Tag: election 2018

  • ایم کیو ایم کا لیاری میں جلسے کا اعلان، اجازت مانگ لی

    ایم کیو ایم کا لیاری میں جلسے کا اعلان، اجازت مانگ لی

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان نے پیپلزپارٹی کے مضبوط گڑھ لیاری ککری گراؤنڈ میں جلسہ کرنے کی اجازت مانگ لی۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار محفوظ یار خان نے ڈپٹی کمشنر سے 22 جولائی کو لیاری میں جلسہ کرنے کی اجازت مانگ لی۔ درخواست میں اُن کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم 22 جولائی کو لیاری میں انتخابی جلسہ کرنا چاہتی ہے، ہمیں ککری گراؤنڈ میں جلسے جبکہ گارڈن، کھارادر سمیت حلقے کے مختلف علاقوں میں ریلی کی اجازت بھی دی جائے۔

    مزید پڑھیں: ’پی آئی بی بہادرآباد تنازع نے ایم کیو ایم کو عوامی سطح پر شدید نقصان پہنچایا‘

    ایم کیو ایم کے امیدوار انتظامیہ سے یہ بھی درخواست کی کہ ریلی اور جلسے کے موقع پر سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات کیے جائیں۔

    خیال رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 سے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی الیکشن لڑ رہے ہیں، گزشتہ دنوں وہ جب لیاری میں انتخابی مہم کے سلسلے میں پہنچے تو علاقہ مکینوں نے پانی کی عدم فراہمی کے خلاف شدید احتجاج اور پتھراؤ کیا تھا۔

    بعد ازاں ایم کیو ایم نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ پیپلزپارٹی کے کارکنان نے پانی مانگنے پر ہمارے ورکروں کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ واضح رہے کہ ایم کیو ایم کی جانب سے محفوظ یار خان کو این اے 246 سے ٹکٹ جاری کیا گیا۔

    ایم کیو ایم امیدوار نے عدالت میں بلاول بھٹو کے کاغذاتِ نامزدگی بھی چیلنج کررکھے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: بلاول کی ریلی پرپتھراؤ، گرفتار ملزم کو عدالت نے رہا کردیا

    واضح رہے کہ پی پی نے گزشتہ ماہ ایم کیو ایم کے مضبوط گڑھ لیاقت آباد کے علاقے ایف سی ایریا میں جلسہ کیا تھا جس میں بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر پارٹی قائدین نے خطاب کرتے ہوئے متحدہ قیادت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • اگر کسی امیدوار کو دھمکی ملی ہے تو وہ آگاہ کرے، الیکشن کمیشن

    اگر کسی امیدوار کو دھمکی ملی ہے تو وہ آگاہ کرے، الیکشن کمیشن

    اسلام آباد: سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے کہا ہے کہ جن امیدواروں نے دھمکیاں موصول ہونے کا دعویٰ کیا وہ مذکورہ افراد کے نام بتا دیں اور اگر کسی پارٹی کے لوگ اٹھائے جارہے ہیں تو وہ ہمیں خفیہ چٹھی لکھ دے۔

    اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی خدشات موجودہیں جس کے لیے نیکٹا نےہم سےکچھ معلومات شیئرکی اور اب مٹینگ کا بندوبست بھی کیا جارہا ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی رہنما اور سینیٹر شیری رحمان نے بتایا کہ اُن کی پارٹی کے رہنماؤں کو نقل و حرکت میں مشکلات پیش آتی ہیں، پنجاب میں بلاول بھٹو کا قافلہ روکا گیا تو نوٹس لے کر وزیراعلیٰ کو انکوائری کی ہدایت کی۔

    بابر یعقوب کا کہنا تھا کہ ملک میں17ہزارپولنگ اسٹیشن حساس ہیں، جن میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب اور پاک فوج کے جوان تعینات کیے جائیں گے، الیکشن سے قبل امیدواروں، سیاسی لیڈران کی سیکیورٹی کا بھی خیال رکھا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: آبزرور اور میڈیا کو پولنگ بوتھ میں جانے کا اختیار ہوگا: الیکشن کمیشن

