Tag: Eid Al Adha

  • اس عید پر آپ کا مینیو کیا ہے؟

    اس عید پر آپ کا مینیو کیا ہے؟

    عید الاضحیٰ مزیدار کھانے بنانے، دعوتیں کرنے اور اس بہانے عزیزوں اور رشتہ داروں سے ملاقات کرنے کا موقع ہے۔

    اگر آپ خاتون خانہ ہیں تو عید کی آمد سے قبل آپ نے کھانے کی بہت سی تراکیب ڈھونڈ رکھی ہوں گی جنہیں آپ عید پر بنانے کا ارادہ رکھتی ہوں گی، تاہم اگر آپ کو اس کا وقت نہیں مل سکا تو کوئی بات نہیں۔

    ہم آپ کو عید پر کچھ مزیدار ڈشز بنانے کی تراکیب بتا رہے ہیں۔


    فرائیڈ دھاگہ کباب

    اجزا

    گائے کا قیمہ: آدھا کلو

    چنے: 2 کھانے کے چمچ بھنے ہوئے

    خشخاش: 1 کھانے کا چمچ

    سفید زیرہ: 1 چائے کا چمچ

    چھوٹی الائچی: 4 عدد

    کالی مرچ: 4 عدد

    لال مرچ: 1 کھانے کا چمچ پسی ہوئی

    نمک: حسب ذائقہ

    لونگ: 2 عدد

    ڈبل روٹی کے سلائس: 2 عدد

    پیاز: 1 عدد تلی ہوئی

    ہری مرچ: 4 عدد

    کچا پپیتا: 2 کھانے کے چمچ

    لیموں: 2 عدد

    گرم مصالحہ: آدھا چائے کا چمچ پسا ہوا

    ہرا دھنیہ: 1 گڈی باریک کٹی ہوئی

    تیل: حسب ضرورت

    ترکیب

    سب سے پہلے پہلے چنے، خشخاش، سفید زیرہ، چھوٹی الائچی، کالی مرچ، لال مرچ، نمک اور لونگ ملا کر باریک پیس لیں۔

    اب اسے قیمہ میں ڈبل روٹی کے سلائس کے ساتھ شامل کر کے چوپر میں پیس لیں۔

    پھر اس میں پیاز اور ہری مرچ ملا دیں۔

    اس کے بعد کچا پپیتا شامل کر کے اچھی طرح گوندھیں اور 10 منٹ کے لیے رکھ دیں۔

    اب چھوٹے چھوٹے گول کباب بنا کر فرائنگ پین میں شیلو فرائی کر لیں۔

    جب سارے کباب تل لیں تو ایک بڑے توے یا فرائنگ پین میں تلے کباب پھیلا کر رکھیں۔

    اوپر سے لیموں کا رس، گرم مصالحہ اور ہرا دھنیہ ڈال کر 5 منٹ کے لیے دم پر رکھ دیں۔

    مزیدار فرائیڈ دھاگہ کباب تیار ہیں۔


    مغلئی مٹن ملائی

    اجزا

    بکرے کا گوشت: آدھا کلو

    نمک: 1 چائے کا چمچ

    دہی: 1 کپ

    دھنیہ: ڈیڑھ چائے کا چمچ پسا ہوا

    گرم مصالحہ: 1 چائے کا چمچ

    لیموں کا رس: 2 کھانے کے چمچ

    زیرہ: 1 چائے کا چمچ

    لال مرچ: ڈیڑھ چائے کا چمچ

    پیاز: 3 کھانے کے چمچ، تلی اور کٹی ہوئی

    ادرک لہسن کا پیسٹ: 1 کھانے کا چمچ

    ہری الائچی: 1 چوتھائی چائے کا چمچ، پسی ہوئی

    تیل: حسب ضرورت

    کاجو: ایک کھانے کا چمچ، پسے ہوئے

    ملائی: 2 کھانے کے چمچ

    کیوڑا: 1 کھانے کا چمچ

    زعفران: 1 چوتھائی چائے کا چمچ

    پودینے کے پتے: 10 عدد

    ترکیب

    پہلے گوشت کو نمک، دہی، دھنیہ، گرم مصالحہ، لیموں کا رس، زیرہ، لال مرچ، پیاز، ادرک لہسن کا پیسٹ اور پسی ہری الائچی سے میری نیٹ کر کے ایک گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔

    ایک پین میں تیل گرم کر کے اس میں میری نیٹ کیا ہوا گوشت ڈال کر ڈھکیں اور ہلکی آنچ پر 30 منٹ کے لیے پکنے دیں۔

