Tag: Egypt

  • گارمنٹ فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی : 20ملازمین جل کر خاک

    گارمنٹ فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی : 20ملازمین جل کر خاک

    قاہرہ : مصر میں ایک گارمنٹ فیکٹری میں آگ لگنے کا ہولناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں 20افراد شعلوں کی لپیٹ میں آکر جان کی بازی ہار گئے۔

    مذکورہ واقعہ مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے شمال میں ایک گارمنٹ فیکٹری میں پیش آیا، آگ لگنے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بیس ہوگئی ہے، حکام کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے اس واقعے میں دو درجن سے زیادہ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق قاہرہ میں سرکاری حکام کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ چار منزلہ عمارت میں واقع اس فیکٹری میں آگ لگنے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی ہے۔

    آتشزدگی کا یہ واقعہ قاہرہ سے 35 کلومیٹر شمال میں واقع عبور صنعتی زون میں واقع ایک فیکٹری میں پیش آیا۔ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ آگ اس قدر شدید تھی کہ اس پر قابو پانے کے لیے پندرہ فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کی مدد لی گئی، امدادی کارکنان کی کافی مشقت کے بعد آگ کو دیگر فیکٹریوں تک پھیلنے سے روکنے میں کامیابی ملی۔

    واضح رہے کہ جمعرات کے روز پیش آنے والا آتشزدگی کا یہ واقعہ مصر میں آگ لگنے کے سلسلے کی تازہ ترین کڑی ہے، ملک میں حفاظتی اقدامات کے معیار اور آگ پر قابو پانے سے سے متعلق ضابطوں کے نفاذ پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی جاتی ہے۔

    گزشتہ ماہ ہی قاہرہ کے مصروف ترین شاہراہ کے کنارے ایک تیل پائپ لائن سے تیل رسنے کی وجہ سے ادھر سے گزرنے والی کاروں میں آگ لگ گئی تھی جس کے سبب کم از کم سترہ افراد زخمی ہو گئے تھے۔

  • کھانا نہ بنانے پر موت، دل دہلا دینے والا واقعہ

    کھانا نہ بنانے پر موت، دل دہلا دینے والا واقعہ

    قاہرہ : شوہر نے بیوی کو کھانا وقت پر نہ بنانے پر بے دردی سے قتل کردیا، ہلاک ہونے والی خاتون امید سے تھی، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں ایک ہولناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں معمولی سی بات پر شوہر نے طیش میں آکر بیوی کو قتل کرڈالا۔

    غیرملکی میڈیا کے مطابق قتل کی یہ واردات یہ واقعہ قاہرہ کے معروف محلے شبرا الخیمہ میں کی گئی۔ گیس کا چولہا لگنے سے خاتون کی موت واقع ہوگئی۔

    ملزم شوہر نے بیوی سے کھانا تیار کرنے کے لیے کہا تھا اور اس کی جانب سے معذرت کرنے پر آگ بگولہ ہوگیا اور گیس کا چولہا اٹھا کر اس کے سر پر دے مارا جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔

    ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والی خاتون امید سے تھی۔ بعد ازاں پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کیا اور ابتدائی تفتیش کے بعد عدالت میں پیش کردیا۔

    پبلک پراسیکیوشن نے شوہر کو پوچھ گچھ کے لیے چار روزہ ریمانڈ پر حراست میں لے لیا، پبلک پراسیکیوشن نے لاش کے پوسٹ مارٹم کی رپورٹ بھی طلب کرلی اور خفیہ سروس کے اہلکاروں کو واقعے کی تحقیقات کی ہدایت کردی ہے۔

    واضح رہے کہ مصر میں معاشی مسائل کی وجہ سے ان دنوں غریب طبقے میں گھریلو مسائل بڑھتے جارہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق واردات کرنے والا بھی ایک مزدور تھا اور اس کے ہاتھوں قتل ہونے والی اس کی بیوی گھریلو خاتون تھی۔

  • معمولی سی بات پر گاہک نے دکاندارکو جلا ڈالا

    معمولی سی بات پر گاہک نے دکاندارکو جلا ڈالا

    قاہرہ : مصر میں ایک شخص بیکری پر طویل قطار کے بعد اپنی مطلوبہ اشیاء نہ ملنے پر غصے میں بے قابو ہوگیا، دکاندار کو آگ لگا کر جھلسا دیا۔

