Tag: EID

  • وزیر اعلیٰ پنجاب کی عید الفطر کے موقع پر پاکستانی قوم کومبارکباد

    وزیر اعلیٰ پنجاب کی عید الفطر کے موقع پر پاکستانی قوم کومبارکباد

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر ملت اسلامیہ اور پاکستانی قوم کو مبارک باد پیش کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے عید الفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ عید الفطر مسلمانوں کے لئے تشکر اور اللہ کے حضور سجدہ شکر بجا لانے کا دن ہے، آج ہم سب اپنی خوشیو ں میں غریبوں اور کم وسیلہ طبقات کو شریک کریں-

    انہوں نے کہا کہ عید الفطر کا حقیقی معنی عام آدمی کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنا ہے اور عام آدمی کا احساس کرنے سے ہی عید کا لطف دوبالا ہوگا، میرا ایمان ہے کہ پسے ہوئے طبقے کو اپنے ساتھ لے کر چلنے میں ہی ہماری نجات ہے اور مستحق اور بے سہارا افراد کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنے سے خوشیوں کو چار چاند لگتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان میں عام آدمی ہی ہماری پالیسیوں کا محور ہے اور وسائل سے محروم افراد کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنا ہماری دینی، اخلاقی اور قومی ذمہ داری ہے، ہمیں چائیے کہ اپنے گردو پیش پر نظر ڈالیں اور ان لوگوں کو بھی خوشیوں میں شریک کریں جو وسائل سے محروم ہیں۔

    عثمان بزدار نے کہا کہ آج ہمیں وطن کی حفاظت کیلئے اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والوں کی عظیم قربانیوں کو بھی یاد رکھنا ہے، وطن کی خاطر جام شہادت نوش کرنے والے بہادر سپوتوں کے عظیم والدین اور اہل خانہ کو بھی خوشیوں میں شریک رکھنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔

    پوپلزئی کو کنٹرول نہیں کرسکتے تو حکومت ان کے حوالے کردیں، مفتی منیب الرحمٰن

    وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والوں کی لازوال قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، عیدالفطر کے موقع پر ہم شہداءکے عظیم اہل خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں، تشکر کے اس دن کا تقاضا ہے کہ ہم باہمی رنجشوں اور اختلافات کو فراموش کر کے اخوت اور محبت کے جذبات کو فروغ دیں۔

  • وطن کو جلد مشکلات سے نکال لیں گے: وزیر اعظم کا عید کے موقع پر خصوصی پیغام

    وطن کو جلد مشکلات سے نکال لیں گے: وزیر اعظم کا عید کے موقع پر خصوصی پیغام

    اسلام آباد: وزیر  اعظم عمران نے تمام پاکستانیوں کو عیدالفطرکی مبارک باد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ حکومت بہت جلد وطن عزیز کو معاشی اور معاشرتی مشکلات سے نکال لے گی.

    تفصیلات کے مطابق شوال کا چاند نظر آگیا ہے، کل پورے ملک میں عید الفطر مذہبی عقیدت اور جوش و جذبے سے منائی جائے گی.

    اس موقع پر وزیر اعظم پاکستان نے اپنے خصوصی بیان میں کہا کہ خدا کا شکراداکرتا ہوں کہ اس نے ہمیں خوشیوں بھرا یہ دن عطا کیا.

    وزیراعظم نے کہا کہ اس دن کامقصد مسلمانو ں میں اتحاد، اخوت، سخاوت کوفروغ دینا ہے، ضرورت مند عزیز و اقارب کو بھی عیدکی خوشیوں میں شریک کریں، بخل، حسد،لالچ اور نفرت جیسے منفی رجحانات پرقابو پا کرسخاوت کو فروغ دیں.

    مزید پڑھیں: افواج پاکستان کی جانب سے اہل وطن کوعید مبارک

    وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے ترقی وخوش حالی کے لیے صحیح سمت میں سفرکا آغاز کر دیا ہے، بہت جلد وطن عزیز کو معاشی ومعاشرتی مشکلات سے نکالیں گے، ریاست مدینہ کی طرزپرفلاحی ریاست میں ڈھالنےمیں کامیاب ہوں گے.

    انھوں نے کہا کہ حکومت حقیقی فلاحی ریاست کے لیے ذمہ دارانہ کردارادا کرتی رہے گی، آپ کی محنت یقینی طورپراس مقصد کےحصول کے لیے معاون ہوگی.

