Tag: Ehsan Mani

  • ٹی 10 لیگ: چیئرمین پی سی بی کے تحفظات کا اب تک جواب نہیں مل سکا

    ٹی 10 لیگ: چیئرمین پی سی بی کے تحفظات کا اب تک جواب نہیں مل سکا

    اسلام آباد: ٹی ٹین لیگ پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی کے تحفظات کا اب تک کوئی جواب نہیں مل سکا.

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی  کے ٹی ٹین لیگ کے کرتا دھرتاؤں کے بارے میں اٹھائے جانے والے اعتراضات کا کوئی جواب نہیں‌ آیا.

    احسان مانی کہتے ہیں کہ نہ تو لیگ کے مالک کا پتا ہے، نہ ہی آرگنائزر کاعلم ہے، یہ بھی واضح نہیں کہ پیسہ کہاں سےآرہا ہے، ورلڈ کپ سے قبل پاکستانی کھلاڑیوں کو تحفظ دینا ضروری ہے۔

    تجزیہ کاروں کے مطابق تحفظات کےباوجود چند عناصر ٹی ٹین لیگ کو قانونی قرار دلوانے کے لیے سرگرم ہیں، پہلے مخالفت کرنے والے اب حامی بن گئے ہیں.


    مزید پڑھیں: ٹی ٹین کوئی کرکٹ لیگ نہیں، ایسے فارمیٹ سے مطمئن نہیں، سابق کرکٹرز


    کرکٹ مبصرین ٹی ٹین کرکٹ لیگ کے میچ فکسرز کی جنت بننے کے خدشات بھی ظاہر کر رہے ہیں، کیوں کہ اس میں چیک اینڈ بیلنس کا واضح نظام موجود نہیں. لیگ آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ سے بھی آزاد ہے۔

    یاد رہے کہ سابق کپتان آصف اقبال نے ٹی ٹین لیگ کو تماشا قرار  دیا ہے۔ دوسری جانب سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفرازنوازنے  آئی سی سی سے لیگ پرپابندی لگانے کا مطالبہ کردیا.

  • جب تک تسلی نہیں ہوگی ٹی 10 لیگ کی حمایت نہیں کروں گا، احسان مانی

    جب تک تسلی نہیں ہوگی ٹی 10 لیگ کی حمایت نہیں کروں گا، احسان مانی

    دبئی: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے کہا ہے کہ لیگ سے متعلق پی سی بی کے پاس کوئی معلومات موجود نہیں اس لیے جب تک انھیں تسلی نہیں ہوگی وہ ٹی 10 لیگ کی حمایت نہیں کریں گے۔

    پی سی بی کے چیئرمین نے دبئی میں نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ ٹی 10 لیگ سے متعلق معلومات میسر نہیں کہ ان کے اسپانسرز کون ہیں، فرنچائز کس کے پاس ہے، لیگ کے لیے پیسا کہاں سے آ رہا ہے، تسلی ہونے تک اپنے کھلاڑی ٹی 10 لیگ میں نہیں بھیجے جائیں گے۔

    چیئرمین نے مزید کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے ٹی 10 لیگ سے متعلق معلومات مانگی ہیں، لیگ صرف پیسوں کے لیے نہیں کھیلنا چاہیے۔

    [bs-quote quote=”پاک بھارت تعلقات سے کرکٹ پر اثر نہیں پڑے گا: احسانی مانی” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    احسان مانی نے کہا کہ پاکستان میں کوئی سیکورٹی خدشات نہیں ہیں، وزیرِ اعظم نے بھارتی بیانات کے جواب میں بیان دیا، کرکٹ میں سیاست کا عمل دخل نہیں ہونا چاہیے۔

    انھوں نے کہا ’جب آئی سی سی کا صدر تھا سب کو برابر کی نظر سے دیکھتا تھا، بھارت پریشر ڈالتا رہتا تھا لیکن میں نے کبھی ان سے زیادتی نہیں کی، میرے دروازے ہمیشہ کھلے ہوتے ہیں۔‘

    پریس کانفرنس میں پی سی بی چیئرمین نے کہا کہ وہ پی ایس ایل میں شفافیت لانا چاہتے ہیں، پی ایس ایل کی کمیٹی میں فرنچائز کے 2، 2 نمائندے ہوں گے، 20 اکتوبر کو آئی سی سی سے ٹیموں کو پاکستان لانے پر بات کروں گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کو ری اسٹرکچر کرنے پر کام جاری ہے، ڈومیسٹک کرکٹ کی بہتری کے لیے ٹاسک فورس بن چکی، کام بھی شروع ہوگیا، ہر کھلاڑی پی ایس ایل کے علاوہ ایک غیر ملکی لیگ کھیل سکتا ہے۔


