Tag: Economy

  • دونوں حکومتوں نے معیشت کو تباہ کیا ہم اداروں اور معیشت کو ٹھیک کرکے جائیں گے، علی زیدی

    دونوں حکومتوں نے معیشت کو تباہ کیا ہم اداروں اور معیشت کو ٹھیک کرکے جائیں گے، علی زیدی

    کراچی : وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ علی زیدی نے کہا ہے کہ پی پی اور ن لیگ دور حکومت میں معیشت کو تباہ کیا گیا، ہم اداروں اورمعیشت کو ٹھیک کرکے جائیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں میزبان کاشف عباسی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، گزشتہ روز ہونے والی اپوزیشن جماعتوں کی دعوت افطار سے متعلق انہوں نے کہا کہ سب کے روزہ ساتھ بیٹھ کر کھولنے سے برکت ہوتی ہے، اچھی بات ہے ان کی پہلے لڑائی ہوتی تھی اب دوستی ہوگئی، حکومت کو ان کے روزہ ساتھ کھولنے سے کیا خطرہ ہوگا؟

    ایک سوال کے جواب میں علی زیدی کا کہنا تھا کہ پی پی اور ن لیگ دور حکومت میں معیشت کو تباہ کیاگیا، کوئی ادارہ ایسانہیں تھا جس کا ماضی میں بیڑہ غرق نہ کیا گیا ہو۔

    ہماری باری ابھی آئی ہے اداروں اور معیشت کو ٹھیک کرکےجائیں گے، پہلا قدم بقا کیلئے تھا اب معیشت کے استحکام کی طرف جارہے ہیں، اسدعمر کابینہ میں نہیں آئے تو گھر کے باہردھرنا دوں گا۔

    وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اندرون سندھ میں گھر گھر سے ایڈز نکل رہی ہے،11سال سے صوبےمیں بیٹھے لوگوں سے عوام سوال پوچھ رہے ہیں، ایک جیل میں ہے، دوسرا رہ گیا ہے تو کیا چور ہم ہیں۔

  • حکومت کو پانچ سال پورے ہونے دیں، ٹھیک اور غلط کا فیصلہ عوام کریں گے، شاہ محمود قریشی

    حکومت کو پانچ سال پورے ہونے دیں، ٹھیک اور غلط کا فیصلہ عوام کریں گے، شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عوام5سال بعد فیصلہ کریں گے کہ کون ٹھیک تھا اور کون غلط، پی پی اور ن لیگ نے معیشت کا بیڑہ غرق کردیا تھا بہتری میں وقت لگے گا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتیں معیشت کا بہت بگاڑ کرکے گئی ہیں، معیشت کی بہتری میں وقت لگے گا، وزیر اعظم نے ہمیں ذمہ داریاں سونپی ہیں، جو وزیر کارکردگی دکھائے گا وہی آگے آئے گا، پی ٹی آئی حکومت نے غریبوں کیلئے احساس پروگرام شروع کیا ہے۔

    پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کا اثر پاکستان پر بھی پڑتا ہے، کچھ حقائق ایسے ہیں جن کا ہمیں سامنا کرناہے، تنقید کوئی بھی کرسکتا ہے بیان کوئی بھی دے سکتا ہے، سوال یہ ہے جس تبدیلی کی بات کررہے ہیں اس کی وجوہات کیا ہیں،

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن کے بعد نئی حکومت کو5سال کا مینڈیٹ دیا جاتا ہے، پی ٹی آئی کو5سال کا مینڈیٹ ملاہے اس کو پورا ہونے دیں،5سال بعد عوام فیصلہ کریں گے کون ٹھیک تھا اور کون غلط تھا، پی ٹی آئی کے احساس پروگرام سے غریبوں کو سہارا ملے گا۔

     شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین پاکستان کا دوست ملک ہے اور ہماری معیشت کو سہارا دینے کیلئے بھرپور مدد کررہا ہے، پاکستان دشمنوں اور بھارت کی جانب سے مسلسل پروپیگنڈا کیاجارہا ہے لیکن بھارت کو لینے کے دینے پڑگئے ہیں۔

