Tag: ECO Secretary General

  • اقتصادی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل کی صدر مملکت سے ملاقات

    اقتصادی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل کی صدر مملکت سے ملاقات

    اسلام آباد: اقتصادی تعاون تنظیم (اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن) کے سیکریٹری جنرل ہادی سلیمان کی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق اقتصادی تعاون تنظیم (اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن) کے سیکریٹری جنرل ہادی سلیمان کی پاکستان میں مصروفیات جاری ہیں، صدر عارف علوی سے ان کی ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ ای سی او ممالک جنوبی و شمالی یورپی ایشیا کے درمیان پل کا کردار ادا کر سکتے ہیں، ٹرانسپورٹ، مواصلات اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی ضروری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان کی بحالی کے لیے معاونت کرنے والا ای سی او تنظیم کا سب سے بڑا ملک ہے۔

    ای سی او کے سیکریٹری جنرل ہادی سلیمان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاحت کے بے پناہ مواقع ہیں، خطے میں امن و استحکام اور تعاون کے لیے پاکستان کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔

    صدر مملکت سے ملاقات کے بعد سیکریٹری جنرل وزارت خارجہ پہنچے جہاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ان کی ملاقات ہوئی۔ سیکریٹری جنرل نے وزیر خارجہ کو آرگنائزیشن کے مقاصد سے آگاہ کیا۔

    اس موقع پر ہادی سلیمان کا کہنا تھا کہ آرگنائزیشن خطے میں اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کی کوششیں کر رہی ہے، مختلف ممالک میں تجارتی رابطوں کے فروغ کے لیے مصروف عمل ہیں۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان معاشی استحکام کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، معاشی سفارت کاری کا آغاز کر چکے ہیں۔ پاکستان ای سی او کا بنیادی رکن اور اہم ترین پارٹنر ہے۔

    یادی سلیمان نے کہا کہ علاقائی ترقی میں ای سی او پاکستان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔

    خیال رہے کہ اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن کے سیکریٹری جنرل ہادی سلیمان کل صبح اسلام آباد پہنچے تھے۔ گزشتہ روز انہوں نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے ملاقات کی تھی۔

    سیکریٹری جنرل ای سی او 4 روز تک پاکستان میں قیام کریں گے، اس دوران وہ وزیر اعظم، وزارئے خزانہ، اطلاعات، منصوبہ بندی اور مواصلات جبکہ مشیر تجارت اور چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

    سیکریٹری جنرل ای سی او کا اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔

  • اقتصادی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل کی پاکستان آمد، وزیر ریلوے سے ملاقات

    اقتصادی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل کی پاکستان آمد، وزیر ریلوے سے ملاقات

    اسلام آباد: اقتصادی تعاون تنظیم (اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن) کے سیکریٹری جنرل ہادی سلیمان کی وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی ملاقات ہوئی جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق اقتصادی تعاون تنظیم (اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن) کے سیکریٹری جنرل ہادی سلیمان آج صبح اسلام آباد پہنچے۔ پاکستان پہنچنے کے بعد سیکریٹری جنرل اور وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی ملاقات ہوئی۔

    ملاقات میں اسلام آباد، تہران، استنبول کنٹینر ٹرین بحالی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا جبکہ پاکستان، ایران اور ترکی کے مابین رابطے فعال کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

    وفاقی وزیر نے سیکریٹری جنرل کو ایم ایل ٹو اور تھری منصوبے اور کوئٹہ، تافتان ریلوے لائن اپ گریڈنگ منصوبے پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ تنظیم ریل نیٹ ورک کے فروغ میں تعاون کرے۔

    انہوں نے کہا کہ کوئٹہ، تافتان منصوبے کو بی او ٹی کی بنیاد پر مکمل کیا جائے گا۔ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کو ترجیح دے گا۔

    ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ سیکریٹری جنرل نے پاکستان کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ مالی شراکت داری کے لیے ای سی او ترقیاتی بینک سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔

    خیال رہے کہ سیکریٹری جنرل ای سی او 4 روز تک پاکستان میں قیام کریں گے، اس دوران وہ صدر وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سے ملاقاتیں کریں گے۔

    علاوہ ازیں وہ وزارئے خزانہ، اطلاعات، منصوبہ بندی اور مواصلات جبکہ مشیر تجارت اور چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ سیکریٹری جنرل ای سی او کا اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