Tag: ECP

  • الیکشن کمیشن کا امیدواروں کے نامزدگی فارمز اور حلف نامے عام کرنے کا فیصلہ

    الیکشن کمیشن کا امیدواروں کے نامزدگی فارمز اور حلف نامے عام کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کےتمام امیدواروں کے کاغذات نامزدگی اور جمع کرائےگئے بیان حلفی پبلک کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا کہ تمام تفصیلات ویب سائٹ پر جاری کردی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے الیکشن کمیشن نے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے امیدواروں کے نامزدگی فارمز اور حلف نامے عام کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    الیکشن کمیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ امیدواروں کے حلف ناموں اور نامزدگی فارمز کی اسکیننگ کا آغاز ہوگیا ہے، پہلے مرحلے میں الیکشن کمیشن نے تمام دستاویزات اسکین کرنے کےاحکامات جاری کیے ہیں، لاکھوں کی تعداد میں صفحات اسکین کیےجا رہے ہیں جبکہ اگلے مرحلے میں دستاویزات پبلک کیےجا سکتے ہیں ، تمام تفصیلات ویب سائٹ پر جاری کردی جائیں گی۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ امیدواروں کے اپنے ہاتھوں سے پر کیے گئے کاغذات نامزدگی اور ان کے بیان حلفی کے بارے میں عوام کو معلوم ہونا چاہیے۔

    ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 2013 کے مقابلے 2018 میں امیدواروں کی تعداد کم ہے ، 2013 کے انتخابات میں 28 ہزار 302 امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے تھے جب کہ 2018 میں 21 ہزار 482 امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے ہیں۔

    یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو حلف نامہ جمع کرانا لازمی قرار دیا تھا، جس کے بعد کئی امیدواروں نے انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا۔

      خیال رہے کہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال اور ایپلٹ ٹریبیونل کے فیصلوں کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست 30جون کوجاری کی جائے گی جبکہ آئندہ عام انتخابات 25 جولائی 2018 کو منعقد کیے جائیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • الیکشن کمیشن کا فرض ہے کہ وہ کرپٹ اور بدعنوان لوگوں کا راستہ روکے: سراج الحق

    الیکشن کمیشن کا فرض ہے کہ وہ کرپٹ اور بدعنوان لوگوں کا راستہ روکے: سراج الحق

    لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کا فرض بنتا ہے کہ وہ کرپٹ اور بدعنوان لوگوں کا راستہ روکے تاکہ دیانت دار حاکم کا انتخاب یقینی ہوسکے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، سراج الحق کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن عوام کو دیانتدار قیادت کے انتخاب کا موقع دے اور کرپٹ عناصر کے اقتدار میں آنے کے جتن کو روکے۔

    انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 63، 62 پر اس کی روح کے مطابق عملدر آمد کو یقینی بنایا جائے، 63، 62 پر عمل نہ ہوا تو چور لٹیرے پھر ایوانوں پر قابض ہوجائیں گے، ہم ملک کو مزید تباہی کی طرف جاتا نہیں دیکھ سکتے۔


    ایسی حکومت پر لعنت بھیجتا ہوں جو امریکا کی مرضی سے ملے، سراج الحق


    سراج الحق کا کہنا تھا کہ موقع ملا تو پاکستان کو کرپشن فری، خوش حال اور ترقی یافتہ ملک بنائیں گے، ایک مثالی اسلامی ریاست قائم کریں جہاں اللہ کے حکم کے مطابق فیصلے ہوں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ٹیکسوں کے موجودہ نظام کو تبدیل کردیں گے، موجودہ ٹیکسیشن کے نظام میں سارا بوجھ غریب پر ہے، ان لوگوں کا محاسبہ چاہتے ہیں جنہوں نے پاکستان کو مقروض بنایا۔


