Tag: education boards

  • تعلیمی بورڈز میں سیاسی بنیادوں پر تعینات چیئرمینز، کنٹرولرز تبدیل کرنے کا فیصلہ

    تعلیمی بورڈز میں سیاسی بنیادوں پر تعینات چیئرمینز، کنٹرولرز تبدیل کرنے کا فیصلہ

    لاہور: پنجاب کے تعلیمی بورڈز میں سیاسی بنیادوں پر تعینات چیئرمینز، کنٹرولرز تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم رانا سکندر حیات اور چیئرمین ٹاسک فورس امتحانات مزمل محمود کی زیر صدارت آل تعلیمی بورڈز اجلاس منعقد ہوا، جس میں تعلیمی بورڈز میں سیاسی بنیادوں پر تعینات چیئرمینز، کنٹرولرز اور دیگر افسران تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ اہم عہدوں پر تعینات افسران کے لیے کرائیٹیریا طے کیا جائے گا، اجلاس میں پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز کی 3 سالہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، اور درپیش چیلنجز پر بریفنگ دی گئی۔

    رانا سکندر حیات اور مزمل محمود نے امتحانی سینٹرز کی جیو میپنگ کی ہدایت جاری کی، اجلاس میں وزیر تعلیم اور چیئرمین امتحانات ٹاسک فورس نے امتحانات میں شفافیت کا لائحہ عمل بھی طلب کیا، اور تمام بورڈز کو آئی ٹی فرینڈلی بنانے، ونڈو آپریشن آن لائن کرنے کی ہدایت بھی کی۔

  • کمشنرز کو بورڈ کا چارج دینے کے خلاف اساتذہ تنظیموں کا ضمنی امتحانات کے بائیکاٹ کا اعلان

    کمشنرز کو بورڈ کا چارج دینے کے خلاف اساتذہ تنظیموں کا ضمنی امتحانات کے بائیکاٹ کا اعلان

    کراچی: کمشنرز کو ایجوکیشن بورڈز کا چارج دیے جانے کے خلاف اساتذہ تنظیموں نے ضمنی امتحانات کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق تعلیمی بورڈز کا چارج کمشنرز کو دیے جانے کے خلاف اساتذہ تنظیموں نے ضمنی امتحانات کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے، اور سپلا نے کہا ہے کہ جمعرات کو کالجوں میں یوم سیاہ منایا جائے گا۔

    سندھ پروفیسرز لیکچرر ایسوسی ایشن (سپلا) کے رہنما پروفیسر منور عباس اور آل سندھ پرائیوٹ اسکول اینڈ کالج ایسوسی ایشن کے چیئرمین حیدر علی نے اس سلسلے میں مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

    سپلا کے رہنما پروفیسرمنور عباس نے کہا کراچی سمیت صوبے بھر کے تعلیمی بورڈ کمشنر کے حوالے کرنے کا نگراں صوبائی حکومت کا فیصلہ مسترد کرتے ہیں، اساتذہ ضمنی امتحانات میں حصہ نہیں لیں گے، کالجوں میں امتحانی مراکز قائم کرنے نہیں دیں گے، اور امتحانی کاپیوں کی جانچ پڑتال کا بھی بائیکاٹ کریں گے۔

    انھوں نے کہا وزیر اعلیٰ سندھ فوری طور پر سرچ کمیٹی قائم کریں، میرٹ کی بنیاد پر تعلیمی بورڈ کے چیئرمین ناظمین امتحانات اور سیکریٹریز بورڈ کی تقرریاں کی جائیں، انٹر بورڈ کراچی سمیت دیگر بورڈز میں کمشنر کو دیے گئے ایڈیشنل چارج واپس لیے جائیں، اور موجودہ صورت حال میں اسٹاپ گیٹ ارینجمنٹ کے طور پر ماہر تعلیم کی تقرری کی جائے۔

    حیدر علی کا کہنا تھا کہ عام انتخابات قریب ہیں ڈپٹی کمشنرز انتخابی معاملات دیکھیں گے یا بورڈ کے معاملات چلائیں گے، ہمارے کمشنرز تو دودھ اور سبزی کی قیمتیں کنٹرول نہ کر سکے تعلیمی بورڈ کہاں سے چلائیں گے، اس لیے بورڈز کے انتظامی کنٹرول گورنر کے حوالے کیے جائیں۔

  • سندھ کے تعلیمی بورڈز کے لیے رولز تیار

    سندھ کے تعلیمی بورڈز کے لیے رولز تیار

    کراچی: محکمہ یونیورسٹی اینڈ بورڈ نے سندھ کے تعلیمی بورڈز کے لیے رولز تیار کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے تعلیمی بورڈز کے لیے پہلی مرتبہ رولز کا ڈرافٹ تیار کر لیا گیا ہے، بورڈ رولز میں چیئرمین، ناظم امتحانات اور سیکریٹری بورڈ کی مدت ملازمت کا تعین کیا جائے گا۔

    سندھ کے تعلیمی بورڈ میں چیئرمین، سیکریٹری اور ناظم امتحانات کی تقرریاں تاخیر کا شکار رہتی تھی، اور چیئرمین بورڈ کی تعیناتی کے لیے سرچ کمیٹی تشکیل دینی پڑتی تھی۔

    محکمہ یونیورسٹی اینڈ بورڈ کی جانب سے ڈرافٹ محکمہ تعلیم حکومت سندھ کو فراہم کیا جائے گا، محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی ان رولز کی منظوری دے گی۔