Tag: ECP

  • ملک بھر سے بروقت نتائج الیکشن کمیشن بھیجنے کے لیے کیا انتظامات کیے گئے ہیں؟

    ملک بھر سے بروقت نتائج الیکشن کمیشن بھیجنے کے لیے کیا انتظامات کیے گئے ہیں؟

    اسلام آباد: الیکشن کے دن ملک بھر سے بروقت نتائج الیکشن کمیشن بھیجنے کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے۔

    الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق الیکشن 2024 میں الیکشن مینجمنٹ سسٹم (ای ایم ایس) کا استعمال کیا جائے گا، ای ایم ایس سے نتائج انٹرنیٹ اور بغیر انٹرنیٹ کے بھی بھیجے جا سکیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام حلقوں کے ریٹرننگ افسران کو 3، 3 ڈیٹا انٹری آپریٹرز فراہم کیے جائیں گے، آر اوز کو فائبر آپٹکس سہولت میسر ہوگی، متبادل کے طور پر وائی فائی ڈیوائس دی جائے گی۔

    الیکشن کمیشن چاروں صوبوں میں الیکشن مینجمنٹ سسٹم کا کامیاب تجربہ کر چکا ہے، مختلف اضلاع میں ریجنل الیکشن کمشنرز، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز کے دفاتر سے ای ایم ایس کا تجربہ کیا گیا، ای ایم ایس سسٹم جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔

    الیکشن کمیشن نے سکیورٹی اہلکاروں کیلیے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا

    ذرائع کے مطابق پریزائیڈنگ افسران اپنے پولنگ اسٹیشن کے نتائج ریٹرننگ افسران کو بھجوائیں گے، آر او ڈیجیٹل اور مینوئل طریقے سے رزلٹ الیکشن کمیشن کو بھجوائے گا۔

  • سپریم کورٹ نہ جاتے تو ہماری رٹ ہی ختم ہو جاتی: ذرائع الیکشن کمیشن

    سپریم کورٹ نہ جاتے تو ہماری رٹ ہی ختم ہو جاتی: ذرائع الیکشن کمیشن

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن کے ذرائع نے کہا ہے کہ اگر وہ سپریم کورٹ نہ جاتے تو ان کی رٹ ہی ختم ہو جاتی۔

    تفصیلات کے مطابق بلے کے نشان پر پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں الیکشن کمیشن کے فریق بننے کے معاملے پر ذرائع الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کے دائرہ اختیار کو چیلنج کیا تھا، اگر ہم سپریم کورٹ نہ جاتے تو ہماری رٹ ہی ختم ہو جاتی۔

    ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن کمیشن نے قانونی طور پر صحیح فیصلہ دیا تھا، اب اس فیصلے کے کیا سیاسی اثرات ہوتے ہیں الیکشن کمیشن کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

    پاکستان میں الیکشن 8 فروری کوہی ہوں گے، نگراں وزیراعظم

    ذرائع نے کہا کہ سپریم کورٹ فیصلے کی روشنی میں اب ہر جماعت انٹرا پارٹی انتخابات صحیح طریقے سے کروائے گی، الیکشن کمیشن اختیارات، آئین اور الیکشن ایکٹ کے مطابق میرٹ پر فیصلے کرتا ہے۔

  • پاکستان میں کتنے ووٹرز؟ الیکشن کمیشن نے اعداد و شمار جاری کر دیے

    پاکستان میں کتنے ووٹرز؟ الیکشن کمیشن نے اعداد و شمار جاری کر دیے

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک میں ووٹرز کے اعداد و شمار جاری کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 12 کروڑ 85 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق ملک میں مرد ووٹرز کی تعداد 6 کروڑ 92 لاکھ 63 ہزار 704 ہو گئی ہے، جب کہ خواتین ووٹرز کی تعداد 5 کروڑ 93 لاکھ 22 ہزار56 ہے۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ مرد ووٹرز کا تناسب 53 اعشاریہ 87 فی صد ہے، جب کہ خواتین ووٹرز کا تناسب 46 اعشاریہ 13 فی صد ہے، اور اسلام آباد میں کل ووٹرز کی تعداد 10 لاکھ 83 ہزار 29 ہے۔

  • ملک بھر میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ، ریٹرننگ افسران کی ٹریننگ پھر سے شروع

    ملک بھر میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ، ریٹرننگ افسران کی ٹریننگ پھر سے شروع

    اسلام آباد: ملک بھر میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ، ریٹرننگ افسران کی ٹریننگ پھر سے شروع ہو گئی۔

    ترجمان الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ، ریٹرننگ افسران کی ٹریننگ پھر سے شروع ہو گئی ہے، افسران کی ٹریننگ 19 دسمبر کو مکمل کر لی جائے گی۔

    ترجمان نے کہا ہے کہ مجموعی طور پر 144 ڈی آر اوز، 859 آر اوز کو تربیت دی جا رہی ہے۔

    بلوچستان میں بھی عام انتخابات کے لیے ڈی آر اوز اور آر اوز کی ٹریننگ کا دوبارہ آغاز ہو گیا ہے، مقامی ہوٹل میں کوئٹہ اور رخشان ڈویژن کے اضلاع کے افسران کو تربیت دی جا رہی ہے۔

