Tag: eid meelad un nabi

  • عدالتی کمیشن پر مزید بات چیت بے کارہے، شاہ محمود قریشی

    عدالتی کمیشن پر مزید بات چیت بے کارہے، شاہ محمود قریشی

    ملتان : شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ عمران خان عمرہ کی ادائیگی کے لیئے گئے ہیں علامہ طاہرالقادری کیساتھ ان کی کوئی ملاقات طے نہیں اور نہ کوئی جدہ پلان سامنے آئےگا۔

    میڈیا سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین کا کہنا تھا کہ ملکی حالات کو دیکھتے ہوئے پی ٹی آئی نے ریاست کو ترجیح دی جبکہ ن لیگ سیاست کو ترجیح دے رہی اور مذاکرات میں سنجیدہ نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دھرنا ختم کرنے کے بعد توقع تھی کی حکومت فراخدلی کا مظاہرہ کرے گی اور لچک دکھائے گی جو حکومت کی طرف سے دکھائی نہیں دی گئی، حکومت کیساتھ جتنے مذاکرات کرسکتے تھے کرلیئے مزید نشستیں کو بے سود سمجھتا ہوں۔

     شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ 27 دسمبر کو اسحاق ڈار کے ساتھ جوڈیشل کمیشن کے معاملے پر تمام معاملے طے پاچکے تھے اور 29 دسمبر کودستخط ہونے تھے لیکن حکومت کی طرف سے کوئی نہ آیا، اگر جوڈیشل کمیشن بن جائے تو ہم اسمبلی میں جانے کو تیار ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پٹرول بحران خودساختہ ہے جس نے حکومتی تجربہ کار ٹیم کے تجربات کے پول کھول کررکھ دیئے ہیں انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ہمیں سینیٹ کے انتخابات میں حصہ لینا چاہیئے کیونکہ کے پی کے میں ہماری اکثریت ہے۔

     ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو اگر چند مررسوں پر شکوک و شبہات یا تحفظات ہیں تو وہ وفاق المدارس کیساتھ بیٹھ کر بات کریں کیونکہ دینی مدارس کی واضح اکثریت دہشت گردی میں ملوث نہیں ہے ان کا کہنا تھا کہ سب کی رائے ہے فاٹا اور قبائلی علاقوں کو مین سٹریم میں ہونا چاہئے اور پاکستان کی رٹ فاٹا پر بھی لاگو ہو۔

  • جوڈیشل کمیشن پرحکومت کی نیت پرکل بھی شک تھااورآج بھی ہے، شاہ محمود قریشی

    جوڈیشل کمیشن پرحکومت کی نیت پرکل بھی شک تھااورآج بھی ہے، شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ جوڈیشل کمیشن پرحکومت کی نیت پرکل بھی شک تھااورآج بھی ہے۔

    دھرنا کنونشن سے خطاب میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی عوام ان حکمران اسے تنگ آچکی ہے اور پاکستان کی عوام دھرنے میں اس لیے نہیں آئی کہ ان کی قومی یاصوبائی اسمبلی میں سیٹیں ماری گئی تھیں بلکہ وہ اس لیے آئے تھے کیونکہ ان کے دل میں در د تھا اور عوام حکمرانوں کے کیخلاف اٹھی جنہوںنے ملک کو 68سال تک پاکستان پر حکومت کی ان کیخلاف اٹھے اور عمران خان کا ہاتھ تھاما۔

    ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے دھرنا ختم نہیں کیا تھا بس ایک موڑ آیا تھا جو کہ 16دسمبر کا واقعہ تھا جس کی وجہ سے قوم آج تک سوگ میں مبتلا ہے،اس وقت انہوںنے ذاتی مفاد نہیں بلکہ قومی مفاد کے لیے حکومت کا ساتھ دیا تاکہ دہشت گردوں کو ان منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے ۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دھرنے میں ملک بھر سے لوگ آئے، صرف تحریک انصاف دھاندلی کا شکار نہیں ہوئی، 126 دن کا دھرنا کارکنوں نے ممکن بنایا، شفاف انتخابات قوم کی خواہش اور مطالبہ ہے، قوم نئے جمہوری سورج کو طلوع ہوتا دیکھنا چاہتی ہے۔

