Tag: EID

  • مختلف زبانوں میں عید الفطر کا کیا نام ہے؟

    مختلف زبانوں میں عید الفطر کا کیا نام ہے؟

    عید الفطر اللہ تعالیٰ کی جانب سے مسلمانوں کے لیے ایک تحفہ ہے جو ماہ رمضان کے روزے رکھنے کے بعد مسلمانوں کو عطا کیا جاتا ہے۔

    عید الفطر کو دنیا بھر کے مختلف ممالک میں موجود کروڑوں مسلمان مذہبی جوش و جذبے سے مناتے ہیں۔ ہر ملک میں اس کی زبان اور ثقافت کی مناسبت سے عید الفطر کو مختلف نام سے پکارا جاتا ہے۔

    آئیں دیکھتے ہیں کس زبان میں عید کو کس نام سے پکارا جاتا ہے۔

    مزید پڑھیں: عید الفطر کی سنتیں


    عید الفطر ۔ عربی زبان

    چھوٹی عید، میٹھی عید ۔ اردو زبان

    رمضان بیرامی، شکر بیرامی ۔ ترکی زبان

    ہری رایا عید الفطری ۔ انڈونیشیائی زبان

    بجرامی ۔ یونانی زبان

    کائی زہائی جیی ۔ چینی زبان

    رمضان فیسٹ، شگر فیسٹ ۔ جرمن زبان

    اورازا بیرام ۔ روسی زبان

    فیئسٹا ڈع لا روپچورا ڈعل ایونو ۔ ہسپانوی زبان

    شیئد یاری ۔ صومالی زبان

    روزار عید، عید الفطر ۔ بنگلہ زبان

    نونپو پیرونال بڑی عید ۔ تامل زبان

    رمضانسکی بجرام (عید رمضان)، مالی بجرام (صغیر عید) ۔ بوسنین زبان

    رمضان بیرام ۔ بلغارین زبان


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • عید الفطر اور رویتِ ہلال کے مسائل

    عید الفطر اور رویتِ ہلال کے مسائل

    رمضان کی آمد کے ساتھ ہی چاند دیکھے یا نہ دیکھے جانے کے حوالے سے مختلف بحثیں جنم لینے لگتی ہیں۔ یہ سلسلہ عید تک جاری رہتا ہے اور اکثر اوقات قوم رویت ہلال کے مسئلے کی وجہ سے دو عیدیں منانے پر مجبور ہوجاتی ہے۔

     دیگر اسلامی مہینوں کی طرح شوال کے آغاز کا تعین  بھی عیسوی کلینڈر کے برعکس قمری کلینڈر کے ذریعے ہوتا ہے جس میں چاند کی تاریخوں کے مطابق مہینہ انتیس یا تیس دنوں پر مشتمل ہوتا ہے۔

    ہلالِ شوال ہی اس بات کا فیصلہ کرتا ہے کہ رمضان کا مہینہ ختم اور شوال کا مہینہ شروع ہوگیا ہے۔ پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیٰﷺ نے صحابہ سے فرمایا کہ جب تک ہلال اچھی طرح سے نہ دیکھ لو رمضان کا روزہ نہ رکھو، اسی طرح مہینے کے اختتام پر ہلال دیکھنے کے بعد ہی روزہ رکھنا چھوڑو۔ یہی وجہ ہے کہ مسلمان تب سےآج تک بالخصوص رمضان کے روزوں اورعید کے سلسلے میں چاند پر نگاہ جمائے رکھتے ہیں۔

    سوال یہ ہے کہ چاند کیسے دیکھا جائے؟ اس سلسلے میں ہمارے ہاں ہر سال متنازعہ صورت حال سامنے آتی ہے۔ تاہم آج کے جدید دورمیں اس کے تین طریقے ہیں: ایک ٹیلی اسکوپ، دوم علم فلکیات اور سوم چند علاقوں میں انسانی آنکھ سے براہ راست دیکھنے کو ترجیح دی جاتی ہے۔

