Tag: eclipse

  • سورج گرہن کے باعث کتنے روزے ہوں گے؟ ماہر فلکیات نے بتادیا

    سورج گرہن کے باعث کتنے روزے ہوں گے؟ ماہر فلکیات نے بتادیا

    ماہر فلکیات وموسمیات ڈاکٹر عبد اللہ المسند کا کہنا ہے کہ سورج گرہن کے باعث سعودی عرب میں رمضان المبارک کے 30 روزے ہوں گے جبکہ عید الفطر بدھ 10 اپریل کو ہوگی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی ماہر فلکیات وموسمیات ڈاکٹر عبد اللہ المسند نے بتایا کہ پیر کو صبح 10 بجکر دو منٹ پر چاند گرہن تھا جس کا مشاہدہ نہیں ہوسکتا جبکہ فلکی حساب سے اسی دن چاند بدر التمام ہوا ہے۔

    ماہر فلکیات وموسمیات ڈاکٹر عبد اللہ المسند کا کہنا تھا کہ ایسی صورت حال میں عام طور پر چاند گرہن نظر نہیں آتا نہ ہی اس کی نماز پڑھی جاتی ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ اسی طرح 8 اپریل بمطابق 29 رمضان کو شمالی اور وسطی امریکہ میں سورج گرہن ہو اجو مشرق وسطی میں نظر نہیں آئے گا۔

    اس اعتبار سے اس دن یعنی 29 رمضان کو ہلال کی پیدائش ممکن نہیں ہوگی نہ ہی اسے دیکھا جاسکے گا، اس دن چاند، سورج غروب ہونے سے پہلے ڈوب جائے گا۔

    مسجد نبویؐ میں قرآن کریم کے نسخے 52 زبانوں میں تراجم کے ساتھ دستیاب

    ماہر فلکیات و موسمیات ڈاکٹر عبد اللہ المسند کا مزید کہنا تھا کہ ان حالات کے اعتبار سے رمضان المبارک کے 30 روزے مکمل ہوں گے جبکہ عید الفطر بدھ 10 اپریل کو منائی جائیگی۔

  • سپر فل مون : سال 2021 کا پہلا مکمل چاند گرہن آج ہوگا

    سپر فل مون : سال 2021 کا پہلا مکمل چاند گرہن آج ہوگا

    کراچی : سال 2021 کا پہلا سپر فل مون آج ہوگا، بیضوی دائرے پر چاند زمین کے بہت قریب آجائے گا اور زیادہ خوب صورت نظر آئے گا۔ یہ منظر پوری دنیا میں دیکھا جاسکے گا۔

    آج دو ہزار اکیس کا پہلا مکمل چاند گرہن ہوگا۔ چاند زمین سے قریب ہونے کی وجہ سے سپر فل مون ہوگا۔ گرہن کو سپر فلاور بلڈ مون کا نام دیا گیا ہے۔ چاند کو گرہن لگنے کا نظارہ آسٹریلیا، ہانگ کانگ اور ٹوکیو میں دیکھا جاسکے گا۔ چاند چودہ منٹ کے لیے سرخ ہو جائے گا۔

    پاکستانی وقت کے مطابق چاند گرہن کا آغاز دوپہر ایک بج کراڑتالیس منٹ پر ہوگا۔ مکمل چاند گرہن چار بج کر گیارہ منٹ پر اور اختتام شام چھ بج کر پانچ منٹ پر ہوگا، پاکستان میں دن ہونے کی وجہ سے چاند گرہن دیکھا نہیں جاسکے گا۔

    آسٹریلین ایئرلائن نے چاندگرہن کا نظارہ کروانے والی فلائیٹ کا اعلان کیا ہے، اعلان ہوتے ہی صرف ڈھائی منٹ میں تمام سیٹیں فروخت ہوگئیں۔

    یہ فلائٹ چالیس ہزار فٹ کی بلندی پرجا کر مسافروں کو سپرمون کا نظارہ کروا کے دوبارہ اسی ایئرپورٹ پر اترے گی جہاں سے اڑان بھرے گی۔ اسے سپر مون فلائٹ کا نام دیا گیا ہے۔

  • پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں آج  چاند گرہن ہوگا

    پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں آج چاند گرہن ہوگا

    کراچی: محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں چاند گرہن کا نظارہ کیا جاسکے گا، چاندگرہن پاکستانی وقت کے مطابق رات 10بج کر46منٹ پر شروع ہوگا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق 6جون 12بج کر 25منٹ پر چاند مکمل طور پر گرہن میں ہوگا، چاند گرہن کا اختتام 6جون رات 2بج کر4منٹ پر ہوگا، پاکستان میں ہونے والا اس سال کا دوسرا اور آخری چاند گرہن ہے۔

    ’پہلا چاندگرہن10اور11جنوری کی درمیانی شب میں دیکھا گیا تھا، پہلے چاند گرہن کا نظارہ بھی پاکستان میں کیا جاسکا تھا، اس سال 4بار چاند گرہن کا نظارہ کیا جاسکے گا‘۔

    سورج اور چاند گرہن کیوں‌ ہوتا ہے؟

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 2بار چاند گرہن کا نظارہ پاکستان میں کیا جاسکے گا، جولائی اور نومبر میں ہونے والا چاندگرہن پاکستان میں نہیں دیکھا جاسکے گا۔

    خیال رہے کہ زمین کا وہ سایہ جو گردش کے دوران کرہ زمین کے چاند اور سورج کے درمیان آ جانے سے چاند کی سطح پر پڑتا ہے اور چاند تاریک نظر آنے لگتا ہے، اُسے چاند گرہن کہتے ہیں۔

  • سورج کو گرہن کب لگے گا؟

    سورج کو گرہن کب لگے گا؟

    اسلام آباد: سال 2019 کا آخری مکمل سورج گرہن 26 دسمبر کو ہونے جارہا ہے، مکمل سورج گرہن کا نظارہ یورپ، ایشیا (بشمول پاکستان)، آسٹریلیا، افریقہ، پیسیفک اور انڈین اوشین میں دیکھا جا سکے گا۔

    سنہ 2019 کا آخری سورج گرہن اس لحاظ سے منفرد ہے کہ یہ 118 برس بعد ہونے جارہا ہے، یہ گرہن اپنی نوعیت کا منفرد دائرہ نما سورج گرہن ہوگا۔

    آئندہ اس طرح کا سورج گرہن 84 برس بعد سنہ 2102 میں دیکھا جا سکے گا۔ گرہن کا دورانیہ 12 منٹ اور 30 سیکنڈ ہوگا۔

    گرہن پاکستانی وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگا، 8 بج کر 37 منٹ پر یہ اپنے عروج پر ہوگا، گرہن دوپہر 1 بج کر 6 منٹ تک مکمل طور پر ختم ہوجائے گا۔

    یہ سورج گرہن رواں برس کا چوتھا سورج گرہن ہے۔ سال 2019 میں پہلا سورج گرہن 6 جنوری کو ہوا تھا جو جزوی تھا۔

    سال کا دوسرا اور تیسرا مکمل سورج گرہن 2 اور 3 جولائی کو ہوا تھا۔ پہلے تینوں سورج گرہن کا نظارہ پاکستان میں نہیں دیکھا گیا تھا۔

    سورج گرہن کے دوران مندرجہ ذیل احتیاطیں کی جانی ضروری ہیں:

    گرہن کے دوران زیادہ دیر تک سورج کی طرف نہ دیکھیں اور سولر فلٹر استعمال کریں ورنہ آنکھوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق سورج گرہن کے دوران سیلفی لینے کی کوشش نقصان دہ ہوسکتی ہے۔

    عام سن گلاسز کے بجائے خصوصی ڈیزائن کردہ سولر فلٹر گلاسز استعمال کیے جائیں جو مہلک شعاعوں کو روکتے ہیں۔

    کیمرے کے لینس کے لیے بھی خصوصی طور پر تیار کردہ فلٹر استعمال کیا جائے۔

  • آج سورج کو گرہن لگے گا، کون سی احتیاطی تدابیر اپنانے کی ضرورت ہے

    آج سورج کو گرہن لگے گا، کون سی احتیاطی تدابیر اپنانے کی ضرورت ہے

    سال کا دوسرا سورج گرہن آج شب اور کل دن میں ہوگا، سورج گرہن کے موقع پر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق سورج کو مکمل گرہن آج رات 11 بج کر 3 منٹ پر لگے گا، یہ سورج گرہن 3 جولائی کو دن 11 بج کر 51 منٹ پر ختم ہوگا۔

