Tag: Eid ul Fitar

  • عید منانے کیلئے جانے والوں کے گھروں کا صفایا

    عید منانے کیلئے جانے والوں کے گھروں کا صفایا

    راولپنڈی : عیدالفطر پر آبائی علاقوں کو جانے والوں کے گھروں پر چوری کی وارداتیں رپورٹ ہوئی ہیں، نامعلوم افراد گھروں سے قیمتی سامان اور زیورات لے کر فرار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے گلزار قائد میں چوروں نے 15 تولے سونا، قیمتی گھڑیاں لوٹ کر گھر کا صفایا کردیا جبکہ اڈیالہ روڈ پر چور گھر کے تالے توڑ کر سونا اور نقدی لے اڑے۔

    منگٹال چوک میں چاند رات پر دکان میں ڈکیتی کی سی سی ٹی وی سامنے آگئی، فوٹیج میں ڈاکوؤں کو اسلحہ کے زور پر موٹرسائیکل ورکشاپ میں ڈکیتی کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق ڈاکو 60 ہزار روپے نقدی لوٹ کر باآسانی فرار ہوگئے جبکہ نیوچاکرہ روڈ پر چورعید کے دن گھر سے10تولے زیورات ،نقدی لے اڑے،

    اس کے علاوہ اسلام آباد کی پوش سوسائٹی میں چور نے تالے توڑ کر گھر کا صفایا کردیا، سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو چوری اور گھر سے فرار ہوتے دیکھا گیا۔

  • یو اے ای کی مختلف جیلوں سے 325 پاکستانی قیدی رہا

    یو اے ای کی مختلف جیلوں سے 325 پاکستانی قیدی رہا

    ابوظبی : متحدہ عرب امارات کی حکومت نے اماراتی صدر شیخ محمد بن زایدالنہیان کی ہدایت پر ماہ رمضان میں 325 پاکستانی قیدیوں کو رہا کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق یو اے ای کی حکومت نے حکومت پاکستان کی خصوصی درخواست پر عید الفطر کے موقع پر وہاں کی جیلوں میں اسیر قیدیوں کو رہا کرنے کی خوشخبری سنادی۔

    اس حوالے سے متحدہ عرب امارات کی مختلف جیلوں میں قید 325 پاکستانی رہا کردیے گئے، حکومت پاکستان نے قیدیوں کی رہائی کے لیے حکومت امارات سےخصوصی درخواست کی تھی۔

    یو اے ای میں پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معمولی جرائم میں قید 325 پاکستانیوں کو رہا کر دیا گیا۔

    یو اے ای میں پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی کا کہنا ہے کہ ہم اماراتی صدر شیخ محمد بن زایدالنہیان کے خصوصی شکر گزار ہیں، پاکستانیوں کو لیگل سروس فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    دوسری جانب پاکستانی سفارتخانہ ابوظبی کے زیر اہتمام افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستانی پائلٹس، انجینیئرز، ٹیچرز،ڈاکٹرز اور وکلاء نے شرکت کی۔

  • عیدالفطر پر کتنی چھٹیاں ملیں گی؟

    عیدالفطر پر کتنی چھٹیاں ملیں گی؟

    کراچی : اس بار ملازمین کو عید الفطر پر کتنی چھٹیاں ملنے کا امکان ہے اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ عیدالفطر پر 4 سے 5 دن کی تعطیلات ہوسکتی ہیں، حتمی فیصلہ وزیر اعظم کریںگے۔

    ذرائع کے مطابق کابینہ ڈویژن نے ملک بھر میں عیدالفطر پر چھٹیوں سے متعلق کام کا آغاز کردیا ہے، وزیراعظم ہاؤس کو 4 سے5چھٹیاں دینے کی تجویز ارسال کی جائے گی، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ وزیراعظم ہی کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر عید جمعہ المبارک کو ہوئی تو20 سے 23اپریل تک چھٹیاں ہونے کا امکان ہے جب کہ ہفتہ22 اپریل کو عید ہونے کی صورت میں 20 سے 24 اپریل تک چھٹیوں کا اعلان متوقع ہے۔ اس سلسلے میں کابینہ ڈویژن وزیراعظم کی باضابطہ منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔

    دوسری جانب رویت ہلال ریسرچ کونسل نے پاکستان میں عید کا چاند نظر آنے کی تاریخ بتا دی، رویت ہلال ریسرچ کونسل کے سیکریٹری جنرل خالد اعجاز مفتی نے کہا ہے کہ شوال المکرم کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جمعرات 20 اپریل کی شام ہوگا۔