    اب اس میں کاجو، ملائی، کیوڑا، زعفران اور پودینے کے پتے ڈال کر دم پر رکھیں، یہاں تک کہ تیل اوپر آجائے۔

    پھر اسے نان کے ساتھ سرو کریں۔


    بمبئی بریانی

    اجزا

    بکرے کا گوشت: 1 کلو

    باسمتی چاول: 1 کلو

    بڑے آلو: 4 عدد

    لیموں: 4 عدد

    لونگ: 4 عدد

    باریک کٹی پیاز: 4 عدد

    ہری مرچ: 6 عدد

    چھوٹی الائچی: 6 عدد

    ثابت کالی مرچ: 6 عدد

    کٹے ٹماٹر: 6 عدد

    سوکھے آلو بخارے: 1 پیالی

    گرم دودھ: 1 پیالی

    گھی یا تیل: 1 پیالی

    دہی: 1 پیالی

    باریک کٹا پودینہ: 1 گڈی

    کالا زیرہ: 1 چائے کا چمچ

    پسی لال مرچ: 1 کھانے کا چمچ

    زردے کا رنگ: 1 چوتھائی چمچ

    پسا دھنیہ: 2 کھانے کے چمچ

    ادرک، لہسن کا پیسٹ: ڈیڑھ کھانے کا چمچ

    نمک: حسب ذائقہ

    ترکیب

    ایک کلو بکرے کے گوشت کو اچھی طرح دھو لیں۔

    اب اس پر دہی، ادرک لہسن کا پیسٹ، لال مرچ، پسا ہوا دھنیا، لیموں کا رس، کٹا پودینہ، ہری مرچ، سوکھے آلو بخارے اور حسب ذائقہ نمک لگا کر آدھے گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔

    اب ایک دیگچی میں ایک پیالی تیل گرم کر کے پیاز گولڈن براؤن کریں اور آدھی نکال کر اخبار پر پھیلا دیں۔

    باقی آدھی پیاز میں مصالحہ لگا ہوا گوشت ڈال کر ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔

    جب پانی خشک ہوجائے تو اسے بھون کر اتار لیں، پانی بالکل نہ ڈالیں۔

    آلوؤں کو ہلکی سی بھاپ دے کر ٹکڑے کر کے فرائی کریں اور تلے آلوؤں کے ساتھ مٹن پر ڈال دیں۔

    چاولوں میں پودینہ، ہری مرچ، چھوٹی الائچی، کالی مرچ، نمک اور لونگ ڈال کر الگ سے دو کنی ابالیں اور پھر پانی نتھار لیں۔

    اس کے بعد دیگچی میں ذرا سی چکنائی لگا کر آدھی چاولوں کی تہہ لگائیں۔

    اب گوشت کی تہہ لگادیں۔

    پھر باقی چاولوں کی تہہ لگا کر تلی ہوئی پیاز ڈالیں۔

    ساتھ ہی ایک پیالی گرم دودھ میں ایک چوتھائی چائے کا چمچہ زردے کا رنگ ملا کر اس میں شامل کریں۔

    اس کے بعد لیموں کا رس ڈال کر تیزآنچ پر توے پر دم دیں۔

    دس منٹ کے بعد آنچ ہلکی کردیں۔

    بھاپ اوپر آجائے تو تیار بریانی اتار لیں۔


     مصالحہ دار مٹن کڑاہی

    اجزا

    بکرے کا گوشت: 1 کلو

    نمک: ڈیڑھ چائے کا چمچ

    ادرک، لہسن کا پیسٹ: 1 کھانے کا چمچ

    ٹماٹر: آدھا کلو

    ہری مرچ: 8 عدد

    لال مرچ: 2 چائے کے چمچ

    گھی یا تیل: آدھا کپ

    ہرا دھنیہ: آدھا گڈی

    ادرک: 2 انچ کا ٹکڑا

    سفید زیرہ: 2 کھانے کے چمچ

    ترکیب

    پہلے بکرے کے گوشت کو 2 کپ پانی اور آدھا چائے کا چمچ نمک کے ساتھ ابال لیں۔

    اب اس میں ادرک، لہسن کا پیسٹ شامل کر دیں اور ڈھک کر 10 منٹ تک پکائیں۔

    پھر اس میں ٹماٹر اور ہری مرچ ڈال کر دس منٹ کے لیے ڈھک دیں۔

    اب اس میں پسی لال مرچ، نمک اور گھی یا تیل ڈال کر بھون لیں یہاں تک کہ گوشت گل جائے۔

