اسلام آباد: صوبہ سندھ میں یونین کونسل، یونین کمیٹی اور وارڈز کی حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کردیا گیا، 24 مارچ 2022 کو یونین کونسل اور وارڈز کی حتمی حلقہ بندیاں شائع ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں یونین کونسل، یونین کمیٹی اور وارڈز کی حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کردیا گیا، یونین کونسل اور وارڈز کی حلقہ بندیاں 24 مارچ 2022 تک مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 31 دسمبر سے 14 جنوری تک انتظامات مکمل کیے جائیں گے، 17 جنوری سے 15 فروری تک حلقہ بندی کمیٹی ابتدائی فہرست مکمل کرے گی۔
شیڈول کے مطابق 16 فروری 2022 کو یونین کونسل اور وارڈز کی حلقہ بندیاں شائع ہوں گی، 17 فروری سے 4 مارچ تک ووٹر حلقہ بندی کمیٹی کو اعتراضات جمع کروائیں گے، 21 مارچ تک حلقہ بندیوں سے متعلق اعتراضات دور کیے جائیں گے۔
24 مارچ 2022 کو یونین کونسل اور وارڈز کی حتمی حلقہ بندیاں شائع ہوں گی۔
پشاور: الیکشن کمیشن نے پشاور کے علاقے متھرا میں پاکستان تحریک انصاف کے میئر کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روک دیا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے پشاور کی تحصیل متھرا کے میئر کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روک دیا ہے، متھرا سے ابتدائی نتائج کے مطابق جے یو آئی کے فریداللہ کامیاب قرار پائے تھے۔
فرید اللہ کی کامیابی جماعت اسلامی کے افتخار احمد نے چیلنج کی تھی، وکیل درخواست نے کہا تھا کہ پولنگ کے روز شدید بدنظمی رہی، اور متھرا کے بہت سے پولنگ اسٹیشنز سے عملہ غائب ہو گیا تھا۔
وکیل حسن جاوید نے مؤقف اختیار کیا کہ ابتدائی نتائج میں جماعت اسلامی کو واضح برتری حاصل تھی، لیکن الیکشن کی اگلی صبح تک نتائج آتے رہے اور رزلٹ تبدیل ہو گیا۔
الیکشن کمیشن نے درخواست پر ڈی آر او اور ریٹرننگ افسر کو نوٹس جاری کر دیے، اور دونوں افسران کو ریکارڈ سمیت 29 دسمبر کو طلب کر لیا۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے بنوں کی تحصیل ککی میں بھی میئر کے انتخابات کا نتیجہ روک دیا ہے، جب کہ مردان میں میئر کی نشست پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی ہوگی، ری کاؤنٹنگ کی درخواست جے یو آئی ف نے دی تھی۔
ہری پور کی تحصیل غازی میں چیئرمین کی نشست پر مبینہ دھاندلی کی ویڈیوز سامنے آ گئیں، آزاد امیدوار خیام نے الزام لگایا ہے کہ لیگی سینیٹر صابر شاہ نے بھتیجے کو جتوانے کے لیے دھاندلی کروائی۔
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر بنوں کے میئر کی نشست پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم معطل کر دیا، الیکشن کمیشن نے بکاخیل میں انتخابات ملتوی ہونے کے کیس کی سماعت بھی کی۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر بنوں کے میئر کی نشست کے لیے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم معطل کر دیا۔ الیکشن کمیشن نے جمیعت علمائے اسلام ف کے فاتح امیدوار عرفان اللہ درانی کی درخواست پر عبوری حکم جاری کیا ہے۔
گزشتہ روز ریٹرننگ افسر نے تمام پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ گنتی کا حکم دیا تھا، ریٹرننگ افسر کے اعلامیے کے مطابق دوبارہ گنتی اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر میں کی جانی تھی۔
اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ بنوں کے میئر کے 286 پولنگ اسٹیشنز کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی ہوگی۔
تاہم عرفان اللہ درانی کی جانب سے دائر درخواست پر ان کے وکیل نے کہا کہ صرف 10 ہزار سے کم مارجن پر ہی دوبارہ گنتی ہو سکتی ہے۔
الیکشن کمیشن نے دوبارہ گنتی کا حکم معطل کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کیا ہے اور انہیں آئندہ ہفتے طلب کرلیا۔
