Tag: eid ul azha

  • عید الاضحیٰ : کراچی پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات

    عید الاضحیٰ : کراچی پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات

    کراچی : عید الاضحیٰ کے موقع پر کراچی پولیس نے مربوط سیکورٹی پلان ترتیب دے دیا ہے، شہر بھرمیں حساس اور پبلک مقامات کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔

    اس کے علاوہ سندھ میں بلا اجازت قربانی کی کھالیں جمع کرنا غیر قانونی قرار دے دیا گیا ہے، خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔

    شہر بھرکی مساجد اور امام بارگاہوں میں نمازعید کے موقع پر سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گے ہیں۔

    28400 سے زائد پولیس ایلکار ڈیوٹی پر مامور کیے گئے ہیں، کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی روک تھام کیلئے داخلی اور خارجی راستوں کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔

    SINDH POLICE 1

    تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو عیدالاضحیٰ سیکیورٹی پلان پر مشتمل رپورٹ پیش کردی گئی. آئی جی سندھ  نے عید الاضحیٰ کے موقع پر پولیس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ چرم قربانی کو اکٹھا کرنے, انکی ترسیل وتقسیم کے حوالے سے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کے ساتھ ساتھ دفعہ 144 کے تحت عائد پابندیوں پر بھی عمل درآمد کو انتہائی غیر جانبداری سے یقینی بنایا جائے۔

    علاوہ ازیں مساجد, امام بارگاہوں, عیدگاہوں ودیگر کھلے مقامات سمیت اجتماعی قربانی کے مختلف مقامات پر بھی سیکیورٹی کے فول پروف اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کے جان ومال کی سلامتی کے مجموعی امور کو یقینی بنایا جاسکے۔

    آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے کہا کہ عید الاضحیٰ سیکیورٹی کے مجموعی اقدامات ٹھوس اور غیر معمولی بنائے جائیں۔

    اعلامیہ میں آئی جی سندھ نے پولیس افسران کو ہدایت دی ہے کہ کھالوں کی چھینا جھپٹی یا جبری وصولی کرنیوالے عناصر کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے، قربانی کی کھالیں جمع کرنیوالوں کے پاس باقاعدہ اجازت ناموں کا ہونا ضروری ہے، بلااجازت کھالیں جمع کرنیوالوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں۔

    مددگار ون فائیو کال سینٹر کی اطلاع پر متعلقہ پولیس فوری ریسپانس کو یقینی بنائے، کھالوں کی ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقلی پرمامور گاڑیوں کو سیکیورٹی فراہم کی جائے۔

    پیٹرولنگ, اسنیپ چیکنگ, پکٹنگ کے عمل میں کڑی نگرانی کو یقینی بنایا جائے، ٹریفک پولیس بلا تعطل ٹریفک کی روانی کو یقینی بنائے۔

    علاوہ ازیں کراچی پولیس کی رپورٹ کے مطابق کم و بیش 3143 مساجد, 207 امام بارگاہںوں, 34 اسماعیلی/ بوہری جماعت خانوں, 439 عیدگاہوں, اجتماعی قربانی کے 222 مقامات , کھالوں کو اکٹھا کرنے کے 794 کیمپس ودیگر مقامات پر 16150سے زائد پولیس افسران وجوان فرائض انجام دیں گے۔

     

  • وفاق کا تین دن کے الیکٹرک کا دو دن لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا اعلان

    وفاق کا تین دن کے الیکٹرک کا دو دن لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا اعلان

    کراچی : وفاق حکومت کی جانب سے عید الاضحی کی تعطیلات کے دوران تینوں‌ دن لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے لیکن کے الیکٹرک نے شہر بھر میں‌ صرف دو دن لو‌شیڈنگ نہ کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے انجم وہاب کے مطابق وفاقی حکومت نے عید کی تعطیلات پر صارفین کو سہولت دینے کے لیے تین دین تک لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم کے الیکٹرک انتظامیہ نے  تین کے بجائے صرف دو دن منگل اور بدھ لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    کے الیکٹرک کے مطابق عید الاضحیٰ کے تینوں دن شہر بھر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی تاہم کسی بھی فالٹ یا بجلی کی بندش سے فوری نمٹنے کے لیے کے الیکٹرک کا عملہ 24 گھنٹے ڈیوٹی پر موجود رہے گا۔

