Tag: eid ul azha

  • عید الضحیٰ کے روز بارش کی پیش گوئی، محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا

    عید الضحیٰ کے روز بارش کی پیش گوئی، محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا

    کراچی : عید قرباں کے دن اور اس سے قبل کراچی اور اس کے مضافات میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، شہریوں کو قربانی کیلئے پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج بروز بدھ کراچی کا موسم گرم اور مرطوب رہے گا، بحیرہ عرب میں ہوا کے کم دباؤ کے باعث سمندری ہوائیں تاحال معطل ہیں۔

    صبح کے اوقات میں کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز بھی شدید گرمی میں پارہ 36 ڈگری کو چھو گیا تھا،16جولائی تک شہر میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔

    موسم کا حال بتانے والوں نے کہا ہے کہ مون سون کے پہلے اسپیل میں درمیانی درجے کی بارشیں ہوں گی،20 اور 21 جولائی کو بھی شہر میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔

  • پاکستان میں عید الاضحیٰ کس تاریخ کو ہوگی ؟ بڑی پیشگوئی سامنے آگئی

    پاکستان میں عید الاضحیٰ کس تاریخ کو ہوگی ؟ بڑی پیشگوئی سامنے آگئی

    کراچی : ڈائریکٹراسپیس سائنسز جامعہ کراچی پروفیسرجاویداقبال نے عیدالاضحی 21 جولائی کو ہونے کی پیش گوئی کردی اور کہا ہفتہ کو ذی الحج کا چاند نظر آنے کا امکان نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹراسپیس سائنسزجامعہ کراچی پروفیسرجاویداقبال نے ذی الحج کے چاند کے حوالے سے بیان میں کہا ہے کہ ہفتہ کوذی الحج کا چاند نظر آنے کا امکان نہیں، 10 جولائی کو مغرب کے وقت چاند کی پیدائش کو 13 گھنٹے ہوں گے اور اس مدت کا چاند آنکھ سے نظر آنا ممکن نہیں۔

    پروفیسرجاویداقبال کا کہنا تھا کہ کراچی کی نسبت پشاور میں چاند کی رویت کاامکان کم ہوتاہے، ذی الحج کا چاند 11 جولائی کو واضح نظر آئے گا ، جس کے مطابق عیدالاضحی 21 جولائی ہوگی۔

    ڈائریکٹراسپیس سائنسزجامعہ کراچی نے مزید کہا کہ افغانستان میں بھی 10 جولائی کو چاند نظر آنےکا امکان نہیں۔

    دوسری جانب مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہفتے کو کراچی میں ہوگا ، میٹ کمپلیکس میں اجلاس چیئرمین ابولخبیرآزاد کی سربراہی میں ہوگا، جس میں محکمہ موسمیات ،اسپارکو،وزارت مذہبی امورکےنمائندےشریک ہوں گے جبکہ زونل کمیٹیوں کےاجلاس متعلقہ ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوں گے۔

  • کراچی میں آلائشوں کے ڈھیر لگ گئے، شہریوں کو اذیت کا سامنا

    کراچی میں آلائشوں کے ڈھیر لگ گئے، شہریوں کو اذیت کا سامنا

    کراچی : عید الاضحیٰ کے موقع پر بلدیہ حکام کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، شہرقائد کے مختلف علاقوں میں سڑکوں پر آلائشیں تاحال موجود ہیں، شہریوں کو شدید کوفت اور اذیت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں اختیارات کی جنگ اور اداروں کی نااہلی کے سبب آلائشوں کے ڈھیر لگ گئے، کچرے کی ابتر صورت حال کے بعد شہر میں آلائشوں کے ڈھیر اور ابلتے گٹروں کا نیا مسئلہ پیدا ہو گیا ہے۔

    کورنگی ساڑھے 3نمبر فیکٹری ایریا کی مرکزی سڑک پر آلائشوں کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں،آلائشوں کے ڈھیر کے باعث علاقوں میں شدید تعفن اور ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہورہی ہے۔

    اس حوالے سے یو سی وائس چیئرپرسن روبینہ انصاری کا کہنا ہے کہ یہ آلائشیں ایک منظم سازش کے تحت سڑکوں پر پھینکی گئی ہیں، رات گئے تمام متعلقہ علاقوں سے آلائشیں اٹھالی گئی تھیں۔

    دوسری جانب کراچی کے علاقے عائشہ منزل کے قریب سڑک پر آلائشیں موجود ہیں، جنہیں اٹھانے والا کوئی نہیں جس کے باعث وہاں سے گزرنے والی گاڑیوں کی روانی میں خل پڑرہا ہے۔

