Tag: Egypt

  • مصر: لاش کو حنوط کرنے والی فرعون کے دور کی اشیا دریافت

    مصر: لاش کو حنوط کرنے والی فرعون کے دور کی اشیا دریافت

    قاہرہ: مصر میں ایک مقبرے سے فرعون کے دور کی ایسی اشیا دریافت کی گئی ہیں جو اس دور میں حنوط کرنے یعنی ممی بنانے کے لیے استعمال ہوتی تھیں۔

    اردو نیوز کے مطابق مصر میں نوادرات اتھارٹی نے ہفتے کے روز دارالحکومت قاہرہ کے قریب سقارہ قریہ سے فرعونی مقبرے سے دریافت ہونے والی ورکشاپ اور قدیم مقبروں کی نقاب کشائی کی ہے۔

    سقارہ کے قبرستان کے وسیع و عریض علاقے میں یہ خاص قسم کی نوادرات پائی گئی ہیں، یہ علاقہ قدیم مصر کے دارالحکومت منف کا حصہ ہے اور یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے میں شامل ہے۔

    مصر میں نوادرات کی سپریم کونسل کے سیکریٹری جنرل مصطفیٰ وزیری نے بتایا کہ ایسی قدیم ورکشاپس میں انسانوں اور خاص اہمیت کے حامل جانوروں کی ممی بنائی جاتی تھیں۔

    مصطفیٰ وزیری نے مزید وضاحت کی کہ ان نوادارت کا تعلق 30 ویں فرعونی خاندان (380 قبل مسیح سے 343 قبل مسیح) اور بطلیمی دور (305 قبل مسیح سے 30 قبل مسیح) کے زمانے سے ہے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ ورکشاپ کے اندر، ماہرین آثار قدیمہ کو مختلف رسومات میں استعمال کیے جانے والے مٹی کے برتن اور دیگر اشیا ملی ہیں جو بظاہر ممی بنانے میں استعمال ہوتی رہی ہیں۔

    مصر میں سقارہ آثار قدیمہ کے سربراہ صابری فاراج نے بتایا ہے کہ دریافت شدہ باقیات اور مقبرے قدیم مصر کی سلطنت کے اعلیٰ عہدیدار اور ان کے ساتھیوں کے ہیں۔

    واضح رہے کہ مصر کی حکومت نے حالیہ برسوں میں بین الاقوامی میڈیا، سفارت کاروں اور سیاحوں کے لیے آثار قدیمہ کی نئی دریافتوں کو بہت زیادہ روشناس کروایا ہے۔

    بتایا جاتا ہے کہ یہاں دریافت ہونے والی ایسی قدیم باقیات سے ملک میں سیاحت کو مزید فروغ ملے گا۔

  • لڑائی کے بعد میاں بیوی گھر چھوڑ گئے، ننھے بچوں کو گھر پر اکیلا چھوڑ دیا

    لڑائی کے بعد میاں بیوی گھر چھوڑ گئے، ننھے بچوں کو گھر پر اکیلا چھوڑ دیا

    کویت سٹی: کویت میں مقیم ایک مصری جوڑا آپس میں لڑائی کے بعد ایک ایک کر کے گھر چھوڑ گیا جبکہ گھر میں 6 بچوں کو اکیلا چھوڑ دیا، بچوں میں 3 ماہ کی شیر خوار بچی بھی شامل ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق کویت میں مقیم مصری جوڑا جھگڑے کے بعد اپنے دوستوں کے یہاں منتقل ہوگیا جبکہ اپنے 6 بچوں کو گھر میں تنہا چھوڑ دیا، پولیس نے بچوں کی نگہداشت میں لاپرواہی پر والدین کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔

    کویتی وزیر داخلہ شیخ طلال الخالد نے رپورٹ ملنے پر مصری جوڑے اور ان کے بچوں کے اقاموں میں توسیع نہ کرنے اور تعلیمی سال کے اختتام تک عارضی اقامہ جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔

    سماجی پولیس نے وزیر داخلہ کو رپورٹ دی تھی کہ مصری جوڑے میں اختلافات تھے، پہلے بچوں کا والد اپنے ایک دوست کے یہاں منتقل ہوگیا کچھ دنوں بعد والدہ بھی فلیٹ چھوڑ کر چلی گئی۔

    بچوں کے لیے کھانے پینے کا انتظام نہیں تھا، ایک بچی 3 ماہ کی ہے۔ والدین کے جانے کے بعد دو بڑے بچوں نے شیر خوار بچی کی نگہداشت کی۔ ان میں سے ایک اسکول جاتا جبکہ دوسرا گھر میں رک کر اپنی بہن کی دیکھ بھال کرتا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ ایک بچے نے وزارت داخلہ آپریشن روم سے رابطہ کر کے صورتحال سے آگاہ کیا جس پر پولیس نے بچوں کے والد کو طلب کرلیا۔

    بچوں کے والد نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ بے روزگار تھا، اسی وجہ سے اہلیہ کے ساتھ جھگڑے ہو رہے تھے۔ تھک ہار کر چار ماہ قبل گھر چھوڑ کر ایک دوست کے پاس چلا گیا تھا۔

    اہلیہ نے اس دوران بچوں کی نگہداشت کی کوشش کی لیکن آخرکار وہ بھی ہمت ہار گئی اور بچوں کو چھوڑ کر اپنی ایک سہیلی کے یہاں منتقل ہوگئی۔

    کویتی پولیس کا کہنا تھا کہ شیر خوار بچی کی نگہداشت میں لاپرواہی پر مصری جوڑے کے خلاف کیس درج کرلیا گیا۔

    پولیس کے مطابق فیملی کے اقاموں میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ ہوگیا ہے تاہم تعلیمی سال کے اختتام تک انہیں عارضی اقامہ جاری کردیا گیا ہے، تعلیمی سال مکمل ہونے پر فیملی کو بے دخل کردیا جائے گا۔

  • دولہے نے شادی کے 2 روز بعد دلہن کو ذبح کردیا

    دولہے نے شادی کے 2 روز بعد دلہن کو ذبح کردیا

    قاہرہ: مصر میں ایک شخص نے اپنی شادی کے دو روز بعد ہی دلہن کو بہیمانہ طریقے سے قتل کردیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    اردو نیوز کے مطابق مصر میں سنگ دل شخص نے شادی کے 48 گھنٹے کے اندر دلہن کو ذبح کر دیا، پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر 4 روزہ تحقیقاتی ریمانڈ حاصل کر لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ دلہن کے ازدواجی تعلق سے انکار پر دولہا نے طیش میں آکر اسے قتل کر دیا، مقتولہ کے ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسے گلا کاٹ کر موت کے گھاٹ اتارا گیا۔

    پولیس کے مطابق مقتولہ کی عمر 18 سال تھی اور شادی اس کی مرضی سے ہوئی تھی۔ تاہم پڑوسیوں کا کہنا ہے کہ شادی کے دوسرے روز ہی انہوں نے گھر سے لڑائی جھگڑے کی آوازیں سنیں۔

    مقتولہ کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ دولہا اچھی عادات کا حامل تھا اور بظاہر انہوں نے اس میں کوئی خرابی نہیں پائی۔

  • خشک میوہ جات نہ خریدنے پر شوہر نے بیوی کو قتل کردیا

    خشک میوہ جات نہ خریدنے پر شوہر نے بیوی کو قتل کردیا

    قاہرہ: مصر میں شوہر نے اپنی 20 سالہ اہلیہ کو خشک میوہ جات نہ خریدنے پر چھری کے وار سے قتل کردیا، پولیس نے شوہر کو گرفتار کرلیا۔

    اردو نیوز کے مطابق مصری شہری نے رمضان کے پسندیدہ پکوان میں شامل کیے جانے والے خشک میوہ جات نہ خریدنے پر اپنی 20 سالہ بیوی کو قتل کر دیا۔

    مقتولہ فاطمہ سعید نے جو نرس تھی اپنے خاوند محمد الخولی سے، جو میل نرس کے طور پر کام کرتا ہے رمضان کی خریداری کے لیے پیسے طلب کیے، واپس آئی تو دونوں کا اس بات پر جھگڑا ہوا خشک میوہ جات کیوں نہیں خریدے گئے؟

    میاں بیوی الجیزہ کے علاقے میں سکونت پذیر تھے اور دونوں کی شادی کو صرف 6 ماہ گزرے تھے۔

    پولیس نے بیوی کے قتل کے الزام میں خاوند کو گرفتار کر کے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا ہے۔

    سوشل میڈیا پر مصری خاوند کا بیان پیش کیا جا رہا ہے جس میں اس نے کہا ہے کہ لڑائی کی شروعات بیوی نے ہی کی تھی، اس کا دعویٰ ہے کہ وہی باورچی خانے سے چھری لے کر آ گئی تھی اور حملے کے لیے چھری لہرا رہی تھی۔

    شوہر کا کہنا ہے کہ اس نے اس سے چھری چھیننے کی کوشش کی جس پر وہ زخمی ہو گئی، وہ فوری طور پر اسے زخمی حالت میں اسپتال لے گیا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسی۔

    دوسری جانب پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتولہ کے والدین کے مطابق شادی کے بعد ہی سے دونوں میں جھگڑا چل رہا تھا، شوہر اپنے بخل کی وجہ سے اخراجات کو حد سے زیادہ کنٹرول کرنے کی کوشش کرتا تھا اور بیوی پر دباؤ ڈالتا تھا کہ اضافی اخراجات اپنے گھر والوں سے لے کر آئے۔

    مقتولہ کے والدین کے مطابق شوہر وقتاً فوقتاً بیٹی کو زد و کوب بھی کرتا رہتا تھا۔

  • شادی سے قبل طبی ٹیسٹ لازمی قرار

    شادی سے قبل طبی ٹیسٹ لازمی قرار

    قاہرہ: مصر میں شادی سے قبل طبی ٹیسٹ کو لازمی قرار دیا جارہا ہے تاکہ نئی نسل میں جینیاتی بیماریوں کی روک تھام کی جاسکے۔

    اردو نیوز کے مطابق مصر کی وزارت صحت و آبادی نے شادی کے خواہش مند افراد کے لیے طبی معائنہ کروانے کے اقدام پر عمل کروانے کا آغاز کیا ہے تاکہ غیر صحت مند بچے پیدا ہونے کے خطرے کو کم کیا جا سکے۔

    وزارت کے بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ میڈیکل ٹیسٹ میں تقریباً ایک گھنٹہ لگتا ہے اور اس میں ذاتی ڈیٹا کا اندراج اور مفید مشورے بھی شامل ہیں۔

    طبی معائنے میں ایڈز، وائرس سی اور وائرس بی سمیت 10 ٹیسٹ شامل ہیں اور ان میں ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر، موٹاپا، خون میں ہیمو گلوبن کی سطح، خون کی قسم اور مطابقت کا تجزیہ جیسی غیر متعدی بیماریوں کے ٹیسٹ کے علاوہ خون کی کمی (تھیلیسیمیا) کا ٹیسٹ بھی شامل ہے۔

    اس اقدام کے حوالے سے سوالات نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے، بہت سے لوگوں کو خدشہ ہے کہ اگر ایسے ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے تو شادی روک دی جائے گی۔

    مصر کی وزارت صحت کے ترجمان حسام عبد الغفار کا کہنا ہے کہ شادی کا معاہدہ مکمل کرنے سے پہلے ٹیسٹ ضروری ہوں گے اور اس کا مقصد جینیاتی بیماریوں والے بچوں کی پیدائش کی روک تھام ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ ایسے ٹیسٹ شادی کے معاہدے کی تکمیل کو نہیں روکتے بلکہ ان کا مقصد شادی کرنے والے افراد کو ان کی صحت اور ان میں سے کسی بیماری سے کس حد تک متاثر ہے اس کے بارے میں آگاہ کرنا ہے۔

    وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا کہ اگر ٹیسٹ کے نتائج مثبت آتے ہیں یا کوئی وائرل انفیکشن ہے تو مریض کو کاؤنسلنگ کلینک میں بھیجا جائے گا جہاں بیماری اور علاج کے طریقوں اور نفسیاتی مدد کے بارے میں تعلیم دی جائے گی۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ اس کے بعد متاثرہ شخص کو ضروری طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے خصوصی کلینک میں منتقل ہونا ہوگا جس کے بعد شادی کا خواہش مند جوڑا ٹیسٹوں کے نتائج پر کسی مجاز شخص کے سامنے دستخط کرے گا۔

    عبدالغفار نے بتایا کہ اس طرح کے میڈیکل ٹیسٹ کے لیے وزارت صحت کی جانب سے 303 مراکز متعین کیے گئے ہیں اور ابتدائی مرحلے میں صرف یہی مراکز مجاز ہیں۔

    مصری شہریوں کے لیے ایک ہیلتھ ڈیٹا بیس بنایا جا رہا ہے اور اس طرح کے سرٹیفکیٹ جاری کیے جانے کے ساتھ ساتھ یہ ریکارڈ کیو آر کوڈز کے ذریعے محفوظ کیا جاتا ہے۔

    دوسری جانب قاہرہ میں الازہر یونیورسٹی کے شعبہ نفسیات کے پروفیسر احمد شعبان کا کہنا ہے کہ شادی سے پہلے میڈیکل ٹیسٹ تولیدی اور متعدی بیماریوں کا پتہ لگانے کے لیے مفید ہیں۔

  • 4 بیٹوں کی قبروں کے پاس زندگی گزارنے والی بزرگ خاتون

    4 بیٹوں کی قبروں کے پاس زندگی گزارنے والی بزرگ خاتون

    قاہرہ: مصر میں ایک بزرگ خاتون گزشتہ 33 سال سے اپنے 4 مرحوم بیٹوں کی قبروں کے پاس زندگی گزار رہی ہیں، ان کے 4 بیٹے ایک المناک حادثے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔

    اردو نیوز کے مطابق مصر میں ایک بزرگ خاتون 33 سال سے اپنے 4 بیٹوں کی قبروں کے پہلو میں بیٹھی ہوئی ہیں، غمزدہ ماں نے اپنی کہانی اور بیٹوں کے مرنے کے بعد قبرستان میں زندگی گزارنے کی تفصیلات مصری میڈیا کو سنائیں۔

    مذکورہ خاتون جنوبی مصر کے شہر بنی سویف میں غیر آباد صحرائی علاقے میں تنہا زندگی گزار رہی ہیں۔

    ام ایمن نامی خاتون کا کہنا ہے کہ ان کی عمر 75 برس ہے اور وہ پورا دن اپنے بیٹوں کی قبروں کے پاس گزارتی ہیں جو شیح رفعت قبرستان میں ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ وہ رات گزارنے گھر آتی ہیں اور اگلے روز صبح سویرے قبرستان جاتی ہیں، 33 سال سے ان کا یہی معمول ہے۔

    خاتون کا کہنا ہے کہ ان کے 5 بیٹے تھے جن میں سے چار سنہ 1990 میں گھر میں گیس سلنڈر پھٹنے کے باعث آگ لگنے سے جان کی بازی ہار گئے تھے۔

    ان کا کہنا ہے کہ اب وہ اپنا پورا دن یہیں گزارتی ہیں، وہ قبرستان میں ابدی نیند سوئے ہوئے اپنے بچوں سے بات کرتی ہیں۔ انہیں روزمرہ زندگی کی تفصیلات ایسے بتاتی ہیں جیسے وہ سن رہے ہیں۔

    مذکورہ خاتون نے قبرستان کے قریب ایک چھوٹا سے کمرہ بنا لیا ہے جہاں وہ پورا دن گزارتی ہیں، وہیں کھانا بناتی ہیں۔ انہیں اس بات کا یقین ہے کہ ان کے بچے ان کے ساتھ ہیں اور وہ خواب میں ملنے آتے ہیں۔