    الیکشن کمیشن کے افسران اور ملازمین کی چھٹیوں پر پابندی عائد

    حکام صوبائی الیکشن کمشنر نے بتایا کہ 19 دسمبر کو ڈی آر اوز کی ایک روزہ ٹریننگ ہوگی، ٹریننگ میں ڈی آر اوز حلف بھی لیں گے، بلوچستان میں مجموعی طور پر 4 ڈویژنل ہیڈکوارٹرز ہیں، لورالائی، سبی اور خضدار ڈویژنز میں بھی تربیت کا عمل دوبارہ شروع ہو گیا ہے۔

  • الیکشن کمیشن کے افسران اور ملازمین کی چھٹیوں پر پابندی عائد

    الیکشن کمیشن کے افسران اور ملازمین کی چھٹیوں پر پابندی عائد

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن کے افسران اور ملازمین کی چھٹیوں پر پابندی عائد کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ووٹوں کے اندراج، اخراج، تبدیلی اور درستی پر پابندی لگا دی ہے، افسران و ملازمین اور آر اوز کی چھٹیوں پر بھی پابندی عائد کر دی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ریجنل دفاتر ووٹرز لسٹوں اور دوسرے سامان کی فراہمی کے لیے آج کھلے رہیں گے، صوبوں اور وفاق میں سرکاری ملازمین کے ٹرانسفر اور پوسٹنگ پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

  • الیکشن کمیشن نے آر اوز اور ڈی آر اوز کی تربیت روک دی

    الیکشن کمیشن نے آر اوز اور ڈی آر اوز کی تربیت روک دی

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آر اوز اور ڈی آر اوز کی تربیت روک دی۔

    ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن کمیشن نے آر اوز اور ڈی آر اوز کی تربیت روک دی ہے، یہ اقدام لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر کیا گیا ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے 11 دسمبر کا جاری کردہ نوٹیفکیشن معطل کر دیا ہے، واضح رہے کہ اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ نے سرکاری افسران کی بطور آر اوز، ڈی آراو تعیناتی کا ای سی پی کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا تھا۔

    یہ فیصلہ جسٹس علی باقر نجفی نے جاری کیا ہے، عدالت نے فریقین کو نوٹس بھی جاری کر دیے ہیں، عدالت نے کہا کہ درخواست میں اہم نکات اٹھائے گئے ہیں، الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کے قومی سطح پر اثرات ہوں گے۔

    عدالت نے کہا کہ الیکشن پر غریب قوم کے اربوں روپے خرچ ہوتے ہیں، اگر ملک کی بڑی پارٹیاں نتائج قبول نہ کریں تو سب ضائع ہو جائے گا، الیکشن کمیشن کو آزاد شفاف انتخابات کرانے کے لیے تمام امیدوران کو مساوی موقع دینا ہوتا ہے، اور ووٹرز کو بغیر کسی خوف کے ووٹ کاسٹ کرنے کی آزادی ہونی چاہیے۔

    عدالت نے کہا موجوہ صورت حال میں شاید الیکشن وہ نتائج نہ دے سکے جو جمہوریت کے لیے سوچے جاتے ہیں۔

  • الیکشن کمیشن کی ہدایت کے باوجود تاحال آئی جی و ڈی سی اسلام آباد کو ہٹایا نہیں گیا

    الیکشن کمیشن کی ہدایت کے باوجود تاحال آئی جی و ڈی سی اسلام آباد کو ہٹایا نہیں گیا

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن کی ہدایت کے باوجود تاحال آئی جی و ڈی سی اسلام آباد کو ہٹایا نہیں جا سکا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آئی جی اسلام آباد کی آج چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے ملاقات ہوئی ہے، اس ملاقات کے حوالے سے تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئی ہیں تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو آئی جی اور ڈی سی اسلام آباد کو تبدیل کرنے کے لیے دو بار مراسلہ لکھ چکا ہے۔

    ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے مراسلے میں آئی جی اور ڈپٹی کمشنر کو فوری طور پر تبدیل کر کے رپورٹ کرنے کی ہدایت بھی کی تھی، تاہم اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے تاحال آئی جی اسلام آباد اور ڈی سی کو نہ تو ہٹایا گیا، نہ ہی رپورٹ جمع کرائی گئی۔

    عام انتخابات 2024، سیاسی جماعتوں کے لیے ضابطہ اخلاق تیار

    واضح رہے کہ آئین کے تحت انتخابات سے قبل اداروں کو الیکشن کمیشن کا حکم ماننا ہوتا ہے، آئین میں کہا گیا ہے کہ ادارے ٹرانسفر پوسٹنگ پر الیکشن کمیشن احکامات پر عمل کرنے کے پابند ہیں۔