    یاد رہے کہ عید کے تیسرے دن محکمہ بلدیات اور سالڈ ویسٹ آلائشیں اٹھانے میں ناکام ہے، دوسری طرف سندھ سالڈ ویسٹ کا دعویٰ ہے کہ تینوں دن شہر کے مختلف علاقوں میں ڈمپنگ پوائنٹ بنا کر آلائشیں پھینکی گئی ہیں۔

    دوسری جانب  ذرائع کا کہنا ہے کہ آلائشیں اٹھانے کیلئے سندھ سالڈ ویسٹ کے پاس نہ تو افرادی قوت ہے نہ مشینری جس سے اس مسئلے سے نمٹا جاسکے۔

  • ‘ہم چھکا لگا کر کورونا وبا کو ہرا دیں گے’

    ‘ہم چھکا لگا کر کورونا وبا کو ہرا دیں گے’

    اسلام آباد : پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنرکرسچن ٹرنر نے عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وبا کے دوران ہم سب نے قربانی دی ، جس کے نتیجے میں پاکستان میں کورونا کیسزکم ہورہے ہیں، ہم چھکا لگا کر کورونا وبا کو ہرا دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنرکرسچن ٹرنر نے عید کے موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ قربانی کی اہمیت کویاد کراتی ہے ، کوروناوبا کے دوران ہم سب نے قربانی دی ، ہم نے کھیل کی سرگرمیوں کی قربانی دی۔

    برطانوی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ پاکستان اورانگلینڈکےدرمیان کرکٹ سیریز اہم ہے، ہم چھکا لگاکرکوروناوباکوہرادیں گے ، ہماری ان قربانیوں کے نتیجے میں پاکستان میں کورونا کیسزکم ہورہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ کوروناوبا کےباعث ٖفضائی سفربھی متاثر ہوا، خوشی سےکہتاہوں برٹش ائیرویزپاکستان سےدوبارہ فلائٹس شروع کررہی ہے ، یہ پاکستان اور برطانیہ کی دوستی کااظہارہے۔

    کرسچن ٹرنر کا مزید کہنا تھا کہ دوست ہی مشکل وقت میں ساتھ دیتے ہیں ، آپ سب کو دلی عیدمبارک۔

  • عید قرباں : چاقو چھریاں تیز کرنے والے بھی میدان میں آگئے

    عید قرباں : چاقو چھریاں تیز کرنے والے بھی میدان میں آگئے

    کراچی : عید قرباں پر جہاں عوام قربانی کے جانوروں کے ناز نخرے اٹھانے میں مصروف ہیں، وہیں جانور ذبح کرنے کے لئے چھریوں اور گوشت بنانے کے مختلف اوزار بنانے والوں کا کاروبار بھی چمک اٹھا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عید قرباں قریب آتے ہی ملک کے تمام شہروں اور قصبوں میں لوہاروں کی دکانوں پر چھریاں اور قربانی کے دیگر اوزار خریدنے والوں کے ساتھ ساتھ تیز کروانے والوں کا بھی رش نظر آرہا ہے۔

    مختلف شہروں میں چھریاں چاقوں اور ٹوکوں کی مانگ میں اضافے سے لوہاروں کا کاروبار عروج پر پہنچ گیا کوئی نئے اوزار خرید رہا ہے تو کوئی پرانے اوزاروں کی دھار بنوا رہا ہے۔

    عید قرباں قریب آتے ہی چھریاں چاقو بنانے اور چھریاں تیز کرنے والوں کی چاندی ہوگئی، جہاں کام میں تیزی آئی وہی ان کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا، لکڑی کے اسٹالوں پر گوشت کاٹنے والی مڈی کی قیمت 200 روپے سے بڑھ کر500روپے تک جا پہنچی ہے۔

    لوہاروں کی دکانوں پر اوزاروں کی تیاری کا کام خوب چل رہا ہے ایک طرف چھریاں چاقو بغدے فروخت کیے جارہے ہیں جبکہ دوسری طرف مشین پر لگے پتھر سے چھروں کی دھار بنانے میں کاریگری دکھائی جا رہی ہے یہاں پر فروخت ہونے والی چھریوں کے نرخ بھی دھار کی طرح تیز ہیں۔

