Tag: eid ul azha

  • عیدالاضحیٰ پر کتنے دن کی چھٹیاں ہوں گی؟ اعلان ہوگیا

    عیدالاضحیٰ پر کتنے دن کی چھٹیاں ہوں گی؟ اعلان ہوگیا

    اسلام آباد : کورونا صورتحال میں حکومت نے عیدالاضحیٰ پر صرف ایک دن کی سرکاری چھٹی دینے کا فیصلہ کیا ہے ، عید کی تعطیلات میں ہفتہ اوراتوارکی چھٹی بھی شامل ہوگی، رواں برس عیدالاضحیٰ جمعے کے روز ہونے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا صورتحال میں حکومت نے عیدالاضحیٰ کی چھٹیوں سے متعلق اعلان کردیا ، حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ پرصرف ایک دن کی سرکاری چھٹی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق رواں برس عیدالاضحیٰ جمعے کے روز ہونے کا امکان ہے اور عید کی تعطیلات میں ہفتہ اوراتوارکی چھٹی بھی شامل ہوگی۔

    حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ کوروناروک تھام کی ایس اوپیزپرعمل درآمد کے لیے فیصلہ کیا گیا، غیرضروری سفرسےروکنےکےلیے اضافی تعطیلات نہیں دی جائیں گی۔

    خیال رہے وزیراعظم عمران خان نے قوم سےعید قرباں سادگی سے منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرلاپرواہی برتی گئی تووائرس کےزیادہ پھیلنے کا خطرہ بڑھ جائے گا، احتیاط سےہی صورتحال پر قابو پاسکتے ہیں۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ اللہ نے بہت کرم کیا ہے، دنیا کے مقابلے میں مشکل وقت سے نکل آئیں گے ، اسمارٹ لاک ڈاؤن کےمثبت نتائج سامنے آئے، احتیاط سےہی صورتحال پر قابو پاسکتے ہیں۔

  • مویشی منڈیاں کہاں قائم کی جائیں گی، حکومت کی ہدایات جاری

    مویشی منڈیاں کہاں قائم کی جائیں گی، حکومت کی ہدایات جاری

    اسلام آباد : عید الاضحیٰ کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کیلئے مویشی منڈیوں کے قیام سے متعلق حکومت نے اہم ہدایات جاری کردیں ہیں، جس میں ایس او پیز پر عمل درآمد لازمی قرار دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے مویشی منڈیوں کو شہر سے دور قائم کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں اور اس سلسلے میں تمام ضلعی انتظامیہ کو کو تحریری طور پر آگاہ بھی کردیا ہے۔

    کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث سال2020کی عیدالاضحیٰ باقی عیدوں سے بہت مختلف ہے، عید الاضحیٰ کے موقع پر کورونا سے بچاؤ کے لیے چند احکامات پرعمل ضروری قرار دیا گیا ہے۔

    حکومتی احکامات میں کہا گیا ہے کہ جانوروں کی خریداری کے لیے حکومت کی مقررہ مویشی منڈی جائیں، ضرورت کے تحت صرف وہ افراد منڈی جائیں جنہوں نے خود قربانی کرنی ہو۔

    زیادہ عمر والے افراد اور بچوں کو بکرا منڈیوں میں نہ لے کر جائیں، مویشی منڈی جاتے ہوئے ماسک اور دستانوں کا استعمال لازمی کریں، اندرون شہر میں کسی مویشی منڈی یا فرد سے جانور خریدنے سے گریز کریں۔

    حکومت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ شہری انفرادی قربانی کے بجائے اجتماعی قربانی کو ترجیح دیں، قربانی مقرر ہ مذبح خانوں، خیراتی، کمیونٹی تنظیموں میں اور آن لائن کی جائے۔