    خاتون نے وصیت کی ہے کہ مرنے کے بعد انہیں ان کے بچوں کے پہلو میں دفن کیا جائے۔

  • مصر میں سونے کا عروسی لباس تیار، لوگوں میں غم و غصہ

    مصر میں سونے کا عروسی لباس تیار، لوگوں میں غم و غصہ

    قاہرہ: مصر میں ایک عروسی لباس تیار کرنے والی کمپنی نے خالص سونے کا عروسی لباس تیار کیا ہے، اس کی تشہیر نے معاشی مشکلات کا شکار لوگوں میں غم و غصہ بھر دیا۔

    اردو نیوز کے مطابق سونے اور ہیروں سے آراستہ عروسی لباس تیار کرنے والی اسپیشلسٹ کمپنی نے اپنے فیس بک صفحے پر منفرد قیمتی عروسی جوڑے کا اشتہار دے کر پورے ملک میں ہنگامہ برپا کر دیا ہے۔

    اشتہار میں صارفین کو بتایا گیا ہے کہ کمپنی نے خالص سونے کا عروسی لباس تیار کیا ہے، اس کا وزن 9 کلو گرام ہے اور اس کی قیمت 15.7 ملین پاؤنڈز ہے، ہوم ڈیلیوری سروس فری ہے، سب سے پہلے آرڈر پر 10 فیصد کی رعایت دی جائے گی۔

    کمپنی نے صارفین کی توجہ عروسی جوڑے کی جانب مبذول کرواتے ہوئے کہا ہے کہ خالص سونے سے تیار کردہ اس لباس کی نمائش ایک میلے میں کی جائے گی۔

    مصری صارفین نے اس اشتہار پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

    ان کا مطالبہ ہے کہ متعلقہ حکام کمپنی کی اس حرکت کا نوٹس لیں، کمپنی نے عوام کے جذبات مشتعل کیے ہیں، ایسے عالم میں جبکہ کھانے پینے کی اشیا کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں اور ڈالر کے مقابلے میں مصری پاؤنڈ کی قدر زمین کو چھو رہی ہے، ایسے میں خالص سونے کے عروسی لباس کی تشہیر کسی طور زیب نہیں دیتی۔

    بعض صارفین نے اس واقعے کو ہلکے انداز میں لیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ اس پر برا ماننے والی کوئی بات نہیں کمپنی عروسی لباس کی شکل میں سونا فروخت کر رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کئی لوگ اپنی بچت محفوظ کرنا چاہتے ہیں، وہ خالص سونے کا عروسی لباس خرید کر اپنی رقم محفوظ کر سکتے ہیں، اس میں برا ماننے والی کوئی بات نہیں۔

  • پولٹری کی قیمتوں میں اضافہ: ’ہر شخص گھر میں چوزے پالے‘

    قاہرہ: مصر میں پولٹری کی قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر تجویز دی گئی ہے کہ نوجوانوں کو 50، 50 چوزے پالنے کے لیے دیے جائیں۔

    اردو نیوز کے مطابق مصر میں پولٹری کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ایسی تجویز سامنے آئی ہے جس پر سوشل میڈیا پر دلچسپ ردعمل دیکھنے میں آرہا ہے۔

    ملک میں تجویز دی گئی ہے کہ ہر مصری شہری کو راشن کارڈ پر 50 چوزے دیے جائیں۔

    مصری پارلیمنٹ کی رکن ایفلین متی نے پولٹری چیمبر آف کامرس دمیاط کے مشیر تامر اباظہ کی جانب سے پیش کی گئی اس تجویز پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

    ایفلین متی نے کہا کہ راشن کارڈ پر شہریوں کو چوزے دینے کا کوئی فائدہ نہیں ہے کیونکہ اکثر افراد ایسے گھروں میں رہتے ہیں جہاں چوزوں کی پرورش کے لیے جگہ نہیں ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ چوزے پالنے کے لیے خاص فیڈ اور دانہ درکار ہوتا ہے اور ان کے شیڈز کی صفائی کی بھی ضرورت ہوتی ہے، یہ ایسی چیزیں ہیں جن کا انتظام رہائشی مکانات میں ممکن نہیں ہے۔

