Tag: ECP

  • سندھ میں بلدیاتی انتخابات : پہلے مرحلے کیلئے پولنگ اسکیم جاری

    سندھ میں بلدیاتی انتخابات : پہلے مرحلے کیلئے پولنگ اسکیم جاری

    کراچی : الیکشن کمیشن نے سندھ میں پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ اسکیم جاری کردی ہے۔

    آٹھ اضلاع میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد بیالیس لاکھ سے زائد ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق اکتیس اکتوبر کےبلدیاتی انتخابات کیلئےچار ہزارچار سو چونتیس پولنگ اسٹیشن اورتیرہ ہزار پانچ سو اٹھانوے پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔

    پولنگ اسٹیشن پر پریذائیڈنگ ، اسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران اور پولنگ افسروں پرمشتمل پینتالیس ہزار سے زائد عملہ خدمات انجام دے گا۔

    پہلے مرحلے کے انتخابات سکھر،گھوٹکی،خیرپور،لاڑکانہ،شکارپور،جیکب آباد،کشمورکندھ کوٹ اور قمبر شہدادکوٹ میں ہونگے۔ کل ووٹرز کی تعداد بیالیس لاکھ اکیاسی ہزار باہتر ہے۔

  • الیکشن کمیشن نےاین اے 122 میں ووٹوں کی منتقلی کا الزام مسترد کردیا

    الیکشن کمیشن نےاین اے 122 میں ووٹوں کی منتقلی کا الزام مسترد کردیا

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے ایک سوبائیس کے ضمنی انتخاب میں ووٹوں کی منتقلی سے متعلق پی ٹی آئی کے الزمات مسترد کردیئےہیں۔

    الیکشن کمیشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے نمائندوں کوعام انتخابات دوہزارتیرہ اورضمنی انتخابات کی ووٹرلسٹیں فراہم کیں تھیں۔

    ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق دوہزار تیرہ میں این اے ایک سو بائیس میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد تین لاکھ چھبیس ہزار اٹھائیس تھی جبکہ ضمنی انتخاب میں یہ تعداد بڑھ کر تین لاکھ سینتالیس ہزارسات سو باسٹھ تھی، ووٹرز لسٹوں میں اکیس ہزارسات سو چونتیس ووٹرزکا اضافہ ہوا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ کسی بھی ووٹر کی مرضی کے بغیراس کا ووٹ منتقل نہیں ہوسکتا، الیکشن کمیشن کے پاس ووٹرزکی تبدیلی کا پورا ریکارڈ موجود ہے۔

  • الیکشن کمیشن نے این اے 122، پی پی 147 اور این اے144 کے غیرحتمی نتائج جاری کردیے

    الیکشن کمیشن نے این اے 122، پی پی 147 اور این اے144 کے غیرحتمی نتائج جاری کردیے

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نےاین اے ایک سو بائیس لاہور ،ایک سو چوالیس اوکاڑہ اور پی پی ایک سو سینتالیس کے غیر حتمی نتیجے کا اعلان کر دیا۔

    ریٹرننگ افسرزاہداقبال نے این اےایک سوبائیس میں مسلم لیگ ن، پی پی ایک سوسینتالیس میں تحریک انصاف اور این اے ایک سو چوالیس میں آزاد امیدوار کی کامیابی کا اعلان کیا۔

    ریٹرننگ افسر کا کہنا تھا کہ انتخابات شفاف طریقے سے ہوئے، این اے ایک سو بائیس لاہور میں رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد تین لاکھ سینتالیس ہزارسات سو باسٹھ ہے، ڈالے گئے ووٹوں کی تعداد ایک لاکھ انچاس ہزارآٹھ سو پچاسی ہے، ان میں سے ایک لاکھ اڑتالیس ہزار ستائیس ووٹ درست قرار پائے۔

    غیرحتمی نتائج کےمطابق ن لیگ کے ایازصادق چوہتر ہزار پانچ سو پچیس ووٹ لیکر کر کامیاب ٹہرے، تحریک انصاف کےعلیم خان باہتر ہزار بیاسی ووٹ لیکر دوسرےنمبر پر رہے۔