  • ممتاز علمائے کرام نے خیبر پختون خوا میں عید کے اعلان کو مسترد کردیا

    ممتاز علمائے کرام نے خیبر پختون خوا میں عید کے اعلان کو مسترد کردیا

    پشاور: ملک کے ممتاز اور جید علمائے کرام نے خیبر پختون خوا میں عید کے اعلان کو مسترد کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ آج رمضان کا انتیس واں روزہ رکھیں۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے بھر میں آج عید الفطر منانے کا اعلان کیا ہے، جسے ملک کے نامور علمائے کرام نے مسترد کردیا۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں مفتی زبیر نے کہا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے ہوتے ہوئے ایک مسجد کی انتظامیہ کے کہنے پر صوبائی حکومت نے کیسے اعلان کردیا۔

    دریں اثنا مفتی نعیم کا کہنا تھا کہ ریاست کی قائم کردہ کمیٹی کی موجودگی میں عید کا اعلان کر کے صوبائی حکومت کیا ریاست میں اختلاف پیدا کرنا چاہتی ہے؟

    ایبٹ آباد کی جامع مسجد صدیق شریفی کے خطیب علامہ سعیداللہ ہزاروی نے کہا ہے کہ آج ہزارہ ڈویژن میں 29 واں روزہ ہوگا۔

    خیال رہے کہ گذشتہ روز وزیر اطلاعات کے پی شوکت یوسفزئی نے کہا کہ مسجد قاسم علی خان کو 112 سے زیادہ شہادتیں موصول ہوئیں، وزیراعلیٰ نے اظہار یکجہتی کے لیے کل عید منانے کا اعلان کیا ہے۔

    خیبرپختونخوا حکومت نے کل عید الفطر منانے کا اعلان کردیا

    قبل ازیں مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی زیر صدارت غیرسرکاری رویت ہلال کمیٹی نے آج عید الفطر منانے کا اعلان کیا تھا۔ مفتی شہاب الدین پوپلزئی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا سے 100 سے زائد شہادتیں موصول ہوئیں، چاند کی رویت 23 شہادتیں پشاور سے موصول ہوئیں۔

    یاد رہے کہ پاکستان میں چاند کی رویت کے حوالے سے کئی مسائل درپیش ہیں، خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں مقامی سطح پر مسجد قاسم خان کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی رمضان اور شوال کے چاند کا اعلان کرتے ہیں۔

  • کراچی میں عید کے پہلے اوردوسرے روز  ہیٹ ویو کا امکان

    کراچی میں عید کے پہلے اوردوسرے روز ہیٹ ویو کا امکان

    کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کو خبردار کیا ہے عید کے پہلے اور دوسرے روز موسم شدید گرم رہے گا، پارہ 40 ڈگری تک جانے کا امکان ہے جبکہ 15 جون کے بعد سے موسم میں تبدیلی آئے گی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کراچی میں ہیٹ ویو الرٹ جاری کردیا ہے ، جس میں عید کے پہلے اور دوسرے روز شدید گرمی کی پیشگوئی کی ہے ، درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے جبکہ عید کے تیسرے سے موسم بہتر ہونا شروع جائے گا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے 15 جون کے بعد سے موسم میں تبدیلی آئے گی ساٹ محکمہ موسمیات کے مطابق جولائی اوراگست کا مہینہ مون سون ہو گا۔

    کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ ، ہوا میں نمی کا تناسب 54 فیصد ہے جبکہ 21 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔

    دوسری جانب سندھ پنجاب اور بلوچستان کے میدانی علاقوں میں جھلسا دینے والی گرمی کی لہر جاری ہے، جیکب آباد ، سکھر دادو ، لاڑکانہ میں قیامت خیز گرمی سے شہری نڈھال ہیں ، ۔ آج سب سے زیادہ درجہ حرارت سکھرمیں انچاس ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

    راولپنڈی اسلام آبادسمیت بالائی علاقوں میں تیزہواؤں کے ساتھ بارش سے گرمی کی شدت کچھ کم ہو گئی۔۔ محکمہ موسمیات نے مالاکنڈ، ہزارہ، مردان، پشاور، راولپنڈی، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