    مزید پڑھیں : لوگ جتھوں کی صورت میں مویشی منڈی کا رخ نہ کریں، مفتی منیب الرحمان

    اس کے علاوہ قربانی کا گوشت ضرورت مندوں میں تقسیم کیا جائے، عید کے موقع پر دعوتوں کا اہتمام بالکل نہ کریں، قربانی کے جذبےکے تحت آئیں ہم دوسروں کے لئے ایک مثال بنیں، خود بھی محفوظ رہیں اوردوسروں کو بھی محفوظ بنائیں۔

  • عیدالاضحیٰ پر جانوروں کی قربانی، علما سے مشاورت کی جائے گی

    عیدالاضحیٰ پر جانوروں کی قربانی، علما سے مشاورت کی جائے گی

    اسلام آباد : وزیرداخلہ اعجاز شاہ کا کہنا ہے کہ کوروناکے پیش نظر عیدالاضحیٰ سے قبل جانوروں کی قربانی سمیت دیگر معاملات پر فریقین سے مشاورت ہو گی، جس کے بعد منصوبہ بندی کو حتمی شکل آئندہ ہفتے دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیراسدعمرکی زیرصدارت این سی اوسی کااجلاس ہوا، جس میں وزیرداخلہ اعجاز شاہ نے شہری علاقوں میں مویشی منڈیوں کے خطرات اور عیدالاضحیٰ مینجمنٹ پلان پربریفنگ دی۔

    وزیرداخلہ اعجاز شاہ نے کہا کہ کوروناکے پیش نظر عیدالاضحیٰ سے قبل علماسےمشاورت ہو گی اور عیدالاضحیٰ کے پلان کو فریقین کی باہمی مشاورت سے طے کیا جائے گا۔

    اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ فریقین سے بقرعید پر جانوروں کی قربانی سےمتعلق ،آن لائن بکنگ،آن لائن حج ، بذریعہ شہری انتظامیہ،لوکل کمیٹیزگوشت تقسیم پر  بھی مشاورت ہو گی ، مشاورت کےبعدمنصوبہ بندی کو حتمی شکل آئندہ ہفتے دی جائے گی۔

    انھوں نے کہا کہ صوبوں کو عیدالاضحیٰ مینجمنٹ پلان کی تیاری سےمتعلق وقت دستیاب ہوگا اور وزارت صحت جانور کی قربانی سے متعلق طبی ایس او پیز  تیار کرے گی۔

  • سندھ حکومت نے عید الاضحیٰ پر مویشی منڈیاں لگانے کی اجازت دے دی

    سندھ حکومت نے عید الاضحیٰ پر مویشی منڈیاں لگانے کی اجازت دے دی

    کراچی : عید الاضحیٰ پر سندھ میں ایس او پیز کے ساتھ مویشی منڈی لگائی جائیں گی، سندھ حکومت نے اجازت دینے کا فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ نے عید الاضحیٰ کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی خرید وفروخت کیلئے مویشی منڈیاں لگانے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم اس کیلئے تمام ایس او پیز پر عمل درآمد لازمی ہوگا۔

    اس حوالے سے محکمہ بلدیات سندھ نے مویشی منڈیوں کیلئے ایس اوپیز تیار کرلی ہیں، تمام ٹاؤن، میونسپل کمیٹیز، ڈسٹرکٹ کونسلز اور میونسپل کارپوریشنز کی حدود میں مویشی منڈیوں میں کاروبار کی اجازت ہوگی۔

    ایس او پیز کے مطابق مویشی منڈی میں خریداروں کیلئے الگ لائن مختص کی جائے گی اور بیوپاریوں کے لیے دو الگ لائنیں بنائی جائیں گی جبکہ خریدوفروخت کے دوران 3 سے 6 فٹ کا سماجی فاصلہ برقرار رکھنا لازمی ہوگا اور منڈی میں آنے والے تمام شہریوں کیلئے ماسک کا استعمال لازم ہوگا۔

  • ملک بھرمیں عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت واحترم کے ساتھ منائی جا رہی ہے

    ملک بھرمیں عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت واحترم کے ساتھ منائی جا رہی ہے