    پنجاب اسمبلی کے حلقہ ایک سو سینتالیس میں پی ٹی آئی کے شعیب صدیقی نےاکتیس ہزارنو سو چونسٹھ ووٹ حاصل کرکے ن لیگ کے محسن لطیف کو شکست دی۔ محسن لطیف اٹھائیس ہزار سات سو دو ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے، ایک ہزار پینسٹھ ووٹ مسترد ہوئے۔

    این اےایک سوچوالیس اوکاڑہ میں آزاد امیدوار ریاض الحق نے پچاسی ہزارسات سو چودہ ووٹ حاصل کرکے کامیاب ہوئے ، ن لیگ کےعلی عارف چوہدری پینتالیس ہزارسات سو ننانوے ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے.

  • پی ٹی آئی نے وزیراعظم کی تقریر کو اشتہاری مہم قرار دے دیا

    پی ٹی آئی نے وزیراعظم کی تقریر کو اشتہاری مہم قرار دے دیا

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے وزیراعظم کی تقریرکو انتخابی مہم قراردیتے ہوئے کہا کہ یہ ضمنی الیکشن میں اثرانداز ہونے کی کوشش ہے۔

    ترجمان نے وزیر اعظم کی تقریر پر رد عمل میں کہا کہ حکومت اور الیکشن کمیشن گٹھ جوڑ کی مذمت کرتے ہیں۔

    پی ٹی آئی ترجمان کا بیان میں کہنا تھاکہ این اے ایک سوبائیس میں انتخابی مہم کا وقت گزرچکا ہے۔ انتخابی مہم کے خاتمے کے بعد خاموش مہم چلانے کی اجازت کیسے دی گئی؟

    شریف برادران اورنج لائن منصوبے کی تشہیرکررہے ہیں۔ جسٹس ریٹائرڈ کیانی نے الیکشن کمیشن کواندھا کررکھا ہے۔

    جسٹس کیانی اپنی روش تبدیل کریں یا احتساب کے لئے تیارہوجائیں۔ جبکہ پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ایک خط بھی تحریر کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ لاہور میں میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے موقع پر پنجاب حکومت کی جانب سے اشتہاری مہم ضابطہ اخلاق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ لہٰذا الیکشن کمیشن پنجاب حکومت کی اشہتاری مہم کا نوٹس لے اور صوبائی حکومت کے خلاف کارروائی کرے۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم نوازشریف نے گورنر ہاؤس لاہور کےخطاب اوربعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں مخالفین پرتنقید کی تھی۔

    علاوہ ازیں چیف الیکشن کمشنر سردار رضا نے کہاہے کہ وزیراعظم نوازشریف کی پریس کانفرنس الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں ہے بلکہ پریس کانفرنس وزیراعظم اور وزیروں کا حق ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی پریس کانفرنس ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں ہے بلکہ ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز جاری کرنا اور منصوبوں کا اعلان کرنا خلاف ورزی میں آتاہے۔

    انہوں نے کہا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف وزیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ضابطہ اخلاق پر عمل یقینی بنانے کیلئے ٹیمیں موجود ہیں۔

  • کسان پیکج معطل کرنے پر الیکشن کمیشن کیخلاف درخواست دائر

    کسان پیکج معطل کرنے پر الیکشن کمیشن کیخلاف درخواست دائر

    اسلام آباد : سیکریٹری وزرات خوراک نےالیکشن کمیشن کی جانب سےوزیراعظم کے کسان پیکج پر حکم امتناعی جاری کرنے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کیخلاف درخواست دائرکردی ۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کےکسان پیکج نےحکومت اورالیکشن کمیشن آف پاکستان کو ایک دوسرےکےمقابل کھڑا کردیا۔

    وفاقی حکومت نے وزیر اعظم کسان پیکج پر الیکشن کمیشن کی طرف سے لگائی گئی پابندی کواسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔

    الیکشن کمیشن نےکسان پیکج پرحکم امتناعی جاری کیاتھا جسےسیکریٹری وزارت خوراک نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔

    درخواست میں عدالت عالیہ سےاستدعا کی گئی ہےکہ الیکشن کمیشن کےحکم امتناع کوکالعدم قراردیاجائے۔