    دھرنا کنوینشن سے خطاب کر تے ہو ئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملک اور حکومت دونوں ساتھ نہیں چل سکتے،پیٹرول بحران پر شاہد خاقان کو برطرف کرنا چاہیے تھا،عمران خان ہی ملک کو بچا سکتا ہے، حکومت نا اہل ہے اور وہ عوام کے مسائل حل نہیں کر سکتی ۔ ان کا مزید کہنا تھاکہ پٹرول کے بحران پر 4 افسروں سے استعفی لینا کافی نہیں ہو گا ۔

  • امید ہے کہ ایکشن پلان پرعمل درآمد ہوگا،شاہ محمود قریشی

    امید ہے کہ ایکشن پلان پرعمل درآمد ہوگا،شاہ محمود قریشی

    ملتان: پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اے پی سی میں تمام جماعتوں نے سیاسی اختلافات بھلا کر دہشت گردی کے خلاف یکجہتی کا پیغام دیا ہے۔

    چوک دولت گیٹ میں جشن عید میلاد النبی کے موقع پر ریلی میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے ساتھ اختلافات کے باوجود تمام جماعتوں نے دہشت گردی کے خلاف حکومت کو سیاسی، قانونی اور اخلاقی مدد فراہم کی ہے۔

    ہم امید کرتے ہیں کہ اب بہت جلد ایکشن پلان پر عمل ہوگا اور قوم کو دہشت گردی سے نجات ملے گی،ان کا مزید کہنا تھا کہ قوم کو جشن عید میلاد النبی مبارک ہو یہ دن ایک دوسرے کو قریب لاتا اور محبت و بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے۔

    اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے سابق صدر اور سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی بھی موجود تھے اور دونوں رہنمائوں نے ملک و قوم کی سلامتی کی دعا بھی کی۔

  • جشنِ عیدمیلاد النبی آج مذہبی جوش وجذبے سے منایا جارہا ہے

    جشنِ عیدمیلاد النبی آج مذہبی جوش وجذبے سے منایا جارہا ہے

    کراچی : جشنِ عیدمیلاد النبی آج ملک بھرمیں مذہبی جوش وخروش سے منایا جارہا ہے, خاتم النبی، محبوبِ خداکے یومِ ولادت پراُن سے محبت وعقیدت کا اظہارکرنے کے لئے آج ملک کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں سے جلوس نکالے جارہے ہیں۔

    شہرشہرچراغاں اورنعتیہ محافل کے انعقاد سے ایک پُرنورسماں سابندھ گیا ہے۔ عاشقانِ رسول مذہبی یگانگت واتحاداور سرورِ کائنات کی مداح سرائی میں مشغول ہیں۔

    مختلف چھوٹے بڑے شہروں سے آج جلوس نکالے جارہے ہیں۔ کراچی ،راولپنڈی، اسلام آباد ،لاہور،کوئٹہ،فیصل آباد سے بھی جلوس نکالے جارہے ہیں۔

    کراچی کا مرکزی جلوس میمن مسجد سے برآمدہوگا اوراپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا نشترپارک میں اختتام پذیرہوگا۔ کراچی کے مختلف علاقوں سے پانچ سوسے زائد جلوس نکالے جارہے ہیں۔

    لاہورمیں مرکزی جلوس لاہورریلوے اسٹیشن سے برآمد ہوکرداتادربارپراختتام پذیرہوگا۔ اس سلسلے میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں اوردس ہزاراہلکارتعینات کئے گئے ہیں۔

    جہلم، ملتان، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ٹبہ سلطان، گوجرانوالہ اوردیگرچھوٹے شہروں سے بھی عیدمیلادالنبی کے سلسلے میں جلوس نکالے جارہے ہیں۔ تمام شہروں میں جلوس کے شرکا کے لئے جگہ جگہ سبیلیں سجائی گئی ہیں اورلنگرکا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