    اُن کا کہنا تھا کہ کچھ امیدواروں نے دھمکیاں موصول ہونے کا دعویٰ کیا ایسے تمام افراد ہمت کر کے کال کرنے والے کا نام بتائیں اور اگر کسی پارٹی کے لوگ حراست میں لیے جارہے ہیں تو وہ بھی ہم سے بذریعہ خط رابطہ کرسکتا ہے۔

    الیکشن کمیشن کے سیکریٹری کا کہنا تھا کہ وقت بڑھانے کا مطالبہ بعد میں بھی سامنے آتا اس لیے ہم نے پولنگ میں ایک گھنٹے کی توسیع کا پہلے ہی اعلان کردیا، فیس بک کی جانب سے خط موصول ہوا جس پر مشورہ جاری ہے۔

    ’الیکشن کمیشن کے اجلاس میں خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ دہشت گرد امیدواروں، سیاسی رہنماؤں کو ٹارگٹ کرسکتے ہیں جو پشاور حادثے کے بعد درست ثابت ہوئے، مگر امن و امان کو بحال رکھنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں‘۔

    یہ بھی پڑھیں: فیس بک کی الیکشن کمیشن کو انتخابات 2018 سے متعلق خصوصی ٹرینڈ بنانے کی پیشکش

    بابر یعقوب کا کہنا تھا کہ میراخیال ہےٹرن آؤٹ پچھلی بارسےبہترہوگا کیونکہ لوگوں کاجمہوریت پر اعتمادبڑھ گیا، الیکشن کا کنٹرول آئینی طور پر ہمارے ہی پاس ہے جو کسی اور ادارے کے پاس کسی صورت نہیں جاسکتا مگر مختلف شخصیات اور جماعتوں کی جانب سے ہردورمیں الیکشن کمیشن پر تنقیدہوتی ہے یہ اُسی کا سلسلہ ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ تمام عملہ سویلین ہے اور بھر پورتربیت کی گئی، انتخابی عمل الیکشن ایکٹ کے تحت ہوگا، بیلٹ پیپرز کی ترسیل فوج کی نگرانی میں جلد شروع ہوجائے گی جبکہ اس بار آروز کو بھی پولنگ بوتھ جانے کا اختیار ہوگا۔

    ’الیکشن میں فوج کا اختیارصرف سیکیورٹی تک محدود رہے گا، تاثرغلط ہے کہ سیکیورٹی فورسزانتخابی نتائج جمع کریں گے، فوج کی تعیناتی کامطالبہ بھی سیاسی جماعتیں ہی کرتی ہیں، پولنگ بوتھ پرامن وامان کی ذمہ داری فورسزکی بھی ہے، ماضی میں بھی سیکیورٹی فورسز کو قیام امن کیلئےتعینات کیاجاتارہا جس پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں رہا‘۔

    اسے بھی پڑھیں: 25 جولائی کو میڈیا سات بجے سے قبل پولنگ نتائج جاری نہ کرے، الیکشن کمیشن

    بابر یعقوب کا کہنا تھا کہ سیکورٹی اہلکاروں کے لیے بھی  ضابطہ اخلاق جاری کیا گیا، جس کے تحت الیکشن کے دن نتائج کی ترسیل پاک فوج یا سیکیورٹی اہلکار نہیں کریں گے یہ ذمہ داری متعلقہ افسران ہی انجام دیں گے البتہ سیکیورٹی پر مامور اہلکار اور عام شہری پریذائیڈنگ افسر کو دھاندلی کی شکایت سے آگاہ کرسکتا ہے جبکہ میڈیا کو موبائل استعمال نہ کرنے کی شرط پر پولنگ بوتھ میں جانےکی اجازت بھی ہوگی۔

    سیکریٹری الیکشن کمیشن نے مزید بتایا کہ ملک بھر کے 849 حلقوں پر انتخابات منعقد کیے جارہے ہیں، مذکورہ حلقوں میں سے 100 سے زائد پر مقدمات ہیں جن کے بیلٹ پیپرز کی چھپائی شروع نہیں کی جبکہ ایک کروڑخواتین ایسی ہیں بطور ووٹررجسٹرڈ نہیں ہوسکیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • تحریک انصاف ذہنی طور پر حکومت کے لیے تیار رہے، شیخ رشید

