Tag: ehsas kafalat program

  • احساس پروگرام کے چھ لاکھ روپے کی ڈکیتی، پولیس نے معمہ حل کرلیا، ملزم گرفتار

    احساس پروگرام کے چھ لاکھ روپے کی ڈکیتی، پولیس نے معمہ حل کرلیا، ملزم گرفتار

    دادو : احساس پروگرام کے ریٹیلر سے چھ لاکھ کی ڈکیتی کے معاملے کا ڈراپ سین ہوگیا، دادو پولیس نے معمہ حل کرلیا، ملزم گرفتار اور رقم بھی بر آمد کر لی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع دادو تھانہ میہڑ میں شیخ محلہ میہڑکے رہائشی ثاقب ولد مجید شیخ جس کی عمر تقریباً 15/16سال نے دادو کی تحصیل میہڑ کی پولیس کو اطلاع دی کہ وہ اپنے والد کے ساتھ راجہ جنرل اسٹور کے نام سے احساس پروگرام کی رقم کی تقسیم کا کیش کاؤنٹر چلاتا ہے۔

    مؤرخہ 21 اپریل دوپہر کو اس نے مقامی بنک سے چھ لاکھ روپے نقد احساس پروگرام کے مستحقین میں تقسیم کےلیے نکالے اور جیسے ہی وہ گورنمنٹ ڈگری اسکول میہڑ ٹاؤن پہنچا وہاں اسے ہنڈا 125 پر سوار دو نامعلوم ملزمان نے روکا اور چھ لاکھ روپے چھین کر فرار ہوگئے۔

    اس حوالے سے متاثرہ لڑکے کے والد عبدالمجید کی مدعیت میں میہڑ پولیس نے مقدمہ نمبر 94/2020بجرم 392 ت پ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا۔

    ڈی أئی جی حیدرآباد کی خصوصی ہدایات پر واقعہ کی تفتیش کے لیے ماہر اور تجربہ پولیس افسران کو کیس کو حل کرنے کا ٹاسک دیا گیا۔ پولیس کی خصوصی ٹیم نے افسران بالا کی ہدایات کی روشنی میں معاملے کی مختلف پہلووں سے تفتیش شروع کردی۔

    لڑکے کے بیان، عینی شاہدین و واقعاتی شواہد کی بنیاد پر تفتیش کے جملہ پہلوؤں کو انتہائی مؤثر اور مربوط بنایا گیا۔ دوران تفتیش لڑکے نے یہ انکشاف کیا کہ یہ واقعہ ڈکیتی کا نہیں تھا رقم دیکھ کر میری نیت خراب ہوگئی تھی جس پر میں نے واقعہ کو ڈکیتی کا رنگ دے کر رقم خوردبرد کرنےکی کوشش کی۔

    میہڑ پولیس نے واقعہ کو بیان کرنے والے لڑکے ثاقب ولد مجید شیخ کو حراست میں لے کر اس کی نشاندہی پر گھر میں چھپائی گئی چھ لاکھ روپے کی رقم بھی برآمد کرلی، مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

  • پنجاب : احساس کفالت پروگرام کے تحت ایک ارب33کروڑ روپے تقسیم

    پنجاب : احساس کفالت پروگرام کے تحت ایک ارب33کروڑ روپے تقسیم

    لاہور : احساس کفالت پروگرام کے تحت دہاڑی دار طبقے میں رقم کی فراہمی کا آغاز کردیا گیا ہے، پہلے مرحلے میں ایک ارب33 کروڑ روپے تقسیم کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں چیف سیکریٹری پنجاب اعظم سلیمان خان کی زیرصدارت اجلاس ہوا، اجلاس کو ممبر بورڈ آف ریونیو کی جانب سے دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ احساس کفالت پروگرام کے تحت دہاڑی دار طبقے میں رقم کی تقسیم شروع کردی گئی ہے۔

    اس حوالے سے پہلے مرحلے میں لاہور اور فیصل آباد کے علاوہ 34اضلاع میں رقم تقسیم کی گئی،ایک لاکھ سے زائد افراد میں12ہزار روپے فی کس تقسیم ہوئے، پروگرام کے تحت ایک ارب33کروڑ روپے تقسیم کیے گئے۔

    لاہور، فیصل آباد میں رقم کی تقسیم دوسرے مرحلے میں ہوگی، رقم تقسیم کیلئے صوبےمیں450سینٹرز قائم کئے گئے ہیں، اجلاس میں فیصل آباد، ملتان، راولپنڈی میں بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو ٹھہرانے کا بھی جائزہ لیا گیا۔

    چیف سیکر یٹری پنجاب نے بتایا کہ مسافروں کو کم ازکم ایک ہفتہ کیلئے ہوٹلوں میں ٹھہرایا جائے گا، اس عرصے میں مسافروں کی اسکریننگ اور ٹیسٹنگ کی جائے گی۔