    اس سلسلے میں سعودی عرب کے سینئر علما کے کونسل کے رکن شیخ عبداللہ بن سلیمان المنائی کا کہنا ہے کہ اسلامی مہینے کے آغاز کا ثبوت ہلال دیکھنے تک محدود نہیں ہے، اور بھی طریقے ہیں جو ہمارے ہاں ذرائع ہیں جن سے مہینے کے آغاز کا تعین ہوسکتا ہے، جن میں علم فلکیات بھی شامل ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ علم فلکیات درحقیقت ہلال دیکھنے سے زیادہ درست اور قابل بھروسا طریقہ ہے کیوں کہ ہلال دیکھنے کا طریقہ قیاسی ہے جب کہ علم فلکیات حتمی اور درست ہے۔

    اسکالر شیخ عبداللہ بن سلیمان کے مطابق علم فلکیات میں ماہر مسلمان مشاہیر کی تحقیقات کو ضرور مدنظر رکھنا چاہیے کیوں کہ یہ رویتِ ہلال کی تصدیق کا ثابت شدہ ذریعہ ہے۔ اپنے انصاف کے لیے مشہور شخص کی چاند دیکھنے کی گواہی کو بھی تسلیم نہیں کرنا چاہیے اگر وہ ماہر فلکیات کی رائے کے برعکس ہو۔

    ہلال کی اسکریننک کا طریقہ چاند کے ظہور کے دوران کیا جاتا ہے۔ جب یہ زمین کے گرد اپنا ایک چکر پورا کرلیتا ہے اور نیا چکر شروع کرتا ہے تو اس کا ثبوت مہینے کے پہلے غروب آفتاب سے قبل ہلال کے ظہور کی صورت میں ملتا ہے۔ جب سورج غروب ہوکر نگاہ سے اوجھل ہوجاتا ہے تو ہلال غروب آفتاب کے مقام پر تب بھی چمک رہا ہوتا ہے کیوں کہ یہ غروب آفتاب کے بعد بھی کم از کم تیس منٹ تک آسمان پر نظر آتا ہے۔

    زمین کے گرد چاند کا چکر شروع ہوتا ہے تو پندرہ گھنٹے سے پہلے نئے چاند کو براہ راست انسانی آنکھ سے نہیں دیکھا جاسکتا، جب کہ چکر شروع ہونے کے بارہ گھنٹےبعد  صرف ٹیلی اسکوپ سے دیکھنا ممکن ہوتا ہے۔ ہلالی چاند کو واضح طور پر دیکھنے کے لیے اسے کسی بلند مقام سے دیکھنا چاہیے اور ایسی جگہ سے دور جو گنجان آباد ہو جیسے شہر جہاں انسانی تعمیرات اس کے مشاہدے میں رکاوٹ بن سکتی ہیں۔ یہ مقام پہاڑوں اور بلند و بالا عمارات سے دور ہو اور فضا صاف ہو یعنی دھول وغیرہ نہ ہو۔

    علما اور تجربہ کار ماہرین فلکیات ہی اس کا تعین کرسکتے ہیں کہ ہلال نمودار ہوگیا ہے یا نہیں، جوکہ رمضان کے بعد عید کا باضابطہ اعلان ہوتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • عید پر ان مزیدار غذاؤں سے پرہیز صحت کے لیے بہتر

    عید پر ان مزیدار غذاؤں سے پرہیز صحت کے لیے بہتر

    رمضان کا مبارک مہینہ اپنے اختتام پر ہے اور عید الفطر آیا ہی چاہتی ہے۔ پورے ماہ روزے رکھنے کے بعد عید پر مزے مزے کے پکوان بنائے جاتے ہیں اور اہل خانہ و عزیز و اقارب کی تواضع کی جاتی ہے۔

    لیکن کیا آپ جانتے ہیں کچھ غذائیں ایسی ہیں جنہیں کھا کر آپ کی عید خراب ہوسکتی ہے اور آپ کو ڈاکٹر کے پاس جانا پڑ سکتا ہے، لہٰذا ایسی غذاؤں سے پرہیز کرنا ہی بہتر ہے۔

    آئیں دیکھتے ہیں وہ کون سی غذائیں ہیں۔


    تلا ہوا گوشت

    عید کوئی بھی ہو گوشت کے بغیر ادھوری ہے۔ عید پر گوشت سے مختلف اقسام کی مزیدار ڈشز تیار کی جاتی ہیں جن میں سے ایک تلا ہوا گوشت بھی ہے۔

    لیکن کیا آپ جانتے ہیں تلا ہوا گوشت صحت کے لیے نہایت مضر ہے۔

    درست طریقے سے نہ پکانے پر اس میں جراثیم باقی رہ سکتے ہیں جو آپ کو خطرناک بیماریوں اور مختلف انفیکشنز میں مبتلا کرسکتے ہیں۔

    اس کی جگہ آپ گوشت کو اچھی طرح پکا کر، گرل یا بیک کر کے کھا سکتے ہیں۔


    کیک

    عید پر عزیز و اقارب کے گھر جاتے ہوئے میٹھے کے طور پر لے جانے کے لیے کیک سے بہتر کوئی چیز نہیں۔ عید الفطر کو ویسے بھی میٹی عید کہا جاتا ہے چنانچہ ایسے موقع پر کریم کیکس کا استعمال بہت بڑھ جاتا ہے۔

    تاہم اس میں موجود مٹھاس آپ کے وزن میں اضافہ کرسکتی ہے اور آپ کو شوگر میں بھی مبتلا کرسکتی ہے۔

    اس میٹھی عید پر کیک کی جگہ سویاں اور شیر خرمہ کھا کر عید کی مٹھاس میں اور بھی اضافہ کریں۔


    جنک فوڈ

    جنک فوڈ کھانا ہماری عام عادت بن گیا ہے، لیکن چونکہ عید پر آپ کے گھر میں آپ کی پسندیدہ نہایت مزیدار ڈش تیار ہوگی تو عید پر جنک فوڈ کھانے کے بجائے گھر کا بنا ہوا صحت مند کھانا کھانے کو ترجیح دیں۔


    سوڈا ڈرنکس

    عید پر مرغن کھانوں کے ساتھ کولڈ ڈرنکس بھی ضروری سمجھی جاتی ہیں۔ یہ آپ کا کھانا ہضم تو کردیتی ہیں تاہم ان میں موجود مضر صحت اجزا آپ کے جسم کو خطرناک نقصانات پہنچا سکتے ہیں۔

    دن کے آغاز پر ایک جگ لیموں کا شربت بنا کر رکھ لیجیئے، اور جب بھی کچھ پینے کی خواہش ہو تو اس شربت کو نوش کریں۔

    لیموں کا شربت مرغن غذاؤں کو ہضم کرنے میں مدد دے گا اور آپ سینے کی جلن سے بھی محفوظ رہیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • عید کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل طلب

    عید کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل طلب

    کراچی: عید کا چاند دیکھنے کے لیے کل کراچی میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا گیا۔ اجلاس کی صدارت کمیٹی کے مرکزی چیئرمین کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت مذہبی امور نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ جمعرات کو کراچی میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مفتی منیب الرحمان کی صدارت میں طلب کیا گیا ہے۔

    وزارت مذہبی امور کے مطابق مرکزی اجلاس کراچی میں جب کہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے مقامات پر منعقد ہوں گے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ملک کے مختلف حصوں سے چاند دیکھنے کے ثبوت اکھٹے کرنے کے لیے خصوصی سیلز بھی قائم کردیے گئے ہیں۔

    وزارت مذہبی امور کے مطابق عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ ثبوت جمع کرانے کے لیے متعلقہ حکام سے رجوع کریں، اس سلسلے میں موبائل نمبر بھی جاری کردیے گئے ہیں۔

    عوام ثبوت جمع کرانے کے لیے مفتی منیب الرحمان کے نمبروں 9285203-0300 اور 2022000-0321 ، نور اسلام شاہ (ڈی جی آر) کے نمبر 5453499-0333 ، حافظ عبد القدوس (ڈپٹی ڈائریکٹر) کے نمبر 2697051-0333 اور لینڈ لائن 99261412-021، 9926413-021 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • رواں ہفتے سندھ کے تمام سی این جی اسٹیشنز کھلے رکھنے کا اعلان

    رواں ہفتے سندھ کے تمام سی این جی اسٹیشنز کھلے رکھنے کا اعلان

    کراچی: عید کی تعطیلات کے باعث رواں ہفتے صوبہ سندھ کے تمام سی این جی اسٹیشنز کھلے رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی کے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ رواں ہفتے سندھ کے تمام سی این جی اسٹیشنز عید کی تعطیلات کے باعث کھلے رہیں گے۔

    ایس ایس جی سی کا کہنا ہے کہ عید کی تعطیلات کے بعد اسٹیشنز شیڈول کے مطابق بند ہوں گے۔

    جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق رواں ہفتے عید کے دوران جمعہ سے پیر تک اسٹیشنز کھلے ہوں گے جبکہ بندش کا آغاز عید کی تعطیلات کے اگلے روز سے ہوگا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • حکومت کا بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی کا فیصلہ

    حکومت کا بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی کا فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بھارتی فلموں کی نمائش پرپابندی عائد کر دی. پابندی کا یہ فیصلہ مختصر اور متعین مدت کے لیے ہے.

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے پاکستان میں‌ بھارتی فلموں کی نمائش پر عارضی اور مختصر نوعیت کی پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے.

    اس فیصلے کے مطابق بھارتی فلموں پر پابندی کے فیصلے کا اطلاق فقط عیدالفطراورعیدالضحیٰ کے مواقع پر ہوگا، حکومت کے مطابق پابندی عید سے دو دن پہلے اور دو ہفتے بعد تک برقرار رہی گی.

    اس دورانیہ کے علاوہ سال کے باقی حصوں میں‌ بھارتی فلموں کی نمائش کی آزادی ہوگی، فقط عید کے متعین دونوں میں‌ نمائش پر قدغن لگائی گئی ہے.

    حکومت نے موقف اختیار کیا ہے کہ پابندی کا حالیہ فیصلہ پاکستانی فلم انڈسٹری کوفروغ دینے کے لئے کیا گیا، فلم انڈسٹری کی جانب سے فیصلہ کا خیرمقدم کیا گیا ہے.

    یاد رہے کہ بالی وڈ میں عید کے مواقع پر بڑے بینر کی فلمیں ریلیز ہوتی ہیں، کیوں‌ کہ ان دنوں میں‌ بزنس عام دنوں کی نسبت کئی گنا زیادہ ہوتا ہے. بھارتی فلمیں پاکستان میں بھی بیک وقت ریلیز ہوتی ہیں، جس پر پاکستانی فلم سازوں‌ کے شدید تحفظات تھے.

    پاکستان فلم سازوں‌ کا موقف ہے کہ ان تاریخوں‌ پر بھارتی فلموں کو زیادہ اسکرینز ملتی ہیں، یوں‌ پاکستانی فلمیں معیاری ہونے کے باوجود بزنس کرنے میں‌ ناکام رہتی ہیں. اسی باعث ایک طویل عرصے سے عید کے مواقع پر بھارتی فلموں پر پانبدی کا مطالبہ کیا جارہا تھا.

    دوسری جانب سنیما مالکان کی جانب سے ہمیشہ اس موقف پر تنقید کی گئی، سنیما مالکان کے مطابق سنیما انڈسٹری کے مستقبل کے لیے بھارتی فلموں کی ریلیز ناگزیر ہے.

    یاد رہے کہ 2016 میں بھارتی فلموں کی ریلیز پر پابندی عائد کر دی گئی تھی، جس کی وجہ سے سنیما انڈسٹری کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا تھا۔


    فلم پروڈیوسر ایسوسی ایشن کا بھارتی فلموں پر پابندی کا مطالبہ


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • اس عید پر میٹھے میں کیا بنائیں؟

    اس عید پر میٹھے میں کیا بنائیں؟

    میٹھی عید تو میٹھے پکوانوں کے بغیر ادھوری ہے تاہم عید الاضحیٰ پر بھی مزے مزے کی ڈشز تناول کرنے کے بعد میٹھے کے بغیر ادھورا پن سا محسوس ہوتا ہے۔

    اس عید پر روایتی میٹھوں کے ساتھ کچھ منفرد میٹھے پکوان بھی تیار کریں جو مہمانوں کو آپ کا گرویدہ بنا دیں گے۔


    رس ملائی

    اجزا

    دودھ: 1 لیٹر

    الائچی پاؤڈر: 1 چائے کا چمچ

    گھی: 1 چائے کا چمچ

    بیکنگ پاؤڈر: 1 چائے کا چمچ

    میدہ: 1 چائے کا چمچ

    خشک دودھ: آدھا کلو

    چینی: آدھا کلو

    انڈہ: 1 عدد


    ترکیب

    رس ملائی بنانے کے لیے سب سے پہلے پین میں دودھ اور چینی ڈال کر ہلکی آنچ پر پکنے کے لیے رکھ دیں۔

    اب ایک پیالے میں سوکھا دودھ، الائچی پاؤڈر، گھی اور انڈہ پھینٹ کر ڈال دیں۔ ساتھ ہی بیکنگ پاؤڈر بھی شامل کردیں۔

    اب اس میں تھوڑا تھوڑا کر کے گرم دودھ ڈالتے جائیں اور گوندھ لیں۔

    اب ہاتھ پر گھی لگا کر بالز بنالیں اور دودھ میں ڈالتے جائیں۔

    اس کے بعد 15 منٹ ڈھک کر رکھ دیں۔

    آخر میں کیوڑا شامل کر دیں اور ڈش میں نکال کر ٹھنڈا کر کے سرو کریں۔


    کیلے کی کھیر

    اجزا

    کیلے: 4 یا 5 عدد

    دودھ: نصف لیٹر

    بالائی: 1 پاؤ

    چینی: آدھ کلو

    بادام کی گری: آدھی چھٹانک

    کیوڑا: 1 بڑا چمچ

    پستہ: آدھا چھٹانک


    ترکیب

    کیلے چھیل کر موٹے موٹے قتلے کرلیں۔

    پتیلے میں دودھ ڈال کر چولہے پر چڑھا دیں اور دھیمی آنچ پر پکنے دیں۔

    جوش آجائے تو پھینٹی ہوئی بالائی اور الائچی کے دانے ڈال دیں۔

    اب چینی شامل کرلیں اور چمچ چلاتے رہیں۔

    شیرہ گاڑھا ہوجائے اور دودھ اور بالائی یکجان ہوجائیں تو کیلوں کے قتلے ڈال دیں۔

    چند منٹ تک پکنے دیں، اب کیوڑا ڈالیں اور دم پر رکھا رہنے دیں۔

    دودھ پک کر تقریباً آدھا لیٹر رہے اور یہ بھی خیال رہے کہ کیلا بالکل دودھ میں گھل نہ جائے۔

    کسی کھلے برتن میں نکالیں، چاندی کا ورق لگائیں اور پستہ بادام چھڑکیں۔

    مزیدار کیلے کی کھیر تیار ہے۔


    آئسکریم فالودہ

    اجزا

    اسپگیٹی: 25 گرام

    دودھ: 1 پاؤ

    لال شربت، جام شیریں یا روح افزا

    تخم بالنگا: 2 کھانے کے چمچ، ایک چائے کے کپ میں ‌پانی کے ساتھ بھگو دیں

    شکر: حسب ذائقہ

    آئسکریم: ٹوٹی فروٹی یا پھر قلفہ آئسکریم

    بادام، پستے حسب ذائقہ

    اسٹرابیری جیلی: 450 ملی گرام پانی میں‌ تھوڑی شکر ملا کر ابال لیں اور پھر اس میں جیلی گھول کر تیار کریں۔


    ترکیب

    نوڈلز کو ابلتے ہوئے پانی میں ڈال کر ابال لیں۔

    ابلنے کے بعد انہیں‌ ٹھنڈے پانی میں ‌ڈال کر پھر نتھار لیں۔

    ایک گلاس میں ‌دودھ میں روح افزا اچھی طرح گھول لیں۔

    پھر اس میں تخم بالنگا ڈال لیں۔

    اسی طرح نوڈلز اور پھر بادام، پستے، آئسکریم اور سب سے آخر میں جیلی کے ٹکڑے ڈال دیں‌۔

    مزیدار آئسکریم فالودہ تیار ہے۔


    رینبو جیلی ٹرائفل

    اجزا

    اورنج جیلی: 1 پیکٹ

    بنانا جیلی: 1 پیکٹ

    پائن ایپل جیلی: 1 پیکٹ

    اسٹرابیری جیلی: 1 پیکٹ

    چینی: 1 کپ

    لیموں کا رس: 3 عدد

    فریش کریم: 2 پیکٹ

    اخروٹ: 2 کپ، باریک کٹے ہوئے


    ترکیب

    سب سے پہلے ڈیڑھ کپ پانی لے کر ساری جیلی الگ الگ جمالیں۔

    جمنے سے ذرا پہلے ایک پیالے میں پہلے پائن ایپل جیلی کی تہہ لگائیں۔

    اب اس کے اوپر پائن ایپل کے سلائسز، پھر لیموں کا رس، تھوڑی سی چینی اور اخروٹ پھر بنانا جیلی کی تہہ لگائیں۔

    اب اس کے اوپر کیلے کے قتلے کاٹ کر ڈال دیں۔

    اس کے اوپر چینی، اخروٹ اور لیموں کا رس ڈالیں۔

    اس ہی طرح باقی جیلیز اور فروٹ کی تہہ لگاتے جائیں۔

    سب سے اوپر فریش کریم چینی کے ساتھ پھینٹ کر ڈال دیں۔

    اب اخروٹ اور تھوڑے سے بچے ہوئے پھل ڈال کر فریج میں ٹھنڈا ہونے کے لیے رکھ دیں۔

    مزیدار رینبو جیلی ٹرائفل تیار ہے۔


    اسٹرابیری چیز کیک آئس کریم

    اجزا

    کریم چیز: 8 اونس

    سوئٹنڈ کنڈینسڈ ملک: 14 اونس

    کریم: ایک چوتھائی کپ

    لیموں کا کدو کش چھلکا: 2 کھانے کے چمچ

    اسٹرابیریز: 1 سے ڈیڑھ کپ

    موٹے کٹے بسکٹ: 3 عدد


    ترکیب

    ایک بلینڈر میں کریم چیز، سوئٹنڈ کنڈینسڈ ملک، کریم اور لیموں کا کدو کش چھلکا شامل کر کے اچھی طرح بلینڈ کرلیں۔

    اب اسے ایئر ٹائٹ ڈبے میں ڈال کر تقریباً 4 گھنٹے کے لیے فریز کر دیں۔

    اسٹرابیریز کو بلینڈر میں اچھی طرح پیس کر پیوری بنالیں۔

    فریز کیے ہوئے کریم چیز والے آمیزے کو مکسر کی مدد سے اچھی طرح پھینٹ لیں۔

    پھر اسٹرابیری کی پیوری، کٹے بسکٹ والے آمیزے میں اچھی طرح ملائیں۔

    اب آئس کریم کو واپس ایئر ٹائٹ ڈبے میں ڈال کر 8 گھنٹے کے لیے فریزر میں رکھ دیں۔

    سرونگ سے 15 منٹ پہلے آئس کریم فریزر سے نکال کر روم ٹمپریچر میں نرم کرلیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • عید الاضحیٰ کی آمد سے قبل مہنگائی کی شرح میں اضافہ

    عید الاضحیٰ کی آمد سے قبل مہنگائی کی شرح میں اضافہ

    اسلام آباد: نئے مالی سالی کے دوسرے مہینے میں پاکستان میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ دیکھا گیا‘ آنے والا ہفتہ عید الاضحیٰ ہے اور کسی بھی تہوار کے موقع پر قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نئے مالی سال 2017-18ء کے دوسرے ماہ ( اگست 2017ء ) کے چوتھے ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.05 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کم آمدنی والے طبقے کے لئے قیمتوں کے حساس اشاریئے میں 0.16 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ۔

    پاکستان بیورو شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق 25 اگست کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ٹماٹر، آلو ،پیاز ،اری چاول، انڈے، گڑ ،مٹن ، بیف، چائے، دال مونگ ،باسمتی چاول ،ویجی ٹیبل گھی ،سمیت 15اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، ایل پی جی، زندہ مرغی ،چینی ، گندم، آٹا ،کیلے، لہسن ،سرخ مرچ ،چنے کی دال ، دال مسور ،دال ماش، مسٹرڈ آئل ،سمیت 12اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

    پاکستان میں مہنگائی میں اضافے کا خدشہ ہے، عالمی بینک کا انتباہ*

     ادارہ شماریات کے مطابق پیٹرول ،ہائی سپیڈ ڈیزل، مٹی کاتیل ،بجلی کے نرخ ، تازہ دودھ ،دہی ،خوردنی تیل، ملک پاؤڈر، کپڑے، نمک ، گیس نرخ ،سمیت 26اشیائے کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

    علاوہ ازیں ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتہ کے مقابلے میں آٹھ ہزار تا بارہ ہزار آمدنی ، بارہ ہزار تا اٹھارہ ہزارآمدنی ، اٹھارہ ہزار تا پینتیس ہزار تک اور پینتیس ہزار روپے سے زائد آمدنی والے افراد کے گروپوں کے لیے قیمتوں کے حساس اعشاریے میں بالترتیب 0.10، 0.07 ،0.04 اور 0.01 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔

    یاد رہے کہ ستمبر کی دو تاریخ کو پاکستان میں عید الاضحیٰ کا تہوار مذہبی جوش و خروش منایا جائے گا اور کسی بھی تہوار کی آمد سے قبل مہنگائی کی شرح میں اضافہ عام سی بات ہوتی جارہی ہے جس سے متوسط اور غریب طبقے کو براہ راست نقصان ہوتا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • لاہور کی سڑکوں پر خواتین ٹریفک وارڈنز

    لاہور کی سڑکوں پر خواتین ٹریفک وارڈنز

    صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں عید کے موقع پر پہلی بار سڑکوں پر خواتین وارڈنز مصروف عمل دکھائی دیں۔

    لاہور میں پہلی بار تعینات کی گئی خواتین ٹریفک وارڈنز نے عید کے دن سڑکوں پر ٹریفک کنٹرول کیا جنہیں دیکھ کر شہری خوشگوار حیرت میں مبتلا ہوگئے۔

    ان خواتین کو لاہور کے مال روڈ، جیل روڈ، گلبرگ اور فیروز پور روڈ پر تعینات کیا گیا۔

    خواتین وارڈنز کا کہنا تھا کہ عید کے موقع پر ان کا زیادہ تر واسطہ ون وہیلنگ کرتے نوجوانوں سے پڑ رہا ہے۔

    یہ وارڈنز شہر بھر میں پیٹرولنگ بھی کرتی دکھائی دیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • عید کے دنوں میں پیٹ اور معدے کی تکلیف سے بچیں

    عید کے دنوں میں پیٹ اور معدے کی تکلیف سے بچیں

    یوم عید اللہ تعالیٰ کا تحفہ ہے جو پورے ماہ روزے رکھنے والوں کے لیے روز انعام بھی ہے۔ عید کو پیاروں اور عزیزوں سے ملنے ملانے اور ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع بھی سمجھا جاتا ہے اور جب مہمان گھر آئیں تو لذیذ پکوانوں سے ان کی خاطر مدارات معاشرتی روایات کا اہم حصہ سمجھی جاتی ہے۔

    تاہم یہی ملنا ملانا اور دعوتیں اس وقت سخت مشکل میں مبتلا کردیتی ہیں جب میزبانوں کی میزبانی سے لطف اٹھاتے ہوئے اپنی صحت کو نظر انداز کردیا جائے اور سارا سال کھانوں میں کی جانے والی احتیاط اور پرہیز کو ایک طرف رکھ دیا جائے۔

    چونکہ عید کے دنوں میں مرغن اور مصالحہ دار پکوان بہت زیادہ کھانے میں آتے ہیں تو ایسے میں معدے اور پیٹ کی تکلیف میں مبتلا ہوجانا ایک عام بات ہے۔

    اسی صورتحال سے بچنے کے لیے ہم آپ کو کچھ مفید تجاویز بتا رہے ہیں جنہیں اپنا کر آپ کسی تکلیف میں مبتلا ہوئے بغیر دعوتیں اڑا سکتے ہیں۔

    گرمی کا تدارک

    مرغن اور مصالحہ دار غذائیں معدے پر بوجھ بنتی ہیں اور یہ امکان اس وقت اور بھی بڑھ جاتا ہے جب حالیہ دنوں جیسا سخت گرمیوں کا موسم ہو۔

    شدید گرمیوں کے موسم میں عید کے روایتی پکوان جیسے قورمہ، بریانی، کڑاہی وغیرہ میں مصالحوں اور تیل کی مقدار کم رکھی جاسکتی ہے۔

    اگر آپ کے اہل خانہ کھانے کے پھیکا ہونے کی شکایت کریں تو آپ انہیں بتائیں کہ کھانے میں یہ پھیکا پن آپ نے انہیں طبیعت خرابی سے بچانے کے لیے رکھا ہے۔

    پانی ساتھ رکھیں

    دن کے وقت عزیز و اقارب سے ملنے کے لیے یا سیر و تفریح کے لیے نکلتے ہوئے ٹھنڈے پانی کی بوتل ضرور ساتھ رکھیں۔

    راستے میں آپ کو ٹریفک جام اور سخت دھوپ کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، ایسے میں پانی کی کمی طبیعت خرابی کا باعث بن سکتی ہے۔

    سلاد ۔ لازمی جز

    اگر آپ خاتون خانہ ہیں اور اپنے گھر میں ایک شاندار سی دعوت کا اہتمام کر رہی ہیں تو سلاد کو مینیو کا لازمی جز رکھیں۔ مختلف سبزیوں پر مشتمل سلاد یقیناً کھانے کی تیزی کو کم کرنے میں مدد دے گا۔

    کولڈ ڈرنک سے گریز

    کھانے کے ساتھ کولڈ ڈرنک رکھنے سے گریز کریں۔ اس کی جگہ فریش جوسز رکھے جاسکتے ہیں۔

    اگر آپ کسی کے گھر مہمان بن کر گئے ہیں تو کھانے کے بعد کولڈ ڈرنک کی جگہ ٹھنڈا پانی پئیں۔

    گو کہ ڈبے کے جوسز صحت بخش تو نہیں ہوتے تاہم یہ سوڈا ڈرنک سے بہتر ہوتے ہیں۔ کولڈ ڈرنک آپ کے معدے کو سخت نقصان پہنچانے والی شے ہے۔

    مزید پڑھیں: سافٹ ڈرنکس قبل از وقت بوڑھا کرنے کا سبب

    پھلوں کا استعمال

    دعوت میں کھانے کے بعد پھلوں سے بنا ہوا میٹھا رکھا جاسکتا ہے۔ دعوتوں کے درمیانی وقفوں میں پانی والے پھل جیسے تربوز کا بکثرت استعمال کریں۔

    دال اور سبزی بہترین

    عید کی تعطیلات میں جس دن کوئی دعوت نہ ہو اس دن کم مصالحوں کی سبزیاں یا دال چاول بنائیں۔ یہ سادہ کھانا مسلسل کھائے جانے والے مرغن کھانوں کے منفی اثرات سے نمٹنے میں مدد دے گا۔

    ہوسکتا ہے آپ مسلسل دعوتوں میں مرغن کھانے کھا کر اکتا چکے ہوں ایسے میں سادہ دال چاول اور سلاد آپ کے منہ کا ذائقہ بدلنے میں مدد دے گا اور آپ اس سادے کھانے کو آج سے پہلے کبھی اتنا لذیذ محسوس نہیں کرسکے ہوں گے۔

    دہی بہترین شے

    عید کی تعطیلات میں گھر پر رہتے ہوئے دہی اور لسی کو اپنے کھانے کا حصہ بنا لیں۔ یہ آپ کو گرمی کے اثرات سے بچانے میں معاون ثابت ہوگا۔

    ورزش کریں

    دن کے آخر میں سونے سے قبل کھلی ہوا میں چند منٹ کی چہل قدمی نہایت فائدہ مند ثابت ہوگی اور آپ کے جسمانی نظام کو معمول کے مطابق رکھنے میں مدد گار ثابت ہوگی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