    تحریک انصاف ذہنی طور پر حکومت کے لیے تیار رہے، شیخ رشید

    راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت کے لیے کوشش کروں گا، تحریک انصاف ذہنی طور پر تیار رہے کہ انہیں عوام کی خاطر حکومت بنانی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے ڈھوک کالا خان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھاکہ ’بھرپورکوشش کروں گا کہ عمران خان کی حکومت بنے اور اگر ایسا نہ ہوا تو عوام کے ساتھ زیادتی ہوگی‘۔

    انہوں نے پیش کش کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کے لوگ ہمارے ساتھ شامل ہوں ہم انہیں عزت دیں گے، لیگی رہنما چوہدری تنویز نے ایک ہی گھر سے چار لوگوں کو پارٹی ٹکٹ دیا۔

    مزید پڑھیں: مائیں بہنیں چیف جسٹس کے لیے دعا کریں، شیخ رشید

    شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ یہ بڑا اور مشکل الیکشن ہے، تحریک انصاف ذہنی طور پر تیار رہے کہ ہم نے عوام کی خاطر حکومت بنانی ہے اور کامیاب ہوکر دونوں حلقوں کے 15 ہزار نوجوانوں کو ملازمتیں بھی فراہم کرنی ہیں۔

    خیال رہے کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ متعدد بار دعویٰ کرچکے ہیں کہ عام انتخابات کے بعد وہ عمران خان کے ساتھ مل کر وفاق میں حکومت بنائیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • عوام میرا ساتھ دیں، پرامن پاکستان اور خوشحال بلوچستان چاہتا ہوں، بلاول بھٹو

    عوام میرا ساتھ دیں، پرامن پاکستان اور خوشحال بلوچستان چاہتا ہوں، بلاول بھٹو

    کوئٹہ : چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پرامن پاکستان اور خوشحال بلوچستان چاہتا ہوں، اقتدار میں آکر کسان کارڈ متعارف کرائیں گے۔

    یہ بات انہوں نے ہولوگرام ٹیکنالوجی کے ذریعے کوئٹہ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی جب بھی اقتدار میں آتی ہے کسانوں، غریبوں اور مزدوروں کیلئے کام کرتی ہے، پیپلزپارٹی ہمیشہ ہم اقتدارمیں آکر کسان کارڈ متعارف کرائیں گے کیونکہ کسان خوشحال ہوگا تو ملک خوشحال ہوگا۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ ہم ملک سے بیروزگاری اور بھوک کا خاتمہ کریں گے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں توسیع کی جائے گی۔

    بلاول بھٹو نے بلوچستان کے عوام کو اپنا منشور پیش کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت بنانے کے بعد غربت مٹاؤ پروگرام پورے بلوچستان میں شروع کریں گے، بلوچستان کے عوام کو سندھ میں آکرعلاج کرانا پڑتا ہے،انہیں ان کے صوبے میں ہی صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی نے عوام سے اپیل کی کہ بلوچستان کےعوام نے ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر شھید کا ساتھ دیا اب میرا ساتھ دیں، میں پرامن پاکستان اورخوشحال بلوچستان چاہتاہوں، پیپلزپارٹی کی اولین ترجیح ہے کہ بلوچستان کے مسائل ہوں۔