خیال رہے کہ مذکورہ نشست پر جمیعت علمائے اسلام ف کے عرفان اللہ درانی 59 ہزار 844 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے تھے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار اقبال جدون 43 ہزار 398 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
بکاخیل میں انتخابات ملتوی ہونے کے کیس کی سماعت
دوسری جانب الیکشن کمیشن کے دفتر میں بنوں کی تحصیل بکاخیل میں انتخابات ملتوی ہونے کے کیس کی سماعت ہوئی، سماعت میں ڈی آر او اور ریٹرننگ افسر پیش ہوئے۔
جمیعت علمائے اسلام ف کے وکیل نے کہا کہ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ پولنگ مٹیریل لے کر فرار ہوئے، صوبائی وزیر، ان کے بھائی اور بیٹے براہ راست اس میں ملوث ہیں۔
وکیل کا کہنا تھا کہ ایف آئی آر میں وزیر اور ان کے بھائی کی جگہ پولیس نے نامعلوم افراد درج کیا۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ معاملہ انتہائی سنجیدہ ہے، منطقی انجام تک پہنچائیں گے، کوئی حکومتی عہدیدار ملوث ہوا تو اس کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔ کسی نے ملزمان کو بچانے کی کوشش کی تو وہ بھی نہیں بچے گا۔
چیف الیکشن کمشنر نے ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) بنوں کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ اس سے زیادہ اور کیا ہوگا کہ پولنگ سٹیشن سے عملہ اغوا ہوگیا۔
انہوں نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو پولنگ اسٹیشنز سے اغوا کرنا انتہائی سنگین واقعہ ہے۔
یاد رہے کہ 19 دسمبر کو صوبے میں بلدیاتی الیکشن سے ایک رات قبل بکاخیل میں رات گئے 4 پولنگ اسٹیشنز پر مسلح نقاب پوشوں نے حملہ کیا اور پولنگ کا سامان اٹھا کر لے گئے۔
مسلح نقاب پوشوں کی تعداد سینکڑوں میں تھی اور وہ 50 سے 60 گاڑیوں میں سوار ہو کر پولنگ اسٹیشنوں پر آئے تھے، واقعے کے بعد الیکشن کمیشن نے مذکورہ علاقے میں پولنگ ملتوی کردی تھی۔
اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے دھاندلی کروانے اور پیسے لینے کے الزامات پر پی ٹی آئی رہنما جمشیداقبال چیمہ کیخلاف کیس سماعت کے لیے مقرر کردیا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن پردھاندلی کروانے اور پیسے لینے کےالزامات کے معاملے پر جمشیداقبال چیمہ کیخلاف کیس سماعت کے لیے مقرر کردی گئی، الیکشن کمیشن کا 2رکنی بینچ 21دسمبرکوکیس کی سماعت کرے گا۔
الیکشن کمیشن نے جمشید اقبال چیمہ کونوٹس جاری کررکھا ہے ، جس میں جمشیداقبال سےالزامات پرثبوت طلب کئے ہیں۔
یاد رہے جمشیداقبال نےٹی وی پروگرام میں الیکشن کمیشن پر دھاندلی کروانے اور پیسے لینے کے سنگین الزامات عائد کیے تھےْ۔
یاد رہے این اے 133 (لاہور) کے ضمنی انتخاب کے لیے پی ٹی آئی رہنما جمشید اقبال چیمہ اور ان کی اہلیہ کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے ایک دن بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے غلط قرار دیا تھا۔
ریٹرننگ افسر (آر او) نے چیمہ اور ان کی اہلیہ مسرت (ان کی کورنگ امیدوار) کے کاغذات نامزدگی اس بنیاد پر مسترد کئے تھے کہ دونوں کے تجویز کنندہ اور حمایت کرنے والے متعلقہ انتخابی قوانین کے تحت مطلوبہ حلقے کے رہائشی نہیں ہیں۔
اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے سندھ میں حلقہ بندیوں سے متعلق فیصلہ موخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر ست ملاقات کی اور ای سی پی کی جانب سے سندھ کے تمام اضلاع، شہری اور مقامی علاقوں کی حدود تقسیم کرنے پر پابندی سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا۔
ملاقات میں سندھ حکومت نے قانون سازی کے لیے 2 ہفتوں کی مہلت طلب کی، جسے چیف الیکشن کمیشن نے منظور کرتے ہوئے سندھ میں حلقہ بندیاں مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا۔
اہم ترین ملاقات میں الیکشن کمیشن کے رکن شاہ محمد جتوئی اور کمیشن کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
