Tag: eid ul azha

  • عید الاضحیٰ کے موقع پرصدرِپاکستان اور وزیراعظم کا خصوصی پیغام

    عید الاضحیٰ کے موقع پرصدرِپاکستان اور وزیراعظم کا خصوصی پیغام

    اسلام آباد : صدر ممنون حسین اور وزیراعظم عمران خان نے قوم کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی ہے۔

    عید الاضحی کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں صدر ممنون حسین نے کہا کہ عیدالاضحیٰ حضرت ابراہیم علیہ اسلام کی اطاعت خداوندی اور حضرت اسماعیل علیہ اسلام کی تسلیم ورضا کی یاد گار ہے۔

    صدر مملکت نے کہا کہ آج کے دن ان عظیم انبیائے کرام نے اطاعت وایثار اور قربانی کی لازوال مثال پیش کی تھی۔

    انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو عیدالاضحیٰ کی حقیقی خوشیوں سے ہمکنار کرے اور قربانی جیسی عبادت کو اس کی روح کے مطابق سمجھ کرعمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

    عید الاضحیٰ کے موقع پروزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں عید کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہماری عبادات اور قربانیاں قبول فرمائے۔

    انہوں نے کہا کہ قربانی کا جذبہ ایک عالمگیر حیثیت کا حامل ہے، کوئی بھی قوم ایثار وقربانی کے جذبے کے بغیرترقی نہیں کرسکتی۔

    وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ قربانی کا مقصد خود کو رب کریم کے حکم کے تابع کرنا ہے، اس کا مقصد خواہشات ومفادات کو اعلیٰ مقاصد کے لیے قربان کرنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سنت ابراہیمی کا تقاضا ہے کہ ہم زندگی کے ہرشعبے میں ایثار وقربانی کا مظاہرہ کریں، ہمیں ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی اور اجتماع فلاح وبہبود کے لیے کام کرنا چاہیے۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عید کی خوشیوں میں معاشی طور پرپیچھے رہ جانے والوں کا خاص خیال رکھنا چاہیے۔

  • ملک بھرمیں عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت واحترم کے ساتھ منائی جارہی ہے

    ملک بھرمیں عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت واحترم کے ساتھ منائی جارہی ہے

    پاکستان بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش وجذبے سے منائی جا رہی ہے، جہاں فرزندان اسلام سنت ابراہیمی پرعمل کرتے ہوئے اللہ کی راہ میں اپنے جانور قربان کررہے ہیں۔

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومت کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے جس میں علمائے کرام نے سنت ابراہیمی کے فلسفے کو بیان کیا اورایثاروقربانی کے حقیقی جذبے کو اجاگر کیا۔

    نمازعید کی ادائیگی کے بعد امت مسلمہ کی یکجہتی ، وطن کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

    نمازعید کے اجتماعات کے بعد سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے اللہ کی راہ میں جانوروں کی قربانی کی جا رہی ہے۔

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوا جبکہ لاہور میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع بادشاہی مسجد میں ہوا۔

    کراچی میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع پولوگراؤنڈ میں ہوا جہاں سیاسی وسماجی شخصیات نے شرکت کی۔

    پشاور میں نمازعید کا سب سے بڑا اجتماع چارسدہ روڈ کے عیدگاہ میں ہوا جس میں فرزندان اسلام نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور نماز عید کے بعد ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئی۔

    نماز عید کے اجتماعات کے دوران سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے جبکہ مساجد اور امام بارگاہوں کے باہر پولیس کی نفری بھی تعینات رہی۔

    کوئی بھی قوم ایثار وقربانی کے جذبے کے بغیرترقی نہیں کرسکتی‘ عمران خان

    وزیراعظم عمران خان نے عیدالاضحیٰ کی نماز اسلام آباد میں ادا کی، اس موقع پرانہوں نے تمام اہل وطن کو عید کی مبارک باد پیش کی۔

    چیف جسٹس سپریم کورٹ نے لاہور میں نماز عید ادا کی، جس کے بعد وہ شہریوں سے عید ملے اور قوم کو عید پرمبارکباد دی۔

