Tag: ECP

  • کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کردیے گئے

    کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کردیے گئے

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں، شدید بارش اور سیلابی صورتحال کے باعث کراچی ڈویژن کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان میں صوبہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے سے متعلق اجلاس ہوا، اجلاس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر نے کی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں کراچی ڈویژن کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے غور کیا گیا، صبح ہونے والے اجلاس میں سیکریٹری الیکشن کمیشن کو 6 اہم اداروں سے فوری رپورٹ لینے کی ہدایت کی گئی۔

    اجلاس میں سیکریٹری داخلہ، چیف سیکریٹری، آئی جی سندھ، ڈی جی رینجرز، صوبائی الیکشن کمشنر اور محکمہ موسمیات سے رپورٹ لینے کی ہدایت کی گئی تھی۔ محکمہ موسمیات سے آئندہ دنوں کے موسم کی صورتحال پر رپورٹ مانگی گئی تھی۔

    اجلاس کو بتایا گیا کہ پاک فوج، رینجرز، پولیس اور دیگر ادارے دیہی سندھ میں امدادی کاموں میں مصروف ہیں، سیکیورٹی اداروں سے رپورٹ طلب کی گئی ہے کہ پولنگ سے دیہی سندھ میں امدادی کام کتنے متاثر ہوں گے۔

    اجلاس میں صوبائی الیکشن کمشنر سے بھی تازہ ترین صورتحال کے حوالے سے رپورٹ طلب کی گئی تھی، تمام اداروں سے رپورٹ حاصل کر کے الیکشن کمیشن کا دوبارہ اجلاس دوبارہ آج ہی طلب کیا گیا تھا۔

    سہ پہر میں دوبارہ ہونے والے اجلاس میں کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ انتخابات کے التوا کا فیصلہ الیکشن کمشنر سندھ اور ضلعی انتظامیہ کی رپورٹ پر کیا گیا۔

    کراچی اور حیدر آباد ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات 28 اگست کو ہونے تھے۔

  • دادو میں پولنگ اسٹیشنز زیر آب آگئے، بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی سفارش

    دادو میں پولنگ اسٹیشنز زیر آب آگئے، بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی سفارش

    دادو: صوبہ سندھ کے ضلع دادو کے ڈپٹی کمشنر نے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی سفارش کی ہے اور کہا ہے کہ ضلع کے 100 پولنگ اسٹیشن زیر آب ہیں اور 175 پولنگ اسٹیشنز کو ریلیف کیمپ قرار دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دادو کے ڈپٹی کمشنر نے الیکشن کمیشن سندھ کو خط لکھ کر بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی سفارش کی ہے، ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ موسلا دھار بارشوں اور سیلاب کے باعث بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں۔

    ڈپٹی کمشنر نے اپنے مراسلے میں کہا ہے کہ سندھ حکومت نے پہلے ہی ضلع کی تمام یو سیز کو آفت زدہ قرار دے دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ضلع کے 100 پولنگ اسٹیشن زیر آب ہیں اور 175 پولنگ اسٹیشنز کو ریلیف کیمپ قرار دیا گیا ہے، ضلع کی تحصیل اور دیہات کی رابطہ سڑکیں منقطع ہیں، پولنگ کا سامان پہنچنا ممکن نہیں۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کو 3 ماہ تک ملتوی کیا جائے۔

  • 100 سال اور زائد عمر کے ووٹرز سے متعلق اہم فیصلہ

    100 سال اور زائد عمر کے ووٹرز سے متعلق اہم فیصلہ

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک میں 100 سال اور زائد عمر کے ووٹرز سے متعلق اہم فیصلہ کرلیا، زائد عمر کے ووٹرز کی دوبارہ گھر گھر تصدیق کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے 100 سال اور زائد عمر کے ووٹرز سے متعلق اہم فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ 100 سال اور اس سے زائد عمر کے ووٹرز کی دوبارہ تصدیق ہوگی۔

    الیکشن کمیشن نے معمر ترین ووٹرز کی گھر گھر تصدیق کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ ووٹرز کی تفصیلات صوبائی اور ضلعی دفاتر کو دے دی گئیں۔

    معمر افراد کے نام انتخابی فہرستوں میں شامل کرنے سے قبل دوبارہ تصدیق ہوگی اور یہ تصدیق 13 اگست تک جاری رہے گی۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق عام انتخابات کے لیے نئی انتخابی فہرستوں کی تیاری آخری مراحل میں ہے۔

