Tag: ehtajaji muzahiry

  • اے آر وائی کی بندش کیخلاف ملک بھرمیں مظاہرے، پی ایف یو جے کا احتجاج

    اے آر وائی کی بندش کیخلاف ملک بھرمیں مظاہرے، پی ایف یو جے کا احتجاج

    لاہور/ پشاور/ ایبٹ آباد/ سبی  : پنجاب میں اے آر وائی نیوز کی پوزیشن کی تبدیلی اور پیمرا کے دہرے معیار کے خلاف ملک بھر کی صحافتی تنظیموں سیاستدانوں اور سول سوسائٹی نے احتجاج کیا ہے، جبکہ پی ایف یو جے نے پنجاب میں اے آر وائی نیوز کی بندش کیخلاف انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس کو خط لکھ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کی پنجاب میں نمبروں کی پوزیشن تبدیلی، پروگرام میں آواز کا بند کرنا اور سیاسی بنیادوں پر چینل کو بند کرنے پر صحافتی تنظیمیں سراپا احتجاج ہیں۔

    اس حوالے سے صحافیوں نے پریس کلبوں کے باہر مظاہرے کیے، پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف نے اے آر وائی سے اظہار یکجہتی کی۔

    صدر پنجاب یونین آف جرنلسٹس شہزاد حسین بٹ نے ماظہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں اے آر وائی نیوز کی نشریات پر پابندی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

    اس موقع پرپیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف نے اے آر وائی سے اظہار یکجہتی کے لئے پنجاب اسمبلی میں قرار داد لانے کا اعلان کردیا۔

    پشاور میں بھی صحافیوں نے پر یس کلب کے باہر اے آر وائی نیوز کی بندش ،نمبروں کی تبدیلی کے خلاف شدید احتجاج کیا اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔

    ایبٹ آباد میں بھی صحافیوں نے اے آر وائی نیوز سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے شدید احتجاج کیا، مظاہرین اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔

    سبی کے چیئرمین پریس کلب حاجی محمد جان مری نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں اے آر وائی نیوز کی پوزیشن تبدیل کرنا عوام سے خبر کا حق چھینے کے مترادف ہے ، انہوں نے مطالبہ کیا کہ پیمرا فوری ایکشن لے۔

    کوٹ مٹھن میں انجمن تاجران نے بھی اے آر وائی نیوز کی پوزیشن کی تبدیلی پر شدید احتجاج کیا ہے۔

    مزید پڑھیں: پنجاب میں کیبل پر اے آروائی نیوز کی پوزیشن تبدیل، اے آروائی نیوز کا پیمرا کو خط

    دوسری جانب پاکستان فیڈریشن یونین آف جر نلسٹس (پی ایف یو جے) نے پنجاب میں اے آر وائی نیوز کی بندش کیخلاف انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس کو خط لکھ دیا۔

    پی ایف یو جے نے خط میں بین الاقوامی فیڈریشن آف جرنلسٹس کو پنجاب حکومت کی جانب سے اے آروائی نیوز کی بندش اور آزادی صحافت پرحملے سے آگاہ کیا۔

    خط کے متن کے مطابق صحافی برادری نے آئی ایف جے سے درخواست کی ہے کہ وہ پنجاب حکومت کے اس اقدام کے خلاف بین الاقوامی فورم پر معاملہ اٹھائے اور پنجاب حکومت کی جانب سے آزادی صحا فت پر ہونے والے اس حملے کو ناکام بنائے۔

     

  • امریکی ڈرون حملوں کے خلاف بلوچستان میں احتجاجی مظاہرے

    امریکی ڈرون حملوں کے خلاف بلوچستان میں احتجاجی مظاہرے

    کوئٹہ : امریکی ڈرون حملے کے خلاف بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالنے کے علاوہ کئی مقامات پر امریکی جھنڈا نذرآتش کیا گیا۔

    کوئٹہ میں مختلف سیاسی ومذہبی جماعتوں کی جانب سے پریس کلب کے باہر کئے گئے مظاہرے میں تحریک منہاج القرآن، السادات قومی موومنٹ ،پاکستان ورکرز پارٹی نظریاتی اور دیگر جماعتوں کے کارکنوں نے شرکت کی۔

    مظاہرین نے امریکہ کے خلاف زبردست نعرے بازی کی ،مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سید حبیب اللہ شاہ ،سید فقیر آغا،خدائے دوست خان کاکڑ اور دیگر کا کہنا تھا کہ امریکی ڈرون حملے ملکی خود مختاری اور سالمیت کو چیلنج کرنے کے مترادف ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امریکی حربے برداشت نہیں کئے جائیں گے ،اس موقع پر مظاہرین نے امریکی جھنڈا بھی نذرآتش کیا۔

    کوئٹہ کے علاوہ چمن ،لورالائی ،نوکنڈی،نوشکی اور صوبے کے دیگر علاقوں میں بھی ڈرون حملے کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔

    نوکنڈی میں نکالی گئی احتجاجی ریلی میں نوشکی ڈرون حملے میں جاں بحق ہونے والے ڈرائیور محمد اعظم کے بچوں اور ورثاء نے بھی شرکت کی۔