Tag: ECL

  • ہائیکورٹ نے لاپتا نوجوان فیضان عثمان کی فیملی ای سی ایل پر رکھنے کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا

    ہائیکورٹ نے لاپتا نوجوان فیضان عثمان کی فیملی ای سی ایل پر رکھنے کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا

    اسلام آباد: ہائیکورٹ نے لاپتا نوجوان فیضان عثمان کی فیملی ارکان کے نام ای سی ایل پر رکھنے کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں شہریوں کے نام سفری پابندی کی فہرست میں شامل کرنے کے خلاف کیس میں عدالت نے 13 سالہ بچے سمیت فیملی کے 9 میں سے 7 ارکان کے نام ای سی ایل پر رکھنے کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔

    بغیر اسکروٹنی اور ورکنگ پیپر فیملی ارکان کے نام ای سی ایل پر ڈالنے کا معاملہ سب کمیٹی کو کیسے بھیجا؟ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیکریٹری داخلہ سے آئندہ سماعت پر بیان حلفی طلب کر لیا۔

    فیضان عثمان کچھ عرصہ قبل لاپتا ہوا تھا، جسٹس بابر ستار کی جانب سے سماعت کا 3 صفحات پر مبنی تحریری حکم جاری کیا گیا، عدالتی دستاویزات کے مطابق عدالت کو بتایا گیا کہ خفیہ ادارے کی سفارش پر ایک فیملی کے 9 افراد کے نام ای سی ایل پر ڈالے گئے۔

    مصطفیٰ نواز کھوکھر کے والد کو ڈپلیکیٹ اسلحہ لائسنس جاری کرنے کی درخواست انتقال کے بعد منظور

    حکم نامے کے مطابق عدالت کو بتایا گیا کہ خفیہ ادارے نے پھر 7 افراد کی حد تک سفارش واپس لے لی، اور صرف 2 کی حد تک برقرار رکھی، تاہم کیس کی سماعت کے دوران وزارت داخلہ حکام عدالت کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے کہ انھوں نے کیا اسکروٹنی کی تھی، اور عدالت کو یہ نہیں بتایا گیا کہ کابینہ کمیٹی کو نام بھیجوانے کے لیے کیا ورکنگ پیپر تیار کیا گیا۔

    عدالت نے وزارت داخلہ کی جانب سے کابینہ کمیٹی کو بھجوایا جانے والا ورکنگ پیپر بھی آئندہ سماعت پر طلب کر لیا، اور ریمارکس دیے کہ بادی النظر میں بغیر ورکنگ پیپر اور بغیر اسکروٹنی نام ای سی ایل پر ڈالے گئے ہیں۔

  • عدالت نے اسد قیصر کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے دیا

    عدالت نے اسد قیصر کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے دیا

    پشاور: ہائیکورٹ نے اسد قیصر کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق اسپیکر اسد قیصر کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت مکمل کرتے ہوئے جسٹس شکیل احمد اور جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ پر مشتمل بینچ نے اسد قیصر کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم دے دیا۔

    عدالت نے 23 جون 2023 کو اسد قیصر کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا آرڈر غیر آئینی غیر قانونی قرار دیا۔

    کیس میں اسد قیصر کے وکیل معظم بٹ اور ارشد علی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے، وکیل درخواست گزار معظم بٹ ایڈووکیٹ نے کہااسد قیصر سابق اسپیکر قومی اسمبلی ہے، عمرہ کی ادائیگی کے لیے جا رہے تھے کہ ان کو روکا گیا۔

    جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے استفسار کیا کہ اسد قیصر کا نام کب ای سی ایل میں شامل کیا گیا؟ وکیل نے بتایا کہ 23 جون کو ان کا نام ای سی ایل پر ڈالا گیا تھا۔ جسٹس شکیل احمد نے استفسار کیا کہ کیا یہ اب ممبر قومی اسمبلی بھی منتخب ہوئے ہیں؟ وکیل نے بتایا کہ جی یہ ممبر قومی اسمبلی ہے اور سینئر سیاست دان ہے۔

    عدالت نے اسد قیصر کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا آرڈر غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اسد قیصرکا نام ای سی ایل سے فوری طور پر نکالنے کا حکم جاری کر دیا۔

  • کراچی ایئرپورٹ سے بیرون ملک جانے والے 3 مسافر گرفتار

    کراچی ایئرپورٹ سے بیرون ملک جانے والے 3 مسافر گرفتار

    کراچی : ایف آئی اے امیگریشن نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے بیرون ملک جانے والے تین مسافروں کو گرفتار کرلیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ان تینوں ملزمان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل تھا اور انہیں ملک سے فرار ہوتے ہوئے حراست میں لے لیا گیا۔

    ایف آئی اے ذرائع کے مطابق کراچی سے دبئی جانے والا مسافر وحید علی لغاری قتل کے مقدمے میں ملوث نکلا۔

    ملزم وحید علی لغاری نے سندھ کے شہر دادو میں قتل کی واردات کی تھی اور گرفتاری سے بچنے کیلئے غیرملکی ایئر لائن سے دبئی فرار ہو رہا تھا۔ ایف آئی اے کے عملے نے مذکورہ مسافر کو حراست میں لے کے پولیس کو مطلع کردیا۔

    دوسری کارروائی میں ایف آئی اے امیگریشن نے پاکستانی پاسپورٹ پر سفر کرنے والے دو ایرانی باشندوں کو گرفتار کرلیا، دونوں مسافر کراچی سے غیرملکی ایئر لائن سے شارجہ جا رہے تھے۔

    امیگریشن حکام کے مطابق محمد علی اورعبدالصمد ایرانی باشندے ہیں، دونوں مسافروں کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

    ایف آئی اے کے مطابق محمد علی پاکستانی پاسپورٹ نمبر اے ایم 1833501 اور عبدالصمد پاکستانی پاسپورٹ نمبر اے کیو 5271791 سے سفر کر رہا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ایرانی مسافروں کے پاس پاکستانی شناختی دستاویزات موجود تھیں، ایرانی باشندہ عامر علی کی دستاویزات پر بلوچستان کے ضلع کیچ کا ایڈریس درج ہے۔

    اس کے علاوہ دوسرے ایرانی باشندے عبدالصمد کی دستاویزات پر بلوچستان کے ضلع آواران کا ایڈریس درج ہے۔

  • ای سی ایل سے نکالے گئے کابینہ ارکان کے ناموں کی تفصیلات طلب

    ای سی ایل سے نکالے گئے کابینہ ارکان کے ناموں کی تفصیلات طلب

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے تحقیقاتی اداروں میں مبینہ مداخلت اور ایگزٹ کنٹرو لسٹ سے نکالے گئے کابینہ ارکان کے ناموں کی تفصیلات طلب کر لیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق تحقیقاتی اداروں میں حکومت کی مبینہ مداخلت پر ازخود نوٹس کی سماعت ہوئی، چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ نے سماعت کی۔

    ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دئیے کہ رولز کے مطابق کرپشن، دہشتگردی، ٹیکس نادہندہ اور لون ڈیفالٹر ملک سے باہر نہیں جا سکتے لیکن کابینہ نے کس کے کہنے پر کرپشن اور ٹیکس نادہندگان والے رول میں ترمیم کی؟ کیا وفاقی کابینہ نے رولز کی منظوری دی ہے؟

    یہ بھی پڑھیں: حکومت کا ریٹائرڈ جج کے بجائے ریٹائرڈ بیورو کریٹ کو چیئرمین نیب لگانے کا فیصلہ

    اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ کابینہ کی منظوری کے منٹس پیش کردوں گا،جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کہ کیا ایک سو بیس دن بعد ازخود نام ای سی ایل سے نکل جائے گا؟ ، جس پر اٹارنی جنرل اشتر اوصاف نے بتایا کہ ایک سو بیس دن کا اطلاق نام ای سی ایل میں شامل ہونے کے دن سے ہوگا۔

    جسٹس مظاہر نقوی نے کہا کہ کابینہ کے ارکان خود اس ترمیم سے مستفید ہوئے ،کابینہ ارکان اپنے ذاتی فائدے کیلئے ترمیم کیسے کر سکتے؟

    اس موقع پر جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دئیے کہ کوئی ضابطہ اخلاق ہے کہ وزیر ملزم ہو تو متعلقہ فائل اس کے پاس نہ جائے؟ چیف جسٹس نے کہاکہ نیب کے مطابق ہماری بغیر مشاورت کے ایک سو چوہتر افراد کے نام ای سی ایل سے نکالے گئے، جسٹس مظاہر نقوی نے کہا اس کا مطلب ہے اعظم نذ یر تارڑ جس کے وکیل تھے اسی کو فائدہ پہنچایا.