    پھر اس میں ہرا دھنیہ، ادرک اور سفید زیرہ ڈال دیں اور نان کے ساتھ سرو کریں۔


    دم پخت گوشت

    اجزا

    گوشت: 1 کلو

    دہی: 1 پاؤ

    درمیانی پیاز: 2 سے 3 عدد

    چھوٹی لال مرچ: 15 عدد ثابت

    ثابت کالی مرچ: 10 دانے

    لونگ: 10 عدد

    بڑی الائچی: 5 عدد

    دار چینی: 5 ٹکڑے

    لہسن ادرک کا پیسٹ: 1 چمچ

    نمک: حسب ضرورت

    گھی / تیل: حسب ضرورت

    ترکیب

    سب سے پہلے گوشت دھو کر اس کا پانی خشک ہونے دیں۔

    ایک دیگچی میں پہلے گھی ڈال کر اس میں گوشت ڈال دیں، اس کے بعد دہی پھینٹ کر اس کو گوشت کے اوپر ڈال دیں۔

    پھر تمام مصالحہ جات ڈال کر اسے اچھی طرح مکس کرلیں۔

    جب تمام اجزا دیگچی میں ڈال لیں تو پھر اس کو ہلکی آنچ پر چولہے پر چڑھا دیں اور ساتھ ہی دیگچی کے ڈھکنے کو اچھی طرح کناروں سے آٹے کے لیپ سے بند کردیں تاکہ بھاپ باہر نہ آسکے۔

    تقریباً ڈیڑھ سے 2 گھنٹے بعد گوشت گل جائے گا، اسے بھون لیں تاکہ گھی اوپر آجائے۔

    دم پخت تیار ہے۔

    تیار ہوجانے کے بعد اس کو ایک ڈش میں نکال لیں اور اوپر سے ہرا دھنیہ چھڑک دیں کر مہمانوں کے سامنے پیش کریں۔

  • یو اے ای: صدر نے عید الضحیٰ پر 704 قیدیوں کی سزائیں معاف کردیں

    یو اے ای: صدر نے عید الضحیٰ پر 704 قیدیوں کی سزائیں معاف کردیں

    ابوظہبی : متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان نے عید الاضحیٰ کے موقع پر مختلف جرائم میں بند 704 قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حاکم وقت شیخ خلیفہ بن زاید النہیان نے عید الاضحیٰ کے موقع پر یو اے ای کی جیلوں میں بند 704 قیدیوں کی سزائیں معاف کرکے رہائی دینے کا حکم دیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں اداارے کا کہنا تھا کہ شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کے حکم پر جن قیدیوں کو عید کے موقع پر رہا کیا جائے گا انہیں متحدہ عرب امارات کی عدالت نے مخلتف جرائم پیشہ کارروائیوں میں ملوث ہونے پر سزا سنائی تھی۔

    عرب میڈیا کا کہنا تھا کہ امارات کے صدر اور حاکم ابوظہبی شیخ خلیفہ بن زاید النہیان نے اعلان کیا ہے کہ جیل سے رہا کیے جانے والے قیدیوں کے مالی مسائل کو بھی حل کیا جائے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مذکورہ امور شیخ زاید النہیان دلچسپی کا حصّہ ہیں، شیخ خلیفہ قیدیوں کی سزائیں معاف کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں تاکہ وہ اپنی نئی زندگی کا آغاز کرسکیں اور اپنے اہل خانہ کی غربت کو ختم کرنے کے لیے کوششیں کریں۔

    یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان نے ایمنسٹی اسکیم کا اعلان کیا تھا کہ جس کے ذریعے غیر قانونی طور ہر یو اے ای میں مقیم افراد اپنے  گھر جاکر اہل خانہ سے ملاقات کرسکیں۔

    ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے یو اے ای حکومت نے اپنے ملک میں قائم تمام سفارت خانوں کے نمائندگان سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اپنے شہریوں کو وطن واپس جانے یا پھر متحدہ عرب امارات میں قیام کو قانونی بنانے کی ترغیب دیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کے مسائل حل ہوں۔

    عرب میڈیا کے مطابق جو غیر قانونی تارکین دبئی میں قیام کو قانونی بنانے کی استدعا کریں گے، انہیں مستقبل میں حکومت کی جانب سے عائد کیا جانے والا ٹیکس باقاعدگی سے ادا کرنا ہوگا۔

    حکومت کی جانب سے متعارف کرانی جانے والی اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے پہلے روز غیر قانونی طور پر رہائش پذیر پندرہ سو تینتالیس (1543) افراد نے درخواستیں جمع کروائیں تھیں ،جن میں سے اکثر کی خواہش دبئی میں ہی مزید قیام کرنا تھا جبکہ کچھ نے اپنے اپنے وطن واپس جانے کی اجازت بھی مانگی تھی ۔