    کے الیکٹرک کے مطابق عید کی تعطیلات کے دوران بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کے انتظامات مکمل کر لیے ہیں اور کسی بھی فنی خرابی پر فوری قابو پانے کے لیے آن ڈیوٹی ملازمین کو خصوصی ہدایات بھی جاری کر دی ہیں لیکن شہریوں کو ہر بار کی طرح اس بار بھی دعووں پر اعتبار نہیں۔

    قبل ازیں بھی کے الیکٹرک انتظامیہ کی جانب سے تعطیلات میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کے اعلانات کیے جاتے رہے ہیں تاہم متعدد بار اعلانات کے باوجوود غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کردی جاتی ہے۔

  • عید الاضحیٰ پر 10 لذیذ کھانوں کی تراکیب

    عید الاضحیٰ پر 10 لذیذ کھانوں کی تراکیب

    عید الاضحیٰ کے موقع پر گوشت کے پکوان دسترخوان کی شان ہوتے ہیں، قربانی چاہے گائے کی ہو یا بکرے کی عید الاضحیٰ پر کھانوں میں پہلا پکوان کلیجی ہی ہوتی ہے اور سب اسے شوق سے بھی کھاتے ہیں، کلیجی کے بعد دوسرا نام بریانی کا آتا ہے کیونکہ دن میں روٹی کھانے کے بعد لوگ شام میں چاول جیسے یخنی کا پلاؤ یا مصالحے والی بریانی کھانا پسند کرتے ہیں۔

    گھر میں قربانی ہو اور نئے نئے پکوان نہ بنیں یہ بھلا کیسے ممکن ہے؟ عید الاضحیٰ پر پکائے جانے والے چند نہایت آسان اور لزیز کھانوں کی تراکیب جانیئے۔


    کلیجی


     

    kaleji

     

    اجزاء

    مٹن کلیجی : ایک پاؤ

    کچا پپیتا : تین کھانے کے چمچ

    گرم مصالحہ : آدھا کھانے کا چمچ

    نمک : حسب ضرورت

    لال مرچ پسی ہوئی : ایک کھانے کا چمچ

    لہسن ادرک پیسٹ: ایک کھانے کا چمچ

    سرکہ : دو کھانے کے چمچ

    تیل چھ کھانے کے چمچ

    ہرا دھنیا : ہری مرچ گارنش کے لیے

    ترکیب

    کلیجی کو چھوٹی بوٹیوں میں کاٹ کر اچھی طرح دھو لیں، پھر اس میں سوائے تیل کے تمام مصالحے لگا کر دو گھنٹے میرینٹ کرلیں، فرائی پین میں تیل ڈال کر ہلکا گرم کریں پھر اس میں مصالحہ لگی تمام کلیجی ڈال کر ڈھک کر ہلکی آنچ پر پکائیں۔


    بمبئی بریانی


     

    biryani

    اجزاء

    بکرے کا گوشت : ایک کلو

    باسمتی چاول : ایک کلو

    بڑے آلو : چار عدد

    لیموں  : چار عدد

    لونگ  چار عدد

    باریک کٹی پیاز : چار عدد

    ہری مرچ : چھ عدد

    چھوٹی الائچی : چھ عدد

    ثابت کالی مرچ : چھ عدد

    کٹے ٹماٹر : چھ عدد

    سوکھے آلو بخارے : ایک پیالی

    گرم دودھ : ایک پیالی

    گھی یا تیل : ایک پیالی

    دہی : ایک پیالی

    باریک کٹا پودینہ : ایک گٹھی

    کالا زیرہ : ایک چائے کا چمچ

    پسی لال مرچ : ایک کھانے کا چمچ

    زردے کا رنگ : ایک چوتھائی چمچ

    پسا دھنیا : دو کھانے کے چمچ

    ادرک، لہسن کا پیسٹ : ڈیڑھ کھانے کا چمچ

    نمک : حسب ذائقہ

    ترکیب

    ایک کلو بکرے کے گوشت کو اچھی طرح دھولیں اب اس پر ایک پیالی دہی،ڈیڑھ چمچ کھانے کا چمچ۔ادرک لہسن کا پیسٹ  ایک کھانے کا چمچہ لال مرچ دو کھانے کے چمچ،پسا ہوا دھنیا ،دو عدد لیموں کا رس،ایک گٹھی باریک کٹا پودینہ ،چھ عدد ہری مرچ،ایک پیالی سوکھے آلو بخارے اور حسب ذائقہ نمک لگا کر آدھے گھنٹے کیلئے رکھ دیں۔