    سورج گرہن پاکستان میں نہیں دیکھا جا سکے گا، دیگر ممالک میں سورج گرہن آج رات 9 بج کر 55 منٹ پر شروع ہوگا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق اس گرہن کو سورج غروب ہونے سے قبل چلی اور ارجنٹینا میں دیکھا جا سکے گا، پیسیفک اور جنوبی امریکا کے کچھ علاقوں میں بھی سورج گرہن دیکھا جا سکے گا جبکہ ایکواڈور، برازیل، یورا گوئے اور پیراگے میں جزوی طور پر سورج گرہن ہوگا۔

    سورج کو گرہن اس وقت لگتا ہے جب چاند اپنے مدار میں گردش کرتے ہوئے زمین اور سورج کے درمیان حائل ہو جاتا ہے اور اس کی روشنی زمین تک پہنچنے سے روک دیتا ہے لیکن چونکہ سورج کا فاصلہ زمین سے چاند کے مقابلے میں 400 گنا زیادہ ہے، اس لیے سورج چاند کے پیچھے مکمل یا جزوی طور پر چھپ جاتا ہے۔

    مکمل سورج گرہن ایک علاقے میں تقریباً 370 سال بعد دوبارہ آسکتا ہے اور زیادہ سے زیادہ 7 منٹ 40 سیکنڈ تک برقرار رہتا ہے۔ البتہ جزوی سورج گرہن کو سال میں کئی دفعہ دیکھا جا سکتا ہے۔

    انسانی تاریخ کا سب سے منفرد مکمل سورج گرہن 11 اگست 1999 کے روز ہوا تھا جسے پاکستان سمیت دنیا کے کئی گنجان آباد شہروں میں دیکھا گیا تھا۔ اکثر گنجان آباد شہروں سے دیکھا جانے والا اگلا مکمل سورج گرہن چار سو سال بعد ہوگا۔

    کینیا میں مقامی داستانوں کے مطابق سورج گرہن اس وقت وقوع پذیر ہوتا ہے جب چاند سورج کو کھانا شروع کرتا ہے۔

    وہ افراد جو سورج گرہن کے دوران سیلفی لینا چاہتے ہیں وہ اس سے پرہیز کریں کیونکہ ماہرین امراض چشم کے مطابق سورج گرہن کے دوران سیلفی کھینچنا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ سورج گرہن کے دوران سورج کی بنفشی شعاعیں اس قدر طاقتور ہوتی ہیں کہ وہ آنکھ کی پتلی کو جلاسکتی ہیں جس کے سبب آنکھ کو مستقل نقصان پہنچ سکتا ہے یہاں تک کہ بینائی بھی جاسکتی ہے۔

    برطانوی کالج برائے امراض چشم کے ماہر ڈینیئل ہارڈی مین کا کہنا ہے کہ سیلفی لینے کے دوران خود کو کیمرے سے ہم آہنگ کرنے کی کوشش میں آنکھ کا براہ راست سورج سے رابطہ ہونے کا اندیشہ ہے جس کے اثرات انسانی آنکھ پر انتہائی مہلک ثابت ہوسکتے ہیں۔

    فرانسیسی ادارے کے مطابق کیمرے کے ذریعے سورج گرہن کو دیکھنے کی کوشش بھی انسانی آنکھ کے لئے ضرر رساں ہے۔

    سورج گرہن کے دوران احتیاطی تدابیر

    سورج گرہن کے دوران مندرجہ ذیل احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

    سیلفی لینے سے پرہیز کریں۔

    سن گلاسز مت لگائیں۔

    دھوپ میں کمپیوٹر کی سی ڈی لے کر نکلنے سے گریز کریں۔

    طبی ایکسرے ہاتھ میں لے کر دھوپ میں نکلنے سے پرہیز کریں۔

    گرہن کے دوران استعمال کیے جانے والے خصوصی چشمے استعمال کریں۔

  • سال 2019 میں کتنے گرہن ہوں گے؟

    سال 2019 میں کتنے گرہن ہوں گے؟

    محکمہ موسمیات کے مطابق سال 2019 میں 3 سورج جبکہ 2 چاند گرہن ہوں گے جن میں سے ایک چاند اور ایک سورج گرہن پاکستان میں دیکھا جاسکے گا۔