  • اس عید پر میٹھے میں کیا بنائیں؟

    اس عید پر میٹھے میں کیا بنائیں؟

    میٹھی عید تو میٹھے پکوانوں کے بغیر ادھوری ہے تاہم عید الاضحیٰ پر بھی مزے مزے کی ڈشز تناول کرنے کے بعد میٹھے کے بغیر ادھورا پن سا محسوس ہوتا ہے۔

    اس عید پر روایتی میٹھوں کے ساتھ کچھ منفرد میٹھے پکوان بھی تیار کریں جو مہمانوں کو آپ کا گرویدہ بنا دیں گے۔


    رس ملائی

    اجزا

    دودھ: 1 لیٹر

    الائچی پاؤڈر: 1 چائے کا چمچ

    گھی: 1 چائے کا چمچ

    بیکنگ پاؤڈر: 1 چائے کا چمچ

    میدہ: 1 چائے کا چمچ

    خشک دودھ: آدھا کلو

    چینی: آدھا کلو

    انڈہ: 1 عدد


    ترکیب

    رس ملائی بنانے کے لیے سب سے پہلے پین میں دودھ اور چینی ڈال کر ہلکی آنچ پر پکنے کے لیے رکھ دیں۔

    اب ایک پیالے میں سوکھا دودھ، الائچی پاؤڈر، گھی اور انڈہ پھینٹ کر ڈال دیں۔ ساتھ ہی بیکنگ پاؤڈر بھی شامل کردیں۔

    اب اس میں تھوڑا تھوڑا کر کے گرم دودھ ڈالتے جائیں اور گوندھ لیں۔

    اب ہاتھ پر گھی لگا کر بالز بنالیں اور دودھ میں ڈالتے جائیں۔

    اس کے بعد 15 منٹ ڈھک کر رکھ دیں۔

    آخر میں کیوڑا شامل کر دیں اور ڈش میں نکال کر ٹھنڈا کر کے سرو کریں۔


    کیلے کی کھیر

    اجزا

    کیلے: 4 یا 5 عدد

    دودھ: نصف لیٹر

    بالائی: 1 پاؤ

    چینی: آدھ کلو

    بادام کی گری: آدھی چھٹانک

    کیوڑا: 1 بڑا چمچ

    پستہ: آدھا چھٹانک


    ترکیب

    کیلے چھیل کر موٹے موٹے قتلے کرلیں۔

    پتیلے میں دودھ ڈال کر چولہے پر چڑھا دیں اور دھیمی آنچ پر پکنے دیں۔

    جوش آجائے تو پھینٹی ہوئی بالائی اور الائچی کے دانے ڈال دیں۔

    اب چینی شامل کرلیں اور چمچ چلاتے رہیں۔

    شیرہ گاڑھا ہوجائے اور دودھ اور بالائی یکجان ہوجائیں تو کیلوں کے قتلے ڈال دیں۔

    چند منٹ تک پکنے دیں، اب کیوڑا ڈالیں اور دم پر رکھا رہنے دیں۔

    دودھ پک کر تقریباً آدھا لیٹر رہے اور یہ بھی خیال رہے کہ کیلا بالکل دودھ میں گھل نہ جائے۔

    کسی کھلے برتن میں نکالیں، چاندی کا ورق لگائیں اور پستہ بادام چھڑکیں۔

    مزیدار کیلے کی کھیر تیار ہے۔


    آئسکریم فالودہ

    اجزا

    اسپگیٹی: 25 گرام

    دودھ: 1 پاؤ

    لال شربت، جام شیریں یا روح افزا

    تخم بالنگا: 2 کھانے کے چمچ، ایک چائے کے کپ میں ‌پانی کے ساتھ بھگو دیں

    شکر: حسب ذائقہ

    آئسکریم: ٹوٹی فروٹی یا پھر قلفہ آئسکریم

    بادام، پستے حسب ذائقہ

    اسٹرابیری جیلی: 450 ملی گرام پانی میں‌ تھوڑی شکر ملا کر ابال لیں اور پھر اس میں جیلی گھول کر تیار کریں۔


    ترکیب

    نوڈلز کو ابلتے ہوئے پانی میں ڈال کر ابال لیں۔

    ابلنے کے بعد انہیں‌ ٹھنڈے پانی میں ‌ڈال کر پھر نتھار لیں۔

    ایک گلاس میں ‌دودھ میں روح افزا اچھی طرح گھول لیں۔

    پھر اس میں تخم بالنگا ڈال لیں۔

    اسی طرح نوڈلز اور پھر بادام، پستے، آئسکریم اور سب سے آخر میں جیلی کے ٹکڑے ڈال دیں‌۔