    اب ایک دیگچی میں ایک پیالی تیل گرم کرکے چار عدد پیاز گولڈن براؤن کریں اور آدھی نکال کر اخبار پر پھیلا دیں، باقی آدھی پیاز میں مصالحہ لگا ہوا گوشت ڈال کر ہلکی آنچ پر پکنے دیں جب پانی خشک ہوجائے تو اسے بھون کر اتار لیں پانی بالکل نہ ڈالیں، چار عدد آلو کو ہلکی سی بھاپ دے کر چار چار ٹکڑے کرکے فرائی کریں اور تلے آلوئوں کے ساتھ مٹن پر ڈال دیں۔

    پھر ایک کلو باسمتی چاولوں میں پودینہ ہری مرچ، چھ عدد چھوٹی الائچی، چھ عدد کالی مرچ،حسب ذائقہ نمک اور چار عدد لونگ ڈال کر الگ سے دو کنی ابالیں اور پھر پانی نتھار لیں۔اس کے بعد دیگچی میں ذرا دیگچی میں ذرا سی چکنائی لگا کر آدھی چاولوں کی تہہ لگائیں اب گوشت کی تہہ لگادیں پھر باقی چاولوں کی تہہ لگا تلی ہوئی پیاز ڈالیں ساتھ ہی ایک پیالی گرم دودھ میں ایک چوتھائی چائے کا چمچہ زردے کا رنگ ملا کر اس میں شامل کریں۔

    اس کے بعد دو عدد لیموں کا رس ڈال کر تیزآنچ پر توے پر دم دیں دس منٹ کے بعد آنچ ہلکی کردیں بھاپ اوپر آجائے تو تیار بریانی اتار لیں۔


    بہاری کباب


     

    kabab

    اجزاء

    گوشت انڈر کٹ کا پسندوں : آدھا کلو
    کی طرح کٹا ہوا

    دہی : ایک کپ

    نمک : حسبِ ذائقہ

    لال مرچ : 2 کھانے کے چمچ

    پسی ہوئی خشخاش : 2 کھانے کے چمچ

    دھنیا کوٹا ہوا: 2 کھانے کے چمچ

    گرم مصالحہ: 2کھانے کے چمچ

    پپیتا: 2 کھانے کے چمچ

    ادرک لہسن کا پیسٹ: 2 کھانے کے چمچ

    زیرہ : 1کھانے کے چمچ

    سرسوں کا تیل: 2 کھانے کے چمچ

    ترکیب

    دہی میں سارے مصالحے ڈال کر مکس کر لیں، پھر گوشت پر لگا کر 4 سے 5 گھنٹے رکھ لیں، پھر سیخوں پر بنالیں یا اون میں 350 ڈگری پر آدھا گھنٹہ کے لئے یا پھر 2 چمچ تیل میں فرائی پین پر بنالیں۔

    چٹنی

    چٹنی کے لئے 6 سے 8 بڑی لال مرچ سرکہ میں بھگو کر رکھ لیں، ایک کپ املی کا رس، 2 چمچ گڑ، نمک، بھنا زیرہ ایک چمچ، ثابت دھنیا 1 چمچ، لہسن کے جوئے 6 سے 8 عدد اور بڑی لال مرچ گرائنٹ کرلیں۔


    مصالحے دار مٹن کڑاہی


     

    mutton

    اجزا

    بکرے کا گوشت : 1 کلو

    نمک: ڈیڑھ چائے کا چمچ

    ادرک، لہسن کا پیسٹ : 1 کھانے کا چمچ

    ٹماٹر : آدھا کلو

    ہری مرچ : 8 عدد

    لال مرچ : 2 چائے کے چمچ

    گھی یا تیل : آدھا کپ

    ہرا دھنیا : آدھا گڈی

    ادرک : 2 انچ کا ٹکڑا

    سفید زیرہ: 2 کھانے کے چمچ

    ترکیب

    پہلے بکرے کے گوشت کو 2 کپ پانی اور آدھا چائے کا چمچ نمک کے ساتھ ابال لیں۔

    اب اس میں ادرک، لہسن کا پیسٹ شامل کر دیں اور ڈھک کر 10 منٹ تک پکائیں پھر اس میں ٹماٹر اور ہری مرچ ڈال کر دس منٹ کے لیے ڈھک دیں۔ اب اس میں پسی لال مرچ، نمک اور گھی یا تیل ڈال کر بھون لیں یہاں تک کہ گوشت گل جائے۔