    درخواست میں چئیرمین، ممبرز اور سیکریٹری الیکشن کمیشن کوفریق بنایا گیاہے۔ درخواست میں کہاگیاہےکہ کسان پیکج کا بلدیاتی انتخابات سے کوئی تعلق نہیں۔

    پیکج کا مقصد کسانوں کی فلاح و بہبودہےاورالیکشن کمیشن وفاقی حکومت کو آئینی وقانونی ذمہ داری پوری کرنےسے نہیں روک سکتا۔

    درخواست میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے کسان پیکج کو معطل کیا جو کہ انتظامی معاملات میں دخل انداز ی ہے الیکشن کمیشن نے حکومتی موقف سنے بغیر کسان پیکج کو معطل کیا۔وفاق نےعدالت سے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن کےفیصلےکوکالعدم قراردیاجائے۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم نے 341 ارب روپے کے کسان پیکج کا اعلان کیاتھا جس کو بلدیاتی انتخابات پر اثراندازی کاالزام لگا کر الیکشن کمیشن نے معطل کردیا تھا۔کسان پیکج معطل کئے جانے کے بعد وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو کسان پیکج پر عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی۔

  • این اے 122: انتخابی مہم چلانے پر دو وفاقی وزراء کو نوٹس جاری

    این اے 122: انتخابی مہم چلانے پر دو وفاقی وزراء کو نوٹس جاری

    لاہور : الیکشن کمیشن نے این اے ایک سو بائیس میں سردار ایاز صادق کی انتخابی مہم چلانے پر وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق اور وزیر مملکت عابد شیر علی اور ماروی میمن کو نوٹس جاری کردیئے ہیں ۔

    تفصیلات کے مطابق ریٹرننگ افسر نے این اے 122میں مسلم لیگ ن کے امید وار ایاز صادق کی الیکشن مہم میں حصہ لینے پر وفاقی وزراء پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر خواجہ سعد رفیق اور عابد شیرعلی کو نوٹس جاری کردیئے۔

    ریٹرننگ افسر نے تینوں رہنماﺅں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے چھ اکتوبر کو جواب طلب کرلیاہے۔

    ریٹرننگ آفیسر کے مطابق وزراء انتخابی مہم میں حصہ نہیں لے سکتے اور انہیں امیدواروں کی حمایت میں تقریر کرنے کی اجازت نہیں۔

    عابد شیر علی کا کہناہے انہوں نے الیکشن مہم کے دوران حکومتی مشینری کا استعمال نہیں کیا اور نوٹس پر مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے ۔

    ریٹرنگ افسر نے تینوں رہنماﺅں کو نوٹس ایازصادق کے حق تقریریں کرنے اور ریلی میں شرکت کرنے پر جاری کیاہے ۔

  • کراچی کے چھ اضلاع میں انتخابات تین دسمبر کو ہوں گے

    کراچی کے چھ اضلاع میں انتخابات تین دسمبر کو ہوں گے

    کراچی : بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے پبلک نوٹس جاری کردیئے،کراچی کے چھ اضلاع میں انتخابات تین دسمبر کو منعقد ہوں گے،۔

    صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق تین اکتوبر سے سترہ اکتوبر تک امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کراسکتے ہیں۔

    آٹھ سے تیرہ اکتوبر تک کاغذات کی جانچ پڑتال ہوگی،تیس اکتوبر کو کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں دائر کی جائیں گے۔

    پانچ نومبر کو اپیلوں پر فیصلے کئے جائیں گے، انتخابی عمل سے دستبرداری کی آخری تاریخ چھ نومبر ہے۔

    امیدواروں کی حتمی فہرست سات نومبر کو جاری کی جائے گی،کاغذات نامزدگی کا اجراء شروع ہوگیا ہے۔

  • الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات میں فوج، رینجرز تعینات کرنے کا حکم دیا ہے

    الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات میں فوج، رینجرز تعینات کرنے کا حکم دیا ہے

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے این اے ایک سو بائیس لاہور اور این اے ایک سو چون لودھراں میں فوج تعینات کرنے کا حکم دیا ہے، فیصلے کا مقصد انتخابات میں دھاندلی کو روکنا ہے۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے وزارت دفاع اور وزارت داخلہ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ این اے 122 لاہور، این اے 144 اوکاڑہ این اے 154 لودھراں، پی پی 16 اور پی پی 147 لاہور میں فوج اور رینجرز تعینات کی جائے۔