    مارکیٹوں میں چھریاں 100 روپے سے 1500 روپے تک دستیاب ہیں جب کے ان کی دھار لگانے کے نرخ50روپے سے200روپے تک ہیں، چھریاں چاقو سمیت دیگر اوزار بنانے والوں کا کہنا ہے کہ سال میں ایک بار ہی چند دنوں کیلئے یہ کاروبار عروج پر ہوتا ہے ورنہ سارا سال تو بس روٹین کا کام ہی چلتا ہے۔

  • سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں آج عیدالاضحیٰ منائی جارہی ہے

    سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں آج عیدالاضحیٰ منائی جارہی ہے

    ریاض : سعودی عرب، فلسطین، متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی ممالک میں آج عیدالاضحی منائی جارہی ہے، مسجد الحرام، مسجد نبوی اور مسجد اقصی میں نماز عید کے بڑے اجتماعات ہوئے۔ یورپ ، امریکا ،انڈونیشیا،جاپان، میں بھی آج عید قربان منائی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب سمیت بعض یورپی ممالک میں عید الاضحیٰ آج منائی جا رہی ہے، مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ سمیت سعودی عرب میں نماز عید کے بڑے اجتماعات ہوئے۔ جن میں حاجیوں سمیت لاکھوں افراد نے نماز عید ادا کی۔

    منیٰ، مکہ، جدہ مدینہ اور دیگر شہروں میں خصوصی مذبح خانوں کا اہتمام کیا گیا۔ متحدہ عرب امارات میں بھی نماز عیدالاضحیٰ کے اجتماعات ہوئے جس کے بعد لوگوں نے سنت ابراہیمی کی پیروی کیلئے مذبح خانوں کا رخ کیا۔

    گورنر مکہ شہزادہ خالدالفیصل اور نائب گورنر شہزادہ عبداللہ بن بندر نے جمرات پر رمی کی اور دونوں نے مسجد الحرام پہنچ کرطواف بھی کیا جب کہ گورنر مکہ اور ان کے نائب نے حج انتظامات کی نگرانی کی اور سہولیات کاجائزہ لیا، برطانیہ سمیت یورپ کے دیگر ممالک میں آج عید منائی جارہی ہے۔

    عیدالاضحیٰ کا سب سے بڑا اجتماع مسجدالحرام اور مسجدنبوی میں ہوا جس میں فرزندانِ اسلام نے نماز عید ادا کی جس کے بعد حجاج قربانی کے بعد سرمنڈوا کر احرام کھولیں گے پھر حجاج کرام آج رمی کیلئے جمرات کبریٰ روانہ ہوں گے۔

  • عید الاضحیٰ کے موقع پر سعودی حکومت کا اہم اعلان

    عید الاضحیٰ کے موقع پر سعودی حکومت کا اہم اعلان

    ریاض : سعودی محکمہ پاسپورٹ نے کہا ہے کہ عید الاضحی کی تعطیلات کے دوران مملکت کے تمام صوبوں اور کمشنریوں میں دفاتر کھلے رہیں گے۔

    سعودی ذرائع ابلاغٖ کے مطابق محکمہ پاسپورٹ نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران اوقات کار صبح ساڑھے سات بجے سے دوپہر ڈھائی بجے تک رہیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اتوار سے جمعرات تک دفاتر کھلے رہیں گے۔ ابشر، اعمال اور مقیم آن لائن کے ذریعے جو کام نہ ہورہے ہوں ان کے لیے دفاتر سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔

    محکمہ پاسپورٹ نے بتایا کہ ریاض ریجن میں الرمال کا دفتر سہ پہر چار بجے سے رات نو بجے تک جمعہ 3 ذی الحجہ سے جمعرات 9 ذی الحجہ تک کام کرے گا۔

    صحارا مرکز (لیڈیز سیکشن) کا دفتر روزانہ دوپہر دو بجے سے رات 8 بجے تک ہفتہ 4 ذی الحجہ سے جمعرات 9 ذی الحجہ تک کھلا رہے گا۔

    مکہ مکرمہ ریجن میں ریڈسی مال میں محکمہ پاسپورٹ کا دفتر سہ پہر چار بجے سے رات 9 بجے تک جمعہ 3 ذی الحجہ سے لے کر بدھ 8 ذی الحجہ تک کام کرے گا جبکہ التحلیہ مال میں شام چار بجے سے رات نو بجے تک جمعہ تین ذی الحجہ سے بدھ 8ذی الحجہ تک کھولا جائے گا۔