  • کینیڈین وزیراعظم کی جانب سے دنیا بھرکے مسلمانوں کوعید مبارک

    کینیڈین وزیراعظم کی جانب سے دنیا بھرکے مسلمانوں کوعید مبارک

    ٹورنٹو: کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کینیڈا سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی ہے، ان کا کہنا تھا کہ یہ ضرورت مندوں کے لیے ایثار کا درس دینے والا تہوار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے ہر سال کی طرح اس سال بھی سوشل میڈیا پر کینیڈاسمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو تہنیتی ویڈیو پیغام دیتے ہوئے کہا ہے،’’ اسلام وعلیکم، آج کینیڈا میں مقیم مسلمانوں سمیت دنیا بھر کے مسلمان حج کے اختتام پرعید الاضحیٰ منارہے ہیں۔

    عید الاضحیٰ ہمیں قربانی کا درس دیتی ہے، اس تہوار پر مسلمان ایک ساتھ اکھٹے ہوکرعبادت کرتے ہیں، کھانا شیئر کرتے ہیں اور خدا کی دی ہوئی نعمتوں کا شکر ادا کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کا دن یہ اعتراف کا دن ہے کہ کس طرح دنیا کے مختلف ملکوں سے تعلق رکھنے والے مسلمان کینیڈا کو اپنا وطن سمجھ کر اس ملک کی تعمیر و ترقی میں حصہ لے رہے ہیں‘‘۔

    جسٹن ٹروڈو نے مزید کہا کہ ’’آج کا دن ہم یہاں مقیم مسلم کمیونٹی کے ساتھ گزاریں گے اور یہ ہماری طرف سے یہاں رہنے والے مسلمانوں کی پذیرائی کا ایک ذریعہ ہوگا‘‘ ، انہوں نے اپنی اور اپنی اہلیہ صوفی کی جانب سے تمام مسلمانوں کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد دی اور اپنے مخصوص لہجے میں ’’عید مبارک‘‘ کہا ۔

  • سعودی عرب، مشرق وسطیٰ سمیت یورپ میں آج عیدالاضحیٰ منائی جارہی ہے

    سعودی عرب، مشرق وسطیٰ سمیت یورپ میں آج عیدالاضحیٰ منائی جارہی ہے

    مکہ مکرمہ: سعودی عرب اور خلیجی ممالک سمیت مشرق وسطیٰ اور یورپ وامریکا میں عید الاضحیٰ مذہبی جوش وخروش کے ساتھ منائی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکی اورعراق سمیت تمام خلیجی ممالک کے مسلمان آج عیدالاضحیٰ مذہبی جوش وخروش سے منا رہے ہیں۔

    سعودی عرب میں عید کے بڑے اجتماعات مسجدالحرام اور مسجد نبوی میں ہوئے جہاں لاکھوں افراد نے عیدالاضحیٰ کی نماز ادا کی جبکہ مسلمان سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے قربانی کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔

    دبئی میں نمازعید کا سب سے بڑا اجتماع شیخ زید مسجد ابوظہبی میں ہوا، فلسطین میں نماز عید کا بڑا اجتماع مسجد اقصی میں ہوا جبکہ انڈونیشیا میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع جکارتا میں ہوا۔

    عیدالاضحیٰ کی نماز کے اجتماعات میں اسلام کی سربلندی اور ملک کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

    لاکھوں عازمین جمرات کبریٰ کو آج کنکریاں ماریں گے، حجاج کرام قربانی کے بعد سر منڈو ا کر احرام کھول دیں گے اورطواف زیارت کریں گے۔

    امریکا، کینیڈا اور یورپی ممالک کے رہنے والے مسلمان بھی آج عید الضحیٰ منارہے ہیں، مسلم کمیونٹی سنیٹرز میں عید کی نماز اور قربانی کا اہتمام کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب پاکستان، بھارت اوربنگلا دیش میں عیدالاضحیٰ کل منائی جائے گی۔

