Tag: Eid 2023

  • عرب امارات میں حج اور عید الاضحیٰ کی تعطیلات کا اعلان

    عرب امارات میں حج اور عید الاضحیٰ کی تعطیلات کا اعلان

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں حج اور عید الاضحیٰ کی تعطیلات کا اعلان کردیا گیا، امارات میں 9 ذی الحج سے تعطیلات کا آغاز ہوگا۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں سرکاری افرادی قوت کے وفاقی ادارے نے ملک میں رواں سال عید الاضحیٰ اور وقوف عرفہ کی تعطیلات سے متعلق ہدایات جاری کردیں۔

    وفاقی ادارے کا کہنا ہے کہ وقوف عرفہ اورعید الاضحیٰ کی تعطیلات 9 ذی الحج سے شروع ہوں گی اور 12 ذی الحج تک جاری رہیں گی۔

    تعطیلات سے متعلق یہ بیان سرکاری اور نجی اداروں کے لیے منظور شدہ تعطیلات کے ایجنڈے پر مبنی ہے۔

    وفاقی ادارے نے ملک کی قیادت، حکومت، عوام اور مقیم غیر ملکیوں، عربوں اور امت مسلمہ کو عید الاضحیٰ اور وقوف عرفہ کی مبارکباد بھی دی ہے۔

  • عید الفطر: سندھ میں پولیس کا سیکیورٹی پلان تیار

    عید الفطر: سندھ میں پولیس کا سیکیورٹی پلان تیار

    کراچی: صوبہ سندھ میں عید الفطر کے موقع پر 33 ہزار سے زائد پولیس اہلکار سیکیورٹی فرائض انجام دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں عید الفطر سے دوران پولیس کا سیکیورٹی پلان تیار کرلیا گیا، آئی جی سندھ غلام نبی میمن کا کہنا ہے کہ سندھ میں 33 ہزار 560 اہلکار سیکیورٹی فرائض انجام دیں گے۔

    آئی جی سندھ کے مطابق صوبائی دارالحکومت کراچی میں 9 ہزار 825 اہلکار سیکیورٹی پر مامور ہوں گے، حیدر آباد میں 8 ہزار 222 اہلکار، لاڑکانہ میں 6 ہزار 811 اہلکار اور سکھر میں 4 ہزار اہلکار سیکیورٹی فرائض انجام دیں گے۔

    علاوہ ازیں میر پور خاص میں 1690 اور شہید بے نظیر آباد میں 313 اہلکار سیکیورٹی دیں گے۔

    آئی جی کا کہنا تھا کہ مساجد، امام بارگاہوں اور نماز عید کے کھلے مقامات پر سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا اور مختلف علاقوں میں پولیس گشت کو بڑھایا جائے گا۔

    انہوں نے ٹریفک پولیس کو بلا تعطل ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قیام امن کے لیے سیکیورٹی کو فول پروف بنایا جائے گا۔

  • ٹکٹ کے ساتھ ہوٹل میں رہائش: فلائی دبئی کا عید الفطر پر خصوصی پیکج کا اعلان

    ٹکٹ کے ساتھ ہوٹل میں رہائش: فلائی دبئی کا عید الفطر پر خصوصی پیکج کا اعلان

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کی ایئر لائن فلائی دبئی نے عید الفطر کے دوران خصوصی پیکجز کا اعلان کردیا، پیکج میں ٹکٹ کے ساتھ ہوٹل کی رہائش بھی شامل ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں فلائی دبئی نے عید الفطر کی تعطیلات کے دوران منتخب شہروں کے لیے خصوصی پیکج جاری کیے ہیں۔

    فلائی دبئی کا کہنا ہے کہ 15 سے 23 اپریل 2023 کے دوران منتخب مقامات کے لیے ریٹرن ٹکٹ کے ساتھ 3 دن ہوٹل میں قیام کا پیکج دیا جارہا ہے۔

    آذر بائیجان کے دارالحکومت باکو کے لیے 22 سو 29 درہم سے پیکج شروع ہوگا، سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو کے لیے ابتدائی پیکج 27 سو 49 درہم کا ہے۔

    فلائی دبئی کا مزید کہنا ہے کہ تھائی لینڈ کے شہر کرابی کے لیے 26 سو 49 درہم کا پیکج ہے، جزائر مالدیپ کے لیے 54 سو 79 درہم، آرمینیا کے دارالحکومت کے لیے 22 سو 29 درہم کا پیکج دستیاب ہے۔

    ایئر لائن کی ویب سائٹ پر عید الفطر تعطیلات پیکج کی مزید تفصیلات دی گئی ہیں جن میں ٹکٹ کے علاوہ ہوٹل میں قیام، آمد و رفت اور رینٹ اے کار وغیرہ شامل ہیں۔

  • کویت میں عید الفطر کی تعطیلات کا اعلان

    کویت میں عید الفطر کی تعطیلات کا اعلان

    کویت سٹی: کویت میں عید الفطر کی تعطیلات کا اعلان کردیا گیا، 21 سے 25 اپریل کے دوران مملکت بھر میں عید کی تعطیلات ہوں گی۔

    کویت کی کابینہ نے سوموار کے روز اعلان کیا ہے کہ رواں برس ملک بھر کے سرکاری و نجی اداروں کے لیے عید الفطر کی تعطیلات 21 اپریل جمعہ سے 25 اپریل منگل تک ہوں گی۔

    کابینہ کا کہنا ہے کہ تمام ادارے 26 اپریل بدھ کے روز سے معمول کے مطابق کھل جائیں گے۔

    علاوہ ازیں خصوصی نوعیت کی ایجنسیاں یا ادارے جو اپنے فرائض عید کے دوران بھی انجام دیں گے وہ ڈیوٹی کے حساب سے اپنی تعطیلات ترتیب دیں گے۔