Tag: Economic emergency

  • پشاور ہائیکورٹ بار نے حکومت سے اقتصادی ایمرجنسی کے نفاذ کا مطالبہ کر دیا

    پشاور ہائیکورٹ بار نے حکومت سے اقتصادی ایمرجنسی کے نفاذ کا مطالبہ کر دیا

    پشاور: ملک میں شہباز شریف کی حکومت کے بعد مہنگائی اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے، ایسے میں پشاور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے حکومت سے اقتصادی ایمرجنسی کے نفاذ کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے حالیہ مہنگائی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے، وکلا نے مہنگائی کنٹرول کرنے میں ناکامی پر حکومت مخالف تحریک شروع کرنے کا عندیہ دے دیا۔

    پشاور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کر دیا، صدر ایسوسی ایشن نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت نے عالمی اداروں کے دباؤ میں مہنگائی کا بوجھ عوام پر ڈال دیا ہے، حکومت فوری طور پر اقتصادی ایمرجنسی نافذ کرے۔

    رحمان اللہ نے مطالبہ کیا کہ پارلیمنٹرینز اور سرکاری ملازمین کا مختص پٹرول، بجلی، گیس اور وی آئی پی پروٹوکول کا کوٹہ فوری ختم کیا جائے، ملک کی موجودہ معاشی صورت حال کی وجہ سے دفاعی بجٹ کو بھی کم کرنے پر غور کیا جائے۔

    صدر ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے کہا کہ حکومت معاشی بہتری کے لیے اقتصادی ماہرین پر مشتمل بورڈ تشکیل دیں، اور مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھائے۔

    انھوں نے کہا کہ حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے میں ناکام ہوئی تو وکلا کے پاس حکومت مخالف تحریک شروع کرنے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہوگا۔

  • ملک میں معاشی ایمرجنسی نافذ کرنے کا مطالبہ

    ملک میں معاشی ایمرجنسی نافذ کرنے کا مطالبہ

    کراچی : ملک کے سرمایہ کاروں اور تاجر برادری کی نمائندہ تنظیم آل پاکستان بزنس فورم کے عہدیداران نے مطالبہ کیا ہے کہ ملک میں معاشی ایمرجنسی نافذ کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان بزنس فورم کا مؤقف ہے کہ گزشتہ 10ماہ میں روپے کی قدر میں 89 روپے کی غیرمعمولی کمی واقع ہوئی ہے۔

    عہدیداران کا کہنا ہے کہ ڈالر کی فری فلوٹ پالیسی معیشت کو دیمک کی طرح کھا رہی ہے، عام انتخابات کے بعد ہم پھر آئی یم ایف کے در پر ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاجر برادری اپنے مطالبات کے حق کیلئے سڑکوں پر ہے اور غیرملکی سرمایہ کار کسی قیمت پر یہاں آنے کو تیار نہیں۔

    آل پاکستان بزنس فورم نے اے پی سی میں معیشت کے ایجنڈے کو بھی شامل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اداروں میں کفایت شعاری اپنانے کے سخت اقدامات کئے جائیں۔

    پاکستان بزنس فورم عہدیداران کا مزید کہنا ہے کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتوں نے سنجیدگی نہ دکھائی تو کچھ ماہ میں ملک ڈیفالٹ ہوجائے گا۔

    مزید پڑھیں : ملک میں معاشی ایمرجنسی لگانےکا کوئی پروگرام نہیں

    واضح رہے کہ روپے کی بے قدری سے ملک کا تجارتی خسارہ مسلسل بڑھ رہا ہے، سرمایہ کار اس وقت خوف میں مبتلا ہیں، سیاسی عدم استحکام نے بیرونی سرمایہ کاری کو نقصان پہنچایا ہے۔

    ملک کو معاشی چیلنجز کا سامنا ہے ،زرعی ملک ہونے کے باوجود بہتر مینجمنٹ کا فقدان ہے، ملک میں بد امنی کی فضاء پھیلائی جارہی ہے۔