یاد رہے کہ رواں ماہ کی 2 تاریخ کو سندھ میں متوقع بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضلع کی حدود تبدیل کرنے پر پابندی عائد کی تھی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ سندھ حکومت شہری یا مقامی علاقے کی حدود بھی تبدیل نہیں کرسکتی جبکہ ٹاؤن اور میونسپل کمیٹی کی تبدیلی پر بھی پابندی ہے۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ نئی حلقہ بندیاں سابقہ حدود پر ہی کی جائیں گی۔
پشاور : الیکشن کمیشن نے وزیراعظم عمران خان کو دورہ پشاور سے روک دیا اور کہا کہ وزیراعظم کا متعلقہ مقام کا دورہ کرنا ضابطہ اخلاق کی خلاف وزری تصور ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم عمران خان کو دورہ پشاور سے روک دیا ، اس سلسلے میں ریجنل الیکشن کمشنر کی جانب سے وزیر اعظم کے نام خط لکھ دیا گیا ہے۔
خط میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرپشاور نے وزیراعظم کو پشاور کا دورہ نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں 19دسمبر کو بلدیاتی انتخابات ہونے جارہے ہیں، پہلے مرحلےمیں پشاور میں بھی بلدیاتی انتخابات کاانعقاد کیا جارہاہے ، وزیراعظم کا متعلقہ مقام کا دورہ کرنا ضابطہ اخلاق کی خلاف وزری ہوگا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ صدر، وزیراعظم،گورنرز انتخابی شیڈول کےاعلان کے بعد دورہ نہیں کرسکتے ،ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر قانونی چارہ جوئی کی جا سکتی ہے ، الیکشن ایکٹ کے سیکشن 233اور 234کے تحت کارروائی ہوسکتی ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو یاد دہانی کے لیے نوٹس بھی جاری کردیا گیا ہے۔
خیال رہے وزیراعظم عمران خان کو نیا پاکستان کارڈ کی لانچنگ کیلئے آج پشاور کا دورہ کرنا تھا۔
اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے انتخابی معاملات پرالیکشن کمیشن کو ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے ووٹنگ مشین اور بیرون ملک پاکستانیوں کے ووٹنگ کے امور پر ٹیکنیکل کمیٹیاں بنانےکا فیصلہ احسن قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر الیکشن کمیشن کا الیکٹرونک ووٹنگ مشین اور اوورسیز
پاکستانیوں کی ووٹنگ پر ٹیکنیکل کمیٹیاں بنانے کا فیصلہ احسن قدم قرار دیتے ہوئے کہا پارلیمان کےفیصلےتمام اداروں کےلیےمقدم ہیں، الیکشن میں چیئرمین الیکشن کمیشن اور ارکان کاکرداربہت اہم ہے، حکومت انتخابی معاملات پرالیکشن کمیشن سےہرممکن تعاون کرے گی۔
الیکش کمیشن کا EVM اور بیرون ملک پاکستانیوں کی ووٹنگ کے امور پر ٹیکنیکل کمیٹیاں بنانےکا فیصلہ انتہائ احسن ہے، پارلیمان کےفیصلے تمام اداروں کیلئے مقدم ہیں انتخابات میں الیکشن کمیشن کے چیئرمین اور ممبران کا کردارانتہائ اہم ہے اورحکومت ان معاملات پرالیکشن کمیشن سے ہرممکن تعاون کرےگی
گذشتہ روز الیکشن کمیشن حکام کی ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن سےملاقات ہوئی تھی ، ملاقات میں ای وی ایم اسٹوریج سےمتعلق بات چیت کی گئی اور مختلف مقامات پر ای وی ایم اسٹوررومز کے لیے بھی گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں1ارب 20 کروڑکی لاگت سےفیلڈدفاترکی تعمیر ، الیکشن کمیشن کےڈیٹابیس اسٹوریج سےمتعلق امور اور پروجیکٹ مینجمنٹ کی جگہ سےمتعلق امور پر گفتگو کی گئی۔
پلاننگ کمیشن نے جنوری،فروری میں اسٹوریج منصوبے کی منظوری کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا الیکشن کمیشن کےمنصوبےکی مکمل حمایت کریں گے۔
الیکشن کمیشن نے ای وی ایم پروجیکٹ کے لئے بڑی اکیڈمی بنانے اوت پروجیکٹ مینجمنٹ کیلئے20افراد کی بھرتی کا فیصلہ کیا ہے۔
اسلام آباد: این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی انتخاب کے دوران دھاندلی کرنے والے افسران کے خلاف فوجداری کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق این اے 75 ڈسکہ ضمنی انتخاب انکوائری رپورٹ کی روشنی میں تحریری فیصلہ جاری کر دیا گیا، الیکشن کمیشن نے دھاندلی میں ملوث افسران کے خلاف فوجداری کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ تمام ملوث افراد کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی کی جائے گی، الیکشن کمیشن نے متعلقہ شعبہ جات سے فوجداری شکایات کا ڈرافٹ مانگ لیا، محکمانہ کارروائی کے لیے انکوائری کمیٹیوں کی تشکیل کے لیے بھی سفارشات طلب کر لیں۔