    چین نے ثابت کیا کہ وہ ہمارا بہترین دوست ہے اور دوست رہے گا، بھارت نے مسعود اظہر کتے حوالے سے جو جال بچھایا اس میں خود پھنس گئے ہیں، بھارت اور بی جے پی سے امریکا آج سوالات پوچھ رہا ہے۔

  • سعودی اور اماراتی امداد کے بعد سوڈانی معیشت میں بہتری

    سعودی اور اماراتی امداد کے بعد سوڈانی معیشت میں بہتری

    خرطوم: سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی طرف سے سوڈان کے لیے تین ارب ڈالر کی امداد کی فراہمی کے بعد سوڈانی پاﺅنڈ کی مارکیٹ میں قیمت بڑھ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سوڈان کے مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ سعودی اور اماراتی امداد سے قبل سوڈانی پاﺅنڈ کی ایک امریکی ڈالرکے مقابلے میں قیمت 47 اعشاریہ 5 ڈالر تھی جو امداد کے بعد بڑھ کر 45 ڈالر ہوگئی ہے۔

    مرکزی بنک کے مطابق سوڈانی پاﺅنڈ کی مارکیٹ میں ویلیو میں اضافہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب ملک تبدیلی کے عمل سے گزر رہا ہے۔

    سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے مشترکہ طور پر سوڈان کو تین ارب ڈالر کی امداد فراہم کی تھی۔ اس میں سے 50 کروڑ ڈالر مرکزی بنک میں کرنسی کے استحکام کے لیے 50 کروڑ ڈالر کی رقم ڈیپازٹ کی گئی تھی۔

    سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے سوڈان میں فوجی عبوری حکومت کی حمایت کا اظہار کرچکے ہیں، البتہ فوجی حکومت جلد انتخابات کے ذریعے اقتدار سولین تک منتقل کرنے کے خواہاں ہیں۔

    دوسری جانب سوڈان کی عبوری فوجی حکومت نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ وہ اقتدار جلد ہی سویلین حکومت کے حوالے کر دے گی، ساتھ ہی یہ تصدیق بھی کر دی گئی ہے کہ معزول صدر عمر البشیر کو جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

    سوڈان میں سیاسی ومعاشی بحران، سعودی عرب اور یو اے ای کا امداد کا اعلان

    یاد رہے کہ سوڈان کی فوجی کونسل کے سربراہ و وزیر دفاع عود بن عوف نے سابق آمر عمر البشیر کا تختہ الٹنے کے ایک دن بعد ہی استعفیٰ دے دیا تھا، عود ابن عوف نے اپنے فیصلے کا اعلان سرکاری ٹی وی پر کیا۔

  • ملکی معیشت کو سٹہ بازوں نے ہائی جیک کیا ہوا ہے، ڈاکٹر مرتضیٰ مغل

    ملکی معیشت کو سٹہ بازوں نے ہائی جیک کیا ہوا ہے، ڈاکٹر مرتضیٰ مغل

    اسلام آباد : پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کو سٹہ بازوں، منافع خوروں اور اقتصادی دھاندلی کے ماہر بزنس مینوں نے ہائی جیک کیا ہوا ہے، سٹے بازی سب سے زیادہ منافع بخش جبکہ صنعت لگانا مصیبت بن گیا ہے۔

    اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس رجحان کی وجہ سے صنعتکار بھی سٹے بازی اور ٹریڈنگ کی طرف مائل ہو رہے ہیں،معیشت میں سٹے بازی کا رول کم کر کے مینوفیکچرنگ کو اولین ترجیح نہ دی گئی تو ملک قیامت تک ترقی نہیں کر سکے گا۔

    سٹے بازی کو پروان چڑھانے کے بجائے پر اتنا ہی ٹیکس عائد کیا جائے جتنا کہ پڑوسی ممالک میں عائد ہے اور عوام و معیشت کو ان جونکوں سے بچانے کے لئے قانون سازی کی جائے۔

    ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے مزید کہا کہ سٹاک ایکسچینج، پراپرٹی اور کرنسی میں سٹے بازی سے چند افراد کو فائدہ پہنچتا ہے جبکہ صنعت لگانے والا سرمایہ کاری لاتا ہے ، جس کے نتیجہ میں پیداوار اور برامدات کے علاوہ حکومت کو ٹیکس اور عوام کو روزگار ملتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ سٹے بازی کی حوصلہ شکنی اور مینوفیکچرنگ کی حوصلہ افرائی کے لئے پالیسیاں بنائی جائیں تاکہ سرمائے کا رخ بار آور شعبہ کی جانب موڑا جا سکے ۔

    صنعتی شعبہ میں موجود کالی بھیڑوں کو بھی پہچاننے کی ضرورت ہے جو کچھ کرنے کے بجائے حکومت کو سبز باغ دکھا کر مختلف پیکیج لیتے رہتے ہیں جس کا ملک و قوم کو کوئی فائدہ نہیں پہنچتا مگر ان کی تجوریاں بھر جاتی ہیں۔

  • ملکی معیشت وینٹی لیٹر پر ہے، قوم کو مہنگائی کے منہ میں دھکیل دیا گیا، حمزہ شہباز

    ملکی معیشت وینٹی لیٹر پر ہے، قوم کو مہنگائی کے منہ میں دھکیل دیا گیا، حمزہ شہباز

    لاہور : پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ جھوٹے وعدے کرنے والوں نے قوم کو مہنگائی میں دھکیل دیا ہے، آج ملک کی معیشت وینٹی لیٹر پر ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر اپنے خطاب میں کیا۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ پشاور کے بی آرٹی منصوبے کی رپورٹ آئی تو اسے کوئی پوچھنے والانہیں ہے، خود پی ٹی آئی حکومت کی رپورٹ یہ کہتی ہے7ارب روپے کی کرپشن ہوئی۔

    اپوزیشن کو احتساب کے نام پر ڈرانے والے نیازی صاحب وہ وقت آنے والا ہے، جب آپ کوسرکاری ہیلی کاپٹروں میں سیر سپاٹے کرنے اور حلیمہ باجی کو اپنی آف شور کمپنی کا جواب دینا پڑے گا،۔

    انہوں نے کہا کہ مشرف دور میں دس سال تک نیب میں پیش ہوتارہا ہوں، میں نے جو کچھ کیا قانون کے مطابق کیا، مجھے پیشیوں کی کوئی فکر نہیں ہے، ملک میں مہنگائی کی شکل میں جوطوفان آنے والا ہے صرف اس کی فکر ہے۔

    ملکی معاشی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج ملک کی معیشت وینٹی لیٹر پر ہے، غریب پوچھتا ہے کہ دو وقت کی روٹی کیسے پوری کریں، وزیر اعظم  چور ڈاکو کی بات ضرور کرو مگر غریب کی روزی سے تو مت کھیلو، عمران خان کی8ماہ کی کارکردگی نے ثابت کردیا کہ تم کھلاڑی نہیں ہو۔

    حکومت پر تنقید کرتے ہوئے  حمزہ شہباز نے کہا کہ  الیکشن سے قبل  یہ کہتے تھے کہ  ہم خود کشی کرلیں گے لیکن آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائیں گے، جھوٹے وعدے کرنے والوں نے قوم کو مہنگائی کے منہ میں دھکیل دیا ہے، قوم عمران خان نیازی کو اپنے وعدے دلائیں، قوم کو غصہ آگیا تو عمران نیازی کو چھپنے کی کہیں جگہ نہیں ملے گی۔

    انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے معیشت کے ساتھ جو کھلواڑ کیا گیا اس کی زد میں صرف غریب آئے ہیں، حکمرانوں کو آج تک یہ بھی نہیں پتا کہ آئی ایم ایف میں جانا ہے یا نہیں؟ ملکی معیشت کو جو خطرناک لاحق ہیں وہ انتہائی خوفناک ہیں، ہم سب کو مل کر دعا کرنی چاہیے کہ اللہ تعالیٰ خیر کرے۔