    عدالت عظمیٰ میں وزیر اعظم اور وزیراعلی پنجاب کے کیس میں ایف آئی اے افسران کے تبادلے سے متعلق ایف آئی رپورٹ پر بحث ہوئی، جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ ایف آئی اے رپورٹ سے تاثر ملا کہ بہت سے معاملات کو غیر سنجیدہ اقدامات کے ذریعے کور کیا گیا۔

    وزارت قانون نے تیرہ مئی کو سکندر ذوالقرنین سمیت ایف آئی اے پراسکیوٹرز کو معطل کیا، بظاہر ایف آئی اے پراسکیوٹرز کو کیس کی دو سماعتوں میں پیش نا ہونے کی بنیاد پر معطل کیا گیا ہے، کیا آپ نے پراسکیوٹرز کو یہ کہا کہ آپ پیش ہو نا ہوں آپ فارغ ہیں؟ پراسکیوٹرز کو تبدیل کرنے کے لیے حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا، انویسٹیگیشن آفیسر کو بھی بیماری کی وجہ سے تبدیل کیا گیا، حالانکہ وہ تبدیل ہونے کے ایک مہینہ بعد بیمار ہوا۔

    جسٹس منیب اختر نے بھی کہا کہ کیا جن سماعتوں پر پیش نہ ہونے پر پراسکیوٹرزکو معطل کیا گیا وہ نئی حکومت کے قیام کے بعد کی تھیں؟،چیف جسٹس نے کہا کہ ایف آئی اے پراسکیوشن ٹیم بظاہر مقدمہ کی کارروائی رکوانے کیلئے تبدیل کی گئی، آرٹیکل 248 وزراء کو فوجداری کارروائی سے استثنی نہیں دیتا، وفاقی وزراء کیخلاف فوجداری کارروائی چلتی رہنی چاہیے، فوجداری نظام سب کیلئے یکساں ہونا چاہیے۔

    سپریم کورٹ نے ڈی جی ایف آئی اے اور ڈائریکٹر لاء آپریشنز ایف آئی اے عثمان گوندل کو ریکارڈ سمیت طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔

  • پابندی ہٹتے ہی آصف زرداری دبئی پہنچ گئے

    پابندی ہٹتے ہی آصف زرداری دبئی پہنچ گئے

    اسلام آباد: ملک سے باہر جانے پر پابندی ہٹتے ہی آصف زرداری دبئی پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری گزشتہ شب دبئی پہنچ گئے، آصف زرداری ای سی ایل سے نام ہٹائے جانے کے بعد اسلام آباد سے نجی طیارے کے ذریعے روانہ ہوئے تھے۔

    پی پی کے شریک چیئرمین نے دبئی میں بیٹی بختاور بھٹو سے ملاقات کی، اور نواسے میر حاکم چوہدری کو دیکھا۔ یاد رہے کہ وفاقی کابینہ نے دسمبر 2018 میں سابق صدر آصف علی زرداری سمیت 172 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالے تھے۔

    ادھر سندھ ہائی کورٹ میں وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف سمیت وفاقی اور صوبائی حکومتوں میں شامل 2 سو سے زائد افراد کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے نوٹیفکیشن کے خلاف درخواست دائر کر دی گئی ہے۔

    شہباز شریف سمیت 200 افراد کے نام ای سی ایل سے نکالنے کا نوٹیفکیشن چیلنج

    درخواست گزار کا کہنا ہے کہ جن کے نام ای سی ایل میں ڈالے گئے تھے ان پر سنگین مقدمات میں ہیں، وہ قومی خزانہ لوٹ کر پیسہ ملک سے باہر لے گئے، شاہد خاقان عباسی، مریم نواز، مفتاح اسماعیل سمیت بیشتر کے نام عدالتی حکم پر ای سی ایل میں شامل کیے گئے تھے۔

    درخواست گزار نے مزید کہا کہ عدالت نے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم دیا، عدالت کی اجازت کے بغیر کسی کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالا جا سکتا۔

    خیال رہے کہ سعودی شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر وزیراعظم شہباز شریف 28 سے 30 اپریل تک سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔

  • احسن اقبال کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا

    احسن اقبال کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے احسن اقبال کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈال دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال پر بیرون ملک جانے پر پابندی عائد ہو گئی، وزارت داخلہ نے احسن اقبال کا نام ای سی ایل میں شامل کر لیا۔

    احسن اقبال کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری وفاقی کابینہ نے دی تھی۔

    سابق وزیر داخلہ احسن اقبال پر نارووال اسپورٹس سٹی کمپلیکس ریفرنس میں فرد جرم عائد کی جا چکی ہے، تاہم انھوں نے دسمبر 2020 میں صحت جرم سے انکار کر دیا تھا۔

    اس ریفرنس میں احسن اقبال کے شریک ملزم 73 سالہ آصف شیخ نے وعدہ معاف گواہ بننے کی درخواست بھی دائر کی تھی، جس میں انھوں نے کہا تھا کہ میں بیمار ہوں اور علاج کی غرض سے امریکا جانا چاہتا ہوں، سیکشن 26 کے تحت معاف کر کے مجھے کیس میں گواہ بنایا جائے۔

    نیب راولپنڈی نے نومبر میں نارووال اسپورٹس سٹی کمپلیکس میں اختیارات کے غلط استعمال کے الزام میں احسن اقبال کے خلاف ریفرنس دائر کیا تھا، ریفرنس کے مطابق احسن اقبال نے اختیارات کا نا جائز استعمال کیا، منصوبے کے بجٹ میں اضافہ کرایا، پراجیکٹ 34.75 ملین سے 2994 ملین روپے تک پہنچایا گیا، پروجیکٹ پنجاب حکومت کا تھا لیکن وفاق کا پیسہ لگایا گیا۔

    نارووال اسپورٹس سٹی پروجیکٹ نواز شریف کے دوسرے دور 1998میں شروع کیا گیا تھا، اس ریفرنس میں احسن اقبال، سابق ڈی جی اختر نواز، سرفراز رسول، آصف شیخ اور محمد احمد نامزد ہیں۔

  • عدالت نے پی پی رہنما کو بڑا ریلیف دے دیا

    عدالت نے پی پی رہنما کو بڑا ریلیف دے دیا

    کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے رہنما پاکستان پیپلز پارٹی نثار کھوڑو کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ نے آمدن سے زائد اثاثے اور منی لانڈرنگ کے الزامات کے کیس میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما نثار کھوڑو کی بیرون ملک جانے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔

    دوران سماعت عدالت نے نثار کھوڑو کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم دیتے ہوئے انہیں نو اپریل سے انیس مئی تک بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔

    نیب کی جانب سے پی پی رہنما کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کی مخالفت کی گئی، نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ نثار کھوڑو کےخلاف نیب انکوائریاں کررہا ہے، نثارکھوڑو کو باہر جانےکی اجاز ت نہ دی جائے، خدشہ ہے کہ ملزم باہر جانےکے بعد وطن واپس نہیں آئےگا۔

    یہ بھی پڑھیں:  محکمہ خوراک سندھ میں کرپشن، پیپلزپارٹی رہنما نثار کھوڑو نیب میں پیش

    اس موقع پر وکیل نثار کھوڑو نے عدالت کو بتایا کہ نثارکھوڑو کی فیملی ملک سے باہر مقیم ہے، کرونا اور لاک ڈاؤن کے باعث نثار کھوڑو فیملی سے نہیں ملے، تاہم عدالت نے نیب کی استدعا مسترد کی اور پی پی رہنما نثار کھوڑو کو بیرون ملک جانے کی اجازت دےدی۔

    واضح رہے کہ سندھ ہائی کورٹ آمدن سے زائد اثاثے اور منی لانڈرنگ کے الزامات میں پہلے ہی پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما نثار کھوڑو کی عبوری ضمانت میں توسیع کرچکی ہے۔

  • مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نہ نکانے پر حکومت سے جواب طلب

    مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نہ نکانے پر حکومت سے جواب طلب

    لاہور : عدالت نے مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے اور پاسپورٹ واپسی کی درخواست پر وفاقی حکومت سے جواب طلب کرلیا، حکومت نام شامل کرنے پر جواز پیش کرے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس طارق عباسی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست کی سماعت کی۔

    اس موقع پر دلائل دیتے ہوئے مریم نواز کے وکلاء نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ای سی ایل سے نام نکالنے کے حوالے سے مریم نواز کی درخواست کسی جواز کے بغیر مسترد کر دی ہے۔