    ملک بھرمیں جشن عید میلاد النبی کے موقع پرسجاوٹ کے ساتھ ساتھ ریلیاں بھی نکالی گئی ہیں۔ عیدمیلادالنبی کے موقع پرکراچی کی گلی کوچے ، مساجد اور سرکاری ونیم سرکاری عمارتوں کو برقی قمقوں اورسبز پرچموں سے سجا دیا گیا ہے ۔

    فیصل آباد میں پاکستان سنی تحریک کے زیراہتمام میلاد ریلی کا انعقاد کیا گیا، ریلی میں شرکا ہاتھوں میں سبزپرچم اٹھا کرنعتیں پڑھتے رہے۔ ملتان میں نجی کالج میں محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف اسکول وکالج کے طلبا وطالبات نے اپنے اپنے انداز میں حضوراکرم کو نظرانہ عقیدت پیش کیا۔

    کمالیہ میں جشن عید میلاد النبی بڑے مذہبی جو ش وجذبے اورعقیدت واحترام سے منایا جارہا ہے اورمساجد رنگ برنگی روشنیوں سے چاند کی طرح روشن ہیں۔

    جہلم میں بھی عید میلاد النبی کے موقع پر تجارتی مراکز، گلیوں اورمحلوں کو دلہن کی طرح سجادیا گیا ہے۔ سکھرمیں عید میلاد النبی کے حوالے سے مشعل بردار ریلی نکالی گئی ریلی میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی اورلبیک یا رسول اللہ کے نعرے لگائے۔

    سانگھڑ میں جشن عید میلاد النبی کے موقع پر ضلع بھر میں شہروں اور دیہاتوں کو چراغاں کرکے آرائشی محراب بناکر دلہن کی طرح سجادیا گیا ہے۔

    ملتان میں عاشقان رسول نے5ہزار پاؤنڈ وزنی کیک کاٹا۔مدینۃ اولیا میں نبی آخری الزمان کے پروانوں نے پانچ ہزار پاؤنڈ وزنی اور پچھہتر فٹ طویل کیک کاٹا۔اس موقع پر درود سلام کی دل موہ لینے والی صداؤں فضا کومعطر کردیا۔

    اے آر وائی کیو ٹی وی اور ادارہ منہاج القرآن کے زیر اہتمام مینار پاکستان کے احاطے میں میلاد کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔میلاد کانفرنس میں منہاج القرآن کے نعت خوانوں نے ہدیہ نعت پیش کیئے۔

    میلاد کانفرنس میں منہاج القرآن اکیڈمی کے اسکالرز نے میلاد کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ میلاد کانفرنس سے ڈاکٹرطاہر القادری نے وڈیو خطاب کیا جس میں نبی کریم کی ذات مبارکہ کی شان بیان کی۔

    لاہوراور پشاور میں پاک فوج کی جانب سے اکیس توپوں کی سلامی دی گئی،

  • ربیع الاول: بہارآئی ہے توحید تیرے کعبے میں

    ربیع الاول: بہارآئی ہے توحید تیرے کعبے میں

    ربیع الاول اسلامی تقویم کے لحاظ سے تیسرا مہینہ ہے ویسے تو میلاد النبی اور محافلِ نعت کا انعقاد پورا سال ہی جاری رہتا ہے لیکن خاص ماہِ ربیع الاول میں عید میلاد النبی کا تہوار پوری مذہبی عقیدت اور احترام سے منایا جاتا ہے۔ یکم ربیع الاول سے ہی مساجد اوردیگرمقامات پرمیلاد النبی اورنعت خوانی اور مدحِ رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی محافل شروع ہو جاتی ہیں جن میں علمائےکرام آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت با سعادت، آپ کی ذات مبارکہ اور سیرتِ طیبہ کے مختلف پہلوؤں پرروشنی ڈالتے ہیں، اسی طرح مختلف شعراء اورثناء خواںِ رسول آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی شان اقدس میں نعتیہ گلہائے عقیدت اوردرودوسلام پیش کرتے ہیں۔ 12 ربیع الاول کو کئی اسلامی ممالک میں سرکاری طورپرعام تعطیل ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ امریکہ، برطانیہ، کینیڈا، کوریا، جاپان اور دیگر غیر اسلامی ممالک میں بھی مسلمان کثرت سے میلادالنبی اور نعت خوانی کی محافل منعقد کرتے ہیں۔