    حمزہ شہباز کا مزید کہنا تھا کہ نیب نے شہبازشریف کو صاف پانی کیس میں بلا کر آشیانہ کیس میں گرفتار کیا، جب ایک روپے کی بھی کرپشن ثابت نہ ہوئی عدالت نے شہبازشریف کو رہا کردیا، کاشت کاروں کی فصلیں حالیہ بارشوں اورطوفان میں تباہ ہوگئیں لیکن ہمارا وزیراعلیٰ پنجاب کہتا ہے کہ دعا کریں بارش رک جائے۔

  • وزیر اعظم کے نزدیک شخصیات نہیں ملک اہم ہے، معیشت مستحکم کرنے کیلئے بولڈ فیصلہ کیا‘ صمصام بخاری

    وزیر اعظم کے نزدیک شخصیات نہیں ملک اہم ہے، معیشت مستحکم کرنے کیلئے بولڈ فیصلہ کیا‘ صمصام بخاری

    لاہور : صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصام بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے نزدیک شخصیات نہیں بلکہ ملک اہم ہے، وزیراعظم نے ملکی معیشت کو مستحکم بنانے کیلئے بولڈ فیصلہ کیا۔

    یہ بات انہوں نے اپنے بیان میں کہی، صمصام بخاری نے کہا کہ وزر اعظم عمران خان کے حالیہ فیصلے کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور جلد مطلوبہ نتائج برآمد ہونا شروع ہو جائیں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن تنقید کی بجائے قابل عمل اور مفید تجاویز دے، دنیا کا سب سے آسان کام تنقید کرنا ہے جو اپوزیشن رہنما بڑھ چڑھ کر کررہے ہیں۔

    صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے نئی معاشی ٹیم کو کچھ اہداف دیئے ہیں اور نئے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی معاشی ٹیم کو مہنگائی کم کرنے کے لیے حکمت عملی طے کرنے کو کہا ہے۔ ہم رمضان میں عوام کو ریلیف دیں گے اور ریلیف دینے کا یہ سلسلہ آنے والے بجٹ میں بھی عوام کو نظر آئے گا۔

    صمصام بخاری نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے قومی خزانے پر ملکی تاریخ کاسب سے بڑا ڈاکہ مارا اور اس بےدردی سے وسائل سے کھلواڑ کیا کہ نڈھال قومی معیشت کو ہوش میں آنے میں وقت لگے گا لیکن قوم کو اپنے لیڈر عمران خان پر پورا بھروسہ اور بھرپور اعتماد ہے کہ وہ اپنی دیانت اور قائدانہ صلاحیتوں سے قوم کی کشتی کنارے لگائیں گے۔

    انہوں نے مزیدکہا کہ مشکلات سے گھبرانا اور شکست تسلیم کرنا ہمارے رہنما کی سرشت میں نہیں ، وزیر اعظم نے ثابت کیا ہے کہ بڑے مسائل کے حل کیلئے وہ بڑے فیصلے کر سکتے ہیں اور انہوں نے ایسا ہی کیا ہے۔

    عمران خان اور سابق حکمرانوں میں یہی فرق ہے کہ وہ مسائل دیکھ کر کبوتر کی طرح آنکھیں بند کرلیتے تھے جبکہ عمران خان کواللہ تعالی نے ہمت اور حوصلے سے نوازا ہے۔

  • کیا ترکی معاشی بحران کا شکار ہوچکا ہے؟

    کیا ترکی معاشی بحران کا شکار ہوچکا ہے؟

    انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوگان ملکی معیشت کی بدحالی پر مبنی برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ پر برس پڑے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی نشریاتی ادارے پر کڑی تنقدی کرتے ہوئے ترک صدر کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے بعض مغربی طاقتیں میڈیا کو بطور آلہ استعمال کرکے ہماری معیشت کو تباہ حال بتا رہی ہیں،کوئی کچھ بھی لکھے ہمارے ملک میں معاشی صورتحال واضح ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوگان نے برطانوی نشریاتی ادارے فنانشنل ٹائمز کی رپورٹ میں مرکزی بینک کے غیرملکی ذخائر پر سوال اٹھانے پر مغربی میڈیا پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدقسمتی سے بعض مغربی طاقتیں میڈیا کو بطور آلہ استعمال کرکے ہماری معیشت کو تباہ حال بتا رہی ہیں،کوئی کچھ بھی لکھے ہمارے ملک میں معاشی صورتحال واضح ہے۔

