Tag: election commision

  • گورنر کے پی نے الیکشن کمیشن کو انتخابات کی تاریخ بھجوا دی

     پشاور : صوبہ خیبر پختونخوا کے گورنر کی جانب سے الیکشن کمیشن کو صوبائی اسمبلی کیلئے انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے لکھا گیا خط موصول ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنرکے پی حاجی غلام علی نے الیکشن کمیشن کو صوبے میں انتخابات سے متعلق خط کا جواب ارسال کردیا ہے، گورنر کے پی نے صوبے میں انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کو تاریخ دے دی۔

    ذرائع کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا نے صوبے میں انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن کو 16، 17 اور 18 اپریل کی تاریخ دی ہے اور ساتھ ہی شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنانے کی بھی ہدایت بھی دی۔

    اس حوالے سے مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کو گورنر کے پی حاجی غلام علی کا انتخابات کے حوالے سے خط موصول ہوگیا ہے۔ ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق گورنر کے پی نے16اپریل کی تاریخ الیکشن کمیشن کو بھجوادی ہے۔

    ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے اس حوالے سے نگراں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو بلانے کا فیصلہ کیا ہے، نگراں وزیراعلیٰ کوخط لکھ کر الیکشن کمیشن بلایا جائے گا، ان سے صوبے میں ہونے والے انتخابات سے متعلق تفصیلی بات کی جائے گی۔

    واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے گورنر سے صوبے میں الیکشن کے لئے تاریخ مانگی تھی تاہم غلام علی نے انہیں خط کا جواب نہیں دیا تھا، بعد ازاں گورنر کی جانب سے خط کا جواب نہ دینے پر پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا میں 90 دن کے اندرانتخابات کرانے کے لیے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا تھا۔

  • بلدیاتی انتخابات :  ووٹرز کے لیے الیکشن کمیشن کا ہدایت نامہ جاری

    بلدیاتی انتخابات : ووٹرز کے لیے الیکشن کمیشن کا ہدایت نامہ جاری

    کراچی اور حیدرآباد میں ہونے والے بلدیاتی انتخاب کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹرز کے لیے ہدایت نامہ جاری کردیا۔

    اس حوالے سے الیکشن کمیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ ووٹرز اپنا اصلی قومی شناختی کارڈ ووٹ ڈالنے کیلئے ساتھ لائیں، ووٹرز کا زائدالمعیاد شناختی کارڈ بھی قابل قبول ہوگا۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹرز کے قومی شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی قابل قبول نہیں ہوگی، پولنگ اسٹاف شناختی کارڈ کے مطابق انتخابی فہرست میں تفصیل چیک کرے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ووٹرز کا نام اور سلسلہ نمبر بلند آواز میں پولنگ ایجنٹ کے سامنے پکارا جائے گا آپ کے نام کے سامنے انگوٹھےکا نشان لیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق پہلے یونین کونسل کے3رنگ کے بیلٹ پیپرز دیئے جائیں گے۔

  • ایم کیوایم نے الیکشن کمیشن پر بڑا الزام عائد کردیا

    کراچی : ایم کیوایم پاکستان نے الیکشن کمیشن پر الزام پر عائد کیا ہے کہ اس نے متعصبانہ فیصلہ کرکے انصاف کے تقاضے پورے نہیں کیے۔

    اس حوالے سے ترجمان ایم کیوایم پاکستان نے اپنے ایک جاری بیان میں کہا ہے کہ غیرجانبدارانہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ہی الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔

    ترجمان کے مطابق الیکشن کمیشن نے تمام قانونی تقاضوں کو بھی پس پشت ڈال دیا، جعلی حلقہ بندیوں کی وجہ سے شہری سندھ کی ایک چوتھائی آبادی محروم رہ گئی۔

    ایم کیو ایم پاکستان کا مؤقف ہے کہ مہاجروں اور سندھ کے شہری علاقوں کی نمائندگی چھینی جارہی ہے، جعلی حلقہ بندیوں سے دھاندلی ہورہی ہے جسے ہرگز تسلیم نہیں کیا جائے گا۔

    ثابت ہوگیا ہے کہ الیکشن کمیشن گزشتہ انتخابات میں کی گئی دھاندلی نہیں رکوا سکا جو اس کی شفافیت پر سوالیہ نشان ہے، الیکشن کمیشن کے متعصبانہ فیصلے کیخلاف تمام دروازے کھٹکھٹائیں گے۔

    مزید پڑھیں : ایم کیو ایم کا الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج، فاروق ستار بھی شرکت کریں گے

    واضح رہے کہ کراچی میں حلقہ بندیوں اور ووٹر لسٹوں کے معاملے پر ایم کیوایم کل الیکشن کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔

    ڈاکٹر فاروق ستار کارکنان کے ساتھ کل مظاہرےمیں شرکت کریں گے، ان کا کہنا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد کے حق کے لئے آواز اٹھانی ہے ہمیں مردم شماری میں کم گنا جاتا ہے۔

  • بڑے بڑے سیاستدانوں نے تاحال گوشوارے جمع نہیں کرائے

    بڑے بڑے سیاستدانوں نے تاحال گوشوارے جمع نہیں کرائے

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے والے اراکین پارلیمنٹ کی فہرست جاری کردی ہے جس میں ملک کے نامور سیاست دانوں کے نام ہی نہیں ہیں۔

    اس حوالے سے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ فہرست کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے اپنے گوشوارے جمع نہیں کرائے ہیں۔

    مسلم لیگ ن کے شاہد خاقان عباسی، وفاقی وزیر خواجہ آصف، احسن اقبال، سردار ایاز صادق، محسن شاہنواز رانجھا، سینیٹر مصدق ملک اور اعظم نذیرتارڑ بھی گوشوارے جمع نہ کرانے والوں میں شامل ہیں۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی خورشید شاہ، سید علی موسیٰ گیلانی، سینیٹر مولابخش چانڈیو اور تاج حیدر نے بھی مالی گوشوارے جمع نہیں کرائے۔

    چیئرمین کشمیر کمیٹی سید عبدالباسط سلطان بخاری اور پی اے پی کے رکن اسمبلی شاہ زین بگٹی بھی مالی گوشوارے جمع نہ کرانے والوں میں شامل ہیں۔

    اس کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماؤں شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری، شفقت محمود، علی نواز اعوان، اسد عمر، اسد قیصر،عمر ایوب، پی ٹی آئی سینیٹر محسن عزیز، اعظم سواتی، قاسم سوری و دیگر نے بھی تاحال گوشوارے جمع نہیں کرائے ہیں۔

    الیکشن کمیشن کی فہرست کے مطابق وفاقی وزیر آغا حسن بلوچ، سردار اختر مینگل، وفاقی وزیر ساجد حسین طوری، جی ڈی اے کی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، سربراہ ایم کیوایم ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی بھی گوشوارے جمع نہ کرانے والوں میں شامل ہیں۔

  • الیکشن کمیشن کے حکم امتناعی کے خلاف ق لیگ کی درخواست دائر

    الیکشن کمیشن کے حکم امتناعی کے خلاف ق لیگ کی درخواست دائر

    لاہور : ق لیگ نے عدالت میں جماعت کے نئے سربراہ کے انتخابی شیڈول پر الیکشن کمیشن کے حکم امتناعی کے خلاف درخواست دائر کردی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہورہائیکورٹ میں ق لیگ کے سیکرٹری کامل علی آغا نے صفدر شاہین پیرزادہ کے توسط سے درخواست دائرکی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ کےانتخاب کے موقع پر پارٹی سربراہ شجاعت حسین نے خط ڈپٹی اسپیکر کو لکھا۔

    درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ چوہدری شجاعت حسین کا خط غیر قانونی ہدایات پر مبنی تھا، پارٹی کارکنوں نے اس خط کے خلاف شجاعت حسین کے گھر کے باہر بھر پور احتجاج کیا۔

    انہوں نے کہا کہ پارٹی کی مرکزی ورکنگ کمیٹی نے اجلاس میں شجاعت حسین کی ہدایات کو غیرجمہوری عمل قرار دیتے ہوٸے انہیں پارٹی سربراہ کے عہدے سے ہٹا دیا۔

    مرکزی ورکنگ کمیٹی نے پارٹی کے نئے سربراہ کے انتخاب کے لئے دس اگست کا انتخابی شیڈول جاری کیا،الیکشن کمیشن نے چوہدری شجاعت کی درخواست پر انتخابی عمل روکتے ہوئے حکم امتناعی جاری کردیا۔

    الیکشن کمیشن نے مرکزی مجلس عاملہ نہ ہونے کے جواز پر غیر قانونی حکم دیا،اگرالیکشن کمیشن کےجواز کو تسلیم کرلیا جائے تو چوہدری شجاعت کیسے پارٹی سربراہ برقرار رہ سکتے ہیں۔

    درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کا انتخابی عمل روکنے کا اقدام غیر قانونی ہے لہٰذا عدالت الیکشن کمیشن کا حکم کالعدم قرار دے۔

  • الیکشن کمیشن کو شرم آنی چاہیے، علی زیدی

    الیکشن کمیشن کو شرم آنی چاہیے، علی زیدی

    کراچی : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو اس طرح کا فیصلہ کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔

    کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ لوگ منی لانڈرنگ کرکے پیسہ بیرون ملک لے کرگئے ہیں، عمران خان ملک کی بہتری کیلئے جنگ لڑرہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مریم نواز سزا یافتہ ہیں اور ضمانت پر باہر ہیں، وہ کابینہ میں بیٹھ کرباتیں کررہی ہیں، شرجیل میمن اشتہارات پر قوم کے دو ارب روپے خر چ کررہا ہے۔

    علی زیدی نے کہا کہ ایک شخص نے27ہزار ڈالر کی فنڈنگ کی ان کا جوائنٹ اکاؤنٹ ہے، الیکشن کمیشن کہتا ہے اس میں ساڑھے13 ہزار ڈالرمنی لانڈنگ کے ہیں۔ الیکشن کمیشن کو اس طرح کا فیصلہ کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت کے پیسوں سے ہم نے کراچی میں نالے بنوائے اور صاف کرکے دیئے، ہم سچ بول رہے ہیں جو ان کو برا لگ رہا ہے۔

    مہنگائی سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ لوگ بڑھتی ہوئی غربت سے مررہے ہیں اور مڈل کلاس ختم ہوچکی ہے، اگلا بحران گندم کا آنے والا ہے۔

    علی زیدی نے کہا کہ عمران خان کی کال پر ملک بھر میں4بجے الیکشن کمیشن دفاتر کے سامنے پرامن احتجاج ہوگا، ہم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، آج شام عمران خان 7بجےخطاب کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم سب استعفے دے چکے ہیں تو یہ قسطوں میں کیوں منظور کررہے ہیں، سب کے سب استعفے ایک ساتھ منظور کریں۔

    وہ وقت دور نہیں جب آصف زرداری جیل میں قیدیوں کیلئے کھانا پکائیں گے، آصف زرداری نے سندھ میں ظلم کیا ہے، بانی متحدہ بھی ظلم کیا کرتا تھا،اب کہاں ہے؟

  • ووٹر لسٹوں کے تصدیقی عمل کا آغاز، الیکشن کمیشن کی عوام سے اپیل

    ووٹر لسٹوں کے تصدیقی عمل کا آغاز، الیکشن کمیشن کی عوام سے اپیل

    کراچی : سال 2023 میں ہونے والے عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں کام کا آغاز کردیا گیا ہے، اس حوالے سے ووٹر لسٹوں کے تصدیق کا عمل جاری ہے۔

    ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل الیکٹرورول برائے اسلام آباد الیکشن کمیشن جاوید اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ الیکشن کمیشن نے ووٹرز کا تصدیقی عمل شروع کر رکھا ہے۔

    انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ووٹوں کی تصدیق کے مرحلے میں عملے کے ساتھ تعاون کیا جائے، جن افراد کااندراج ہوچکا ہے وہ نئی ووٹر لسٹوں میں آجائے گا۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ووٹر لسٹوں کا ڈسپلے کا مرحلہ دوسرا ہوگا، جن لوگوں کے نام رہ جائیں گے وہ اس میں بھی درج کرواسکتے ہیں۔

    ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ قومی اسمبلی نے الیکٹرانک ووٹنگ کا بل پاس کردیا ہے، ہمیں جیسے ہی اس عمل کو لاگو کرنے کی ہدایات ملیں گی، ہم الیکڑانک ووٹنگ کے حوالے سے بھی اپنا کام شروع کرسکتے ہیں لیکن ابھی اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔

    ڈائریکٹر الیکشن کمشنر کراچی سید ندیم حیدر کا کہنا ہے کہ ووٹر لسٹوں کے تصدیقی عمل کا آغاز کردیا گیا ہے، سات نومبر سے 6 دسمبر تک تصدیقی عمل جاری رہے گا جس میں ووٹر لسٹوں میں تبدیلیاں کی جائیں گی۔

    ندیم حیدر نے بتایا کہ انتقال کرجانے والے افراد اور پتے تبدیل کرانے والے افراد کی ووٹر لسٹوں سے منتقلی کی جائے گی، انتخابی فہرستوں کی تیاری اہم مرحلہ ہے، عوام اس سلسلے میں عملے سے تعاون کریں۔

    انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ عوام اپنے کوائف کی درستگی کرانے میں آگے آئیں، ابھی الیکشن کمیشن کے عملے کو کراچی کے پوش علاقوں میں عوام کے عدم تعاون کی شکایات درپیش ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ انتخابی فہرستیں اہم درجہ رکھتی ہیں یہ پہلا مرحلہ ہے اس لسٹ کو اپ ڈیٹ کرکے دوبارہ شائع کیا جائے یہ الیکشن کمیشن کے دفاتر میں آویزاں کردی جائے گی اور ڈسپلے سینٹرز ہر سرکاری اسکول میں قائم کیے جائیں گے۔

    ریجنل الیکشن کمشنر میلر نوید عزیز نے کہا کہ عوام الیکشن کمیشن کے ساتھ بھرپور تعاون کریں، یہ آپ کے مستقبل کا مسئلہ ہے، عملے کے ساتھ تعاون ضروری ہے، کراچی میں اب تک 87 لاکھ ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔

  • کے پی میں بلدیاتی انتخابات : الیکشن کمیشن کی ہدایات جاری

    کے پی میں بلدیاتی انتخابات : الیکشن کمیشن کی ہدایات جاری

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے صوبی خیبر پختونخوا کے انتخابی عمل کیلئے ہدایات جاری کردیں، خلاف ورزی پر متعلقہ شخص کیخلاف سخت کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع نے بتایا ہے کہ ہدایات کے مطابق پولنگ اسٹیشن کےاندر موبائل فون یا تصویر بنانے والے آلات پر پابندی ہوگی، الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ فرائض کی انجام دہی میں کوتاہی پر تادیبی کارروائی کی جائے گی اور ووٹنگ کے عمل پر کسی کو اثر انداز نہیں ہونے دیا جائے گا۔

    مردوں اور خواتین کی آمد کیلئے پولنگ اسٹیشن پر الگ الگ راستے بنائے جائیں، پریذائیڈٖنگ افسر تمام اانتظامات کی نگرانی خود کریں گے۔

    مشترکہ پولنگ اسٹیشن کی صورت میں فارم 17کےکالم میں ووٹوں کا لاگ اندراج کرنا ہوگا، کاؤنٹ فارمز کی کاپیاں پولنگ اسٹیشن پر موجود ایجنٹس کو فراہم کرنا ہونگی۔

    امیدواروں اور ایجنٹس کے دستخط بھی لینے ہونگے، دونوں فارمز پر سینئر اےپی او کےدستخط کروانے ہونگے، یہ دونوں فارم مکمل کرکے آر او کو جلد از جلد پہنچانا ضروری ہوگا۔

    تمام انتخابی سامان متعلقہ آراوز کو پہنچانا ضروری ہے، کورونا سے متعلق حفاظتی اقدامات کی ہدایت بھی کی گئی ہے، پولنگ افسر ووٹر کا اصلی شناختی کارڈ چیک کریں گے۔

    سیکیورٹی اہلکار پریذائنڈنگ افسر کے احکامات کے پابند ہونگے، انتخابی سامان کی نقل وعمل کےدوران سیکیورٹی اہلکاروں کی ذمہ داری ہوگی۔

    الیکشن ایجنٹ کو ووٹنگ کے عمل کا جائزہ لینے کا اختیار ہے، ریٹرننگ افسر کی جانب سے اجازت نامہ الیکشن ایجنٹ اپنے پاس رکھیں گے۔

