Tag: ECP

  • عام انتخابات، الیکشن کمیشن میں غیر ملکی مبصرین اور میڈیا کو مدعو کرنے کی تیاریاں مکمل

    عام انتخابات، الیکشن کمیشن میں غیر ملکی مبصرین اور میڈیا کو مدعو کرنے کی تیاریاں مکمل

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک میں عام انتخابات کے سلسلے میں غیر ملکی مبصرین اور میڈیا کو مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ملک میں عام انتخابات کے سلسلے میں الیکشن کمیشن میں غیر ملکی مبصرین و میڈیا کو مدعو کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، غیر ملکی مبصرین اور میڈیا کے لیے ضابطہ اخلاق بھی بنایا جا چکا ہے۔

    ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابی شیڈول جاری ہونے کے ساتھ ہی غیر ملکی مبصرین کو دعوت نامے بھجوا دیے جائیں گے، اس سلسلے میں غیر ملکی مبصرین و میڈیا کو خصوصی سیکیورٹی فیچرز کے کارڈ جاری کیے جائیں گے، جو تیار کیے جا چکے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق غیر ملکی مبصرین و میڈیا کو پولنگ اسٹیشن کے اندر رسائی دی جائے گی، اور وہ ووٹوں کی گنتی کا شفاف عمل اور نتائج کی تیاری کا جائزہ بھی لے سکیں گے۔

  • سندھ حکومت نے افسران کے تقرر و تبادلے کی فہرست الیکشن کمیشن کو ارسال کر دی

    سندھ حکومت نے افسران کے تقرر و تبادلے کی فہرست الیکشن کمیشن کو ارسال کر دی

    کراچی: سندھ حکومت نے افسران کے تقرر اور تبادلوں کی فہرست مرتب کر کے الیکشن کمیشن کو ارسال کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں بیوروکریسی کی تبدیلی کے سلسلے میں سندھ حکومت نے ایک فہرست الیکشن کمیشن کو ارسال کی ہے، صوبے بھر میں موجودہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو تبدیل کیا جائے گا، آج شام تک ای سی پی کی جانب سے تبادلوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری ہونے کا امکان ہے۔

    ذرائع کے مطابق آغا واصف سیکریٹری خزانہ، حسن نقوی پرنسپل سیکریٹری وزیر اعلیٰ ہوں گے، نجم شاہ سیکریٹری داخلہ منظور شیخ سیکریٹری بلدیات ہوں گے۔

    سندھ حکومت کی جانب سے خادم رند کو کراچی پولیس چیف بنانے، الطاف ساریو، سعید لغاری، الطاف شیخ، احمد صدیقی، فہد غفار کو ڈپٹی کمشنر تعینات کرنے، اظفر مہیسر،عاصم قائمخانی، اور اسد رضا کو کراچی کے 3 زونز میں ڈی آئی جی تعینات کرنے اور طارق دھاریجو کو ڈی آئی جی حیدرآباد تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق عمران قریشی، اظہر مغل، عرفان بہادر، عارف اسلم راؤ کو ایس ایس پیز لگانے کی تجویز ہے، الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کی فہرست پر اعتراض نہ کیا تو آج نوٹیفکیشن جاری ہو جائے گا۔

  • عدالت نے الیکشن کمیشن کو چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف حتمی فیصلہ کرنے سے روک دیا

    عدالت نے الیکشن کمیشن کو چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف حتمی فیصلہ کرنے سے روک دیا

    لاہور: ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو چیئرمین تحریک انصاف کے خلاف توہین کمیشن کی کارروائی میں حتمی فیصلہ کرنے سے روک دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد وحید خان نے تحریک انصاف کے سربراہ کی درخواست پر سماعت کی جس میں الیکشن کمیشن میں کارروائی کو چیلنج کیا گیا تھا، عدالت نے الیکشن کمیشن کو کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت کی لیکن اس پر حتمی فیصلہ کرنے سے اسے روک دیا۔

    عدالت نے درخواست چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بجھوا دی اور سفارش کی کہ کیس کو سماعت کے لیے لارجر بنچ کے روبرو پیش کیا جائے۔

    سمیر کھوسہ ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر درخواست میں استدعا کی گٸی تھی کہ تحریک انصاف کے سربراہ کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی کو کالعدم قرار دیا جائے۔ درخواست میں مزید کہا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن عدالت نہیں لہٰذا وہ کسی کے خلاف توہین عدالت کا اختیار استعمال نہیں کر سکتا۔

  • الیکشن کمیشن کا چیئرمین پی ٹی آئی کو پارٹی صدارت سے ہٹانے کا فیصلہ

    الیکشن کمیشن کا چیئرمین پی ٹی آئی کو پارٹی صدارت سے ہٹانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چیئرمین پی ٹی آئی کو پارٹی صدارت سے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا۔

    ذرائع کے مطابق ای سی پی نے سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کو پارٹی کی صدارت سے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا ہے، الیکشن کمیشن کچھ دیر میں باضابطہ اعلان کرے گا۔

