Tag: Egypt

  • مصر میں جاسوسی کے شبہے میں روبوٹ خاتون گرفتار

    مصر میں جاسوسی کے شبہے میں روبوٹ خاتون گرفتار

    قاہرہ: مصر میں جاسوسی کے شبہے میں ایک آرٹسٹ خاتون روبوٹ کو گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق دو ہفتے قبل ایک خصوصی نمائش کے لیے قاہرہ پہنچنے والی خاتون آرٹسٹ روبوٹ اے-ڈا (Ai-Da) کو کسٹمز حکام نے حراست میں لے لیا، کیوں کہ انھیں شبہ تھا کہ اس روبوٹ کو مصر کے خلاف جاسوسی میں استعمال کیا جائے گا۔

    ’اے-ڈا‘ بالکل کسی خاتون کی طرح نظر آنے والی ایک روبوٹ ہے، جو مصنوعی ذہانت استعمال کرتے ہوئے، اپنے مشینی ہاتھوں سے تصویریں بنانے کے علاوہ مجسمہ سازی بھی کر سکتی ہے۔

    اس روبوٹ کو ’مستقبل کے ایک وژن‘ کے طور پر پیش کیا گیا ہے، جو اس دور کے دیگر تجریدی آرٹسٹس کی طرح ہر لحاظ سے اپنے کام میں اچھی ہے، لیکن اے ڈا جو کہ دنیا کی پہلی الٹرا رئیلسٹک روبوٹ آرٹسٹ ہے، نے اپنی تازہ ترین نمائش سے قبل اس وقت ایک عارضی رکاوٹ کا سامنا کیا جب مصری سیکیورٹی فورسز نے اسے 10 اکتوبر کو کسٹمز میں حراست میں لے لیا۔

    تاہم برطانوی وزارتِ خارجہ کی مسلسل دس دن کی کوششوں کے بعد مصری حکام نے بالآخر اسے آزاد کر دیا اور یوں اگلے روز وہ مصوری کی نمائش میں اپنے فن پاروں کے ساتھ شریک ہوگئی۔

    اے ڈا کی آنکھوں میں کیمرے لگائے گئے ہیں، جن کی وجہ سے سیکیورٹی کے خدشات کے باعث روبوٹ اور اس کے مجسمہ ساز کو کسٹمز میں 10 دنوں تک رکھا گیا، جس سے سفارتی جھگڑا بھی پیدا ہوا۔

    اس روبوٹ کو مختلف برطانوی اداروں نے باہمی تعاون و اشتراک سے تیار کیا ہے تاکہ مصوری اور مجسمہ سازی جیسے پیچیدہ فنونِ لطیفہ بھی روبوٹس کی دسترس میں لائے جا سکیں، انیسویں صدی کی مشہور برطانوی ریاضی داں خاتون ایڈا لولیس کے نام پر اس روبوٹ کا نام ’اے-ڈا‘ رکھا گیا ہے۔

    دراصل اے ڈا کو اہرام مصر کے سامنے مصوری کی پہلی نمائش میں حصہ لینا تھا جو 21 اکتوبر کو شروع ہوئی ہے، غزہ کے عظیم ہرم (ہرمِ خوفو) کے دامن میں یہ نمائش 7 نومبر تک جاری رہے گی۔

  • مصر : خوفناک حادثے نے لوگوں کے دل دہلا دیئے

    مصر : خوفناک حادثے نے لوگوں کے دل دہلا دیئے

    اسکندریہ : مصر کے ایک تفریحی پارک میں خوفناک حادثہ پیش آیا جسے دیکھ وہاں موجود لوگ شدید خوفزدہ ہوگئے، حادثے کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی مصر کے شہر اسکندریہ میں ایک تفریحی پارک میں ایک 12 سالہ بچی کھیل کے دوران دس میٹر کی بلندی سے گر کر دم توڑ گئی۔