    مصر میں قطار میں کھڑے اپنی باری کا انتظار کرنے والے شخص نے مطلوبہ چیزیں نہ ملنے پر بیکری کے مالک کو آگ لگادی۔

    غیر ملکی خبر رساں  ادارےکے مطابق مصر میں بیکری سے سامان لینے کے لیے آنے والے گاہک کو کورونا ایس او پیز کی وجہ سے لمبی قطار میں کافی دیر تک انتظار کرنا پڑا تاہم جب وہ کاؤنٹر پر پہنچا اور مطلوبہ چیزیں نہ مل سکیں تو وہ غصے میں آگیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بیکری کے مالک اور گاہک کے درمیان جھگڑے کے بعد ہاتھا پائی شروع ہوگئی، وہاں موجود لوگوں نے بیچ بچاؤ کی کوشش کی لیکن غصے میں بھپرے گاہک نے پیٹرول سے بھری بوتل میں آگ لگا کر بیکری کے مالک پر پھینک دی۔

    وہاں موجود دیگر گاہکوں نے بیکری کے مالک کو مزید جلنے سے بچالیا اور اسپتال منتقل کیا تاہم مالک کا ہاتھ اور چہرہ بری طرح جھلس گیا۔
    اس موقع پر  وہاں موجود ایک شخص نے اس واقعے کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کردی جو دیکھتے ہی دکھتے وائرل ہوگئی، پولیس نے واقعے کا نوٹس لے کر ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔

  • بیٹے کو جگانے والی ماں اس کی لاش دیکھ کر خود بھی چل بسی

    بیٹے کو جگانے والی ماں اس کی لاش دیکھ کر خود بھی چل بسی

    قاہرہ : صبح اپنے بیٹے کو جگانے کیلئے جانے والی ماں اس کی لاش دیکھ کر خود بھی اس دنیا سے کُوچ کرگئی، دو جنازے ایک ساتھ اٹھنے پر علاقے میں کہرام مچ گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ مصری صوبے بنی سیوف میں پیش آیا جہاں حرکت قلب بند ہوجانے پر بیٹے کے انتقال کے بعد والدہ اس کا غم برداشت نہ کر سکی اور خود بھی چل بسی۔

    بنی سیوف کے قریے شیخ علی البہلول کے باشندوں نے پہلے نوجوان وکیل اور اس کے کچھ دیر بعد اس کی ماں کو سپرد خاک کیا۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قریے کے دو رہائشیوں نے بتایا کہ عبدالسلام مرسی کی عمر 35 برس تھی۔ وہ قریے میں اپنے خاندانی گھر آیا ہوا تھا۔ نوجوان وکیل احمد عبدالسلام مرسی کا سوتے ہوئے ہارٹ فیل ہوجانے سے انتقال ہوگیا تھا۔

    صبح ماں اسے جگانے کے لیے اس کے کمرے میں گئی اور یہ دیکھ کر کہ اس کے بیٹے کی روح پرواز کر گئی  ہے غم سے نڈھال ہو کر بیٹے کے پہلو میں گر کر زندگی کی بازی ہار گئی۔

    میڈیکل رپورٹ کے مطابق بیٹے اور ماں دونوں کا کا انتقال ہارٹ فیل ہونے کی وجہ سے ہوا ہے، ماں اور بیٹے کے جنازے میں نہ صرف یہ کہ بستی کے باشندے بلکہ آس پاس کے قریوں کے باشندے بھی شریک تھے، ہر شخص رنج و الم کی تصویر بنا ہوا تھا۔

  • وزیر خارجہ شاہ محمود قاہرہ پہنچ گئے

    وزیر خارجہ شاہ محمود قاہرہ پہنچ گئے

    قاہرہ: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی مصر کے دارالحکومت قاہرہ پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ پاکستان دو روزہ دورے پر مصر پہنچ گئے ہیں، قاہرہ ایئر پورٹ پر ان کا استقبال قاہرہ اسسٹنٹ فارن منسٹر ایمبیسڈر طارق الوسیمی نے کیا۔

    پاکستان ایمبیسی قاہرہ کے ناظم الامور شاہ نذر خان اور مصری وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے شاہ محمود قریشی کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔

    وزیر خارجہ قاہرہ میں دو روزہ دورے کے دوران مصری وزیر خارجہ سامح شکری سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات اور کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    وزیر خارجہ قاہرہ میں بزنس کمیونٹی کے ساتھ بھی خصوصی ملاقات کریں گے، وہ قاہرہ میں عرب لیگ کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کریں گے اور سیکریٹری جنرل عرب لیگ سے ملاقات کریں گے۔

    وزارت خارجہ نے توقع ظاہر کی ہے کہ شاہ محمود کا دورہ مصر دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنائے گا۔

    مصر روانگی سے قبل وزیر خارجہ نے ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ وہ اپنے ہم منصب کی دعوت پر مصر جا رہے ہیں، مصر مسلم امہ کا اہم ملک اور افریقا کے لیے گیٹ وے ہے، اور افریقی ممالک سے تجارتی تعلقات حکومتی ترجیحات میں شامل ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں معاشی تعاون کے فروغ کے لیے امکانات موجود ہیں، تعلیمی شعبے میں استفادے کے لیے جامعہ الازہر کا دورہ کرنے کی خواہش ہے۔

  • وزیر خارجہ 2 روزہ دورے پر مصر روانہ

    وزیر خارجہ 2 روزہ دورے پر مصر روانہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی مصر کے دورے پر روانہ ہوگئے، وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک میں معاشی تعاون کے فروغ کے لیے امکانات موجود ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی مصر کے 2 روزہ دورے پر روانہ ہوگئے، اپنے دورے کے دوران وزیر خارجہ مصر کے تاجروں اور وہاں مقیم پاکستانی برادری سے ملاقات کریں گے۔

    مصر روانگی سے قبل وزیر خارجہ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ وہ اپنے ہم منصب کی دعوت پر مصر جارہے ہیں، مصر مسلم امہ کا اہم ملک اور افریقہ کے لیے گیٹ وے ہے۔ افریقی ممالک سے تجارتی تعلقات حکومتی ترجیحات میں شامل ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں معاشی تعاون کے فروغ کے لیے امکانات موجود ہیں، تعلیمی شعبے میں استفادے کے لیے جامعہ الازہر کا دورہ کرنے کی خواہش ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان برادرانہ مراسم کے حوالے سے مصر کو بہت اہمیت دیتا ہے، پاکستان اور مصر کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں، دو طرفہ تعلقات یکساں عقیدے، تہذیب اور اقدار کی بنیاد پر استوار ہیں۔

  • مصر میں شاہراہوں کے ناموں سے متعلق خاتون افسر کا عجیب قدم

    مصر میں شاہراہوں کے ناموں سے متعلق خاتون افسر کا عجیب قدم

    قاہرہ: مصر میں ایک خاتون افسر نے منصب کا غلط استعمال کرتے ہوئے اپنے شوہر کو خوش کرنے کے لیے سڑکوں کے نام تبدیل کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق مصر میں ایک سرکاری خاتون افسر نے شہر کی شاہراہیں شوہر اور ان کے رشتے داروں کے نام سے منسوب کر دیں، لیکن خاتون کی بدقسمتی کہ انھوں نے شاہراہوں کے ناموں کی تبدیلی کا حکم سوشل میڈیا پر بھی شیئر کر دیا۔

    ایک مصری جریدے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خاتون افسر کی جانب سے سوشل میڈیا پر یہ عجیب و غریب حکم جاری ہونے کے بعد اس پر بحث شروع ہو گئی، اور اس کی گونج اعلیٰ مصری حکام تک بھی پہنچ گئی۔

    عوام کا اعتراض تھا کہ خاتون افسر کو محض اپنے خاندان کے افراد کے ناموں پر شاہراہوں کے نام رکھنے کا حق نہیں، مزید یہ کہ خاتون کے شوہر اور ان کے رشتے دار قومی ہیرو یا اہم شخصیات کے زمرے میں بھی شامل نہیں۔

    سوشل میڈیا پر عوامی رد عمل کے بعد مصری حکام نے واقعے کی تحقیقات کا حکم جاری کر دیا ہے، قلیوبیہ کمشنری کے شہر ’کفرشکر‘ کے پولیس کمشنر کی جانب سے فوری طور پر تحقیقاتی کمیٹی کا قیام بھی عمل میں لایا گیا، خاتون افسر کے احکامات بھی منسوخ کر دیے گئے۔