    یہ بھی پڑھیں:  خواجہ سراؤں کی تقریب میں بھارتی کرکٹر کی زنانہ لباس میں شرکت


    احسان مانی نے خواہش کا اظہار کیا کہ پاکستان ٹیم 3 ٹیسٹ میچز سے کم سیریز نہ کھیلے، 2021 سے 2023 تک پاک بھارت سیریز شیڈول ہیں، کرکٹ کی بہتری کے لیے پاک بھارت کرکٹ کا ہونا ضروری ہے، پاک بھارت بورڈ کے درمیان تعلقات دوبارہ بہتر بنانے ہیں۔

    کرکٹ کی بہتری کے لیے پاک بھارت کرکٹ کا ہونا ضروری ہے: احسان مانی

    انھوں نے کہا کہ بھارتی بورڈ کے ارکان سے بات چیت ہوئی ہے، کھیل کسی ایک فرد یا سیاست سے بڑا ہے، سیاست میں کیا چل رہا ہے اس سے مطلب نہیں ہونا چاہیے، کرکٹ ہونی چاہیے، پاک بھارت تعلقات سے کرکٹ پر اثر نہیں پڑے گا۔

    احسان مانی کا کہنا تھا کہ وہ ایمریٹس یا کسی لیگ کے خلاف نہیں ہیں۔ انھوں نے کہا پاکستانی کھلاڑیوں کا پی ایس ایل میں کھیلنا لازمی ہے۔

    چیئرمین پی سی بی نے واضح کیا کہ وہ کسی کو کوئی چیز چھپانے نہیں دیں گے، بورڈ کے تمام مالی معاملات پی سی بی کی ویب سائٹ پر ہوں گے۔

  • پی ایس ایل فور کا فائنل17مارچ کو کراچی میں ہوگا، چیئرمین پی سی بی احسان مانی

    پی ایس ایل فور کا فائنل17مارچ کو کراچی میں ہوگا، چیئرمین پی سی بی احسان مانی

    لاہور : چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل فور کا فائنل17مارچ کو کراچی میں کرایا جائے گا، آخری 8میچز بھی پاکستان میں ہوں گے، فرنچائز مالکان کے تحفظات دور کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی کی زیرصدارت پی ایس ایل گورننگ کونسل کا اجلاس لاہور میں ہوا جس میں بتایا گیا کہ پی ایس ایل فور14فروری سے یواے ای میں شروع ہوگا، ایونٹ کا فائنل17مارچ کو کراچی میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ پی ایس ایل فور کے آخری 8میچز بھی پاکستان میں منعقد ہوں گے۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی خواہش پر پی ایس ایل کو سب سے بڑا برانڈ بنانا ہمارا مشن ہے، وزیراعظم پی ایس ایل کو مزید کامیاب دیکھنا چاہتے ہیں، پی ایس ایل 4 کا ڈرافٹ اکتوبر کے آخری ہفتے میں ہو گا اور ہر فرنچائز 10 کرکٹرز کو برقرار رکھ سکے گی۔

    اس موقع پرچیئرمین پی سی بی نے فرنچائز مالکان کو ان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی، احسان مانی نے ہدایات دیں کہ تمام پارٹنر اور فرنچائزز کے کام کو شفاف بنایا جائے۔

    متفقہ طورپر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ فرنچائز کا نمائندہ بڈ کمیٹی کا حصہ ہوگا، کمیٹی کا نمائندہ پی ایس ایل کے مختلف رائٹس کا فیصلہ کرےگا، اجلاس میں فرنچا ئزمالکان نے احسان مانی کو چیئرمین پی سی بی بننے پرمبارکباد پیش کی۔

  • پی ایس ایل کے تمام  میچز پاکستان میں کرانے کے لیے کوشاں ہیں، احسان مانی

    پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں کرانے کے لیے کوشاں ہیں، احسان مانی

    لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ کے نومنتخب چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں ہی کرائے جائیں، کرکٹ بورڈ کو پروفیشنل بنایا جائے گا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، لاہور میں نئے پی سی بی چیئرمین کی حیثیت سے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی سی بی میں تقریباً900کے قریب ملازمین ہیں۔

    دنیا بھر میں اتنے ملازمین کسی کرکٹ بورڈ میں نہیں ہوتے، ادارے کی بہتری کیلئے بورڈ کے آئین میں کچھ تبدیلیاں لانی ہوں گی، کرکٹ بورڈ کو پروفیشنل بنائیں گے۔