    سیکولر اور لبرل لابی آئین کو سیکولر بنانے کی سازش کررہی ہے: سراج الحق


    ان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو چاہیے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کرے، صاف اور شفاف انتخابات ملک کے بہتر مستقبل کی ضمانت ہوں گے، باسٹھ اور تریسٹھ پر پورا اترنے والے الیکشن میں آئے تو ایک عظیم قیادت سامنے آئے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • الیکشن 2018: امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا آج آخری روز

    الیکشن 2018: امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا آج آخری روز

    اسلام آباد : عام انتخابات 2018 کے لیے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا آج آخری دن ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن 2018 کے لیے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا آج آخری روز ہے اور ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ جانچ پڑتال کا وقت بڑھانے کی کوئی تجویز زیرغور نہیں ہے۔

    الیکشن کمیشن کے اعدادوشمار کے مطابق 2013ء کے مقابلے میں 2018ء کے انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدواروں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے۔

    خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے 11 جون تک امیدواروں کے کاغذات نامزدگی وصول کیے تھے جس کے بعد ان کی جانچ پڑتال کا عمل شروع کیا گیا۔

    انتخابی شیڈول کے مطابق ریٹرننگ افسران کے فیصلے پراعتراضات کے لیے اپیلیں 22 جون تک دائر کی جاسکیں گی اور امیدواروں کی نظرثانی شہدہ فہرست 28 جون کو جاری کی جائے گی۔

    ڈیٹا لیک ہونے کے معاملہ پر الیکشن کمیشن نے نادرا سے وضاحت طلب کرلی

    یاد رہے کہ گزشتہ روز نادرا کی جانب سے ڈیٹا لیک ہونے کے معاملہ پر الیکشن کمیشن نے نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین نادرا کو خط لکھ کر نادرا سے وضاحت طلب کی ہے۔

    واضح رہے کہ 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے لیے بیان حلفی جمع کرانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • این ا ے 131، ریٹرننگ افسر نے عمران خان کو کل ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا

    این ا ے 131، ریٹرننگ افسر نے عمران خان کو کل ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا

    لاہور: این اے 131، ریٹرننگ افسر نے عمران خان کو کل ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا، عمران خان کے کاغذات میں تنخواہ، پنشن، زرعی آدمنی کے ذکر پر وضاحت طلب کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق این اے 131 میں عمران خان کے کاغذات پر اعتراضات پر سماعت ہوئی، عمران خان کے وکیل بابر اعوان اور اعتراض کنندہ آر او کے سامنے پیش ہوئے، ریٹرننگ افسر نے عمران خان کو کل ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

    وکیل بابر اعوان نے کہا کہ عمران خان میانوالی، اسلام آباد، بنوں میں مصروف ہیں، عمران خان ذاتی حیثیت میں پیش نہیں ہوسکتے، میں نمائندگی کررہا ہوں۔

    آراو نے استفسار کیا کہ عمران خان کے ٹیکس ادائیگی کی رقم کاغذات، ایف بی آر رپورٹ میں فرق ہے جبکہ تنخواہ دار ہونے کی وضاحت کے لیے آر او نے بابر اعوام کو وقت دے دیا۔

    قبل ازیں پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 53 کے لیے جمع کرائے گئے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال شروع ہوگئی ، ایڈوکیٹ رائے تجمل نے الیکشن کمیشن کے اعتراضات کو رد کردیا۔

     عمران خان کے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ کے موقع پر بابر اعوان از خود ریٹر ننگ آفیسر کے سامنے پیش نہیں ہوئے بلکہ ان کے معاون رائے تجمل عمران خان کی دستاویزات سمیت پیش ہوئے، بابراعوان لاہورمیں ہونےکی وجہ سےپیش نہیں ہوسکے۔

    انہوں نے ریٹرننگ آفیسر سے درخواست کی کہ جانچ پڑتال کے عمل کو مکمل طور پر سنا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جواعتراضات لگائےگئےہیں وہ نئےنہیں ہیں گزشتہ انتخابات میں بھی عمران خان پریہی الزام لگایاگیاتھا۔ انہوں نے ریٹرننگ آفیسر کے روبرو بتایا کہ گزشتہ ریٹرننگ افسرکےفیصلےکی کاپی بھی ہمارے پاس موجودہے۔