    آپ بروز پیر 571 عیسوی میں مکہ میں پیدا ہوئے، تاریخ پیدائش میں مورخین کے اختلاف ہے بعض ۹ ربیع لاول بتاتے ہیں اور بعض کے نزدیک 17 ربیع الاول ہے لیکن امت کااجماع ۱۲ربیع الاول پرہے۔

    شیخ عبد الحق محدث دہلوی قدس سرہ اکابر محدثین کے حوالے سے فرماتے ہیں کہ شب میلاد مصفطے صلی اللہ علیہ وسلم شب قدر سے افضل ہے، کیونکہ شب قدر میں قرآن نازل ہو اس لیے وہ ہزار مہنوں سے بہتر قرار پائی تو جس شب میں صاحب قرآن آیا وہ کیونکہ شب قدر سے افضل نہ ہو گی؟۔

    صحیح بخاری جلد دوم میں ہے کہ ابو لہب کے مرنے کے بعد حضرت عباس رضی اللہ عنہ نے اسے خواب میں بہت بری حالت میں دیکھا اورپوچھا مرنے کے بعد تیرا کیا حال رہا؟ ابو لہب نے کہا، تم سے جدا ہو کر میں نے کوئی راحت نہیں پائی سوائے اس کے کہ میں تھوڑا سا سیراب کیا جاتا ہوں کیونکہ میں نے محمد (صلی اللہ علیہ وسلم ) کی پیدائش کی خوشی میں اپنی لونڈی ثویبہ کو آزاد کیا تھا۔

    سیرت حلبیہ ج 1 ص 78 اور خصائص کبری ج 1 ص 47 پر یہ روایت موجود ہے کہ (جس سال نور مصطفے صلی اللہ علیہ وسلم حضرت آمنہ رضی اللہ عنہا کو ودیعت ہوا وہ سال فتح و نصرت، ترو تازگی اور خوشحالی کا سال کہلایا۔ اہل قریش اس سے قبل معاشی بد حالی اور قحط سالی میں مبتلا تھے ۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت کی برکت سے اس سال رب کریم نے ویران زمین کو شادابی اور ہریالی عطا فرمائی، سوکھے درخت پھلوں سے لدگئے اور اہل قریش خوشحال ہوگئے ) ۔ مسلمان اسی مناسبت سے میلاد مصطفے صلی اللہ علیہ وسلم کی خوشی میں اپنی استطاعت کے مطابق کھانے، شیرینی اور پھل وغیرہ تقسیم کرتے ہیں۔

    عیدِ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر شمع رسالت کے پروانے چراغاں بھی کرتے ہیں ۔ اس کی اصل مندرجہ ذیل احادیث مبارکہ ہیں۔ آقا و مولی صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے ، ’’میری والدہ ماجدہ نے میری پیدائش کے وقت دیکھا کہ ان سے ایسا نور نکلا جس سے شام کے محلات روشن ہوگئے‘‘۔ (مشکوہ)

    حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہا نے ایک موقع پرتکمیلِ آیت (الیوم اکملت لکم دینکم ولی الدین ) تلاوت فرمائی تو ایک یہود ی نے کہا، اگر یہ آیت ہم پر نازل ہوتی تو ہم اس دن کو یومِ عید مناتے۔ اس پرآپ نے فرمایا، یہ آیت جس دن نازل ہوئی اس دن دو عیدیں تھیں، عید جمعہ اورعیدِعرفہ (ترمذی) لہذا قرآن و حدیث سے ثابت ہوگیا کہ جس دن کوئی خاص نعمت نازل ہو اس دن عید منانا جائز بلکہ اللہ تعالٰی کے مقرب نبی حضرت عیسیٰ علیہ السلام اور صحابہ کرام علیہم الرضوان کی سنت ہے۔ چونکہ عید الفطر اور عید الاضحی حضورہی کے صدقے میں ملی ہیں اس لیے آپ کا یوم میلاد بدرجہ اولیٰ عید قرار پایا۔