    پاکستان بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش وجذبے سے منائی جا رہی ہے، جہاں فرزندان اسلام سنت ابراہیمی پرعمل کرتے ہوئے اللہ کی راہ میں اپنے جانور قربان کررہے ہیں۔

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومت کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے جس میں علمائے کرام نے سنت ابراہیمی کے فلسفے کو بیان کیا اورایثاروقربانی کے حقیقی جذبے کو اجاگر کیا۔

    نمازعید کی ادائیگی کے بعد امت مسلمہ کی یکجہتی ، وطن کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

    نمازعید کے اجتماعات کے بعد سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے اللہ کی راہ میں جانوروں کی قربانی کی جا رہی ہے۔

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوا جبکہ لاہور میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع بادشاہی مسجد میں ہوا۔

    کراچی میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع پولوگراؤنڈ میں ہوا جہاں سیاسی وسماجی شخصیات نے شرکت کی۔

    پشاور میں نمازعید کا سب سے بڑا اجتماع چارسدہ روڈ کے عیدگاہ میں ہوا جس میں فرزندان اسلام نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور نماز عید کے بعد ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئی۔

    نماز عید کے اجتماعات کے دوران سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے جبکہ مساجد اور امام بارگاہوں کے باہر پولیس کی نفری بھی تعینات رہی۔

  • اسٹیٹ بینک نے عیدالاضحیٰ 2019 کے موقع پر نئے کرنسی نوٹ جاری کردیئے

    اسٹیٹ بینک نے عیدالاضحیٰ 2019 کے موقع پر نئے کرنسی نوٹ جاری کردیئے

    کراچی : اسٹیٹ بینک نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر نئے کرنسی نوٹوں کے لئے عوام کی طلب کو پورا کرنے کی خاطر284ارب روپے کے نئے کرنسی نوٹ جاری کردیئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے عیدالاضحیٰ کے موقع پر تمام بینکوں کو مختلف مالیت کے مجموعی طور پر284ارب روپے کے نئے کرنسی نوٹ جاری کیے گئے ہیں۔

    اسٹیٹ بینک کی جانب سے کمرشل بینکوں کے ذریعے 274ارب روپے اور ایس بی پی بی ایس سی کیش کاؤنٹرز کے ذریعے جاری کیے گئے دس ارب روپے شامل ہیں۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کمرشل بینکوں کو سو روپے تک مالیت کے12ارب روپے کے نئی کرنسی نوٹ جاری کیے گئے ہیں۔

    مذکورہ نئے نوٹ بینکوں کو عوام اور اپنے کھاتے داروں میں تقسیم کرنے کے لیے فراہم کیے گئے ہیں۔ اس حوالے سے ترجمان اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران تمام بینکوں کو اے ٹی ایم آپریشنز کو بھی بلا رکاوٹ چلانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

    حکم نامے کے مطابق عیدالاضحیٰ کے دوران اسٹیٹ بینک حکام ملک بھر میں اے ٹی ایم مشینوں کے فعال رہنے کا معائنہ اور نگرانی کریں گے تاکہ عید کی چھٹیوں میں عوام کو نقد رقوم کی بلاتعطل دستیابی کو یقینی بنایا جاسکے۔

  • حکومت کا  عیدالاضحٰی پر لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ

    حکومت کا عیدالاضحٰی پر لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد : حکومت نے عیدالاضحٰی پر ملک بھر میں لوڈشیدنگ نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور بجلی کی بروقت ترسیل یقینی بنانے کیلئے اسلام آباد میں مانیٹرنگ سنٹر بھی قائم کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے عید قرباں پر لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، ترجمان پاورڈویژن کا کہنا ہے کہ تمام پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو اس فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ 11 اگست کی شام 7 بجے سے 14 اگست شام 7 بجے تک کہیں بھی لوڈشیدنگ نہیں ہو گی۔

