

    فیٹس

    ویسے تو چکنائی والے کھانوں سے منع ہی کیا جاتا ہے لیکن ہماری جلد اور جسم کو صحت مند فیٹس کی ضرورت ہوتی ہے جس کے لیے ڈرائی فروٹس، بیج اور ایوا کاڈو کو غذا میں شامل کرنا ضروری ہے۔

    ڈیری اشیا

    کم چکنائی والا دودھ، دہی اور پنیر کا استعمال بھی آپ کے جسم میں کیلشیم اور وٹامن ڈی کی کمی کو پورا کرتا ہے جو ہڈیوں کے لیے ضروری ہے، اگر کسی کو دودھ اور دہی ہضم نہیں ہوتا ہو تو وہ ناریل اور بادام کا دودھ بھی استعمال کرسکتا ہے۔

    چینی سے پرہیز

    چینی انسانی صحت پر منفی اثرات مرتب کرتی ہے، چینی جسم میں قدرتی طور پر بننے والی انسولین کو متاثر کرتی ہے اور شوگر لیول ہائی کرتی ہے، اسی لیے ناشتے میں چینی سے بنی اشیا جیسے پیسٹری، بسکٹس وغیرہ کھانے سے پرہیز کرنا چاہیئے کیونکہ یہ فائدے کے بجائے الٹا نقصان پہنچاتی ہے۔

  • شارک نے کیمرہ نگل لیا، ہولناک ویڈیو ریکارڈ

    شارک نے کیمرہ نگل لیا، ہولناک ویڈیو ریکارڈ

    ایک ٹائیگر شارک نے کیمرہ نگلنے کی کوشش کی جس کے دوران اس کے اندرونی اعضا کی ہولناک ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹائیگر شارک نے گو پرو کیمرے کو کھانے کی کوشش کی۔

    کیمرہ سمندر کی گہرائی میں زمین پر موجود تھا، شارک اس کے پاس آتی ہے اور اسے نگلنے کی کوشش کرتی ہے۔

    شارک کافی دیر کیمرے کو منہ میں گھمانے کے بعد اسے واپس اگل دیتی ہے۔

    اس دوران کیمرے نے شارک کے دانت، حلق اور گلپھڑوں کا بیرونی حصہ ریکارڈ کرلیا جس کی ویڈیو جھرجھری طاری کردینے والی ہے۔

  • شکرقندی کے وہ فائدے جو بہت کم لوگ جانتے ہیں! ‏

    شکرقندی کے وہ فائدے جو بہت کم لوگ جانتے ہیں! ‏

    کولیسٹرول کے مریضوں کے لیے خوشخبری، ماہرین نے شکرقندی میں کولیسٹرول کا علاج ڈھونڈ لیا، یہ کورونا کی بدلتی صورتحال میں بھی بہترین ڈھال بن سکتی ہے

    فی زمانہ کولیسٹرول ایک عام مرض بن گیا ہے اور تقریباْ ہر گھر میں کولیسٹرول کے مریض موجود ہیں جو اس سے نجات کے لیے علاج کے ساتھ مختلف ٹونے ٹوٹکے استعمال کرتے ہیں، مگر اب انہیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ ماہرین نے اس کا سستا اور خوش ذائقہ علاج ڈھونڈ لیا ہے جو باآسانی دستیاب بھی ہے۔

    جی ہاں بات ہورہی ہے شکرقندی کی، جو ان دنوں پاکستان بھر میں ٹھیلوں پر فروخت ہوتی نظر آتی ہے اور لوگوں سردیوں کی سوغات سمجھ کو ذوق وشوق سے کھاتے ہیں۔

    شکرقندی سردیوں کی سوغات کے ساتھ مختلف امراض کا علاج بھی ہے، خصوصاْ کولیسٹرول کے مریض اب بے فکر ہوکر اسے بطور دوا بھی کھا سکتے ہیں۔

    خون کو گاڑھا کرکے امراض قلب اور فالج کا خطرہ بڑھانے والے کولیسٹرول کو کم کرنے کے لیے برطانیہ کی لائپڈ ایسوسی ایشن نے شکرقندی کو بہترین غذائی دوا قرار دیا ہے۔

    شکرقندی میں سب سے اہم جزو فائبر ہے جو خون کو گاڑھا ہونے سے روکتا ہے اور اس کا ریشہ زود ہضم ہوکر آنتوں میں جذب ہوجاتا ہے جو خون میں پہنچ کر کولیسٹرول کو گھٹانا شروع کردیتا ہے۔