  • عید اسپیشل ٹرین آج کوئٹہ سے راولپنڈی کے لیے روانہ ہوگی

    عید اسپیشل ٹرین آج کوئٹہ سے راولپنڈی کے لیے روانہ ہوگی

    کوئٹہ: عید الفطر کے موقع پر آج سے مسافروں کے لیے خصوصی ٹرینیں چلائی جا رہی ہیں اور پہلی عید اسپیشل ٹرین آج کوئٹہ سے راولپنڈی کے لیے روانہ ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سے 10 بوگیوں پر مشتمل خصوصی عید ٹرین ساڑھے گیارہ بجے روانہ ہوگی جو سبی، ملتان، لاہور سے ہوتی ہوئی 3 جون کو شام ساڑھے چھ بجے راولپنڈی پہنچے گی۔

    ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ عید ٹرین میں بکنگ دو دن قبل ہی بند ہوچکی ہے جبکہ 8 جون کو راولپنڈی سے واپس کوئٹہ آنے والی عید اسپیشل ٹرین کی بکنگ بھی مکمل ہوچکی ہے۔

    پاکستان ریلوے کی جانب سے عید پر 5 خصوصی ٹرینیں چلائی جا رہی ہیں، کراچی سٹی اسٹیشن سے آج پشاور کے لیے ٹرین روانہ ہوگی، تیسری ٹرین 3 جون کو 11 بجے کراچی کینٹ سے لاہور کے لیے روانہ ہوگی۔

    ریلوے حکام کے مطابق چوتھی ٹرین 8 جون کو راولپنڈی سے 8 بجے کوئٹہ روانہ ہوگی جبکہ پانچویں ٹرین 8 جون کو لاہور سے شام 6 بجے کراچی کے لیے روانہ ہوگی۔

  • عید قریب آتے ہی کراچی میں ڈکیتیوں کی واردات میں اضافہ ہوگیا

    عید قریب آتے ہی کراچی میں ڈکیتیوں کی واردات میں اضافہ ہوگیا

    کراچی: عید قریب آتے ہی شہر قائد میں ڈکیتیوں کی واردات میں اضافہ ہوگیا، جبکہ صدر پولیس نے چھاپہ مار کر چھ منشیات فروشوں کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن اقبال مارکیٹ میں دکان پر ڈکیتی کی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے تین افراد زخمی ہوئے جن میں ایک زخمی دم توڑ گیا۔

    گلشن اقبال پولیس کی کارروائی کے دوران دواسٹریٹ کرمنل گرفتار کرلیئے، ملزمان سے اسلحہ، موٹرسائیکل اور چھینے گئے موبائل فونز برآمد کرلیئے گئے۔

    پولیس نے گرفتار ملزمان کی نشاند ہی پر صدر میں شاپنگ سینٹر پر چھاپہ مارا، کارروائی کے دوران چھ ملزمان گرفتار ہوگئے، ملزمان آئس اور کرسٹل کا نشہ بیچنے والے گینگ سےتعلق رکھتے ہیں، گروہ میں شامل مزید ملزمان کی گرفتاری کیلئےکارروائیاں جاری ہیں۔

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں شہرقائد میں سائٹ سپرہائی وے پولیس موبائل پر دہشت گردوں نے دستی بم سے حملہ کیا تھا، پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوا تھا۔

    کراچی: پولیس موبائل پر دستی بم حملہ، جوابی کارروائی میں دہشت گرد ہلاک

    اس سے قبل بھی متعدد بار پولیس موبائل پر حملے ہوچکے ہیں، سال 2014 میں نیپا چورنگی کے علاقے میں نامعلوم افراد کی طرف سے پولیس وین پر دستی بم سے حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے۔

  • صدر مملکت کی عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر اہل وطن کو مبارکباد

    صدر مملکت کی عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر اہل وطن کو مبارکباد

    اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی نے عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر اہل وطن کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ دعا ہے ماہ بابرکت ہمارے لیے باعث خیروبرکت ہو۔

    اپنے جاری کردہ خصوصی پیغام میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے نبیﷺ کو پوری انسانیت کے لیے کامل رہنما اور معلم بنا کر بھیجا ہے۔

    انہوں نے کہا سرکار دو عالمﷺ کی تعلیمات سے زندگی کے ہر گوشے میں انقلاب برپا ہوگیا، آپ ﷺ کی آمد سے زندگی کے ہر شعبے میں خوشگوار تبدیلی روہنما ہوئی۔