    پاور ڈویژن کے مطابق عید الاضحٰی کے دنوں میں کسی فنی خرابی کو دور کرنے کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور عید کے لئے خصوصی ڈیوٹیاں اور مانیٹرنگ کا انتظام کیا جاچکا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ بجلی کی بروقت ترسیل یقینی بنانے کیلئے اسلام آباد میں مانیٹرنگ سنٹر بھی قائم کر دیا گیا ہے۔

    یاد رہے 12 اگست کو ملک بھر میں عیدالاضحٰی مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی جائے گی اور لاکھوں مسلمان سنتِ ابراہیمی پرعمل کرتے ہوئے قربانی کا فریضہ ادا کریں گے۔

    حکومت کی جانب سے عید الاضحیٰ کے موقع پر 12 سے 15اگست تک چار روزہ تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔

  • عید الاضحیٰ : شہری جانوروں کی آلائشیں ایئر پورٹ کے اطراف نہ پھینکیں، سول ایوی ایشن

    عید الاضحیٰ : شہری جانوروں کی آلائشیں ایئر پورٹ کے اطراف نہ پھینکیں، سول ایوی ایشن

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ عیدالاضحٰی کے ایام میں قربانی کے بعد جانوروں کی آلائشیں ایئر پورٹ کے اطراف نہ پھینکیں تاکہ پرندوں کی وجہ سے جہازوں کو کسی قسم کا نقصان نہ ہو۔

    تفصیلات کے مطابق عید قرباں کے موقع پر پرندوں سے ہوائی جہازوں کو محفوظ بنانے کیلئے سول ایوی ایشن نے احتیاطی تدابیر اختیار کرلیں، سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پاک فضائیہ نے ملک بھر کے ائیر بیس اور ایئرپورٹس پر آگاہی مہم شروع کردی۔

    اس حوالے سے سی اے اے حکام نے شیریوں سے اپیل کی ہے کہ عید الاضحیٰ پر شہری ذمہ داری کا ثبوت دیں اور جانوروں کی آلائشیں صرف مقرر کردہ جگہوں پر ہی پھینکیں تاکہ گندگی کی وجہ سے وہاں آنے والے پرندوں کی وجہ سے جہازوں کو نقصان نہ پہنچے اور فضائی سفر محفوظ رہے۔

    ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس منیجر کی جانب سے صفائی ستھرائی کے حوالے سے اداروں کو اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے ضلعی انتظامیہ، بلدیاتی ادارے اور اعلیٰ حکام کو خط لکھ دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عید الاضحی کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی باقیات کو ٹھکانے لگانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔

    آلائشوں کے پڑے رہنے کی وجہ سے پرندوں کی آمد میں اضافہ ہوجاتا ہے جس کی وجہ سے جہازوں کیلئے خطرہ جود رہتا ہے۔

    سی اے اے حکام کا کہنا ہے کہ مختلف ایئرپورٹس اور پاک فضائیہ کے ایئربیسز کے اطراف بلدیاتی ادارے صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں۔

    تمام بلدیاتی ادارے عید الاضحی پر آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کیلئے خصوصی اقدامات کریں، عیدا لاضحی پر قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو مخصوص جگہ پر ٹھکانے لگائے جائیں، قومی اثاثوں کی حفاظت اور فضائی سفر کو محفوظ بنانے کیلئے تمام شہریوں کو اپنا مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔

  • قربانی کا گوشت کھانے میں بے احتیاطی، ہزاروں مریض اسپتالوں میں داخل

    قربانی کا گوشت کھانے میں بے احتیاطی، ہزاروں مریض اسپتالوں میں داخل

    لاہور : عیدالاضحیٰ پر شہریوں کی بسیار خوری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث سینکڑوں افراد ڈائریا سمیت مختلف بیما ریوں کا شکار ہوکر اسپتال پہنچ گئے جبکہ طبی ماہرین نے شہریوں کو کھانے پینے میں احتیاط کا مشورہ دیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق عیدالاضحیٰ پر قربانی کا گوشت کھانے میں بے احتیاطی کی وجہ سے شہری بڑی تعداد میں گیسٹرو، ڈائریا اور فوڈ پوائزنگ کا شکار ہوگئے۔

    اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عید میں سرکاری اسپتالوں میں گیسٹرو سے متاثرہ 7ہزار500 سے زائدمریض پہنچے، میو اسپتال میں 1500 سے زائد مریضوں اور جناح اسپتال میں 1400 سے زائد مریض پیٹ خراب ہونے پر لائے گئے جبکہ سروسزاسپتال میں 1700، گنگا رام 1350، شیخ زید میں 1130مریض لائے گئے۔

    انتظامیہ کے مطابق گیسٹرو کے متعدد مریضوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسچارج کردیا گیا ہے۔

    طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ پر گوشت کا بے دریغ استعمال ڈائیریا اور ہیضہ سمیت پیٹ کی بیماریوں کا باعث بن رہا ہے، شہری گوشت کھانے میں احتیاط برتیں۔

    ایم ایس جناح اسپتال ڈاکٹر عاصم حمید طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ برسات اور حبس کے موسم میں گوشت کا استعمال کم سے کم کرنا چاہیے، شہری قربانی کا گوشت مسلسل کھانے کی بجائے سبزیوں اور دال کا بھی استعمال کریں.

    خیال رہے طبی ماہرین نے شہریوں کو کھانے پینے میں احتیاط برتنے کا مشورہ دیا تھا جسے شہریوں نے نظر انداز کر دیا. جس کے باعث شہری بڑی تعداد میں بیمار ہو رہے ہیں۔

    خیال رہے عیدالاضحیٰ پر بڑا گوشت، مرغن اور مصالحہ دار پکوان بہت زیادہ کھانے میں آتے ہیں تو ایسے میں معدے اور پیٹ کی تکلیف میں مبتلا ہوجانا ایک عام بات ہے۔

  • عید قرباں کا دوسرا دن، قربانی کا سلسلہ جاری

    عید قرباں کا دوسرا دن، قربانی کا سلسلہ جاری

    کراچی : عید قرباں کے دوسرے دن فرزندان اسلام سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے اللہ کی راہ میں اپنے جانور قربان کر رہے ہیں، قربانی کے لئے قصائی آج بھی نایاب ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں عید الاضحیٰ کے دوسرے روز بھی قربانی کا سلسلہ جاری ہے، سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے رب کی خوشنودی کی خاطر فجر کے بعد سے ہی مسلمان قربانی میں مصروف ہیں۔

    کراچی میں انتظامیہ کے مطابق عید کے پہلے دن دس لاکھ جانوروں کی قربانی کی گئی۔

    شہر قائد میں لاکھوں افراد سنت ابراہیمی کی ادائیگی کررہے ہیں لیکن آلائشیں اٹھانے کا عمل انتہائی سست ہے، مختلف علاقوں میں بلدیاتی عملہ پہنچ ہی نہ سکا جبکہ حیدرآباد میں کئی علاقوں سے جانوروں کی آلائشیں نہ اٹھائی جا سکیں، جس سے شہری پریشان ہیں‌۔

    وزیر بلدیات کا کہنا ہے فرائض میں سستی برتنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    دوسری جانب عید کے دوسرے دن بھی دعوتوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے لئے گھروں پر خواتین قربانی کے بعد مزے مزے کے کھانوں تکہ کباب ،سیخ کباب اور دیگر اشیاء کی تیاری میں مصروف ہیں۔

    گذشتہ روز صدر ممنون حسین اور وزیراعظم عمران خان نے قوم کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی تھی، صدر مملکت کا کہنا تھا آج کے دن ان عظیم انبیائے کرام نے اطاعت وایثار اور قربانی کی لازوال مثال پیش کی تھی۔

    وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کہا کہ قربانی کا جذبہ ایک عالمگیر حیثیت کا حامل ہے، کوئی بھی قوم ایثار وقربانی کے جذبے کے بغیرترقی نہیں کرسکتی۔