    اسکندریہ کے پراسیکیوٹر نے تفریحی پارک کے مالک کو بغیر لائسنس کے پارک چلانے اور بچی کے قتل کا الزام لگاتے ہوئے گرفتارکرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    یہ بات قابل ذکر ہے کہ اسکندریہ سیکیورٹی ڈائریکٹر کو ایک رپورٹ ملی تھی کہ ایک لڑکی تفریحی پارک میں کھیلتے ہوئے گر کر جاں بحق ہوگئی ہے۔

    ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا کہ لڑکی اپنے خاندان کے ساتھ پکنک منا رہی تھی اور اس نے "الاعصار” گیم میں حصہ لینے کی اجازت مانگی۔ گیم میں شرکت کے چند منٹ بعد ہرطرف افراتفری پھیل گئی اور لوگوں نے بچی کے گرنے پر شور مچانا شروع کر دیا۔ بچی 10 میٹر کی بلندی سے گر کر موقع پر ہی جاں بحق ہوچکی تھی۔

    استغاثہ نے تفریحی پارک کے مالک کو گرفتار کرنے اور اسے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ حادثے کی جگہ کا معائنہ کرنے کے لیے ایک تکنیکی کمیٹی کی تشکیل دی گئی ہے۔

  • میرے بیٹے کو سر عام پھانسی دی جائے: ماں کا مطالبہ

    میرے بیٹے کو سر عام پھانسی دی جائے: ماں کا مطالبہ

    قاہرہ: مصر میں ایک ماں نے اپنے ہی بیٹے کو سرِعام پھانسی دینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    مصری میڈیا کے مطابق ایک مصری خاتون نے سوشل میڈیا پر اپنے بیٹے کو انسانیت سوز جرم کی پاداش میں سرعام پھانسی دینے کا مطالبہ کر کے پورے معاشرے کو سخت حیرانی میں مبتلا کر دیا ہے۔

    مصری جریدے ’الاہرام‘ سمیت ملک کے تمام اخبارات و رسائل اور ذرائع ابلاغ نے اس واقعے کی تفصیلات جاری کی ہیں، خاتون کے بیٹے نے اپنی بہن کا سر تن سے جدا کر دیا تھا۔

    نیوز رپورٹس کے مطابق ملزم نشے کا عادی ہے، واردات کے دن وہ اپنی بہن کے گھر گیا اور قرض کے طور پر رقم طلب کی، بہن کو معلوم تھا کہ وہ نشے کے لیے رقم مانگ رہا ہے، پہلے بھی مانگتا رہا تھا، اس لیے اس نے پیسے دینے سے انکار کر دیا۔

    طیش میں آ کر ملزم نے اپنی بہن پر حملہ کیا اور اس پر تشدد کرنے لگا، بہن کو زد و کوب کر کے وہ باورچی خانے سے چھری لے آیا اور اس کی گردن اور پیٹ پر تابڑ توڑ وار کیے، رپورٹس کے مطابق بہن امید سے تھی، وہ خون میں لت پت ہو کر گر گئی اور جان کی بازی ہارگئی۔

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ یہ نوجوان محلے کے تمام لوگوں میں نشئی کے طور پر مشہور تھا، وہ ہمیشہ بہن سے نشے کے لیے رقم مانگتا رہتا تھا۔ ماں کو جیسے ہی واردات کا علم ہوا انھوں نے سوشل میڈیا پر مطالبہ کیا کہ ان کے بیٹے کو سرعام پھانسی دے دی جائے۔

    واضح رہے کہ قاہرہ سیکیورٹی فورس کے اہل کاروں نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے اور اب اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔

  • مصر: معمولی جھگڑے نے خاندان اجاڑ دیا

    مصر: معمولی جھگڑے نے خاندان اجاڑ دیا

    قاہرہ: مصر میں میاں بیوی کے درمیان معمولی تکرار نے پورے خاندان کو اجاڑ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق مصر میں ایک ڈینٹسٹ نے اپنی اہلیہ کو بچوں کے سامنے قتل کر دیا، قاتل نے چاقو کے گیارہ وار کیے جو جاں لیوا ثابت ہوئے۔

