Tag: ECP

  • این اے120 میں پولنگ17ستمبر کو ہوگی، الیکشن کمیشن کا شیڈول جاری

    این اے120 میں پولنگ17ستمبر کو ہوگی، الیکشن کمیشن کا شیڈول جاری

    اسلام آباد : سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی سپریم کورٹ سے نااہلی کے باعث خالی ہونے والی نشست این اے 120 پر پولنگ 17 ستمبر کو ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے این اے120کے ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کردیا، الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کئے گئے انتخابی شیڈول کے مطابق این اے 120 میں پولنگ 17 ستمبر کو ہوگی۔

    جس کے لئے محمد شاہد ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر بہاولنگر ریٹرنگ آفیسر مقرر کردیئے گئے ہیں، جو 7 اگست کو پبلک نوٹس جاری کریں گے اور امیدواروں اپنے کاغذات نامزدگی وصول کرسکیں گے۔

    کاغذات نامزدگی 10 اگست سے 12 اگست تک واپس جمع کروائے جاسکیں گے، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل 15سے 17 اگست تک مکمل کیا جائے گا جبکہ کاغذات منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیل 21 گست تک جمع کروائی جاسکیں گی، جن پر 24 اگست کو اعتراضات پر فیصلہ ہوگا۔

    کاغذات نامزدگی 25 اگست کو واپس لئے جاسکیں گے اور 26 اگست کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی جائے گی جبکہ پولنگ 17 ستمبر کو ہوگی۔


    مزید پڑھیں: پاناما کیس: وزیراعظم نوازشریف نا اہل قرار


    واضح رہے کہ پاناما کیس میں سپریم کورٹ نے نوازشریف کو نااہل قرار دیا تھا اور نواز شریف ، حسن، حسین، مریم نواز، کیپٹن صفدر اور اسحاق ڈار کے خلاف نیب میں ریفرنس بھیجنے اور چھ ماہ میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔ جس کے بعد لاہور کے حلقے این اے 120 سے نواز شریف کی رکنیت  ختم ہوگئی تھی۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔

  • پی ٹی آئی کا خواجہ آصف کی نااہلی کیلئے سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کا فیصلہ

    پی ٹی آئی کا خواجہ آصف کی نااہلی کیلئے سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد : پی ٹی آئی نے خواجہ آصف کی نااہلی کیلئے اعلیٰ عدلیہ اور الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے خواجہ آصف کے اقامے پر بابر اعوان، فواد چوہدری ، عارف علوی ، عثمان ڈار اور وکلا سے ملاقات کی، ملاقات میں مشاورت کے بعد پی ٹی آئی نے خواجہ آصف کی نااہلی کیلئے اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا جبکہ خواجہ آصف کے خلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔

    عمران خان نے معاملے کو منطقی انجام تک پہنچانے کی ہدایت بھی کی۔

    پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف کےخلاف قانونی چارہ جوئی شروع کررہےہیں، خواجہ آصف کو جلد کٹہرے میں کھڑا کریں گے۔


    مزید پڑھیں :عمران خان نے خواجہ آصف کا اقامہ ٹوئٹر پر پوسٹ کر دیا


    اس سے قبل پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے خواجہ آصف کا اقامہ ٹوئٹرپرپوسٹ کرتے ہوئے وزیردفاع پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ سارا مافیا ہی جیب میں اقامے لے کر گھوم رہا ہے، درحقیقیت اقامہ بھاگنے اور خود کو بچانے کا آسان راستہ ہے۔

    چیرمین پی ٹی آئی نے کہا عالمی قوانین کے تحت امارات کا مرکزی بینک غیررہائش پذیر افراد کے کھاتوں کی تفصیلات ظاہر کرے۔

    یاد رہے 2 روز قبل سیالکوٹ سے خواجہ آصف کے حلقے سے پی ٹی آئی کے امید وار عثمان ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر خواجہ آصف کے اقامے کی کاپی جاری کی تھی، جس کے مطابق خواجہ آصف بھی دبئی کی کمپنی میں ملازم ہیں۔


