کراچی : این اے 246 میں انتخابی گہما گہمی تیز سے تیز ترہوتی جا رہی ہے۔ تحریک انصاف انیس اپریل کو شاہراہ پاکستان پر میدان سجائے گی۔
کراچی سینٹرل میں این اے دو سو چھیالیس کے ضمنی انتخاب کا دنگل تیئس اپریل کو ہوگا۔ تحریک انصاف کو پولنگ سے دو روز پہلے جناح گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت نہیں ملی۔
ایم کیوایم ، پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کے امیدوار میدان میں ہیں۔ اس حلقے میں کارکنوں کے آمنے سامنے آنےکے واقعات بڑھتے جا رہے ہیں۔
پولیس نے الزام لگایا ہے کہ سیاسی جماعتیں ضابطہ اخلاق پر عمل نہیں کر رہیں۔ انتخابی امیدوار پابند ہیں کہ وہ جلوس اور ریلیاں نکالنے سے تین دن پہلے پولیس کو آگاہ کریں لیکن ایسا نہیں کیا جارہا ہے۔
تمام تر صورتحال پر الیکشن کمیشن حرکت میں آ گیا ہے۔ این اے دو سو چھیالیس کے تمام پندرہ امیدواروں کو ضابطہ اخلاق جاری کیا گیا ہے جس میں ضابطہ اخلاق کی پاسداری کی ہدایت کی گئی ہے۔
این اے246کے دو سو تیرہ پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔ تمام پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا جا چکا ہے۔ این اے 246میں بیلٹ پیپرز فوج کی نگرانی میں ریٹرننگ افسران تک پہنچائے جائیں گے۔
بیلٹ پیپرز کی چھپائی بھی سخت حفاظتی انتظامات میں کرائی گئی ہے۔ ایسا کاغذ اور رنگ استعمال کیا گیا ہے جو عام مارکیٹ میں دستیاب نہیں۔ الیکشن کمیشن نے نینشل بینک اور ایف بی آر سے پولنگ کا عملہ مانگ لیا ہے۔