    العربیہ نیوز کے مطابق یہ افسوس ناک واقعہ مصر کے شمالی علاقے کی کمشنری الدقھلیہ میں پیش آیا، جہاں 29 سالہ دندان ساز محمود عبدالہادی نے اپنی 26 سالہ اہلیہ لیڈی ڈاکٹر یاسمین سلیمان کو تین بچوں کے سامنے انتہائی بے دردی سے قتل کر دیا۔

    قتل کی یہ ہول ناک واردات عیدالاضحیٰ کے دنوں میں ہوئی، میاں بیوی کے درمیان معمولی سے خانگی امور پر تنازع ہوا، جو بڑھتے بڑھتے انتہائی حد تک پہنچ گیا، اور میاں نے بیوی کو چاقو کے پے در پے وار سے قتل کر دیا، بچوں کے چیخنے پر قاتل آلہ قتل کو نعش پر ہی پھینک کر فرار ہوگیا۔

    رپورٹس کے مطابق قاتل نے انتہائی طیش کی حالت میں اہلیہ پر چاقو کے گیارہ وار کیے جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گئیں۔

    ماں کو خون میں لت پت دیکھ کر تینوں بچوں نے چیخنا شروع کر دیا تھا، جس سے گھبرا کر قاتل موقع واردات سے فرار ہو گیا، جب کہ پڑوسی وہاں پہنچ گئے۔

    پولیس کے مطابق پڑوسیوں نے فوری طور پر سیکیورٹی حکام کو طلب کیا، جس پر اہل کاروں نے جائے واردات پہنچ کر نعش اور آلہ قتل اپنی تحویل میں لے لیا، حکام کی جانب سے مفرور قاتل کی گرفتاری کے وارنٹ بھی جاری کر دیے گئے۔

  • بھائی کی شادی میں رقص کرتے نوجوان کی اچانک موت

    بھائی کی شادی میں رقص کرتے نوجوان کی اچانک موت

    قاہرہ: مصر میں ایک شادی کے دوران دولھے کا بھائی رقص کرتے کرتے اچانک گر گیا اور اس کی موت واقع ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق مصر کے شہر المنزلہ میں بھائی کی شادی کی تقریب کے دوران نوجوان رقص کرتے ہوئے گر پڑا اور موقع پر اس کی موت واقع ہو گئی۔

    مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق دولھے کے جوان بھائی کی اچانک موت کی وجہ سے شادی کی تقریب میں صف ماتم بچھ گئی، نوجوان شادی میں آئے دیگر مہمانوں کے ساتھ رقص کر رہا تھا، اچانک دل کا دورہ پڑنے سے گر پڑا۔

    27 سالہ نوجوان محمد محمود رشد موت کی آہٹ سے بے خبر بھائی کی شادی کی خوشی میں رقصاں تھا، اچانک بے ہوش ہو کر گر پڑا، کچھ دیر تک تو لوگوں نے اس کی طرف توجہ بھی نہیں دی، لیکن پھر تشویش میں مبتلا ہو کر جب اسے اٹھانا چاہا تو وہ بے حس و حرکت تھا۔

    نوجوان کو بے ہوشی کی حالت میں فوری طور پر قریبی اسپتال پہنچایا گیا تاہم ڈاکٹرز نے معائنے کے بعد افسوس ناک خبر سنا دی کہ نوجوان دل کا دورہ پڑنے سے فوت ہو چکا ہے۔

    موت کی خبر پہنچنے پر شادی کے گھر میں کہرام مچ گیا، دولھے کی ماں اپنے جواں سال بیٹے کی اچانک موت پر صدمے سے بے ہوش ہو گئیں۔

    یہ خبر سن کر المنزلہ شہر کے سیکڑوں لوگ نوجوان کی موت پر تعزیت کے لیے اہل خانہ کے ہاں آئے، جہاں شادی کے لیے لگائے گئے ٹینٹس تعزیتی جلسہ گاہ کا روپ دھار گئے تھے۔