    گزشتہ برس ترکی کی کرنسی لیرا کی قدرمیں مسلسل گرواٹ کے نتیجے میں بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد حکومتی پالیسی پر کم ہوا تھا تاہم اب ترکی کی موجودہ اقتصادی صورتحال ایک دہائی کے بعد پہلی مرتبہ معاشی گراوٹ کا شکار ہے۔

    گزشتہ ہفتے برطانونی نشریاتی ادارے فنانشنل ٹائمز نے خبر شائع کی تھی کہ ترکی کے سینٹرل بینک نے مختصر المعیاد مدت کے لیے غیرملکی ذخائر کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے جو مصنوعی تھے۔

    غیر ملکی زخائر سے متعلق سرمایہ کاروں کی غیر یقینی کیفیت سے لیرا کی قدر میں ایک ہی دن میں 6 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔

    امریکا سے تنازع ترک کرنسی پر اثرانداز ہونے لگا، لیرا کی قدر میں ریکارڈ کمی

    فنانشنل ٹائمز کی رپورٹ پر ترک صدر رجب طیب اردوان نے بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے بعض مغربی طاقتیں میڈیا کو بطور آلہ استعمال کرکے کہہ رہی ہیں کہ ہماری معیشت تباہ ہوچکی ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ مغربی میڈیا وہ لکھے جو وہ چاہتا ہے، وہ شہ سرخیاں بنائے جیسا وہ چاہتا ہے، فنانشنل ٹائمز بھی لکھے لیکن ہمارے میں ملک میں معاشی صورت حال بہت واضح ہے۔

  • عمران خان کے حوصلے سے معیشت جلد اپنے پاؤں پر کھڑی ہوگی، محمود خان

    عمران خان کے حوصلے سے معیشت جلد اپنے پاؤں پر کھڑی ہوگی، محمود خان

    مالاکنڈ : وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا مالاکنڈ میں درگئی انڈسٹریل اکنامک زون کا افتتاح کرتے ہوئے کہنا ہے کہ ’انڈسٹریل زون میں مقامی لوگوں کو روزگار فراہم کیا جائے گا‘۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے درگئی کا دورہ کیا اور درگئی انڈسٹریل اکنامک زون کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پٹرولیم اور انڈسٹریز پر فوکس کر رہی ہے، روزگار کی فراہمی سے جرائم میں بھی کمی آئے گی۔

    محمود خان کا کہنا ہے کہ رشکئی زون پربھی جلد کام شروع کر رہے ہیں، عمران خان کے وژن کے مطابق سرمایہ کاری عوام پر کی جائے گی۔

    وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا مزید کہنا ہے کہ کرپشن سے بھر پور نظام ملاجس سے معاشی مسائل پیدا ہوئے، عمران خان کے حوصلے سے جلد معیشت اپنے پاؤں پر کھڑی ہوگی۔

    مزید پڑھیں : میران شاہ میں بجلی کا مسئلہ حل کر رہے ہیں: وزیر اعلیٰ محمود خان

    کچھ روز قبل وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی بے گھر نہیں ہونے دیں گے، میران شاہ میں بجلی کا مسئلہ حل کر رہے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے جنوبی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ لیویز اور خاصہ فورس کے مسائل پہلے اسمبلی میں لے کر جائیں گے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی بے گھر نہیں ہونے دیں گے، میران شاہ میں بجلی کا مسئلہ حل کر رہے ہیں۔ بجلی کے مسائل کے حل کے لیے پیسکو سے بات کر رہے ہیں۔