    ایفلین متی نے تجویز دی ہے کہ حکومت نوجوانوں کو راشن کارڈ پر 50، 50 چوزے دینے کے بجائے زمین کے ایسے کشادہ ٹکڑے فراہم کرے جہاں وہ پولٹری فارمز بنا کر مارکیٹ میں مسابقت کی فضا قائم کریں تاکہ پولٹری کی قیمتوں میں کمی آسکے۔

    دمیاط کی پولٹری چیمبر آف کامرس کے مشیر تامر اباظہ کے نوجوانوں کو 50 چوزے دینے کے مشورے پر سوشل میڈیا پر بھی ردعمل سامنے آرہا ہے۔

    کچھ افراد نے اس تجویز کا خیر مقدم کیا ہے جبکہ بعض صارفین نے اسے تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جو شخص 50 چوزے پال سکتا ہے وہ تو راشن کارڈ کا مستحق ہی نہیں ہے۔

  • آئی ایم ایف نے مصر کے لیے بڑا پیکج منظور کر لیا

    آئی ایم ایف نے مصر کے لیے بڑا پیکج منظور کر لیا

    قاہرہ: آئی ایم ایف نے مصر کے لیے 3 ارب ڈالر کے مالیاتی پیکج کی منظوری دے دی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے مصر کے لیے تین ارب ڈالر کے مالیاتی پیکج کی منظوری دے دی ہے۔

    جمعہ کے روز جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے مصر کے لیے توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کے تحت تقریباً 3 ارب امریکی ڈالر کے 46 ماہ کے پیکج کومنظوری دی ہے۔

    آئی ایم ایف نے واضح کیا کہ اس پیکج کا مقصد مصر کا بیرونی بوجھ اور افراط زر کم کرنا ہے، تاکہ مصر مالیاتی پالیسی سے متعلق لچک دار شرح مبادلہ نافذ کر سکے۔

    انھوں نے کہا کہ مصر سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ جامع انفرا اسٹرکچرل اصلاحات کرے، سماجی تحفظ اور اخراجات میں اضافہ کرے۔

  • مصر میں رواں برس کتنی مساجد تعمیر ہوئیں؟ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    مصر میں رواں برس کتنی مساجد تعمیر ہوئیں؟ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    قاہرہ: مصر میں السیسی کی حکومت میں رواں برس اور اب تک ریکارڈ تعداد میں مساجد کی تعمیر ہوئی ہے۔

    عرب نیوز کے مطابق مصری وزارت اوقاف کا کہنا ہے کہ مصر بھر میں اس سال ریکارڈ ایک ہزار 200 نئی مساجد کھولی گئی ہیں۔

    مصر کی وزارت اوقاف کے انڈر سیکریٹری ایمن عمر نے بتایا کہ ستمبر 2020 سے مصر میں 2 ہزار 712 نئی مساجد کھولی گئی تھیں، جب کہ مزید 404 کی تزئین و آرائش کی گئی۔

    جون 2014 میں صدر عبدالفتاح السیسی کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے اب تک 10.2 بلین مصری پاؤنڈ کی لاگت سے مجموعی طور پر 9 ہزار 600 مساجد کی تعمیر یا تزئین و آرائش کی جا چکی ہے۔

    ایمن عمر نے عرب نیوز کو بتایا کہ رواں برس ایک ہزار 200 نئی مساجد میں سے کچھ کی مالی اعانت وزارت کی جانب سے کی گئی تھی جب کہ دیگر نجی طور پر حکومتی نگرانی میں تعمیر کی گئی ہیں۔

    مصری وزارت کے ایک اہل کار شیخ رفیع السید نے بتایا کہ اب 2 ہزار 451 مساجد وزارت اوقاف سے منسلک ہیں، جن میں سے ایک ہزار391 ’عارضی‘ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس سے یہ مشہور قول بدل جاتا ہے کہ قاہرہ ’ہزار میناروں کا شہر‘ ہے، کیوں کہ اب ہمارے پاس اس سے زیادہ مینار ہیں۔