  • زخمیوں کی اسپتال منتقلی، مصر نے انسانیت کی اعلیٰ مثال قائم کردی

    زخمیوں کی اسپتال منتقلی، مصر نے انسانیت کی اعلیٰ مثال قائم کردی

    غزہ: مصر غزہ کے معصوم اور نہتے شہریوں کی مدد کے لئے سامنے آگیا، مصر نےانسانی ہمدردی کی بنیاد پر مظلوم فلسطینوں کیلئےاپنی سرحد کو کھول دیا ہے۔

    مصری میڈیا کے مطابق غزہ میں اسرائیل کے زمینی وفضائی حملوں میں زخمی فلسطینیوں کو مصر کےاسپتالوں میں منتقل کرنے کیلئے رفاہ بارڈر کھول دیا گیا ہے۔

    مصری حکام کےمطابق سرحد کھولنےکا فیصلہ فلسطینیوں سےاظہاریکجہتی کیلئےکیاگیا، سرحد کھولنے کے بعد مصر کی درجنوں ایمبولنسز غزہ میں موجود ہیں ،جو شدید زخمیوں کو مصر کے اسپتال منتقل کررہی ہیں۔

    واضح رہے کہ مصر سے فلسطینی خطے کو ملانے والی رفاہ بارڈر کراسنگ اکثر بند رکھی جاتی ہے، لیکن وقفے وقفے سے اسے ضرورت مندوں کیلئے کھول دیا جاتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: غزہ: 10 سالہ فلسطینی بچی کی فریاد نے سب کو رُلا دیا

    دوسری جانب قابض اسرائیلی فورسز نے بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید 35 فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے، جس کے بعد اسرائیلی جارحیت سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 181 ہو گئی ہے۔

    اسرائیل کی وحشیانہ بمباری اور شیلنگ کے نتیجے میں اب تک 47 بچے اور 22 خواتین بھی شہید ہوچکے ہیں، گزشتہ روز غزہ کے الشاطی کیمپ پر اسرائیلی حملے میں ایک ہی خاندان کے 10 افراد شہید ہوئے تھے۔

  • موت کا ڈرامہ رچانے والی یوٹیوبر ایک سال بعد آنے والی اپنی موت سے بے خبر

    موت کا ڈرامہ رچانے والی یوٹیوبر ایک سال بعد آنے والی اپنی موت سے بے خبر

    قاہرہ: مصر کی ایک مشہور یوٹیوبر خاتون اپنی موت کا ڈرامہ رچا کر بہت سے لائیکس اور ویوز اکٹھے کرنے کے بعد ٹھیک ایک سال بعد اسی روز سچ مچ چل بسیں۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ام زیاد نامی یہ خاتون ڈائری آف ام زیاد کے نام سے اپنا یوٹیوب چینل چلا رہی تھیں، ایک سال قبل انہوں نے اپنے چینل سے اپنی جعلی موت کی ایک ویڈیو نشر کی تھی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ اپنے شوہر کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھا رہی ہیں، اس دوران اچانک ان کی طبیعت خراب ہوئی اور وہ بے دم ہو کر گر گئیں جس کے بعد ان کے بچے ان کے گرد بیٹھ کر ان کے ہاتھ پاؤں سہلانے لگے۔

    بچے اس دوران رو بھی رہے تھے جبکہ شوہر بھی پریشان ہوگئے، اس کے بعد وہ اچانک ہنستی ہوئی اٹھ بیٹھیں۔ ام زیاد کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ ڈرامہ اپنے شوہر اور بچوں کا ردعمل دیکھنے کے لیے کیا تھا۔

    لیکن اب ایک ٹھیک ایک سال بعد وہ سچ مچ موت کا شکار ہوگئیں۔

    ان کے بھائی نے جو خود بھی ایک یوٹیوبر ہیں، اپنی ایک ویڈیو میں اپنی بہن کے انتقال کا بتاتے ہوئے کہا کہ ان کے گھر میں ایک حادثہ پیش آیا تھا، ام زیاد کے گھر کے گیزر کی گیس لیک ہوئی جس کے بعد وہ دم گھٹنے سے چل بسیں۔