    تاہم اس شام عید کا چاند نظر آنے کا امکان نہیں ہے، لہٰذا عید الفطر 30روزے مکمل ہونے کے بعد ہفتہ 22 اپریل 2023ء کو منائی جائے گی۔

    رویت ہلال ریسرچ کونسل کا کہنا ہے کہ چاند کی پیدائش جمعرات 20 اپریل کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 9 بج کر 13 منٹ پر ہوگی۔

    یوں اس روز یعنی 29 رمضان المبارک کی شام غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر جو رویت کے لئے 19گھنٹوں سے زائد ہونی چاہیے وہ پاکستان کے تمام علاقوں میں 10 گھنٹوں سے بھی کم ہوگی,

    چنانچہ پاکستان کے تمام علاقوں میں مطلع انتہائی صاف ہوا تو بھی 20 اپریل کی شام ٹیلی اسکوپ پر بھی چاند نظر آنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔

  • نوازشریف عید کس ملک میں منائیں گے ؟ بڑی خبر سامنے آگئی

    نوازشریف عید کس ملک میں منائیں گے ؟ بڑی خبر سامنے آگئی

    لندن : سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) کے سربراہ نواز شریف رمضان المبارک کے آخری عشرے میں سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔

    ذرائع سے ملنے والی اے آر وائی نیوز کی خبر کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف کی ماہ رمضان کے آخری دس روز میں لندن سے سعودی آمد متوقع ہے، وہ رمضان کا آخری عشرہ مکہ اور مدینہ میں گزاریں گے۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اس بات کا بھی قوی امکان ہے کہ وہ عیدالفطر بھی سعودی عرب میں ہی منائیں۔

    واضح رہے کہ میاں نواز شریف صحت کی خرابی کے باعث علاج کی غرض سے گزشتہ تین سال کے زائد عرصے سے انگلینڈ کے دارالحکومت لندن میں مقیم ہیں۔

    گزشتہ سال یہ بات سامنے آئی تھی کہ ڈاکٹروں نے پاکستان مسلم لیگ ن کے سربراہ کو سعودی عرب جانے اور عمرہ نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ لندن کے ڈاکٹروں نے نواز شریف کو صحت کی خرابی کے باعث واپس پاکستان نہ جانے کا بھی مشورہ دیا ہے۔

  • عیدالفطر کے سکیورٹی انتظامات مکمل : پولیس افسران کی ڈیوٹیاں لگ گئیں

    عیدالفطر کے سکیورٹی انتظامات مکمل : پولیس افسران کی ڈیوٹیاں لگ گئیں

    اسلام آباد پولیس نے عیدالفطر کے لئے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے، عید کے دوران 1500 سے زائد پولیس افسران و جوان فرائض سر انجام دیں گے۔

    رپورٹ کے مطابق1032مساجد، 28 امام بارگاہوں کیلئے نماز عید پر خصوصی سیکیورٹی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، عید کی چھٹیوں کے دوران اسپیشل پٹرولنگ پلان بھی تشکیل دے دیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ پبلک مقامات، پارکس اور دیگر مقامات پراضافی نفری تعینات رہے گی، چھٹیوں کے دوران سیکٹرز میں گشت اور چیکنگ میں اضافہ کردیا گیا۔

    ترجمان پولیس کے مطابق زونل افسران کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ خود علاقوں میں موجود رہیں، ایس ایس پی آپریشنز تمام سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کریں گے۔

    ایمرجنسی میں فوری ریسپانڈ کیلئے سیف سٹی پر کنٹرول روم بھی قائم کردیے گئے ہیں، سیکٹرزکی گلیوں میں تعینات سیکیورٹی گارڈز کو بھی چیک اور بریف کیا جائے گا۔

    ترجمان پولیس کا مزید کہنا ہے کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔۔

  • صدر مملکت نے قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کا حکم جاری کردیا

    صدر مملکت نے قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کا حکم جاری کردیا

    اسلام آباد : صدر مملکت نے عیدالفطر کے موقع پر قیدیوں کی سزا میں 90 روز کی معافی کی منظوری دے دی ہے، قیدیوں کی سزا میں معافی کا نوٹیفکیشن وزیراعظم کی ایڈوائس پر جاری کیا گیا۔

    قیدیوں کی سزا میں 90 روزہ معافی کا نوٹیفکیشن چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان حکومت کو ارسال کردیا گیا ہے۔