    امریکی ماہرین کے مطابق ایک درمیانے درجے کی شکرقندی وٹامن اے کی یومیہ مقدار سے بھی چار گنا زائد وٹامن فراہم کرتی ہے اور دل وگردوں کی حفاظت کے ساتھ قوت مدافعت بڑھاتی ہے۔

    مایو کلینک کی ویب سائٹ کے مطابق شکرقندی سپرفوڈ میں شامل ہے جبکہ ایم ڈی جیسی مصدقہ ویب سائٹ نے بھی کہا ہے کہ اپنے غذائی اجزا کے باعث شکرقندی پورے سال غذا کا حصہ بنائی جاسکتی ہے۔

    صرف کولیسٹرول ہی نہیں بلکہ شکرقندی میں موجود کیریٹیونوئڈز اور مختلف اقسام کے آکسیڈنٹس سرطان جیسے موذی مرض سے بچانے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں، اس میں وٹامن بی، سی، ڈی کے علاوہ کیلشیئم، فولاد، فاسفورس اور تھایامن کی وافر مقدار بھی موجود ہوتی ہے۔

  • ناشتے میں کیا کھایا جائے اور کیا نہیں؟

    ناشتے میں کیا کھایا جائے اور کیا نہیں؟

    آج کل کی مصروف زندگی میں اکثر لوگ اپنا ناشتہ چھوڑ دیتے ہیں تاہم یہ صحت کے لیے نہایت خطرناک ہوسکتا ہے۔

    ماہر غذائیات ڈاکٹر عائشہ عباس نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب تک بے شمار ریسرچز ہوچکی ہیں جن میں ثابت ہوچکا ہے کہ ناشتہ صحت کے لیے نہایت ضروری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ناشتہ کرنے سے دماغ چاق و چوبند اور فعال رہتا ہے، کام کرنے والوں اور اسکول جانے والے بچوں کی کارکردگی میں بہتری آتی ہے، بھوک کم لگتی ہے جبکہ وزن میں بھی کمی ہوتی ہے۔

    ڈاکٹر عائشہ کا کہنا تھا کہ ناشتے میں پروٹین اور کاربو ہائیڈریٹس کا امتزاج ہونا چاہیئے، جیسے کہ انڈا، گندم (روٹی یا پراٹھا)، دلیہ اور دہی وغیرہ ہونے چاہئیں۔ جوسز کی جگہ پھل کھانے چاہئیں یا پھر ملک شیکس لیے جائیں۔

    انہوں نے کہا کہ ناشتے میں پراٹھا کھانے میں کوئی مضائقہ نہیں لیکن اس میں تیل کی مقدار بہت زیادہ نہ ہو، اور اس میں اضافی کیلوریز شامل نہ کی جائیں جیسے آلو یا قیمے کا پراٹھا بنا کر اسے ہاضمے پر بوجھ بنا لیا جاتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہفتے کے 6 دن متوازن غذائیت سے بھرپور ناشتہ کیا جائے اور ساتویں دن بدپرہیزی کی جاسکتی ہے جیسے کہ فیملی کے ساتھ نہاری، یا حلوہ پوری کا ناشتہ۔

  • بھارت کے سرکاری اسپتال کے مردہ خانے میں چوہے لاش کی آنکھیں کتر گئے

    بھارت کے سرکاری اسپتال کے مردہ خانے میں چوہے لاش کی آنکھیں کتر گئے

    نئی دہلی : بھارت کے شہر کلکتہ کے سرکاری اسپتال آرجےکھر کے مردہ خانے میں ہلاک ہونے والے شخص کی آنکھوں مبینہ طور پر چوہے کُتر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کلکتہ کے سرکاری ہسپتال آر جے کھر میڈیکل کالج کے مردہ خانے میں حادثے کے باعث ہلاک ہونے والے 69 سالہ سموناتھ داس کی لاش رکھی گئی تھی۔

    رپورٹ کے مطابق جب سموناتھ داس کی لاش ان کے بیٹے کے حوالے کی گئی تو آنکھیں غائب تھیں،اس حوالے سے بتایا گیا کہ رواں ماہ 18 اگست کو ٹریفک حادثے میں سموناتھ کی موت واقع ہوئی، جس کے بعد آر جے کھر میڈیکل کالج میں ان کا پوسٹ مارٹم ہوا اور پھر لاش کو مردہ خانے منتقل کردیا گیا۔

    سموناتھ کے بیٹے سشانت نے ہسپتال حکام کو لکھے گئے خط میں بتایا کہ مردہ خانے کے ملازمین نے بتایا کہ ان کے والد کی آنکھیں چوہے کتر گئے۔

    انہوں نے بتایا کہ ان کے والد کی لاش کو پلاسٹک کی بڑی شیٹ اور ایک کپڑے میں اچھی طرح لپیٹ کر دیا گیا،ان کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے پلاسٹک ہٹائی تو دیکھا کہ والد کی آنکھیں غائب تھیں۔

    مرنے والے شخص کے بیٹے نے بتایا کہ مردہ خانے کے ملازمین نے چوہوں کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے،علاوہ ازیں اس بارے میں بتایا گیا کہ کلکتہ حکام نے تین رکنی کمیٹی تشکیل دے کر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    میڈیکل کالج کے پرنسپل سدھابان بٹیال نے بتایا کہ یہ انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے، تشکیل دی گئی کمیٹی 72 گھنٹے میں اپنی رپورٹ جمع کرائے گی۔

    دوسری جانب صوبائی وزیر برائے صحت چندریما بھتاچاریہ نے واقعہ سے متعلق گفتگو کرنے سے گریز کیا۔

  • ہوشیار! عید کے یہ پکوان آپ کو خطرناک نقصان پہنچا سکتے ہیں

    ہوشیار! عید کے یہ پکوان آپ کو خطرناک نقصان پہنچا سکتے ہیں

    عید الاضحیٰ کی آمد آمد ہے اور اس کے ساتھ ہی خواتین عید کی تعطیلات میں پکانے کے لیے کھانوں کی ایک لمبی فہرست تیار کر چکی ہوں گی جسے دیکھ کر منہ میں پانی بھر آئے گا۔

    لیکن کیا آپ جانتے ہیں کچھ غذائیں ایسی ہیں جنہیں کھا کر آپ کی عید خراب ہوسکتی ہے اور آپ کو ڈاکٹر کے پاس جانا پڑ سکتا ہے، لہٰذا ایسی غذاؤں سے پرہیز کرنا ہی بہتر ہے۔

    آئیں دیکھتے ہیں وہ کون سی غذائیں ہیں۔

    تلا ہوا گوشت

    عید گوشت کے بغیر ادھوری ہوتی ہے، عید پر گوشت سے مختلف اقسام کی مزیدار ڈشز تیار کی جاتی ہیں جن میں سے ایک تلا ہوا گوشت بھی ہے۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں تلا ہوا گوشت صحت کے لیے نہایت مضر ہے۔

    درست طریقے سے نہ پکانے پر اس میں جراثیم باقی رہ سکتے ہیں جو آپ کو خطرناک بیماریوں اور مختلف انفیکشنز میں مبتلا کرسکتے ہیں۔ اس کی جگہ آپ گوشت کو اچھی طرح پکا کر، گرل یا بیک کر کے کھا سکتے ہیں۔

    کیک

    عید پر عزیز و اقارب کے گھر جاتے ہوئے میٹھے کے طور پر لے جانے کے لیے کیک سے بہتر کوئی چیز نہیں۔ عید پر مرغن پکوان کھانے کے بعد میٹھے کی ضرورت بھی محسوس ہوتی ہے چنانچہ ایسے موقع پر کریم کیکس بھی دستر خوان پر دکھائی دے سکتے ہیں۔

    تاہم اس میں موجود مٹھاس آپ کے وزن میں اضافہ کرسکتی ہے اور آپ کو شوگر میں بھی مبتلا کرسکتی ہے۔ اس عید پر میٹھے میں تازہ پھل خود بھی کھائیں اور مہمانوں کو بھی پیش کریں۔

    جنک فوڈ

    جنک فوڈ کھانا ہماری عام عادت بن گیا ہے اور اس کے خطرناک نقصانات بھی ڈھکے چھپے نہیں، لیکن چونکہ عید پر آپ کے گھر میں آپ کی پسندیدہ نہایت مزیدار ڈشز تیار ہوں گی تو عید پر جنک فوڈ کھانے کے بجائے گھر کا بنا ہوا صحت مند کھانا کھانے کو ترجیح دیں۔