  • ایم ایم اے حکومت میں آئی تو ملک سے کرپشن ختم ہوجائے گی، مولانا فضل الرحمان

    ایم ایم اے حکومت میں آئی تو ملک سے کرپشن ختم ہوجائے گی، مولانا فضل الرحمان

    اسلام آباد : متحدہ جلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ایم ایم اے حکومت میں آئی تو ملک سے کرپشن ختم ہوجائے گی، مخصوص طبقہ ملک کے اسلامی تشخص کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، مولانافضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم نے کوئی آف شور کمپنی نہیں بنائی اور نہ ہی کسی این آر او میں ہمارا نام آیا، اگر ہماری حکومت آئی تو پاکستان سے کرپشن کا خاتمہ کردیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ اس الیکشن میں ہمارا مقابلہ ان طاقتوں سے ہے جو پاکستان کا مذہبی تشخص ختم کرنا چاہتے ہیں، ایک مخصوص طبقہ ملک کے اسلامی تشخص کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے، نظریہ پاکستان سےمتصادم نظریات قوتوں کےعزائم ناکام بنائیں گے۔

    مولانا فضل الرحمان نے چیئرمین پی ٹی آئی پر ان کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے نئی نسل کی اخلاقیات کو تباہ کیا،۔

    مزید پڑھیں: مولانا فضل الرحمان نے نگراں حکومت سے شفاف انتخابات کا مطالبہ کردیا

    ملک پرقرض چڑھانے والے کس منہ سے ہم پر تنقید کرتے ہیں، صرف صوبہ خیبرپختونخوا پر ساڑھے تین سو ارب کا قرضہ ہے،300ڈیموں کا نعرہ لگانے والوں نے اپنے صوبے میں ایک ڈیم تک نہیں بنایا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • الیکشن 2018: دو بیویوں والے انتخابی امیدواروں کی فہرست

    الیکشن 2018: دو بیویوں والے انتخابی امیدواروں کی فہرست

    الیکشن 2018 کے انعقاد میں اب کچھ ہی دن رہ گئے ہیں ، جہاں ایک جانب سیاست داں اپنی الیکشن کمپین میں مصروف ہیں وہی ان کے الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے گوشواروں پر ہونے والی تحقیق میں دلچسپ انکشافات بھی سامنے آرہے ہیں۔

    انتخابی گوشواروں کا تنقیدی جائزہ لینے کے نتیجے میں ایک فہرست سامنے آئی ہے جس سے معلوم ہوا ہے کہ کون کون سے سیاست دانوں نے دو شادیاں کی ہیں، یہ فہرست آپ کے ذوقِ مطالعہ کی نظر کی جارہی ہے۔

    مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے اپنی دستاویزات میں دو بیویاں نصرت شہباز اور تہمینہ درانی ظاہر کی ہیں۔
    تحریکِ انصاف کے ترجمان فواد چودھری بھی صائمہ فواد اور حبہ فواد نامی دو خواتین کے شوہر ہیں۔

    پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ نے طلعت بی بی سمیت بیویاں ظاہر کی ہیں۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار بھی افشاں فاروق اور شاہدہ کوثر فاروق نام کی دو بیویوں کے شوہر ہیں۔

    گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس سندھ کے رہنما ارباب غلام رحیم نے صدف کوثر سمیت دو بیویاں اپنے کاغذات میں درج کی ہیں۔

    حمزہ شہباز نے مہرالنساء اور رابعہ ،خواجہ سعد رفیق نے غزالہ اور شفق حرا کے نام لکھے ہیں۔

    ریاض حسین پیر زادہ نے عائشہ ریاض اور بلقیس کے نام ظاہر کیے ہیں۔پیر امین الحسنات نے قدسیہ حسنات اور طاہرہ حسنات کے اور پی ایس پی کے ارشد وہرہ نے کلثوم وہرہ اور سونیا ارشد کے نام تحریر کیے ہیں۔

    قیصر محمود شیخ نے کنزہ شیخ اور ایک غیرملکی بیوی ظاہر کی ہے۔ رانا مبشر نے شازیہ اور نائلہ کے نام دیے ہیں۔ناصر اقبال بوسال نے نویدہ نواز اور مدیحہ عروج کو کاغذات میں اپنی زوجہ تسلیم کیا ہے۔احمد شاہ کھگا نے مصباح احمد اور عمارہ احمد کو اپنی زوجہ تسلیم کیا ہے۔

    آصف حسین ،فوزیہ آصف اور عشرت آصف نامی خواتین کے شوہر ہیں جبکہ اشرف آصف کی دو بیویاں مس نصرف اور طاہرہ حبیب کے نام سے سامنے آئی ہیں۔