    حکومت پاکستان کی جانب سے جاری کرہ نوٹیفکیشن کے مطابق اس عرایت کا اطلاق قتل، ریاست مخالف سرگرمیوں، ڈکیتی، اغواء اور دہشت گردی کے ملزمان پر نہیں ہوگا۔

    حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ 90روزہ معافی کا اطلاق ان مرد قیدیوں پر ہوگا جو سزا کا دو تہائی مکمل کرچکے ہیں۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق 65سال سے زائد مجرم جو قید کا ایک تہائی حصہ مکمل کرچکے وہ بھی مستفید ہوں گے، وہ خواتین قیدی جو سزا کا تہائی پورا کرچکی ہیں وہ بھی معافی کا فائدہ اٹھاسکیں گی۔

    اس کے علاوہ18سال سے کم عمر بچے جو سنگین جرائم میں ملوث نہیں وہ بھی اس رعایت سے مستفید ہوں گے۔

  • عید الفطر کے روز ملک بھر میں "یوم فلسطین” منانے کا اعلان

    عید الفطر کے روز ملک بھر میں "یوم فلسطین” منانے کا اعلان

    اسلام آباد : پاکستان علماء کونسل نے عید الفطر کے روز ملک بھر میں یوم فلسطین منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب سے پاک سعودی عرب تعلقات کونئی جہت اور قوت ملی ہے۔

    علامہ حافظ  طاہر محمود اشرفی نے اسلام آبادمیں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپریم رابطہ کونسل کا قیام، مختلف شعبوں میں معاہدے ، تعلقات کو دینی ، تجارتی ، اقتصادی اور معاشی طور پر مضبوط کریں گے ۔

    انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم پاکستان نے سعودی عرب کی قیادت ، اسلامی تعاون تنظیم ، رابطہ عالم اسلامی اور آئمہ حرمین شریفین سے ملاقاتوں کے دوران اسلامک فوبیا ، توہین ناموس رسالت ﷺاور عالم اسلام کے مسائل کے حل کیلئے مستقل بنیادوں پر عملی اقدامات اٹھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

    علامہ  طاہر اشرفی نے کہا کہ  مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کی مکمل تائید و حمایت کے ساتھ ساتھ فلسطینیوں اور کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کی بھرپور مذمت اور اسلامتی تعاون تنظیم سے فوری اقدامات اٹھانے کا بھی کہا گیا ہے۔

    مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کیلئے حرم مکہ مکرمہ میں خصوصی دعائیں کی گئیں، وزیراعظم عمران خان کیلئے روضہ رسول ﷺاور خانہ کعبہ کا دروازہ کھولا گیا، مرکز ملک سلمان طویل عرصہ سے دنیا بھر میں فلاحی کام کر رہا ہے۔

    مرکز ملک سلمان کے کسی بھی رفاہی کام کو نشانہ بنانے والے دراصل پاک سعودی عرب تعلقات کی مزید مضبوطی اور استحکام سےخوفزدہ ہیں، مرکز ملک سلمان نے ہر دور حکومت میں پاکستانیوں کی خدمت کی ہے ۔

     

  • سعودی عرب میں عیدالفطر کب منائی جائے گی؟ ماہر فلکیات نے بتا دیا

    سعودی عرب میں عیدالفطر کب منائی جائے گی؟ ماہر فلکیات نے بتا دیا

    جدہ : سعودی عرب میں عیدالفطر کی تاریخ اور رمضان المبارک سے متعلق ماہر فلکیات نے اہم بیان جاری کیا ہے ان کا کہنا ہے کہ عید الفطر13 مئی بروز جمعرات کو ہو سکتی ہے۔

    سعودی عرب میں جدہ فلکیاتی انجمن نے کہا ہے کہ اس مرتبہ رمضان کے 30 روزے ہوں گے اور عید کا چاند بارہ مئی بدھ کو نظر آئے گا۔ منگل گیارہ مئی 29 رمضان کو کہیں بھی چاند نظر نہیں آئے گا۔ عید الفطر جمعرات تیرہ مئی کو ہونے کا امکان ہے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق فلکیاتی انجمن کے سربراہ انجینیئر ماجد ابو زاھرۃ نے بیان میں کہا کہ منگل گیارہ مئی 29 رمضان کو مکہ مکرمہ کے آسمان سے چاند سورج غروب ہونے سے قبل ہی چھپ جائے گا۔

    مکہ مکرمہ میں منگل گیارہ مئی کو چاند6 بج کر39 منٹ پر ڈوب جائے گا۔ اس کے بارہ منٹ بعد 6 بج کر 51 منٹ پر سورج غروب ہوگا لہٰذا منگل کی شام کو عید کی چاند کی رویت ناممکن ہوگی۔