    سوشل میڈیا پر ذاتی تشہیر کے خلاف اٹھنے والی تحریک نے خاتون افسر کے منصوبے پر پانی پھیر دیا، جو محض پورے شہر کی اہم شاہراہیں اپنے شوہر اور خاندان کے دیگر افراد کے ناموں سے منسوب کرنے کی خواہاں تھیں۔

    واضح رہے کہ دنیا بھر میں شہروں اور قصبوں میں شاہراہوں کا نام اہم شخصیات یا تاریخی حوالے سے رکھے جاتے ہیں، عرب ممالک میں بھی یہی دستور چلا آ رہا ہے، سعودی عرب میں بھی شاہراہوں کے نام مختلف اہم مقامی اور عالمی شخصیات کے ناموں پر رکھے جاتے ہیں۔ شاہراہوں کے اصل نام سرکاری سطح پر دستاویزات میں درج ہوتے ہیں، لیکن اس کے علاوہ بعض مقامات کے نام اہل علاقہ کی جانب سے بھی دیے جاتے ہیں جو اگرچہ سرکاری دستاویزات میں تو نہیں ہوتے مگر وہ نام ہر کسی کی زبان پر عام ہو جاتے ہیں۔

  • قدیم ممی کی دریافت، ماہرین ممی کی زبان دیکھ کر حیران رہ گئے

    قدیم ممی کی دریافت، ماہرین ممی کی زبان دیکھ کر حیران رہ گئے

    قاہرہ: مصر میں ماہرین آثار قدیمہ کو ایسی ممی ملی ہے جس کی زبان ٹھوس سونے کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ماہرین نے یہ ممی تاپوسیرس میگنا میں کھدائی کے دوران دریافت کی جو ایک ایسا شہر ہے جسے 270-280 قبل مسیح کے درمیان قائم کیا گیا تھا، اس مہم کی قیادت یونی ورسٹی آف سینٹو ڈومنگو نے کی۔

    تاپوسیرس میگنا کی یہ تدفین کی جگہ 2 ہزار سال پرانی ہے، جو ممی یہاں سے دریافت ہوئی اس کی زبان ٹھوس سونے کی ہے، یہ ممی 15 دیگر ممیوں کے ساتھ برآمد ہوئی جس کے بارے میں ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ بھی اُسی دور کی ہیں۔

    سونے کی زبان کے علاوہ ممیوں میں سے ایک کو طلائی ڈیکوریشنز کے ساتھ تابوت میں بند کیا گیا تھا۔

    ماہرین کے مطابق ممی کی اپنی اصلی زبان ہٹا کر سونے کی اس لیے رکھی گئی تھی کیوں کہ قدیم حکمران اس بات پر یقین رکھتے تھے کہ اس سے مردے کو مردوں کے خدا اوسیریز کے ساتھ بات کرنے کا موقع ملے گا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں آثار قدیمہ کے ماہرین نے مصر میں ایک تدفین کی جگہ سے 13 تابوت دریافت کیے تھے، جن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ ڈھائی ہزار سال سے مہر بند ہیں۔

    چند ہفتوں بعد ماہرین آثار قدیمہ نے مصر میں لوگوں کے سامنے 2500 سال قدیم تابوتوں میں سے ایک کو کھولا، اس ممی کو تدفین کے چمک دار کپڑے میں لپیٹا گیا تھا، اور اسے اس طرح سجایا گیا تھا کہ مرنے والے مذہبی پیشوا کے چہرے کا عکس معلوم ہوتا تھا۔

    ابتدائی تحقیق سے یہ معلوم ہوا کہ یہ تابوت مکمل طور پر بند تھے اور جب سے انھیں دفن کیا گیا تھا تب سے انھیں نہیں کھولا گیا۔

    اس کے بعد نومبر میں ایک اور مقام سے 100 سے زیادہ تابوت اور تقریباً 40 مجسمے کھدائی میں دریافت ہوئے۔

