Tag: EID

  • سعودی عرب میں عید کی تعطیلات کا اعلان

    سعودی عرب میں عید کی تعطیلات کا اعلان

    ریاض: سعودی عرب میں عید الفطر اور عید الاضحیٰ کی تعطیلات کا اعلان کردیا گیا، عید الفطر کی تعطیلات 17 اپریل سے ہوں گی۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی سینٹرل بینک (ساما) نے رمضان، عید الفطر اور عید الاضحی کی تعطیلات کے دوران بینک، ان کی شاخوں اور ترسیل زر کے مراکز کے اوقات کار جاری کیے ہیں۔

    ساما کا کہنا ہے کہ رمضان کے دوران صبح 10 بجے سے سہ پہر 4 بجے تک ہوں گے، بینکوں کی تمام شاخوں کے اوقات کار یہی ہوں گے۔

    ترسیل زر کے مراکز صبح ساڑھے 9 سے شام ساڑھے 5 بجے تک کھلے رہیں گے۔

    ساما نے عیدالفطر کی تعطیلات کے حوالے سے بتایا کہ پیر 17 اپریل 2023 یعنی 26 رمضان کی ڈیوٹی کے بعد بینکوں میں تعطیلات کا آغاز ہوگا۔

    منگل 25 اپریل یعنی 5 شوال سے سے بینک دوبارہ کھلیں گے۔

    عید الاضحیٰ کی تعطیلات جمعرات 22 جون 2023 یعنی 4 ذوالحج کو ڈیوٹی ختم ہونے پر شروع ہوں گی، اس کے بعد اتوار 2 جولائی یعنی 14 ذوالحج سے بینک دوبارہ کھلیں گے۔

  • عید کی تعطیلات میں گیسٹرو اور ڈائریا میں اضافہ، اسپتال مریضوں سے بھر گئے

    عید کی تعطیلات میں گیسٹرو اور ڈائریا میں اضافہ، اسپتال مریضوں سے بھر گئے

    لاہور: عید کی تعطیلات کے دوران صوبہ پنجاب میں گیسٹرو اور معدے کی تکالیف کے مریضوں میں اضافہ ہوگیا، سرکاری و نجی اسپتال مریضوں سے بھر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق عید کے 3 روز گیسٹرو اور معدے کی تکلیف کے سبب شہریوں نے سرکاری و نجی اسپتالوں کا رخ کرلیا، لاہور کے 7 سرکاری اسپتالوں میں فوڈ پوائزننگ کے 10 ہزار سے زائد مریض پہنچ گئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ السر، انتڑیوں میں انفکیشن، معدے کی تکالیف اور ڈائریا کے مریض بھی اسپتال پہنچے، مختلف اسپتالوں میں گیسٹرو، ہائی بلڈ پریشر اور بدہضمی کی وجہ سے بھی سینکڑوں مریض داخل ہوئے۔

    میو اور سروسز اسپتال میں 800 سے زائد، جناح اسپتال اور جنرل اسپتال میں 600 سے زائد اور گنگا رام اسپتال اور شاہدرہ اسپتال میں 500 سے زائد مریض رپورٹ ہوئے۔

    طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ گوشت اور مصالحہ جات کے استعمال سے ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں میں اضافہ ہوا ہے۔

  • گرمیوں کی عید کا میک اپ لک کیسا ہونا چاہیئے؟

    گرمیوں کی عید کا میک اپ لک کیسا ہونا چاہیئے؟

    عید الاضحیٰ میں چند ہی دن رہ گئے ہیں اور عید کے دن یا تو گھر پر دعوت کا اہتمام ہوتا ہے یا پھر کسی کے گھر دعوت ہوتی ہے۔

    عید کے موقع پر کچن کے کام خواتین کو مصروف تو رکھتے ہیں تاہم وہ اپنی تیاری میں بھی کوئی کمی نہیں آنے دیتیں۔

    چونکہ موسم گرما ہے تو ایسے میں عید پر ہلکی پھلکی تیاری اور میک اپ ہی کافی ہوگا۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں بیوٹی ایکسپرٹس نے بتایا کہ عید کے دن کے اوقات کا بھی لازمی خیال رکھیں۔

    دن کے وقت کی دعوت کے لیے ہلکے رنگ کے کپڑوں اور معمولی سے میک اپ کا انتخاب کریں، جبکہ رات کے وقت نسبتاً گہرے رنگ اور گہرا میک اپ کیا جاسکتا ہے۔

