Tag: ECP

  • کے ایم سی میں افسران کے تبادلے، الیکشن کمیشن نے نوٹس بھیج دیا

    کے ایم سی میں افسران کے تبادلے، الیکشن کمیشن نے نوٹس بھیج دیا

    کراچی: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) میں افسران کے تبادلوں پر نوٹس جاری کرتے ہوئے تبادلے روکنے کی ہدایت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) میں افسران کے تبادلوں کا نوٹس لے لیا۔

    صوبائی الیکشن کمیشن نے تبادلوں سے متعلق ایڈمنسٹریٹر کراچی کو انتباہی نوٹس بھیج دیا۔

    نوٹس میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے 14 دسمبر کو 4 افسران کے تبادلوں کو غیر آئینی قرار دیا ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی فوری طور پر افسران کے تبادلوں کو روکیں۔

    نوٹس کے مطابق بلدیاتی الیکشن شیڈول ہیں ایسے موقع پر کسی قسم کی تقرری اور تبادلہ نہیں کیا جا سکتا، بلدیاتی انتخابات تک تقرر و تبادلوں پر پابندی ہے۔

    الیکشن کمیشن نے انتباہ کیا ہے کہ جو تقرریاں اور تبادلے کیے گئے انہیں فی الوقت روک دیا جائے۔

    خیال رہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے گزشتہ دنوں 4 عہدوں پر تبادلے کیے تھے اور نعمان ارشد، جمیل فاروقی، آفاق مرزا اور محمود بیگ کی تقرریاں کی گئیں تھیں۔

  • اگلے برس الیکشن ہوں گے یا نہیں؟ الیکشن کمیشن نے اہم خط لکھ دیا

    اگلے برس الیکشن ہوں گے یا نہیں؟ الیکشن کمیشن نے اہم خط لکھ دیا

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ مردم و خانہ شماری کی فہرستیں تاخیر سے ملیں تو اگلے برس عام انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں، موجودہ حالات میں الیکشن کمیشن کے لیے نئی حلقہ بندیوں کی مشق شروع کرنا مشکل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ شماریات نے مردم و خانہ شماری کی فہرستیں 31 دسمبر 2022 تک فراہم کرنے سے معذوری ظاہر کردی۔ محکمہ شماریات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 30 اپریل 2023 تک ہی مردم و خانہ شماری کے عبوری نتائج فراہم کیے جاسکتے ہیں۔

    اس حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے اسپیشل سیکریٹری ظفر اقبال حسین نے وزارت منصوبہ بندی کے وفاقی سیکریٹری کو خط لکھتے ہوئے کہا ہے کہ مردم شماری اور خانہ شماری کے بغیر عام انتخابات نہیں کروا سکتے، موجودہ حالات میں الیکشن کمیشن کے لیے نئی حلقہ بندیوں کی مشق شروع کرنا مشکل ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ 31 مارچ 2023 تک فہرستیں نہ ملیں تو آئین کے آرٹیکل 51(5) پر عمل درآمد ممکن نہیں ہوگا۔

    خط کے مطابق مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس نے ساتویں مردم و خانہ شماری کروانے کی منظوری دی تھی، یہ مردم اور خانہ شماری ڈیجیٹل طریقے سے ہوگی۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ 31 دسمبر 2022 تک پاکستان بیورو آف سٹیٹس ٹکس نے عبوری نتائج الیکشن کمیشن کو بھجوانے تھے، تاہم سافٹ ویئر، ہارڈویئر اور خدمات کی فراہمی میں این آر ٹی سی کی ناکامی کی وجہ سے تاخیر ہوئی۔

    خط میں کہا گیا کہ این آر ٹی سی کی وجہ سے 4 ماہ کی تاخیر ہوگئی، نادرا سے بھی رابطہ کیا گیا۔ حکومت کی تبدیلی اور معاشی صورتحال سے مردم و خانہ شماری کروانے میں مزید تاخیر ہوگئی۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ بار بار کہہ چکے ہیں کہ 31 دسمبر 2022 تک مردم و خانہ شماری کی فہرستیں فراہم کی جائیں، فہرستیں ملنے پر ہی الیکشن کمیشن کلیدی انتخابی سرگرمیاں مکمل کر سکتا۔

    الیکشن کمیشن نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ فہرستیں ملنے پر ہی آئین کے متعین وقت کے مطابق 2023 میں عام انتخابات منعقد ہو سکیں گے۔