    عارف علوی کا کہنا تھا کہ حضرت محمدﷺ کی حیات مقدسہ ہمارے لیے کھلی کتاب کی صورت ہے، آپﷺ کی زندگی سادگی، انصاف، رحمت، سخاوت اور تواضع کا درس ہے۔

    ہماری خوش قسمتی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں رسول ﷺ کا امتی بنایا، وزیراعظم کا خصوصی پیغام

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ریاست مدینہ کے مدنظر ہمیں دینی، قومی اور اجتماعی مفادات کو ترجیح دینی ہوگی، انسانیت کی فلاح کا دارومدار حضورﷺ کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہونے میں ہے۔

    دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آپ ﷺ کی جامع الصفات شخصیت ہر انسان کے لیے قابل تقلید ہے، آپ ﷺ نے اقوام عالم کو عدل و انصاف، مساوات، مذہبی رواداری کا پیغام دیا، آج وہ نظام دیکھنے کی نہ معلوم کتنی آنکھیں منتظر ہیں۔

    وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ نبی کے امتی ہونے کے ناطے خود کو حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات کے مطابق ڈھالنا ہوگا، آئیں پاکستان کو ریاست مدینہ کے طرز پر ڈھالنے کی کوشش کریں، ریاست مدینہ میں ہی ہم سب کی بقا اور سربلندی ہے۔

  • جشن عید میلاد النبی ﷺ کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں

    جشن عید میلاد النبی ﷺ کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں

    کراچی: جشن عید میلاد النبی ﷺ کی تیاریاں عروج پر ہیں، شہر رنگ و نور میں ڈوبا ہوا جبکہ ہر سو درودو سلام کی صدائیں بلند ہو رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سرورکائنات حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی آمد آمد ہے جبکہ ملک کے مختلف شہروں میں عاشقانِ رسول ﷺ نے گھروں اور گلیوں کو برقی قمقموں سے سجا دیا۔

    جشن عید میلادالنبی کے سلسے میں شہر بھر کی مساجد، عمارتوں اور شاہرائوں کو سبز پرچموں اور برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔

    عاشقان رسول ﷺ خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کے حوبصورت ماڈلز بنا کر سرور کائنات سے اظہار عقیدت کر رہے ہیں، آپ ﷺ کی ذات گرامی صورت میں اجمل اور سیرت میں اکمل ہے۔

    آپ ﷺ کے حالات و کمالات اور فضائل معجزات کو بیان کرنے کا نام عید میلاد النبی ہے۔

    رسول کریم ﷺ محبت کا تقاضا ہے کہ مسلمان متحد ہو کر امن و آشتی کا درس دیں، آپ ﷺ نے امن و محبت، بھائی چارگی اور احترام انسانیت کا درس دیا، اور یہ پیغام رہتی دنیا تک قائم رہے گا۔

    علمائے کرام کا کہنا ہے کہ عصر حاضر میں نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنا راہ نجات ہے۔

  • آئیں نئی قیادت کے سائے تلے متحد ہو جائیں: خاتون اول کا پیغام

    آئیں نئی قیادت کے سائے تلے متحد ہو جائیں: خاتون اول کا پیغام

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ اور خاتون اول بشریٰ بی بی کا کہنا ہے کہ آئیں نئی قیادت کے سائے تلے متحد ہو جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے عید الاضحیٰ پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اللہ پاکستان کو کامیابیاں، خوشیاں اورخوشحالی عطا فرمائے۔

    انہوں نے کہا کہ آئیں نئی قیادت کے سائے تلے متحد ہو جائیں۔

    بشریٰ بی بی کا مزید کہنا تھا کہ آئیں نئے پاکستان کے لیے پر امید رہیں۔

    یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان بشریٰ بی بی کے پاس روحانی رہنمائی کے لیے جایا کرتے تھے اور وہ ان سے اسی سال رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔

  • آپ کی عید کو بہترین بنانے والی ٹپس

    آپ کی عید کو بہترین بنانے والی ٹپس

    کہا جاتا ہے کہ عید بچوں کی ہوتی ہے۔ بڑوں کے لیے عید بہت سے کاموں اور ذمہ داریوں کا نام ہے۔