    انہوں نے اس موقع پر دلیل دی کہ جس مسئلےپر ایک بار آراوحکم سنادیتےہیں ، اسے تکنیکی طور پر دوبارہ کسی آر او کی جانب سے نہیں اٹھایاجاسکتا۔

    خیال رہے کہ حلقہ این اے 53 سے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بھی امید وار ہیں اور ان کے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال بھی آج ہی ہوگی جبکہ عائشہ گلالئی کو بھی الیکشن کمیشن نے آج ہی طلب کررکھا ہے ۔

    مذکورہ حلقے سے چوہدری نثار علی خان نے بطور امیدوار اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے تھے اور الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کیا تھا ، تاہم گزشتہ روز انہوں نے تحریکِ انصاف کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرلی اوراس حلقے سے دست بردار ہوگئے۔

    عام انتخابات 2018 کے لیے اب تک 10 ہزار سے زائد امید واروں کی جانچ پڑتال مکمل کی جاچکی ہے۔ جس میں سے 2300سےزائدامیدوارمختلف اداروں کےنادہندہ نکلے ہیں جبکہ 122امیدواردہری شہریت کےحامل تھے جس کے سبب ان کے کاغذات رد کردیے گئے ہیں۔

    عام انتخابات کے لیے قومی وصوبائی اسمبلیوں کے لیے 19 ہزار پانچ سو افراد کی جانب سے کاغذات ِامزدگی جمع کرائے گئے ۔ کاغذات کی جانچ پڑتال کے لیےامیدواروں کاڈیٹامتعلقہ اداروں کوفراہم کیا گیا اور وہاں سے حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی میں کاغذات کی جانچ پڑتا ل کی جارہی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • الیکشن کمیشن کا تمام صوبوں میں چیف سیکریٹریز اور آئی جیز تبدیل کرنے کا حکم

    الیکشن کمیشن کا تمام صوبوں میں چیف سیکریٹریز اور آئی جیز تبدیل کرنے کا حکم

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی حکام کو تمام صوبوں میں چیف سیکریٹریز اور آئی جیز کی تبدیلی کا حکم جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو احکامات جاری کیے ہیں کہ کل تک نئے چیف سیکریٹریز اور نئے پولیس چیفس کی تقرری عمل میں لائی جائے۔

    چیف سیکریٹریز اور آئی جیز کے ناموں پر غور کے لیے کل نگراں وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،  اس سلسلے میں نئے آئی جی سندھ کے لیے نگراں حکومت نے وفاق کو شعیب دستگیر، اقبال محمود اور امجد سلیمی کے نام بھجوا دیئے ہیں۔

    تقرری کے بعد نئے چیف سیکریٹریز اور پولیس چیفس الیکشن کمیشن کی طرف سے منعقد ہونے والے 14 جون کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ جمعرات کو اسلام آباد میں ہونے والے اس اہم اجلاس میں انتخابات کے لیے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا۔

    قبل ازیں نگراں وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کے ساتھ اسلام آباد میں ملاقات کی، ملاقات میں انتخابات سے متعلق مختلف امور پر بات چیت کی گئی۔

    الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لیے مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دے دیں


    وزیر اعظم نے کہا کہ عبوری حکومت شیڈول کے مطابق ملک میں عام انتخابات کے پُر امن اور شفاف انعقاد کے سلسلے میں الیکشن کمیشن کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

    واضح رہے کہ یکم جون کو حلف اٹھانے کے بعد نگراں وزیر اعظم نے صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت انتخابات کے بروقت اور شفاف طریقے سے انعقاد کو یقینی بنائے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • آصفہ بھٹو نے فی الحال سیاست میں نہ آنے کا فیصلہ کیا ہے: خورشید شاہ