    بیوٹی ایکسپرٹس کے مطابق اس موقع پر ہلکا سا بیس، پلکیں اور لپ اسٹک ہی کافی ہوگا۔

    رات کی دعوت کے لیے گہرے رنگ کے آئی شیڈز اور لپ اسٹک استعمال کیے جاسکتے ہیں۔

    مزید ٹپس کے لیے ویڈیو دیکھیں۔

  • بونس کا اعلان، کویت میں کام کرنے والے افراد کے لیے خوشخبری

    بونس کا اعلان، کویت میں کام کرنے والے افراد کے لیے خوشخبری

    کویت سٹی: کویت کی پیٹرولیم کمپنیوں میں کام کرنے والے ملازمین کو بونس دینے کے احکامات جاری کردیے گئے، بونس کی تقسیم عید الاضحیٰ کی تعطیلات سے قبل یقینی بنائی جائے گی۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق کویت پیٹرولیم کارپوریشن کے سی ای او شیخ نواف السعود نے کے پی سی کی ذیلی کمپنیوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ ٹیم لیڈرز کو اگلے 5 جولائی سے مراعاتی بونس تقسیم کریں۔

    بونس میں تیل کے شعبے میں کام کرنے والے کل کارکنوں کا تقریباً 60 فیصد حصہ شامل ہوگا جبکہ یہ آنے والے ہفتوں میں ٹیم لیڈرز اور مینیجرز کو دیا جائے گا۔

    اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ تمام اہل کارکنوں کو انعام دینے کا کل بجٹ 170 سے 190 ملین دینار کے درمیان ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ السعود نے عید الاضحیٰ کی تعطیل سے قبل کارکنوں میں بونس کی تقسیم مکمل کرنے کے طریقہ کار کو تیز کرنے کی درخواست کی ہے۔

  • کراچی: ڈکیتی کے دوران حاملہ خاتون پر فائرنگ

    کراچی: ڈکیتی کے دوران حاملہ خاتون پر فائرنگ

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں عید الفطر کی تعطیلات کے دوران چور ڈاکو بے لگام ہوگئے، ڈکیتی کی واردات کے دوران 7 ماہ کی حاملہ خاتون پر فائرنگ کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق عید الفطر کی 3 روزہ تعطیلات کے دوران شہر قائد میں چور ڈاکوؤں کو کھلی چھوٹ مل گئی، شہر میں چھینا جھپٹی کے بے شمار واقعات پیش آئے۔

    نیو کراچی میں ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران حاملہ خاتون پر فائرنگ کردی، خاتون کے شوہر کا کہنا ہے کہ وہ اہلیہ کے ساتھ کہیں جارہے تھے جب راستے میں ڈاکوؤں نے روکا۔

    ان کے مطابق ملزمان نے گاڑی روکنے کی کوشش کی، نہ رکنے پر 7 ماہ کی حاملہ خاتون کے پیٹ پر گولیاں برسا دیں، زخمی خاتون کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    خاتون کے شوہر کا کہنا ہے کہ بچہ پیٹ میں ہی دم توڑ چکا ہے جبکہ خاتون کی حالت نازک ہے۔

    دوسری جانب نارتھ کراچی سیکٹر 7 ڈی میں ڈکیتی کی واردات ناکام بنا دی گئی، سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عید کے نئے کپڑے پہنے 2 ملزمان موٹر سائیکل پر آئے، کم عمر ملزمان نے اسلحہ نکالا اور شہری سے موبائل چھین کر فرار ہونے لگے۔

    اس دوران شہری نے مزاحمت کی تو ملزم کا موبائل فون زمین پر گر گیا، دوسری جانب سیکیورٹی گارڈ نے بھی ہوائی فائرنگ کی۔ ملزم پلٹ کر واپس آیا اور زمین پر گرا ہوا اپنا موبائل فون اٹھایا۔

    دونوں ملزمان ناکام واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔

    ایک اور واقعے میں ڈیفنس کے علاقے میں پولیس نے 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ دونوں ملزمان سے پستول اور گولیاں برآمد ہوئیں، ملزمان کے 4 ساتھی فرار ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی فائرنگ سے پولیس موبائل کو بھی نقصان پہنچا، دونوں ملزمان کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

  • عید الفطر: کچے گوشت کی مزیدار حیدرآبادی بریانی بنانے کی ترکیب

    عید الفطر: کچے گوشت کی مزیدار حیدرآبادی بریانی بنانے کی ترکیب

    عید الفطر کے موقع پر مہمانوں اور گھر والوں کی تواضع کے لیے بہترین پکوان بنائے جاتے ہیں، اسی لیے آج ہم آپ کو کچے گوشت کی حیدر آبادی بریانی بنانے کی ترکیب بتا رہے ہیں۔