الیکشن کمیشن نے متعلقہ شعبہ جات کو ایک ہفتے میں سفارشات منظوری کے لیے پیش کرنے کا حکم جاری کر دیا، حکم میں کہا گیا ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ دھاندلی میں ملوث کوئی افسر آئندہ انتخابی ڈیوٹی پر مامور نہ ہو۔
این اے 133 ویڈیو لیکس
دوسری طرف این اے 133 لاہور کے ضمنی الیکشن میں ویڈیو لیکس پر کوئی رپورٹ پیش نہیں کی جا سکی، ووٹوں کی خریداری پر مبینہ ویڈیو کی کوئی رپورٹ ریٹرننگ آفیسر کو پیش نہ کی گئی۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ آر او نے ایف آئی اے، نادرا، پیمرا، اور پولیس سے 30 نومبر تک رپورٹ طلب کر رکھی تھی، لیکن متعلقہ اداروں کی جانب سے تاحال رپورٹ موصول نہیں ہوئی۔
سوشل میڈیا پر حلقے میں پیسوں کے عوض ووٹوں کی خریداری کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس پر الیکشن کمیشن نے سخت نوٹس لیا تھا۔
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حکومتی دباؤ مسترد کرتے ہوئے الیکٹرونک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کی خریداری سے متعلق واضح پیغام دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کے ذرائع نے کہا ہے کہ ای وی ایم کے حوالے سے حکومتی دباؤ مسترد کر دیا گیا ہے، الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ای وی ایم کے لیے ٹینڈرز سنجیدہ ترین نوعیت کا معاملہ ہے۔
الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ اس پر ای وی ایم کے حوالے سے ٹینڈرز جاری کرنے کا دباؤ بڑھایا جا رہا ہے، تاہم الیکشن کمیشن ہر قسم کے دباؤ کو مسترد کرتا ہے۔
ذرائع نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنے دائرہ کار کے مطابق ہی امور انجام دے گا، الیکشن کمیشن ای وی ایم اور منسلک ایشوز پر 3 کمیٹیاں تشکیل دے چکا ہے، تینوں کمیٹیاں 4 ہفتے میں اپنی رپورٹ پیش کرنے کی پابند ہیں، ان کمیٹیز کی سفارشات پر کنسلٹنٹ ہائر کر کے ٹینڈرز سمیت دیگر امور کو آگے بڑھایا جائے گا۔
اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے حکومت سے آئندہ الیکشن کیلئے الیکٹرونک ووٹنگ مشینوں کی خریداری کیلئے فنڈز مانگ لئے ، الیکشن کمیشن 8لاکھ سے زائد ای وی ایم خریدے گا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے آئندہ الیکشن میں جدیدٹیکنالوجی کے استعمال کیلئے حکومت کو فنڈز جاری کرنے سے متعلق خط لکھ دیا۔
ذرائع وزارت پارلیمانی امور کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن 8لاکھ سے زائد ای وی ایم خریدے گا اور مشینیں رکھنےکیلئے3ایکڑ زمین درکار ہوگی۔
الیکشن کمیشن نے خط میں کہا ہے کہ ممکنہ طور پر آئندہ عام انتخابات اکتوبر 2023 میں ہوں گے ، 23ماہ میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق اہم اقدامات کرنے ہیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ 8 لاکھ سے زائد الیکٹرونک ووٹنگ مشینیں رکھنے کے لیے ویئر ہاؤس درکار ہوگا جبکہ ڈیٹا سینٹر، کنٹرول سینٹر، جدید لیب، پرنٹنگ اور ٹریننگ کے لیے عمارت درکار ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ ایک سال کےباوجود پلاننگ کمیشن نے عمارت کے لیے فنڈ جاری نہیں لیے ، ضروری انفراسٹرکچر کی تعمیر کے فنڈز میں تاخیر سے پہلے ہی وقت کا ضیاع ہوچکا ہے۔
خط میں کہا گیا کہ پلاننگ کمیشن سیکٹر ایچ 11میں عمارت کی تعمیر کے لیے جلد فنڈز جاری کرے اور وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس عمارت کی تعمیر کے لیے ترجیحی اقدامات کرے۔
الیکشن کمیشن نے وزارت پارلیمانی امور سے معاملہ متعلقہ حکام تک پہنچانے کا مطالبہ کرتے ہوئے ای وی ایم اسٹوریج کے لیے حکومت کو کوہسار بلاک میں 2 فلور مختص کرنے کی تجویز دی ہے۔
خط میں کہا گیا کہ ویئر ہاؤس بر وقت تعمیر نہیں ہوتےتوکسی سرکاری عمارت میں جگہ مختص کی جائے۔