    پھر اس میں ہرا دھنیہ، ادرک اور سفید زیرہ ڈال دیں اور نان کے ساتھ سرو کریں۔


    ملائی سیخ کباب


     

    malao

    اجزاء

    قیمہ : ایک کلو

    ادرک لہسن پسا ہوا : ایک کھانے کا چمچ

    نمک : حسب ذائقہ

    لال مرچ پسی ہوئی : ایک کھانے کا چمچ

    گرم مصالحہ پسا ہوا : ڈیڑھ کھانے کا چمچ

    کچا پپیتا پسا ہوا : دو کھانے کے چمچ

    ہرا دھنیا (باریک کٹا ہوا) : آدھی گٹھی

    پودینہ (باریک کٹا ہوا) : آدھی گٹھی

    ہری مرچیں (باریک کٹی ہوئی): چھ سے آٹھ عدد

    ڈبل روٹی کے سلائس : چار عدد

    انڈے : دو عدد

    فریش کریم : آدھی پیالی

    کوکنگ آئل : تلنے کے لیے

    ترکیب

    ڈبل روٹی کو ایک پیالی دودھ میں دس سے بارہ منٹ تک بھگو لیں پھر دودھ سے نکال کر لکڑی کے چمچ سے دبا دبا کر اچھی طرح نچوڑ لیں، نچوڑی ہوئی سلائس کو ادرک لہسن٬ نمک٬ لال مرچ٬ گرم مصالحہ٬ پپیتا٬ ہرا دھنیا٬ پودینہ اور ہری مرچوں کے ساتھ قیمہ میں اچھی طرح ملالیں۔

    قیمے میں فریش کریم ملا کر لمبے لمبے کباب بنا لیں، لکڑی کی سیخوں پر لگا کر کچھ دیر کے لیے فریج میں رکھ دیں، کڑاہی میں کوکنگ آئل کو درمیانی آنچ پر تین سے پانچ منٹ تک گرم کریں اور کبابوں کو پھینٹے ہوئے انڈوں میں ڈبو کر گولڈن فرائی کر لیں۔


    بیف روسٹ


     

    beef

    اجزاء

    گائے کا گوشت ثابت ٹکڑا (وزن دو کلو)، چربی صاف کروالیں

    سفید سرکہ : آدھی پیالی

    لیموں : چار عدد

    نمک : حسبِ ذائقہ

    ادرک (کٹی ہوئی) : دو کھانے کے چمچ

    کالی مرچ (کُٹی ہوئی) : آدھا کھانے کا چمچ

    دہی : دو پیالی

    تیل : آدھی پیالی

    ترکیب

    سب سے پہلے گوشت دھو کر ہاتھ سے سارا مصالحہ اچھی طرح لگا کر کانٹے سے گوشت اچھی طرح گود لیں تاکہ مصالحہ اندر تک چلا جائے، مصالحہ لگا کر گوشت کو دو گھنٹے کے لیئے رکھ دیں۔

    ایک بڑی دیگچی میں مصالحہ لگا گوشت ڈال کر اتنا پانی ڈالیں جس میں گوشت ڈُوب جائے، ہلکی آنچ میں ڈھکن ڈھانپ کر پکنے دیں، جب پانی خشک ہونے لگے تو تیل ڈال دیں۔

    کم از کم تین سے چار گھنٹے تیار ہونے میں لگیں گے، ہلکی آنچ میں پکائیں گے تو اتنا ہی اچھا گلے گا اور مزیدار بھی ہوگا۔ بچے ہوئے پانی میں ساس کے اجزاءشامل کریں اور روسٹ کے اوپر ڈال دیں اور مائیکروویواون میں تقریباً پندرہ منٹ کےلئے رکھ دیں، جب گوشت کے اندر تک موجود پانی اچھی طرح خشک ہو جائے تو اسے اون سے نکال کر مناسب ٹکڑوں میں کاٹ لیں ، مزیدار روسٹ کو تلے ہوئے آلوﺅں کے ساتھ پیش کریں۔