    آصفہ بھٹو نے فی الحال سیاست میں نہ آنے کا فیصلہ کیا ہے: خورشید شاہ

    سکھر: پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو نے فی الحال سیاست میں نہ آنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ پیپلز پارٹی میں الیکشن سے متعلق ٹکٹ پر کوئی اختلاف ہے تو میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ایسا کچھ بھی ہماری جماعت میں نہیں ہے۔

    انہوں نے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میں نواز شریف کو عدالتوں کا احترام کرنے کا مشورہ دوں گا جس طرح شریف خاندان اداروں کے خلاف باتیں کررہے ہیں ایسا مناسب نہیں ہے۔


    الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لیے مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دے دیں


    رہنما پی پی پی کا کہنا تھا کہ اقامہ کے پیچھے ایک مائنڈ سیٹ ہے جو متحرک ہے، اقامے کے پیچھےکوئی مافیا ہے ہمیں تو ویزہ بھی مشکل سے ملتا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی عام انتخابات کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، پورے ملک سے الیکشن لڑیں گے جبکہ گھوٹکی کے مہر برادران پیپلز پارٹی کا حصہ ہیں اور رہیں گے۔


    سزا یا شکست کا خوف : ن لیگ کا الیکشن کے روز پاک فوج کی تعیناتی پراعتراض


    خیال رہے کہ ملک میں عام انتخابات 25 جولائی کو ہونے جارہے ہیں جس کے لیے تمام سیاسی جماعتیں متحرک ہیں، جبکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بھی عام انتخابات میں مانیٹرنگ کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دیں ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لیے مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دے دیں

    الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لیے مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دے دیں

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے عام انتخابات 2018 کے لیے مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی مانیٹرنگ کے لیے ٹیمیں تشکیل دی ہیں، ضابطہ اخلاق کی پاسداری کے لیے مجموعی طور پر 592 ٹیمیں بنائی گئیں جبکہ صوبائی اسمبلی کی الگ الگ مانیٹرنگ ٹیمیں ہوں گی۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق فاٹا انضمام کی 12 نشستوں کے لیے الگ مانیٹرنگ ٹیمیں قائم کی گئی ہیں۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ضابطہ اخلاق کے لیے ہر مانیٹرنگ ٹیم 2 افراد پر مشتمل ہوگی، مانیٹرنگ کے لیے وفاق اور صوبائی حکومتوں کے ملازمین کو ہائر کیا گیا۔


    الیکشن 2018 : بڑے بڑے سیاستدان اہم حلقوں میں ایک دوسرے کے مد مقابل


    اعلامیے کے مطابق کسی بھی قسم کے غیر قانونی اقدام پر مانیٹرنگ ٹیمیں ریجنل مانیٹرنگ آفیسر کو رپورٹ کریں گی جبکہ ریجنل مانیٹرنگ آفیسرضلعی سطح پر تعینات ہوں گے۔

    الیکشن کمیشن کا یہ بھی کہنا تھا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ریجنل مانیٹرنگ آفیسر کارروائی کر سکتا ہے تاہم الیکشن کے لیے تیاریاں مکمل ہیں تمام مراحل احسن انداز میں نمٹا لیے جائیں گے۔


    سزا یا شکست کا خوف : ن لیگ کا الیکشن کے روز پاک فوج کی تعیناتی پراعتراض


    خیال رہے کہ 25 جولائی کو الیکشن والے دن ہر پولنگ بوتھ پر فوج تعینات ہوگی جو کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے تیار رہے گی اور سیکیورٹی کے سخت انتظامات ہوں گے۔

    واضح رہے کہ ن لیگ نے پولنگ بوتھ پر فوج کی تعیناتی پر اعتراض اٹھا دیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ خواجہ حارث کی دستبرداری اور وکیل نہ ملنے کی دہائی بھی الیکشن میں تاخیرکا حربہ ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • الیکشن 2018: کون کہاں سے الیکشن لڑے گا