    مزید پڑھیں : خواجہ آصف وفاقی وزیر ہونے کے ساتھ دبئی کمپنی کے ملازم نکلے


    پی آٹی ٹی کے رہنما عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ خواجہ آصف سے متعلق حیرت انگیز انکشافات سامنے آئے ہیں، آرٹیکل63،62کےتحت خواجہ آصف کو بھی گھر بھیجیں گے، اقامہ ان کمپنیوں سے لیا گیا، جنہیں پروجیکٹ کی مد میں فائدہ دیا گیا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ خواجہ آصف سے متعلق جو دستاویزات ملی ہیں وہ حیران کن ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

    عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے، فیصلہ دس اگست کو سنایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کو توہین عدالت کی کارروائی کا اختیار حاصل نہیں، اس کیلئے کمیشن کا اپنا قانون موجود ہونا ضروری ہے۔

    پی ٹی آئی وکیل کا کہنا تھا کہ 1976 کا توہین عدالت کا قانون ختم ہوچکا ہے اور آئین کے تحت صرف ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ ہی توہین عدالت کی کارروائی کر سکتے ہیں۔

    بابر عوان نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے عمران خان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ غیر قانونی ہے، آئین میں الیکشن کمیشن کو صرف انتخابی عمل سے متعلق اختیارات دیے گئے ہیں آئین میں توہین عدالت سے متعلق الیکشن کمشیشن کے اختیارات کا کوئی ذکر موجود نہیں جبکہ آرٹیکل 6 کے تحت غداری کامقدمہ چلانے کا بھی الگ سے قانون اور طریقہ کارہے۔

    درخواست گزار اکبر ایس بابر نے الیکشن کمیشن سے عمران خان کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کی استدعا کی۔

    فریقوں کے دلائل مکمل ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے عمران خان کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

    سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعوان نے کہا کہ عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر کارروائی کا مطالبہ غیرقانونی ہے اور الیکشن کمیشن کا درجہ آئین میں الگ نوعیت کا ہے، اگر یہ کہا جائے کہ الیکشن کمیشن کا درجہ ہائی کورٹ کے برابر ہے تو پھر قواعد بھی ہائی کورٹس والے لاگو کرنے پڑیں گے۔

    اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے کہا کہ حکومت نے عمران خان کے خلاف متعدد بے بنیاد مقدمات قائم کئے ہوئے ہیں، تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے حقائق عدالت میں جمع کر وا دیئے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • پی ایس 114 ، ایم کیو ایم کی درخواست مسترد، پی پی کے سعید غنی کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری

    پی ایس 114 ، ایم کیو ایم کی درخواست مسترد، پی پی کے سعید غنی کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے کراچی کے حلقہ پی ایس 114 میں انتخاب سے متعلق ایم کیو ایم کی درخواست مسترد کرتے ہوئے معاملہ الیکشن ٹریبونل کوبھجوا دیا دیا گیا جبکہ سعید غنی کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس 114میں ایم کیو ایم کے کامران ٹیسوری کی ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست پر چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے فیصلہ سنادیا، فیصلے میں ایم کیو ایم کی درخواست مسترد کردی اور معاملہ الیکشن ٹریبونل کو بھیج دیا اور ایم کیو ایم کو ٹریبونل سے رابطہ کرنے کی ہدایت کر دی۔

    الیکشن کمیشن نے سعید غنی کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کے لیے جاری حکم امتناع بھی ختم کر دیا۔

    خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان کے دلائل سننے کے بعد محفوظ فیصلہ کیا تھا۔


    مزید پڑھیں : پی ایس 114: ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست پرفیصلہ محفوظ


    بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ یہ شفاف ترین الیکشن تھے، ریجنرز اور سیاسی رہنما جانتے ہیں کہ کوئی دھاندلی نہیں ہوئی، ایم کیو ایم بھی یہ بات جانتی ہے، پولیس کا ایک بھی شخص وہاں اندر موجود نہیں تھا لیکن وہاں منصوبہ بندی کے تحت ہنگامہ آرائی کروائی گئی۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے پر دکھ اور افسوس ہے،انصاف کے تقاضے پورے نہیں کیے کیونکہ ایک ہفتے میں دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جاتا، الیکشن کمیشن نوٹیفیکیشن روک لیتا اور نادرا سے تصدیق کروا لیتا تو اس کی کریڈیبلٹی قائم رہتی۔

    واضح رہے کہ ایم کیو ایم نے پی ایس 114 میں دوبارہ ووٹوں کی گنتی اور نادرا سے انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق کرانے کا مطالبہ کیا تھا۔