    ابوزاھرۃ نے کہا کہ بدھ بارہ مئی30 رمضان کی شام کو سورج مکہ کے مطلع پر 6 بج کر 52 منٹ پر غروب ہوگا اور اس وقت چاند 7 ڈگری کی بلندی پر نمودار ہوگا۔

    چاند7 بج کر 30 منٹ پر غروب ہوگا جسے سورج چھپنے کے 38 منٹ تک دیکھا جاسکے گا، یہ اس صورت میں ممکن ہوگا جب موسمی حالات ٹھیک ہوں گے۔

    جدہ کی فلکیاتی انجمن کے سربراہ نے اپنا بیان میں مزید کہا کہ سعودی عرب میں عید الفطر کا سرکاری فیصلہ سپریم کورٹ کرے گی۔

  • آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی عید الفطر پر قوم کو مبارکباد

    آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی عید الفطر پر قوم کو مبارکباد

    کراچی : پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری نے مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی ہے، اپنے پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ عید پر نادار و محتاج افراد کو بھی اپنی خوشیوں میں شامل کریں۔

    سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ آج کا دن ضرورت مند بھائیوں اور بہنوں کی مدد کا تقاضا کرتا ہے، اللہ کے حضور سجدہ کرتے وقت ملکی سلامتی اور یکجہتی کی دعا کی جائے، آج ملک کو قومی یکجہتی اور اتحاد کی شدید ضرورت ہے۔

    آصف زرداری کا اپنے پیغام میں مزید کہنا تھا کہ ہم سب کو آئین جو اسلامی اورجمہوری ہے کا تقدس بحال رکھنا ہے، مذہب کی آڑ میں فتنہ فساد پھیلانے والے عناصر کو شکست دینا ہوگی، اس موقع پر شہیدوں کو یاد رکھا جائے جنہوں نے دھرتی ماں کیلئے اپنی جانیں قربان کیں۔

    بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان سمیت پوری دنیا میں امن کے لئے دعاگو ہوں، رمضان المبارک کی اصل روح صبروعاجزی ہے، اس جذبے کی رمضان کے بعد بھی پیروی کی جاتی رہنی چاہئے۔

    عید کے موقع پر ملک کے غریب عوام کے لئےفکرمند ہوں، عوام مہنگائی میں گزر بسرنہ ہونے سے آہیں بھرنے پرمجبور ہیں، عید پر نادار و محتاج افراد کو بھولنا نہیں چاہئے، ملک کیلئے جانیں قربان کرنے والوں اور ظلم کا شکار لوگوں کو یاد رکھنا چاہئے۔

  • عیدالفطر کے دن ٹرین میں سفر کرنے والے مسافروں کیلئے بڑی خوشخبری

    عیدالفطر کے دن ٹرین میں سفر کرنے والے مسافروں کیلئے بڑی خوشخبری

    لاہور : وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے عوام کو خوشخبری سناتے ہوئے عید کے دن ریلوے میں سفر کرنے والوں کے لیے آدھے ٹکٹ کا اعلان کردیا، اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید احمد کی جانب سے عید کے پُرمسرت موقع پر ریلوے مسافروں کے لیے بڑا اعلان کیا گیا ہے، جس کے مطابق عید کے پہلے روز پاکستان ریلوے کے ذریعے سفر کرنے والے مسافروں کو تمام ٹرینوں میں پچاس فیصد رعایت دینے کا کہا گیا ہے۔

    اس حوالے سے محمکہ ریلوے کی جانب سے حکم نامہ بھی جاری کردیا گیا ہے، اسپیشل ٹرینوں کے علاوہ مسافروں کی مزید سہولت کے لیے مختلف ٹرینوں میں اضافی کوچز لگانے کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔

    جن ٹرینوں میں اضافی کوچز لگائی جائیں گی ان میں پاک بزنس ایکسپریس، کراچی ایکسپریس اور شاہ حسین ایکسپریس شامل ہیں۔

    مزید پڑھیں : عیدالفطر  پر اضافی رش :  پاکستان ریلوے کا 5خصوصی ٹرینیں چلانے کا اعلان

    واضح رہے کہ پاکستان ریلوے نے عید پر اضافی رش کے پیش نظر پانچ خصوصی ٹرینیں چلانے کا اعلان کردیا ہے ، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی خصوصی ہدایت پر چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے محمد آفتاب اکبرکی منظوری کے بعد باقاعدہ شیڈول جاری کیا گیا۔