    الیکشن 2018: کون کہاں سے الیکشن لڑے گا

    پاکستان میں انتخابات کا طبل بج چکا ہے اور 25 جولائی 2018 کو ملک میں عام انتخابات کے انعقاد کا اعلان کیا گیا ہے، انتخابات میں حصہ لینے کے لیے ملک بھر کی قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں کے لیے کاغذاتِ نامزدگی کا سلسلہ جاری ہے جو کہ 11 جون یعنی کل تک جاری رہے گا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ذرائع کے مطابق ا ب تک کل 7 ہزار امید وار کاغذاتِ نامزدگی جمع کراچکے ہیں اور یہ سلسلہ کل بھی جاری رہے گا۔

    آئیے ایک نظر ڈالتے ہیں کہ ملک میں کس حلقے سے کس امید وار نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے ہیں تاکہ الیکشن کے حوالے سے منظر نامہ واضح ہوسکے۔

    سندھ سے قومی اسمبلی کے لیے کاغذات جمع کرانے والے امیدوار


    پاک سرزمین پارٹی کے رہنماجمیل راٹھورنےاین اے227حیدرآبادسےکاغذات جمع کرادیئے۔ کراچی کے ڈپٹی میئر نےاین اے254سےکاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔

    ایم کیو ایم پاکستان سے تعلق رکھنے وا لے رضا علی عابدی نے این اے243اور244سےکاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

    پیپلزموومنٹ آف پاکستان کےانواراحمد نےاین اے243سےکاغذات جمع کرائے جبکہ ایاز موتی والا نے کراچی کے این اے 243 سے کاغذات ِ نامزدگی جمع کرائے ہیں ، وہ صوبائی اسمبلی کے دو حلقوں سے بھی امید وار ہیں۔

    شہدا د کوٹ کے حلقے این اے این اے202سے آفتاب شعبان میرانی نےنامزدگی فارم جمع کرائے ہیں ، ان کا تعلق شکار پور سے ہے۔

    پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو کل این اے 200 لاڑکانہ سے کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے۔

    مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے غیر متوقع طور پر کراچی کے تین حلقوں سے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے، وہ کل این اے248، 249 اور 250 سےکاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے۔

    پنجاب سے قومی اسمبلی کے لیے کاغذات جمع کرانے والے امید وار


    مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے این اے 125 سے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے ہیں جبکہ انہوں نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 127 کے لیے بھی کاغذاتِ نامزدگی اپنے نمائندے کے ذریعے جمع کرادیے ہیں۔

    مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے زعیم قادری اور پرویز ملک نے این اے 125 سے کاغذاتِ نامزدگی حاصل کیے ہیں جبکہ خواجہ سعد رفیق نے این اے 134 سے کاغذاتِ نامزدگی حاصل کیے ہیں۔

    لاہور کے حلقہ این اے 123 کے لیے پیپلز پارٹی کے زاہد اقبال ملک نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائیں ہیں۔

    لاہور کے حلقہ این اے 135 سے تحریک انصاف کےکرامت علی کھوکھر نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروادیئے اور تحریک انصاف کے عبدالعلیم خان نے این اے 129 سے جمع کروادیے ہیں۔

    پنجاب اسمبلی میں پانچ سال تک تحریکِ انصاف کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کا کردار ادا کرنے والے ملک شفقت محمود نے این اے 130 سے اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے ہیں اورپی ٹی آئی کےکرامت علی نےاین اے135سےکاغذات نامزدگی جمع کرادیے ہیں۔

    دوسری جانب پنجاب کی سیاست کے دوسرے اہم مرکز گجرات کے حلقہ این اے 69 میں چوہدری پرویز الہیٰ نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کر ائے جبکہ این اے 68 سے چوہدری حسین الہیٰ نے اپنے کاغذات جمع کرائے ہیں ۔

    تحریکِ انصاف نے چوہدری برادران کے ساتھ ہونے والی ممکنہ الیکشن سیٹلمنٹ کے سبب اس حلقے سے اپنے کسی امید وار کو ٹکٹ جاری نہیں کیے ۔

    حال ہی میں تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والے افضل گوندل نے آزاد امید وار کی حیثیت سے اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