    الیکشن کمیشن حکام کے مطابق ان حلقوں میں رینجرز اور فوج تعینات کرنے کا فیصلہ تمام سیاسی جماعتوں کی درخواست پر کیا گیا ہے، فوج اور رینجرز تعینات کرنے کا فیصلہ رینٹرنگ افسران سے مشورے کے بعد حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔

    دوسری جانب حلقہ این اے 122کی نشست سے محروم ہونے والے سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا کہنا ہے کہ عمران خان اس حلقے میں خود لڑیں یا کسی کو لڑائیں فرق نہیں پڑتا۔

    این اے 122کے ضمنی انتخاب کو ن لیگ اور تحریک انصاف کے درمیان بڑے معرکے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

  • سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات، سیکیورٹی کیلئے حکمت عملی طے

    سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات، سیکیورٹی کیلئے حکمت عملی طے

    اسلام آباد: سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی اتخابات کی سیکیورٹی کے لئے حکمت عملی طے کر لی گئی۔

    چیف الیکشن کمشنر کی صدارت میں ہونے والے الیکشن کمیشن کے اہم اجلاس میں سندھ اور پنجاب کے انسپکٹر جنرل پولیس نے یقین دہانی کرائی کہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔

    الیکشن کمیشن کو بتایا گیا کہ دونوں صوبوں میں انتخابات کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جا رہے ہیں اور تمام تیاریاں مکمل کی جارہی ہیں، صوبوں کی طرف سے الیکشن کمیشن کو یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں سکیورٹی کے مسائل پیدا نہیں ہوں گے۔

    سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے اجلاس کے بعد میڈیا کو بتایا کہ بلدیاتی انتخابات کے علاوہ ضمنی انتخابات کے حوالے سے بھی بات معاملات زیرِ غور لائے گئے اور صوبوں نے ہر طرح کی یقین دہانی کرائی ہے کہ الیکشن کمیشن کی مرضی کے بغیر تقرریاں اور تبادلے نہیں کرائے جائیں گے۔

    ایک سوال پران کا کہنا تھا کہ وزیرِاعظم کی طرف سے کسان پیکج کے اعلان کیلئے الیکشن کمیشن کی طرف سے کوئی کلین چٹ نہیں دی گئی اور الیکشن کمیشن نے اس پر کوئی فیصلہ بھی نہیں کیا تاہم آئندہ دو روز تک الیکشن کمیشن اس پر غور کر سکتا ہے۔

  • حکومت عوام کو بے وقوف بنانے پر تلی ہوئی ہے، چوہدری پرویز الٰہی

    حکومت عوام کو بے وقوف بنانے پر تلی ہوئی ہے، چوہدری پرویز الٰہی

    لاہور : مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ حکومت ہر شعبے میں عوام کو بے وقوف بنانے پر تلی ہوئی ہے۔

    سیاسی جماعتیں صوبائی الیکشن کمشنر کے مستعفی ہونے تک انتخابات کا بائیکاٹ کریں بلدیاتی انتخابات میں نواز لیگ وہ دھاندلی کرے گی کہ لوگ دوہزار تیرہ کی دھاندلی بھول جائیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ ڈی سی اوزکیسے منصفانہ بلدیاتی الیکشن  کرواسکتے ہیں وہ تو خود حکومت کے ملازم ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں صوبائی الیکشن کمشنرز کے مستعفی ہونے تک انتخابات کا بائیکاٹ کریں۔چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ حکومت کا کسانوں کے لئے تین سو اکتالیس ارب روپے کا مراعاتی پیکج فراڈ ہے۔

    کسانوں کو لاکھوں روپے ماہانہ نقصان کا سامنا ہے، ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پانچ ہزار روپے کی امداد اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سولہ ارب روپے سےسولر بجلی کے پندرہ میگاواٹ حاصل کرنا کہاں کی دانشمندی ہے؟حکومت ہر شعبے میں عوام کو بے وقوف بنانے پر تلی ہوئی ہے۔