    انہوں نے بتایا کہ ریجن کی ایسوسی ایشن کو پاور فل بنائیں گے، ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کو ساتھ لے کر چلیں گے جبکہ بورڈ ملک   کے8اسٹیدیمز چلا رہا ہے لیکن یہ کام تو ایسوسی ایشن کا ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں احسان مانی کا کہنا تھا کہ احتساب چیئرمین سے شروع ہوتا ہے اور میں کسی بھی سوال کا جواب دینے کو تیار ہوں، پی ایس ایل سیزن فور میں پاکستان میں8میچزہوں گے، ہماری کوشش ہوگی کہ پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں ہوں۔

    چیئرمین پی سی بی  نے واضح طور پر کہا کہ سیریز کھیلنے کے لیے بھارت کی منت سماجت نہیں کریں گے، نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم بہت اچھا کھیل رہی ہے، ہمیں نوجوانوں کھلاڑیوں کو سپورٹ کرنا چاہئے، سینئر کھلاڑیوں سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔

    مزید پڑھیں: احسان مانی پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین منتخب

    واضح رہے کہ احسان مانی اگلے3برس کے لئے نئے چیئرمین پی سی بی بلا مقابلہ منتخب ہوئے ہیں، وہ بورڈ کے33ویں چیئر مین ہیں۔

  • احسان مانی پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین منتخب

    احسان مانی پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین منتخب

    لاہور: احسان مانی بلا مقابلہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ منتخب ہوگئے ہیں۔ احسان مانی اس سے قبل انٹرنیشل کرکٹ کاؤنسل آئی سی سی کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق احسان مانی پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین منتخب ہوگئے۔ وہ اس عہدے کے لیے بلا مقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔

    احسان مانی صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے راولپنڈی کلب اور گورنمنٹ کالج لاہور کی ٹیم سے کرکٹ کھیلنے کا آغاز کیا۔ بعد ازاں اعلیٰ تعلیم کے لیے وہ برطانیہ چلے گئے۔

    شعبے کے لحاظ سے احسان مانی چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہیں۔ عملی شعبے میں انہوں نے آئی سی سی کی بے شمار کمیٹیوں کی سربراہی کی ہے جبکہ مختلف عہدوں پر فائز رہے ہیں۔

    نو منتخب چیئرمین احسان مانی پی سی بی کے 30 ویں چیئرمین ہیں اور وہ اگلے 3 سال تک اس عہدے پر فائز رہیں گے۔

    خیال رہے کہ احسان مانی کو وزیر اعظم عمران خان نے چیئرمین پی سی بی کے عہدے کے لیے نامزد کیا تھا۔

    اس سے قبل بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی تھے جنہوں نے وزیر اعظم عمران خان کی حلف برداری کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

  • وزیراعظم عمران خان نے احسان مانی کوچیئرمین پی سی بی نامزد کردیا

    وزیراعظم عمران خان نے احسان مانی کوچیئرمین پی سی بی نامزد کردیا

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے احسان مانی کو پاکستان کرکٹ بورڈ کا نیا چیئرمین نامزدکردیا.

    تفصیلات کے مطابق نجم سیٹھی کی جانب سے وزیراعظم کو استعفیٰ ارسال کیے جانے کے کچھ گھنٹے بعد حکومت نے نیا چیئرمین نامزد کر دیا ہے.

    عمران خان کی جانب سے یہ عہدہ سابق فرسٹ کلاس کرکٹر احسان مانی کو سونپا گیا ہے.

    یاد رہے کہ احسان مانی آئی سی سی میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں، ساتھ ہی وہ تین سال آئی سی سی کےسربراہ اور سال خزانچی رہ چکے ہیں.

    وزیر اعظم نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ چیئرمین پی سی بی کی تقرری کے لئےآئینی طریقہ اختیارکیاجائے گا، احسان مانی کوالیکشن لڑکرچیئرمین پی سی بی بنناہوگا۔

    وزیراعظم نے اپنے ٹویٹ میں اس فیصلہ کا اعلان کیا. وزیراعظم کی جانب سے احسان مانی کوفیصلے سےآگاہ کردیا گیا ہے.

    مزید پڑھیں: نجم سیٹھی نے وزیراعظم عمران خان کو اپنا استعفیٰ ارسال کردیا

    یاد رہے کہ کچھ دیر قبل چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے عمران خان کو اپنا استعفیٰ ارسال کیا تھا.

    اس موقع پر نجم سیٹھی نے اپنے پیغام میں‌ کہا کہ استعفے کے لئے نئے وزیراعظم کے حلف اٹھانے کا انتظارکررہا تھا، اب انھوں نے عہدہ سنبھال لیا ہے، تو استعفیٰ‌ دے رہا ہوں. نجم سیٹھی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا.