Tag: EID

  • کچن میں عید گزارنے والی خواتین اپنے آپ کو مت بھولیں

    کچن میں عید گزارنے والی خواتین اپنے آپ کو مت بھولیں

    عید کا موقع ہے، گھر میں مہمان بھی آئیں گے۔ آپ کی کوشش ہوگی کہ اپنے گھر والوں اور مہمانوں کو مزیدار پکوان بنا کر کھلائیں۔

    لیکن اس موقع پر اپنے آپ کو بالکل مت بھولیں۔ عید کے دن اپنے لیے بھی وقت نکالیں۔ سارا دن چولہے کے سامنے گزارنے کے بعد بھی آپ تازہ دم لگ سکتی ہیں اور اس کے لیے آپ کو مندرجہ ذیل طریقوں سے اپنا خیال رکھنا ہوگا۔

    مزید پڑھیں: آپ کی عید کو بہترین بنانے والی ٹپس


    قدرتی اشیا کا استعمال

    اپنی جلد پر کیمیکلز لگانے کے بجائے زیادہ سے زیادہ قدرتی چیزوں کا استعمال کریں۔ آپ کے کچن میں موجود چیزیں آپ کی جلد کے لیے بہترین ہیں۔

    عید کی تیاری کرنے کے ساتھ کچھ وقت اپنے لیے بھی نکالیں اور قدرتی اشیا سے اپنی جلد کی حفاظت کریں۔


    سبزیوں اور پھلوں کا استعمال

    عید پر دعوتوں میں مرغن غذائیں کھانے میں آتی ہیں۔ ایسے موقع پر آپ اپنی بھوک سے کم کھائیں اور پھلوں کا استعمال بڑھا دیں۔

    زیادہ پانی اور رات کو سونے سے قبل دودھ پینا بھی مرغن غذاؤں کی تیزابیت کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ عید کے چوتھے دن مزیدار سبزی یا دال کی ڈش بنائیں۔


    میک اپ ضرور اتاریں

    دعوتوں میں جانے یا مہمانوں کی دعوت کرتے ہوئے آپ میک اپ ضرور استعمال کرتی ہوں گی لیکن رات سونے سے پہلے اسے ضرور صاف کریں۔

    رات کو میک اپ صاف کیے بغیر سونا جلد کو ناقابل تلافی نقصانات پہنچاتا ہے۔


    ورزش کریں

    ورزش کو اپنی زندگی کا معمول بنالیں۔ عید کی مصروفیات میں تمام کام نمٹانے کے بعد رات کو 15 منٹ کھلی ہوا میں چہل قدمی ضرور کریں۔

  • کوئی قوم ایثاروقربانی کے بغیرترقی نہیں کرسکتی: وزیراعظم کا عید کے موقع پر پیغام

    کوئی قوم ایثاروقربانی کے بغیرترقی نہیں کرسکتی: وزیراعظم کا عید کے موقع پر پیغام

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قربانی کاجذبہ ایک عالمگیرحیثیت کاحامل ہے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا. انھوں نے عیدالا ضحیٰ پرپوری قوم کومبارک باد پیش کی.

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سےدعا ہے کہ ہماری عبادات اورقربانیاں قبول فرمائے، قربانی کا مقصد خود کو اللہ کےحکم کےتابع کرنا ہے.

    عمران خان نے کہا کہ قربانی ایک عالمگیر جذبہ ہے، کوئی بھی قوم ایثاروقربانی کے جذبے کے بغیرترقی نہیں کرسکتی.

    واضح رہے کہ وزیراعظم نے عید کے دنوں میں بھی چھٹی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، عمران خان نے وفاقی وزرا کو بھی زیادہ چھٹیاں نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کا عید کے دنوں میں چھٹی نہ کرنے کا اعلان

    عمران خان عید کی چھٹیاں شہر اقتدارمیں ہی گزاریں گے، نماز عید اور قربانی کے بعد سرکاری امور کا جائزہ لیں گے۔

    یاد رہے کہ ملک بھر میں‌ 22 اگست بہ روز بدھ ملک بھر میں عید الاضحیٰ منائی جائے گی، مسلمان اللہ کی راہ میں قربانی کریں گے۔

  • عید پر لذیذ پکوان کھانے سے قبل اپنی صحت کا خیال رکھیں

    عید پر لذیذ پکوان کھانے سے قبل اپنی صحت کا خیال رکھیں

    عید  مزے مزے کے پکوان پکانے، کھانے کھلانے اور اس بہانے اپنے عزیز و اقارب سے ملاقات کا موقع ہے۔

    تاہم یہی ملنا ملانا اور دعوتیں اس وقت سخت مشکل میں مبتلا کردیتی ہیں جب میزبانوں کی میزبانی سے لطف اٹھاتے ہوئے اپنی صحت کو نظر انداز کردیا جائے اور سارا سال کھانوں میں کی جانے والی احتیاط اور پرہیز کو ایک طرف رکھ کر گوشت کی ڈشز پر ٹوٹ پڑا جائے۔

    چونکہ عید پر بڑا گوشت، مرغن اور مصالحہ دار پکوان بہت زیادہ کھانے میں آتے ہیں تو ایسے میں معدے اور پیٹ کی تکلیف میں مبتلا ہوجانا ایک عام بات ہے۔

    اسی صورتحال سے بچنے کے لیے ہم آپ کو کچھ مفید تجاویز بتا رہے ہیں جنہیں اپنا کر آپ کسی تکلیف میں مبتلا ہوئے بغیر دعوتیں اڑا سکتے ہیں۔


    احتیاط سے کھائیں

    یہ ناممکن ہے کہ آپ کسی کے گھر دعوت پر جائیں یا کوئی آپ کے گھر دعوت پر آئے اور آپ اس کے ساتھ کھانا نہ کھائیں۔ عید کے دنوں میں کھانے کو بالکل تو نہیں چھوڑا جاسکتا البتہ مقدار ضرور کم کی جاسکتی ہے۔

    ان دنوں میں اپنی بھوک کو کچھ چھوڑتے ہوئے عید کے پکوان سے لطف اندوز ہوں۔


    پانی کا استعمال بڑھا دیں

    عید کے چٹ پٹے پکوانوں سے لطف اندوز ہوتے ہوئے پانی کی کمی ہرگز نہ ہونے دیں اور موسم کی مناسبت سے پانی کا استعمال بڑھا دیں۔


    سلاد ۔ لازمی جز

    اگر آپ خاتون خانہ ہیں اور اپنے گھر میں ایک شاندار سی دعوت کا اہتمام کر رہی ہیں تو سلاد کو مینیو کا لازمی جز رکھیں۔ مختلف سبزیوں پر مشتمل سلاد یقیناً کھانے کی تیزی کو کم کرنے میں مدد دے گا۔


    کولڈ ڈرنک سے گریز

    کھانے کے ساتھ کولڈ ڈرنک رکھنے سے گریز کریں۔ اس کی جگہ فریش جوسز رکھے جاسکتے ہیں۔

    اگر آپ کسی کے گھر مہمان بن کر گئے ہیں تو کھانے کے بعد کولڈ ڈرنک کی جگہ ٹھنڈا پانی پئیں۔

    گو کہ ڈبے کے جوسز صحت بخش تو نہیں ہوتے تاہم یہ سوڈا ڈرنک سے بہتر ہوتے ہیں۔ کولڈ ڈرنک آپ کے معدے کو سخت نقصان پہنچانے والی شے ہے۔

    مزید پڑھیں: سافٹ ڈرنکس قبل از وقت بوڑھا کرنے کا سبب


    پھلوں کا استعمال

    دعوت میں کھانے کے بعد پھلوں سے بنا ہوا میٹھا رکھا جاسکتا ہے۔ دعوتوں کے درمیانی وقفوں میں پانی والے پھل جیسے تربوز کا بکثرت استعمال کریں۔


    دال اور سبزی کو مت بھولیں

    عید کی تعطیلات میں جس دن کوئی دعوت نہ ہو اس دن کم مصالحوں کی سبزیاں یا دال چاول بنائیں۔ یہ سادہ کھانا مسلسل کھائے جانے والے مرغن کھانوں کے منفی اثرات سے نمٹنے میں مدد دے گا۔

    ہوسکتا ہے آپ مسلسل دعوتوں میں مرغن کھانے اور گوشت کی ڈشز کھا کر اکتا چکے ہوں ایسے میں سادہ دال چاول اور سلاد آپ کے منہ کا ذائقہ بدلنے میں مدد دے گا اور آپ اس سادے کھانے کو آج سے پہلے کبھی اتنا لذیذ محسوس نہیں کرسکے ہوں گے۔


    دہی بہترین شے

    عید کی تعطیلات میں گھر پر رہتے ہوئے دہی اور لسی کو اپنے کھانے کا حصہ بنا لیں۔ یہ آپ کو گرمی کے اثرات سے بچانے میں معاون ثابت ہوگا۔


    ورزش کریں

    دن کے آخر میں سونے سے قبل کھلی ہوا میں چند منٹ کی چہل قدمی نہایت فائدہ مند ثابت ہوگی اور آپ کے جسمانی نظام کو معمول کے مطابق رکھنے میں مدد گار ثابت ہوگی۔

  • اس عید پر آپ کا مینیو کیا ہے؟

    اس عید پر آپ کا مینیو کیا ہے؟

    عید الاضحیٰ مزیدار کھانے بنانے، دعوتیں کرنے اور اس بہانے عزیزوں اور رشتہ داروں سے ملاقات کرنے کا موقع ہے۔

    اگر آپ خاتون خانہ ہیں تو عید کی آمد سے قبل آپ نے کھانے کی بہت سی تراکیب ڈھونڈ رکھی ہوں گی جنہیں آپ عید پر بنانے کا ارادہ رکھتی ہوں گی، تاہم اگر آپ کو اس کا وقت نہیں مل سکا تو کوئی بات نہیں۔

    ہم آپ کو عید پر کچھ مزیدار ڈشز بنانے کی تراکیب بتا رہے ہیں۔


    فرائیڈ دھاگہ کباب

    اجزا

    گائے کا قیمہ: آدھا کلو

    چنے: 2 کھانے کے چمچ بھنے ہوئے

    خشخاش: 1 کھانے کا چمچ

    سفید زیرہ: 1 چائے کا چمچ

    چھوٹی الائچی: 4 عدد

    کالی مرچ: 4 عدد

    لال مرچ: 1 کھانے کا چمچ پسی ہوئی

    نمک: حسب ذائقہ

    لونگ: 2 عدد

    ڈبل روٹی کے سلائس: 2 عدد

    پیاز: 1 عدد تلی ہوئی

    ہری مرچ: 4 عدد

    کچا پپیتا: 2 کھانے کے چمچ

    لیموں: 2 عدد

    گرم مصالحہ: آدھا چائے کا چمچ پسا ہوا

    ہرا دھنیہ: 1 گڈی باریک کٹی ہوئی

    تیل: حسب ضرورت

    ترکیب

    سب سے پہلے پہلے چنے، خشخاش، سفید زیرہ، چھوٹی الائچی، کالی مرچ، لال مرچ، نمک اور لونگ ملا کر باریک پیس لیں۔

    اب اسے قیمہ میں ڈبل روٹی کے سلائس کے ساتھ شامل کر کے چوپر میں پیس لیں۔

    پھر اس میں پیاز اور ہری مرچ ملا دیں۔

    اس کے بعد کچا پپیتا شامل کر کے اچھی طرح گوندھیں اور 10 منٹ کے لیے رکھ دیں۔

    اب چھوٹے چھوٹے گول کباب بنا کر فرائنگ پین میں شیلو فرائی کر لیں۔

    جب سارے کباب تل لیں تو ایک بڑے توے یا فرائنگ پین میں تلے کباب پھیلا کر رکھیں۔

    اوپر سے لیموں کا رس، گرم مصالحہ اور ہرا دھنیہ ڈال کر 5 منٹ کے لیے دم پر رکھ دیں۔

    مزیدار فرائیڈ دھاگہ کباب تیار ہیں۔


    مغلئی مٹن ملائی

    اجزا

    بکرے کا گوشت: آدھا کلو

    نمک: 1 چائے کا چمچ

    دہی: 1 کپ

    دھنیہ: ڈیڑھ چائے کا چمچ پسا ہوا

    گرم مصالحہ: 1 چائے کا چمچ

    لیموں کا رس: 2 کھانے کے چمچ

    زیرہ: 1 چائے کا چمچ

    لال مرچ: ڈیڑھ چائے کا چمچ

    پیاز: 3 کھانے کے چمچ، تلی اور کٹی ہوئی

    ادرک لہسن کا پیسٹ: 1 کھانے کا چمچ

    ہری الائچی: 1 چوتھائی چائے کا چمچ، پسی ہوئی

    تیل: حسب ضرورت

    کاجو: ایک کھانے کا چمچ، پسے ہوئے

    ملائی: 2 کھانے کے چمچ

    کیوڑا: 1 کھانے کا چمچ

    زعفران: 1 چوتھائی چائے کا چمچ

    پودینے کے پتے: 10 عدد

    ترکیب

    پہلے گوشت کو نمک، دہی، دھنیہ، گرم مصالحہ، لیموں کا رس، زیرہ، لال مرچ، پیاز، ادرک لہسن کا پیسٹ اور پسی ہری الائچی سے میری نیٹ کر کے ایک گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔

    ایک پین میں تیل گرم کر کے اس میں میری نیٹ کیا ہوا گوشت ڈال کر ڈھکیں اور ہلکی آنچ پر 30 منٹ کے لیے پکنے دیں۔

    اب اس میں کاجو، ملائی، کیوڑا، زعفران اور پودینے کے پتے ڈال کر دم پر رکھیں، یہاں تک کہ تیل اوپر آجائے۔

    پھر اسے نان کے ساتھ سرو کریں۔


    بمبئی بریانی

    اجزا

    بکرے کا گوشت: 1 کلو

    باسمتی چاول: 1 کلو

    بڑے آلو: 4 عدد

    لیموں: 4 عدد

    لونگ: 4 عدد

    باریک کٹی پیاز: 4 عدد

    ہری مرچ: 6 عدد

    چھوٹی الائچی: 6 عدد

    ثابت کالی مرچ: 6 عدد

    کٹے ٹماٹر: 6 عدد

    سوکھے آلو بخارے: 1 پیالی

    گرم دودھ: 1 پیالی

    گھی یا تیل: 1 پیالی

    دہی: 1 پیالی

    باریک کٹا پودینہ: 1 گڈی

    کالا زیرہ: 1 چائے کا چمچ

    پسی لال مرچ: 1 کھانے کا چمچ

    زردے کا رنگ: 1 چوتھائی چمچ

    پسا دھنیہ: 2 کھانے کے چمچ

    ادرک، لہسن کا پیسٹ: ڈیڑھ کھانے کا چمچ

    نمک: حسب ذائقہ

    ترکیب

    ایک کلو بکرے کے گوشت کو اچھی طرح دھو لیں۔

    اب اس پر دہی، ادرک لہسن کا پیسٹ، لال مرچ، پسا ہوا دھنیا، لیموں کا رس، کٹا پودینہ، ہری مرچ، سوکھے آلو بخارے اور حسب ذائقہ نمک لگا کر آدھے گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔

    اب ایک دیگچی میں ایک پیالی تیل گرم کر کے پیاز گولڈن براؤن کریں اور آدھی نکال کر اخبار پر پھیلا دیں۔

    باقی آدھی پیاز میں مصالحہ لگا ہوا گوشت ڈال کر ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔

    جب پانی خشک ہوجائے تو اسے بھون کر اتار لیں، پانی بالکل نہ ڈالیں۔

    آلوؤں کو ہلکی سی بھاپ دے کر ٹکڑے کر کے فرائی کریں اور تلے آلوؤں کے ساتھ مٹن پر ڈال دیں۔

    چاولوں میں پودینہ، ہری مرچ، چھوٹی الائچی، کالی مرچ، نمک اور لونگ ڈال کر الگ سے دو کنی ابالیں اور پھر پانی نتھار لیں۔

    اس کے بعد دیگچی میں ذرا سی چکنائی لگا کر آدھی چاولوں کی تہہ لگائیں۔

    اب گوشت کی تہہ لگادیں۔

    پھر باقی چاولوں کی تہہ لگا کر تلی ہوئی پیاز ڈالیں۔

    ساتھ ہی ایک پیالی گرم دودھ میں ایک چوتھائی چائے کا چمچہ زردے کا رنگ ملا کر اس میں شامل کریں۔

    اس کے بعد لیموں کا رس ڈال کر تیزآنچ پر توے پر دم دیں۔

    دس منٹ کے بعد آنچ ہلکی کردیں۔

    بھاپ اوپر آجائے تو تیار بریانی اتار لیں۔


     مصالحہ دار مٹن کڑاہی

    اجزا

    بکرے کا گوشت: 1 کلو

    نمک: ڈیڑھ چائے کا چمچ

    ادرک، لہسن کا پیسٹ: 1 کھانے کا چمچ

    ٹماٹر: آدھا کلو

    ہری مرچ: 8 عدد

    لال مرچ: 2 چائے کے چمچ

    گھی یا تیل: آدھا کپ

    ہرا دھنیہ: آدھا گڈی

    ادرک: 2 انچ کا ٹکڑا

    سفید زیرہ: 2 کھانے کے چمچ

    ترکیب

    پہلے بکرے کے گوشت کو 2 کپ پانی اور آدھا چائے کا چمچ نمک کے ساتھ ابال لیں۔

    اب اس میں ادرک، لہسن کا پیسٹ شامل کر دیں اور ڈھک کر 10 منٹ تک پکائیں۔

    پھر اس میں ٹماٹر اور ہری مرچ ڈال کر دس منٹ کے لیے ڈھک دیں۔

    اب اس میں پسی لال مرچ، نمک اور گھی یا تیل ڈال کر بھون لیں یہاں تک کہ گوشت گل جائے۔

    پھر اس میں ہرا دھنیہ، ادرک اور سفید زیرہ ڈال دیں اور نان کے ساتھ سرو کریں۔


    دم پخت گوشت

    اجزا

    گوشت: 1 کلو

    دہی: 1 پاؤ

    درمیانی پیاز: 2 سے 3 عدد

    چھوٹی لال مرچ: 15 عدد ثابت

    ثابت کالی مرچ: 10 دانے

    لونگ: 10 عدد

    بڑی الائچی: 5 عدد

    دار چینی: 5 ٹکڑے

    لہسن ادرک کا پیسٹ: 1 چمچ

    نمک: حسب ضرورت

    گھی / تیل: حسب ضرورت

    ترکیب

    سب سے پہلے گوشت دھو کر اس کا پانی خشک ہونے دیں۔

    ایک دیگچی میں پہلے گھی ڈال کر اس میں گوشت ڈال دیں، اس کے بعد دہی پھینٹ کر اس کو گوشت کے اوپر ڈال دیں۔

    پھر تمام مصالحہ جات ڈال کر اسے اچھی طرح مکس کرلیں۔

    جب تمام اجزا دیگچی میں ڈال لیں تو پھر اس کو ہلکی آنچ پر چولہے پر چڑھا دیں اور ساتھ ہی دیگچی کے ڈھکنے کو اچھی طرح کناروں سے آٹے کے لیپ سے بند کردیں تاکہ بھاپ باہر نہ آسکے۔

    تقریباً ڈیڑھ سے 2 گھنٹے بعد گوشت گل جائے گا، اسے بھون لیں تاکہ گھی اوپر آجائے۔

    دم پخت تیار ہے۔

    تیار ہوجانے کے بعد اس کو ایک ڈش میں نکال لیں اور اوپر سے ہرا دھنیہ چھڑک دیں کر مہمانوں کے سامنے پیش کریں۔

  • عیدالضحیٰ پر تین روزہ سرکاری تعطیلات کا اعلان

    عیدالضحیٰ پر تین روزہ سرکاری تعطیلات کا اعلان

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عیدالضحیٰ کی مناسبت سے ملک بھر میں تین روز کی سرکاری تعطیلات دینے کا اعلان کردیا۔

    وفاقی حکومت کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق ملک بھر کے نجی و سرکاری ادارے21 سے 23 اگست تک بند رہیں گے اور 24 اگست سے معمول کے مطابق امور انجام دیں گے۔

    قبل ازیں وفاقی حکومت کی جانب سے سرکاری تعطیلات کی سمری وزارتِ داخلہ کو ارسال کی گئی تھی جس میں 21 سے 24 اگست تک 4 چھٹیاں دینے کی سفارش کی گئی تھی۔

    وزارتِ داخلہ نے حکومت کی جانب سے بھیجی جانے والی سمری کو مسترد کرتے ہوئے 21 سے 23 تک تین روزہ سرکاری تعطیلات دینے کا اعلان کیا۔

    مزید پڑھیں: ذوالحج کا چاند نظر آگیا، عیدالاضحیٰ22اگست بروز بدھ کو ہوگی

    خیال رہے کہ ذوالحج کا چاند 12 اگست کو نظر آیا جس کے بعد ملک بھر میں عید الاضحیٰ کا پہلا روز 22 تاریخ اگست بروز بدھ کو منایا جائے گا، حکومت نے عید قرباں سے ایک دن قبل بھی عوام کو چھٹی کی سہولت مہیا کی، حکومتی اعلان کے تحت سرکاری و نجی دفاتر اور تعلیمی ادارے عید کے تیسرے روز 24 اگست جمعے سے معمول کے مطابق کھلیں گے۔

    سرکاری اداروں اور نجی بینک میں کام کرنے والے ملازمین 24 اگست کو حاضری دینے کے بعد 25 اور 26 اگست کو ہفتہ وارتعطیل کی سہولت کا فائدہ بھی اٹھائیں گے۔

    دوسری جانب وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کی سہولت کے لیے عید الاضحی سے پہلے تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین کی پینشنز 17 تاریخ تک ادا کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے اکاؤنٹنٹ جنرلز کو سرکلر جاری کیا۔

    یہ بھی پڑھیں: عیدالاضحی پر 5 اسپیشل ٹرینیں چلانے کا اعلان

    اسے بھی پڑھیں: سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں عید الاضحیٰ کی چھٹیوں‌ کا اعلان کردیا گیا

    نگراں وزیر خزانہ کے مطابق وفاقی حکومتی وسول آرمڈ فورسز کو پینشن اور تنخواہ ایڈوانس دی جائے گی، حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ ملازمین کو قربانی کرنے اور عید کی خوشیاں منانے کی سہولت کے پیش نظر کیا گیا۔

  • وہ لوگ جن کی عید پر بھی تعطیل نہیں

    وہ لوگ جن کی عید پر بھی تعطیل نہیں

    عید الفطرکے دن ہر شخص کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ عید کی خوشیاں منائے مگر کچھ شعبوں سے وابستہ لوگ ایسے بھی ہیں جنہیں ہرصورت دفاتر میں حاضری یقینی بنانا ہوتی ہے۔

    دنیا بھر میں بسنے والے مسلمان عید الفطر منا رہے ہیں، پاکستان سمیت دنیا بھر میں بسنے والے مسلمان کچھ ایسے شعبوں سے وابستہ ہیں جنہیں اہم ایام میں چھٹی کے روز بھی دفاتر میں حاضری لگانی ہوتی ہے۔

    اگرصرف ملکِ پاکستان کی بات کرلی جائے تو  آپ  کو نظر آئے گا کہ ایسے لوگ بھی ہیں جو عید کی مبارک خوشیاں اپنے اہل خانہ کے ساتھ منانے کے بجائے دفاتر میں حاضریاں دے رہے ہوتے ہیں۔

    پڑھیں: ملک بھرمیں آج عید الفطرمذہبی جوش وجذبےسےمنائی جارہی ہے

    مسلح افواج و حساس ادارے

    مسلح افواج کے جوان اور حساس ادارے بشمول پولیس و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار ملک بھر میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی خوشیوں کی قربانی دیتے ہیں۔ عوامی مقامات اور ملکی سرحدوں کی حفاظت پر مامور جوان عید کی خوشیاں ڈیوٹی کے مقام پر مناتے ہیں تاکہ عوام عید کی خوشیوں سے مکمل طور پر محظوظ ہوسکیں۔

    مزید پڑھیں: آرمی چیف نے عید لائن آف کنٹرول پر جوانوں کے ساتھ منائی، آئی ایس پی آر

    مسلح افواج کے سربراہان اور اعلیٰ افسران جوانوں کے حوصلے بلند کرنے کے لیے اُن کے ساتھ ہی نمازِ عید ادا کرتے ہیں اور اُن سے گلے مل کر پرمسرت دن کی مبارک باد پیش کرتے ہیں، یہ موقع جوانوں کے لیے قابلِ فخر ہوتا ہے کہ جب وہ اپنے درمیان سربراہ کو پاتے ہیں اور اُس کی داد بھی وصول کرتے ہیں۔

    سیاسی و عوامی نمائندے

    صدر اور وزیراعظم سمیت اراکین اسمبلی و عوامی نمائندے بھی عید کے دن کو عوام کے لیے مختص کردیتے ہیں اور اس دن سب کو مبارک باد دیتے اور وصول کرتے نظر آتے ہیں۔

    الیکٹرانک میڈیا (صحافت)

    ذرائع ابلاغ سے وابستہ افراد عوام تک بدلتے حالات و واقعات کی رسائی کے لیے دفاتر میں موجود ہوتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ گھروں میں بیٹھے ناظرین ہر تھوڑی دیر میں ٹی وی اسکرین پر خبریں اورمختلف تفریح پروگرام ملاحظہ کرتے ہیں۔

    ایک پروگرام کے آن ائیر ہونے کے پیچھے پوری ٹیم کا ہاتھ ہوتا ہے جن میں کیمرے میں نظر آنے والے شخص کا جہاں تک اہم کردار ہوتا ہے وہی ڈائریکٹر، پروڈیوسر، کیمرہ مین، اسکرپٹ رائٹر وغیرہ شامل ہیں۔

    سیکیورٹی گارڈ / چوکیدار

    عید کے موقع پر  دفاتر میں تعینات سیکیورٹی گارڈز کی بھی چھٹی نہیں ہوتی اور وہ عید کی خوشیاں ساتھیوں کے ساتھ مناتے ہیں۔

    ڈاکٹرز

    شعبہ طب میں امور سرانجام دینے والے ڈاکٹرز کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں اسپتالوں میں موجود ہوتے ہیں تاکہ طبیعت ناسازی یا کسی بھی حادثے کی صورت میں اسپتال آنے والے مریض کو فوری طور پر علاج و معالجے کی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

    فلاحی ادارے (ایمبولینس ڈرائیور)

    ایمبولینس ڈرائیور بھی عید کے روز اپنے امور سرانجام دیتےہیں اور وائرلیس پر ملنے والی ہدایت کے مطابق اپنی گاڑی کو اُسی سمت دوڑاتے نظر آتے ہیں۔

    دیگر شعبوں کے ملازمین

    کال سینٹر پر ڈیوٹیاں سرانجام دینے والے افراد بھی اس بات کے پابند ہوتے ہیں کہ وہ شیڈول کے مطابق عید کے روز نوکری پر آئیں اور موصول ہونے والی کالز پر بھرپور جواب دیں، کسی بھی بینک یا موبائل فون کمپنی کی ہیلپ لائن پر بیٹھے نمائندگان عید کے روز بھی آپ کی رہنمائی کرتے نظر آتے ہیں۔

    ذاتی ملازمین اس بات کے بھی پابند ہوتے ہیں کہ وہ صاحب کے گھر پر عید کے روز موجود رہیں کیونکہ اس روز سارا اہل خانہ گھر پر موجود ہوتا ہے تو (ماسیوں، خاکروب، چوکیدار اور ڈرائیورز) کا ڈیوٹی پر رہنا لازم ہوتا ہے۔

    ان چیدہ چیدہ شعبوں کے علاوہ اور بھی کئی ایسے شعبے ہیں جہاں لوگ اس بات کے پابند ہوتے ہیں کہ وہ عید کے ایام میں بھی روزانہ کی طرح اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • سبیکا کے نام سے کوئی سڑک یا لائبریری منسوب کی جائے، والدین کی میئر کراچی سے درخواست

    سبیکا کے نام سے کوئی سڑک یا لائبریری منسوب کی جائے، والدین کی میئر کراچی سے درخواست

    کراچی: میئر کراچی وسیم اختر عید کے دن امریکا میں جاں بحق طالبہ سبیکا شیخ کے گھر پہنچ گئے، والدین نے درخواست کی سبیکا کے نام سے کوئی سڑک، اسکول یا لائبریری منسوب کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق میئر کراچی عید کے موقع پر سبیکا شیخ کے والدین کی دل جوئی کرنے ان کے گھر گئے، والدین سے ملاقات کی اور ان سے اظہار ہم دردی کیا۔

    میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ غم اور دکھ کی اس گھڑی میں ہم آپ کے ساتھ ہیں، سبیکا کے والدین نے ان سے کسی سڑک یا لائبریری کو ان کی مقتول بیٹی کے نام منسوب کرنے کی درخواست کی۔

    وسیم اختر نے اس موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہرمیں قیام امن کے لیے بھرپور کوشش کی جارہی ہے، حالات میں پہلے سے بہتری آئی ہے لیکن ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔

    دریں اثنا میئر کراچی وسیم اختر مقتول انتظار کے گھر بھی گئے، انھوں نے مقتول انتظار کے والدین سے بھی اظہار ہم دردی کیا اور اپنے تعاون کا یقین دلایا۔

    وسیم اختر نے کہا کہ امید ہے انتظار کے قاتل جلد کیفرِ کردار تک پہنچ جائیں گے، میئر کراچی نے کہا کہ ہماری مکمل سپورٹ ورثا کے ساتھ ہے۔

    انتظارقتل کیس: مقتول کے والد کا ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کو خط، خدشات کا اظہار


    انھوں نے اس موقع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ملک کے سیاسی نظام کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا، ان کا کہنا تھا کہ موجودہ نظام کے باعث شہریوں کو انصاف میں تاخیر کا سامنا ہے۔

    واضح رہے کہ کراچی کےعلاقے ڈیفنس میں اینٹی کار لفٹنگ فورس (اے سی ایل سی) کے چار اہل کاروں کی فائرنگ سے ملائشیا سے آنے والا نوجوان انتظار جاں بحق ہو گیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • پاکستان کے غیّور عوام کو عید کی خوشیاں مبارک ہوں، سربراہ پاک بحریہ

    پاکستان کے غیّور عوام کو عید کی خوشیاں مبارک ہوں، سربراہ پاک بحریہ

    اسلام آباد: عید الفطر کے پُر مسرت موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ نے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے غیور عوام کو عید کی خوشیاں مبارک ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے عید مناتے ہوئے پاک بحریہ کے افسران اور ریٹائرڈ افراد کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔

    پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق سربراہ پاک بحریہ نے اس موقع پر قوم کے لیے دعائیں کیں، ایڈمرل طفر محمود عباسی نے دعا کرتے ہوئے کہا کہ عید کے پرمسرت موقع پر اللہ ہم پر رحمتیں نازل فرمائے۔

    نیول چیف نے بحری سرحدوں کی حفاظت کرنے والے جوانوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہر دم تیار بحری سرحدی محافظ ہیں، سب کو عید کی خوشیاں مبارک ہوں، اللہ تعالیٰ ہمیں ایمانِ کامل کی نعمت سے نوازے۔

    پاکستان کا کوسٹل ایریا آنے والے وقت کا دبئی ہوگا: سربراہ پاک بحریہ


    ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے پاک فوج کے شہدا کو بھی خراج تحسین پیش کیا، انھوں نے کہا کہ ان شہدا کی وجہ سے آج ہمارا وطن محفوظ ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • کراچی کی بڑی مسجدوں اور عید گاہوں میں عید الفطر کی نماز کے اوقات

    کراچی کی بڑی مسجدوں اور عید گاہوں میں عید الفطر کی نماز کے اوقات

    کراچی: شہر قائد کی نامور مسجدوں اور بڑی عید گاہوں میں عید الفطر کی نماز کب ادا کی جائے گی آئیے اس پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سولجر بازار میں قائم مسجد خانقاہ قادریہ علیمہ میں عید الفطر کی نماز دس بجے ادا کی جائے گی، امامت کے فرائض جمعیت قادریہ کے سربراہ خطیب وسجادہ نشین ڈاکٹر صاحبزادہ فریدالدین قادری انجام دیں گے۔

    نیو کراچی، سیکٹر F.5 بلاک 20 میں قائم جامع مسجد محمدی حنفیہ، دار العلوم معین الاسلام میں عید کی نماز ٹھیک 8:20 منٹ پر ادا کی جائے گی جبکہ امامت وخطابت کے فرائض مولانا محمد معروف اشرفی انجام دیں گے۔

    علاوہ ازیں زمان ٹاؤن، کورنگی 4 سکٹر A-35 میں قائم جامع مسجد المصطفیٰ وعید گاہ میں عید کی نماز ٹھیک 8 بج کر 30 منٹ پر ادا کی جائے گی، امامت وخطابت کے فرائض مفتی سید زاہد سراج قادری انجام دیں گے۔

    کراچی کے علاقے گلزار ہجری، A/13 میمن نگر میں قائم میمن مسجد میں عید الفطر کی نماز ٹھیک 8:00 بجے ادا کی جائے گی جبکہ خطیب وامام علامہ ڈاکٹر سید محمد وقاص ہوں گے۔

    نیو کراچی، قبرستان روڈ میں واقع جامع مسجد گلزار حبیب میں عید کی نماز آٹھ بجے ادا کی جائے گی جہاں خصرت علامہ مولانا محمد زمان نورانی خطیب ہوں گے جبکہ جامع مسجد غوث پاک کینٹ اسٹیشن میں نماز عیدالفطر 7:45 پر ادا ہوگی، امام وخطیب مولانا سلیمان قاضی ہوں گے۔

    گوٹھ ملیر میں مرکزی تاریخی عیدگاہ دارالعلوم مجددیہ نعیمیہ صاحبداد میں عید کی نماز 8 بجے ادا کی جائے گی، امامت وخطابت کے فرائض مفتئ اعظم سندھ مفتی محمد جان نعیمی ادا کریں گے جبکہ اصغر علی شاہ اسٹیڈیم نارتھ ناظم آباد میں عید کی نماز صبح آٹھ بجے ادا کی جائے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • افغان حکومت اور طالبان کے درمیان سیز فائر کا آغاز ہو چکا ہے، افغان صدر

    افغان حکومت اور طالبان کے درمیان سیز فائر کا آغاز ہو چکا ہے، افغان صدر

    کابل : افغان صدر  اشرف غنی کا کہنا ہے افغان حکومت اور طالبان کے درمیان سیز فائر کا آغاز ہو چکا ہے جبکہ جنگ بندی معاہدے میں توسیع کی امید ہے۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان کے صدر اشرف غنی کا کہنا تھا کہ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان سیز فائر کا آغاز ہو چکا ہے اور جنگ بندی معاہدے میں توسیع کی امید ہے ۔

    اشرف غنی کا کہنا تھا کہ طالبان ملک میں امن قائم کرنے میں افغان حکومت کی مدد کریں اور پائیدار امن کے لئے عوامی مطالبہ قبول کریں۔

    یاد رہے کہ افغان حکومت نے عید الفطر کی آمد کے پیش نظر طالبان کے خلاف کارروائیاں روکنے کا اعلان کیا تاہم ساتھ میں یہ بھی واضح کیا کہ اگر کسی بھی مسلح گروہ کی جانب سے دہشت گردی کی گئی تو سیکیورٹی ادارے بھرپور جواب دیں گے۔

    جس کے بعد طالبان کی جانب سے بھی عید الفطر کے موقع پر تین دن کے لیے جنگی بندی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس جنگ بندی کا اطلاق صرف مقامی فوجیوں کے لیے ہوگا جبکہ نیٹو اور امریکی فوج نے کوئی کارروائی کی تو طالبان اس کا جواب دیں گے۔

    خیال رہے کہ افغانستان میں امریکی افواج کے داخل ہونے کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ طالبان کی جانب سے پہلی بار جنگ بندی کا اعلان کیا گیا جبکہ اقوامِ متحدہ، امریکا اور نیٹو کی جانب سے طالبان کے اعلان کا خیر مقدم کیا گیا ہے تاہم کچھ حلقے حکومت اور مسلح افراد کے اس اعلان کو خفیہ معاہدہ بھی قرار دے رہے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