    عارف خان سندھیلہ نے شمیم اور ثروت ناز کو الیکشن کمیشن کے گوشواروں میں اپنی بیوی تسلیم کیا ہے جبکہ سردار عرفان ڈوگر نے رضیہ پروین اور کرن فاطمہ کا نام ازواج کے خانے میں لکھا ہے۔ ،

    زبیر کاردار نے صبا زبیر اور ناہید اختر ،سمیع اﷲخان نے عظمیٰ بخاری اور زاہدہ بخاری جبکہ جمشید اقبال چیمہ نے مسرت جمشید اور نسیم چیمہ کو اپنی بیوی ظاہر کیا ہے۔ ،

    انتخابی گوشواروں کے مطابق اسلم کچھیلہ نے عذرا بیگم اور افسر خاتون اور چودھری عابد رضا نے سعدیہ عابد اور رافعہ اشرف کا نام ظاہر کیا ہے۔ ،

    ثناء اﷲ خان مستی خیل نے فرحت خان اور سندس خان ،شیر افضل خان نے رقیہ نیازی اور نسیم اختر ،ڈاکٹر سعید الٰہی نے سامعیہ انعام اور ہدیٰ سعید جبکہ جام مہتاب نے عامرہ مہتاب اور عظمیٰ مہتاب اورخالد احمد لوند نے صوفیہ اور فوزیہ کے نام لکھے ہیں۔

    سید ایوب نے کلثوم اور بینش ، این اے 207سے امیدوار غلام مصطفیٰ نے زبیدہ نساء اور بشیراں ،این اے 210سے سید سورج شاہ نے تاج بی بی اور بی بی حاجراں کے نام سامنے آئے ہیں ۔

    این اے 211سے غلام مرتضیٰ نے تحسین اور مختیار بیگم ، این اے 224سے عبدالستار باچانی نے شمشاد ستار اور بدالنساء ،این اے 130سے سردار حر بخاری نے فوزیہ حر اور عالیہ حر کے نام گوشواروں میں لکھے ہیں۔

    این اے 123سے امیدوار لطیف خان سرانے مصباح شہزادی اور عذرا پروین ،این اے 126سے امیدوار چودھری اشرف نے نسرین اشرف اور آسیہ اشرف ،این اے 132سے طارق حسن نے حمیرہ حسن اور حنا حسن ، این اے 134سے امیدوار نواز نے مسرت نواز اور رفعت نواز کو اپنی بیوی ظاہر کیا ہے۔

    این اے 133سے نواب علی میر نے طاہرہ پروین اور عاصمہ ،این اے 123سے وحید احمدنے فریحہ وحید اور نائلہ وحید ،این اے 170سے امیدوار عرفان احمد نے فریحہ عرفان اور لاریب کو اپنی زوجہ تسلیم کیا ہے۔

    این اے 207سے امیر بخش مہر نے حسنہ اور صائمہ ،پی پی 240سے احمد ریاض نے غلام عائشہ اور نازیہ احمد ، این اے 167سے امیدوار اسلم نے عشیشہ بی بی اورسرداراں بی بی سامنے آئی ہیں۔

    این اے 116سے نذر عباس نے شازیہ اسلم اور شہناز کوثر ، این اے 169سے نورالحسن نے نادیہ اقبال اور شازیہ ،این اے 207سے حضور بخش میرانی نے دو بیویاں ظاہر کی ہیں۔

    این اے 130سے امیدوارابو بکر نے تین بیویاں آمنہ ، عروج اور سائرہ ، این اے 132سے امیدوار امجد نعیم نے ثریا ،صغرا ں اور تنزیلہ جبکہ این اے 213سے امیدوار قادر بخش مگسی نے بھی تین بیویاں ظاہرکی ہیں۔


    تحقیق : حجاب رندھاوا

  • کچھ بھی ہو جائے پیپلزپارٹی کی حکومت نہیں آنے دیں گے، عمران خان

    کچھ بھی ہو جائے پیپلزپارٹی کی حکومت نہیں آنے دیں گے، عمران خان

    سکھر : تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اب سندھ کے عوام کو آصف زرداری سے جان چھڑانے کا موقع ملا ہے، کچھ بھی ہو جائے پیپلزپارٹی کی حکومت نہیں آنے دیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، عمران خان نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے باریاں لے لیں، اب سندھ کے عوام کو آصف زرداری سے جان چھڑانے کا موقع ملا ہے، عوام پچیس جولائی کو خوف کی زنجیریں توڑ دیں۔

    انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے نے35ارب کی منی لانڈرنگ پکڑی ہے، اس منی لانڈرنگ کے پیچھے آصف زرداری اوران کی بہن فریال تالپور ہیں، سندھ میں کوئی منصوبہ ایسا نہیں جس میں فریال تالپور کا حصہ نہ ہو۔

    سکھر میں سونامی سے خطاب کرتے ہوئے کپتان کا کہنا تھا کہ ظالموں کو شکست دینے کا وقت آگیا ہے، سندھ کے حکمران یہاں کے لوگوں کو انسان نہیں سمجھتے، سندھ میں جتنی لوٹ مار ہے اتنی کسی اور صوبے میں نہیں، کچھ بھی ہو جائے زرداری کی حکومت نہیں آنے دیں گے۔

    سربراہ پاکستان تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ60سال کی تاریخ میں پاکستان پر قرضہ 6ہزار ارب تھا، گزشتہ10سال میں قرضہ6ہزارسے27ہزارارب پرپہنچ گیا،آج بھی پاکستان کا بچہ بچہ آئی ایم ایف کا مقروض ہے، ان دس سالوں میں ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے باریاں لیں اورفرینڈلی اپوزیشن کی۔

    چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جب یہ دونوں اکٹھے ہوتے ہیں تو ایک ہی بات بولتے ہیں کہ جمہوریت بچاؤ، نوازشریف خود ایئرپورٹ جا کر آصف زرداری کو رائیونڈ لے کر آیا، ملک کو لوٹنا ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا مک مکا تھا، دس سال پہلے ڈالر60روپے کا تھا اور آج125روپے کا ہوگیا، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدرآدھی ہوکر رہ گئی ہے۔

    سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پر تنقید کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ شوبازشریف نے کہا تھا کہ آصف زرداری کو گلیوں میں گھسیٹوں گا، الیکشن سے پہلے شہبازشریف نے ڈرامہ کیا پھر جیتنے کے بعد معافی مانگ لی۔

    شہباز اینڈ سنز کرپشن کمپنی نے ملتان میں میٹرو صرف کرپشن کیلئے بنائی، ملتان والوں نے کہا کہ ہمیں میٹرو نہیں چاہیے مگر ن لیگ نے زبردستی بنادی، شہباز شریف نے56کمپنیز میں کرپشن کی، اس کی کرپشن بےنقاب کروں گا۔

    مزید  پڑھیں: عمران خان تقریباً 3 کروڑ 86 لاکھ 94ہزار روپے سے زائد اثاثوں کے مالک

    عمران خان نے شرکاء سے کہا کہ پیپلزپارٹی یا ن لیگ اقتدار میں واپس آئیں تو آپ کی تقدیر نہیں بدلے گی، آپ نے25جولائی کو اس سوچ اور ظلم کو شکست دینی ہے، سندھ کے لوگ تحریک انصاف کے امیدواروں کو ووٹ نظریے کی بنیاد پر دیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • رکاوٹوں اور پابندیوں کے باوجود انتخابی مہم جاری رکھوں گا، بلاول بھٹو زرداری

    رکاوٹوں اور پابندیوں کے باوجود انتخابی مہم جاری رکھوں گا، بلاول بھٹو زرداری

    ملتان : پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ رکاوٹوں اور پابندیوں کے باوجود انتخابی مہم جاری رکھوں گا، بی بی شہید کا نامکمل مشن مکمل کرنے نکلاہوں۔