    گرم گرم نان کے ساتھ سرو کریں۔


    شامی کباب


     

    kabab-s

    اجزاء

    گائے کا گوشت : ایک کلو

    چنے کی دال : ایک پیالی

    لہسن کے جوے : 12عدد

    ادرک ایک بڑا ٹکڑا

    ثابت لال مرچ : 11 عدد

    ثابت گرم مصالحہ : ایک ٹیبل اسپون

    نمک : حسب ذائقہ

    انڈا : ایک عدد

    کباب میں بھرنے کیلئے مصالحہ

    پودینہ : آدھی گڈی باریک کٹا ہوا

    ہرا دھنیا : آدھی گڈی باریک کٹا ہوا

    ادرک باریک کٹی ہوئی : 2 کھانے کا چمچہ

    پیاز : 2 عدد کٹی ہوئی

    تیل حسب ضرورت تلنے کے لیے

    ترکیب

    سب سے پہلے گوشت کو دھو کر سب چیزوں کے ساتھ ابال لیں۔ جب گوشت اچھی طرح گل جائے تو پیس لیں پھر انڈا شامل کرکے ہاتھ سے اچھی طرح مکس کرلیں۔

    اب ہرا مصالحہ کباب کے درمیان میں بھریں۔ ٹکیہ بنا کر تل لیں۔


    مٹن چانپیں


     

    mutton-a

    اجزاء

    مٹن چانپیں : ½ کلو

    دہی : 1 کپ

    زیرہ : 1 چمچ

    گرم مصالہ : 1 چمچ

    ہلدی پاؤڈر: 1 چمچ

    لال مرچ پاؤڈر : 2 چمچ

    ادرک اور لہسن کا پیسٹ : 2 چمچ

    نمک : حسب ذائقہ

    ترکیب

    ایک پین میں تھوڑا گھی ڈالیں اور اس میں لہسن اور ادرک کا پیسٹ شامل کرنے کے بعد تھوڑی دیر پکائیں۔اس کے بعد مٹن کو شامل کریں جبکہ ساتھ ساتھ دہی، زیرہ، گرم مسالہ، ہلدی پاؤڈر، لال مرچ پاؤڈر اور نمک شامل کریں۔ پین کو ڈھکن سے بند کرکے 10 سے 20 منٹ تک پکائیں۔
    جب گوشت گل جائے تو چولہا تیز کریں اور پانی کو مکمل طور پر خشک کرلیں۔ گرل پین کو گرم کریں اور اس پربکے ہوئے گوشت کو رکھیں اور 15 سے 20 منٹ کے لیے گرل کریں۔ مزیدار مٹن چانپیں تیار ہیں۔


    افغانی تکہ بوٹی


     

    afghani

    اجزاء

    گائے کا گوشت : ڈھائی کلو بغیر ہڈی

    ٹماٹر : آدھا کلو

    ادرک : ایک چھٹانک

    مرچ : حسب ضرورت

    دھنیا : حسب ضرورت

    پیاز : آدھا پاﺅ

    آلو : آدھا کلو

    نمک : حسب ضرورت

    ترکیب

    گوشت کے چھوٹے چھوٹے قتلے کر لیں ایک برتن میں گھی ڈال کر تل لیں اس میں دھنیا ،پسی ہوئی ادرک ڈال کر بھونیں اور پانی اتنا ڈال دیں کہ گوشت گل جائے ،پیاز اور ٹماٹروں کے چھ چھ ٹکڑے کر لیں ،آلو ابال کر ان کی ٹکیاں بنا لیں جب گوشت گل جائے تو تمام اشیاءشامل کرکے ہلکی آنچ پر پانچ منٹ پکائیں کھانے کا مزہ دوبالا ہوجائے گا۔


    مغز مصالحہ


     

    brain

    اجزاء

    مٹن مغز : دو عدد

    لہسن ادرک : ایک کھانے کا چمچ

    مکھن  : ایک سو پچاس گرام

    سرخ مرچ : ایک چائے کا چمچ

    پسا گرم مصالحہ : ڈیڑھ چائے کا چمچ

    ہری مرچیں‌: تین عدد

    سرخ ٹماٹر : تین عدد

    پیاز ابلی ہوئی : دو عدد

    ہلدی : ڈیڑھ چائے کا چمچ

    دہی : دو کھانے کے چمچ

    ہرا دھنیا : آدھی گڈی

     ترکیب

    مغز ابال کر جھلی صاف کرکے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کر لیں۔ توے پر مکھن کی ٹکیہ ڈال دیں اب لہسن ،ادرک،ہلدی،نمک،مرچ ،ٹماٹر اور پیاز کا پیسٹ ڈال کر خوب بھونیں اور مغز شامل کر دیں۔ خوب بھونیں کچھ دیر ڈھکن لگا دیں جب مصالحہ سرخ ہوجائے تو دہی شامل کر دیں آخر میں گرم مصالحہ اور ہرا مصالحہ ڈال کر دو تین منٹ دم پر رکھ دیں۔

  • سعودی عرب،خلیجی ریاستوں،یورپ،امریکا میں آج عید الاضحی منائی جارہی ہے

    سعودی عرب،خلیجی ریاستوں،یورپ،امریکا میں آج عید الاضحی منائی جارہی ہے

    دبئی : سعودی عرب اور خلیجی ریاستوں سمیت یورپ، امریکہ اور کینیڈا میں آج عید الاضحی منائی جارہی ہے۔ نماز عید کے اجتماعات ہوں گے اور سنت ابراہیمی کے تحت قربانی کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب، فلسطین، اردن اور متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی ریاستوں کے مسلمان آج عیدالاضحیٰ مذہبی جوش وخروش سے منا رہے ہیں، سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں نماز عید کے اجتماعات ہوئے اور سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کی جارہی ہے۔

    یورپ کے کئی ملکوں میں مسلم کمیونٹی سنیٹرز میں عید کی نماز کا اہتمام کیا گیا ہے جبکہ امریکہ اور کینیڈا میں بھی عید الاضحیٰ کی نماز اور قربانی کا اہتمام کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب پاکستان، بھارت اوربنگلا دیش میں عیدالاضحیٰ کل منائی جائے گی۔

  • ہریانہ : بقر عید پر گائے کی قربانی پر پابندی

    ہریانہ : بقر عید پر گائے کی قربانی پر پابندی

    ہریانہ : نام نہاد سیکولر بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے آگیا، ہریانہ میں بقر عید پر گائے کی قربانی پر پابندی لگا دی گئی، گائے کے گوشت کے شبے میں بریانی کی دکانوں پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ریاست ہریانہ کے مسلمان اکثریتی علاقے میوات میں انتہاپسندو ہندو آپے سے باہر ہوگئے، پنچائیت کا اعلان کیا ہے کہ بقرعید پر گائے کی قربانی نہیں ہونے دیں گے۔

    گائے کے گوشت پر پابندی لگا کر بریانی کی دکانوں پرچھاپے مارے جارہے ہیں اور دکانداروں کو سخت کارروائی کی دھمکی دیدی گئی ہے۔

    یاد رہے ہریانہ کے وزیراعلیٰ نےانتہاپسندی کا زہراگلتے ہوئے مسلمانوں کو دھمکی دی تھی کہ اگروہ ہندوستان میں رہنا چاہتے ہیں تو گائے کا گوشت کھانا چھوڑ دیں ۔


    مزید پڑھیں : مسلمان بھارت میں رہنے کیلئے گائے کا گوشت چھوڑدیں ،وزیراعلی ہریانہ


    یاد رہے کہ ہریانہ میں گائے ذبح کرنے پر تین سے دس برس تک قید کی سزا کا قانون ہے۔ اس پر ایک لاکھ روپے کے جرمانے کی تجویز ہے۔ گائے کے گوشت رکھنے اور کھانے پر تین سال سے لے کر سات سال تک کی سزا ہوسکتی ہے

    بھارت میں یہ پہلا واقعہ نہیں ہیں، رواں سال جولائی میں  ریاست مدھیہ پردیش میں گائے کا گوشت لے جانے کے شبے میں دو مسلمان خواتین کو بدترین تشدد کا نشانہ بنا ڈالا جبکہ پولیس خاموش تماشائی بنی دیکھتی رہی تھی۔


     مزید پڑھیں : مدھیہ پردیش میں ہندو انتہا پسندوں کا 2مسلمان خواتین پر بدترین تشدد


    گزشتہ سال بھارتی ریاست اتر پردیش میں رہنے والے 50 سالہ مسلمان اخلاق کو مشتعل ہجوم نے ڈنڈے اور پتھرمارمار کر محض اس لئے ہلاک کردیا کہ اس پر گائے کا گوشت کھانے کا شبہ تھا۔


    مزید پڑھیں : بھارت میں گائے کا گوشت کھانے کے شبہ میں مسلمان قتل


    واضح رہے کہ ذوالحج کی 10 تاریخ کو قربانی کرنا مسلمانوں کے لئے ایک اہم فریضہ اور ان کا سالانہ تہوار ہے۔ جسے وہ ہرسال عقیدت کے طور پر باقاعدگی سے مناتے ہیں۔

  • عیدالاضحی،  دس ستمبر سے 8 اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ

    عیدالاضحی، دس ستمبر سے 8 اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ

    لاہور : ریلوے انتظامیہ نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر دس ستمبر سے 8 اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے‌۔

    تفصیلات کے مطابق ریلوے انتظامیہ نے عیدالاضحی کے موقع پر اضافی رش کے پیشِ نظر دس ستمبر سے 8 اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے‌، پہلی اسپیشل ٹرین دس ستمبر کو کراچی سے پشاور کے لیے روانہ ہوگی ، دوسری اسپیشل ٹرین دس ستمبر کو کوئٹہ سے راولپنڈی کیلئے روانہ ہوگئی۔

    تیسری ٹرین گیارہ ستمبر کو مسافروں کو لے کر کراچی کینٹ سے دن گیارہ بجے لاہور کے لیے روانہ ہوگی جبکہ چوتھی اسپیشل ٹرین بارہ ستمبر کو راولپنڈی سے لاہور کے لیے روانہ ہوگی۔

    پانچویں اسپیشل ٹرین لاہور سے راولپنڈی کے لیے جبکہ چھٹی اسپیشل ٹرین پشاور کینٹ سے کراچی کے روانہ ہوگی، ساتویں اسپیشل ٹرین راولپنڈی سے کوئٹہ جائے گی اور آٹھویں اسپیشل ٹرین لاہور سے کراچی کے لیے روانہ ہوگی۔

  • وفاقی حکومت نے عید الاضحیٰ پر تین چھٹیوں کی منظوری دیدی

    وفاقی حکومت نے عید الاضحیٰ پر تین چھٹیوں کی منظوری دیدی

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عید الاضحی کے لیے تین چھٹیوں کی منظوری دے دی.

    اطلاعات کے مطابق وفاقی حکومت نے عیدالاضحی کے موقع پر12 ستمبر سے 14 ستمبر تک کی چھٹیوں کا اعلان کردیا ہے۔

    واضح رہے کہ رویت ہلال کمیٹی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق عید الاضحیٰ 13 ستمبر کو ہوگی۔

    حکومت نے خوشی کے اس موقع پر تین دن کی چھٹیوں کا اعلان کیا ہے جو کہ بارہ سے چودہ دسمبر تک جاری رہیں گی تاہم عوام کو 11 ستمبر کو اتوار ہونے کے سبب ایک چھٹی اضافی ملے گی، تاہم ہفتے کو چھٹی کے باعث سندھ حکومت کے ملازمین 5 چھٹی کے مزے لیں گے۔

    دوسری جانب محکمہ ریلوے نے عید الاضحی پر کراچی سے دو عید اسپیشل ٹرینیں چلانے کا اعلان کردیا، پہلی عید اسپیشل ٹرین کراچی سے پشاور دس ستمبر کو روانہ ہوگی۔
    دوسری عید اسپیشل ٹرین کراچی سے براستہ ملتان ، فیصل آباد اور لاہور کیلئے گیارہ ستمبر کو صبح گیارہ بجے روانہ ہوگی، محکمہ ریلوے عید کے موقع پر مختلف شہروں سے آٹھ عید اسپیشل ٹرینیں چلائے گا۔

  • ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا، عیدالاضحیٰ 13ستمبر کو ہوگی

    ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا، عیدالاضحیٰ 13ستمبر کو ہوگی

    کراچی: پاکستان میں ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا جس کے بعد اب عید الاضحی منگل 13 ستمبر کو ہوگی، رویت ہلال کمیٹی نے اجلاس کے بعد باقاعدہ اعلان کردیا۔

    Zil-Hajj moon not sighted, Eid ull Azha on Sept 13 by arynews

    مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مفتی منیب الرحمن کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں تمام مکاتب فکر کے علما سمیت ماہرین موسمیات نے بھی شرکت کی۔ علاوہ ازیں ملک کے دیگر شہروں میں بھی ذیلی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے جن میں ملک بھر سے ملنے والی شہادتوں کے جائزے کے بعد چاند کے نہ نظر آنے کا متفقہ فیصلہ کیا گیا۔