  • الیکشن کمیشن میں رات گئے غیر معمولی اجلاس، پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس ریکارڈ کا جائزہ

    الیکشن کمیشن میں رات گئے غیر معمولی اجلاس، پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس ریکارڈ کا جائزہ

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن میں رات گئے غیر معمولی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کے ریکارڈ سمیت دیگر اہم ترین امور کا جائزہ لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں رات گئے غیر معمولی اجلاس ہوا، سیکریٹری الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس ریکارڈ کا جائزہ لیا، حلقہ بندیوں سے متعلق بعض ضروری امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق ایف آئی اے سمیت مختلف اداروں نے ای سی سے ریکارڈ مانگ رکھا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت کیسز کی فائلیں بھی تیار کرنی تھیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران الیکشن کمیشن کے تمام راستہ مکمل بند تھے، شاہراہ دستور سے الیکشن کمیشن کا داخلہ بھی بند رکھا گیا، میڈیا کو بھی الیکشن کمیشن کی پارکنگ سے پہلے ہی روک دیا گیا تھا۔

    اچانک رات گئے غیر معمولی اجلاس پر پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے طنز کرتے ہوئے کہا الیکشن کمیشن بہت محنت کرتا ہے، پی ٹی آئی کیس میں بھی پھرتی دکھائی، زندہ لوگوں کو مردہ قرار دیا۔

    انھوں نے اجلاس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے جو گڑبڑ کر دی ہے، اب اس کو ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

  • تحریک انصاف کی پی پی 7 میں دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد

    تحریک انصاف کی پی پی 7 میں دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے پی پی 7میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کردی ، پی ٹی آئی امیدوار نے پی پی 7 کے 21 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ گنتی کی درخواست کی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی پی پی سات میں دوبارہ گنتی کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا اور پی پی سات میں دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کر دی۔

    چیف الیکشن کمشنر نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ درخواست گزار کوئی دھاندلی اور بے قاعدگی ثابت نہیں کر سکا اور نہ ہی بے ضابطگی کا کوئی جواز ثابت کر سکا۔

    فیصلے میں کہا گیا کہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی وجوہات بتانے میں بھی درخواست گزار ناکام رہا اس لیے در خواست مسترد کی جاتی ہے درخواست گزار دوبارہ گنتی کے لئے خاطر خواہ ثبوت فراہم نہیں کر سکا۔

    الیکشن کمیشن نے آج ہی کیس پر سماعت کی تھی اور سماعت مکمل ہونے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

    الیکشن کمیشن میں پی پی 7 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست پر سماعت میں ن لیگ کے امیدوار راجہ صغیر اور پی ٹی آئی امیدوار شبیر اعوان الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔

    آر او پی پی 7 بھی الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے، پی ٹی آئی کے امیدوارشبیراعوان کے وکیل نے موقف میں کہا کہ غیرقانونی طور پر آر او نے ہماری درخواست مسترد کی۔

    جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہائی کورٹ حکم کے بعد آپ کی درخواست الیکشن کمیشن میں نہیں آئی، آپ محض الزامات لگا رہے ہیں۔

    چیف الیکشن کمشنر نے آراینڈآئی کے ذمہ دارکوطلب کیا ، پی ٹی آئی کے وکیل نے درخواست الیکشن کمیشن میں جمع کرائی، آر اینڈآئی کے ذمہ دار نے بیان میں کہا کہ 10 منٹ بعد یہ درخواست واپس لے لی گئی۔

    چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ ہم نےہائیکورٹ کا آرڈر بھی پڑھا ہے، تحریک انصاف کی شام 5بجےتک کوئی درخواست نہیں آئی، آپ نے درخواست آر اینڈ آئی میں جمع کرائی اور 10 منٹ بعد واپس لے لی، آپ نے درخواست تاخیر سے جمع کرائی اورواپس لی، پھرآپ الیکشن کمیشن پر الزامات بھی لگاتے ہیں۔

    الیکشن کمیشن میں آر اینڈ آئی برانچ کے حکام پیش ہوئے، آر اینڈ آئی برانچ نے بتایا کہ ساڑھے 5بجےدرخواست جمع کرائی گئی۔

    چیف الیکشن کمشنر نے آر اینڈ آئی برانچ حکام کو ہدایت کی کہ آپ تحریری بیان لکھ کر دیں۔

    وکیل تحریک انصاف نے کہا کہ ہم لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے پر یہاں آئے ہیں، جس پر چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ تمام معاملات کلیئر ہونے چاہیے، آپ کی درخواست الیکشن کمیشن میں نہیں ہے۔