    موت سے چند روز قبل ام زیاد نے اپنی ایک ویڈیو میں اپنی طبیعت خرابی کے بارے میں بھی بتایا تھا کہ وہ کووڈ 19 کا شکار نہیں ہوئیں تاہم وہ سانس لینے میں تکلیف اور گھٹن کی شکایت محسوس کر رہی ہیں۔

    ام زیاد کی اچانک موت کے بعد ان کے مداح نہایت غمگین ہیں۔

  • مصر : تاریخ میں پہلی بار سب سے بڑا اور قدیم سنہری شہر دریافت

    مصر : تاریخ میں پہلی بار سب سے بڑا اور قدیم سنہری شہر دریافت

    قاہرہ : مصر میں آثار قدیمہ کے ماہرین نے تین ہزار سال قدیم سب سے بڑے شہر کی باقیات دریافت کی ہیں۔ توتن خامون کے مقبرے کے بعد یہ دوسری اہم دریافت ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فرعونوں کے سنہری دور کی یہ باقیات لکسور شہر کے باہر ایک صحرا میں ملی ہیں۔ یہ مصر کی تاریخ کی اب تک کی سب سے بڑی دریافت ہے۔

    مصری آثار قدیمہ کے مشہور ماہر زاہی حواس نے "گمشدہ سنہری شہر” کی دریافت کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ مقام بادشاہوں کی مشہور وادی کے گھر لکسور کے قریب دریافت ہوا ہے۔

    کھدائی کرنے والی ٹیم نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ڈاکٹر زاہی حواس کے ماتحت مصری مشن نے یہ شہر دریافت کیا جو ریت کے نیچے کھو گیا تھا۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ شہر تین ہزار سال پرانا ہے، جہاں امنحتب سوم حکمرانی کرتے تھے اوران کے بعد توتن خامون اور ایی کے بھی استعمال میں رہا۔

    ٹیم نے اس دریافت کو مصر کی تاریخ میں دریافت ہونے والا اب تک کا "سب سے بڑا” قدیم شہر قرار دیا ہے۔

    ٹیم کے بیان کے مطابق جان ہوپکنز یونیورسٹی میں مصری آرٹ اور آثار قدیمہ کے پروفیسر بیٹسی برائن نے تقریباً سو سال پہلے دریافت ہونے والے توتن خامون کے مقبرے کے بعد اسے دوسری سب سے اہم دریافت قرار دیا ہے۔

    کھدائی کے دوران یہاں سے زیورات، مٹی کے رنگین برتن اور دوسری اشیا ملی ہیں۔ زاہی حواس جو سابق وزیر نوادرات بھی ہیں کا کہنا ہے کہ بہت سے غیر ملکی مشنز نے اس شہر کی تلاش کی اور انہیں یہ کبھی نہ ملا۔

    اس شہر کے لیے گذشتہ سال ستمبر میں لکسور کے قریب رمسس سوم اور امنتحتب سوم کے مندروں کے درمیان کھدائی شروع کی گئی تھی۔

    کچھ ہی ہفتوں میں کھدائی کرنے والی ٹیم کو ایک بڑا تحفہ ملا اور تمام سمتوں میں مٹی کی اینٹوں کے آثار نظر آنا شروع ہوگئے۔

  • جج نے خود کو ہی سزا سنادی

    جج نے خود کو ہی سزا سنادی

    جج نے خود کو ہی سزا سنادی

    قاہرہ : مصر میں ایک مقامی عدالت کے جج نے اپنی غلطی پر خود کو سزا کا مستحق قرار دیتے ہوئے فیصلہ سنا دیا، عدالت میں موجود لوگ اس اقدام پر حیران رہ گئے۔

    دوسروں کے خلاف کیسز کے فیصلے سنانا تو ججوں کا کام ہے مگر کوئی جج اپنے ہی خلاف فیصلہ سناتے ہوئے خود کو جرمانہ کی سزا سنائے یہ حیران کن ہے مگر مصر میں ایک عدالت کے جج نے خود کو سزا دے کر سب کو حیران کر دیا۔