    اسپیشل سیکریٹری الیکشن کمیشن کے خط کی کاپی وزیر اعظم کے سیکریٹری کو بھی بھجوادی گئی ہے۔

  • الیکشن کمیشن نے عمران خان کے خلاف 5 کیسز ڈی لسٹ کر دئیے

    الیکشن کمیشن نے عمران خان کے خلاف 5 کیسز ڈی لسٹ کر دئیے

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے اور   ضمنی الیکشن میں کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سمیت 5 کیسز ڈی لسٹ کردیئے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے کل 13 دسمبر کو سماعت ہونے والے 5 کیسز ڈی لسٹ کردئیے ، بینچ کی عدم دستیابی پر الیکشن کمیشن نے کیسز کو ڈی لسٹ کیا۔

    الیکشن کمیشن نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان کوپارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے اور عمران خان کے ضمنی الیکشن میں کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے متعلق کیسز کو ڈی لسٹ کردیا۔

    الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ ڈی لسٹ کئے گئے کیسز کی سماعت اب 20 دسمبر کو ہوگی۔

    الیکشن کمیشن نے کل عمران خان کے انتخابی اخراجات کی تفصیلات جمع نہ کرانے پر کیس کی سماعت کرنا تھی جبکہ ممنوعہ فنڈنگ ضبطگی کیس کی سماعت بھی کل مقررکر رکھی تھی۔

    ضمنی انتخابات میں عمران خان کی کامیابی کانوٹیفکیشن جاری نہ کرنے کی درخواست پر بھی سماعت کرنا تھی تاہم الیکشن کمیشن عمران خان،اسدعمر،فوادچوہدری کےخلاف توہین عدالت کیسز کی سماعت کل ہی کرے گا۔

  • توشہ خانہ فیصلہ سنانے کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی تیاریاں حتمی مرحلے میں داخل

    توشہ خانہ فیصلہ سنانے کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی تیاریاں حتمی مرحلے میں داخل

    اسلام آباد : توشہ خانہ فیصلہ سنانے کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی تیاریاں حتمی مرحلے میں داخل ہوگئیں ، چیف الیکشن کمشنر نے اہم اجلاس طلب کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق توشہ خانہ ریفرنس کا فیصلہ آج سنایا جائے گا ، چیف الیکشن کمشنراورچاروں ارکان الیکشن کمیشن پہنچ گئے۔

    توشہ خانہ فیصلہ سنانے کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی تیاریاں حتمی مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔

    الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر نے اہم اجلاس طلب کرلیا ہے، جس میں انتظامیہ سیکیورٹی کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو بریفنگ دی جائے گی۔

    ڈپٹی کمشنر الیکشن کمیشن میں ہونیوالے اجلاس میں شرکت کریں گے، ڈی سی اسلام آباد الیکشن کمیشن حکام کو سیکیورٹی صورتحال پربریفنگ دیں گے۔

    دوسری جانب ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے الیکشن کمیشن کا دورہ کیا اور سیکیورٹی کاجائزہ لیا۔

    خیال رہے توشہ خانہ ریفرنس کے فیصلے کے موقع پر الیکشن کمیشن کی سیکیورٹی پررینجرز،ایف سی اورپولیس اہلکاربڑی تعداد میں تعینات کردی گئی ہے۔

    اسلام آبادانتظامیہ نے آنسو گیس کےشیل بڑی تعداد میں الیکشن کمیشن پہنچا دیے اور غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بند کردیا گیا ہے۔

  • کراچی کے 7 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات ایک بار پھر ملتوی

    کراچی کے 7 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات ایک بار پھر ملتوی

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے کراچی کے 7 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کے اہم اجلاس میں ایک بار پھر کراچی کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے 15 دن کے بعد اجلاس دوبارہ طلب کر لیا ہے، جس میں‌ بلدیاتی الیکشن کی نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔

    وفاقی حکومت کے خط کے بعد سندھ کے بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ ملتوی کیا گیا، بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اجلاس میں ہوا۔

    اجلاس میں وفاقی حکومت کے خط کا جائزہ لیا گیا، جس میں وفاقی حکومت نے کراچی کے بلدیاتی الیکشن کے لیےسیکیورٹی اہل کار دینے سے معذرت کی تھی، جب کہ سندھ حکومت نے 16 ہزار سیکیورٹی اہل کاروں کا مطالبہ کیا تھا۔