    الصیرفی مال میں سہ پہر چار بجے سے رات نو بجے تک جمعہ 3 ذی الحجہ سے بدھ 8 ذی الحجہ تک کام کرے گا، محکمہ پاسپورٹ نے بیان میں مزید کہا کہ سعودی شہری نئے پاسپورٹ میں توسیع کے بعد ابشر کے ذریعے ڈاک سے پاسپورٹ حاصل کرسکتے ہیں۔

    بیان میں کہا گیا کہ عید الاضحی کی تعطیلات کے دوران پاسپورٹ آفس صرف ایسے معاملات ہی نمٹائیں گے جو ابشر سسٹم کے ذریعے نہ ہوسکتے ہوں۔

    اگر کسی کو ابشر کے ذریعے کسی کام میں رکاوٹ پیش آرہی ہو تو وہ ابشر پر جاکر (الرسائل و طلبات) سروس کے ذریعے رکاوٹ حل کراسکتا ہے، محکمہ پاسپورٹ کے تمام دفاتر معمول کی شکل میں اتوار 19 ذی الحجہ سے کام شروع کریں گے۔

  • بڑی عید پر چھٹیاں ، حکومت کا بڑا فیصلہ سامنے آگیا

    بڑی عید پر چھٹیاں ، حکومت کا بڑا فیصلہ سامنے آگیا

    اسلام آباد : وفاقی حکومت نے بڑی عید پرجمعہ، ہفتہ اور اتوار کو چھٹی دینے کا فیصلہ کیا ہے ، فیصلہ لاک ڈاؤن سے کاروبار کی بندش اور معاشی مسائل کے پیش نظر کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے بڑی عید پرجمعہ، ہفتہ اور اتوار کو چھٹی دینے کا فیصلہ کرلیا ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے یہ فیصلہ دیہاڑی دار ، مزدور طبقے کی سہولت اور لاک ڈاؤن سے کاروبار کی بندش سمیت معاشی مسائل کے پیش نظر کیا ہے۔

    یاد رہے اس سے قبل بھی کورونا صورتحال میں وفاقی حکومت نے عیدالاضحیٰ کی چھٹیوں سے متعلق صرف ایک دن کی سرکاری چھٹی دینے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ غیر ضروری سفر سے روکنے کےلیے اضافی تعطیلات نہیں دی جائیں گی۔

    خیال رہے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے عید الاضحیٰ 31 جولائی کو منانے کا دعویٰ کیا تھا، تاہم چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے اعلان کیا تھا کہ عید الاضحیٰ بروز ہفتہ یکم اگست کو منائی جائے گی۔

    واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے قوم سےعید قرباں سادگی سے منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگرلاپرواہی برتی گئی تووائرس کےزیادہ پھیلنے کا خطرہ بڑھ جائے گا، احتیاط سےہی صورتحال پر قابو پاسکتے ہیں۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ اللہ نے بہت کرم کیا ہے، دنیا کے مقابلے میں مشکل وقت سے نکل آئیں گے ، اسمارٹ لاک ڈاؤن کےمثبت نتائج سامنے آئے، احتیاط سےہی صورتحال پر قابو پاسکتے ہیں

  • قوم ایس اوپیزپرعملدرآمد کرے،عیدالفطر پر کی گئی غلطی کو دہرایا گیا تو اسپتال بھر جائیں گے، وزیراعظم

    قوم ایس اوپیزپرعملدرآمد کرے،عیدالفطر پر کی گئی غلطی کو دہرایا گیا تو اسپتال بھر جائیں گے، وزیراعظم

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان ان خوش قسمت ممالک میں شامل ہے جہاں کورونا کیسزمیں کمی آئی، قوم سے گزارش کرتا ہوں  ایس اوپیزپرعملدرآمد یقینی بنائیں، عیدالفطر پر کی گئی غلطی کو دہرایا گیا تو اسپتال بھر جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان ان خوش قسمت ممالک میں شامل ہے جہاں کورونا کیسزمیں کمی آئی، اسمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی،ایس اوپیزپرعملدرآمدکےباعث یہ ممکن ہوا، بھارت کے مقابلے میں ہمارے ملک میں کورونا مریضوں اور اموات میں کمی آئی۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ قوم سے گزارش کرتا ہوں عید کے موقع پر بھی ایس اوپیزپرعملدرآمد یقینی بنائیں، عیدالاضحیٰ سادگی کےساتھ منائی جائے، عیدالفطر پر کی گئی غلطی کودہرایاگیاتو اسپتال بھر جائیں گے، میں حکومتی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کرنے کا حکم دے رہا ہوں۔