    گلف نیوز کے مطابق ملک کی عدالتی تاریخ میں ‌یہ اپنی نوعیت کا انوکھا ترین واقعہ ہے۔ واقعہ کچھ یوں ہے کہ اسٹیٹ کونسل کے وائس چیئرمین جسٹس محسن کلوب  ایک مقدمے کی سماعت کررہے تھے کہ  اچانک ان کے موبائل فون کی گھنٹی بج اٹھی۔

    اسوان میں قائم انتظامی عدالت کے جج نے اپنی اس غلطی پر خود احتسابی کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے موبائل فون کی گھنٹی بجنے پر خود پر پانچ سو مصری پاؤنڈ جرمانہ عائد کردیا۔

    انہوں نے کہا کہ ایک مقدمے کی سماعت کے دوران ان کے موبائل فون کی گھنٹی بجی جس کے نتیجے میں ان کی توجہ اس مقدمہ سے ہٹ گئی تھی جس پر میں نے فوراً خود کو اس کا قصور وار قرار دیتے ہوئے پانچ سو پاؤنڈ کا جرمانہ کردیا۔

    جسٹس محسن کلوب کے اس اقدام پر دوسرے جج صاحبان، وکلاء اور عام شہری بھی حیران رہ گئے کہ ایک جج مقدمات کی سماعت میں اس حد تک سنجیدہ ہے کہ اپنے موبائل فون کی گھنٹی بجنے پر خود ہی کو سزا وار قرار دیتا ہے۔

    خیال رہے کہ جسٹس کلوب دوسرے جج حضرات اور وکلا کو مقدمات کی سماعت کے دوران اپنے موبائل فون بند رکھنے کی اکثر تاکید کرتے رہتے ہیں۔

  • مصر میں جدید ٹرانسپورٹ سسٹم کی منظوری

    مصر میں جدید ٹرانسپورٹ سسٹم کی منظوری

    قاہرہ: مصر کے 6 شہروں میں ماس ٹرانزٹ سروس کی منظوری دے دی گئی ہے، کیش لیس ادائیگی اور ایپس سے منسلک یہ منصوبہ جلد فعال ہوجائے گا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق مصر کی نئی اربن کمیونیٹیز اتھارٹی نے مصر کے 6 نئے شہروں میں ماس ٹرانزٹ سروس کی منظوری دی ہے، اتھارٹی کی ملکیت ان بسوں کو چلانے کا ٹھیکہ کمپنی مواصلات مصر کو دیا گیا ہے۔

    ٹرانسپورٹ ریگولیٹری یونٹ کے ڈائریکٹر احمد الکافوری کا کہنا ہے کہ یہ بسیں نیو قاہرہ، الشروق، العبور سمیت 6 شہروں میں چلنا شروع کردیں گی۔

    الکافوری کے مطابق اس منصوبے کا مقصد مصر میں وژن 2030 کے منصوبے کے مطابق ملک میں پائیدار اور ماحول دوست نقل و حمل کے نظام کی ترقی کو یقینی بنانا ہے، نئے منصوبے سے ٹریفک کی بھیڑ اور سفر کے دورانیے کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

    انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کو بین الاقوامی معیار اور انتظامی ہدایات کے مطابق عمل میں لایا جائے گا اور ہر شہر میں اس کی مخصوص ضروریات کے مطابق اس پر عمل کیا جائے گا۔

    اس منصوبے کو مسافروں کے آرام کو یقینی بنانے کے لیے کیش لیس ادائیگی کے نظام اور ایپس کے ساتھ منسلک کیا جائے گا، منصوبے کی نگرانی جدید ترین ٹیکنالوجی سے کی جائے گی۔

    ٹرانسپورٹ ریگولیٹری یونٹ کے قانونی مشیر احمد رضا عمارہ کا کہنا ہے کہ معاہدے میں آپریشنز اور کارکردگی پر نظر رکھنے کے لیے قانونی اور تکنیکی دفعات شامل ہیں۔