    حکومت کی کراچی کے بلدیاتی الیکشن کیلئے سیکیورٹی اہلکار دینے سے معذرت

    خیال رہے کہ سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن سے 90 دن کے لیے انتخابات ملتوی کی درخواست کی ہے، سندھ حکومت کراچی بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے کے لیے 3 بار درخواست کر چکی ہے۔

    الیکشن کمیشن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کراچی کے تمام پولنگ اسٹیشن حساس ہیں، اس لیے فیصلہ عوام کی فلاح کے لیے کیا، بیان میں کہا گیا کہ تمام پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی فورسز تعینات کرنے کی ضرورت ہے، ہم نے سیکیورٹی فورسز کے اہل کار مانگے، اور دینے سے انکار کیا گیا۔

  • گزشتہ روز ہونے والے ضمنی انتخابات میں ووٹرز کا ٹرن آؤٹ کتنا رہا؟

    گزشتہ روز ہونے والے ضمنی انتخابات میں ووٹرز کا ٹرن آؤٹ کتنا رہا؟

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ہونے والے ضمنی انتخابات میں ووٹرز کا ٹرن آؤٹ 30.21 فیصد رہا، پاکستان تحریک انصاف نے کل ووٹوں کے 49.5 فیصد حاصل کیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کے 8 حلقوں کے لیے گزشتہ روز ہونے والے ضمنی انتخابات میں ووٹرز کا ٹرن آؤٹ 30.21 فیصد رہا۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ مرد ووٹرز کا ٹرن آؤٹ 19.36 اور خواتین کا 10.75 فیصد رہا۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 49.5 فیصد، مسلم لیگ نے 13.6 فیصد اور پیپلز پارٹی نے 12.8 فیصد ووٹ حاصل کیے۔

    عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے 8.9 فیصد، جمیعت علمائے اسلام (جے یو آئی پی) نے 6.1 فیصد اور تحریک لبیک پاکستان نے 3.9 فیصد ووٹ حاصل کیے۔

  • کراچی میں اب تک کسی قسم کی شکایت موصول نہیں ہوئی: الیکشن کمیشن

    کراچی میں اب تک کسی قسم کی شکایت موصول نہیں ہوئی: الیکشن کمیشن

    کراچی: الیکشن کمیشن سندھ کے حکام کا کہنا ہے کہ کراچی میں پولنگ کے دوران اب تک کسی قسم کی شکایت موصول نہیں ہوئی، پولیس اور رینجرز ہمارے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن سندھ کے جوائنٹ آپریٹنگ آفیسر جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ کراچی میں اب تک کوئی بڑی شکایت درج نہیں ہوئی، ایک دو جگہ پولنگ دیر سے شروع ہونے کی اطلاع ملی۔

    جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ ہم نے حساس پولنگ اسٹیشن پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے ہیں، صبح 8 بجے پولنگ کا عمل شروع ہوا، اب تک کسی قسم کی شکایت موصول نہیں
    ہوئی۔

    انہوں نے کہا کہ رینجرز اور پولیس کے مشکور ہیں جنہوں نے ہمارا ساتھ دیا، کسی جگہ سے بدامنی کی شکایت نہیں ملی، پولیس اور رینجرز ہمارے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

  • ہمارا مقابلہ الیکشن کمیشن سے ہے: عمران خان کا ٹوئٹ

    ہمارا مقابلہ الیکشن کمیشن سے ہے: عمران خان کا ٹوئٹ

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ضمنی انتخاب میں اپنا اصل مقابل الیکشن کمیشن کو قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ان کا مقابلہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور الیکشن کمیشن سے ہے۔

    انھوں نے لکھا: ’’ہم پی ڈی ایم، الیکشن کمیشن اور ’نامعلوم افراد‘ سب سے نبرد آزما ہیں۔‘‘

    عمران خان نے انتخابی حلقوں کے عوام سے اپیل کی کہ ان تمام حلقوں میں جہاں آج ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں، ہر فرد نکلے اور اپنے ووٹ کا حق استعمال کرے۔

    پی ٹی آئی چیئرمین نے لکھا: ’’مجرموں کے ٹولے سے حقیقی آزادی کا یہ ایک ریفرنڈم ہے۔‘‘