    مزیدار آئسکریم فالودہ تیار ہے۔


    رینبو جیلی ٹرائفل

    اجزا

    اورنج جیلی: 1 پیکٹ

    بنانا جیلی: 1 پیکٹ

    پائن ایپل جیلی: 1 پیکٹ

    اسٹرابیری جیلی: 1 پیکٹ

    چینی: 1 کپ

    لیموں کا رس: 3 عدد

    فریش کریم: 2 پیکٹ

    اخروٹ: 2 کپ، باریک کٹے ہوئے


    ترکیب

    سب سے پہلے ڈیڑھ کپ پانی لے کر ساری جیلی الگ الگ جمالیں۔

    جمنے سے ذرا پہلے ایک پیالے میں پہلے پائن ایپل جیلی کی تہہ لگائیں۔

    اب اس کے اوپر پائن ایپل کے سلائسز، پھر لیموں کا رس، تھوڑی سی چینی اور اخروٹ پھر بنانا جیلی کی تہہ لگائیں۔

    اب اس کے اوپر کیلے کے قتلے کاٹ کر ڈال دیں۔

    اس کے اوپر چینی، اخروٹ اور لیموں کا رس ڈالیں۔

    اس ہی طرح باقی جیلیز اور فروٹ کی تہہ لگاتے جائیں۔

    سب سے اوپر فریش کریم چینی کے ساتھ پھینٹ کر ڈال دیں۔

    اب اخروٹ اور تھوڑے سے بچے ہوئے پھل ڈال کر فریج میں ٹھنڈا ہونے کے لیے رکھ دیں۔

    مزیدار رینبو جیلی ٹرائفل تیار ہے۔


    اسٹرابیری چیز کیک آئس کریم

    اجزا

    کریم چیز: 8 اونس

    سوئٹنڈ کنڈینسڈ ملک: 14 اونس

    کریم: ایک چوتھائی کپ

    لیموں کا کدو کش چھلکا: 2 کھانے کے چمچ

    اسٹرابیریز: 1 سے ڈیڑھ کپ

    موٹے کٹے بسکٹ: 3 عدد


    ترکیب

    ایک بلینڈر میں کریم چیز، سوئٹنڈ کنڈینسڈ ملک، کریم اور لیموں کا کدو کش چھلکا شامل کر کے اچھی طرح بلینڈ کرلیں۔

    اب اسے ایئر ٹائٹ ڈبے میں ڈال کر تقریباً 4 گھنٹے کے لیے فریز کر دیں۔

    اسٹرابیریز کو بلینڈر میں اچھی طرح پیس کر پیوری بنالیں۔

    فریز کیے ہوئے کریم چیز والے آمیزے کو مکسر کی مدد سے اچھی طرح پھینٹ لیں۔

    پھر اسٹرابیری کی پیوری، کٹے بسکٹ والے آمیزے میں اچھی طرح ملائیں۔

    اب آئس کریم کو واپس ایئر ٹائٹ ڈبے میں ڈال کر 8 گھنٹے کے لیے فریزر میں رکھ دیں۔

    سرونگ سے 15 منٹ پہلے آئس کریم فریزر سے نکال کر روم ٹمپریچر میں نرم کرلیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • سعودی عرب میں عید الاضحیٰ کی 16 روزہ تعطیلات کا اعلان

    سعودی عرب میں عید الاضحیٰ کی 16 روزہ تعطیلات کا اعلان

    ریاض: سعودی عرب میں عید الضحیٰ کے لیے 16 روزہ تعطیلات کا اعلان کردیا گیا جس کا آغاز 2 ذوالحج سے ہوجائے گا۔

    سعودی عرب کی وزارت مذہبی امور کے مطابق عیدالاضحیٰ کی چھٹیوں کا آغاز ممکنہ طور پر 24 اگست یعنی اسلامی سال کے مطابق 2 ذوالحج سے ہوگا۔

    اس کے بعد ذوالحج کی 19 تاریخ کو چھٹیوں کا اختتام ہوجائے گا جس کے بعد کاروباری و سرکاری سرگرمیاں بحال ہوجائیں گی۔

    وزارت مذہبی امور کے مطابق 16 روزہ ان تعطیلات کا تعین چاند کے نظر آنے پر ہوگا۔

    یاد رہے کہ سعودی عرب میں ہر سال فریضہ حج کی وجہ سے عید الاضحیٰ کی تعطیلات کئی روز پر مشتمل ہوتی ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