    سال 2019 کا کل سے آغاز ہونے جارہا ہے اور اگلے برس 3 سورج اور 2 چاند گرہن ہوں گے۔ پہلا سورج گرہن 6 جنوری کو ہوگا جو جزوی ہوگا۔ یہ شمال مشرقی ایشیا اور شمالی پیسیفک میں دیکھا جاسکے گا۔

    دوسرا سورج گرہن 3 جولائی کو ہوگا۔ یہ گرہن جنوبی امریکی ممالک چلی اور ارجنٹینا کے جنوبی حصوں اور جنوب پیسیفک میں دیکھا جاسکے گا۔

    تیسرا سورج گرہن 26 دسمبر کو ہوگا جو یورپ، ایشیا، شمال مغربی آسٹریلیا، افریقہ، پیسفک انڈین اوشین میں ہوگا۔ یہ گرہن پاکستان میں بھی دیکھا جا سکے گا۔

    سال کا پہلا چاند گرہن 21 جنوری کو ہوگا۔ یہ مکمل چاند گرہن ہوگا جو پاکستان میں نہیں ہوگا تاہم اس کا نظارہ شمال اور مغربی امریکا، یورپ اور افریقہ کے جنوبی حصوں میں کیا جاسکے گا۔

    سال کا دوسرا اور آخری چاند گرہن 16 جولائی کو ہوگا جو جزوی طور پر ہوگا۔ دوسرے چاند گرہن کا نظارہ پاکستان سمیت ایشیا، افریقہ،امریکا، جنوبی امریکا، پیسیفک، بحر اوقیانوس اور انٹارکٹکا میں ہوگا۔

  • آج رواں سال کا پہلا سورج گرہن ہے

    آج رواں سال کا پہلا سورج گرہن ہے

    کراچی: آج رواں سال کا پہلا سورج گرہن ہورہا ہے جسکا دورانیہ چار گھنٹے ہے پاکستان کے عوام سورج گرہن کے مناظر دیکھنے سے محروم رہیں گے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آج سورج گرہن ہوگا تاہم یہ پاکستان سمیت ایشیا کے کسی ملک میں نظرنہیں آئے گا۔

    ماہرین کے مطابق  سورج گرہن پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 12 بجکر41منٹ پر شروع ہوگا اورشام 4بج کر 50منٹ پرختم ہوگا لیکن یہ سورج گرہن پاکستان سمیت ایشیا کے کسی ملک میں نہیں دیکھا جا سکے گا تاہم  یہ یورپی ممالک میں دیکھا جا سکے گا۔

    جرمنی اوروسطی یورپ کے 80 فیصد علاقوں میں جزوی سورج گرہن ہوگا۔ آئرلینڈ میں 3منٹ کے لیے اندھیرا چھاجائے گا۔

    واضح رہے کہ سال رواں کا پہلا چاند گرہن 4اپریل کو ہوگااور پاکستان میں دن ہونے کی وجہ سے نظرنہیں آئے گا۔

  • آج’ بلڈ مون’ دنیا بھر میں دیکھا جائے گا

    آج’ بلڈ مون’ دنیا بھر میں دیکھا جائے گا

    اسلام آباد:سفید چاند توہم روز ہی دیکھتے ہیں،آج چاند انوکھے انداز کا ہوگا، ماہرفلکیات کا کہنا ہے کہ رات چاند کو گرہن لگے گا تو وہ سرخ ہوکر خونی چاند نظر آئےگا۔

     سال کا دوسرا چاند گرہن آج ہوگا، یہ چاند خونی چاند کہلائے گا ، امریکہ اور ایشیا میں آج چاند گرہن ہوگا،جو گرین وِچ کے معیاری وقت کے مطابق آٹھ بجے شروع ہوگا اور دس بج کر پچیس منٹ پرمکمل ہوگا۔

    گرہن کے دوران چاند لال رنگ کا نظر آئے گا، اس لیے اس چاند گرہن کو’بلڈ مون‘ کہا جا رہا ہے۔

    شمالی امریکہ، آسٹریلیا، مغربی مشرقی ایشیا میں شائقین اس انوکھے منظر کا نظارہ کر سکیں گے، پاکستان میں چاند نکلتے وقت چاند گرہن کی ہلکی سی جھلک دیکھی جاسکے گی، چاند گرہن رواں سال پندرہ اپریل کو ہوا تھا جبکہ آئندہ مکمل چاند گرہن اگلے سال چار اپریل کو متوقع ہے۔