    اجزا

    چکن: 1 کلو

    چاول: 1 کلو

    دہی: 1 کلو

    دار چینی: 2 عدد

    لونگ: 8 عدد

    چھوٹی الائچی: 4 عدد

    کالی مرچ: 5 عدد

    لال مرچ پسی ہوئی: 1 کھانے کا چمچ

    ہلدی: آدھا چائے کا چمچ

    چھوٹی الائچی: 2 چائے کے چمچ

    ادرک لہسن کا پیسٹ: 1 کھانے کا چمچ

    پیاز: چار عدد، فرائی، سلائس اور چورا کرلیں

    ہرا دھنیا باریک کٹا ہوا: آدھی گڈی

    دودھ: تھوڑا سا

    زردے کا رنگ: تھوڑا سا

    ترکیب

    پہلے چاولوں میں دار چینی، لونگ، چھوٹی الائچی اور کالی مرچ ڈال کر ابال لیں۔

    ایک پیالے میں چکن، دہی، ادرک لہسن کا پیسٹ، لال مرچ پاؤڈر، ہلدی اور پسی چھوٹی الائچی کو اچھی طرح مکس کر کے میری نیشن کے لیے چھوڑ دیں۔

    ایک پین میں تیل گرم کر کے اس میں پیاز کو فرائی کر کے نکال لیں اور ایک طرف رکھ لیں۔

    میری نیٹ کیے ہوئے گوشت کو فرائی پین میں ڈال دیں۔

    پھر اس میں فرائی کی ہوئی پیاز اور ہرا دھنیہ ڈال دیں۔

    اب گوشت کے اوپر فرائی کی ہوئی پیاز کا آدھا تیل ڈال دیں۔

    ابلے ہوئے چاولوں کو ڈال کر پکالیں۔

    دودھ اور زردے کے رنگ کو مکس کرلیں اور چاولوں پر ڈال دیں۔

    بچے ہوئے تیل کو گرم کر کے اس میں تھوڑا سا زردہ رنگ ڈال کر چاولوں پر ڈال دیں۔

    اس کو دم پر رکھ دیں اور جب پک جائیں تو ڈش میں ڈال کر سرو کریں۔

  • عید پر مقبول گیمز مفت ڈاؤن لوڈ کریں

    عید پر مقبول گیمز مفت ڈاؤن لوڈ کریں

    اب صارفین پلے اسٹیشن کی جانب سے عید پر مقبول گیمز مفت میں ڈاؤن لوڈ کر سکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پلے اسٹیشن نے ویڈیو گیمز کھیلنے کے شوقین صارفین کے لیے عید الفطر پر مقبول گیمز مفت میں ڈاؤن لوڈ کرنے کی سہولت دے دی ہے۔

    صارفین جانتے ہیں کہ ایکس باکس اور پلے اسٹیشن جیسے گیمنگ کنسول پر گیم کھیلنے کا شوق تھوڑا مہنگا ہے کیوں کہ اس میں تقریباً ہر گیم کو خریدنا پڑتا ہے۔

    لیکن اب کھلاڑیوں کی دل چسپی برقرار رکھنے کے لیے سونی پلے اسٹیشن نے اس ماہ بھی سبسکرائبرز کے لیے مقبول ترین گیمز تک رسائی کو ممکن بنا دیا ہے۔

    سونی کے آفیشل بلاگ پر شائع ہونے والی پوسٹ کے مطابق پلے اسٹیشن پلس کے سبسکرائبرز مقبول ترین ویڈیوگیمز مفت میں ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔

    اس ماہ جن گیمز تک رسائی مفت دی گئی ہے ان میں فیفا 22، ٹرائبس آف مڈ گارڈ اور کرس آف دی ڈیڈ گاڈز شامل ہیں۔ سبسکرائبرز ان گیمز کو 3 مئی سے 6 جون تک بنا کسی چارجز کے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔

    پلے اسٹیشن 5 کے سبسکرائبرزصرف 2 ٹائٹلز’فیفا22 ‘ اور’کرس آف دی ڈیڈ گاڈز‘ جب کہ پلے اسٹیشن 5 کے سبسکرائبرز تینوں ٹائٹلز سے مفت میں محظوظ ہو سکتے ہیں۔

  • وزیراعظم کی دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید کی مبارکباد

    وزیراعظم کی دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید کی مبارکباد

    وزیراعظم شہباز شریف نے ماہ رمضان المبارک ککے اختتام پر دنیا بھر کے مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی ہے۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا ہے جس میں اہل اسلام کو عید کی مبارک باد پیش کی گئی ہے۔