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے قوم سےعید قرباں سادگی سے منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگرلاپرواہی برتی گئی تووائرس کےزیادہ پھیلنے کا خطرہ بڑھ جائے گا، احتیاط سےہی صورتحال پر قابو پاسکتے ہیں۔

  • وفاقی کابینہ کا اجلاس، کے الیکٹرک کا معاملہ انرجی کمیٹی اور ہوٹلز کھولنے کا معاملہ اسد عمر کے سپرد

    وفاقی کابینہ کا اجلاس، کے الیکٹرک کا معاملہ انرجی کمیٹی اور ہوٹلز کھولنے کا معاملہ اسد عمر کے سپرد

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر مویشی منڈیوں میں ہرصورت ایس او پیزپرعملدرآمدکی ہدایت کرتے ہوئے کے الیکٹرک کا معاملہ انرجی کمیٹی اور ہوٹلز کھولنے کا معاملہ اسد عمر کے سپر د کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس ہوا، جس میں میں ملکی سلامتی، سیاسی ومعاشی صورتحال کاجائزہ لیا گیا۔

    کابینہ کو ملک میں کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی گئی اور اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی سمیت صورتحال سے آگاہ کیا گیا، وفاقی کابینہ نے کورونا وائرس کیسز میں کمی پر اظہار اطمینان کیا۔

    ذرائع کے مطابق کابینہ ارکان نے کہا کورونا ختم نہیں ہوا ابھی مزید احتیاط کی ضرورت ہے جبکہ وزیراعظم نے کابینہ میں کہا عیدالاضحیٰ پرشہری احتیاط کریں۔

    وفاقی کابینہ کومویشی منڈیوں سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی، جس پر وزیراعظم نے مویشی منڈیوں میں ہرصورت ایس او پیز پرعملدرآمد کی ہدایت کردی۔

    اجلاس میں کابینہ نے کے الیکٹرک کا معاملہ انرجی کمیٹی کے سپرد کر دیا اور کہا کے الیکٹرک معاملے پر2دن بعد وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس ہوگا ،کے الیکٹرک کے معاملات پر وزیراعظم کو بریف کیا جائے گا۔

    کابینہ اجلاس میں شیخ رشید نے ہوٹلز اور مارکیٹس کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا شہر میں 5 ہزار ہوٹلز ہیں، غریب طبقہ متاثر ہورہا ہے، عید قریب ہے ،ایس او پیز کے تحت ہوٹلز کھولے جائیں، وزیراعظم عمران خان نے ہوٹلز کھولنے کا معاملہ اسد عمر کے سپر د کر دیا۔

    وفاقی کابینہ میں عزیربلوچ کے معاملے کی بھی گونج سنائی دی ، علی زیدی نے جے آئی ٹی رپورٹ پر کابینہ کو بریفنگ دی۔

    مزید پڑھیں : این سی او سی اجلاس ، ملک بھر میں 700مویشی منڈیاں لگائی جائیں گی

    گذشتہ روز وزیراسدعمرکی زیرصدارت نیشنل کمانڈاینڈآپریشن سینٹرکا اجلاس ہوا تھا، اجلاس میں عید الاضحیٰ سے متعلقہ امور سمیت نماز عید، مویشی منڈی کے انتظامات پر غور کیا گیااور کہا گیا تھا کہ عید قربان سے قبل ملک بھر میں 700مویشی منڈیاں لگائی جائیں گی، متعلقہ حکام کوعید الاضحیٰ کی ہیلتھ گائیڈ لائنز کا اجراکر دیا گیا ہے۔

    وفاقی وزیر اسد عمر نے این سی او سی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے مویشی منڈیوں کا درست انتظام ضروری ہے، ملک بھرمیں مویشی منڈیاں شہروں سے باہر قائم کی جائیں گی، شہروں کے اندر کسی کو مویشی منڈی قائم کرنے کی اجازت نہیں۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ انتظامیہ مویشی منڈیوں سےمتعلق گائیڈ لائنز پرعملدرآمد یقینی بنائے، ملک بھر میں منڈیوں کے اوقات صبح 6 سےشام 7 تک ہوں گے اور منڈیوں میں داخلے سےقبل ماسک پہننالازم ہو گا۔

    خیال رہے وزیراعظم عمران خان نے قوم سےعید قرباں سادگی سے منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگرلاپرواہی برتی گئی تووائرس کےزیادہ پھیلنے کا خطرہ بڑھ جائے گا، احتیاط سےہی صورتحال پر قابو پاسکتے ہیں۔