    یاد رہے کہ 9 جولائی کو پی ایس 114 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں پی پی پی کے امیدوار سعید غنی نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کامران ٹیسوری کو 5734 ووٹوں کے فرق سے شکست دے کر میدان مارلیا تھا جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن تیسرے نمبر پر رہی تھی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں

  • نئی حلقہ بندیاں ممکن نہیں، الیکشن پرانے طریقے سے ہوں گے، الیکشن کمشنر

    نئی حلقہ بندیاں ممکن نہیں، الیکشن پرانے طریقے سے ہوں گے، الیکشن کمشنر

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نئی حلقہ بندیاں کرنے سے معذرت کرلی ہے، چیف الیکشن کمشنر کہتے ہیں 2018 کے انتخابات نئی حلقہ بندیوں کے مطابق نہیں کرسکتے۔

    چیف الیکشن کمشنز کے جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ محکمہ شماریات نے مردم شماری کی رپورٹ اپریل 2018 سے پہلے دینے سے معذرت کرلی، مردم شماری رپورٹ ملنے تک حلقہ بندیاں نہیں ہوسکتیں۔

    انہوں نے کہا کہ الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت نئی حلقہ بندیوں کا معاملہ اٹھایا گیا تھا تاہم اب وہ کھٹائی کا شکار ہوتا نظر آرہا ہے اور آئندہ انتخابات بھی موجودہ حلقہ بندیوں پر کروانا مجبوری ہوگی۔

    الیکشن کمشنر نے کہا کہ نیا الیکشن ایکٹ 2017 اب تک فائنل نہیں کیا گیا اور دوسری طرف مردم شماری رپورٹ میں تاخیر سے مسائل پیدا ہورہے ہیں، اس تمام تر صورتحال سے حکومت کو آگاہ کردیا ہے مگر وہ اس معاملے کو سنجیدگی سے نہیں دیکھ رہی۔

    پڑھیں: ملک بھر میں نئی حلقہ بندیاں کرانے کا فیصلہ، الیکشن کمیشن کا اجلاس طلب

    اس سے قبل ملک بھر میں نئی حلقہ بندیاں کرنے کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنر نے اجلاس طلب کیا تھا جس میں چیف شماریات آصف باجوہ نے بریفنگ دینی تھی۔

    یاد رہے 2013 کے عام انتخابات کے بعد تمام سیاسی جماعتوں نے الیکشن کمیشن میں تبدیلیوں اور نئی حلقہ بندیوں کا مطالبہ کیا تھا، حکومت کی جانب سے گزشتہ برس مردم شماری کا مرحلہ مکمل کرلیا گیا تاہم اُس کے حتمی رپورٹ ابھی تک جاری نہیں کی گئی۔

  • عمران خان اور دانیال عزیز کے خلاف کیسوں کی سماعت عید کے بعد تک ملتوی

    عمران خان اور دانیال عزیز کے خلاف کیسوں کی سماعت عید کے بعد تک ملتوی

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور ن لیگی رہنما دانیال عزیز کے خلاف کیسوں کی سماعت عید کے بعد تک ملتوی کردی۔

    تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے بنچ نے تحریک انصف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔

    عمران خان کی جانب سے توہین عدالت کی درخواست پر جواب جمع نہ کروایا جاسکا۔ عمران خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ جواب پر عمران خان کے دستخط نہیں لیے جاسکے۔

    چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ گزشتہ سماعت پرآپ نے جواب جمع کرانے کے لیے مہلت مانگی تھی تاہم وکیل جواب نہ دے سکے۔

    بنچ نے عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت 4 جولائی تک ملتوی کردی۔

    دوسری جانب دانیال عزیز کے خلاف توہین عدالت کیس میں دانیال عزیز نے جواب جمع کروا دیا۔

    دانیال عزیز نے تحریک انصاف کی جانب سے توہین عدالت کا الزام مسترد کرتے ہوئے کہا کہ درخواست گزار کی جانب سے پیش کیے گئے خبروں کے تراشوں سے کہیں بھی توہین عدالت کا الزام ثابت نہیں ہوتا۔ میں نے کسی موقع پر ایسا کچھ نہیں کہا جس سے الیکشن کمیشن کی توہین ہوئی ہو۔

    دانیال عزیز نے الیکشن کمیشن سے تحریک انصاف کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست خارج کرنے کی استدعا کی۔

    چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ دانیال عزیز کا جواب تصدیق شدہ نہیں جس پر دانیال عزیز نے کہا کہ بارش کی وجہ سے جواب تصدیق نہیں کروا سکے۔

    ان کا کہنا تھا کہ وہ بیرون ملک جانا چاہتے ہیں اس لیے مہلت دی جائے۔

    الیکشن کمیشن نے دانیال عزیز کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت 17 جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے دانیال عزیز کو تصدیق شدہ جواب جمع کروانے کی ہدایت کی۔

    غیر ملکی فنڈنگ کیس

    الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف کے فنڈز سے متعلق کیس کی بھی سماعت ہوئی۔

    چیف الیکشن کمشنر نے تحریک انصاف کے وکیل سے پارٹی فنڈنگ کیس پر جواب طلب کیا تو شاہد گوندل کا کہنا تھا کہ چیئرمین عمران خان کراچی میں موجود ہیں، کیس کے بارے میں ان سے مشاورت نہیں ہوسکی ہے لہٰذا مزید وقت دیا جائے۔

    الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 4 جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے انہیں آئندہ سماعت پر جواب داخل کروانے کی ہدایت کردی۔


  • وزیراعظم نوازشریف امیر ترین رکن پارلیمنٹ

    وزیراعظم نوازشریف امیر ترین رکن پارلیمنٹ

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نےاراکین پارلیمنٹ کے2016 کے مالی گوشوارے جاری کر دیئےجس کے مطابق سب سےامیرترین رکن پارلیمنٹ وزیراعظم ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کس کے پاس کتنی دولت کون کتنا امیر؟ اثاثوں کی دوڑ میں نوازشریف نے سب پارلیمینٹیرینز کو پیچھے چھوڑ دیا، الیکشن کمیشن کےمطابق نوازشریف کے اثاثے ایک ارب چونسٹھ کروڑ تک پہنچ گئے۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق وزیراعظم نےمالی گوشواروں میں بتایا کہ جاتی عمرہ کےاثاثے چالیس کروڑ روپے  ہیں، سترلاکھ روپے کا فرنیچر ہے،چالیس لاکھ روپےکے پرندے وجانور پال رکھے ہیں جبکہ پندرہ لاکھ روپے مالیت کے زیوربھی ہیں ۔

    اپرمال لاہور میں جائیداد کی قیمت 25 کروڑ روپے ظاہر کی، نوازشریف نے تین گاڑیاں اور دو ٹریکٹر کا مالک بھی خود کو ظاہرکیا اور نوازشریف کو دو ہزارسولہ میں بیٹے حسین نواز کی جانب سے تئیس کروڑ بیالیس لاکھ کی رقم تحفے میں ملی جبکہ بیرون ملک کوئی اثاثے نہیں ہے۔

    حمزہ شہباز کے اثاثوں کی مالیت 35کروڑ ظاہر کی گئی ہے۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق عمران خان ایک ارب40کروڑروپے سے زائد کے مالک ہیں، عمران خان کے پاس بیرون ملک کوئی اثاثے نہیں، بنی گالہ زمین کی قیمت75کروڑ ظاہر کی گئی اور بنی گالہ اراضی کو تحفہ ظاہر کیا گیا ہے جبکہ عمران خان نے زمان پارک کی مالیت 29کروڑ 70لاکھ ظاہر کی ۔

    شیخ رشید نے 4کروڑ 75لاکھ کے اثاثے ظاہرکئے، مولانافضل الرحمان نے 64لاکھ سے زائداثاثے ظاہر کیے۔

    کیپٹن صفدر نے ایک کروڑ42لاکھ کے اثاثے ظاہر کیے جبکہ کیپٹن صفدر نے مریم نواز کی 60لاکھ کی گاڑی ظاہر کی، گاڑی عرب امارات کی جانب سے دی گئی تھی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • الیکشن کمیشن نے آئندہ سال کیلئے ساڑھے8 ارب روپے کا بجٹ مانگ لیا

    الیکشن کمیشن نے آئندہ سال کیلئے ساڑھے8 ارب روپے کا بجٹ مانگ لیا

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے آئندہ سال کیلئے ساڑھے آٹھ ارب روپے کا بجٹ مانگ لیا، الیکشن کمیشن انتخابی سامان کی اسٹوریج کیلئے انیس وئیر ہاوس بنائے گا، پلاننگ کمیٹی کے اجلاس میں انتخابی تیاریوں سمیت اہم امور زیر غور آئے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کے پلاننگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب بے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سروے کے مطابق زیادہ تر عمارتیں جہاں پولنگ اسٹیشن بنائے جاتے ہیں، وہ مخدوش حالت میں ہیں، اس مسئلہ پر صوبوں کو خط لکهیں گے۔

    سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ پولنگ عملہ کو اب یومیہ 450 کی بجائے 2000 روپے دیں گے، صوبائی الیکشن کمیشن دفاتر کو نادرا کے سسٹم کے ساته منسلک کیا جارہا ہے۔

    بابر یعقوب نے بتایا کہ اگلے سال کے لیے ساڑھے آٹھ ارب کا بجٹ مانگا ہے، انتخابات 2018 کے لیے 5 ارب بجٹ کی ضرورت ہے، ستر ہزار پولنگ اسٹیشنز کو گوگل میپ پر لے آئے ہیں، الیکشن کمیشن اسٹوریج کے لیے 19 وئیر ہاوس بنا چکا ہے، ستمبر تک 19وئیر ہاوس مکمل کرلیں گے۔


    مزید پڑھیں : عام انتخابات 2018، ملک بھرکے70ہزار پولنگ اسٹیشنز گوگل میپ سے منسلک


    انھوں نے مزید کہا کہ انتخابی اصلاحات کے مسئلہ پر 100 سے زیادہ اجلاس ہوئے ، پانچ لاکھ چهیاسی ہزار پولنگ عملہ کی ٹریننگ الیکشن بل منظور ہونے کے بعد شروع کریں گے، عام انتخابات کیلئے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر اور پریزائڈنگ آفیسر عدلیہ سے لینے کی تجویز بھی زیرِغور ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • پارٹی فنڈنگ میں خرد برد کا کیس: تحریک انصاف کو مزید مہلت مل گئی

    پارٹی فنڈنگ میں خرد برد کا کیس: تحریک انصاف کو مزید مہلت مل گئی

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے ایک بار پھر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو توہین عدالت اور پارٹی فنڈنگ کی تفصیلات جمع کروانے کی مہلت دے دی۔ عمران خان کو توہین عدالت پر 29 مئی جبکہ پارٹی فنڈنگ کیس پر 30 مئی تک کا وقت دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف 3 مختلف کیسوں پر سماعت کی۔

    انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر عمران خان کے وکیل نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا اسٹے آرڈر الیکشن کمیشن میں جمع کروا دیا۔

    پارٹی فنڈنگ کیس میں عمران خان کے وکیل نے الیکشن کمیشن میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا کیس سپریم کورٹ میں بھی چل رہا ہے۔ اس لیے جواب جمع کروانے کے لیے مزید وقت دیا جائے۔

    چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ میں کیس ہے تو کیا ہم اپنا کام روک دیں۔ سالہا سال سے یہ کیس چل رہا ہے لہٰذا اگلی سماعت پر اکاؤنٹس کی تفصیلات جمع کروائی جائیں۔

    مزید پڑھیں: تحریک انصاف کے وکیل کی مشاورت کے لیے مہلت طلب

    توہین عدالت کیس کی سماعت کے دوران بھی عمران خان کے وکیل کی جانب سے جواب جمع کروانے کے لیے مہلت مانگ لی گئی۔

    الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق کا کہنا تھا کہ ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو مزید کاروائی سے روک دیا ہے۔ حکومت پاناما کیس سے توجہ ہٹانے کے لیے نئی نئی ترکیبیں تلاش کر رہی ہے۔

    تحریک انصاف نے لیگی رہنما دانیال عزیز کے خلاف بھی توہین عدالت کی درخواست دائر کروانے کا اعلان کر دیا۔

    بعد ازاں تحریک انصاف کے الزامات کے بعد دانیال عزیز اور اکبر ایس بابر ایک بار پھر عمران خان پر برس پڑے۔

    دانیال عزیز نے کہا کہ تحریک انصاف الیکشن کمیشن سے بھاگ رہی ہے۔ انہوں نے خود غیر ملکی فنڈنگ کا اعتراف کیا۔

    الیکشن کمیشن نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت 29 مئی، پارٹی فنڈنگ کیس کی سماعت 30 مئی جبکہ انتخابی ضابطہ اخلاق کیس کی سماعت 13 جون تک ملتوی کر دی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