    وکلاء کا کہنا تھا کہ مریم نواز کے والد کی طبیعت سخت خراب ہے اور وہ بیرون ملک زیر علاج ہیں، میاں نواز شریف کی دیکھ بھال ان کی ذمہ داری ہے، اس سے پہلے بھی سزا کے باوجود مریم نواز بیمار والدہ کو چھوڑ کر بیرون ملک سے والد کے ساتھ واپس آئیں۔

    انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے موقف سنے بغیر ان کا نام ای سی ایل میں شامل کیا، مریم نواز نے عدالتی حکم پر پاسپورٹ جمع کرایا، ضمانت منظور ہوچکی ہے لہٰذا عدالت پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم جاری کرے۔

    اس موقع پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ حکومت درخواست پر فیصلہ کر چکی ہے لہٰذا درخواست غیر مؤثر ہوچکی ہے، مریم نواز کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ہمیں گزشتہ روز علم ہوا کہ مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست حکومت نے مسترد کردی ہے۔

    دلائل سننے کے بعد عدالت نے وفاقی حکومت سے استفسار کیا کہ مریم نواز کا نام کس بنیاد پر ای سی ایل میں ڈالا گیا ہے جواز پیش کیا جائے، عدالت نے وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے21 جنوری کو جواب طلب کرلیا۔

  • مریم نواز کا نام ایک بار پھر ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ

    مریم نواز کا نام ایک بار پھر ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز کا نام ایک بار پھر ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے مریم نواز کا نام ای سی ایل پر ڈالنے کی منظوری دے دی۔ نیب نے چوہدری شوگرملز تحقیقات کیس میں مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی تھی۔

    نیب لاہور کی جانب سے وزارت داخلہ کو خط لکھا گیا تھا جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے تاکہ تحقیقاتی مرحلوں میں پیشی یقینی بنایا جاسکے۔

    خیال رہے کہ 9 جنوری کو قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی تھی۔ ذرائع وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ مریم نوازکانام رمضان شوگرملز کیس میں ڈالنےکی سفارش کی گئی۔

    دریں اثنا ذرائع نے کہا تھا کہ نیب کی جانب سے درخواست وزارت داخلہ کو موصول ہوگئی ہے، مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے وزارت داخلہ درخواست کمیٹی کو بھجوائے گی۔

  • مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے اور پاسپورٹ واپسی کا معاملہ لٹک گیا

    مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے اور پاسپورٹ واپسی کا معاملہ لٹک گیا

    لاہور: سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے اور پاسپورٹ واپسی کا معاملہ لٹک گیا، عدالتی چھٹیوں کے باعث کیس دوسرے بینچ میں بھی سماعت کے لیے مقرر نہ ہوسکا۔

    تفصیلات کے مطابق مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکل سکے گا یا پاسپورٹ کی واپسی ممکن ہوگا؟ معاملے کا فیصلہ تاحال نہ ہوسکا، دو درخواستوں پر سماعت آج ہونا تھی تاہم چھٹیوں کے باعث درخواستیں دوسرے بینچ میں بھی سماعت کے لیے مقرر نہ ہوسکیں۔

    عدالت نے مریم نواز کی درخواستوں پر سماعت کے لیے آج مقرر کر رکھی تھیں۔ جسٹس علی باقرنجفی اور جسٹس انوارالحق پنوں موسم سرما کی عدالتی چھٹیوں پر ہیں۔ مریم نواز کی درخواستوں پر سماعت چھٹیوں کے بعد ہونے کا امکان ہے۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست پر ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی تھی، عدالت نے دو درخواستوں پر ایک ساتھ سماعت کا فیصلہ کیا تھا۔

    مریم نواز کیس، عدالت کا دو درخواستوں پر ایک ساتھ سماعت کا فیصلہ

    قبل ازیں 23 دسمبر کو بھی مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کی درخواست پر سماعت ہوئی تھی، جسٹس باقرنجفی کی سربراہی میں2 رکنی بینچ نے درخواست پر سماعت کی تھی، دوران سماعت سرکاری وکیل نے مریم نواز کی ای سی ایل سے نام نکالنے کی درخواست مسترد کرنے کی اپیل کی۔

    تاہم معاملہ زیرسماعت ہے، ممکنہ ہے عدالتی چھٹیوں کے بعد کیس کا فیصلہ سامنے آجائے۔