    یہ بات انہوں نے ملتان میں مختلف مقامات پر انتخابی ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی، بلاول بھٹو نے کہا کہ میرے استقبال کیلئے آنے والے کارکنان کو روکا جارہا ہے، پشاور میں بھی جلسے کی اجازت دی پھر منع کردیا گیا۔

    اوچ شریف کے بعد ملتان میں بھی رکاوٹ ڈالی گئی، پارٹی سربراہ کی حیثیت سےانتخابی مہم چلانا میرا آئینی حق ہے، جتنی مرضی رکاوٹیں ڈالیں کراچی سے شروع ہونے والاسفرخیبر تک جاری رہے گا۔

    چیئرمین پی پی کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کل بھی زندہ تھی، آج بھی زندہ ہے، کل بھی زندہ رہے گی، گالی گلوچ کی سیاست نہیں کرتا، میں پیپلزپارٹی اور پاکستان کا منشور لیکر آیا ہوں، پیپلزپارٹی کا منشور عوام اور کسان دوست منشور ہے، ہم نے عوامی مسائل حل کرتے ہوئے آپ کی محرومیوں اور پسماندگی سے لڑنا ہے، ملک کیلئے پیپلزپارٹی نے بہت سی قربانیاں دی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ملتان کے لوگوں نے ہمیشہ پیپلزپارٹی کاساتھ دیا ہے، میرےنانا ذوالفقار علی بھٹو نے ملتان سے بھی الیکشن لڑا تھا، اس ملک کاخیال رکھنا ہے تو پیپلزپارٹی کی حکومت کو لانا ہوگا، شہید ذوالفقار بھٹو نے وڈیروں سے زمینیں لے کر کسانوں کو دیں کیونکہ کسان خوشحال تو ملک خوشحال ہوگا۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ اقتدار میں آکر بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کا دائرہ وسیع کردیں گے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی طرح بینظیر کسان کارڈ دکا اجراء کریں گے، کسان کارڈ کے ذریعے آپ کی فصلوں کی انشورنس ہوگی، یوسی سطح پر فوڈ اسٹورز کھولے جائیں گے جو خواتین چلائیں گی،بھوک، بےروزگاری کا مقابلہ اور ماؤں بہنوں کا خیال رکھیں گے۔

    انہوں نے بتایا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ غریبوں کے لئےگھربنائے، ہم نوجوانوں کے لئے پہلا گھر پروگرام شروع کریں گے، پیپلزپارٹی نے خواتین کو بلاسود قرضےدیئے، آئندہ بھی دینگے، پیپلزپارٹی کی حکومت آئی توروزگارکے مواقع فراہم کرینگے۔

    بلاول بھٹو نے اس عزم کا اعادہ کا اعادہ کیا کہ بی بی شہید کاوعدہ نبھانےاور پاکستان بچانے کیلئےآیا ہوں، بی بی شہید کا نامکمل مشن مکمل کرنے نکلاہوں، شہید بی بی چاہتی تھیں عوام کے مسائل حل ہوں، سیاسی جدوجہد کا آغاز کرنے جارہا ہوں، جو وعدے میں کروں گا وہ پورے کرکے دکھاؤں گا،۔

    مزید پڑھیں: میرا مقابلہ پسماندگی، معاشرتی نا انصافی اور غربت سے ہے، بلاول بھٹو

    قبل ازیں ملتان میں سیداں والی بائی باس چوک استقبالیہ کیمپ پربلاول بھٹو کا پرتپاک استقبال کیا گیا، بلاول بھٹو زرداری نے ہاتھ ہلاکر کارکنان کوجواب دیا، اس موقع پر شہربھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • مجرمان کی گرفتاری کے لیے حکومت نیب کی مدد کرے گی، انتخابات وقت پر ہوں گے، بیرسٹرعلی ظفر

    مجرمان کی گرفتاری کے لیے حکومت نیب کی مدد کرے گی، انتخابات وقت پر ہوں گے، بیرسٹرعلی ظفر