  • ملک بھرمیں بوہری برادری آج عیدالاضحیٰ منارہی ہے

    ملک بھرمیں بوہری برادری آج عیدالاضحیٰ منارہی ہے

    کراچی : ملک بھر میں بوہری برادری آج عیدالاضحیٰ مذہبی جوش وجذبے اورعقیدت واحترام کے ساتھ منا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھرکی طرح کراچی اور حیدرآباد سمیت ملک کے دیگر شہروں میں آباد بوہری برادری آج عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منارہی ہے۔

    کراچی میں بوہرہ جماعت کے تحت عیدالاضحیٰ کی نماز کے اجتماعات طاہری مسجد صدر، پاکستان چوک، سولجربازار، بلوچ کالونی، نارتھ ناظم آباد، حیدری، سٹی کورٹ، پان منڈی، شبیرآباد سمیت شہر کے مختلف مقامات پر منعقد ہوئے۔

    نمازعید کا سب سے بڑا اجتماع صدر طاہری مسجد میں ہوا جہاں بوہری برادری کی بڑی تعداد نے نماز عیدا ادا کی۔

    عیدالاضحیٰ کی نماز کے اجتماعات میں اسلام کی سربلندی اور ملک کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ اس موقع پر سیکورٹی کےبھرپور انتظامات کیے گئے۔

    نماز عید کے بعد حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت کی اتباع کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کی جارہی ہے۔

    واضح رہے کہ بوہرا برادری مصری کلینڈر کے مطابق تہوار اور تقریبات کا انعقاد کرتے ہیں۔

  • اسٹیٹ بینک نے عیدالاضحیٰ پر185ارب روپے مالیت کے نئے نوٹ جاری کردیئے

    اسٹیٹ بینک نے عیدالاضحیٰ پر185ارب روپے مالیت کے نئے نوٹ جاری کردیئے

    کراچی : اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عید الاضحیٰ کے موقع پر تمام مالیت کے185ارب روپے کے نئےنوٹ جاری کردیئے، عید تعطیلات پر اےٹی ایمز کیلئے200ارب روپے بینکوں کوجاری کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ہر سال کی طرح امسال بھی اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عید الاضحیٰ کے موقع پر185ارب روپے مالیت کے نئے نوٹوں کا اجراء کیا ہے۔

    اس حوالے سے ترجمان اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ پر کرنسی کی طلب پوری کرنے کیلئے185ارب روپے کے نئے نوٹ جاری کیے گئے ہیں جبکہ گزشتہ عیدالاضحیٰ پر168ارب روپے جاری کیے گئے تھے۔

    ترجمان اسٹیٹ بینک کا مزید کہنا ہے کہ کمرشل بینکوں کو12ارب کے کم مالیت کے نوٹ جاری کیے،اس سے کم مالیت کے100روپے تک کے کرنسی نوٹ جاری کیے گئے۔

    مزید پڑھیں: نئے کرنسی نوٹ اس بار بھی ایس ایم ایس سروس سے ملیں‌ گے

    -عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران اےٹی ایم میں نوٹوں کی دستیابی کیلئے200ارب بینک کو جاری کیے، ترجمان کے مطابق1000،500اور5000کے کرنسی نوٹ کمرشل بینکوں کو جاری کیے گئے ہیں۔

  • عید الاضحیٰ : ہوشیار، تجربہ کار قصائیوں کے ساتھ موسمی قصائی بھی میدان میں

    عید الاضحیٰ : ہوشیار، تجربہ کار قصائیوں کے ساتھ موسمی قصائی بھی میدان میں

    کراچی : عید قرباں پر قصائیوں کے نخرے تو آسمانوں پر ہیں لیکن شہری احتیاط کریں کیونکہ  ان تجربہ کار قصائیوں کے ساتھ نئے اور موسمی قصائی بھی میدان میں آگئے ہیں۔