    سوڈا ڈرنکس

    عید پر مرغن کھانوں کے ساتھ کولڈ ڈرنکس بھی ضروری سمجھی جاتی ہیں۔ یہ آپ کا کھانا ہضم تو کردیتی ہیں تاہم ان میں موجود مضر صحت اجزا آپ کے جسم کو خطرناک نقصانات پہنچا سکتے ہیں۔

    دن کے آغاز پر ایک جگ لیموں کا شربت بنا کر رکھ لیجیئے، اور جب بھی کچھ پینے کی خواہش ہو تو اس شربت کو نوش کریں۔ لیموں کا شربت مرغن غذاؤں کو ہضم کرنے میں مدد دے گا اور آپ سینے کی جلن سے بھی محفوظ رہیں گے۔

  • زندہ آکٹوپس کھانے والی خاتون کو آکٹوپس نے جکڑ لیا

    زندہ آکٹوپس کھانے والی خاتون کو آکٹوپس نے جکڑ لیا

    بیجنگ : زندہ آکٹوپس کھانے کی کوشش کرنے والی خاتون خود مشکل کا شکار ہوگئی، سمندری مخلوق حملہ کرکے خاتون  کے چہرے کو جکڑ لیا۔

    سمندر میں رہنے والا آکٹوپس جسے 8 ٹانگیں ہونے کی وجہ سے ہشتت پا بھی کہا جاتا ہے بظاہر تو بے ضرر سی مخلوق معلوم ہوتی ہے لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ اگر کوئی بات اس جانور کو ناپسند ہو تو یہ کتنا خطرناک ہوجاتا ہے۔

    سماجی رابطوں کی ویب سایٹ پر چینی خاتون بلاگر کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آن لائن ویڈیو کے دوران زندہ آکٹوپس کھانے کا ارادہ رکھنے والی خاتون پر آکٹوپس نے کیسے حملہ کیا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ شروع میں خاتون اپنے مداحوں سے کہہ رہی تھی کہ ’دیکھو کتنی قوت سے جکڑ ا ہوا ہے‘ اور اپنے اوپری ہونٹ سے آکٹوپس کو ہٹانے کی کوشش کررہی ہے۔

    تاہم درد کی شدت کے باعث خاتون بلاگر یہ کہتے ہوئے رونے لگی ’میں اسے نہیں ہٹا پارہی ہوں‘۔

    خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ کچھ دیر جدوجہد کے بعد خاتون آکٹوپس کو چہرے سے ہٹانے سے میں کامیاب تو ہوگئی لیکن چہرے سے سمندری مخلوق کے کاٹنے کے باعث خون بہہ رہا تھا۔

    خاتون نے روتے ہوئے کہا کہ ’میرا چہرہ خراب ہوگیا‘ آخر میں خاتون نے چیختے ہوئے کہا کہ ’اگلی ویڈیو میں ضرور کھاؤں گی‘۔

    خیال رہے کہ اب سے 40 کروڑ سال قبل وجود میں آنے والا یہ جانور زمین کے اولین ذہین جانوروں میں شمار کیا جاتا ہے۔ یعنی جس وقت یہ زمین پر موجود تھا، اس وقت ذہانت میں اس کے ہم پلہ دوسرا اور کوئی جانور موجود نہیں تھا۔

    آکٹوپس میں ایک خاصا بڑا دماغ پایا جاتا ہے جس میں نصف ارب دماغی خلیات (نیورونز) موجود ہوتے ہیں اور انسانوں کی نسبت 10 ہزار گنا زائد جینز موجود ہوتے ہیں جنیہیں یہ مخلوق اپنے مطابق تبدیل کرسکتی ہے۔

    واضح رہے کہ آکٹوپس موقع کے حساب سے اپنے آپ کو ڈھالنے کی شاندار صلاحیت رکھتا ہے، یہ نہ صرف رنگ بدل سکتا ہے بلکہ اپنی جلد کی بناوٹ تبدیل کرکے ایسی شکلیں اختیار کر لیتا ہے کہ دشمن یا شکار نزدیک ہونے کے باوجود بھی دھوکہ کھا جاتا ہے۔

  • سحر و افطار میں کن غذاؤں کا استعمال ضروری ہے

    سحر و افطار میں کن غذاؤں کا استعمال ضروری ہے

    کراچی : رمضان المبارک میں مہینے میں سحر اور افطاری کا خاص اہتمام کیا جاتا ہے ، رمضان مبارک میں سحر و افطار کے اوقات میں غذا کا اعتدال کے ساتھ استعمال بہت ضروری ہے۔

    سحر و افطار میں پانی کا استعمال بڑھا دینا چاہیئے، پانی یا پھلوں کے رس زیادہ سے زیادہ پییں اپنی غذا میں دودھ اور دہی کا استعمال بھی ضرور کریں۔

    سحری

    ماہرین کا کہنا ہے کہ روزے داروں کو سحری ضرور کرنی چاہیئے تاکہ دن بھر جسم میں پانی اور توانائی کی کمی نہ ہو،سحری میں ایسی غذا استعمال کرنی چاہیئے جس میں کاربوہائیڈریٹس زیادہ ہوں۔

    سحری میں ایک پیلالہ دلیہ دودھ کے ساتھ استعمال کریں ، ساتھ ہی ایک مٹھی میوے کا استعمال بھی فائدے مند ہے ۔

    سحری میں چکی کے آٹے کی روٹی کا استعمال کیا جائے۔ دلیہ یا دوسرے کسی غلے اور اسپغول کی بھوسی کا استعمال ہمیں دیر تک بھرے پیٹ کا احساس دلاتا ہے اور صحت کے لئے بھی اچھا ہے۔ گوشت، مچھلی، مرغی اور انڈے کا استعمال اپنی صحت اور بیماری کو سامنے رکھتے ہوئے اور دودھ اور دودھ سے بنی چیزیں بھی استعمال کی جا سکتی ہیں۔

    سحری کے وقت سخت غذا، بھنے ہوئے گوشت اور مصالحہ دار غذا وغیرہ کھانے سے دن میں پیاس لگنے کا امکان ہوتا ہے۔

    سحری میں تیز یا سٹرونگ چائے، کافی، کوک ، سیون اپ یا اس جیسی دیگر مشروبات،مصالحہ جات، تیز مرچ، نمکین غذا کھانے سے پیاس زیادہ لگنے کا خطرہ ہے۔

    افطاری

    ماہرین کہتے ہیں کہ روزہ کھولنے کے لیے کھجور اور دہی، پانی اور تازہ پھلوں کا رس استعمال کرنا چاہیئے۔ اس کے بعد دس منٹ تک انتظار کرنے کے بعد ایسی خوراک لینی چاہیئے جس میں معدنیات زیادہ ہوں۔

    افطار پر پھل کا پیالہ یا بغیر پاپڑی کی چنا چاٹ کھا کر افطار کیا جاسکتا ہے لیکن ان چیزوں میں چینی، نمک اور تیل کا استعمال نہ کریں۔

    افطار پر اعتدال سے خوراک لینی چاہیئے۔ کوشش کرنی چاہیئے کہ چینی اور چربی سے بنی چیزوں سے پرہیز کیا جائے، کیونکہ یہ کھانے نہ صرف انسانی میٹابولیزم پر منفی اثرات ڈالتے ہیں، بلکہ اس سے سر میں درد ہو سکتا ہے اور انسان تھکاوٹ محسوس کرتا ہے۔

    افطار میں مرغی کا گوشت اور ابلے ہوئے چاول ، جبکہ سبزیوں اور پھلوں والے کریم سلاد کا بھی استعمال کریں۔

    افطار اور سحری کے درمیان سبزی جات اور فروٹ جسیے تربوز،آڑو وغیرہ دن کے بھوک اور پیاس سے بچانے میں موثر ہیں۔

    ہمارے ہاں سموسوں، پکوڑوں کے بغیر افطار نامکمل سمجھی جاتی ہے اگر اس کے بغیر افطاری ممکن نہیں ہے تو ان سموسوں یا رول پر تیل برش کر کے بیک کر لیں۔

    ایسے کھانے جن میں تیل گھی وغیرہ کا استعمال بالکل نہیں ہوتا یا بہت کم مقدار میں ہوتا ہے، جیسے آلو چھولے کی چاٹ اور دہی بڑے وغیرہ کا استعمال کریں، تیل و گھی والے سموسے، پکوڑے، کچوریوں کے بجائے سینڈوچ بہتر متبادل ثابت ہوگا۔

    ماہرین نرم اور زود ہضم غذا جیسے یخنی،شوربہ ، مرغی کا گوشت،کھیر اور دیگر نرم غذا کھانے کی تاکید کرتے ہیں اسکے علاوہ سبزی جات، فروٹ،سوپ وغیرہ بھی افطاری اور سحری دونوں میں بہت مفید ہے جو نہ صرف بدہضمی سے بچاتا ہے بلکہ آرام دہ نیند میں بھی مفید ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