    اگر آپ ایک خاتون خانہ ہیں تو اس صورت میں آپ کی ذمہ داریوں میں اور بھی اضافہ ہوجائے گا کہ نہ صرف آپ کو گھر آنے والے مہمانوں کی میزبانی اور بہترین خاطر مدارات کرنی ہوگی بلکہ ساتھ ہی ڈھیروں دیگر کام بھی آپ کے منتظر ہوں گے۔

    اور پھر عید تو ہے ہی دعوتیں کرنے کا نام اسی لیے خاتون خانہ کی عید کچن میں ہی گزرتی ہے۔ تاہم اگر آپ عید کی آمد سے ایک 2 دن پہلے کاموں کی منصوبہ بندی کرلیں، اور چیزوں کو منظم کرلیں تو آپ بھی عید سے لطف اندوز ہوسکتی ہیں اور اہل خانہ اور مہمانوں کے ساتھ وقت گزار سکتی ہیں۔

    یہاں ہم آپ کو ایسے ہی کچھ طریقے بتا رہے ہیں جن پر عمل کرکے آپ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا سکتی ہیں۔


    تمام کاموں کی فہرست بنائیں

    عید سے ایک ہفتہ قبل تمام کاموں کی فہرست بنائیں۔ فہرست کے مطابق کام نمٹاتی جائیں۔ جو کام ہوجائے اسے فہرست میں سے کاٹ دیں۔


    مینیو ترتیب دیں

    عید کے تینوں دن کا مینیو ترتیب دیں۔ اسی حساب سے تمام لوازمات بھی پہلے سے منگوا کر رکھ لیں تاکہ عید پر افراتفری سے بچا جاسکے۔


    برتن پہلے سے نکال لیں

    عید پر اگر آپ کے گھر میں دعوت ہے تو برتن پہلے سے نکال کر انہیں دھو کر رکھ دیں۔ کھانے کے وقت صاف ستھرے برتنوں میں جلدی کھانا سرو ہوسکے گا۔


    گھر کی سیٹنگ

    دعوت کے پیش نظر اگر آپ کو گھر میں کچھ سیٹنگ کرنی ہے، جیسے بیٹھنے کی جگہ بنانی ہے، قالین بچھانے ہیں، فرنیچر آگے پیچھے کرنا ہے تو یہ سب کام عید سے ایک دن پہلے کرلیں۔

    صوفوں اور بستروں کے غلاف، چادر، اور پردے بھی ایک دو دن پہلے تبدیل کرلیں۔


    ٹھنڈے مشروبات کا انتظام

    گرمی کے موسم میں گھر آئے مہمانوں کو سب سے پہلے ٹھنڈے مشروبات کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس کے لیے بڑی مقدار میں برف جما کر رکھیں تاکہ عین موقع پر شرمندگی سے بچا جاسکے۔


    کھانے کی تیاری کریں

    ایک رات پہلے سے ہی کھانے کی تیاری کرلیں۔ مصالحہ بنا کر رکھ لیں، پیاز پیس لیں، کباب ایک دن پہلے بنا لیں۔ رائتہ، سلاد بھی رات میں بنا کر رکھا جا سکتا ہے۔


    ساتھ ساتھ صفائی کرتی رہیں

    کچن میں ہونے کے دوران ہی صفائی کا کام بھی نمٹا لیں خاص طور پر برتن دھو لیں تاکہ برتنوں کا ڈھیر جمع نہ ہو۔


    بچوں کے کام نمٹالیں

    بچوں کے کام نمٹا کر رکھ لیں۔ ان کے کپڑے، جوتے سب تیار کر کے رکھ دیں۔ اسی طرح صبح ہی بچوں کو تیار کردیں تاکہ وہ آرام سے کھیلتے رہیں۔


    مہمانوں کے آنے سے پہلے تمام کام نمٹالیں

    یہ سب سے زیادہ ضروری ہے کیونکہ عید مل بیٹھنے اور باتیں کرنے کا بہترین موقعہ ہے۔ مہمانوں کی آمد سے پہلے تمام کام نمٹا کر تیار ہوجائیں تاکہ آپ بھی عید کا صحیح لطف اٹھا سکیں۔

    ان طریقوں پر عمل کرکے آپ یقیناً اپنی زندگی کی بہترین عید گزار سکتی ہیں جس میں آپ افرا تفری اور بد نظمی سے بچ سکیں گی۔