    کراچی / لاہور : نگراں وزیراطلاعات بیرسٹرعلی ظفر نے کہا ہے کہ شفاف اور بروقت انتخابات کرانا ہماری آئینی ذمہ داری ہے، سزا یافتہ افراد کی گرفتاری کے لئے حکومت نیب کی مدد کے لئے تیار ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور اور کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، بیرسٹرعلی ظفر نے مزار قائد پر حاضری کے موقع پر کہا کہ شفاف اور بروقت انتخابات کرانا ہماری آئینی ذمہ داری ہے، انتخابات مقررہ وقت 25جولائی کو ہوں ہی گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے آپ کو غیرجانبدار رکھنا ہے، سرکاری ٹی وی پر تمام پارٹیوں کو یکساں وقت دیا جارہا ہے، عوام اپنے آئینی حق ووٹ کا صحیح اور بھرپور استعمال کریں، وقت آگیا ہے کہ ووٹرز کو بھی ایجوکیٹ کیا جائے، میڈیا بھی شفاف انتخابات کیلئے اپناکردار ادا کرے۔

    نگراں وزیراطلاعات نے مزید کہا کہ مزار قائد پر واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا افتتاح کردیا ہے، ہمارا مؤقف ہے سب کو برابر کا حق ملے، ڈیمز بنانے ہیں، پانی کے ایک ایک قطرے کی ضرورت ہے، پاکستان کے تین دریاؤں میں پانی آتا رہے گا، پاکستان میں بجٹ کا5سے7فیصد پانی پر خرچ ہوتا ہے۔ آبی ذخائر کے ساتھ آبی کفایت بھی ضروری ہے، سچ بولیں عوام سے جھوٹ بولنے کا فائدہ نہیں۔

    قبل ازیں لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹرعلی ظفر کا کہنا تھا کہ قانون سب کے لئے برابر ہے اور عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کرانا ہے ، نیب کی ٹیم سزا یافتہ افراد کی گرفتاری کےلئے سرگرم ہے، سوائے ایک کے دو مجرم ابھی تک پکڑے نہیں گئے،حکومت نیب کی مدد کے لئے تیار ہے،مقدمے کی میرٹ کو دیکھ کر کسی کا نام ای سی ایل میں ڈالا جاتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • انتخابات کے لیے مکمل تعاون فراہم کریں گے، چیئرمین آرمی الیکشن سپورٹ سینٹر

    انتخابات کے لیے مکمل تعاون فراہم کریں گے، چیئرمین آرمی الیکشن سپورٹ سینٹر

    اسلام آباد: آرمی الیکشن سپورٹ سینٹر کے چیئرمین نے کہا ہے کہ ان کی طرف سے انتخابات کے پُر امن انعقاد کے لیے بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں انتخابات 2018 کے پُر امن انعقاد کے سلسلے میں خصوصی طور پر قائم کردہ آرمی الکیشن سپورٹ سینٹر نے الیکشن کمیشن کو اپنے تعاون کا یقین دلایا ہے۔

    اس سلسلے میں چیئرمین آرمی الیکشن سپورٹ سینٹر نے چیف الیکشن کمشنرسے ملاقات بھی کی، ملاقات میں انتخابات میں سیکورٹی انتظامات اور فوج کے تعاون پر بات چیت کی گئی۔

    آرمی الیکشن سپورٹ سینٹر کے چیئرمین نے چیف الیکشن کمشنر سے کہا کہ انتخابات کے لیے مکمل تعاون فراہم کریں گے، ادارہ ملک میں انتخابات کے پُر امن انعقاد کے لیے تیار ہے۔

    چیف الیکشن کمشنر سردار رضا نے پاک فوج کےعزم کو سراہا، انھوں نے کہا صوبائی حکومتیں بھی شفاف الیکشن کے لیے بھرپور تعاون کریں گی۔

    الیکشن 2018 فوج کی نگرانی میں کروائے جائیں گے: ذرائع


    واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے کہا جا چکا ہے کہ الیکشن 2018 فوج کی نگرانی میں کروائے جائیں گے۔ بیلٹ پیپرز کی چھپائی اور ترسیل بھی فوج کی نگرانی میں ہوگی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