    چیئرمین پی ٹی آئی کو صدارت سے ہٹانے کی فائل کمیشن کو بھجوا دی گئی ہے۔


    واضح رہے کہ آج الیکشن کمیشن کا اسلام آباد میں ایک اہم اجلاس ہوا، جس میں انتخابات کے عمل، مردم شماری اور دیگر امور پر مشاورت کی گئی، اجلاس میں چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف عدالتی فیصلے کا بھی جائزہ لیا گیا، اور انھیں پارٹی صدارت سے ہٹانے کا فیصلہ ہوا۔

  • ’’الیکشن تین ماہ میں نہ ہوئے تو ملک کیلئے برا ہوگا‘‘

    ’’الیکشن تین ماہ میں نہ ہوئے تو ملک کیلئے برا ہوگا‘‘

    کراچی : پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لیجسلیٹو ڈویلپمنٹ اینڈ ٹرانسپرنسی(پلڈاٹ) کے سربراہ احمد بلال محبوب نے کہا ہے کہ الیکشن تین ماہ میں نہ ہوئے تو ملک کیلئے برا ہوگا۔

    نئی مردم شماری پر الیکشن کے حوالے سے وزیر اعظم شہباز شریف کے بیان سے متعلق انہوں نے کہا کہ اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد نئی مردم شماری کے اعلان کے بعد انتکابات ناممکن ہوجائیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو نئی حلقہ بندیاں کرنے کیلئے کم سے چار سے چھ ماہ درکار ہوں گے، لیکن مسئلہ یہ ہے کہ ان حلقہ بندیوں سے پہلے ایک آئینی ترمیم کی ضرورت ہے، جس کا ذکر آئین کے 51 تھری موجود ہے۔

    یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ آئینی ترمیم کرنے کیلئے حکومت کے پاس مطلوبہ تعداد ہی میسر نہیں تو یہ ممکن نہیں ہوسکتا کہ نئی حلقہ بندیاں ہوسکیں۔

    انہوں نے الیکشن کمیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف تو نئی حلقہ بندیوں کی بات کی جارہی ہے تو دوسری جانب ای سی پی کہتا ہے کہ وہ مقررہ وقت میں الیکشن کرادے گا تو یہ کیسس ممکن ہوسکتا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ گر وزیر اعظم واقعی نئی مردم شماری کے مطابق الیکشن کرانا چاہتے ہیں تو اِس کے لیے سی سی آئی سے مردم شماری نتائج کی منظوری درکار ہوگی۔

  • الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی اور فواد چوہدری کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کر دیے

    الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی اور فواد چوہدری کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کر دیے

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور فواد چوہدری کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق ای سی پی نے توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت 25 جولائی تک ملتوی کر دی، سماعت کے لیے چیئرمین پی ٹی آئی اور فواد چوہدری کے وکیل الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہوئے، اسد عمر بھی غیر موجود تھے۔

    معاون وکیل نے عدالت کو بتایا اسد عمر کے کیسز ہیں اور ڈاکٹر کے پاس اپوائنمنٹ ہے، آپ حاضری سے استثنیٰ دے دیں کیوں کہ اسد عمر یہاں حاضر ہوتے رہے ہیں۔

    ممبر کمیشن نے کہا آپ درخواست جمع کرا دیں، معاون وکیل نے کہا میں استثنیٰ کی درخواست جمع کر دیتی ہوں۔

    فواد چوہدری اور ان کے وکیل فیصل چوہدری بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے، معاون وکیل نے بتایا کہ فواد چوہدری لاہور میں ہیں، اور فیصل چوہدری اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہیں، انھوں نے آنے کا کہا ہے۔

  • ضمنی بلدیاتی الیکشن، کئی ووٹ ضائع ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا

    ضمنی بلدیاتی الیکشن، کئی ووٹ ضائع ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا

    کراچی: شہر قائد میں ضمنی بلدیاتی الیکشن کے دوران کئی ووٹ ضائع ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی الیکشن سیل کی جانب سے الیکشن کمیشن سندھ کو ایک خط لکھا گیا ہے، جس میں دستخط اور مہر کے بغیر بیلٹ پیپر کے اجرا پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ یو سی 6 نارتھ ناظم آباد پولنگ اسٹیشن نمبر 30 پر بیلٹ پیپر کی پشت پر دستخط کیے بغیر ہی جاری کیے گئے ہیں، ترجمان نے کہا کہ پشت پر دستخط اور مہر کے بغیر بیلٹ پیپر کے اجرا سے ووٹ ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔

    جماعت اسلامی کے ترجمان نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن اس سلسلے میں فوری طور پر کارروائی کرے، ترجمان نے کہا کہ یو سی 6 نارتھ ناظم آباد سینٹ جارج اسکول کے پولنگ اسٹیشن 30 کا عملہ غیر تربیت یافتہ لگ رہا ہے۔