    شہباز شریف نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ماہ رمضان المبارک کے اختتام پر دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید کی مبارکباد، اوور سیز پاکستانیوں اور ساتھ ہی اپنے ساتھی مسلم رہنماؤں کو بھی عید کی مبارکباد دیتا ہوں۔

     

    وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ٹوئٹ میں باہمی تعلقات کے حوالے سے مزید لکھا ہے کہ باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے پاکستان کےعزم کا اعادہ کرتا ہوں۔

  • افغانستان اور آسٹریلیا میں عید منائی گئی

    افغانستان اور آسٹریلیا میں عید منائی گئی

    کابل: افغانستان اور آسٹریلیا میں آج عید الفطر منائی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق آج اتوار کو افغانستان اور آسٹریلیا میں عید مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی، افغانستان کے مختلف شہروں میں عید کے اجتماعات ہوئے۔

    افغان میڈیا کے مطابق امیر اسلامی امارت ہبۃ اللہ اخونزادہ نے قندھار میں نماز عید ادا کی اور پہلے آڈیو پیغام کے ذریعے عید کی مبارک باد دی۔ افغانستان کے نائب وزیر اعظم ملا عبدالغنی برادر نے عید الفطر کے خطبے میں گزشتہ 20 سال کی جنگ کا ذکر کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ امارت اسلامیہ کے مخالفین فوجی طاقت استعمال نہیں کر سکتے۔

    افغانستان کے نائب وزیر اعظم ملا عبدالغنی برادر نے عید الفطر کا خطبہ دیا

    خیال رہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، فلسطین سمیت دیگر خلیجی ممالک میں کل عید ہوگی، عید آتے ہی بازاروں میں گہماگہمی عروج پر پہنچ گئی ہے۔

    تیونس کے بازار جگمگا رہے ہیں، فلسطین کی مارکیٹ میں بھی رونقیں عروج پر ہیں، انڈونیشیا اور ملائیشیا میں بھی لوگوں کا بازاروں میں رش لگ گیا ہے، ڈھاکا سے ہزاروں افراد اپنوں میں عید منانے کشتیوں کے ذریعے آبائی علاقوں کو روانہ ہو رہے ہیں۔

    سعودی عرب اور یو اے ای میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، عید الفطر 2 مئی کو ہوگی

    گزشتہ روز سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا تھا، جس کے بعد مملکت میں عید الفطر 2 مئی بروز پیر کرنے کا اعلان کیا گیا۔

    سعودی سپریم کورٹ نے اپیل کی تھی کہ شہری اپنے طور پر 29 رمضان کی شام شوال کا چاند دیکھنے کی کوشش کریں، شوال کا چاند کھلی آنکھ یا دوربین سے دیکھنے کی کوشش کی جائے، تاہم کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔

  • عید کے تینوں دن بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ

    عید کے تینوں دن بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ

    لاہور: حکومت نے عید الفطر کے تینوں دن بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق حکومت نے پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں سے بجلی کی طلب اور رسد کی تفصیلات طلب کی ہیں، تینوں دن لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ عید پر بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے احکامات وزیر اعظم شہباز شریف نے دیے، لوڈ شیڈنگ نہ ہونے کو یقینی بنانے کے لیے تمام پاور جنریشن کمپنیوں کو مطلوبہ تیل اور گیس فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ تیل اور گیس کی قلت کے باعث متعدد پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار میں کمی آئی، ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ عید پر بجلی کی لوڈ شیڈنگ کنٹرول نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزارت توانائی نے کہا تھا کہ یکم مئی (آج) سے بجلی پیداوار میں تقریباً 2 ہزار میگا واٹ اضافہ ہوگا، اور ملک کے زیادہ تر علاقوں میں لوڈ شیڈنگ 50 فی صد کم ہو جائے گی، بتایا گیا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں بتدریج کمی ہوگی، وزیر اعظم نے اپنے وعدے کی تکمیل شروع کر دی ہے۔

    وفاقی وزیر پانی و بجلی خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ جب وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی تو بجلی کی طلب کا تخمینہ 20 ہزار میگا واٹ لگایا گیا تھا، لیکن ہیٹ ویو کی وجہ سے بجلی طلب کا تخمینہ اب 23 ہزار میگا واٹ لگایا گیا ہے۔

    انھوں نے کہا تھا کہ یکم مئی بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم نہیں ہوگی، بہتری آنا شروع ہوگی، وزارت پٹرولیم سے 45 ہزار ٹن ایندھن فرنس آئل، آر ایل این جی مانگا ہے، مئی کے مہینے میں ایندھن وافر مقدار میں ہمارے پاس موجود ہوگا۔