    چیف الیکشن کمشنر نے مزیدکہا کہ الیکشن میں آر ٹی ایس سسٹم کسی ضمنی انتخاب میں استعمال ہی نہیں ہوا، آپ نے لکھا آر ٹی ایس سسٹم ضمنی انتخاب میں استعمال ہوا، جس پر وکیل شبیر اعوان کا کہنا تھا کہ آر ٹی ایس سسٹم بیٹھ گیا تھا۔

    چیف الیکشن کمشنر نے پی ٹی آئی کے وکیل سے مکالمے میں کہا آپ نے آر ٹی ایس سسٹم کا ذکر کیا، الیکشن میں یہ سسٹم استعمال ہی نہیں ہوا، میں نے آر ٹی ایس اور آر ایم ایس کا فرق بتایا ہے۔

    پی پی 7 راولپنڈی دوبارہ گنتی کیس میں وکیل تحریک انصاف نے کہا کہ جیت کا مارجن بہت کم، اسی لیے دوبارہ گنتی کی درخواست دی ، قانون کےمطابق جیت کا مارجن 5 فیصدسےکم ہوتو دوبارہ گنتی ہو سکتی ہے۔

    دوران سماعت ن لیگ کے امیدوارراجہ صغیر وکیل نے دلائل میں کہا کہ ان کی درخواست بے بنیاد ہے،کئی بار انہوں نے وقت لیا، آر او کے سامنے بھی یہ ثابت نہیں کر سکے کہ کہاں غلطی ہوئی، پہلے انہوں نے پورے حلقے کی بات کی ، اب 21 پولنگ اسٹیشنز پر ری پول کا مطالبہ کر رہے ہیں، ان کا مؤقف تبدیل ہوتا رہتا ہے۔

    وکیل ن لیگ امیدوار کا کہنا تھا کہ درخواست کی کوئی ایک بنیاد ہونی چاہیے، انہوں نے آر ٹی ایس کے بیٹھ جانے کا کہا، پہلے ایک درخواست دی پھر دوسری اور اب رٹ پٹیشن دائر کی گئی ، یہ نہیں بتا سکے کہ کس پولنگ اسٹیشن پر معاملہ خراب ہوا، انہوں نے انتخابی عمل میں حصہ لیااب یہ ہار گئے ہیں۔

    وکیل نے مزید کہا کہ انہوں نے درخواست پہلے نہیں دی، ان کے تمام الزامات بے بنیاد ہیں، تمام حلقوں کےبعداب کیوں یہ 21پولنگ اسٹیشنز پر آئے، اس کی کوئی مناسب وجہ بھی نہیں بتا سکے۔

    وکیل شبیراعوان نے جواب الجواب دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے قانونی تقاضے پورے کر کے درخواست جمع کرائی، آر او کے پاس ری کاؤنٹنگ کا اختیار ہے، آر او نے درخواست مسترد کی، یہ بھی نہیں پوچھا درخواست کیوں دائر کی۔

    پی ٹی آئی وکیل کا کہنا تھا کہ آراوکےکنڈکٹ سےمتعلق الیکشن کمیشن کوبتارہاہوں، مجھےسنےبغیراورغیرموجودگی میں درخواست خارج کردی جاتی ہے، آر او کے درخواست خارج کرنے کے پیچھے کچھ ہے۔

    شبیراعوان نے مزید بتایا کہ ہم نے آر او سے رابطہ کیا، پہلے بتایا ساڑھے 4 بجے فیصلہ سنائیں گے، پھر کہا ساڑھے 6 بجے فیصلہ سنائیں گے اور بعد میں آر او نے ہماری درخواست مستردکرنےکافیصلہ سنایا۔

    یاد رہے پی ٹی آئی امیدوار نے پی پی 7 کے 21 پولنگ اسٹیشنزپردوبارہ گنتی کی درخواست کی تھی ، لیگی امیدوارپی پی 7 میں 49 ووٹوں سے جیتا تھا۔

    بعد ازاں پی پی 7کےالیکشن میں 1516ووٹ ریٹرننگ افسر نے مسترد کیے تھے اور آراوکےفیصلےکیخلاف امیدوارشبیراعوان نےہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔

  • پولنگ اسٹیشنز کا دورہ: الیکشن کمیشن کا شاہ محمود قریشی کو نوٹس

    پولنگ اسٹیشنز کا دورہ: الیکشن کمیشن کا شاہ محمود قریشی کو نوٹس

    ملتان: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو الیکشن کمیشن کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کردی گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کو الیکشن کمیشن کی جانب سے نوٹس جاری کردی گیا۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ شاہ محمود نے پی پی 217 ملتان میں مسلسل پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا، غیر متعلقہ شخص کا پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کرنا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ شاہ محمود قریشی کو پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کرنے سے روکا جا رہا ہے، انہوں نے پولنگ اسٹیشنز کے اندر پریس کانفرنس کی اور بغیر ثبوت دھاندلی کے الزامات لگائے۔

    نوٹس میں کہا گیا ہے کہ شاہ محمود نے غیر قانونی طور پر فیکٹری پر چھاپہ مارا۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے مزید کہا گیا کہ شاہ محمود قریشی 24 گھنٹے میں الیکشن کمیشن کو اپنی پوزیشن واضح کریں۔

  • پریذائیڈنگ افسر کو تھپڑ، الیکشن کمیشن نے وائرل ویڈیو کا نوٹس لے لیا

    پریذائیڈنگ افسر کو تھپڑ، الیکشن کمیشن نے وائرل ویڈیو کا نوٹس لے لیا

    تھرپارکر: بلدیاتی انتخابات کے دوران ضلع تھرپارکر میں ایک پریذائیڈنگ افسر کو تھپڑ مارنے کی ویڈیو وائرل ہو گئی تھی، جس پر الیکشن کمیشن نے نوٹس لے لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام کوٹ ڈسٹرکٹ تھرپارکر میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے دوران محکمہ صحت کے ضلعی افسر غلام محمد جونیجو نے پریذائیڈنگ افسر گھنشام داس کو تھپڑ مار دیا تھا، جس کی ویڈیو وائرل ہو گئی تھی۔

    الیکشن کمیشن نے اس وائرل ویڈیو کا نوٹس لے لیا ہے، اور واقعے پر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر سے رپورٹ مانگ لی ہے۔

    الیکشن کمیشن نے متعلقہ ذمہ داران کو ہدایت کی ہے کہ واقعے کی تفصیلی رپورٹ فوری مرتب کر کے بھیجی جائے، تاکہ ضروری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

    الیکشن کمیشن سندھ نے ریٹرننگ افسر ضلع لاڑکانہ کو بھی ایک خط لکھ کر کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی خورشید جونیجو نے یو سی 13 بلدیاتی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے، اس واقعے کی تفصیلی رپورٹ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں فوری جمع کرائی جائے۔

    اس خط کے ساتھ الیکشن کمیشن نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز بھی منسلک کی ہیں، خط میں کہا گیا ہے کہ ویڈیوز میں خورشید جونیجو کو بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں دھاندلی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

    الیکشن کمیشن نے کہا کہ یہ عمل جرم کے مترادف ہے اور ان کے خلاف کئی قانونی اقدامات ہو سکتے ہیں۔

  • الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات میں تمام حکومتوں اور جماعتوں کو رکاوٹ قرار دے دیا

    الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات میں تمام حکومتوں اور جماعتوں کو رکاوٹ قرار دے دیا

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلدیاتی انتخابات میں تمام حکومتوں اور جماعتوں کو رکاوٹ قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کے ذرائع نے کہا ہے کہ تمام حکومتوں اور سیاسی جماعتوں نے بلدیاتی انتخابات میں مشکلات کھڑی کی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے رکاوٹوں کے باوجود کنٹونمنٹ بورڈ اور خیبر پختون خوا میں بلدیاتی انتخابات کو ممکن بنایا، صوبہ سندھ اور بلوچستان کے پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کو بھی ممکن بنایا گیا۔

    الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سندھ میں بلدیاتی الیکشن میں ناخوش گوار واقعات پر آئی جی سے 3 دن میں رپورٹ طلب کر لی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ میں پولنگ عملے کی غیر موجودگی، بیلٹ پیپرز کی بے ضابطگی، اور خاتون پریذائیڈنگ افسر کو ہراساں کیے جانے کے معاملے پر بھی رپورٹ طلب کر لی گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب میں ضمنی الیکشن سے متعلق قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ الیکشن کمیشن کا جلد اجلاس ہوگا، الیکشن کمیشن نے پی پی 167 لاہور میں فائرنگ کے واقعات کا بھی نوٹس لے لیا ہے، اور 3 رکنی انکوائری کمیٹی سے 10 دنوں میں رپورٹ طلب کر رکھی ہے۔

    الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق حالیہ بلدیاتی انتخابات کے دوران 2 اموات جب کہ 2015 میں تعداد 15 تھی، اسی طرح حالیہ بلدیاتی انتخابات میں 10 جب کہ 2015 میں 13 واقعات ہوئے۔