    الیکشن ایجنٹ ذاتی سیکیورٹی گارڈ وغیرہ پولنگ اسٹیشن میں نہیں لاسکتے، پولنگ ایجنٹ کسی ووٹر سےبراہ راست سوال یا بات نہیں کرسکتے۔

    گنتی کے دوران صرف ایک پولنگ ایجنٹ مشاہدہ کرنے کا مجاز ہے، مبصرین ووٹنگ کے عمل کا مشاہدہ کرسکتے ہیں، مبصرین کے پاس اجازت نامہ ضروری ہے، پریذائیڈنگ افسر تھیلےکو ووٹنگ شروع ہونے سے پہلے نہیں کھول سکتا۔

  • الیکشن کمیشن نے کے پی حکومت سے بلدیاتی انتخابات کا پلان طلب کرلیا

    الیکشن کمیشن نے کے پی حکومت سے بلدیاتی انتخابات کا پلان طلب کرلیا

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا حکومت سے صوبے میں بلدیاتی انتخابات کا پلان طلب کرلیا ہے، چیف الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ انتخابات کی تیاری کریں۔

    الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا حکومت سے صوبے میں بلدیاتی انتخابات کا پلان طلب کرلیا ہے، اسلام آباد میں صوبہ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن آفس میں سماعت ہوئی۔

    چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان کی زیر صدارت 3رکنی بینچ نے سماعت کی، اس موقع پر خیبر پختونخوا کے ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ ہم صوبے میں قانون کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے خواہاں ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ صوبے میں سیکیورٹی کی صورتحال ابھی مکمل طور پر واضح نہیں ہے، ہم نے الیکشن کمیشن کو مارچ کی تاریخ دی تھی جومنظور نہ ہوئی۔

    ایڈووکیٹ جنرل کے پی کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کا معاملہ دوبارہ صوبائی کابینہ کے سامنے رکھا ہے،
    بلدیاتی الیکشن کا پہلا فیز نومبر میں کرانے کا ارادہ رکھتے ہیں، الیکشن کمیشن کی ہدایت پر مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کرائیں گے۔

    اس موقع پرچیف الیکشن کمشنر نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ تمام صوبوں کو سن کر بلدیاتی الیکشن پر آرڈر پاس کریں گے، آپ تین دن میں صوبائی کابینہ سے مشاورت کے بعد پلان دے دیں۔

    چیف الیکشن کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ آپ فیصلے کی طرف دیکھنے کی بجائے انتخابات کی تیاری کریں، بعد ازاں چیف الیکشن کمشنر نے خیبر پختونخوا حکومت سے مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کا پلان طلب کرکے اگلی تاریخ تک سماعت ملتوی کردی۔

  • الیکشن کمیشن کی عدالتی سرگرمیاں بحال، اہم مقدمات کی سماعت

    الیکشن کمیشن کی عدالتی سرگرمیاں بحال، اہم مقدمات کی سماعت

    اسلام آباد : ملک بھر میں کرونا لاک ڈاؤن کی نرمی کے بعد عدالتی کارروائیاں شروع کرنے کی تیاریاں کرلی گئی ہیں، دو ماہ بعد الیکشن کمیشن کی عدالتی سرگرمیاں آج سے بحال کردی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عالمی وبا کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے پیش نظر عدالتی کارروائی2ماہ کیلئے مؤخر کردی تھی، تاہم دو ماہ بعد  الیکشن کمیشن میں عدالتی کارروائی آج سے دوبارہ شروع ہو گی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے زیرالتوا مقدمات سماعت کیلئے مقرر کردیئے ہیں، الیکشن کمیشن کی جانب سے کاز لسٹ جاری کردی گئی ہے جس کے مطابق پی ٹی آئی فنڈنگ سے متعلق اسکروٹنی کمیٹی کی کارروائی پر سماعت آج ہوگی۔

    الیکشن کمیشن نے احسن اقبال کو پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس میں طلب کر رکھا ہے، اس کے علاوہ مسلم لیگ ن کیخلاف مبینہ ممنوعہ ذرائع سے پارٹی فنڈنگ کیس کی سماعت بھی ہوگی۔

    الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا کیخلاف4درخواستوں پر سماعت بھی آج ہوگی، یاد رہے کہ فیصل واوڈا پر دہری شہریت سے متعلق جعلی حلف نامہ جمع کرانے کا الزام ہے۔