    قومی اسمبلی کے 8، پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں میں ضمنی انتخابات کا میلہ سج گیا، ووٹنگ جاری

    واضح رہے کہ ضمنی انتخاب کے لیے قومی اسمبلی کے 8 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں میں میلہ سج چکا ہے، اور ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی انتخابات والے حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 44 لاکھ سے زائد ہے، ان حلقوں میں پی ٹی آئی اور 13 جماعتی حکومتی اتحاد کے امیدواروں میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

  • چارسدہ جلسے میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن حرکت میں آ گیا

    چارسدہ جلسے میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن حرکت میں آ گیا

    پی ٹی آئی کے چارسدہ جلسے میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن حرکت میں آ گیا، عمران خان اور وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا سمیت کئی افراد کو نوٹس جاری کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق این اے 24 چارسدہ میں پی ٹی آئی جلسے میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن نے نوٹس جاری کر دیے۔

    وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان، وزیر قانون فضل شکور، مشیر معدنیات محمد عارف سمیت پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو بھی الیکشن کمیشن نے نوٹس جاری کر دیا ہے۔

    الیکشن کمیشن نے نوٹس میں کہا کہ بار بار تنبیہ کے باوجود وزیر اعلیٰ کے پی نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی، اور سرکاری وسائل اور ہیلی کاپٹر کا بے دریغ استعمال کیا گیا۔

    ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 20 ستمبر کو مذکورہ افراد کو طلب کر لیا ہے، نوٹس میں کہا گیا کہ تمام امیدواروں کو یکساں ماحول میسر نہیں آ رہا، کیوں نہ وزیر اعلیٰ کے پی پر ضمنی انتخاب کے دوران ہیلی کاپٹر استعمال پر پابندی لگائی جائے۔

    نوٹس میں کہا گیا کہ یکساں ماحول میسر نہ آنے اور رکاوٹیں ڈالنے پر کیوں نہ امیدوار کو نااہل کرنے کی سفارش کی جائے۔

    ڈی ایم او کی جانب سے نوٹس میں ذاتی طور پر یا وکیل کے ذریعے جواب دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • توشہ خانہ ریفرنس: عمران خان نے الیکشن کمیشن میں جواب جمع کرادیا

    توشہ خانہ ریفرنس: عمران خان نے الیکشن کمیشن میں جواب جمع کرادیا

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے توشہ خانہ ریفرنس پر الیکشن کمیشن میں جواب جمع کرادیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی بنچ نے عمران خان کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کی۔

    عمران خان کے وکلا بیرسٹر علی ظفر اور بیرسٹر گوہر الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور عمران خان کی جانب سے توشہ خانہ ریفرنس پر الیکشن کمیشن میں جواب جمع کرایا گیا۔

    عمران خان کی جانب سے ساٹھ صفحات پر مشتمل جواب میں کہا گیا کہ گزشتہ حکومت نے ساڑھے تین سال کے دوران تین سو انتیس تحائف وصول کیے۔

    جواب میں بتایا گیا توشہ خانہ کے اٹھاون تحائف عمران خان اور ان کی اہلیہ نے وصول کیے، تیس ہزار سے زائد مالیت کے کل چودہ تحائف سابق وزیراعظم اور اہلیہ کو ملے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ تمام تحائف ٹیکس ریٹرن اور اثاثوں کی تفصیلات میں موجود ہیں، توشہ خانہ تحائف کے چار یونٹ بیچے گئے، توشہ خانہ تحائف کے بدلے تین کروڑ سے زائد کی رقم ادا کی گئی۔ اس لیے ریفرنس گمراہ کن اور جھوٹ پر مبنی ہے۔

    جواب میں کہا گیا کہ ریفرنس میں لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں، ریفرنس کے ذریعے آئین کے آرٹیکل باسٹھ ون ایف کا اطلاق نہیں ہوتا۔

    عمران خان کے وکیل بیرسٹر علی ظفر بولے تحائف کی ادائیگیوں کے ثبوت فراہم کردئیے ہیں ، آرٹیکل باسٹھ ون ایف کے تحت نااہلی الیکشن کمیشن کا نہیں عدلیہ کا اختیار ہے۔

    جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ کمیشن کا دائرہ اختیار چیلنج کرنا ہے توالگ درخواست دائرکریں، بعد ازاں کیس کی سماعت 19 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