    راولپنڈی میں تحریک انصاف کے صداقت علی عباسی نےاین اے57سےکاغذات نامزدگی جمع کرادیے، اسی حلقے سے سابق وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے بھی اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

    دوسری جانب مسلم لیگ ن کی جانب سے ٹکٹ جاری نہ کرنے پرچودھری نثار نے قومی اورصوبائی اسمبلی کے2،2حلقوں سےکاغذات جمع کرادیے۔ قوی اسمبلی کے انتخابات میں چودھری نثار این اے63 اور این اے59سے میدان میں اتریں گے۔

    راولپنڈی سے این اے59سے مسلم لیگ ن کے انجینئرقمراسلام نےکاغذات نامزدگی جمع کرا دیے۔

    راولپنڈی میں ہی ایم ایم اےکےمیاں ظفریاسین نےاین اے61 سےکاغذات نامزدگی جمع کرادیے ہیں ۔

    سیالکوٹ میں خواجہ آصف نے این اے 73 سے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔ جبکہ منشااللہ بٹ،چوہدری اکرام کےاین اے73سےکورنگ امیدوارکےکاغذات بھی جمع کرادیے ہیں۔

    خیبر پختونخواہ سے قومی اسمبلی کے لیے کاغذات جمع کرانے والے امید وار


    ہری پور میں این اے17سے مسلم لیگ ن کےبابرنوازنےکاغذات نامزدگی جمع کرادیے جبکہ ان کے مدمقابل تحریک انصاف کےعمرایوب نےکاغذات جمع کرادیے ہیں۔

    بلوچستان سے قومی اسمبلی کے لیے کاغذات جمع کرانے والے امیدوار


    جمعیت العلمائے اسلام ( ف) نے دس سال بعد حافظ حسین احمد کو این اے 266 کوئٹہ سے ایم ایم اے کا امید وا ر نامزد کردیا ہے، انہیں ٹکٹ نہ دینے سےجےیوآئی ف گزشتہ الیکشن میں ہارگئی تھی۔ دوسری جانب تحریک انصاف نے تاحال اس حلقےسےتاحال امیدوارکااعلان نہیں کیا ہے۔


    یہ خبر اپ ڈیٹ کی جارہی ہے۔

  • پروفیسرحسن عسکری  پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ مقرر

    پروفیسرحسن عسکری پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ مقرر

    اسلام آباد : پروفیسر حسن عسکری کو پنجاب کا نگراں وزیراعلیٰ مقرر کردیا گیا جبکہ ،نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان پر فیصلہ کل تک ہوجائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے لئے الیکشن کمیشن میں اہم اجلاس ہوا، اجلاس کی صدارت چیف الیکشن کمشنرسردار رضا خان نے کی ، اجلاس میں پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ کے لئے پارلیمانی کمیٹی کے ناموں پر غور کیا گیا۔

    اپوزیشن نے حسن عسکری، ایاز امیر کے نام تجویزکئے جبکہ حکومت نے ایڈمرل(ر)محمدذکااللہ ، جسٹس(ر) سائرعلی کے نام تجویز کئے تھے۔

    ایڈیشنل سیکریٹری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پروفیسر حسن عسکری کو پنجاب کا نگراں وزیراعلیٰ مقرر کردیا، فیصلہ متفقہ طورپرکیا ، حسن عسکری کا نام پی ٹی آئی نے تجویز کیا تھا۔

    ایڈیشنل سیکریٹری نے مزید کہا کہ نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان پرفیصلہ کل تک ہو جائے گا۔

    نگران وزیراعلٰی کا منصب بھاری ذمےداری ہے، پوری صلاحیتوں سے ذمےداری نبھاؤں گا، حسن عسکری

    نامزد نگراں وزیراعلٰی پنجاب حسن عسکری نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نگران وزیراعلٰی کا منصب بھاری ذمےداری ہے، پوری صلاحیتوں سے ذمےداری نبھاؤں گا۔