    ضمنی بلدیاتی الیکشن: جماعت اسلامی کا انتخابی عملے اور پولیس پر جانب داری کا الزام

    خط میں ترجمان نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن سندھ ہدایت جاری کرے کہ دستخط اور مہر کے بغیر بیلٹ پیپر جاری نہ کیے جائیں۔

  • ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد کتنی ہوگئی؟

    ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد کتنی ہوگئی؟

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 12 کروڑ 56 لاکھ 26 ہزار 390 تک پہنچ گئی، سب سے زیادہ ووٹرز صوبہ پنجاب میں ہیں جن کی تعداد 7 کروڑ سے زائد ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کے اعداد و شمار جاری کر دیے۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 12 کروڑ 56 لاکھ 26 ہزار 390 تک پہنچ گئی، سب سے زیادہ ووٹرز صوبہ پنجاب میں ہیں جن کی تعداد 7 کروڑ 15 لاکھ 65 ہزار 168 ہے۔

    سندھ میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2 کروڑ 63 لاکھ 96 ہزار 53، خیبر پختونخواہ میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2 کروڑ 14 لاکھ 490 اور بلوچستان میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 52 لاکھ 28 ہزار 726 ہوگئی۔

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 10 لاکھ 20 ہزار 953 ہے۔

  • عدالت نے عمران خان، فواد چوہدری کے خلاف الیکشن کمیشن کے وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے

    عدالت نے عمران خان، فواد چوہدری کے خلاف الیکشن کمیشن کے وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے

    لاہور: ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور فواد چوہدری کے خلاف الیکشن کمیشن کے وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں توہین الیکشن کمیشن میں وارنٹ گرفتاری کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے الیکشن کمیشن کو قانون کے مطابق کارروائی جاری رکھنے کا حکم دے دیا، تاہم عمران خان اور فواد چوہدری کے خلاف وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے۔

    عدالت نے عمران خان اور فواد چوہدری کی درخواستیں زائد المیعاد قرار دے کر خارج کر دیں، عدالت نے ہدایت کی کہ الیکشن کمیشن اپنے دائرہ اختیار میں رہ کر کارروائی جاری رکھے اور میرٹ پر فیصلہ کرے۔عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کو فریقین میں سے کوئی بھی چیلنج کر سکتا ہے۔

    اس کیس کی سماعت کرنے والا لارجر بینچ جسٹس صداقت علی خان، جسٹس مرزا وقاص رؤف اور جسٹس چوہدری عبدالعزیز پر مشتمل تھا۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ انکوائری چیلنج کرنے کی صورت میں درخواست گزار کو عبوری ریلیف نہیں دیا جا سکتا، درخواست گزار نے الیکشن کمیشن کے اختیارات کو چیلنج کر رکھا ہے تو الیکشن کمیشن کیسے کارروائی جاری رکھ سکتا ہے۔ عدالت نے کہا کہ درخواست گزار کے پٹیشن واپس لینے کی صورت میں عدالت الیکشن کمیشن کو ڈائریکشن جاری کر سکتی ہے، الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد درخواست گزار عدالت سے رجوع کر سکتا ہے۔

  • الیکشن کمیشن کی جانب سے آئندہ ہفتے شیڈول جاری ہونے کا قوی امکان

    الیکشن کمیشن کی جانب سے آئندہ ہفتے شیڈول جاری ہونے کا قوی امکان

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کے انعقاد کے لیے تیاریاں تیز کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے آئندہ ہفتے شیڈول جاری ہونے کا قوی امکان ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ ڈی آر اوز اور آر اوز اس بار عدلیہ سے نہیں لیے جائیں گے۔

    ذرائع کے مطابق پنجاب کے انتخابات کے لیے رجسٹرار ہائیکورٹ کو مزید خط نہ لکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس کی بجائے الیکشن کمیشن نے صوبائی الیکشن کمشنر سے ڈی آر اوز اور آر اوز کی فہرست مانگ لی ہے، صوبائی الیکشن کمشنر آج فہرست الیکشن کمیشن کو بھجوائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن آئندہ ہفتے افسران کی ٹریننگ کا آغاز کرے گا، ای سی پی نے پنجاب اور کے پی انتخابات کے اخراجات کا تخمینہ بھی لگا لیا ہے، دونوں صوبوں میں 35 ارب سے زائد کے اخراجات ہونے کا امکان ہے۔

    حکومتی اتحاد کی ملاقات میں پنجاب اور کے پی میں انتخابات پر اتفاق رائے نہ ہو سکا

    ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے آئندہ ہفتے وزارت خزانہ کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں وزارت خزانہ کو فوری فنڈز جاری کرنے کی ہدایت کی جائے گی، وزارت خزانہ کو 25 ارب روپے جاری کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں گے۔

    سیکیورٹی فورسز کی تعیناتی کے لیے وزارت داخلہ کو بھی آئندہ ہفتے خط لکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