    اجلاس کے بعد رویت ہلال کمیٹی نے میڈیا کو بریفنگ دی جس میں مفتی منیب نے بتایا کہ چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول نہ ہونے کے سبب رویت ہلال کمیٹی اعلان کرتی ہے کہ اتوار چار ستمبر کو یکم ذی الحج ہوگی جبکہ تیرہ ستمبر بروز منگل کو عیدالاضحیٰ منائی جائے گی۔

  • کراچی: قربانی کی کھالیں جمع کرنے کا ضابطہ اخلاق جاری

    کراچی: قربانی کی کھالیں جمع کرنے کا ضابطہ اخلاق جاری

    کراچی: حکومت سندھ  نے قربانی کی کھالیں جمع کرنے کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کردیا، کھالیں جمع کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر سے اجازت نامہ لینا ہوگا جبکہ لاہور میں کھالیں جمع کرنے پر مکمل پابندی عائد کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق عید الاضحی کی آمد سے قبل قربانی کی کھالیں جمع کرنے والوں کے لیے سندھ حکومت کی جانب سے ضابطہ اخلاق جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق کھالیں جمع کرنے کے لیے اجازت نامہ لازمی قرار دے دیا گیا ہے ۔

    ضابطہ اخلاق کے مطابق اجازت نامہ متعلقہ ضلع ڈپٹی کمشنر سے حاصل کرنا ہوگا، کھالیں جمع کرنے والے اداروں کو اپنی آڈٹ رپورٹ بھی جمع کرانی ہوگی، جبکہ کالعدم تنظیموں پر کھالیں جمع کرنے پر پابندی ہوگی۔

    دوسری طرف لاہور میں قربانی کی کھالیں جمع کرنے پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے، کھالیں جمع کرنے والی تنظیمیں اور ادارے اس حوالے سے اشتہاربازی بھی نہیں کرسکیں گے ۔

  • کراچی میں ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی سج گئی

    کراچی میں ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی سج گئی

    کراچی : عید قرباں کے قریب آتے ہی کراچی میں ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی سج گئی۔ لوگ قربانی کیلئے اپنی پسند کا جانور خریدنے جوق در جوق آ رہے ہیں۔

    COW POST 1

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی سج گئی۔ ملک بھر سے قربانی کے جانور منڈی پہنچا دیئے گئے۔

    COW POST 2

    گزشتہ کئی سالوں سے کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ سپر ہائی وے پر سات سو ایکڑ سے زائد رقبے پر ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی لگائی جاتی ہے۔

    منڈی میں مختلف علاقوں سے چھوٹے بڑے ہر نسل کے تقریباً تین لاکھ سے زائد جانور بیچنے کے لیے لائے جاتے ہیں، جن میں ایک لاکھ 75ہزار بڑے جانور اور تقریباً ایک لاکھ 25ہزار چھوٹے جانور ہوتے ہیں۔

     

    مویشی منڈی میں لوگ جانوروں کی قیمتیں سن کر کانوں کو ہاتھ لگا رہے ہیں لیکن پھر بھی پسند کا جانور بھاؤ تاؤ کے بعد خرید رہے ہیں۔

    بچوں کی تو موج ہی ہو گئی وہ جانوروں کے ساتھ خوب تفریح بھی کررہے ہیں، کوئی بھیڑ کی سواری کررہا ہے تو کوئی اونٹ کے ساتھ تصویریں بنوا رہا ہے۔ کسی کا بیل اس کی جان بن گیا ہے تو کوئی بکرے سے پیار کررہا ہے۔

    عید قرباں کے رنگ ملک بھر میں چھائے ہوئے ہیں اور کراچی سمیت ملک بھر میں مویشی منڈیوں میں رش لگا ہوا ہے۔ عید قربان جذبہ ایثار کا نام ہے اسی لیے ہر کوئی قربانی کیلئے خوبصورت اور صحت مند جانور کی تلاش میں ہے۔

    عید قربان کے آتے ہی سب کی خواہش اور کوشش ہے کہ خوب سے خوب ترجانور قربان کیا جائے، مویشیوں کے بیوپاری بھی اپنے جانوروں کی صفائی ستھرائی میں مصروف ہیں۔