  • مصر : کورونا مریضوں پر قیامت ٹوٹ پڑی، 7جل کر ہلاک

    مصر : کورونا مریضوں پر قیامت ٹوٹ پڑی، 7جل کر ہلاک

    قاہرہ : مصر کے ساحلی شہر اسکندریہ میں گزشتہ روز ایک اسپتال میں لگنے والی آگ میں کورونا وائرس کے7 مریض ہلاک ہوگئے، آتشزدگی سے سات مریضوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

    اس حوالے سے سیکیورٹی اور طبی ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ فائر فائٹرز کی فوری کارروائی کے سبب آگ کو اسپتال کے دیگر شعبہ جات تک پھیلنے سے روک دیا گیا، اس موقع پر متاثرہ مریضوں کو دیگر اسپتالوں میں منتقل کرنے کے لئے ایمبولینس میں روانہ کیا گیا۔

    غیر ملکی خٰبر رساں ادارے کے مطابق ہلاکتوں کی بڑی وجہ مریضوں کا جلنا اور دم گھٹنا بتائی جارہی ہے جبکہ ہلاک و زخمی ہونے والوں میں اسپتال کا عملہ بھی شامل ہے، پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    مصر کے سرکاری اخبار ‘الاحرام’ نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ ابتدائی تحقیقات میں آگ لگنے کی وجہ الیکٹرک شارٹ سرکٹ کو قرار دیا گیا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل اسی طرح کا آگ لگنے کا ایک اور واقعہ رواں سال ماہ جون میں اسکندریہ شہر کے نجی ہسپتال کے کورونا وائرس وارڈ میں بھی پیش آیا تھا، جس سے7مریض ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا تھا۔

    قبل ازیں مئی میں قاہرہ کے کورونا وائرس آئیسولیشن سینٹر میں بھی آگ لگی تھی، تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔ خیال رہے کہ مصر میں ایک بار پھر وبا کے کیسز میں اضافہ دیکھا جارہا ہے جس سے حکومت ایک بار پھر کورونا مریضوں کو قرنطینہ کرنے اور ان کے علاج کے لیے مختص اسپتال دوبارہ کھولنے پر مجبور ہوگئی ہے۔

  • مصر کا اپنے شہریوں کو کرونا وائرس ویکسین مفت فراہم کرنے کا اعلان

    مصر کا اپنے شہریوں کو کرونا وائرس ویکسین مفت فراہم کرنے کا اعلان

    قاہرہ: مصر کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ مصر کے تمام شہریوں کو کرونا وائرس ویکسین مفت فراہم کی جائے گی، مصر نے چینی ساختہ کرونا وائرس ویکسین حاصل کی ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق مصر کی وزیر صحت ہالہ زید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مصری شہریوں کو کرونا وائرس کے خلاف چین کی ویکسین مفت فراہم کی جائے گی۔

    مصری اور متحدہ عرب امارات کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ قاہرہ میں کلینیکل ٹرائلز مکمل کرنے کے بعد کرونا وائرس کے خلاف سائنو فرم ویکسین کی افادیت کا تناسب 86 فیصد تک ظاہر کیا گیا ہے۔

    مصر میں چین کے سفیر لیاؤ لی کیانگ اور مصر میں امارات کی قائم مقام سفیر مریم الکعبی متحدہ عرب امارات سے قاہرہ کے انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کرونا ویکسین کی پہلی کھیپ پہنچنے پر وزیر صحت کے ہمراہ موجود تھیں۔

    اس موقع پر مصری وزیر صحت ہالہ زید کا کہنا ہے کہ حکومت نے مزید کرونا ویکسین کی فراہمی کو محفوظ بنانے کے لیے ویکسین و حفاظتی ٹیکہ جات کے عالمی اتحاد کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔

    وزیر صحت کا کہنا تھا کہ کرونا کے مریضوں اور دیگر مخصوص اسپتالوں میں طبی عملے کو ترجیحی بنیادوں پر چینی ویکسین دی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ کینسر یا گردے فیل ہونے والے مریضوں، عمر رسیدہ افراد اور دائمی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کو بھی ویکسین دینے میں ترجیح دی جائے گی۔

    خیال رہے کہ مصر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 445 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ مزید 22 اموات بھی ریکارڈ کی گئی ہیں، اب تک مصر میں مریضوں کی کل تعداد بڑھ کر 1 لاکھ 20 ہزار 147 ہوگئی ہے۔