Tag: EC

  • لاپتا ہونے والے پریزائیڈنگ افسران کے خلاف جوڈیشل کارروائی کا فیصلہ

    لاپتا ہونے والے پریزائیڈنگ افسران کے خلاف جوڈیشل کارروائی کا فیصلہ

    لاہور: این اے 75 ڈسکہ میں پریزائیڈنگ افسران کے لاپتا ہونے کے معاملے پر سامنے آنے والی انکوائری رپورٹ پر الیکشن کمیشن نے جوڈیشل کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق لاپتا پریزائیڈنگ افسران کے معاملے پر جوائنٹ الیکشن کمشنر پنجاب کی انکوائری پر کھلی عدالت میں سماعت ہوگی، اور الیکشن کمیشن کی جانب سے ذمہ داران کو باضابطہ نوٹس جاری کیے جائیں گے۔

    یاد رہے کہ الیکشن کمیشن کے رواں ہفتے ہونے والے اجلاس میں اس رپورٹ کا جائزہ لیا گیا تھا، الیکشن کمیشن نے ڈسکہ میں نتائج روک کر دوبارہ پولنگ کا حکم دیا تھا۔

    واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی رپورٹ ميں انکشاف کیا گیا تھا کہ این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی اليکشن ميں 20 لاپتا پریزائيڈنگ افسران مشکوک جگہ پر ایک ساتھ پائے گئے تھے، وہ اگلی صبح ایک ساتھ نمودار ہوئے تھے۔

    بلدیاتی انتخابات

    دوسری طرف بلدیاتی انتخابات کے لیے عدم تعاون پر الیکشن کمیشن نے وفاق اور صوبوں کو احکامات جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن پہلے خیبر پختون خوا میں نومبر میں مرحلہ وار انتخابات کروانے کے لیے احکامات جاری کرے گا۔

    الیکشن کمیشن نے اسلام آباد اور صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کے لیے وفاق سے فنڈز بھی مانگ لیے ہیں، الیکشن کمیشن نے وزارت خزانہ کو مراسلہ ارسال کر دیا، جس میں کہا گیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے مختص فنڈز کا جلد اجرا کیا جائے۔

    ادھر سندھ سرکار کے مرتضیٰ وہاب کہتے ہیں کہ مردم شماری کا مسئلہ حل ہونے تک بلدیاتی انتخابات نہیں ہو سکتے، اگر الیکشن کمیشن نے حکم دیا تو فروری مارچ تک انتخابات کرا دیں گے۔

  • الیکشن کمیشن نے وفاق کو مردم شماری کی سرکاری اشاعت کا حکم دے دیا

    الیکشن کمیشن نے وفاق کو مردم شماری کی سرکاری اشاعت کا حکم دے دیا

    کراچی: سندھ میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، ایسے میں الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں پر حکومت سندھ اور پیپلز پارٹی کے مؤقف پر ایکشن لے لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی حکومت کو حکم دے دیا ہے کہ جلد از جلد مردم شماری کی سرکاری اشاعت کی جائے۔ اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے وزارتِ پارلیمانی امور اور وزارتِ قانون کو احکامات جاری کر دیے۔

    قبل ازیں، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس میں حکومت سندھ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی پٹیشنز پر غور کیا گیا، اجلاس میں مردم شماری کے سرکاری اعداد و شمار کی اشاعت اور سندھ میں حلقہ بندیوں کے معاملے کو دیکھا گیا۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ آبادی کے اعداد و شمار حلقہ بندیوں کے لیے بنیادی جز ہیں، اس لیے حلقہ بندیوں کے لیے 2017 کی مردم شماری کی سرکاری اشاعت ضروری ہے۔

    احکامات پر عمل درآمد کے لیے الیکشن کمیشن نے متعلقہ حکام کو مراسلے بھی جاری کر دیے۔

    الیکشن کمیشن نے سندھ میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کیلئے کمیٹیوں کا اعلان کر دیا

    یاد رہے کہ 2 ستمبر کو الیکشن کمیشن نے سندھ میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کے لیے کمیٹیوں کا اعلان کیا تھا، یوسیز، یونین کمیٹیز اور وارڈز کی نئی حلقہ بندیوں کے بعد سندھ میں بلدیاتی الیکشن کا انعقاد کیا جانا ہے۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ 9 سے 22 ستمبر تک سندھ بھر میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کو مکمل کیا جائے گا، 23 ستمبر کو سندھ میں ابتدائی حلقہ بندیاں آویزاں کی جائیں گی اور اس کے بعد بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان ہوگا۔

  • ریفرنس زائد المیعاد ہونے کےباعث الیکشن کمیشن سماعت نہیں کرسکتا ہے‘بابراعوان

    ریفرنس زائد المیعاد ہونے کےباعث الیکشن کمیشن سماعت نہیں کرسکتا ہے‘بابراعوان

    اسلام آباد: ڈاکٹر بابر اعوان کا کہنا ہے کہ ریفرنس زائد المیعاد ہونے کے باعث الیکشن کمیشن سماعت نہیں کرسکتا ہے، الیکشن کمیشن 90 دن میں ریفرنس پرفیصلہ کرنےکے پابند ہے.

    تفصیلات کےمطابق الیکشن کمیشن میں زیرالتواریفرنس کےخلاف ہائی کورٹ میں دائر درخواست کی سماعت ہوئی،تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے ڈاکٹر بابر اعوان عدالت میں پیش ہوئے.

    ڈاکٹربابراعوان نےدلائل دیتے ہوئے کہا کہ ریفرنس زائد المیعاد ہونے کے باعث الیکشن کمیشن سماعت نہیں کرسکتا ہے،الیکشن کمیشن 90 دن میں ریفرنس پرفیصلہ کرنےکے پابند ہے.

    انہوں نے4 کہاکہ دسمبرتک 90 دن مکمل ہونے پر الیکشن کمیشن سماعت نہیں کرسکتا ہے،جبکہ 5 ستمبرکو اسپیکرنےعمران خان کےخلاف ریفرنس منتقل کیا تھا.

    مزید پڑھیں:نااہلی ریفرنس: عمران خان کے وکیل نے ریفرنس ناقابل سماعت قرار دے دیا

    بابراعوان نے کہا کہ ہم نے انتہائی اہم اور قانونی مسئلے پر لارجربنچ تشکیل دینے کی استدعا کی ہے.

    یہاں پڑھیں:پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی الیکشن کمیشن میں زیر التوا ریفرنس کے خلاف درخواست دائر

    واضح رہےکہ عدالت نے دلائل سننے کے بعد اٹارنی جنرل کو قانونی معاونت کے لیے نوٹس جاری کر دیا.بعد ازاں چیف جسٹس ہائی کورٹ نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