  • بلدیاتی انتخابات، ایم کیو ایم کا الیکشن کمیشن کا دروازہ کھٹکھٹانے کا فیصلہ

    بلدیاتی انتخابات، ایم کیو ایم کا الیکشن کمیشن کا دروازہ کھٹکھٹانے کا فیصلہ

    کراچی: صوبہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کی ووٹنگ کے بعد ایم کیو ایم نے الیکشن کمیشن کا دروازہ کھٹکھٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی، تصادم اور بے ضابطگیوں کی تفصیلات ثبوت کے ساتھ الیکشن کمیشن لے جانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز دن بھر جو کچھ ہوا، سب الیکشن کمیشن کے سامنے رکھا جائے گا، بیلٹ پیپرز پر غلط انتخابی نشان چھپنے کی شکایت بھی الیکشن کمیشن لے کر جائیں گے۔

    ذرائع ایم کیو ایم کے مطابق سکھر زون کے مختلف علاقوں میں تصادم ہوا، جس کی وجہ سے ووٹرز ووٹ کاسٹ کرنے سے محروم ہوگئے، اور خوف و ہراس کی وجہ سے ووٹنگ کا عمل محدود ہو گیا۔

    سندھ میں بلدیاتی الیکشن کا پہلا مرحلہ، پیپلز پارٹی کا پلڑا بھاری رہا

    ایم کیو ایم کے مطابق ڈاکوؤں نے ایک پولنگ اسٹیشن کے پورے عملے کو اغوا کیا، مطالبہ ہے کہ نواب شاہ، سکھر، میرپورخاص میونسپل کارپوریشنز میں دوبارہ حلقہ بندیاں کروا کر الیکشن شیڈول کا دوبارہ اعلان کیا جائے۔

    ذرائع ایم کیو ایم نے بتایا کہ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں ووٹرز کو ووٹ تلاش کرنا ناممکن ہو گیا تھا، ووٹرز 8300 پر اپنا شناختی کارڈ نمبر سینڈ کرتے تو غیر حتمی لسٹ کا سلسلہ نمبر اور گھرانہ نمبر آتا۔

    ایم کیو ایم کا مؤقف ہے کہ انتخابات کے دوران دیکھا گیا کہ الیکشن کسی اور ووٹر لسٹ پر ہوا اور پریذائڈنگ آفیسر کے پاس کوئی اور لسٹ تھی۔

  • الیکشن کمیشن۔۔۔۔ یہ کام نہ کرے، سابق گورنر سندھ کی وارننگ

    الیکشن کمیشن۔۔۔۔ یہ کام نہ کرے، سابق گورنر سندھ کی وارننگ

    کراچی: سابق گورنر سندھ اور رہنما پی ٹی آئی عمران اسماعیل نے الیکشن کمیشن پر بڑا الزام عائد کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں عمران اسماعیل نے کہا کہ سندھ کے بلدیاتی انتخابات میں ہمارا مقابلہ صرف پی پی سے نہیں سندھ پولیس،الیکشن کمیشن سے بھی ہے۔

    انہوں نے الزام عائد کیا کہ پولیس سندھ بھر سے ہمارے امیدواروں کو اغوا کررہی ہے جبکہ الیکشن کمیشن ہمارے نامزد امیدواروں کے فارم مسترد کررہا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات ملتوی، عدالت کا حکم جاری

    سابق گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ان جماعتوں سے شفاف انتخابات کی امید رکھیں؟ جو ایک وارڈ کی سیٹ پر ڈی سی ایس پی کو لگاکر لوگ اغوا کررہے ہیں۔

    واضح رہے کہ پی ٹی آئی سندھ کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے انعقاد پر مسلسل شکوک وشبہات کا اظہار کیا جارہا ہے۔

    گذشتہ روز پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ نے سانگھڑ میں انتخابی سامان رکشے پر لاد کر لیجانے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو آڑے ہاتھوں لیا تھا۔

    ویڈیو بیان میں اپوزیشن لیڈرسندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے الزام عائد کیا تھا کہ سندھ کے تمام حلقوں سے ہمارے امیدواروں کو اغوا کیا جارہا ہے، جان بوجھ کر ہمارے امیدواروں کے فارم مسترد کئے جارہے ہیں جبکہ کئی علاقوں میں دھونس اور دھمکیوں کے باعث ہمارے امیدواروں کو دستبراری کا کہا جارہا ہے۔