  • عام انتخابات 2024، سیاسی جماعتوں کے لیے ضابطہ اخلاق تیار

    عام انتخابات 2024، سیاسی جماعتوں کے لیے ضابطہ اخلاق تیار

    اسلام آباد: عام انتخابات 2024 کے لیے سیاسی جماعتوں کے لیے ضابطہ اخلاق تیار کر لیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے سلسلے میں سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے ضابطہ اخلاق تیار کر لیا، جسے الیکشن شیڈول کے ساتھ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کی تجاویز کو بھی ضابطہ اخلاق میں شامل کیا ہے، سیاسی جماعتیں امیدوار پاکستان کی خود مختاری کے خلاف بات نہیں کریں گی، اور انتخابی مہم کے دوران الیکشن کمیشن کی تضحیک سے اجتناب کریں گی۔

    سیاسی جماعتیں اور امیدوار کسی کو دست برداری کے لیے تحائف، لالچ یا رشوت سے گریز کریں گی، اور ان کی جانب سے انتخابی عملے اور پولنگ ایجنٹس کے تحفظ کے لیے مکمل تعاون کیا جائے گا، سیاسی جماعتیں جنرل نشستوں پر 5 فی صد خواتین کوٹے پر عمل درآمد کو بھی یقینی بنائیں گی۔

    سیاسی جماعتیں، امیدوار پولنگ کے دن تشدد کی ترغیب سے سختی سے اجتناب کریں گی، انتخابی مہم کے دوران ہتھیار، آتشیں اسلحے کی نمائش پر مکمل پابندی ہوگی، عوامی اجتماعات میں اور پولنگ اسٹیشن کے اطراف ہوائی فائرنگ اور پٹاخوں کی اجازت نہیں ہوگی۔

    ضابطہ اخلاق کے مطابق الیکشن ایجنٹ کا متعلقہ حلقے کا ووٹر ہونا لازم قرار دیا گیا ہے، اور قومی اسمبلی امیدوار الیکشن میں 1 کروڑ روپے تک اخراجات کر سکیں گے، صوبائی اسمبلی امیدوار 40 لاکھ روپے سے زائد اخراجات نہیں کر سکیں گے، جب کہ کامیاب امیدوار انتخابی اخراجات کی تفصیلات ریٹرننگ افسران کو جمع کرائیں گے۔

  • عام انتخابات کے لیے ڈیجیٹل انفارمیشن ایپ متعارف کرانے کا فیصلہ

    عام انتخابات کے لیے ڈیجیٹل انفارمیشن ایپ متعارف کرانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کے لیے ڈیجیٹل انفارمیشن ایپ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی عام انتخابات کے لیے تیاریاں جاری ہیں، کمیشن نے عالمی مبصرین کو کارڈ جاری کرنے کے لیے حکمت عملی مرتب کر لی، جب کہ معلومات کی بروقت فراہمی کے لیے ڈیجیٹل انفارمیشن ایپ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق عالمی مبصرین کے لیے خصوصی فیچرز ایکریڈیشن کارڈز کی چھپائی آخری مراحل میں داخل ہے، عالمی مبصرین وزارت خارجہ کی آن لائن سروس پر درخواست اور ویزا حاصل کر سکیں گے، جب کہ الیکشن کمیشن کو وزارت خارجہ عالمی مبصرین کی مکمل فہرست فراہم کرے گا۔

    الیکشن کمیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی مبصرین کی سیکیورٹی کلیئرنس وزارت داخلہ کرے گی، یورپی یونین، کامن ویلتھ سمیت بیش تر فورمز کو مراسلے بھجوا دیے گئے ہیں۔

    عالمی مبصرین کے لیے الیکشن کمیشن کے مرکزی سیکریٹریٹ اسلام آباد میں ایک ڈیسک قائم کیا جائے گا، اور چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز کے دفاتر میں سہولت سینٹر قائم ہوں گے۔

  • انتخابات کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کا اختیار ہے، وزرائے قانون کے اجلاس میں اتفاق

    انتخابات کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کا اختیار ہے، وزرائے قانون کے اجلاس میں اتفاق

    اسلام آباد: وفاقی اور چاروں صوبائی وزرائے قانون نے انتخابی شیڈول سے متعلق الیکشن کمیشن کے اختیار پر اتفاق رائے کر لیا، وزرائے قانون کا کہنا تھا کہ انتخابات کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کا اختیار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نگراں وفاقی وزیر قانون احمد عرفان کی سربراہی میں چاروں صوبائی وزرائے قانون کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے آئندہ عام انتخابات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزارت قانون کے اجلاس میں انتخابات کے شفاف انعقاد کو یقینی بنانے پر اتفاق رائے کیا گیا، فیصلہ کیا گیا کہ آئین کی کسی بھی شق کو دیگر متعلقہ دفعات سے الگ کر کے نہیں پڑھا جا سکتا، اور آئین کے مطابق عام انتخابات کا انعقاد اور تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کا واحد اختیار ہے۔

    اجلاس میں اس بات پر اتفاق رائے کیا گیا کہ عام انتخابات، قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک دن ہونے چاہئیں۔

    وزرائے قانون نے اجلاس میں اس پر بھی اتفاق رائے کیا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ایک آزاد آئینی ادارہ ہے، اس لیے ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ الیکشن کمیشن کے انتخابی شیڈول کے تعین میں اختیار کا احترام کریں۔