    عید الاضحیٰ کے قریب آتے ہی قربانی کے جانوروں کی قیمتوں اور نخروں کے ساتھ قصائیوں کے معاوضے اور نخرے بھی آسمان سے باتیں کر رہے ہیں کیونکہ یہی تو وہ سیزن ہے جس میں قصائیوں کی خوب چاندی ہوتی ہے، پروفیشل قصائیوں نے بھی آنکھیں ماتھے پر رکھ لیں۔

    کراچی کے علاوہ لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، پشاور اور کوئٹہ میں موسمی قصائی بھی جیبیں بھرنے کے لیے چھرا لے کر تیار بیٹھے ہیں، ایسے ہزاروں لوگ عید کے موقع پر متحرک ہوجاتے ہیں جن کا قصاب کے پیشے سے دور کا بھی تعلق نہیں ہوتا۔

    ان میں سے بہت سارے رکشہ ڈرائیورز، کسان اور دیہاڑی دار مزدور ہوتے ہیں جو کہ مستند قصائیوں کی طرح سے زیادہ اجرت کے مطالبے کی وجہ سے میدان میں آجاتے ہیں۔

    مختلف شہر وں میں عید سے پہلے ہی تمام قصائیوں کی بکنگ ان کے من پسند معاوضے پر ایڈوانس میں ہو چکی ہے مگر عوام ہوشیار رہیں، قربانی کے سیزن میں پروفیشنل قصائیوں کے علاوہ سیزنل قصائی بھی مارکیٹ میں دستیاب ہوتے ہیں۔

    قصائی بک کرنے سے پہلے سو بار سوچئے، ضرور کہیں گوشت کی کٹائی غلط ہوگئی تو مسئلہ نہ بن جائے کیونکہ ان جزوقتی قصائیوں کو جہاں جانور کو ذبح کرنے کا ہنر نہیں آتا وہیں گوشت کی کٹائی اور کھال اتارنے میں اناڑی پن کی وجہ سے جانور تو جانور اس کے گوشت کا بھی خانہ خراب کردیتے ہیں، لہٰذا اپنے قیمتی جانور کا گوشت خراب ہونے سے بچانے کیلئے ایسے موسمی قصائیوں سے ہوشیار رہیں۔

  • عیدالضحیٰ پر تین روزہ سرکاری تعطیلات کا اعلان

    عیدالضحیٰ پر تین روزہ سرکاری تعطیلات کا اعلان

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عیدالضحیٰ کی مناسبت سے ملک بھر میں تین روز کی سرکاری تعطیلات دینے کا اعلان کردیا۔

    وفاقی حکومت کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق ملک بھر کے نجی و سرکاری ادارے21 سے 23 اگست تک بند رہیں گے اور 24 اگست سے معمول کے مطابق امور انجام دیں گے۔

    قبل ازیں وفاقی حکومت کی جانب سے سرکاری تعطیلات کی سمری وزارتِ داخلہ کو ارسال کی گئی تھی جس میں 21 سے 24 اگست تک 4 چھٹیاں دینے کی سفارش کی گئی تھی۔

    وزارتِ داخلہ نے حکومت کی جانب سے بھیجی جانے والی سمری کو مسترد کرتے ہوئے 21 سے 23 تک تین روزہ سرکاری تعطیلات دینے کا اعلان کیا۔

    مزید پڑھیں: ذوالحج کا چاند نظر آگیا، عیدالاضحیٰ22اگست بروز بدھ کو ہوگی

    خیال رہے کہ ذوالحج کا چاند 12 اگست کو نظر آیا جس کے بعد ملک بھر میں عید الاضحیٰ کا پہلا روز 22 تاریخ اگست بروز بدھ کو منایا جائے گا، حکومت نے عید قرباں سے ایک دن قبل بھی عوام کو چھٹی کی سہولت مہیا کی، حکومتی اعلان کے تحت سرکاری و نجی دفاتر اور تعلیمی ادارے عید کے تیسرے روز 24 اگست جمعے سے معمول کے مطابق کھلیں گے۔

    سرکاری اداروں اور نجی بینک میں کام کرنے والے ملازمین 24 اگست کو حاضری دینے کے بعد 25 اور 26 اگست کو ہفتہ وارتعطیل کی سہولت کا فائدہ بھی اٹھائیں گے۔

    دوسری جانب وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کی سہولت کے لیے عید الاضحی سے پہلے تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین کی پینشنز 17 تاریخ تک ادا کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے اکاؤنٹنٹ جنرلز کو سرکلر جاری کیا۔

    یہ بھی پڑھیں: عیدالاضحی پر 5 اسپیشل ٹرینیں چلانے کا اعلان

    اسے بھی پڑھیں: سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں عید الاضحیٰ کی چھٹیوں‌ کا اعلان کردیا گیا

    نگراں وزیر خزانہ کے مطابق وفاقی حکومتی وسول آرمڈ فورسز کو پینشن اور تنخواہ ایڈوانس دی جائے گی، حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ ملازمین کو قربانی کرنے اور عید کی خوشیاں منانے کی سہولت کے پیش نظر کیا گیا۔

  • عیدالاضحی پر 5 اسپیشل ٹرینیں چلانے کا اعلان

    عیدالاضحی پر 5 اسپیشل ٹرینیں چلانے کا اعلان

    لاہور : پاکستان ریلوے نے عیدالاضحی کے پُرمسرت موقع پر اضافی رش کے پیش نظر ملک بھر میں 5 اسپیشل ٹرینیں چلانے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے نے عیدالاضحٰی پر 5 اسپیشل ٹرینیں چلانے کا اعلان کردیا، چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے محمد آفتاب اکبر کی منظوری کے بعد عیدالاضحٰی پر اسپیشل ٹرینوں کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا گیا۔

    ترجمان کے مطابق پہلی عید اسپیشل ٹرین 19 اگست کو کراچی سٹی سے دن 10 بجے پشاور کے لئے روانہ ہوگی جبکہ دوسری اسپیشل ٹرین کوئٹہ سے 19 اگست کو صبح 07 بجے راولپنڈی کے لئے روانہ ہوگی۔

    شیڈول کے مطابق تیسری اسپیشل ٹرین 20 اگست دن 11 بجے کراچی کینٹ سے لاہور کے لئے، چوتھی اسپیشل ٹرین 21 اگست کو راولپنڈی سے صبح 7بجے ملتان کے لئے روانہ ہو گی۔

    پانچویں سپیشل ٹرین 25 اگست کو ملتان کینٹ سے صبح 7 بجے راولپنڈی کے لئے روانہ ہوگی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان میں ذوالحجہ کا چاند نظر آگیا اورعید الاضحیٰ 22 اگست کو منائی جائے گی۔

  • سرکاری ملازمین کو تنخواہ اور پنشنز عید الاضحیٰ سے پہلے ادا کرنے کا فیصلہ

    سرکاری ملازمین کو تنخواہ اور پنشنز عید الاضحیٰ سے پہلے ادا کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد : سرکاری ملازمین اور پنشنرز کے لیے خوشخبری ، وفاقی حکومت نے عید الاضحی سے پہلے سرکاری ملازمین کوتنخواہوں اور پنشنز کی ادائیگیوں کا فیصلہ کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کو عید الاضحی سے پہلے تنخواہ اور پنشنز ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں وفاقی حکومت کی جانب سے اکاؤنٹنٹ جنرلز کو سرکلر جاری کر دیا گیا۔

    جس میں کہا گیا ہے کہ عید الاضحی سے قبل وفاقی اداروں کے ملازمین کو تنخواہوں اور پنشنز کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔

    وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ 17 اگست تک تنخواہ اور پنشن کی ادائیگی کی ہدایات جاری کردی گئی ہے جبکہ تنخواہ، پنشن کی ایڈوانس ادائیگی کیلئے متعلقہ اداروں کو خط لکھ دیا گیا۔

    وزارت خزانہ کے مطابق وفاقی حکومتی وسول آرمڈ فورسز کو پنشن اور تنخواہ ایڈوانس دی جائے گی، فیصلہ ملازمین کو قربانی کرنے اور عید کی خوشیاں منانے کی سہولت کے پیش نظر کیا گیا۔