    حسن عسکری کا کہنا تھا کہ شفاف اور غیرجانبدارانتخابات کیلئےالیکشن کمیشن کوسپورٹ کریں گے، صوبے کے معمول کے انتظامی امور باہمی مشاورت سے چلائیں گے، میرا کوئی ذاتی ایجنڈا نہ تھا نہ ہوگا۔

    پروفیسرحسن عسکری کون ہیں ؟

    پروفیسرحسن عسکری پاکستان کے معروف سیاسی تجزیہ نگار ہیں، وہ اایک نامور پروفیسر اور مستند کالم نگار ہیں،  حسن عسکری نے یونیورسٹی آف پینسلوینیا سے پی ایچ ڈی مکمل کیا اور بطور  پروفیسردنیا کی مختلف جامعات میں خدمات انجام دی۔

    پروفیسر حسن عسکری پنجاب یونیورسٹی میں پولیٹکل سائنس کے پروفیسر بھی  رہ چکے ہیں اور تعلیم اور ریسرچ کے شعبے میں اہم تجربہ رکھتے ہیں۔

    حسن عسکری کو جنوبی ایشیا، خارجہ پالیسی اور سیکیورٹی امور پر خصوصی دسترس حاصل ہے،  وہ اخبارات اور جرائد میں آرٹیکل بھی لکھتے رہے ہیں جبکہ  انھوں  نے جمہوریت اور سیاست پر کئی کتابیں لکھی۔

    حسن عسکری کو سال 2010 میں ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی کے اجراء اور وصولی کا آغاز

    عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی کے اجراء اور وصولی کا آغاز

    اسلام آباد : ملک بھر میں عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی کے اجرا اور وصولی کا آغاز ہوگیا، امیدواران آٹھ جون تک کاغذات نامزدگی جمع کراسکتے ہیں، امیدواروں کی فہرست آٹھ جون کو جاری کردی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں عام انتخابات 2018 کی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ہوگیا اور کاغذات نامزدگی کے اجرا اور  وصولی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تین حلقوں کے کاغذات نامزدگی ایف ایٹ کچہری سے وصول اور  جمع کرائے جاسکتے ہیں۔

    قومی اسمبلی کی سات اور پنجاب کی پندرہ نشستوں کے کاغذات نامزدگی کیلئے جوڈیشل کمپلیکس راولپنڈی میں امیدواروں کی آمد جاری ہے، سٹی کورٹ کراچی سے  پہلا نامزدگی فارم قومی اسمبلی کےحلقے این اے دو سو چھیالیس کیلئے ممکنہ آزاد امیدوار محمدارشاد نے حاصل کیا۔

    لاہور ،کوئٹہ اور   پشاور میں بھی کاغذات نامزدگی کے اجرا اور  وصولی کا آغاز ہوگیا۔

    کاغذات نامزدگی آٹھ جون شام چار بجے تک جمع کرائے جاسکتے ہیں، امیدواروں کی فہرست بھی آٹھ جون کو جاری کی جائے گی، کاغذات نامزدگی کی جان پڑتال چودہ جون تک مکمل کرلی جائے گی۔

    کاغذات نامزدگی سے متعلق اپیلیں انیس جون تک دائر کی جاسکتی ہیں، اپیلٹ ٹریبونل چھبیس جون تک کاغذات نامزدگی سے متعلق فیصلے کرےگا۔

    امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست ستائیس جون کو شائع ہوگی جبکہ امیدوار اٹھائیس جون تک دستبردار ہوسکیں گے اور انتیس جون کو انتخابی نشانات الاٹ کردیے جائیں گے۔

    یاد  رہے کہ لاہورہائی کورٹ نے کاغذات نامزدگی میں ترامیم کالعدم قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو پرانا فارم بحال کرنے کا حکم دیا ہے، عدالت کے مطابق مذکورہ ترمیم شدہ فارم میں آرٹیکل باسٹھ تریسٹھ کو غیر مؤثر کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

    جس کے بعد الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی کی وصولی کا عمل روک دیا تھا تاہم سپریم کورٹ نے لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کردیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