  • کاروباری ماحول ساز گار بنانے کیلئے حکومت کام کررہی ہے: مشیر تجارت

    کاروباری ماحول ساز گار بنانے کیلئے حکومت کام کررہی ہے: مشیر تجارت

    اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ پاکستان اب کاروبار کے لیے کھلا ہے، کاروباری ماحول ساز گار بنانے کیلئے حکومت کام کررہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے بیان میں وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کی ترقی کے لیے ہرممکن اقدامات کررہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے عالمی بینک کے انڈیکس میں بہتری کا ٹاسک دیا ہے، برآمدکنندگان کے ریفنڈز کا طریقہ کار طے کردیا ہے، اب ریفنڈز نہیں روکے جائیں گے۔

    دو روز قبل عبدالرزاق داؤد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ڈیوٹیز میں کمی سے آمدن میں 7 ارب روپے کا نقصان ہوگا، صنعتی شعبے کی ترقی سے نقصان پورا ہوجائے گا۔

    چین میں پاکستانی برآمدات میں 100 فیصد اضافہ متوقع ہے: مشیر تجارت

    انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ 5 برآمدی شعبوں کے لیے پہلے گیس، بجلی ٹیرف میں کمی کی گئی ہے، منی بجٹ میں خام مال پر ڈیوٹی میں بھی کمی کی گئی ہے، ترمیمی فنانس بل پر کاروباری طبقے کا رسپانس اچھا رہا ہے۔

    دوسری جانب سیکریٹری تجارت یوسف ڈھاگہ کا کہنا تھا کہ درآمدات میں کمی آئی ہے، 6 ماہ میں تجارتی خسارے میں ایک ارب ڈالر کمی آئی ہے، موجودہ مالی سال تجارتی خسارے میں 5 سے 6 ارب ڈالر کمی ہوگی۔

  • امریکی معیشت کو شٹ ڈاؤن کے باعث بڑا دھچکا

    امریکی معیشت کو شٹ ڈاؤن کے باعث بڑا دھچکا

    واشنگٹن: امریکا میں حکومتی شٹ ڈاؤن تو ختم ہوگیا لیکن ملکی معیشت کو بڑا نقصان اٹھانا پڑا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا میں کئی ہفتوں سے جاری حکومتی شٹ ڈاؤن ختم ہوگیا، لیکن ملکی معیشت کو 11 بلین ڈالرز کا نقصان ہوا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ امریکا میں 35 روزہ جزوی بندش کے باعث ملکی سرمایہ کاری اور دیگر تجاری امور بھی متاثر رہے۔

    مقامی ادارہ برائے بجٹ کے مطابق شٹ ڈاؤن کے خاتمے سے حکومت کی بحالی اور آٹھ لاکھ سے زائد وفاقی ملازمین کی واپسی کے بعد ملکی معیشت کا کافی حد تک نقصان کا ازالہ ممکن ہے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کے لیے پانچ بلین ڈالرز کے مطالبے کے سبب امریکی حکومت اور کانگریس کے درمیان تنازعہ حکومت کی جزوی بندش کا سبب بنا تھا۔

    امریکا میں شٹ ڈاؤن ختم، صدر ٹرمپ اور کانگریس کے درمیان معاہدہ طے پاگیا

    کانگریس رہنماؤں سے مذاکرات کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 26 جنوری کو عارضی طور پر 15 فروری تک سرکاری اداروں میں شٹ ڈاؤن ختم کردیا، امریکا میں کئی ہفتوں کے شٹ ڈاؤن کے بعد سرکاری اداروں میں کام شروع ہوچکا ہے۔

    خیال رہے کہ ڈیل سے قبل امریکی سینیٹ حکومتی شٹ ڈاؤن ختم کرانے میں ناکام ہوگئی تھی، سینیٹ میں ڈیموکریٹس اور ری پبلکنز کو بل منظور کرانے میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    قبل ازیں امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ صدر ٹرمپ ملک میں ایمرجنسی لگاکر بارڈر سیکیورٹی فنڈز منظور کرانے کا ارادہ کرچکے ہیں۔